Tag: مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے، انتونیو گوتریس

  • اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل متنازع مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تبدیلیاں رکوائے، وزیر خارجہ کا مطالبہ

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل متنازع مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تبدیلیاں رکوائے، وزیر خارجہ کا مطالبہ

    اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور سیکریٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کردیا اور مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل متنازع مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تبدیلیاں رکوائے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر
    اور سیکریٹری جنرل کو خطوط لکھے، جس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا ہے۔

    وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی طورپرآبادیاتی تبدیلیاں کررہاہے اور بھارت جان بوجھ کر اقلیت کو اکثریت میں تبدیل کر رہا ہے جبکہ بھارتی فورسزمقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں میں مصروف ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سےامن وسلامتی کوخطرات ہیں، بھارت برخلاف غیر کشمیریوں کو مقبوضہ کشمیر میں آباد کر رہا ہے اور مقبوضہ کشمیرمیں بسنے والے کشمیری سیاسی،سماجی پہچان کھورہےہیں، غیر کشمیریوں کوآباد کرکے جائیدادیں خریدنے کاحق دیا جا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ بھارت رواں برس2700بارجنگ بندی معاہدےکی خلاف ورزی کرچکا، خلاف ورزیوں سے 25معصوم شہری شہید،200زخمی ہوچکےہیں۔

    وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل متنازع مقبوضہ کشمیرمیں آبادیاتی تبدیلیاں رکوائے اور مقبوضہ کشمیر پراپنی قراردادوں پربھی عمل کرائے.

  • مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے، انتونیو گوتریس

    مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے، انتونیو گوتریس

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے، کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کی ضرورت ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اوروزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی پر تشویش ہے، امن مشنز کے لیے پاکستانی حکومت کی حمایت کا شکر گزار ہوں۔

    سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ پاک بھارت مسائل کا واحد حل مذاکرات ہیں، دونوں ممالک ایل او سی پر تحمل کا مظاہرہ کریں، بھارت اقوام متحدہ کے ساتھ سیز فائر کے معاہدے کو یقینی بنائے، پاکستان امن کے لیے بھرپور اقدامات کررہا ہے، اقوام متحدہ افغانستان میں امن کے لیے کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

    انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان نے افغان مہاجرین کی بھرپور مہمان نوازی کی، 40 سال سے مسائل کے باوجود پاکستا ن نے مہاجرین کو گلے لگایا، وقت آگیا ہے کہ دنیا اب پاکستان کا مثبت چہرہ دیکھے، میرے دورے کا مقصد بھی اصل پاکستان کو اجاگر کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان بااعتماد اور مخلص پارٹنر ہے، پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال کو بہتر محسوس کررہا ہوں، یو این امن مشنز پاکستان کے بھرپور کردار کو سراہتے ہیں۔

    انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ اسلاموفوبیا ہر سطح پر ناقابل برداشت ہے، ہمیں مل کر اسلامو فوبیا کے خلاف لڑنے کی ضرورت ہے، دنیا میں اسلاموفوبیا کو استعمال کرنے والوں کی کوئی جگہ نہیں ہونی چاہئے۔

    کشمیر میں بھارت نے یکطرفہ اور غیرقانونی قدم اٹھایا ہے، شاہ محمود قریشی

    دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغان مصالحتی امن کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے، افغان مہاجرین کے لیے اقوام متحدہ اور سیکریٹری جنرل کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، اقوام متحدہ امن و استحکام میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ انتونیو گوتریس سے مسئلہ کشمیر پر بہت اہم گفتگو رہی ہے، کشمیر میں ہمارے مشرقی پڑوسی نے یکطرفہ اور غیرقانونی قدم اٹھایا ہے، یو این سلامتی کونسل قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کمیشن مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے، مقبوضہ وادی میں نقل و حرکت میں مشکلات جبکہ پاکستان میں آزادی ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی دنیا پاکستان کو مسئلے کا حل سمجھ رہی ہے، کرتارپور اور بابری مسجد بتاتی ہیں ہم اور بھارت کہاں کھڑے ہیں، کرتارپور، بابری مسجد کو دیکھیں دونوں ممالک کی سوچ میں فرق ہے، آزادی اظہار پر یقین رکھتے ہیں لیکن اس کی ایک حد ہے۔