Tag: مقبوضہ کشمیر میں کرفیو

  • مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 41 واں روز، انسانی حقوق کی پامالی عروج پر

    مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 41 واں روز، انسانی حقوق کی پامالی عروج پر

    سرینگر: بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہوئے 41 دن ہو گئے ہیں، اس دوران وادی میں کرفیو کے باعث 3 ہزار 9 سو کروڑ کا نقصان ہو چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہوئے 41 واں روز ہے، عالمی سطح پر مطالبوں کے با وجود وادی میں مواصلات کا نظام مکمل طور پر معطل رکھا گیا ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کر رکھی ہے جب کہ ذرایع ابلاغ پر بدستور سخت پابندیاں عاید ہیں۔

    عالمی میڈیا نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ مظلوم کشمیری اکتالیس روز سے بھارتی جبر میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، مقبوضہ کشمیر میں اسکول اور تجارتی مراکز بھی بند ہیں۔

    کشمیری میڈیا کے مطابق وادی میں کرفیو کے باعث 3 ہزار 9 سو کروڑ کا نقصان ہو چکا ہے، وادی میں کھانا میسر ہے اور نہ ہی دوائیں، سرینگر اسپتال انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے باعث روزانہ 6 مریض لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت نےمقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کردی

    وادی میں حریت رہنماؤں سمیت 11 ہزار کشمیری بھی قید اور نظر بند ہیں، سیکڑوں قیدیوں کو جیلوں میں جگہ نہ ہونے کے باعث بھارت منتقل کیا جا چکا ہے۔

    یاد رہے کہ 5 اگست کو بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل بھارتی پارلیمنٹ میں پیش کیا تھا۔ بل کی تجاویز کے تحت غیر مقامی افراد مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل کر سکیں گے اور 370 ختم ہونے سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بھی ختم ہو جائے گی۔

    بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کا عہدہ ختم کر کے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیے۔

  • مقبوضہ کشمیر:ہزاروں افراد نے کرفیو توڑ دیا، نماز جنازہ میں‌ شرکت

    مقبوضہ کشمیر:ہزاروں افراد نے کرفیو توڑ دیا، نماز جنازہ میں‌ شرکت

    سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے باوجود ہزاروں نے افراد قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں جام شہادت نوش کرنے 11 نوجوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں گذشتہ روز نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے شہید کیے گئے نوجوانوں اور بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف احتجاج کے دوران شہید ہونے والے افراد کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

    بھارتی فورسز کے ظلم و جور کا نشانہ بننے والے شہداء کو سپرد خاک کیا گیا تو رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے جبکہ سوگواروں میں خواتین و بچے بھی شامل تھے۔

    خبر ایجنسی کا کہنا تھا کہ جنازے میں شریک افراد نے بھارتی مظالم کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے نوجوانوں کے بہیمانہ قتل کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    خیال رہے کہ حریت رہنماؤں کی جانب سے 11 نوجوانوں کی شہادت پر ہڑتال کی اپیل کی گئی تھی جس کے باعث وادی میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال رہی اور نظام معمولات زندگی معطل رہا۔

    کشمیریوں کی جانب سے بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف وادی بھر میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے، قابض فورسز نے مظاہرین کو پسپا کرنے کےلیے آنسو گیس کی شیلنگ اور بے دریغ گولیاں برسائیں۔

    خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ کٹھ پتلی انتطامیہ نے مقبوضہ کشمیر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کردی۔