Tag: مقبوضہ کشمیر

  • کپواڑا میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 2 کشمیری شہید، تعداد 7 ہو گئی

    کپواڑا میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 2 کشمیری شہید، تعداد 7 ہو گئی

    سرینگر: جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑا میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 2 کشمیری شہید ہو گئے، جس کے بعد گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہید کشمیریوں کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع کپواڑا میں قابض بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران مزید دو نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔

    مودی سرکار کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے، نہتے کشمیریوں پر بربریت کی انتہا ہو گئی ہے، حکومتی سرپرستی میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں نسل کشی کی جا رہی ہے۔

    ایک اور نوجوان کو بھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ کے علاقے چٹا پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران نشانہ بنایا۔

    آخری اطلاعات تک دونوں علاقوں میں بھارتی فوج کا آپریشن جاری تھا، واضح رہے کہ وادئ کشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران محاصرے اور تلاشی کی آڑ میں بھارتی فورسز نے 7 معصوم کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ روز بھی کپواڑا اور کولگام کے اضلاع میں 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا تھا۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حالیہ انسانیت سوز واقعات پر پاکستان کا  ردِعمل

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حالیہ انسانیت سوز واقعات پر پاکستان کا ردِعمل

    اسلام آباد : پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں 4 کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا دنیا مقبوضہ کشمیر کا معاملہ یواین قراردادوں کے مطابق حل کرائے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حالیہ انسانیت سوز واقعات پر پاکستانی دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا پاکستان مقبوضہ کشمیر میں 4 کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی مذمت کرتا ہے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیرقانونی تسلط کیلئے فورس کا استعمال کررہا ہے ، مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کو دباکرحقوق کو پامال کیا جارہا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ بھارتی جارحیت سے5 اگست 2019 سےابتک 621 کشمیریوں کوشہیدکیاگیا، بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کا محاصرہ جاری ہے۔

    پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں جاری واقعات کی توجہ عالمی برادری سے کراتا ہے، دنیا مقبوضہ کشمیر کا معاملہ یواین قراردادوں کے مطابق حل کرائے۔

    خیال رہے مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج نے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید چار نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔

    کشمیر میڈیا سروس نے بتایا ہے کہ بھارتی فورسز نے تین نوجوانوں کو ضلع پلوامہ کے علاقے دربگام اور ایک کو سرینگر کے علاقے پالپورہ میں نشانہ بنایا۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ظلم و بربریت، چوبیس گھنٹے میں 4 نہتے کشمیری شہید

    مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ظلم و بربریت، چوبیس گھنٹے میں 4 نہتے کشمیری شہید

    سری نگر : مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج نے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید چار نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنت نظیر کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے ، قابض فوج نے24 گھنٹوں کے دوران مزید چار نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا۔

    کشمیر میڈیا سروس نے بتایا ہے کہ بھارتی فورسز نے تین نوجوانوں کو ضلع پلوامہ کے علاقے دربگام اور ایک کو سرینگر کے علاقے پالپورہ میں نشانہ بنایا۔

    قابض انتظامیہ نے بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیانات کے خلاف احتجاج کو روکنے کے لیے وادی چناب کے کچھ حصوں میں کرفیو اور دیگر سخت پابندیاں نافذ کر رکھی ہیں، علاقے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ قابض فورسز نے تین ہفتے کے دوران دس سے زیادہ کشمیریوں کو شہید کیا تھا ،آپریشن کے دوران کشمیری نوجوان کو نشانہ بنایا گیا۔

    صدر پاکستان نے بھارتی فورسزکی جارحانہ کارروائیوں کے دوران کشمیریوں کی شہادت کی شدید مذمت کی تھی۔

  • سلامتی کونسل کشمیر میں بین الاقوامی جرائم کے ثبوتوں کا نوٹس لے: پاکستانی مندوب

    سلامتی کونسل کشمیر میں بین الاقوامی جرائم کے ثبوتوں کا نوٹس لے: پاکستانی مندوب

    نیویارک: اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں پاکستانی قائم مقام مستقل مندوب عامر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی جرائم کے ثبوتوں کا نوٹس لے۔

    تفصیلات کے مطابق سلامتی کونسل میں پاکستانی قائم مقام مستقل مندوب عامر خان نے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قراردادوں اور فیصلوں پر عملدر آمد میں دہرا معیار باعث تشویش ہے۔

    پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر ظالمانہ قبضے کی عالمی مثال ہے، مقبوضہ کشمیر میں کئی دہائیوں سے انسانی حقوق پامال ہو رہے ہیں۔ 75 سال سے بھارت کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے انکاری ہے۔

    عامر خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے عالمی قوانین کی سنگین اور منظم خلاف ورزیاں بھی کی ہیں، 9 لاکھ سے زائد بھارتی فوج کئی دہائیوں سے مقبوضہ وادی میں تعینات ہے، بھارت عالمی فوجداری قانون کی خلاف ورزیوں کا سہارا لے رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مظاہرین کے خلاف براہ راست گولہ بارود کا استعمال بھی شامل ہے۔

    پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ بھارت 5 اگست 2019 سے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارت مقبوضہ علاقے کو ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی جرائم کے ثبوتوں کا نوٹس لے اور بھارت کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے جوابدہ ٹھہرائے، اقوام متحدہ چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کی مستقل پابندی ناگزیر ہے۔

  • یاسین ملک کو سزا، برطانوی حکومت سے مداخلت کا مطالبہ

    یاسین ملک کو سزا، برطانوی حکومت سے مداخلت کا مطالبہ

    آکسفورڈ: برطانوی ممبر پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیری رہنما یاسین ملک کی سزا کے سلسلے میں مداخلت کرے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی عدالت نے بدھ کو کشمیری حریت پسند رہنما یاسین ملک کو ایک جھوٹے مقدمے میں عمر قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے، جسے برطانوی ممبر پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے انصاف کا قتل قرار دے دیا ہے۔

    یاسمین قریشی نے اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کشمیری حریت پسند یاسین ملک کی سزا انصاف کا قتل ہے، نام نہاد عدالتی کارروائی میں سنگین خلاف ورزیاں کی گئیں، اور یاسین ملک کو قانونی دفاعی حق سے محروم رکھا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ یاسین ملک کو تحریک آزادئ کشمیر کو متحرک رکھنے کی سزا دی گئی ہے، عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کو ماورائے قانون سزا پر احتجاج کرنا چاہیے۔

    یاسمین قریشی نے برطانوی حکومت سے مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی عدالت کی کارروائی قانونی کی بجائے سیاسی تھی۔

    واضح رہے کہ یاسین ملک نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں کئی برسوں سے قید ہیں، بھارتی عدالت نے 19 مئی کو حریت رہنما پر دہشت گردی کی فنڈنگ کے جھوٹے مقدمے میں فرد جرم عائد کی تھی، 25 مئی کو عدالت نے انھیں 2 بار عمر قید اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی، جب کہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نے عدالت سے یاسین ملک کو سزائے موت دینے کی استدعا کی تھی۔

    بھارتی عدالت نے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنادی

    یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے شوہر کی سزا کے فیصلے کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے، مشعال ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا یاسین ملک کو کالے قانون کے تحت سزادی گئی ہے، انھیں دفاع کا موقع نہیں دیا گیا، میں اس فیصلے کو مسترد کرتی ہوں۔

  • مقبوضہ کشمیر: بھارتی فورسز کے ہاتھوں مزید 4 کشمیری شہید

    مقبوضہ کشمیر: بھارتی فورسز کے ہاتھوں مزید 4 کشمیری شہید

    سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے نام نہاد آپریشن کے دوران مزید 4 کشمیری شہید کردیے، بھارتی فورسز کی جارحیت سے 3 دن میں شہید کشمیریوں کی تعداد 10 ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جارحیت عروج پر ہے، قابض فورسز نے مزید 4 کشمیری شہید کردیے۔

    بھارتی فورسز نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران کشمیریوں کو نشانہ بنایا، بھارتی فورسز کی جارحیت سے 3 دن میں شہید کشمیریوں کی تعداد 10 ہوگئی۔

    خیال رہے کہ ایک روز قبل بھارتی عدالت نے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو جھوٹے مقدمے میں عمر قید اور جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

    بھارتی عدالت نے یاسین ملک کو دہشت گردوں کی فنڈنگ کے جھوٹے الزام میں 2 بار عمر قید اور 10 لاکھ جرمانہ کی سزا سنادی ہے۔

    یاسین ملک بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں کئی برسوں سے قید ہیں۔

  • پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے لیے بھارتی حد بندی کمیشن کی رپورٹ مسترد کردی

    پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے لیے بھارتی حد بندی کمیشن کی رپورٹ مسترد کردی

    اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لیے بھارتی حد بندی کمیشن کی رپورٹ مسترد کردی، وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب بدلنا سلامتی کونسل کی قراردادوں سے متصادم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے لیے بھارتی حد بندی کمیشن کی رپورٹ مسترد کردی، اس سلسلے میں اسلام آباد میں تعینات بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا ہے۔

    دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو پاکستان کی جانب سے رپورٹ مسترد کیے جانےسے آگاہ کیا، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ رپورٹ کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی آبادی کو بے اختیار کرنا ہے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کی جانب سے کی گئی پوری مشق مضحکہ خیز ہے، رپورٹ بھارت کے 5 اگست کے غیر قانونی اقدامات کو جائز قرار دینے کی سازش ہے۔

    دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ جموں کشمیر کا تنازعہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے۔

    دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی سیاسی جماعتوں کے کراس سیکشن نے پہلے ہی رپورٹ مسترد کردی ہے، مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب بدلنا سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون سے متصادم ہے۔

  • بھارتی وزیر اعظم مودی جموں پہنچ گئے، مقبوضہ کشمیر چھاؤنی میں تبدیل

    بھارتی وزیر اعظم مودی جموں پہنچ گئے، مقبوضہ کشمیر چھاؤنی میں تبدیل

    جموں: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی جموں پہنچ گئے، مقبوضہ وادی چھاؤنی میں تبدیل کر دی گئی، سڑکوں‌ پر ہڑتال کے باعث ہو کا عالم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر اعظم مودی کی مقبوضہ کشمیر آمد پر مکمل ہڑتال کی گئی ہے، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم مودی جموں پہنچ گئے، مقبوضہ کشمیر میں ان کی آمد پر بڑی تعداد میں بھارتی فوج تعینات کی گئی ہے۔

    حریت کانفرنس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیری بھارت کا غیر قانونی قبضہ مسترد کرتے ہیں، مودی کے خلاف کنٹرول لائن کی دونوں جوانب شدید احتجاج کیا جا رہا ہے۔

    دورے کے دوران نریندر مودی نے دریائے چناب پر ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا، واضح رہے کہ مودی کی آمد سے پہلے ریاستی دہشت گردی میں گزشتہ ایک ہفتے میں 8 کشمیری شہید کیے جا چکے ہیں۔

    دوسری طرف وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس کی کال پر دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں، یوم سیاہ کے موقع پر آزاد کشمیر میں ریلیوں اور دیگر تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔

    وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ نریندر مودی پیکج کے اعلان سے کشمیریوں کو ٹریپ کرنے کی کوشش کریں گے۔

  • مقبوضہ کشمیر: ڈھائی سال میں سینکڑوں کشمیری شہید

    مقبوضہ کشمیر: ڈھائی سال میں سینکڑوں کشمیری شہید

    سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019 کے اقدام کے بعد سے 500 سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا جاچکا ہے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد قابض بھارتی فوج نے وادی میں مظالم کی انتہا کردی، 5 اگست 2019 کے بعد سے ریاستی دہشت گردی میں 566 کشمیری شہید کیے جاچکے ہیں۔

    کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ میں کہا گیا کہ شہدا میں 13 خواتین بھی شامل ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق 5 اگست 2019 سے اب تک بھارتی مظالم سے 2 ہزار 240 کشمیری زخمی ہوئے، قابض فوج نے حریت رہنما اشرف صحرائی کو دوران حراست شہید کیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ سرینگر اور بڈگام سمیت کئی علاقوں میں تلاشی کے نام پر شہریوں کا جینا مشکل کر دیا گیا۔

  • مقبوضہ کشمیر پر پروپیگنڈا فلم: بی جے پی کو مسلمانوں پر تشدد کا بہانہ مل گیا

    مقبوضہ کشمیر پر پروپیگنڈا فلم: بی جے پی کو مسلمانوں پر تشدد کا بہانہ مل گیا

    نئی دہلی: مقبوضہ کشمیر میں جھوٹے پروپیگنڈے پر مبنی فلم کشمیر فائلز نے بھارتی ہندو شدت پسندوں کو مزید شہ دے دی اور انہوں نے اس کا غصہ مسلمانوں پر تشدد کر کے اتارنا شروع کردیا۔

    بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ہندو شدت پسندوں نے ایک مسلمان نوجوان کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، اس دوران وہ حال ہی میں ریلیز کی جانے والی فلم کشمیر فائلز کا نام لیتے رہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ فلم میں دکھائے گئے پروپیگنڈے پر وہ آگ بگولہ ہیں۔

    تشدد کا نشانہ بننے والے نوجوان عدنان رنگریز کا کہنا ہے کہ وہ اپنے دوست کے ساتھ ایک جگہ بیٹھا تھا کہ اچانک 10 سے 15 افراد ان کے قریب آئے اور ان کا نام پوچھا، عدنان کے نام بتانے پر انہوں نے آؤ دیکھا نہ تاؤ اور اسے مارنے لگے۔

    عدنان کا کہنا تھا کہ اس نے بھاگ کر جان بچانے کی کوشش کی لیکن شدت پسند اس کے پیچھے آئے اور گھسیٹ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

    اس دوران وہ فلم کشمیر فائلز کا نام لیتے رہے اور کہتے رہے کہ اب ہم تمہیں بتائیں گے۔

    عدنان کا کہنا ہے کہ بڑی مشکل سے لوگوں نے اسے بچایا جس کے بعد اس نے اپنے چچا کو کال کی جنہوں نے وہاں پہنچ کر اسے احمد آباد ایل جی اسپتال منتقل کیا، تاہم وہاں بھی ڈھائی گھنٹے تک اسے کسی ڈاکٹر نے نہیں دیکھا۔

    مجبوراً عدنان کے اہل خانہ نے انہیں وہاں سے ایس وی پی اسپتال منتقل کیا جہاں ان کا علاج شروع کیا گیا۔

    یاد رہے کہ حال ہی میں ریلیز کی جانے والی فلم کشمیر فائلز  نے بھارت میں تناؤ کا ماحول پیدا کردیا ہے- اس پروپیگنڈہ اور مسلم مخالف فلم کو بھارتی حکمراں جماعت کی جانب سے پروموٹ بھی کیا جارہا ہے-