Tag: مقبوضہ کشمیر

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کرفیو کو 8 ماہ مکمل، 4 کشمیری شہید

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کرفیو کو 8 ماہ مکمل، 4 کشمیری شہید

    سری نگر: مقبوضہ وادی پر قابض بھارت کے کرفیو کو 8 ماہ مکمل ہو گئے، بھارتی فوج کے ظلم و جبر کی رات مزید طول پکڑ گئی، ضلع کلگام میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 4 کشمیری شہید ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی کو 8 ماہ سے چھاؤنی بنا رکھا ہے، ان 8 ماہ کے دوران بھارتی فوج کی بربریت سے 87 کشمیری شہید ہو چکے ہیں، بھارتی فوج کی جارحیت سے 956 کشمیری زخمی ہوئے، مقبوضہ وادی میں ہزاروں کشمیری جیلوں میں قید و بند کی تکالیف سے گزر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے جموں و کشمیر کی خصوصی اور الگ حیثیت کا خاتمہ کرکے اسے بھارت کا غیر قانونی طور پر حصہ بنا لیا تھا۔

    گزشتہ روز ضلع کلگام میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 4 کشمیری شہید ہو گئے ہیں، کشمیری میڈیا کا کہنا ہے کہ ان کشمیریوں کو حسب معمول نام نہاد آپریشن کے دوران نشانہ بنایا گیا۔ دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ بھی بڑھ رہا ہے، وائرس سے متاثرین کی تعداد 92 ہو چکی ہے، جب کہ 2 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

    مقبوضہ کشمیر کے ڈھانچے میں تبدیلی کی ایک اور مذموم کوشش

    او آئی سی کے ہیومن رائٹس کمیشن نے بھی مقبوضہ کشمیر میں نیا ڈومیسائل قانون مسترد کر دیا ہے، کمیشن کا کہنا تھا کہ ڈومیسائل کا نیا قانون آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کی ہے، او آئی سی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی آرڈر 2020 مقبوضہ کشمیر کی صورت حال مزید خراب کرے گا، او آئی سی ایسے تمام بھارتی اقدامات کو مسترد کرتا ہے، عالمی برادری موجودہ صورت حال کا نوٹس لے۔ 

    ادھر وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آر ایس ایس متاثرہ بی جے پی نے سیکولر بھارت کو دفن کر دیا ہے، ڈومیسائل پالیسی کا مقصد کشمیری اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے، فاشسٹ بھارت کے اقدامات خود بھارت کے وجود کے لیے خطرہ ہیں۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بھارتی مسلمانوں کو دوسرے درجے کا شہری قرار دیا جا رہا ہے، بھارت کشمیریوں پر ظلم کی بجائے غربت اور بیماری سے جنگ لڑے۔

  • مقبوضہ کشمیر کے ڈھانچے میں تبدیلی کی ایک اور مذموم کوشش

    مقبوضہ کشمیر کے ڈھانچے میں تبدیلی کی ایک اور مذموم کوشش

    اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے ڈھانچے کو غیر قانونی طور پر تبدیل کرنے کی مسلسل بھارتی کوششوں کی شدید مذمت کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے ڈومیسائل قوانین میں تبدیلی ایک اور غیر قانونی اقدام ہے، جو بین الاقوامی قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے، پاکستان اس کی شدید مذمت کرتا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام 5 اگست 2019 کے اقدامات کا تسلسل ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام نے نئے قانون کو ناقابل قبول قرار دے کر مسترد کر دیا ہے، کشمیری عوام اپنے بنیادی حقوق، آبادی اور الگ شناخت کو تبدیل کرنے کی کوششوں کو قبول نہیں کریں گے۔

    انھوں نے کہا کہ عالمی سطح پر صحت کے بحران کی صورت حال میں بھارت نے تازہ ترین کارروائی کی ہے جو قابل مذمت ہے، بی جے پی ہندوتوا ایجنڈے کو آگے بڑھانا چاہتی ہے، اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری کو بھارت کی نئی کارروائی کا نوٹس لینا چاہیے، اور مسلسل خلاف ورزیوں پر بھارت سے جواب طلب کرنا چاہیے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو اجاگر کرتا رہے گا، پاکستان کا مؤقف ہے کہ بھارت کبھی بھی کشمیری عوام کی مرضی کو نہیں توڑ سکے گا۔

    خیال رہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے جموں و کشمیر کی خصوصی اور الگ حیثیت کا خاتمہ کرکے اسے بھارت کا غیر قانونی طور پر حصہ بنا لیا تھا، جس کی مذمت ساری دنیا میں کی گئی، تب سے اب تک مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن ہے اور مظلوم کشمیریوں پر بد ترین مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔

  • عالمی وبا میں بھی مودی سرکار کشمیریوں سے جیلیں بھرنے میں مصروف

    عالمی وبا میں بھی مودی سرکار کشمیریوں سے جیلیں بھرنے میں مصروف

    سری نگر: کرونا وائرس کی عالمی وبا بھی مودی سرکار کی آنکھیں نہ کھول سکی، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج نے 400 سے زائد کشمیری نوجوان گرفتار کر لیے، کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کی بجائے مودی سرکار جیلیں بھرنے میں مصروف نظر آ رہی ہے۔

    حریت قیادت کا کہنا ہے کہ جیلوں میں بے گناہ قید رہنماؤں اور کارکنوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا تھا کہ عالمی برادری بھارت پر زور ڈالے کہ تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے باعث کشمیری قیدی شدید مشکلات کا شکار ہیں، مقبوضہ کشمیر میں کرونا سے 2 اموات بھی ہوئی ہیں۔

    پاکستان نے کشمیری قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کردیا

    ترجمان کے مطابق پاکستان نے کشمیری قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے، ہزاروں کشمیری نوجوان، صحافی اور کشمیری رہنما، بھارتی جیلوں میں قید ہیں، بیش تر افراد نامعلوم مقامات پر قید کیے گئے ہیں، سینئر حریت قیادت بھی مختلف جیلوں میں بند ہے، حریت رہنما یاسین ملک اور آسیہ اندرانی سمیت دیگر کو جعلی الزامات پر قید کیا گیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا نوٹس لے، مواصلات کی پابندیوں کو ختم، میڈیکل، ضروری سامان کی اجازت دی جائے۔

  • مقبوضہ کشمیر: پاکستان کا بھارت سے کرونا پر تفصیلات فراہمی کا مطالبہ

    مقبوضہ کشمیر: پاکستان کا بھارت سے کرونا پر تفصیلات فراہمی کا مطالبہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں کرونا کی صورت حال پر تشویش ہے، بھارتی حکومت مقبوضہ وادی میں کرونا پر تفصیلات فراہم کرے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورت حال پر تفصیلات کی فراہمی کا مطالبہ کر دیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرونا کی صورت حال پر تشویش ہے، بھارتی حکومت تفصیلات فراہم کرے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ میں کرونا کے سلسلے میں خصوصی سیل قائم ہے جو سفارت خانوں سے رابطے میں ہے، دفتر خارجہ میں چوبیس گھنٹے کی ہیلپ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے، پاکستانی سفارت خانوں نے کمیونٹی کی رہنمائی کے لیے فوکل پرسنز بھی مقرر کر دیے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی وزرا کے ہمراہ چین کا دورہ کیا، چین میں 2 معاہدوں پر دستخط ہوئے، چین اور پاکستان نے مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا، صدر اور وزیر خارجہ نے ووہان میں موجود طلبہ کے ساتھ بھی ویڈیو لنک پر رابطہ کیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ دفتر خارجہ میں دستاویزات کی تصدیق اب صرف کوریئر سروس کے ذریعے ہوگی، کرونا پر قابو پانے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر اقدام کیے جا رہے ہیں، وزارت خارجہ میں کرونا سے نمٹنے کے لیے کرائسز مینجمنٹ سیل قائم کر دیا گیا ہے، کرونا پر آگاہی سے متعلق میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے، شہریوں کی بہتری کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں، شہریوں سے کہا گیا ہے کہ حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔

  • انسانی حقوق پر امریکی رپورٹ جاری، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال بھی شامل

    انسانی حقوق پر امریکی رپورٹ جاری، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال بھی شامل

    واشنگٹن: امریکا نے انسانی حقوق پر 2019 کی رپورٹ جاری کر دی، رپورٹ میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال بھی شامل کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انسانی حقوق اور جمہوریت کے لیے نائب امریکی وزیر خارجہ نے خصوصی پریس کانفرنس کی، رابرٹ ڈیسٹرو نے اے آر وائی نیوز کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر امریکا کو تشویش ہے۔

    رابرٹ ڈیسٹرو نے بتایا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی تفصیل بھی اس رپورٹ میں شامل ہے، کشمیر میں انٹرنیٹ کی بندش کا معاملہ بھارت سے اٹھایا گیا ہے، بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرے۔

    نائب امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کے معاملات پر بات کرنے سے ہم نہیں گھبرائیں گے، رپورٹ میں کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا معاملہ تو شامل ہے تاہم شہریت کے قانون پر بھارت میں تشدد کی تفصیلات اس رپورٹ میں شامل نہیں کی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ آج مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن کا 222 واں روز ہے، کشمیری میڈیا کا کہنا ہے کہ وادی میں انٹرنیٹ، موبائل سروس بدستور معطل ہیں، کاروبار اور تعلیمی ادارے بند پڑے ہیں، بھارتی فوج کی جانب سے آئے دن مختلف علاقوں میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران نوجوانوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، حریت رہنما 5 اگست سے نظر بند اور قید ہیں۔

    گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مزید 4 کشمیریوں کو شہید کیا گیا ہے، مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی طور پر متنازع علاقہ ہے، اقوم متحدہ سلامتی کونسل اس کو بارہا متنازع خطہ قرار دے چکی ہے۔

  • خواتین کے عالمی دن پر پاکستان کا مقبوضہ کشمیر کی خواتین کو خراج تحسین

    خواتین کے عالمی دن پر پاکستان کا مقبوضہ کشمیر کی خواتین کو خراج تحسین

    اسلام آباد: پاکستان نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی خواتین نے جرات و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خواتین کے عالمی دن کے موقع پر دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم کشمیری خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، قابض بھارتی فوج نے 31 سال میں 2 ہزار 377 کشمیری خواتین کو شہید کیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ٹویٹ میں ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 11 ہزار 179 خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی، بھارتی ظلم و تشدد کے باعث 22 ہزار 911 خواتین بیوہ ہوئی ہیں۔

    ٹویٹ میں کہا گیا کہ کشمیر میں خواتین سیاسی رہنماؤں سمیت سینکڑوں خواتین پابند سلاسل ہیں۔ دفتر خارجہ کی جانب سے کشمیری خواتین کی جدوجہد کو سلام پیش کیا گیا۔

    دوسری جانب خواتین کے عالمی دن پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، خواتین ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم خواتین کو آگے بڑھنے کے لیے یکساں مواقع مہیا کرنے کا تہیہ کریں، مختلف شعبہ جات میں ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی بھی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عظمت کو سلام، مقبوضہ کشمیر کی خواتین نے جرات و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔

  • بھارت کی ریاستی دہشت گردی،   7 ماہ میں 74 کشمیری شہید

    بھارت کی ریاستی دہشت گردی، 7 ماہ میں 74 کشمیری شہید

    سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، وادی میں بھارتی فورسز کی جانب سے 7 ماہ میں 74 کشمیریوں کوشہید کیاگیا جبکہ 943 کشمیری زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاون کو سات ماہ مکمل ہوگئے ہیں ، بھاتی فورسز نے وادی میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے، سات ماہ کے دوران بھارتی فورسز کی جارحیت سے چوہتر کشمیری شہیدہوئے، شہید ہونے والوں میں تین خواتین اور چار بچے شامل ہیں۔

    بھارتی فوج کی پر تشدد کارروائیوں میں 943 شدید زخمی ہوئے، سات کشمیریوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا کشمیری رہنماوں سمیت ہزاروں کشمیری نوجوان گرفتار ہیں۔

    گزشتہ روز ضلع بارہ مولامیں بھارتی فورسزنےکشمیری نوجوان شہیدکردیا تھا، بائیس سالہ کشمیری نوجوان کونام نہادآپریشن کےدوران نشانہ بنایاگیا جبکہ قابض فورسز نے بارہ ہزارسےزیادہ کشمیریوں کوگرفتار کررکھاہے۔

    وادی میں مسلسل کرفیو کے نفاذ سےنظام زندگی مفلوج ہےکشمیری گھروں میں محصورہیں ، کرفیو اور پابندیوں کے باعث اب تک مقامی معیشت کو ایک ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے جبکہ ہزاروں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں۔

    خیال رہے رکن برطانوی پارلیمنٹ ہیلری بین نے ڈیبی ابراہمز سے بھارت میں ہونے والے سلوک کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیر میں صورتحال بہت خوفناک ہے، مسئلہ کشمیر بغیر بات چیت کے حل نہیں ہوسکتا۔

  • مقبوضہ کشمیر میں 7 ماہ بعد انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی

    مقبوضہ کشمیر میں 7 ماہ بعد انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی

    سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں 7 ماہ بعد انٹرنیٹ کی بندش ختم کردی گئی، اس بندش کا خاتمہ مشروط طور پر 17 مارچ تک کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ سروسز مشروط طور پر بحال کردی گئی ہیں، انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کے سرکاری ادارے بی ایس این ایل کے ایک اہلکار کے مطابق حکام کی ہدایات کے بعد انہوں نے انٹرنیٹ سروس بحال کرنی شروع کردی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اس تمام عرصے کے دوران بعض کشمیری شہری ورچوئل پرائیوٹ نیٹ ورکس (وی پی این) کے ذریعے انٹرنیٹ کا استعمال جاری رکھے ہوئے تھے۔

    مذکورہ فیصلے کے بعد بھارتی حکومت کی قید میں موجود سابق وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر محبوبہ مفتی کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹ کیا گیا کہ حکام کو احساس ہوگیا ہے کہ انٹرنیٹ کی یہ بندش بے فائدہ ہے کیونکہ کشمیری پہلے ہی وی پی اینز کے ذریعے انٹرنیٹ استعمال کر رہے تھے۔

    یہ ٹویٹ محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی کی جانب سے کیا گیا ہے۔

    قابض حکام نے انٹرنیٹ سروس کی یہ بحالی مشروط طور پر کی ہے۔ جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق موبائل پر انٹرنیٹ کی رفتار صرف 2 جی ہوگی، 4 جی نیٹ ورکس تاحال بند ہیں۔

    انٹرنیٹ کی سہولت فی الوقت صرف پوسٹ پیڈ صارفین کے لیے ہوگی، پری پیڈ سم کارڈز استعمال کرنے والے افراد اس سہولت سے محروم ہوں گے۔

    اسی طرح براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس ایم اے سی (میڈیا ایکسس کنٹرول) بائنڈنگ پر دی جائے گی جس کے تحت صارف کسی ایک ہی انٹرنیٹ پورٹل (آئی پی) ایڈریس سے انٹرنیٹ استعمال کرسکیں گے۔

    جیسے ہی کوئی صارف، کوئی دوسرا آئی پی استعمال کرے گا وہ انٹرنیٹ کی سہولت سے محروم ہوجائے گا۔ اس طرح سے قابض حکام کو لوگوں کی آن لائن سرگرمیوں کی نگرانی کرنے میں آسانی ہوگی۔

    انٹرنیٹ سروس کی یہ بحالی 17 مارچ تک کی گئی ہے، 17 مارچ کو دوسرا نوٹی فکیشن جاری کیا جائے گا جس میں بتایا جائے گا کہ آیا انٹرنیٹ کی یہ بحالی جاری رہے گی یا اس پر پھر سے بندش لگا دی جائے گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس 5 اگست کو بھارتی حکومت نے بھارتی آئین کی شق 370 کے خاتمے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت ریاست جموں و کشمیر کو نیم خود مختار حیثیت اور خصوصی اختیارات حاصل تھے۔

    اس کے فوراً بعد کشمیر کو لاک ڈاؤن کر کے دنیا سے کاٹ دیا گیا اور مقبوضہ کشمیر کو ایک جیل میں تبدیل کردیا گیا تھا۔

    وادی میں بشمول انٹرنیٹ تمام مواصلاتی ذرائع بھی منقطع کردیے گئے تھے اور یہ کسی بھی جمہوریت میں سب سے طویل عرصے کے لیے عائد کی جانے والی بندش تھی۔

    کشمیر چیمبر آف کامرس کے مطابق اس طویل ترین مواصلاتی بندش کے نتیجے میں وادی میں 2.4 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے اور 5 لاکھ افراد بے روزگار ہوگئے۔

  • بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، وزیرخارجہ

    بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، وزیرخارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اوآئی سی کے سیکریٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے کشمیر کے ہمراہ نیوز بریفنگ کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکی صورت حال انتہائی نازک ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سیز فائرکی خلاف ورزیوں اور شہریوں کو نشانہ بنانے سے آگاہ کیا گیا، اوآئی سی کی اپنی قراردادیں بھی مقبوضہ کشمیر پرموجود ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کا بانی رکن ہے، اس کی اہمیت کل بھی تھی اور آج بھی ہے، جہاں توقعات زیادہ ہوں وہاں ان کے پورا نہ ہونے پرگلہ بھی ہوتا ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ معاملہ اتنا سنجیدہ ہے کہ اس پر وزرائے خارجہ کا غیرمعمولی اجلاس بلانا چاہیے، یواین سیکریٹری جنرل نے بھی انسانی حقوق کی پامالی پر تشویش کا اظہار کیا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نئی دہلی میں مسلمانوں کا قتل عام کیاگیا، بھارت کے اقدامات سے خطے کے امن کو شدیدخطرات ہیں، بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔

  • بھارتی جبر کے خلاف مزاحمت کی عظیم تاریخ لکھنے والی کشمیری خواتین کو سلام: فردوس عاشق اعوان

    بھارتی جبر کے خلاف مزاحمت کی عظیم تاریخ لکھنے والی کشمیری خواتین کو سلام: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بہادر کشمیری خواتین کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بھارتی ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کی عظیم تاریخ لکھی ہے، بھارتی ظلم کشمیریوں کے صبر و استقلال اور استقامت سے شکست کھا چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ 23 فروری، یوم مزاحمت نسواں کشمیر کا دن مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کا سیاہ ترین دن ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بھارتی قابض افواج نے نہتی، بے گناہ اور بے یار و مدد گار خواتین کی اجتماعی بے حرمتی کی بھیانک مثال قائم کی۔ بہادر کشمیری خواتین کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بھارتی ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کی عظیم تاریخ لکھی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیر کی ان بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے شوہروں کو آزادی کشمیر پر قربان کردیا، ان ماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے لخت جگر وار دیے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بھارتی ظلم کشمیریوں کے صبر و استقلال اور استقامت سے شکست کھا چکا ہے، کوئی جبر و استبداد انہیں حق خود ارادیت کی منزل سے دور نہیں کر سکتا۔

    انہوں نے کہا کہ مودی کے فسطائی ایجنڈے اور نفرت کی آگ میں خود بھارت جل رہا ہے۔ انڈیا میں اقلیتوں کے حقوق کو روندا جارہا ہے، بھارتی مرد و خواتین سڑکوں پر احتجاجاً موجود ہیں۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ شاہین باغ کا احتجاج 60 ویں دن میں داخل ہوچکا ہے جہاں ہزاروں خواتین مودی کے کالے امتیازی قانون کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔