Tag: مقبوضہ کشمیر

  • پاکستان موجودہ حالات میں بھارت کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں: وزیر خارجہ

    پاکستان موجودہ حالات میں بھارت کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت میں موجودہ حالات کے پیش نظر پاکستان اس کے ساتھ بیٹھنے کو ذہنی طور پر تیار نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ 5 ماہ ہو گئے کشمیر میں کرفیو کا نفاذ ہے، مسجدوں پر تالے ہیں، سیکڑوں سال پرانی مسجد کو شہید کر کے رام مندرکی تعمیرجاری ہے، متنازع قانون کے خلاف پورے بھارت میں احتجاج جاری ہے، 25 سے زائد اموات ہو چکیں، ہزاروں لوگ سڑکوں پر ہیں، ایسے میں پاکستان بھارت کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں ہے۔

    انھوں نے بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے، آسام، ویسٹ بنگال، مدھیہ پردیش میں جو کچھ ہوا وہ آپ کے سامنے ہے، اس وقت بھارت بالکل تقسیم دکھائی دے رہا ہے، جوکچھ پہلے ہوتا رہا، اس ایکٹ کی شکل میں لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو کر سامنے آیا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اطلاعات کے مطابق ایل او سی پر 5 جگہوں سے باڑ کو کاٹا گیا ہے، ایل او سی پر میزائل بھی نصب کیے گئے ہیں، بھارت کے جارحانہ اقدامات دنیا کو دکھائی دے رہے ہیں، بھارت انسانی حقوق کی پامالی، بچوں کو ہراساں کر رہا ہے، مریضوں کو سہولت نہیں دے رہا، آج کے زمانے میں جو انسانی حقوق کے علم بردار ہیں ان کو پبلک سیفٹی ایکٹ اور اس قسم کے کالے قانون کا نوٹس لینا چاہیے۔

    شاہ محمود نے کہا کہ میں نے ساتواں خط اقوام متحدہ کو بھیجا، چین نے میرے خط کو بنیاد بناتے ہوئے مطالبہ کیا کہ یو این ملٹری آبزرور صورت حال پر سلامتی کونسل کو بریفنگ دیں، ہم اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں، سفارتی اور سیاسی محاذ پر جو کیا جا سکتا ہے وہ کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بھارت میں جو کشمیر کا رد عمل سامنے آیا یہ ان کی توقع کے برعکس ہے، اس وقت کوئی قابل احترام لیڈر ایسا نہیں جو ان کے مؤقف کا ساتھ دے رہا ہو، پاکستان ان حالات میں انڈیا کے ساتھ بیٹھنے کو ذہنی طور پر تیار نہیں۔

    شاہ محمود کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے کشمیر کے مسئلے پر بھرپور آواز اٹھائی، سعودی وزیر خارجہ تشریف لائے تھے ان سے بھی ذکر کیا کہ او آئی سی فورم پر بھرپور طریقے سے اس کے لیے آواز اٹھنی چاہیے، سعودی وزیر خارجہ نے یقین دلایا کہ مؤثر طریقے سے آواز اٹھے گی۔

  • سابقہ خارجہ سیکریٹریز کا اجلاس، خارجہ پالیسی امور پر مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق

    سابقہ خارجہ سیکریٹریز کا اجلاس، خارجہ پالیسی امور پر مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق

    اسلام آباد: سابقہ خارجہ سیکریٹریز کے مشاورتی اجلاس میں خارجہ پالیسی امور پر مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت سابقہ خارجہ سیکریٹریز کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں خارجہ پالیسی امور پر مشاورتی سلسلہ تواتر سے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

    اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سابقہ خارجہ سیکریٹریز کو صدر سیکورٹی کونسل کو لکھے گئے حالیہ خط کے مندرجات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور خطے میں امن کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے نفاذ کو 145 دن ہو گئے، بھارت نے ذرایع مواصلات پر پابندی عائد کر رکھی ہے، بھارت نے دنیا کو کشمیر کے اصل حقائق تک رسائی سے محروم رکھا، مودی سرکار کی ہندوتوا سوچ نے بھارت کو تقسیم کر دیا۔

    انھوں نے کہا کہ سیکولر بھارت کے حامی شہریت کے متنازع قانون، این آر سی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، مودی حکومت کی کشمیر میں لگائی آگ پورے بھارت میں پھیل گئی ہے، بھارت دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے ایل او سی کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ لیکن مسلح افواج اور قوم کا بچہ بچہ اس ارض وطن کی حفاظت کے لیے پر عزم ہے، پاکستان بھارتی مظالم کو ہر پلیٹ فارم پر بے نقاب کر رہا ہے۔

  • کشمیری سات دہائیوں سے اصولوں پر ڈٹ کر کھڑے ہیں، راجہ ظفرالحق

    کشمیری سات دہائیوں سے اصولوں پر ڈٹ کر کھڑے ہیں، راجہ ظفرالحق

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر راجہ ظفرالحق کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیریوں پر بے انتہا مظالم ڈھا رہا ہے، کشمیری سات دہائیوں سے اصولوں پر ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوم قائد پرحریت کانفرنس کے زیر اہتمام مسئلہ کشمیر پر گول میز کانفرنس ہوئی۔ چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی فخر امام تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ سابق صدر آزاد کشمیرسردار یعقوب خان وحریت قائدین نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

    راجہ ظفرالحق نے کہا کہ یوم قائد پرکشمیرگول میز کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے، قائداعظم نے کشمیرکو پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا تھا، کشمیری محب وطن ہیں، ملک کی خاطرقربانیاں دے رہے ہیں۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر سیاسی جماعتوں سمیت پوری قوم متحد ہے، حکومت کو مسئلہ کشمیر پرمربوط حکمت عملی وضح کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پہلی بار کشمیر پر بھارتی بیانیے کو پزیرائی نہیں مل رہی۔

    راجہ ظفرالحق نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر بے انتہا مظالم ڈھا رہا ہے، کشمیری سات دہائیوں سے اصولوں پر ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن کو 143 دن ہوگئے، مظلوم کشمیری اپنے گھروں میں محصور ہیں، اشیائے خورونوش کی شدید قلت کا سامنا ہے، وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز مسلسل معطل جا رہی ہیں۔

  • مودی کشمیریوں کی نسل کشی اور کشمیرمیں آبادیاتی تبدیلی چاہتا ہے، فخرامام

    مودی کشمیریوں کی نسل کشی اور کشمیرمیں آبادیاتی تبدیلی چاہتا ہے، فخرامام

    اسلام آباد : کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام کا کہنا ہے کہ مودی کشمیریوں کی نسل کشی اور کشمیرمیں آبادیاتی تبدیلی چاہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پارلیمانی کشمیرکمیٹی فخرامام نے کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر طویل عرصہ کے بعد عالمی سطح پر بھرپور اجاگر ہوا ہے، 50 سال بعد سلامتی کونسل میں کشمیر پر پاکستانی موقف سنا گیا۔

    فخر امام نے کہا کہ چین نے سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت کی، مسئلہ کشمیرکی بنیاد عدل وانصاف پر ہے، مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل میں زیربحث آناخوش آئند ہے۔

    چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر دنیا کی طاقتور پارلیمانوں میں زیربحث آ رہا ہے، کشمیرکی خصوصی حیثیت کاخاتمہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، مودی کشمیریوں کی نسل کشی اور کشمیرمیں آبادیاتی تبدیلی چاہتا ہے۔

    بھارت سے جنگ ہوئی تو میں خود مقبوضہ کشمیر میں داخل ہوجاؤں گا، سید فخرامام

    یاد رہے کہ رواں سال اگست میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام کا کہنا تھا کہ بھارت سے جنگ ہوئی تو میں خود مقبوضہ کشمیر میں داخل ہوجاؤں گا، میں پیچھے ہٹنے والوں میں سے نہیں۔

  • مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک جنوبی ایشیا میں امن ممکن نہیں: گورنر پنجاب

    مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک جنوبی ایشیا میں امن ممکن نہیں: گورنر پنجاب

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا جنوبی ایشیا میں امن ممکن نہیں، مودی کے ہوتے ہوئے امن کی توقع نہیں، بھارت خطے کے امن کو داؤ پر لگانا چاہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ امن چاہتا ہے، تاریخ گواہ ہے کہ جنگ کبھی مسئلے کا حل نہیں ہوتی۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا جنوبی ایشیا میں امن ممکن نہیں، مودی کے ہوتے ہوئے امن کی توقع نہیں ہے۔ فاشسٹ آدمی کبھی امن کی بات نہیں کرتا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ دہشت گردانہ ذہن کی عکاس ہے، مختلف ہتھکنڈوں سے بھارت خطے کے امن کو داؤ پر لگانا چاہتا ہے۔

    گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ بھارت جان لے کسی بھی در اندازی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ پاکستانی عوام اور افواج ملک کے تقدس کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔

    اس سے قبل ایک موقع پر چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ بھارت کا زوال شروع ہو چکا، شہریت متنازعہ بل کے خلاف احتجاج پورے بھارت میں پھیل گیا۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ بھارتی عوام نے کالے قانون کو یکسر مسترد کردیا ہے، نام نہاد سیکولر بھارت کا سیاہ چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہوچکا۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے 2 قومی نظریے کو تقویت ملی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ مسلمانوں کے خلاف مودی سرکار کا بغض کھل کر سامنے آگیا، بھارتی حکومت متنازعہ قانون سے اپنی عوام کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔

  • آج کی جدوجہد اور مزاحمت کل آزادی لائے گی: علی گیلانی

    آج کی جدوجہد اور مزاحمت کل آزادی لائے گی: علی گیلانی

    سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے سربراہ سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ آج کی جدوجہد اور مزاحمت کل جموں و کشمیر میں آزادی لائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق بزرگ حریت رہنما علی گیلانی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی حیثیت قابض اور جارح کی ہے، اقوام متحدہ کی قراردادیں اس بات کا ثبوت ہیں، آج کی جدوجہد اور مزاحمت کل آزادی لائے گی۔

    سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کشمیر کی سیکڑوں ایکڑ زمین پر قبضہ کر چکی ہے، بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد جاری رہے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر میں غاصبانہ فوجی محاصرہ

    خیال رہے کہ آج مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن اور پابندیوں کا 141 واں دن ہے، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسلسل محاصرے سے کشمیری بنیادی ضروریات کی اشیا سے محروم ہیں، مقبوضہ وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی بدستور بند ہے جب کہ کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے بند اور ٹرانسپورٹ معطل ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چند دن قبل حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق اور سید علی گیلانی کو 21 سال پرانے جعلی مقدمے میں طلب کیا گیا، میر واعظ اور علی گیلانی کو مسلسل نظر بند رکھا جا رہا ہے جب کہ یاسین ملک قید ہیں۔

    بھارتی فورسز کی جانب سے مختلف علاقوں میں نام نہاد سرچ آپریشن اور محاصرے کے دوران کشمیریوں کے قتل عام کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

  • مودی کا ہندوتوا ایجنڈا خطے کے لیے خطرناک ہے، غلام سرور خان

    مودی کا ہندوتوا ایجنڈا خطے کے لیے خطرناک ہے، غلام سرور خان

    اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ مودی کا ہندوتواایجنڈا خطے کے لیے خطرناک ہے، پوری دنیا میں بھارت کا نام نہاد سیکولر چہرہ بے نقاب ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ کشمیر میں لگائی گئی آگ سے بھارت خود بھسم ہو جائے گا، ہندواتا ایجنڈے نے خطے کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گجرات کے قصائی کے کھیل نے پورے بھارت میں آگ لگا دی، مودی اور آر ایس ایس کے نظریے سے دنیا بھی واقف ہو چکی، پوری دنیا میں بھارت کا نام نہاد سیکولر چہرہ بے نقاب ہوا ہے۔

    غلام سرور خان نے کہا کہ ہندواتا ایجنڈے نے خطے کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے، جو کچھ کشمیریوں کے ساتھ ہو رہا ہےعالمی ضمیرکو انگڑائی لینی چاہیے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ خدشہ ہے تاریخ کے طویل ترین کرفیو سے نیا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے، کشمیری استقامت کے ساتھ مودی ہتھکنڈوں کے سامنے ڈٹے کھڑے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیر سے آسام تک اب بھارتی مظالم کا پردہ چاک ہو رہا ہے، مودی ایجنڈے سے حالیہ قانون سازی سےعالمی برادری متحرک ہوئی ہے۔

  • شہدا کا خون ضرور رنگ لائے گا، کشمیریوں کو آزادی مل کر رہے گی، سراج الحق

    شہدا کا خون ضرور رنگ لائے گا، کشمیریوں کو آزادی مل کر رہے گی، سراج الحق

    اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ شہدا کا خون ضرور رنگ لائے گا، کشمیریوں کو آزادی مل کر رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
    لاکھوں کا اجتماع آج کشمیریوں کی حمایت میں اسلام آباد میں کھڑا ہے۔

    سراج الحق نے کہا کہ پاکستانی عوام نے کشمیرمارچ میں شرکت کر کے مودی کو پیغام دیا، کشمیری شہدا کو خراج عقید ت، بینائی سے محروم کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بھارتی جبر کے باوجود حریت قیادت کی زبان پر پیغام ہوتا ہے ہم پاکستانی ہیں، کشمیریوں آپ ہمارے اور ہم تمہارے ہیں، کوئی طاقت ہمیں جدا نہیں کرسکتی، کشمیر میں ایک قیامت گزر گئی ، ہر گلی و کوچہ ایک کربلا بن گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی جبر کے شکار آج 18 ہزارکشمیری نوجوان گرفتار ہیں، مقبوضہ وادی میں 14 ہزار کشمیری خواتین کی عصمت دری کی گئی۔

    امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ شہدا کا خون ضرور رنگ لائے گا، کشمیریوں کو آزادی مل کر رہے گی۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن کو 140 دن ہوگئے، مظلوم کشمیری اپنے گھروں میں محصور ہیں، اشیائے خورونوش کی شدید قلت کا سامنا ہے، وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز مسلسل معطل جا رہی ہیں، جبکہ قابض فورسز کا گھر گھر چھاپے مارنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں غاصبانہ فوجی محاصرے کو 140 دن ہو گئے

    مقبوضہ کشمیر میں غاصبانہ فوجی محاصرے کو 140 دن ہو گئے

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ فوجی محاصرے کا آج 140 واں روز ہے، وادی میں لاک ڈاؤن کے تسلسل میں کوئی تعطل نہیں آیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن کو 140 دن ہو گئے، مظلوم کشمیری اپنے گھروں میں محصور ہیں، اشیاے خورونوش کی شدید قلت کا سامنا ہے، وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز مسلسل معطل جا رہی ہیں، جب کہ قابض فورسز کا گھر گھر چھاپے مارنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گزشتہ روز حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق اور سید علی گیلانی کو 21 سال پرانے جعلی مقدمے میں طلب کیا گیا، میر واعظ اور علی گیلانی کو مسلسل نظر بند رکھا جا رہا ہے جب کہ یاسین ملک قید ہیں۔

    تازہ ترین:  بھارت میں مقبوضہ کشمیر جیسی پابندیاں لگ گئیں، 26 ہلاک، 700 گرفتار

    مقبوضہ وادی میں کاروبار اور تعلیمی ادارے بند پڑے ہوئے ہیں، ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی معطل ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی میں شدید پریشانی اٹھانی پڑ رہی ہے۔ کے ایم ایس کے مطابق بھارتی دہشت گردی سے کشمیری معیشت کو 1 کھرب روپے سے زیادہ کا نقصان پہنچ چکا ہے، کشمیری شدید سردی میں غذائی اشیا اور دواؤں کی قلت کے شکار ہیں، بھارتی فورسزکی زیادتیوں کے خلاف کشمیری صحافی بھی سراپا احتجاج بن چکے ہیں۔

    بھارتی فورسز مختلف علاقوں میں نام نہاد سرچ آپریشن کر کے محاصرے کے دوران کشمیریوں کا قتل عام کر رہی ہیں، دو دن قبل بھارتی فوج کی فائرنگ سے راجوڑی میں 3 کشمیری نوجوان شہید ہو گئے تھے، شہید نوجوانوں کے جنازے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

    نظر بند کشمیری رہنما میر واعظ عمر فاروق نے مطالبہ کیا ہے کہ نظر بند اور قید کشمیریوں کی فوری رہا کیا جائے۔ بزرگ حریت رہنما علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت کے آخری سپاہی کی واپسی تک کشمیریوں کی جدوجہد جاری رہے گی، یقین ہے آزادی کی جدوجہد کام یاب ہوگی ہے اور بھارت کو شکست کا منھ دیکھنا پڑے گا۔

  • بھارت میں مقبوضہ کشمیر جیسی پابندیاں لگ گئیں، 26 ہلاک، 700 گرفتار

    بھارت میں مقبوضہ کشمیر جیسی پابندیاں لگ گئیں، 26 ہلاک، 700 گرفتار

    نئی دہلی: مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر جیسی پابندیاں اب بھارت میں بھی لگانا شروع کردی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مودی سرکار کے خلاف آواز اٹھانے والوں پر پابندیوں کا سلسلہ دراز ہونے لگا ہے، بھارتی شہر جے پور میں مظاہرین سے نمٹنے کے لیے فوج تعینات کر دی گئی ہے۔

    مودی سرکارنے ریاست جے پور میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی ہے، میٹرو ٹرین سروس بھی بند کرا دی گئی۔

    دوسری طرف آر ایس ایس کا ایجنڈا بھارت میں آگ لگانے لگا ہے، شہریت کے متنازع قانون کے خلاف ہنگاموں پر کریک ڈاؤن شروع ہو گیا ہے۔ پولیس کی فائرنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 26 ہو گئی، مودی سرکار نے کئی مسلم علاقوں کو مقبوضہ کشمیر بنا دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت میں احتجاج اب ایک بڑی تحریک بن چکا ہے: عمران خان

    مظاہروں پر کریک ڈاؤن کے دوران 700 افراد گرفتار کر لیے گئے، متعدد شہروں میں کالج ،اسکول اور انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی ہے، مظاہرین سے نمٹنے کے لیے فوج بھی تعینات کر دی گئی، حیدر آباد دکن میں تاریخی جلسہ کیا گیا، کانگریس نے حکومت کے خلاف پیر کو دھرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سمبھل، بجنور، کانپور، مظفر گڑھ، رامپور اور لکھنؤ میں بھی پولیس گردی کے نتیجے میں اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق لکھنؤ میں انٹرنیٹ پیر تک معطل رہے گا۔

    ادھر جے پور کے ایم ایس سی میں راجھستان یونی ورسٹی سے گولڈ میڈلسٹ آننت مشرا کو کانووکیشن تقریب میں کالج اسٹوڈنٹس پر پولیس کریک ڈاؤن کے خلاف احتجاج کے طور پر بازو پر سیاہ پٹی باندھنے کے ’جرم‘ میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ بھارت میں مسلم مخالف متنازع قانون کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، اترپردیش میں پولیس گردی کے نتیجے میں گزشتہ روز 9 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جس کے بعد اترپردیش میں ہلاک مظاہرین کی تعداد 11 ہوگئی تھی۔