Tag: مقبوضہ کشمیر

  • مقبوضہ کشمیر : آزادی کے حق میں مظاہرہ، عمران خان کے حق میں نعرے

    مقبوضہ کشمیر : آزادی کے حق میں مظاہرہ، عمران خان کے حق میں نعرے

    سرینگر : مقبوضہ کشمیر میں68 روز سے جاری کرفیو کے باوجود کشمیریوں نے احتجاج کیا اور نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر نکل آئے، فضا آزادی کے نعروں سے گونج اٹھی، کشمیریوں نے حمایت کرنے پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں کرفیوکا آج 68 واں دن ہے، مسلسل کرفیو کے باعث مختلف علاقوں میں کھانے پینے کی اشیا اور دواؤں کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

    مقبوضہ وادی میں کشیدگی برقرار ہے، بھارت مخالف مظاہرے روکنے کیلئے انتظامیہ نے ہندواڑہ، کپواڑہ،سوپور سمیت متعدد علاقوں میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کرفیو کے باوجود کشمیریوں نے احتجاج کیا اور نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر نکل آئے اور بھارتی فوج کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے وزیر اعظم کی حمایت میں نعرے لگائے اورکشمیریوں نے حمایت کرنے پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

    اس موقع پر فضا کشمیر بنے گ اپاکستان کے نعروں سے گونج اٹھی، اس کے علاوہ پلوامہ، شوپیاں، بڈگام، گاندر بل اور دیگر مقامات پر کشمیریوں نے احتجاج کیا۔

    کئی مقامات پر کشمیریوں اور قابض بھارتی فورسز میں چھڑپیں ہوئیں ،قابض بھارتی فورسز نے کشمیریوں پر فائرنگ کی جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

  • کشمیریوں کی جدوجہد نے ان سے موت کا خوف ختم کردیا ہے: وزیر اعظم

    کشمیریوں کی جدوجہد نے ان سے موت کا خوف ختم کردیا ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کشمیر کے لوگوں کو پیغام دینا ہے پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے، کشمیریوں کی جدوجہد نے ان سے موت کا خوف ختم کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنانے کی تقریب ہوئی۔ تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی شریک ہوئے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم سب کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے جمع ہیں، کشمیر کے لوگوں کو پیغام دینا ہے پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستانی قوم ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

    انہوں نے کہا کہ 80 لاکھ انسانوں کو ہندوستان کی فوج نے کرفیو میں بند کر رکھا ہے، عالمی میڈیا ہانگ کانگ کے احتجاج کو تو ہیڈ لائن بنا رہا ہے، لیکن کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کر رہا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے 2 ماہ سے کرفیو لگا کر رکھا ہے، کشمیری خواتین، بچے، بوڑھے سب گھروں میں بند ہیں۔ عالمی برادری نے جو حق خود ارادیت دی تھی وہ کشمیری مانگ رہے ہیں، عالمی میڈیا 2، 3 افراد زخمی ہونے پر ہانگ کانگ کی ہیڈ لائن چلاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیر میں اتنا بڑا ظلم ہو رہا ہے اور عالمی میڈیا اس کی اتنی کم کوریج کر رہا ہے، کوشش انسان کرتا ہے اور کامیابی اللہ دیتا ہے۔ کشمیر کے لوگوں کے لیے بھرپور کوشش کرتے رہیں گے۔ کشمیر کے لوگوں کو بتائیں گے کہ پاکستانی قوم ساتھ کھڑی ہے۔ کشمیریوں کو حقوق دلانے کے لیے ہماری تحریک سمندر بن جائے گی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر کے مسئلے پر دنیا کے لیڈرز کو خود میں نے سمجھایا ہے، کشمیریوں پر کانگریس سینیٹرز کے ایسے بیان ماضی میں کبھی نہیں آئے، نریندر مودی نے اتنی بڑی غلطی کر کے اپنا آخری پتہ کھیل دیا ہے۔ بھارت نے اپنا آئین غیر قانونی طور پر بدلا ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد نے ان سے موت کا خوف ختم کردیا ہے۔

    انہوں نےمزید کہا کہ جیسے ہی کرفیو اٹھے گا لاکھوں کشمیری سڑکوں پر نکلیں گے، مجھے جو راستہ نظر آرہا ہے وہ کشمیر کی آزادی کا راستہ ہے۔

  • چین نے کشمیر کو متنازع مقدمہ قرار دے کربھارتی مؤقف مسترد کردیا، فردوس عاشق اعوان

    چین نے کشمیر کو متنازع مقدمہ قرار دے کربھارتی مؤقف مسترد کردیا، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چین نے کشمیرکو متنازع مقدمہ قرار دے کر بھارتی مؤقف مسترد کر دیا، مظلوم کشمیریوں کی حمایت پر چینی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ سلامتی کونسل کے مستقل رکن کا اصولی مؤقف کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار ہے، یہ آئرن برادرزکی عظیم دوستی کا مظہر ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چین نے کشمیرکو متنازع مقدمہ قرار دے کر بھارتی مؤقف مسترد کردیا، مظلوم کشمیریوں کی حمایت پر چینی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیرمیں کرفیو کو 2 ماہ سے زائدعرصہ ہوگیا، وادی جنت نظیرجیل میں تبدیل ہوگئی ہے، کشمیریوں کا کاروبار زندگی مفلوج ہے، بھارتی افواج انسانیت کی تذلیل کر رہی ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان آج کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لیے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائیں گے۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اُجاگر کرنے کے لیے آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔

    انسانی ہاتھوں کی زنجیر آج سہ پہر ساڑھے تین بجے کنونشن سینٹر سے ڈی چوک تک بنائی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان ڈی چوک میں شرکاء سے خطاب کریں گے۔

  • امریکی سینیٹرمیگی حسن کا مقبوضہ کشمیرکی صورت حال پرتشویش کا اظہار

    امریکی سینیٹرمیگی حسن کا مقبوضہ کشمیرکی صورت حال پرتشویش کا اظہار

    نیویارک: امریکی سینیٹر میگی حسن نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکام سے کشیدہ صورت حال پر بات کروں گی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سینیٹر میگی حسن نے کہا کہ دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقات میں خطے میں استحکام، انسداد دہشت گردی پرتبادلہ خیال کیا۔

    میگی حسن نے کہا کہ کشیدہ صورت حال کے پیش نظر آزاد کشمیرکا دورہ کیا، دونوں جانب کشیدگی ختم کرنے کے لیے نکلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بعد بھارت جا رہی ہوں۔

    امریکی سینیٹر میگی حسن نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکام سے کشیدہ صورت حال پر بات کروں گی۔

    امریکی کانگریس کے وفد کا آزاد کشمیر کا دورہ

    اس سے قبل 6 اکتوبر کو امریکی کانگریس کے وفد نے آزاد کشمیر کے دورے میں صدر سردار مسعود خان اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سے ملاقاتیں کیں تھی، امریکی سینیٹرز کے وفد میں سینیٹر کرس وان اور میگی حسن شامل تھے۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی سینیٹرز نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھاکہ مقبوضہ کشمیر سے فوری کرفیو ختم کرکرے زیرحراست افراد کو رہا کیا جائے۔

    یاد رہے کہ بھارت نے امریکی سینیٹر کرس وان کو مقبوضہ کشمیر کے دورے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔

  • مقبوضہ کشمیرمیں کرفیوکا 68 واں روز، نظام زندگی مفلوج

    مقبوضہ کشمیرمیں کرفیوکا 68 واں روز، نظام زندگی مفلوج

    سری نگر: آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 68 واں روز ہے، وادی میں اسکول کالج تجارتی مراکز بند ہیں، مقبوضہ وادی میں نظام زندگی مفلوج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فاشسٹ مودی حکومت نے جنت نظیر وادی کشمیر کو جیل میں بدل دیا ہے، کشمیریوں کی زندگی بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے، بزدل قابض فوج نے کشمیریوں کو 68 روز سے گھروں میں بند کررکھا ہے۔

    مقبوضہ وادی میں اسکول، کالج، تجارتی مراکز بند، ٹرانسپورٹ سروس معطل ہے، نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے، لاکھوں کشمیری گھروں میں محصور ہیں۔

    غدا کی قلت، بھوک سے بلکتے بچوں اور مریضوں کی اکھڑتی سانسوں سے مجبور کشمیری باہر نکلیں تو ان پر پیلٹ گنز کا استعمال کیا جاتا ہے جس سے کشمیری نوجوان بینائی سے محروم ہو رہے ہیں۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری رہنماؤں، نوجوانوں سمیت بچے بھی جیلوں میں قید ہیں، 2 ماہ سے کشمیریوں کو نمازجمعہ مساجد میں ادا کرنے نہیں د ی جا رہی۔

    مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت کی جانب سے بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف نماز جمعہ کے بعد احتجاج کی کال دی گئی ہے۔

    حیران ہوں عالمی میڈیا ہانگ کانگ احتجاج کی کوریج کر رہا ہے کشمیرکی نہیں، عمران خان

    دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ حیران ہوں عالمی میڈیا ہانگ کانگ احتجاج کی کوریج کر رہا ہے کشمیرکی نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 2 ماہ سے کشمیرمیں مواصلاتی نظام کا مکمل بلیک آؤٹ ہے، کشمیری رہنماؤں ، بچوں سمیت ہزاروں کشمیری جیلوں میں ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی کے اجلاس میں ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں رات میں چھاپوں کے دوران بڑی تعداد میں بچوں کو اٹھایا جا رہا ہے.

    ملیحہ لودھی نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بند کیے گئے مواصلاتی نظام کی قیمت بیماروں کو کس طرح ادا کرنا پڑ رہی ہے۔

  • کشمیر میں لاکھوں لوگ محصور ہیں، کھلی جیل میں بند ہیں: دفتر خارجہ

    کشمیر میں لاکھوں لوگ محصور ہیں، کھلی جیل میں بند ہیں: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کے مسئلے کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔ لاکھوں لوگ محصور ہیں، کھلی جیل میں بند ہیں۔ امریکی سینیٹرز کی آمد اور کشمیر کا دورہ خوش آئند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 66 روز ہو چکے ہیں، لوگ بدستور بھارتی بربریت کے باعث مسائل کا شکار ہیں۔ کشمیری عوام دواؤں، علاج، خوراک اور رابطوں سے محروم ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت سے مقبوضہ کشمیر میں بڑا انسانی بحران ہے، 3 امریکی صدارتی امیدوار بھی بھارتی اقدام کی مذمت کر چکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر سطح پر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اٹھا رہا ہے، کشمیریوں کے مسئلے کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔ لاکھوں لوگ محصور ہیں، کھلی جیل میں بند ہیں۔ امریکی سینیٹرز کی آمد اور کشمیر کا دورہ خوش آئند ہے، توقع ہے اقدامات سے کشمیر کی صورتحال سب کے سامنے آچکی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کرتار پور راہداری افتتاحی تقریب کے لیے من موہن سنگھ کو دعوت دے دی، سابق بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کو باضابطہ دعوت نامہ بھیجا۔ کرتار پور راہداری پر ترقیاتی کام وقت پر مکمل ہوجائے گا۔ توقع ہے کرتار پور راہداری پر شیڈول کے مطابق امور طے ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے چین کا سرکاری دورہ کیا ہے، دورہ چین کے دوران باہمی اور علاقائی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ وزیر اعظم کی چینی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں، ہر شعبے میں تعاون کو بڑھانے پر اتفاق رائے کیا گیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ چینی صدر نے کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت کی، چینی صدر نے کشمیر معاملے کو نامکمل ایجنڈا قرار دیا۔

    انہوں نے کہا کہ سی پیک اتھارٹی بنائی تاکہ دوسرا مرحلہ تیزی سے آگے بڑھے، سی پیک کے اثرات ہر جگہ پہنچنے کے لیے اقدامات اٹھائے گئے۔ سارک کانفرنس کے معاملات آگے بڑھ سکتے ہیں، سارک کانفرنس کے انعقاد میں بھارت کی رکاوٹ ختم ہوگئی۔ سارک کانفرنس کے جلد انعقاد پر آگاہ کیا جائے گا۔

    اپنی بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے دورہ ایران اور سعودی عرب کے امکانات ہیں، وزیر اعظم کے دوروں سے متعلق جلد پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا۔ سری لنکا کے لیے پاکستانی ہائی کمیشن کی تعیناتی طریقہ کار کے مطابق ہوتی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی اور اسلحے کی دوڑ پر پاکستان کا مؤقف واضح ہے، پاکستان ایسی کسی بھی دوڑ میں شامل نہیں۔ کوئی رافیل رکھے یا کچھ اور، پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔

  • بھارتی فورسز پیلٹ گنز سے کشمیری نوجوانوں کو نابینا کر رہی ہیں، شیریں مزاری

    بھارتی فورسز پیلٹ گنز سے کشمیری نوجوانوں کو نابینا کر رہی ہیں، شیریں مزاری

    اسلام آباد: وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ افسوس کشمیری بچوں پربھارتی مظالم پر دنیا کو کوئی تشویش نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر شیریں مزاری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 2014 میں دنیا کو بی جے پی نسل کشی ایجنڈے سے خبردار کیا گیا۔

    شیریں مزاری نے کہا کہ بی جے پی ایجنڈے کو انتہا پسندوں کی ہرزہ سرائی سمجھ کرنظرانداز کیا، یہی انتہاپسند اقتدارمیں ہیں اورفاشسٹ ایجنڈا آگے بڑھا رہے ہیں، بی جے پی کے انتہاپسندوں کی انگلی نیوکلیئربٹن پر ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ افسوس کشمیری بچوں پربھارتی مظالم پردنیا کو کوئی تشویش نہیں ہے، بھارتی فورسزپیلٹ گنزسے کشمیری نوجوانوں کونابینا کر رہی ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری بچوں کو بھارتی جیلوں میں قید کیا جا رہا ہے، کشمیری بچوں پرمظالم پرمحدود تشویش ناقابل قبول ہے۔

    مقبوضہ کشمیرمیں کرفیو کا 67 واں روز

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 67ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

  • مقبوضہ کشمیرمیں کرفیو کا 67 واں روز

    مقبوضہ کشمیرمیں کرفیو کا 67 واں روز

    سری نگر: بھارتی حکومت کی جانب سے آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 67ویں روز بھی کرفیو جاری ہے، موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 67ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی میں کرفیو کے باعث 3 ہزار 9 سو کروڑ کا نقصان ہو چکا ہے، وادی میں کھانا میسر ہے اور نہ ہی دوائیں۔ سری نگر اسپتال انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے باعث روزانہ 6 مریض لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔

    یاد رہے کہ پانچ اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کردیا تھا۔

    راجیہ سبھا میں بل کے حق میں 125 جبکہ مخالفت میں 61 ووٹ آئے تھے، بھارت نے 6 اگست کو لوک سبھا سے بھی دونوں بل بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کرالیے تھے۔

  • مسئلہ کشمیر پر چین نے پاکستان کے دو ٹوک مؤقف کی کھل کر حمایت کر دی

    مسئلہ کشمیر پر چین نے پاکستان کے دو ٹوک مؤقف کی کھل کر حمایت کر دی

    بیجنگ: مسئلہ کشمیر پر چین نے پاکستان کے دو ٹوک مؤقف کی کھل کر حمایت کر دی ہے، چینی قیادت کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر تاریخ کا ادھورا چھوڑا ہوا تنازع ہے، اسے یو این چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کا دورۂ چین اختتام کو پہنچ گیا ہے، وزیر اعظم واپس ملک کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے کہا مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران جنم لے رہا ہے، بھارت فوری کرفیو اٹھائے۔

    چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین کی حالات پر گہری نظر ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال مزید پیچیدہ بنانے والے یک طرفہ اقدامات قبول نہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں چینی صدر نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

    چین نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی، پاک چین قیادت اس بات پر متفق تھی کہ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں، چین نے کہا دنیا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات تسلیم کرے۔

    پاکستان اور چین نے سی پیک کی جلد سے جلد تکمیل کے عزم کا بھی اعادہ کیا، چین نے اس حوالے سے کہا کہ سی پیک سے پاکستان میں صنعتی اور معاشی ترقی ہوگی، گوادر پورٹ بہتر سہولتوں کے بعد جلد خطے کا تجارتی مرکز بنے گا۔

    دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے مفادات پر مکمل تعاون کا عزم بھی کیا،وزیر اعظم عمران خان چین کا دورہ مکمل کر کے وطن روانہ ہو گئے ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہیں، چین

    مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہیں، چین

    بیجنگ : چین نے بھارت اور پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں ممالک مسئلہ کشمیر مذاکرات کے ذریعے برابری کی بنیاد پر حل کریں، ہم وادی کی صورتحال پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔

    ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے متعلق پاک چین مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چین مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہے، فریقین ہاہمی تنازعات برابری کی بنیاد پر مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔

    اعلامیہ کے مطابق پاکستانی قیادت نے چینی قیادت کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا، مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف اور تحفظات سے بھی آگاہ کیا، چین مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہے۔

    اعلامیہ کے مطابق چین کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر تاریخ کا ادھورا چھوڑا ہوا تنازع ہے، مسئلہ کشمیر یو این چارٹر کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

    چین کشمیر کی صورتحال مزید پیچیدہ بنانے والے یکطرفہ اقدام کی سخت مخالفت کرتا ہے، پرامن، مستحکم، معاون اور خوشحال جنوبی ایشیا فریقین کے مفاد میں ہے۔

    اعلامیہ میں واضح طور پر کاہ گیا ہے کہ فریقین ہاہمی تنازعات برابری کی بنیاد پر مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو حل کریں۔

    وزیراعظم کے دورہ چین سے متعلق مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے چینی ہم منصب کی دعوت پرچین کا دورہ کیا،

    وزیر اعظم عمران خان کی چینی صدر، وزیراعظم اور چیئرمین نیشنل پیپلز کانگریس کے علاوہ چینی سرمایہ کاروں اورکاروباری افراد سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا، اس کے علاوہ وزیراعظم نے ہارٹیکلچر نمائش کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، انہوں نے چین کی قیادت کو70 ویں سالگرہ کی بھی مبارکباد دی۔

    مشترکہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے چین کی معاشی ترقی کو رول ماڈل قرار دیا، دونوں ممالک کی تعاون کمیٹی کا نواں اجلاس نومبر میں اسلام آباد میں ہو گا، جس میں دونوں ممالک کے جاری منصوبوں پر تیزی سےعملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔

    اعلامیہ کے مطابق ایم ایل ون مختلف شعبوں میں تعاون کےنئے طریقےتلاش کئے جائیں گے، دونوں فریقین نے اسپیشل اکنامک زونز کے فوری قیام کی ضرورت پر زور دیا، اکنامک زونز کے قیام سے سرمایہ کاری اور صنعتی شعبے کو وسعت ملے گی، بجلی، پیٹرولیم، گیس، زراعت اور صنعتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ منصوبوں کی منظوری مشترکہ کوآرڈینیشن کمیٹی اورورکنگ گروپس دیں گے، تجارت، سرمایہ کاری، معیشت اور سیکیورٹی میں تعلقات مضبوط کرنے کا عزم کیا گیا، زراعت، سماجی ترقی، عوامی رابطوں کے فروغ اور ثقافتی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

    مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین تعلیمی روابط مستحکم ہورہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی طلبہ کو چین میں مواقع دینے پرچینی قیادت سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے طلبہ آپس میں تاریخی روابط کو مزید بہتر کرنے میں کردار ادا کریں گے۔

    عمران خان نے معاشی ترقی کے لئے چین کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا، فریقیین کی ملاقات میں چین پاکستان آزاد تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر جلد عمل پر اتفاق کیا گیا ہے، تجارتی معاہدہ دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کا باعث بنے گا۔

    مشترکہ اعلامیہ کے مطابق فریقین نے پاک چین مشترکہ اقتصادی و تجارتی کمیشن سے فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیا، اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین نے اس بات ہر اتفاق کیا ہے کہ افغانستان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، افغانستان میں امن خطے کی سلامتی کے لیے ضروری ہے، رہنماؤں نے پاک چین افغان وزرائے خارجہ مذاکرات کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    چین کی جانب سے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردارکی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا کہ افغان قیادت اور خواہش کے مطابق امن عمل سے امن واستحکام آئیگا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی اور چینی قیاقدت نے ہر قسم کی دہشت گردی کےخلاف جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا ظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں عالمی تعاون پر زور دیا۔

    اس کے علاوہ چین نے نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد پر پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا دہشت گردی کیخلاف پاکستان کے کیے گئے اقدامات اور کوششوں کو تسلیم کرے۔

    اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے رابطوں اور مشاورت کو مزید  مضبوط بنانے پر اتفاق کیا اور اقوام متحدہ چارٹر کے اصولوں کی پاسداری پر بھی اتفاق کیا۔

    اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم اور چینی ہم منصب کی موجودگی میں متعدد ایم او یوز پر دستخط کیے گئے، بعد ازاں  وزیراعظم عمران خان نے اپنے شاندار استقبال پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا، وزیراعظم عمران خان نے چینی قیادت کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی، دونوں ممالک نے پاک چین تعلقات میں مضبوطی کے نئے دور کے آغاز پر اتفاق کیا۔

    مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاک چین لازوال دوستی کا رشتہ عوام کے وسیع مفادات کا امین ہے، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاکستان میں صنعتی اور معاشی ترقی کا آغاز ہوگا، گوادر پورٹ بہتر سہولتوں کے بعد جلد خطے کا تجارتی مرکز بنے گا، دونوں ممالک نے سی پیک کی جلد سےجلد تکمیل کا اعادہ کیا، چین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کے دوران ان کی چینی صدر شی جن پنگ ملاقات ہوئی تھی۔ ملاقات کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا۔

    ملاقات میں چینی صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات سے پاکستان مستحکم معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

    چینی صدر نے پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ دونوں رہنماؤں نے افغان مسئلے کے پر امن حل پر اتفاق کیا۔