Tag: مقدمات

  • شوگر اسکینڈل، فوجداری قوانین کے تحت مقدمات درج ہوں گے، شہزاد اکبر

    شوگر اسکینڈل، فوجداری قوانین کے تحت مقدمات درج ہوں گے، شہزاد اکبر

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شوگر اسکینڈل میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری قوانین کے تحت مقدمات درج ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وزیراعظم نے شوگر کمیشن کی سفارشات کی منظوری دے دی۔

    شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ شوگر اسکینڈل میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری قوانین کے تحت مقدمات درج ہوں گے۔

    پریس کانفرنس کے دوران معاون خصوصی نے بتایا کہ چینی کے معاملے پر 5 سال میں 29 ارب کی سبسڈی سامنے آئی اور فرانزک میں ثابت ہوا کہ گنے کے کاشت کار کو کم قیمت دی جاتی ہے۔

    شہزاد اکبر نے بتایا کہ شوگر کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں اب ریکوری کا کام ہوگا، کچھ معاملات ایس ای سی پی اور ایف بی آر کو بھیجے ہیں،نیب اور ایف آئی اے بھی معاملات دیکھیں گے۔

    معاون خصوصی برائے احتساب کا کہنا تھا کہ شوگرکمیشن کی سفارشات کی روشنی میں ایکشن پلان تیار کیا گیا،پانچ سال میں دی گئی سبسڈی قواعدوضوابط سے ہٹ کر ہے،سبسڈی کی مد میں لاقانونیت کا جائزہ نیب لے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ چینی کی قیمتوں کے تعین کے لیے حماد اظہر کی سربراہی میں کمیٹی کام کرےگی،کمیشن کی تعین کردہ قیمت اور چینی کی موجودہ قیمت میں بہت فرق ہے۔

    شہزاد اکبر کا مزید کہنا تھا کہ چینی کمیشن کے معاملے پر وزیراعظم پاکستان کو دھمکی دی گئی،کس طرح دھمکیاں دی گئیں،عدالت نے کہا تو سب سامنے لائیں گے۔

    دوسری جانب چینی کی قیمتوں میں اضافے پر جہانگیر ترین سمیت شوگر ملز ایسوسی ایشن نے انکوائری کمیشن کی رپورٹ کو اسلام آبادہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے رپورٹ کو کالعدم قرار دینے اور حکومت کو ممکنہ کارروائی سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔

  • سعودی عرب: خواتین کے مقدمات کے لیے پبلک پراسیکیوشن میں خواتین تعینات

    سعودی عرب: خواتین کے مقدمات کے لیے پبلک پراسیکیوشن میں خواتین تعینات

    ریاض: سعودی عرب میں پبلک پراسیکیوشن کے محکمے میں 53 خواتین کو تعینات کردیا گیا، یہ خواتین، خواتین سے تعلق رکھنے والے تنازعات اور مقدمات میں تحقیق و تفتیش کا کام کریں گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی پبلک پراسیکیوشن کے ترجمان ڈاکٹر ماجد الدسیمانی نے بتایا ہے کہ شاہی فرمان پر 53 خواتین کو لیفٹیننٹ کے عہدے پر پبلک پراسیکیوشن کے محکمے میں تعینات کیا گیا ہے۔

    الدسیمانی نے بتایا کہ پہلی بار پبلک پراسیکیوشن میں اتنی تعداد میں خواتین کی تقرری کے حوالے سے مقامی شہری سوالات کر رہے ہیں کہ اتنی تعداد میں خواتین کی تقرری کیوں کی گئی ہے۔

    ان کے مطابق یہ خواتین ملک کے مختلف علاقوں میں پبلک پراسیکیوشن کی شاخوں میں اپنے فرائض انجام دیں گی اور یہ خواتین سے تعلق رکھنے والے تنازعات اور مقدمات میں تحقیق و تفتیش کا کام کریں گی۔

    ترجمان کے مطابق پبلک پراسیکیوشن کے رکن کے طور پر خواتین کی تقرری کا فیصلہ سعودی وژن 2030 کے اہم نصب العین کی تکمیل کے لیے ہوا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس وژن کے تحت سعودی خواتین کو اپنے قدموں پر کھڑا کیا جائے گا، ان کی سرگرمیوں کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور انہیں ملک کی تعمیر و ترقی میں مردوں کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کرنے کے مواقع مہیا کیے جائیں گے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پبلک پراسیکیوشن کی نئی رکن خواتین کو تقرری سے قبل تربیتی کورس کروائے گئے ہیں۔

  • پاکستان میں قائم 465 ماڈل کورٹس نے اہم سنگ میل عبور کر لیا

    پاکستان میں قائم 465 ماڈل کورٹس نے اہم سنگ میل عبور کر لیا

    اسلام آباد: مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کے لیے پاکستان میں قائم 465 ماڈل کورٹس نے اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے، ڈی جی ماڈل کورٹس سہیل ناصر کا کہنا ہے کہ 167 دنوں میں عدالتوں میں 50 ہزار 743 مقدمات کا فیصلہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں قائم تیز ترین ماڈل عدالتوں نے صرف 167 دنوں میں پچاس ہزار سے زائد مقدمات نمٹا کر اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

    چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ نے ماڈل کورٹس کے ججوں اور مجسٹریٹس کو سنگ میل عبور کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے انھیں جوڈیشل ہیروز کا خطاب دیا۔

    ماڈل کورٹس آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل سہیل ناصر نے کہا ہے کہ اب تک جتنے مقدمات نمٹائے گئے ہیں ان میں قتل کے 7 ہزار 356، منشیات کے 12 ہزار 168 اور فوجداری 13 ہزار 571 مقدمات شامل ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ مقدمات کی سماعت کے دوران ایک لاکھ 24 ہزار 669 گواہان کے بیان قلم بند کیے گئے، 11 ہزار 330 دیوانی اپیلیں، 5560 فیملی، 785 کرایہ داری اپیلوں کا فیصلہ کیا گیا۔

    ڈی جی کا کہنا تھا ماڈل عدالتوں کی یہ کام یابی ججوں، وکلا، پولیس، پراسیکیوشن، محکمہ صحت اور دیگر اداروں کے تعاون کا نتیجہ ہے۔

    خیال رہے کہ رواں سال مارچ میں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ مقدمات ایک سے دوسری نسل تک چلنے کی کہانی اب ختم کر دی جائے گی، اور فوری انصاف کی فراہمی کے لیے ملک بھر میں ماڈل عدالتیں بنیں گی، اور ان ماڈل کورٹس میں کارروائی روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔

  • سعودی عرب: داعش سے روابط اور دہشت گردی کا الزام، 45 افراد کے خلاف مقدمات کی سماعت

    سعودی عرب: داعش سے روابط اور دہشت گردی کا الزام، 45 افراد کے خلاف مقدمات کی سماعت

    ریاض: سعودی عرب میں داعش سے روابط اور ملک میں دہشت گردی کے الزام میں گرفتار 45 افراد کے خلاف مقدمات کی سماعت کا آغاز ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک خصوصی فوجداری عدالت میں 45 افراد پر مشتمل گروہ کے خلاف مقدمات کی سماعت کا آغاز ہوگیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ان افراد پر داعش کی حمایت اور ملک میں مختلف دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہونے کے بھی الزامات ہیں، جن میں سیکیورٹی فورسز پر حملے بھی شامل ہیں۔

    عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ملزمان نجران میں مسجد المشہد اور الاحساء میں واقع مسجد الرضا میں بم دھماکے کیے تھے۔ اس کے علاوہ عرعر میں سکیورٹی فورسز کی ایک گشتی پارٹی پر حملہ کیا تھا۔

    خیال رہے کہ امریکا، یورپ سمیت سعودی عرب کو بھی داعش سے خطرات ہیں، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ شام میں فوجی اتحاد نے شدت پسندوں کو شکست دے دی ہے۔

    سعودی عرب: سیکیورٹی چیک پوائنٹ پر حملہ، ذمہ داری داعش نے قبول کرلی

    گزشتہ سال اگست میں سعودی عرب نے داعش تنظیم کے خلاف برسرپیکار اتحاد کے لیے 10 کروڑ ڈالر عطیہ کیے تھے تاکہ شمال مشرق میں داعش سے آزاد کرائے جانے والے علاقوں میں اس دہشت گرد تنظیم کی منصوبہ بندی پر پابندی لگائی جاسکے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال جولائی میں سعودی عرب کے ایک سیکیورٹی چیک پوائنٹ پر حملے میں دو افراد مارے گئے تھے جس کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ نے قبول کی تھی۔

  • ہر کیس کھلے گا، سب کو حساب دینا ہوگا: وفاقی وزیر مراد سعید

    ہر کیس کھلے گا، سب کو حساب دینا ہوگا: وفاقی وزیر مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ جب بھی ان کے مقدمات کھلتے ہیں، یہ سب آپس میں مل جاتے ہیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے کیا. مرادسعید کا کہنا تھا کہ آج اپوزیشن والوں‌ ملتے ہوئے اور مسکراتے ہوئے دیکھے گئے.

    وفاقی وزیر نے کہا کہ فالودے والے، رکشے والے کے اکاؤنٹس سے اربوں روپے ملے، اب کبھی سندھ، کبھی پنجاب کا نعرہ لگا کر وفاق کو کمزورکرنے کی باتیں ہوتی رہی ہیں، مگر ہر کیس کھلےگا، سب کو حساب دینا ہوگا، ان کی نظروں کے سامنے پاکستان ترقی کرے گا.

    مزید پڑھیں: ن لیگ اور پیپلز پارٹی مہمند ڈیم کو متنازع بنا رہی ہیں: فیصل واوڈا

    انھوں نے اپوزیشن لیڈر کی تقریر اور رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف گالم گلوچ کا الزام لگا کر چلے گئے، شہبازشریف نے بینر لگائےتھے سنڈےہویامنڈےروز کھاؤ 2انڈے، شہبازشریف نےخودمرغوں،انڈوں کےکاروبار کے لئے حمزہ شہباز کو آگے کیا، آج اس پر تنقید کر رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: مہمند ڈیم کے ٹھیکے سے متعلق پارلیمنٹ کی کمیٹی بنائی جائے ،شہبازشریف

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ آج تو سابقہ وزیرخارجہ و بجلی نہ پانی خواجہ آصف نے بھی اسمبلی میں‌ بات کی، جو امریکا میں جاکر کالعدم تنظیموں کو تسلیم کرنے کی باتیں کرتے رہے، خواجہ آصف امریکا گئےتو ٹرمپ دھمکی پر پارلیمنٹ نےقرارداد پاس کی.

    ان کا کہنا ہے کہ ملک میں تاریخ کی سب سے زیادہ سرمایہ کاری لے کرآئیں گے، اپوزیشن لیڈرنے سوالات اٹھائے جوابات سننے کا وقت آگیا، تو پارلیمنٹ سے بھاگ گئے.

  • میگا کرپشن کے مقدمات کومنطقی انجام تک پہنچایا جائے گا‘ چیئرمین نیب

    میگا کرپشن کے مقدمات کومنطقی انجام تک پہنچایا جائے گا‘ چیئرمین نیب

    اسلام آباد : چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ، اشتہاری اورمفرورملزمان کی گرفتاری ترجیح ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس جاری ہے جس میں بدعنوانی کے ریفرنسزاور انکوائریوں کی منظوری کا امکان ہے۔

    چیئرمین نیب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب کرپشن فری پاکستان کےعزم پرسختی سےعمل پیرا ہے، میگا کرپشن کے مقدمات کومنطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

    جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ، اشتہاری اورمفرورملزمان کی گرفتاری ترجیح ہے، قوم کی لوٹی رقوم کی واپسی، متاثرین کو رقوم کی واپسی کے لیے اقدامات کاعزم ہے۔

    چیئرمین نیب نے قوانین میں متوقع تبدیلی کی مخالفت کر دی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، ملک سےبد عنوانی کاخاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے.

    چیئرمین نیب نے قوانین میں متوقع تبدیلی کی مخالفت کرتے ہوئے 90 دن کے بجائے 15 دن کے ر یمانڈ کی تجویز پرتنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کوئی چوری یا ڈکیتی کا کیس نہیں، جو 15 دن میں حل کر لیا جائے۔

    جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ یہ وائٹ کالرکرائم ہے، جسے ڈھونڈنا اتنا آسان نہیں،اگر وائٹ کالرکرائم لاہور سے شروع ہو، تو خلیجی ریاستیں اورپھر امریکا میں پلازے خرید لیے جاتے ہیں، وہ رقم منی لانڈرنگ سے وہاں پہنچائی جاتی ہے۔

  • حماد صدیقی ہمارا کارکن نہیں، ایم کیو ایم پاکستان کی سب سے صاف ستھری جماعت ہے، فاروق ستار

    حماد صدیقی ہمارا کارکن نہیں، ایم کیو ایم پاکستان کی سب سے صاف ستھری جماعت ہے، فاروق ستار

    کراچی : سربراہ ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار نے کہا ہے کہ حماد صدیقی کا ہماری جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے انہیں تنظیمی نظم و ضبط کی‌ خلاف ورزی کرنے پر 2013 میں پارٹی سے خارج کردیا گیا تھا.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے عدالت سے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فاروق ستار کا کہنا تھا کہ آج 22 اگست 2016 کے کیس میں عدالت کے سامنے پیش ہوئے ہیں۔

    آئین و قانون کی بالادستی ہونی چاہیئے

    انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہونی چاہیے گو کہ حماد صدیقی کا ایم کیو ایم پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے لیکن الزامات کو عدالت میں ثابت کرنا بھی ضروری ہے۔

    قائد سے لاتعلقی کے بعد ہم پر مقدمات بلا جواز ہیں  

    فاروق ستار نے اپنے اوپر قائم ہونے والے مقدمات کے حوالے سے کہا کہ ہمارےخلاف مقدمات 22 اگست کے واقعے پر بنے تھے لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ 23 اگست کےاقدام کے بعد ان مقدمات کا کوئی جواز برقرار نہیں رہتا ہے۔

     اسی سے متعلق : بلدیہ فیکٹری کو آگ لگانے والا مبینہ مرکزی ملزم حماد صدیقی کون ہے ؟

    ایم کیو پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ ملک میں ایک جیسا انصاف ہونا چاہیئے جن پر الزامات لگے ہیں وہ ثابت ہونے چاہئیں کیوں کہ اگر انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوتے تو لوگوں کا اعتماد اٹھ جائے گا۔

    ایم کیو ایم کے کسی رہنما پر کرپشن کے الزام نہیں

    فاروق ستار نے کہا کہ نیب میں کرپشن کے 179 کیسزز ہیں جن میں اربوں کھربوں روپے کے کرپشن ہوئی ہے جس میں ایک بھی مقدمہ ایم کیو ایم پاکستان کے کسی رہنما کے خلاف نہیں ہے کیوں کہ صرف ایم کیو ایم وہ صاف ستھری جماعت ہے جس کا کوئی رہنما کرپشن میں ملوث نہیں۔

    ایف آئی اے کارکنان پر جھوٹے مقدمات بنا رہی ہے

    انہوں نے کہا کہ ہمارے رہنماؤں کے خلاف ایف آئی اے مقدمہ بنا رہی ہے اور  ہم اس تمام صورت حال کو اچھی نظر سے نہیں دیکھ  رہے ہیں جب کہ دوسری  طرف سینکڑوں ساتھی جیلوں میں قید ہیں جنہیں جیل مینول کے مطابق قید کارکنوں کوحقوق نہیں دیےجا رہے ہیں۔

    اسیر کارکنان پر تشدد کر کے وفاداری تبدیل کرائی جا رہی ہے 

    انہوں نے بتایا کہ جیل میں قید ہمارے کارکنوں کو وفاداریاں تبدیل کرنے پرمجبورکیا جا رہا ہے جس پراحتجاج کا حق محفوظ  رکھتے ہیں اور وزیراعظم اور وزیر داخلہ ہمارے  معاملات کا نوٹس لیں، ہمارے کارکنوں کوجھوٹے مقدمات میں ملوث کیا جا رہا ہے۔

    ایم کیو ایم صاف ستھری جماعت پی ایس پی ڈرائی کلینر ہے 

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان سب سے صاف ستھری جماعت ہے جب کہ پی ایس پی میں جرائم پیشہ افراد ڈرائی کلیننگ کے لیے گئے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • شہبازشریف میرےہیروہیں، خودسے بڑھ کرانہیں چاہتی ہوں‘ مریم نواز

    شہبازشریف میرےہیروہیں، خودسے بڑھ کرانہیں چاہتی ہوں‘ مریم نواز

    لاہور: نا اہل وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ میرے انتظامی اور سیاسی اہلیت کے میرے دادا بھی قائل تھے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی اخبارکوانٹرویو دیتے ہوئے سابق وزیراعظم کی بیٹی مریم نواز نے کہا کہ سب سے پہلے میرے دادا نے مجھے خاندانی امورمیں اہم مقام دیا، داداکے بعد والد نے بھی میری سیاسی قابلیت کو سراہا۔

    مریم نواز نے کہا کہ میری انتظامی اورسیاسی اہلیت کےمیرےدادا بھی قائل تھے جبکہ میری اہم صلاحیتوں میں سےایک یہ ہے کہ مشورے، تنقید والد تک پہنچاؤں۔

    نا اہل وزیراعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ پارٹی یا خاندان میں اختلافات سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف فیملی خاندانی اقدارپربہت فخرمحسوس کرتی ہے۔

    امریکی اخبار کے صحافی کی جانب سےسوال کیا گیا کہ کیا شہبازشریف کووزارت عظمیٰ ملنی چاہیے؟ جس پر مریم نواز نے کہا کہ شہبازشریف سب سےزیادہ اہلیت کےحامل ہیں، وہ میرے ہیرو ہیں، خود سے بڑھ کرانہیں چاہتی ہوں۔

    مریم نواز نے کہا کہ ہمارے خلاف مقدمےسیاسی بنیادوں پرقائم کیےگئے ہیں، مقدمات ہمیں انتقامی کارروائیوں اوردباؤمیں لانےکا حربہ ہیں۔

    سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ انجام کی فکرنہیں،کسی چیزکو خاطرمیں نہ لاکرمقابلہ کررہی ہوں، میرے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جیلیں، نااہلی، نظربندیاں،عدالتی مقدمات سب دیکھ لیے، پتا نہیں کل مقدرمیں کیا ہومگرمجھےعوام تک جانا ہے۔

    مریم نواز نے کہا کہ خاندان کافیصلہ تھامیں پارٹی سنبھالوں، قریبی افراد کہتے ہیں کہ سیاست میں میرا اہم کردارہے۔

    انہوں نے کہا کہ چھوٹی عمر میں شادی ہوئی، تمام وقت بچوں کی پرورش پرصرف کیا، اب کام کے لیے وقت ہے، بچے چھوٹےہوتے تو ایسا نہ کرپاتی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • فیصل آباد میں بسیں جلانے پرطلبا کےخلاف مقدمات درج

    فیصل آباد میں بسیں جلانے پرطلبا کےخلاف مقدمات درج

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کےشہر فیصل آباد میں بس کی ٹکر سے طالب علم کی ہلاکت پربسیں جلانے پر پولیس نے 4 مقدمات درج کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں سرگودھا روڈ پر طالب علم کی ہلاکت کے بعد بسیں جلانے پر پولیس نے 450 طلبا کے خلاف 2 تھانوں میں 4 مقدمات درج کرلیے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمات میں انسداد دہشت گردی، سرکاری املاک کو نقصان اور جلاؤ گھیراؤ کی دفعات شامل ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی، بسیں جلانےمیں ملوث 3 طلبا کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ فوٹیج کی مدد سے طلبا کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    دوسری جانب گورنمنٹ اسلامیہ کالج غیرمعینہ مدت کے لیے بند ہے، کالج کو نا خوشگوارصورت حال سےبچنےکے لیے بند کیا گیا۔

    ادھرٹرانسپورٹرزایسوسی ایشن کے صدرمحمداسلم نے بسیں جلانےکےخلاف ٹرانسپورٹرزایسوسی ایشن کا ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نقصان پورا ہونے اور ایسےواقعات روکنےتک بسیں بند رکھیں گے۔

    ٹرانسپورٹرزایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا ہے کہ طلبانے6 بسیں جلادیں،3 کوجزوی نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ طالب علم اپنی غلطی سےجان سے گیا۔


    فیصل آباد: سرگودھا روڈ پرطالب علم بس کی زد میں آکرجاں بحق


    واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں بس کی زد میں آکرکالج کا طالب علم جاں بحق ہوگیا جس کے بعد مشتعل طلبا نے بسوں کو آگ لگا دی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ایم کیو ایم لندن کے کارکنان کیخلاف مقدمات، دہشتگردی ایکٹ بھی شامل

    ایم کیو ایم لندن کے کارکنان کیخلاف مقدمات، دہشتگردی ایکٹ بھی شامل

    کراچی : شہر قائد کے علاقے لیاقت علی چوک پر ایم کیو ایم کے پانچ کارکنان کو پارٹی کا جھنڈا اور وال چاکنگ کرنے پر رینجرز نے حراست میں لے کر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے، مقدمے میں ہنگامہ آرائی اور انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ بعد ازاں عزیز آباد، مکا چوک پر حالات کشیدہ ہیں۔ چند گھنٹوں بعد رہنماؤں کی ہداہت پر کارکنان منتشر ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم لندن کے کارکنان لیاقت علی خان چوک پر جمع ہوئے اور اپنی جماعت کا جھنڈا لگانا چاہا تو رینجرز کے اہلکاروں نے ایم کیو ایم لندن کے پانچ کارکنان کو حراست میں لے لیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

    azizabad-post-1

    جس کے بعد لیاقت علی خان چوک پر ایم کیو ایم لندن کے مزید کارکنان وہاں پہنچ گئے، مشتعل کارکنان نے بانی قائد کے نعرے بھی لگائے جبکہ خواتین کارکنان نے فاتحہ خوانی شروع کردی۔

    ڈیوٹی پر موجود رینجرز آفیسرخواتین کارکنان کو سمجھاتے رہے اور مذاکرات کے بعد خواتین کارکنان کو یاد گار شہداء جانے کی اجازت دے دی گئی۔

    ہنگامے کے دوران لیاقت علی خان چوک اوراطراف کے علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہوگیا ہے، جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    azizabad-post-2

    رینجرزافسرنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قرآن خوانی کرنے والی خواتین کی ہم نے حفاظت کی ہے، شر پھیلانے والوں کے خلاف کاروائی ہوگی، افراتفری پھیلانے والوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب حیدرآباد میں پکا قلعہ میں ایم کیوایم لندن کے کارکنوں کے جمع ہونے پر پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا جبکہ خواتین کارکنان نے چٹائیاں بچھا کر قرآن خوانی شروع کردی۔

    azizabad-post-3

    حیدرآباد میں بھی ایم کیوایم لندن کے کارکن اور پولیس آمنے سامنے

    کراچی کے بعد حیدرآباد میں بھی ایم کیوایم لندن کے کارکن اور پولیس آمنے سامنے آگئے اور پکا قلعہ گراؤنڈ میدان جنگ بن گیا، ایم کیوایم لندن کے کارکنوں کی بڑی تعداد روکنے کے باوجود پکا قلعہ میں داخل ہوگئی اور بانی ایم کیوایم کے حق میں نعرے بازی کی۔ خواتین کارکنان نے پکا قلعہ کے باہرچٹائیاں بچھا کر قرآن خوانی شروع کردی۔

    کشیدگی کے باعث پولیس کی مزید نفری کو طلب کیا گیا ،اس دوران کارکن اور اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی،

    ایم کیو ایم لندن کے کارکنان پکا قلعہ جانا چاہتے تھے تاہم پولیس نے کارکنوں کو وہاں جانے سے روکا تو کارکنان مشتعل ہو گئے ،پولیس نے چھ مشتعل کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

    مشتعل کارکنان کو روکنے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور ہوائی فائرنگ بھی کی ،پولیس نے مشتعل مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے آنسو گیس کا بھی استعمال کیا جس سے کارکنان منتشرہوگئے۔

    یاد رہے کہ لندن ایم کیو ایم کے تحت یوم شہداء منایا جا رہا ہے، جس کے باعث کراچی میں جناح گراونڈ کے اطراف رینجرز کی نفری تعینات ہے جبکہ جناح گراونڈ جانے والے راستے بھی بند کردیئے گئے۔

    کارکنان منتشر ہونا شروع 

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایم کیو ایم لندن کے کارکنان رہنماؤں کی ہدایات کے بعد وہاں سے منتشر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

    رینجرزاور پولیس کے اہلکار بھاری تعداد میں وہاں پہنچ گئے ہیں اور ایک کیو ایم لندن کارکنان کی جانب سے لگائے جانے والے جھنڈے اتارے جا رہے ہیں اور بانی ایم کیو ایم کے حق میں کی گئی وال چاکنگ کو بھی مٹایا جا رہا ہے۔

    نمائندہ حیدرآباد آفتاب زئی کے مطابق ایم کیو ایم لندن کے کارکنان کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے، مقدمے میں ہنگامہ آرائی اور انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

    25 نامزد اور تین سو نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج ایم کیو ایم لندن کے کارکنان کے خلاف تھانہ فورٹ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔