Tag: مقدمہ درج

  • کراچی: کھارادر دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج

    کراچی: کھارادر دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج

    کراچی: کھارادر دھماکے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں درج کرلیا گیا ، مقدمے میں قتل، اقدام قتل ، دہشت گردی سمیت دیگردفعات شامل کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کھارادر میں دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ ایس ایچ او کھارادر ماجد علوی کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں دہشت گردی، ایکسپلوزو ایکٹ، قتل، اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ نامعلوم دہشت گردوں نے سہولت کاروں کی مدد سے عرفات مارکیٹ میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا، دھماکے کے نتیجے میں پولیس موبائل کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا۔

    دھماکے سے ایک موٹرسائیکل کے ٹکڑے ملے جبکہ پانچ سے چھ موٹرسائیکلوں اور ایک رکشے کو نقصان پہنچا۔

    واضح رہے کراچی میں ایم اے جناح روڈ میمن مسجد کے قریب اقبال کلاتھ مارکیٹ میں دھماکا ہوا تھا ، جس میں ایک خاتون جاں بحق اور 11 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا ہدف پولیس موبائل تھی، دھماکا اس وقت کیا گیا جب پولیس موبائل دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کے قریب تھی۔

    پولیس نے بتایا تھا کہ بم نے 20 سے 25 میٹر اطراف کے ایریا میں شدید تباہی پھیلائی، اور دھماکے کے مقام پر 3 سے 4 گڑھے پڑ گئے۔

  • پشاور دھماکے  کا مقدمہ  درج ، دہشت گردی کی دفعات شامل

    پشاور دھماکے کا مقدمہ درج ، دہشت گردی کی دفعات شامل

    پشاور : پشاور کی مسجد میں دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات درج کی گئیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے پشاور دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا ، ایف آئی آر کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

    مقدمہ ایس ایچ او تھانہ خان رازق کی مدعیت میں درج کیا گیا اور دھماکے کی ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات درج کی گئیں ہیں۔

    متن میں کہا گیا کہ مسجد کی سیکورٹی چیک کرنے کے بعد ساتھ کی گلی میں پہنچا تو فائرنگ کی آواز سنی، واپس مسجد لوٹا تو پولیس والے زخمی اور دھماکا ہو چکا تھا۔

    ایف آئی آر میں کہا ہے کہ خودکش حملہ آور نے مسجد میں گھس کر پہلے اندھا دھند فائرنگ کی اور فائرنگ کے بعد خود کش حملہ نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

    اس سے قبل پشاور خودکش حملے کے اندراج مقدمہ کیلئے مراسلہ سی ٹی ڈی کو ارسال کیا گیا تھا ، متن میں کہا گیا تھا کہ حملہ آور کالے کپڑے پہنے ہوئے تھا، پیدل آیا ، اس کے پاس پستول تھا، حملہ آور کی جانب سے پہلے فائر میں پولیس اہلکار کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

    گذشتہ روز پشاور کے مشہور و معروف قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 56 افراد شہید ہوگئے تھے۔

    پویس پی سٹی نے افسوسناک واقعے سے متعلق بتایا تھا کہ دھماکا جامع مسجد کوچہ رسالدار میں اسوقت ہوا جب نمازی جمعے کی نماز کی ادائیگی میں مصروف تھے، دھماکے کے بعد مسجد میں افراتفری پھیل گئی اور ہر کوئی اپنے پیاروں کی تلاش میں مارا مارا پھرتا رہا۔

  • کالعدم تنظیم کا احتجاج :  پولیس اہلکاروں پر حملے کا مقدمہ درج

    کالعدم تنظیم کا احتجاج : پولیس اہلکاروں پر حملے کا مقدمہ درج

    گوجرانوالہ:سادہوکی اور مریدکے کالعدم تنظیم کے احتجاج کے دوران پولیس اہلکاروں پر حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، مقدمے میں کالعدم جماعت کے 119 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے قریب سادھوکے میں کالعدم تنظیم کے پولیس کے ساتھ تصادم کے معاملے پر پولیس اہلکاروں پر حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    مقدمہ تھانہ صدر کامونکی میں ایس ایچ او صدر کی مدعیت میں مظاہرین کیخلاف مقدمہ درج کیاگیا ، مقدمے میں ایک سو انیس افراد کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ دو ہزار نامعلوم افراد کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے

    مقدمے میں دہشت گردی، اغوا اور ڈکیتی سمیت سولہ دفعات لگائی گئی ہیں۔

    دوسری جانب شیخوپورہ کے علاقے مریدکے میں بھی پولیس اہلکاروں پر حملے کا مقدمہ درج کرلیاگیا ہے ، مقدمہ دہشت گردی،قتل، بغاوت سمیت26دفعات کےتحت درج کیا گیا۔

    مقدمے میں کالعدم جماعت کے 48 معلوم اور 8 ہزار نامعلوم کارکنان کو نامزد کیا گیا ، تھانہ صدرمریدکےمیں درج ایف آئی آر میں رکن سندھ اسمبلی قاسم فخری بھی نامزد ہے۔

  • لاہور میں رکشہ سوار خاندان سے بدتمیزی کا مقدمہ موٹرسائیکل سواروں کیخلاف درج

    لاہور میں رکشہ سوار خاندان سے بدتمیزی کا مقدمہ موٹرسائیکل سواروں کیخلاف درج

    لاہور : پولیس نے گریٹراقبال پارک کےقریب رکشہ سوارخاندان سے بدتمیزی کا مقدمہ 10سے12موٹرسائیکل سواروں کےخلاف درج کرلیا اور پارک کےگردونواح میں لگےسیف سٹی کیمروں کاریکارڈحاصل کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں گریٹراقبال پارک کےقریب رکشہ سوارخاندان سے بدتمیزی کا مقدمہ تھانہ لاری اڈہ میں 10 سے 12موٹر سائیکل سواروں کے خلاف درج کرلیا گیا ، پولیس نے پارک کے گردو نواح میں لگے سیف سٹی کیمروں کا ریکارڈ حاصل کرلی ہے۔

    مقدمے میں کہا گیا کہ دولڑکیاں اور ایک بچی چنگ چی رکشے کی عقبی نشست پر بیٹھی تھیں کہ سرکلر روڈ گریٹر اقبال پارک کے نزدیک سے گزرتے ہوئے 10سے 12 اوباش لڑکوں نے رکشوں کا پیچھا کیا اور رکشے میں بیٹھی لڑکیوں پر آوازیں کستے رہے۔

    یاد رہے جشن آزادی کے روز رکشے میں موجود خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی ایک اور ویڈیو منظرعام پر آئی تھی ، جس میں اوباش نوجوان رکشے میں سوار خواتین کو ہراساں کرتے رہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا تھا کہ اوباش نوجوانوں نے خواتین کو ہراساں کیا اور پیچھا کرتے رہے، اوباش نوجوان موٹر سائیکل سے اتر کر رکشے میں سوار ہوگیا اور خاتون کے ساتھ بدسلوکی کی جبکہ رکشے میں سوار خواتین نے خود کو بچانے کے لیے جوتا اٹھا لیا، خواتین کے ساتھ رکشے میں بچہ بھی سوار تھا

  • کوئٹہ : عسکری پارک ایئرپورٹ  دھماکے کا مقدمہ درج

    کوئٹہ : عسکری پارک ایئرپورٹ دھماکے کا مقدمہ درج

    کوئٹہ : عسکری پارک ایئرپورٹ دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا اور مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے، دھماکے میں7 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ کے عسکری پارک ایئرپورٹ میں ہونے والے دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہے اور اس سلسلہ میں مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے۔

    گذشتہ روز شام کے وقت عسکری پارک کے قریب دھماکہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز کے 7 اہلکار زخمی ہوئے تھےجنہیں فوری طور پر سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کے علاج معالجے کا عمل جاری ہے۔

    تفتیشی اداروں نے جائے دھماکا سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے اور اطراف کے علاقوں میں گشت ‏بڑھا دیا ہے۔

  • لاہور : رائے ونڈ روڈ پر غیر ملکی شہری سے واردات کا مقدمہ درج

    لاہور : رائے ونڈ روڈ پر غیر ملکی شہری سے واردات کا مقدمہ درج

    لاہور : رائے ونڈ روڈ پرغیر ملکی شہری سے واردات کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، جس میں بتایا گیا ڈاکوؤں نے7لاکھ کیش،ایک کروڑ40لاکھ مالیت کےچیک چھینے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے رائے ونڈ روڈ پرغیر ملکی شہری سے واردات کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، مقدمہ غیرملکی شہری کی مدعیت میں تھانہ رائے ونڈسٹی میں درج کیا گیا۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ واردات کرنےوالےڈاکوؤں کی تعداد 5تھی اور ملزمان 2موٹرسائیکلوں پر سوارتھے، ڈاکوؤں نے7لاکھ کیش،ایک کروڑ40لاکھ مالیت کےچیک چھینے، حادثےمیں ہلاک اور زخمی ملزمان کی شناخت کرلی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں ملوث دیگر2ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

    گذشتہ روز لاہور میں نامعلوم افراد کی جانب سے غیرملکی شہری کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی تاہم فائرنگ سےغیرملکی شہری اوراس کاڈرائیورمحفوظ رہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کامعاملہ ڈکیتی کی واردات لگتی ہے، 4 ڈاکوؤں نے7 لاکھ روپےچھین لیے، ڈرائیور کی مزاحمت پرفائرنگ ہوئی لیکن فائرنگ کے واقعے میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

    سی سی پی اولاہور غلام محمودڈوگر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدرسےواقعےکی رپورٹ طلب کر لی تھی اور سیف سٹی کیمروں کی مددسے ملزمان ٹریس کرنے کا حکم دیا۔

    بعد ازاں یرملکی کے ساتھ ڈکیتی کرنیوالےڈاکوؤں کی موٹرسائیکل کو حادثہ پیش آیا ، حادثے میں موٹر سائیکل ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، جس کے باعث ایک ڈاکوہلاک اور 2زخمی ہوگئے تھے۔

  • شہزاد اکبر نے  نذیر چوہان کے  خلاف مقدمہ درج کرادیا

    شہزاد اکبر نے نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کرادیا

    لاہور: مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے جہانگیر ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کرادیا ، ایف آئی آر کے مطابق ایک مسلمان شخص پر کفر کی تہمت لگانا جرم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر داخلہ شہزاد اکبر کی جانب سے نذیر چوہان کےخلاف مقدمہ درج کرادیا گیا ، مقدمےمیں دھمکیاں دینا اور کار سرکار میں مداخلت کی دفعات شامل کی گئی ہے، نذیر چوہان کے خلاف 20مئی کودرخواست موصول ہوئی۔

    شہزاداکبر نے کہا کچھ نادان دوست ابھی بھی سوشل میڈیاپرگمراہ کن باتیں پھیلا رہے ہیں ایف آئی آرکےمطابق ایک مسلمان شخص پرکفرکی تہمت لگانا جرم ہے ، افسوس یہ جرم نذیر چوہان نےسرزد کیا ، میری مدعیت میں لاہورپولیس نےمقدمہ درج کردیا ہے۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر فوادچوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ذاتی انتقام کےلیے مذہبی کارڈ استعمال کرنا گھناؤنا فعل ہے، نذیرچوہان شہزاداکبرکےخلاف تھرڈکلاس حربے استعمال کر رہا ہے، لاہورپولیس ایم پی اےنذیرچوہان کے خلاف سخت کارروائی کرے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ شہزاداکبر اپنی ڈیوٹی کر رہےہیں ، ریاست اس طرح کام نہیں کرسکتی اگروہ اپنے نمایندوں کی حفاظت نہ کرسکے۔

  • کراچی : محکمہ موسمیات کے قریب پیزا شاپ میں دھماکے کا مقدمہ درج

    کراچی : محکمہ موسمیات کے قریب پیزا شاپ میں دھماکے کا مقدمہ درج

    کراچی : محکمہ موسمیات کے قریب پیزا شاپ میں دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، افسوسناک حادثے میں ماں اور 2 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں محکمہ موسمیات کے قریب پیزا شاپ میں ہونے والے دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    مقدمہ واقعے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کے بھائی محمد عثمان کی مدعیت میں پیزا شاپ کے مالکان کے خلاف گلستان جوہر تھانے میں درج کیا گیا۔

    مقدمے میں 322 قتل باالسبب اور 427 کی دفعات شامل کی گئی ہیں، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ صبح ساڑھے دس بجے کے قریب میری بہن اپنے دو بچوں کے ہمراہ میرے گھر آرہی تھی، کراوٴن گارڈن اپارٹمنٹ کی سیڑھیوں سے اوپر چڑہنے لگی تو اچانک پیزا شاپ میں دھماکا ہوا۔

    مدعی مقدمے کے مطابق حادثے کے نتیجے میں میری بہن اور دو بچے عبداللّہ اور فاطمہ موقع پر جاں بحق ہوگئے، افسوسناک حادثے میں کے الیکٹرک کے تین ملازمین سمیت 6 افراد زخمی ہوئے۔

    یاد رہے گذشتہ روز کراچی کے علاقے محکمہ موسمیات کے قریب دکان میں دھماکا ہوا تھا، دلخراش واقعے میں ماں اپنے دو بیٹوں سمیت جاں بحق ہوگئی تھیں۔

    بعد ازاں دکان میں ایگزاسٹ فین کی موجودگی نے گیس بھرنے کے امکانات پر سوال اٹھا دیئے تھے تاہم سی ٹی ڈی نے پولیس سے ڈی وی آر سمیت تمام شواہد تحویل میں لے لیا تھا۔

  • جج آفتاب آفریدی کے قتل کا مقدمہ درج، سپریم کورٹ بار کے صدر نامزد

    جج آفتاب آفریدی کے قتل کا مقدمہ درج، سپریم کورٹ بار کے صدر نامزد

    صوابی: جج جسٹس آفتاب آفریدی کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، مقدمے میں سپریم کورٹ بار کے صدرلطیف آفرید ی کو نامزد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جج جسٹس آفتاب آفریدی کے قتل کا مقدمہ ان کے بیٹے کی مدعیت میں تھانہ چھوٹا لاہور میں درج کرلیا گیا ، مقدمہ میں سپریم کورٹ بارکےصدرلطیف آفرید ی ، جمیل،دانش آفریدی، جمال آفریدی اور عابد محمد شفیق کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ 4 نامعلوم افراد بھی مقدمے میں نامزد ہے۔

    ماجد آفریدی کا کہنا ہے کہ واقعہ پرانی دشمنی کی وجہ سےپیش آیا جبکہ مقتول جج کے کزن پروفیسراسلم آفریدی نے کہا تھا کہ مقتول جج آفتاب آفریدی کوخاندانی دشمنی پرقتل کیاگیا، سپریم کورٹ بار کےصدرلطیف آفریدی کاقتل میں ہاتھ ہوسکتا ہے۔

    دوسری جانب پولیس کی جوائنٹ آپریشن ٹیم نے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اور اہلخانہ کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے پشاور اور خیبر کے کئی علاقوں میں چھاپے مارے اور 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

    ڈی پی اوشعیب کا کہنا ہے کہ گرفتار تمام افراد کی شناخت مقتول جج کے بیٹے ماجد آفریدی کریں گے، ایف آئی آرمیں شامل 2 گاڑیاں بھی ریکورکی گئی ہیں، شناخت پریڈعمل کےبعدمزید تفتیش کی جائے گی۔

    یاد رہے گذشتہ روز پشاورموٹروے انبارانٹرچینج کے قریب انسداد دہشت گردی عدالت سوات کے جج جسٹس آفتاب آفریدی کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی ، جس کے نتیجے جسٹس آفتاب آفریدی اہلیہ اور بچوں سمیت جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ ڈرائیورذاکر اور گن مین داؤد شدید زخمی ہوئے۔

    شہید جج آفتاب آفریدی سوات سے اسلام آباد جارہے تھے، وہ دو ماہ قبل سوات میں تعینات ہوئے تھے۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان نےافسوسناک واقعے پرگہرے رنج وغم کااظہارکرتے ہوئے قاتلوں کی جلد گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔

  • مفتی سلیم اللہ خان پر مبینہ قاتلا نہ حملے کا مقدمہ درج ، تحقیقات شروع

    مفتی سلیم اللہ خان پر مبینہ قاتلا نہ حملے کا مقدمہ درج ، تحقیقات شروع

    کراچی : اورنگی ٹاؤن میں مفتی سلیم اللہ خان پر مبینہ قاتلا نہ حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے منگھوپیر ایم پی آرکالونی میں مفتی سلیم اللہ خان کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ تھانہ اورنگی ٹاؤن میں درج کرلیاگیا، مقدمہ زخمی مفتی سلیم اللہ خان کےچھوٹےبھائی کی مدعیت میں درج کیاگیا ہے۔

    جس کے بعد پولیس نے مفتی سلیم اللہ خان پرمبینہ قاتلانہ حملے کی تحقیقات شروع کردیں، حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ قاتلا نہ حملےکےوقت مفتی سلیم کےہمراہ اہلیہ،مدرسےکی معلمہ موجودتھیں، ان کے پلاٹس کی لین دین سےمتعلق معاملات سامنے آئے ہیں۔

    تفتیشی حکام نے بتایا کہ مفتی سلیم اللہ خا ن مدرسےکےسرپرست اورروحانی معالج بھی ہیں جبکہ وہ مذہبی جماعت سےبھی وابستہ رہ چکےہیں۔

    حکام کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے تاہم مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہے۔

    خیال رہے گذشتہ روز کراچی کے علاقے منگھوپیر روڈ پر نامعلوم ملزمان نے مفتی سلیم اللہ کی گاڑی پر فائرنگ کردی تھی ، جس کے نتیجے میں مفتی سلیم اللہ زخمی ہوئے اور انہیں بازو اور پیٹ میں دو گولیاں لگیں تاہم واقعے کے بعد نامعلوم دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔