Tag: مقدمہ

  • شکارپور سے گرفتار تحریک انصاف رہنماؤں اور کارکنان پر دہشت گردی کا ایک اور مقدمہ

    شکارپور سے گرفتار تحریک انصاف رہنماؤں اور کارکنان پر دہشت گردی کا ایک اور مقدمہ

    شکار پور: صوبہ سندھ کے ضلع شکار پور میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے والے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شکار پور سے گرفتار کیے گئے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    ضلع بھر میں تحریک انصاف رہنماؤں اور کارکنوں پر درج مقدمات کی تعداد 3 ہوگئی، نئے مقدمے میں 21 نامزد اور 50 نامعلوم کارکنان کو شامل کیا گیا ہے۔

    مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ لکھی گیٹ میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔

    مقدمے کے متن کے مطابق تحریک انصاف کارکنوں نے عمران خان کی گرفتاری پر احتجاج کیا، مظاہرین نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کیں اور ٹائر جلا کر سڑکوں کو بلاک کیا گیا۔

    متن میں لکھا گیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کر کے اسلحہ کی نمائش کی گئی اور عوام میں خوف و ہراس پھیلایا گیا۔

    خیال رہے کہ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد سے ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

    اب تک ملک بھر میں پارٹی کے متعدد رہنماؤں اور سینکڑوں کارکنان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

  • پالتو بلی کی موت پر زمیندار نے مقدمہ درج کروا دیا

    پالتو بلی کی موت پر زمیندار نے مقدمہ درج کروا دیا

    راولپنڈی: صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں ایک زمیندار نے اپنی بلی کے قتل کا مقدمہ درج کروا دیا، بلی کو گولی مار کر قتل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ چونترہ کے علاقے میں زمیندار نے اپنی پالتو بلی کو گولی مار کر قتل کرنے پر مقدمہ درج کروا دیا۔

    مقدمہ زمیندار محمد عثمان کی درخواست پر خرم شہزاد نامی شہری کے خلاف درج کیا گیا۔

    مدعی کا کہنا ہے کہ وہ بلی کے ساتھ کھیتوں پر جا رہا تھا جب خرم شہزاد نے 12 بور کی رائفل سے گولی چلائی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بلی کا پوسٹ مارٹم کر کے خرم شہزاد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ بلی کی موت کے واقعے کی مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔

  • 25 مئی کے واقعات : پولیس افسران کیخلاف مقدمہ کرنے پر پنجاب حکومت کشمکش کا شکار

    25 مئی کے واقعات : پولیس افسران کیخلاف مقدمہ کرنے پر پنجاب حکومت کشمکش کا شکار

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہی کو سیاسی مشیروں نے 25 مئی واقعات پر افسران کے خلاف پرچے درج نہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 25مئی واقعات پرپولیس افسران کیخلاف مقدمہ کرنےپرپنجاب حکومت کشمکش کا شکار ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو افسران کے خلاف پرچے درج نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سمیت چند اعلیٰ افسران اور سیاسی مشیروں نے مشورہ دیا ہے۔

    ذرائع سیکرٹریٹ نے بتایا ہے کہ پولیس افسران کیخلاف محکمانہ کارروائی اور تبادلوں تک ہی معاملات رکھےجائیں، پولیس افسران کیخلاف مقدمات کرنے سے فورس کا مورال ڈاؤن ہوگا۔

    دوسری جانب ذرائع نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی وزیراعلیٰ کو مقدمات درج کرنے کا کہا جارہا ہے، پرویز الہٰی کی عمران خان سے ملاقات میں بھی اسی معاملے پر بات ہوئی۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب درمیانی راستہ نکالنے کے حق میں ہیں جبکہ عمران خان کچھ اہم عہدوں پر فوری تعیناتیاں چاہتے ہیں۔

  • 22 سال بعد 20 روپے کے مقدمے کا فیصلہ

    22 سال بعد 20 روپے کے مقدمے کا فیصلہ

    نئی دہلی: بھارت کی ایک مقامی عدالت میں 20 روپے کا مقدمہ 22 سال تک چلنے کے بعد بالآخر درخواست گزر کو فتح حاصل ہوئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق وکیل تنگناتھ چترویدی نے ریلوے کے خلاف 22 سال قبل کیا گیا مقدمہ جیت لیا، انہوں نے 1999 میں ریلوے کے خلاف درخواست دائر کی تھی کہ ان سے کرائے کی مد میں ٹکٹ کے 20 روپے اضافی وصول کیے گئے۔

    وکیل کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش میں متھرا ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا تھا، مقدمے میں 22 سال کے دوران 100 سے زیادہ پیشیاں بھگتنے کے بعد میرے حق میں فیصلہ آیا ہے۔

    تنگناتھ چترویدی نے اس 22 سالہ جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس توانائی اور وقت کی کوئی قیمت نہیں جو میں نے یہ کیس لڑنے میں صرف کی، یہ معاوضہ آج کے دور میں نہایت معمولی ہے لیکن یہ پیسے کی بات نہیں بلکہ کرپشن کے خلاف لڑائی تھی۔

    خیال رہے کہ مقامی کنزیومر عدالت نے چترویدی کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے بھارتی ریلوے کو حکم دیا ہے کہ ان سے زائد لیے گئے 20 روپے سود سمیت واپس کیے جائیں۔

    وکیل نے سنہ 1999 میں متھرا سے مراد آباد تک کے سفر کے دوران 2 ٹکٹ خریدے تھے جن کی قیمت 70 روپے بنتی تھی۔

    تاہم جب انہوں نے بکنگ کلرک کو 100 روپے تھمائے تو اس نے 70 کے بجائے 90 روپے کاٹ کر صرف 10 روپے انہیں واپس کیے اور ان کے کہنے کے باوجود بقایا رقم واپس نہیں کی تھی۔

  • معروف گلوکارہ شکیرا کو جیل بھیجے جانے کا امکان

    معروف گلوکارہ شکیرا کو جیل بھیجے جانے کا امکان

    معروف کولمبین گلوکارہ شکیرا کو ٹیکس فراڈ کے مقدمے میں مشکلات کا سامنا ہے، حال ہی میں ان کی اپیل مسترد کردی گئی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسپین کی ایک عدالت نے ٹیکس فراڈ کے مقدمے میں کولمبین گلوکارہ شکیرا کی اپیل مسترد کر دی ہے۔

    دورانِ سماعت ایک جج نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ پاپ اسٹار نے ریاست کے لیے اپنی مالی ذمہ داریوں سے بچنے کے لیے کئی اقدامات کیے جس کے کافی ثبوت موجود ہیں۔

    یہ کیس دسمبر 2018 میں پہلی بار سرخیوں میں آیا تھا جب ہسپانوی پراسیکیوٹرز نے گلوکار پر 2012 اور 2014 کے درمیان کمائی گئی آمدنی پر 14.5 ملین یورو ٹیکس کی عدم ادائیگی کا الزام لگایا۔

    45 سالہ شکیرا نے جون 2019 میں گواہی دیتے ہوئے کسی بھی غلط کام سے انکار کیا، استغاثہ کا الزام ہے کہ شکیرا بہاماز میں اپنی رہائش گاہ ہونے کے باوجود زیادہ تر اسپین میں رہتی تھیں۔

    جمعرات کو جاری کیے گئے اپنے فیصلے میں، ہسپانوی عدالت کا کہنا تھا کہ شواہد سے پتہ چلتا ہے شکیرا اسپین کی ایک عادی رہائشی تھیں۔

    عدالت نے مزید کہا کہ دستاویزات کسی دوسرے ملک میں ٹیکس کے مقاصد کے لیے ان کی رہائش کو ثابت کرنے میں ناکام رہے۔

    عدالت نے جولائی کے اس فیصلے کو برقرار رکھا جس میں ہسپانوی جج مارکو جوبیریاس نے لکھا تھا کہ ان کی 3 سالہ تحقیقات میں پایا گیا کہ مقدمہ چلانے کے لیے جرائم کے کافی ثبوت موجود ہیں۔

    شکیرا کی تعلقات عامہ کی فرم نے جمعرات کو کہا کہ اسپین کے ٹیکس آفس کی طرف سے قرض کے بارے میں مطلع ہونے کے بعد اس نے فوری طور پر اپنی واجب الادا رقم ادا کر دی ہے۔

    پی آر فرم نے ایک بیان میں کہا کہ ٹیکس کے معاملات پر شکیرا کا طرز عمل ان تمام ممالک میں ہمیشہ ہی بے عیب رہا ہے جہاں انہیں ٹیکس ادا کرنا پڑا، اور انہوں نے بہترین ماہرین اور مشیروں کی سفارشات پر بھروسے اور وفاداری سے عمل کیا ہے۔

    بیان کے مطابق شکیرا کی قانونی ٹیم اپنی بے گناہی کا دفاع کرتی رہے گی، گلوکارہ کو ٹیکس چوری کا الزام ثابت ہونے پر ممکنہ جرمانے اور جیل کی سزا کا سامنا ہے۔

    تاہم، ایک جج پہلی بار مجرموں کے لیے قید کا وقت معاف کر سکتا ہے، اگر ایسا نہ ہوا تو انہیں دو سال سے کم قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔

  • وزیر داخلہ کیخلاف مقدمے کیلیے تھانے میں درخواست جمع

    وزیر داخلہ کیخلاف مقدمے کیلیے تھانے میں درخواست جمع

    گوجرانوالہ: شہری نے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کیخلاف مقدمے کےاندراج کی درخواست دے دی ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ کے شہری امیر حمزہ نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کیخلاف اندراج مقدمے کیلئے درخواست جمع کروادی ہے، شہری کی جانب سے درخواست تھانہ صدر گوجرانوالہ میں جمع کروائی گئی ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، احسن اقبال، شاہد خاقان کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

    شہری کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ایک انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے نوازشریف کے استقبال کو حج سے بڑا کام قرار دیا تھا، کسی شخص کے استقبال کو حج سے بڑا کام قرار دینا مذہبی روایت کے منافی ہے۔

    درخواست گزار نے کہا کہ راناثنا اللہ کے بیان سے بحیثیت مسلمان جذبات کو ٹھیس پہنچی، رانا ثنا اللہ کے بیان سے عالمی سطح پر پاکستان کی بدنامی ہوئی۔

    درخواست گزار نے الزام لگایا کہ رانا ثناء اللہ نے یہ بیان پارٹی قیادت کے مشورے پر دیا، ملزمان کیخلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔

  • ننھی بچی کو ریچھ کے پنجرے میں پھینکنے والی ماں گرفتار

    ننھی بچی کو ریچھ کے پنجرے میں پھینکنے والی ماں گرفتار

    ازبکستان میں 3 سالہ بچی کو جان بوجھ کر ریچھ کے پنجرے میں پھینکنے کے بعد ایک ماں کو عدالتی کارروائی کا سامنا ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ ازبک دارالحکومت تاشقند کے ایک چڑیا گھر میں پیش آیا جو سرویلنس کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماں بچی کو گود میں لیے ریچھ کے احاطے کے قریب جنگلے کے پاس کھڑی ہے، اچانک بچی اس کے ہاتھ سے نیچے جا گرتی ہے۔

    بچی کو نیچے گرتا دیکھ کر ریچھ تیزی سے اس کے قریب جاتا ہے لیکن خوش قسمتی سے وہ اسے کوئی نقصان نہیں پہنچاتا اور صرف سونگھ کر دور ہوجاتا ہے۔

    اسی دوران چڑیا گھر کا عملہ بھی وہاں پہنچ جاتا ہے، کچھ افراد ریچھ کو قریب موجود احاطے میں ہنکاتے ہیں جس کے بعد اس کے احاطے سے بچی کو بحفاظت ریسکیو کرلیا جاتا ہے۔

    نیچے گرنے سے بچی کے دماغ پر چوٹ لگی ہے جبکہ جسم پر بھی خراشیں آئی ہیں۔

    وہاں موجود افراد کا کہنا ہے کہ انہیں اندازہ ہوگیا تھا کہ ماں کچھ گڑبڑ کرنا چاہتی ہے اور وہ اسے روکنا چاہتے تھے لیکن پھر پلک جھپکتے میں ہی یہ ناخوشگوار واقعہ ہوگیا۔

    پولیس نے ماں کو گرفتار کرلیا ہے اور اس پر اقدام قتل کا مقدمہ چلایا جارہا ہے۔

  • دی کوئنز گیمبٹ: نیٹ فلکس کو عدالتی کارروائی کا سامنا ہوسکتا ہے

    دی کوئنز گیمبٹ: نیٹ فلکس کو عدالتی کارروائی کا سامنا ہوسکتا ہے

    امریکی ویڈیو اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کو جلد ہی اپنی مقبول سیریز دی کوئنز گیمبٹ پر ہتک عزت کے مقدمے میں عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    سیریز کے حوالے سے اسٹریمنگ پلیٹ فارم کے خلاف کیے گئے کیس میں، نیٹ فلکس کی اپیل خارج کردی گئی ہے۔

    نیٹ فلکس پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے سیریز میں شطرنج کی خاتون عالمی چیمپیئن نونا گیپرنداشویلی کی کیرئیر کی سب سے اہم کامیابیوں میں سے ایک کو غلط طریقے سے پیش کیا ہے۔

    جارجین شطرنج کی کھلاڑی نے ڈرامے میں ایک ڈائیلاگ پر اعتراض اٹھایا ہے، جس کے بارے میں ان کے وکلا کا کہنا ہے کہ اس سے نونا کی ذاتی اور پیشہ ورانہ ساکھ کو داغدار کیا گیا ہے۔

    یہ سیریز فکشنل شطرنج کی کھلاڑی بیتھ ہرمن کے بارے میں ہے، لیکن اس میں حقیقی زندگی کی معروف شخصیات کے بارے میں بھی حوالہ جات دیے گئے ہیں، جن میں گیپرنداشویلی بھی شامل ہیں۔

    سیریز کی آخری قسط میں شطرنج کے کھیل کے دوران ایک تبصرہ نگار ہرمن کی کامیابیوں کا موازنہ گیپرینداشویلی کی کامیابیوں سے کرتا ہے، لیکن کہتا ہے کہ نونا نے کھیلتے ہوئے کبھی مردوں کا سامنا نہیں کیا، حالانکہ انہوں نے کیا تھا۔

    نیٹ فلکس نے اپنے دفاع میں کہا کہ یہ کیس 5 ملین ڈالر حاصل کرنے کے لیے کیا گیا ہے، جبکہ شو میں جو کچھ دکھایا گیا ہے اس کا ہتک عزت سے کچھ لینا دینا نہیں ہے، تاہم ڈسٹرکٹ جج نے نیٹ فلکس کی دلیل سے اتفاق نہیں کیا ہے۔

    اسٹریمنگ سروس کے وکیل کی طرف سے دیے گئے بہت سے دلائل میں سے ایک دلیل یہ بھی تھی کہ شو میں جو کچھ دکھایا جاتا ہے اس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ شو کے تمام کردار فرضی تھے۔

    دوسری جانب جج نے اس دلیل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ شطرنج کے کھلاڑی کے حقائق پر مبنی دعوے کو رد کرنے کے لیے کافی نہیں ہے۔

    80 سالہ گیپرینداشویلی کے وکلا کا کہنا تھا کہ وہ تاریخ کی پہلی خاتون تھیں جنہیں بین الاقوامی شطرنج کا گرینڈ ماسٹر بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مدعی کے کیریئر کے دوران ایک عورت ہونے کی وجہ سے انہیں شدید تعصب کا سامنا کرنا پڑا۔

    جب یہ سیریز نشر ہوئی تو متعدد نیوز آؤٹ لیٹس اور مختلف انفرادی انٹرنیٹ صارفین نے اس لائن کی غلطی پر تبصرہ کیا۔

  • نسلہ ٹاور کے ذمے داران کے خلاف مقدمہ درج

    نسلہ ٹاور کے ذمے داران کے خلاف مقدمہ درج

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں عدالتی حکم پر مسمار کیے جانے والے نسلہ ٹاور کے ذمے داران کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمے میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران، سندھی کو آپریٹو مسلم سوسائٹی کے ذمے داران اور دیگر متعلقہ اداروں کو نامزد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں قائم نسلہ ٹاور کے معاملے کے ذمے داران کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ فیروز آباد تھانے میں عدالتی احکامات کے بعد درج کیا گیا۔

    مقدمہ ایس ایچ او فیروز آباد خوشنود جاوید کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں اختیارات کا غلط استعمال اور رشوت ستانی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران، سندھی کو آپریٹو مسلم سوسائٹی کے ذمے داران اور دیگر متعلقہ اداروں کو نامزد کیا گیا ہے۔

    بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور سندھی مسلم کو آپریٹو سوسائٹی سے ذمے داران کے نام طلب کیے گئے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کی تفتیشی ٹیم سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر بھی گئی تھی، مقدمے کی کاپی پہلے سپریم کورٹ میں جمع کروائیں گے۔

    ریکارڈ جمع کرنا شروع کردیا گیا

    نسلہ ٹاور کے ذمے داران کے خلاف مقدمے کے اندراج کے بعد تفتیشی پولیس نے ریکارڈ جمع کرنا شروع کر دیا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی پہنچ گئے۔

    پولیس کی جانب سے ریکارڈ طلب کیا گیا ہے، دوسری تفتیشی پولیس ٹیم نے بھی سندھی کو آپریٹو مسلم سوسائٹی پہنچ کر سوسائٹی آفس سے ریکارڈ طلب کیا ہے۔

  • بھارت: دودھ نہ دینے پر بھینس کے خلاف مقدمہ درج

    بھارت: دودھ نہ دینے پر بھینس کے خلاف مقدمہ درج

    نئی دہلی: بھارت میں ایک شخص نے دودھ نہ دینے پر اپنی بھینس کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا، مقدمے کے اندراج کے کچھ روز بعد بھینس معمول کے مطابق دودھ دینے لگی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع بھینڈ میں 45 سالہ بابو تھانے پہنچ گیا اور پولیس کے پاس شکایت درج کروائی کہ میری بھینس گزشتہ کچھ روز سے دودھ نہیں دے رہی۔

    بھارتی شہری بابو نے پولیس کو بتایا کہ بھینس کے دودھ نہ دینے کی وجہ سے وہ گزشتہ کچھ روز سے بہت پریشان ہے اور اب گاؤں والوں سے مشاورت کے بعد اس مسئلے کے حل کے لیے تھانے آیا ہے۔

    مذکورہ شہری اپنی بھینس کو بھی تھانے لے گیا اور پولیس کو بتایا کہ میں جب بھی بھینس کا دودھ نکالنے کی کوشش کرتا ہوں تو یہ مارتی ہے جس سے مجھے شک ہے کہ کسی نے میری بھینس پر جادو کروا دیا ہے۔

    بابو کی شکایت پولیس نے اپنے پاس درج کر لی اور کچھ روز بعد ہی بھینس نے دوبارہ دودھ دینا شروع کر دیا جس پر متاثرہ شخص ایک بار پھر تھانے پہنچا اور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔