اسرائیل حامی مؤقف اختیار کرنے پر ملائشیا نے فرینکفرٹ بک فیئر میں شرکت کرنے سے انکار کردیا۔ دنیا کے سب سے بڑے بُک فیئر سے اپنا نام واپس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق ملائیشیا نے دنیا کے سب سے بڑے بک فیئر میں شرکت سے اس وقت انکار کیا جب ادبی انجمن ’’لٹ پروم‘‘نے اعلان کیا کہ اس نے اسرائیل پر حماس کے حملوں کے بعد فلسطینی مصنفہ عدنیہ شبلی کے ناول کے لیے ایوارڈ تقریب کو ملتوی کردیا۔
بک فیئر کے منتظمین نے فیس بک پر لکھا کہ وہ اس سال کتب میلے میں یہودی اور اسرائیلی آوازوں کو خصوصی طور پر نمایاں طورپر پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
اس حوالے سے ملائیشیا کی وزیرتعلیم فضلینہ صدیق کا کہنا ہے کہ منتظمین کے اسرائیل نواز مؤقف کی وجہ سے وزارت تعلیم نے فرینکفرٹ بک فیئرمیں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ملائیشیا کی حکومتی پالیسی سے ہم آہنگ ہے جو فلسطین کے ساتھ یکجہتی اور مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے۔
اسلام آباد: پاکستانی عوام کے لیے حج کی ادائیگی کے حوالے سے خوش خبری ہے کہ اب ان شہریوں کے لیے بھی حج کرنا ممکن ہو جائے گا جو صاحب استطاعت نہیں ہیں۔
اس سلسلے میں ملائشیا میں شروع کیا جانے والا ایک پروگرام ’تابونگ حاجی پروگرام‘ پاکستان میں بھی شروع کیا جا رہا ہے، جو ملک کے اندر معیشت کے لیے بھی گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے میاں عمران نے اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ تابونگ حاجی منصوبہ دراصل ملائشیا میں حج کرنے کا ایک سرکاری منصوبہ ہے جس کے تحت ملائشیا کا عام آدمی اگر حج کرنا چاہتے ہیں تو سرکار کے بنائے ہوئے سسٹم کے تحت ٹی ایچ ابراڈ ایک اکاؤنٹ کھولتے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ سرکار ان پیسوں کو اسلامی شریعہ بورڈ کے ذریعے حلال پروجیکٹس میں لگاتی ہے، ملائشیا کے اندر بھی اور باہر بھی، اس سے جو حلال ریٹرن آتا ہے وہ ان کے اکاؤنٹس میں منتقل کیا جاتا ہے، جب ان کی آمدن حج اخراجات کے برابر ہو جاتی ہے تو حکومت پھر انھیں حج کے لیے بھیج دیتی ہے۔
واضح رہے کہ حج ادائیگی کے حوالے سے موجودہ حکومت سنجیدگی سے اقدامات اٹھا رہی ہے، موجودہ اخراجات 4 لاکھ 86 ہزار روپے ہیں، جب کہ دو سال قبل تک یہ اخراجات 2 لاکھ 93 ہزار روپے تھے۔
میاں عمران کا کہنا تھا کہ تابونگ حاجی پروگرام کے ایکٹ کا ڈرافٹ تیار ہو چکا ہے اور اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیجا گیا ہے کہ وہ اس پر نظرثانی کرے، یہاں سے یہ منسٹری میں جائے گا اور پھر کابینہ میں پیش ہوگا، اور آئندہ جو پالیسی ہوگی وہ اس کے مطابق ہوگی۔
انھوں نے کہا اس کا پاکستان کی معیشت کو بہت زیادہ فائدہ پہنچے گا، وہ پیسہ جو لوگوں کے پاس گھروں میں پڑا ہوا ہے وہ بینک سسٹم میں آ جائے گا اور نقد ذخائر بڑھیں گے، اس پیسے کو ڈالر میں رکھا جائے گا جسے سے حکومت پاکستان کو بھی فائدہ ہوگا۔
اس پروجیکٹ سے متعلق حکومت کو تجاویز دی گئی ہیں کہ اسٹیٹ بینک میں حج فنڈ کے نام سے علیحدہ کاؤنٹرز بنائے جائیں، اور حکومت کھاتے کھولنے کے لیے ایک لاکھ روپے کی رقم مختص کرے، پروجیکٹ کے کھاتے اسلامی بینکوں اور ڈاک خانوں میں کھولے جائیں، حج کی ادائیگی کے بعد منافع بچ جائے تو لوگوں کو واپس کر دیا جائے۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستانیوں کی حج کے لیے استطاعت بڑھانے کے لیے آزمودہ طریقہ کار ہے۔
میاں عمران کے مطابق یہ منصوبہ 1963 میں ملائشیا میں شروع ہوا، اس وقت صرف بارہ تیرہ سو لوگوں نے دل چسپی دکھائی تھی، لیکن آج وہاں 90 لاکھ سے زیادہ اکاؤنٹس کھل چکے ہیں، یہ منصوبہ ملائشیا میں معاشی طور پر اس قدر مضبوط ہے کہ یہ ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ پاکستان میں اگر آپ کے پاس 4 لاکھ روپے ہیں اور آپ کے حج کے اخراجات 5 لاکھ ہیں، تو آپ صاحب استطاعت نہیں ہیں، اب آپ حکومت کے پاس جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اکاؤنٹ میں یہ پیسے رکھ لیں اور ان کو حلال پروجیکٹس میں لگا لیں، حکومت ان پیسوں کو حلال منصوبوں میں لگاتی ہے اور اس سے آنے والا آمدن آپ کے اکاؤنٹ میں منتقل کرتی ہے، جیسے ہی آپ کے اکاؤنٹ میں 5 لاکھ روپے مکمل ہو جاتے ہیں تو حکومت آپ سے کہتی ہے کہ اب آپ صاحب استطاعت ہو چکے ہیں، آپ جا کر حج کر آئیں۔
میاں عمران نے کہا کہ ہمارے حج اخراجات میں ایک تو سعودیہ کے اخراجات ہیں دوم سفر کے اخراجات ہیں، ملائشیا میں جو لوگ ہوائی جہاز سے سفر کرتے ہیں انھیں حکومت سبسڈی دیتی ہے، حکومت پاکستان کو یہ مشورہ دیا گیا ہے کہ حج کے دنوں میں ٹکٹ بڑھ جاتے ہیں، تو عام آدمی کے لیے اسے نارمل رکھا جائے، تاکہ اخراجات میں کمی آئے۔
بینجمن بریٹن کو دنیا کا مشہور موسیقار اور لازوال دھنوں کا خالق کہا جاتا ہے۔
موسیقی اس کا عشق اور اس فن سے اسے محبت تھی۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی تخلیق کردہ دھنیں لوگوں کے دلوں میں اتر گئیں اور یادگار ٹھیریں، لیکن اس باکمال آرٹسٹ اور ماہر موسیقار نے وہ دن بھی دیکھا جب اس کی متعدد کاوشیں مسترد کردی گئیں اور ستم یہ ہے کہ وجہ بھی نہیں بتائی گئی۔ اس حوالے سے دریافت کرنے پر تسلی بخش جواب بھی نہیں دیا گیا اور یہ موسیقار آخری سانس تک اس کا سبب نہ جان سکا۔
یہ 1957 کی بات ہے جب ملکۂ برطانیہ نے ملائیشیا کی آزادی کے پروانے پر اپنی مہر ثبت کی۔ اگست کا مہینہ گویا سَر پر تھا۔ قوم پہلا جشنِ آزادی منانے کے لیے بے تاب تھی۔ کیلنڈر پر جون کی تاریخیں تیزی سے بدل رہی تھیں، مگر نو آزاد ریاست کی حکومت اب تک قومی جھنڈے اور ترانے کا فیصلہ نہیں کرسکی تھی اور اس سلسلے میں فکرمند تھی۔
بینجمن بریٹن دنیائے موسیقی کا وہ نام تھا جسے اس حوالے سے بھی پہچانا جاتا تھا۔ حکومت نے اس سے رابطہ کیا اور اس نے جلد ہی ایک دُھن سرکاری نمائندے کے سامنے رکھ دی، مگر اسے سندِ قبولیت نہ ملی۔ اس کا سبب نہیں بتایا گیا بلکہ حکام کی خاموشی حد درجہ پُراسرار معلوم ہو رہی تھی۔ بعد میں بینجمن بریٹن سے مزید دھنیں طلب کی گئیں جو اس نے مکمل کر کے حکام کو تھما دیں، مگر عجیب بات یہ ہے کہ ملائیشیا کا ملّی نغمہ اس کے ایک ہم عصر کی دھن سے آراستہ ہے۔
یہ راز 1976 میں بریٹن کی موت کے بعد کھلا جب ایک برطانوی محقق نے ملّی نغموں کی تاریخ مرتب کی. معلوم ہوا کہ ملائیشیا کے حکام نے اس موسیقار کی اوّلین دھن کو قومی ترانے کے لیے ناموزوں قرار دے کر متعدد مقامی گیتوں کے ‘‘ٹیپ’’ تھما دیے اور ہدایت کی کہ ایسی دُھن ترتیب دے جو ان سے مماثلت رکھتی ہو۔
ماہر موسیقار نے یومِ آزادی سے ایک ہفتہ قبل اپنی ترتیب دی ہوئی چند دھنیں حکومتی نمائندے کے سپرد کردیں اور مطمئن ہو گیا، لیکن یومِ آزادی پر پڑھے گئے ترانے کی دھن ایک فرانسیسی موسیقار کی ترتیب دی ہوئی تھی۔ وہ حیران تھا کہ ایسا کیوں ہوا مگر وہ زندگی بھر اس کی اصل وجہ نہیں جان سکا۔
محققین کے نزدیک اس کا سبب بریٹن کی برطانوی شہریت تھی۔ غالباً حکومت کو بعد میں یہ خیال آیا کہ بینجمن اسی ملک کا باشندہ ہے جس کی غلامی سے وہ ابھی آزاد ہوئے ہیں اور اسی برطانیہ کے ایک موسیقار سے ترانے کی دھن بنوانا کسی بھی وقت موضوعِ بحث بن سکتا ہے۔ قوم شاید اسے قبول نہ کرے اور یوں عجلت میں ایک فرانسیسی موسیقار کی خدمات حاصل کر کے قومی ترانے کی دھن بنوائی گئی۔ (تلخیص و ترجمہ: عارف عزیز)
لاہور: ایشیا کرکٹ کپ (اے سی سی)انڈر 19 کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، پاکستان نے اس معرکے کے لیے اپنے حتمی اسکواڈ کا بھی اعلان کردیا ہے، فائنل14 ستمبر کو ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اے سی سی انڈر 19 کپ کا انعقاد ملیشیا میں کیا جارہا ہے ، روایتی حریف پاکستان اور بھارت گروپ اے میں شامل ہیں جبکہ افغانستان اور کویت کی ٹیمین بھی گروپ اے کا حصہ ہوں گی۔گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش، متحدہ عرب امارات (یو اے ای)اور نیپال شامل ہیں۔
روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان 7 ستمبر کو میچ کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اپنا پہلا میچ افغانستان کے خلاف 5 ستمبر کو کھیلے گا۔
پاکستان اور کویت کی ٹیمیں 9 ستمبر کو آمنے سامنے ہوں گی۔ اے سی سی انڈر 19 کپ 5 سے 14 ستمبر تک سری لنکا میں شیڈول ہے اور ٹورنامنٹ کا فائنل 14 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کی تیاریوں کے لیے تربیتی کیمپ 23 اگست سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں شروع ہوگا۔ایشیا کرکٹ کپ کے لئے پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے15رکنی سکواڈ کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔
قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ میں روحیل نذیر ،حیدر علی ،عامر علی ،ابو ہریرہ ،عبدالواحد ،اختر شاہ ،فہد منیر ،محمد عامر ، محمد عباس آفریدی ،محمد باسط علی ،محمد حارث ،محمد عرفان خان ،محمد وسیم جونیئر ،نسیم شاہ اورقاسم اکرمشامل ہیں۔
جہانزیب سلطان، سید رضا الحسن، صائم ایوب، شیراز خان اور زمان خان ریزرو کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔اے سی سی انڈر 19 کپ 5 سے 14 ستمبر تک سری لنکا میں شیڈول ہے اور ٹورنامنٹ کا فائنل 14 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
کوالالمپور:ملائشیا کے نئے سلطان عبداللہ سلطان احمد شاہ نے اپنی رسمِ تاجپوشی کے موقع پر ملک میں نسلی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مہاتیر محمد کی حکومت پرمکمل اعتماد ہے ۔
تفصیلات کے مطابق عبداللہ سلطان احمد شاہ ملائشیا کی وسطی ریاست پاہنگ سے تعلق رکھتے ہیں اور ملائشیا میں شامل ریاستوں کے سلاطین کی باری باری تخت نشینی کے منفرد شاہی نظام کے تحت وہ ملک کے سولھویں بادشاہ بنے ہیں۔
عبداللہ سلطان کے لیے گزشتہ روز دُہری خوشی کا دن تھا اور ان کی انسٹھویں سالگرہ بھی منائی گئی ،انھیں جنوری میں ملائشیا کا نیا حکمراں منتخب کیا گیا تھا۔تب ملائشیا کی شمال مشرقی ریاست کیلنتان سے تعلق رکھنے والے سلطان محمد پنجم اچانک اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے،وہ صرف دو سال ملائشیا کے بادشاہ رہے تھے۔
واضح رہے کہ مالے نسل سے تعلق رکھنے والی نو ریاستوں کے حکمران باری باری پانچ پانچ سال کے لیے ملک کے بادشاہ بنتے ہیں،ملائشیا دنیا میں واحد ملک ہے جہاں 1957ءمیں برطانوی سامراج سے آزادی کے بعد سے اس طرح کا نظام رائج ہے۔
سلطان عبداللہ نے اپنی تاجپوشی کے موقع پر تقریر میں ملک میں نسلی منافرت کے بیج بونے والوں کو خبردار کیا ۔انھوں نے کہا کہ جوکوئی بھی نسلی منافرت کی آگ سلگائے گا،وہ نہ صرف خود بھی اس میں جھلسے گا بلکہ پورے گاؤں کو بھی جھلسا دے گا۔
انھوں نے کہا کہ اتحاد اور قومی آہنگی ملک کی مضبوطی کا ستون ہیں،اس لیے نسلی بنیاد پر غلط فہمیاں پھیلانے سے گریز کیا جائے اور ایسے معاملات نہ اٹھائے جائیں جن سے قومی اتحاد اور ہم آہنگی خطرات سے دوچار ہوسکتے ہیں۔
ملائشیا کے نئے سلطان عبداللہ نے وزیراعظم مہاتیرمحمد کی حکومت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ درپیش اقتصادی اور سماجی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اسلام آباد: حکومت کی جانب سے آن ارائیول ویزے کے اعلان کے باوجود غیر ملکی شہری کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے ڈی پورٹ کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ سے ملائیشین شہری کو ایف آئی اے نے ڈی پورٹ کر دیا، حکومت کی جانب سے آن ارائیول ویزے کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔
چن چینگ پرواز ای وائی 233 پر ابوظبی سے اسلام آباد پہنچا تھا، امیگریشن کاؤنٹر پر ملائیشین شہری اور ایف آئی اے حکام میں بحث و تکرار ہوئی۔
چن چینگ کا کہنا تھا کہ حکومتی ویب سائٹ پر ویزا آن ارائیول ملائیشین شہریوں کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے، اسی وجہ سے ویزا حاصل نہیں کیا۔ تاہم ایف آئی اے نے ملائیشین شہری کو پرواز ای وائی 234 سے واپس روانہ کر دیا۔
دوسری طرف ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ آن ارائیول ویزے کے لیے اسپانسر یا چیمبرز آف کامرس سے منظوری لازمی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان آنے کے خواہش مند سیاحوں نے آن لائن ویزے کا استعمال شروع کر دیا ہے، 2249 سیاحوں نے ویزے کے لیے درخواستیں دے دی ہیں، درخواست گزاروں میں جرمنی، اٹلی، نیوزی لینڈ، فن لینڈ کے سیاح شامل ہیں۔
اس سلسلے میں 175 ممالک سے درخواستیں نادرا کو موصول ہو چکی ہیں۔
اسلام آباد : ملائشیا میں پھنسے322 پاکستانی قیدی اسلام آباد ائیر پورٹ پہنچ گئے، جہاز میں پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا، غلام سرور خان اور زلفی بخاری بھی ائیر پورٹ پر موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق ملائشیا کی جیلوں میں قید322پاکستانیوں کو لے کر پی آئی کا جہاز اسلام آباد ائیر پورٹ پہنچ گیا۔ اس موقع پر انتہائی رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے، طیارہ پاکستان پہنچنے پر پاکستانیوں نے جہاز میں نعرے بازی کی، پورا جہاز پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔
پاک بھارت تعلقات میں تناؤ آنے کے بعد فروری سے تین سوبائیس پاکستانی ملائیشیا میں پھنسے ہوئے تھے۔ ملائیشیاں میں پھنسے پاکستانیوں کو لانے کیلئے حکومت نے خصوصی طیارہ کوالا لمپور بھیجاتھا۔
اسلام آباد کےہوائی اڈے پر اپنے پیاروں کو لینے کےلئے عزیزوں اور رشتہ داروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پاکستان پہنچنے پر محصور پاکستانیوں نے خوشی کا اظہار کیا اور قومی پرچم لہرا کر وطن سےمحبت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پاکستانیوں کے استقبال کے لیے غلام سرور خان اور زلفی بخاری بھی ائیر پورٹ پر موجود تھے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دل میں اوورسیز پاکستانیوں کی قدر ہے، عمران خان کا دل دکھتا ہے۔
ان پاکستانیوں کے لیے جو بیرون ممالک کی جیلوں میں قید ہیں، پاکستانی قیدیوں کی رہائی وزیراعظم عمران خان کی خصوصی کاوشوں سے عمل میں آئی ہے، انہوں نے ملائشیا میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے اہم کردار ادا کیا۔
زلفی بحاری نے کہا کہ غیر قانونی ایجنٹ کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے، قطر کے ویزوں کے لیے سہولت سینٹر بھی قائم کیے گئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں2100قید پاکستانیوں میں300 پاکستانی وطن پہنچ گئے، تین ماہ کے مرحلے میں سعودی عرب میں قید باقی پاکستانی بھی وطن پہنچ جائیں گے۔
راولپنڈی: وفاقی وزیر غلام سرور نے کہا ہے کہ ملائشیا میں قید پاکستانیوں کے مسئلے کو وزیر اعظم نے سنجیدگی سے دیکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان بیت المال میں ملائشیا سے پاکستانیوں کی واپسی پر پریس کانفرنس منعقد ہوئی، وزیر ایوی ایشن غلام سرور خان نے کہا کہ ملائشیا کی جیلوں میں ساڑھے 3 سو پاکستانی قید تھے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ فضائی حدود پر پابندی کی وجہ سے ملائشیا میں قید پاکستانی وطن واپس نہ آ سکے تھے، لیکن وزیر اعظم عمران خان نے اس مسئلے کو سنجیدگی سے دیکھا، اور آج یہ قیدی وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔
غلام سرور کا کہنا تھا کہ واپس آنے والے پاکستانی عید اپنے پیاروں کے ساتھ منا سکیں گے، ملائشیا میں زیادہ تر افراد کا تعلق خیبر پختون خوا سے ہے، فلائٹ کوالا لمپور سے براہ راست پاکستان آئے گی۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ملائشیا میں قید پاکستانیوں کو پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے آج وطن واپس پہنچایا جائے گا، قیدیوں کو لانے کے لیے دو خصوصی پروازوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
خصوصی پرواز اسلام آباد سے کوالالمپور کے لیے روانہ ہوگی جو کہ تین سو سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لے کر آئے گی۔ پی کے 9894/9895 بدھ 29 مئی کی صبح ڈھائی بجے روانہ ہو گی اور پاکستانی قیدیوں کو لے کر رات ساڑھے نو بجے اسلام آباد واپس پہنچے گی۔
کراچی: پاک بحریہ اور ملائشیا رائل نیوی نے بحیرۂ عرب میں مشق ’مال پاک ٹو‘ کے نام سے مشترکہ مشق میں حصہ لیا، یہ ملائشیا اور پاکستان کی مشقوں کے سلسلے کی دوسری مشق تھی۔
تفصیلات کے مطابق مال پاک مشقوں کے سلسلے کی دوسری مشق میں پاک بحریہ اور ملائشیا رائل نیوی نے شرکت کی، یہ مشقیں بحیرۂ عرب میں منعقد کی گئیں۔
[bs-quote quote=”بحری جہاز ’پی این ایس سیف‘ نے ہیلی کاپٹر کے ہم راہ مشق میں حصہ لیا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ دو طرفہ بحری مشق ’مال پاک‘ ہاربراور سی فیز پر مشتمل تھی۔
بحریہ کے ترجمان کے مطابق بحری جہاز ’پی این ایس سیف‘ نے ہیلی کاپٹر کے ہم راہ مشق میں حصہ لیا، پی این ایس عظمت، لانگ رینج میری ٹائم ایئر کرافٹ نے بھی مشق میں حصہ لیا۔
ترجمان نے بتایا کہ مشق کے ’سی فیز‘ میں سمندر سے سمندر اور فضا میں ہدف کو نشانہ بنانا شامل تھا، مشق میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز کی مشقیں بھی شامل تھیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاک بحریہ کی چھٹی کثیر ملکی امن مشقیں بھی منعقد ہوئیں، جس میں پاکستان سمیت چھیالیس ممالک کی بحری افواج عسکری اثاثوں سمیت شریک ہوئیں۔
پاک بحریہ 2007 سے ان مشقوں کی میزبانی کر رہی ہے، امن مشقوں میں آرمی، پاک فضائیہ بھی شریک ہوتی ہیں، چھٹی کثیر ملکی امن مشقوں میں آٹھ تا دس فروری ہاربر فیز اور گیارہ، بارہ فروری کو سی فیز کیا گیا۔
مشق میری ٹائم تعاون کو مستحکم کرنے، محفوظ میری ٹائم ماحول کو فروغ دینے اور علاقائی اور عالمی بحری امن و استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اسلام آباد : ایڈوٹکوگروپ ملائشیا کے چیئرمین نے پاکستان میں 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کااعلان کردیا اور سرمایہ کاری کے لئے موجودہ حکومت کے اقدامات کو تسلی بخش قرار دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ایڈوٹکوگروپ ملائشیا کے چیئرمین کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاکستان میں ملائشیا کے ہائی کمشنر اکرام محمد ابراہیم بھی موجود تھے جبکہ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف، سیکرٹری بی او آئی بھی شریک تھے۔
ملاقات میں ایڈوٹکوگروپ نے پاکستان میں250ملین ڈالرکی سرمایہ کاری کااعلان کرتے ہوئے کہا گروپ پہلے سے پاکستان میں 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے، اگلے 5سال میں 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائےگی۔
ایڈوٹکوگروپ کا ڈیجیٹل پاکستان پروگرام میں شراکت داری کی خواہش کا بھی اظہار
ایڈوٹکوگروپ کے چیئرمین نے سرمایہ کاری کے لئے موجودہ حکومت کے اقدامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا حکومت سرمایہ کاری کے لئے بہتر ماحول فراہم کررہی ہے۔
ایڈوٹکوگروپ نے ڈیجیٹل پاکستان پروگرام میں شراکت داری کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سرمایہ کاروں کو حکومتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا سرمایہ کاروں کےساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائےگا ، حکومت کاروبار میں آسانی کے لئے اہم اقدامات کر رہی ہے۔
یاد رہے چند روز قبل ناروے اور کوریا سے آئے وفد نے بھی پاکستان میں جلد بڑی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا تھا، وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کے لئے کاروبار میں آسانیوں کے لئے حکومتی اقدامات کی نگرانی خودکررہاہوں۔
وزیرِاعظم سے کارگل نامی ایک بین الاقوامی کمپنی کے ہیڈ مارشل اسمتھ نے ملک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے خصوصی ملاقات کی تھی ، کمپنی کے سربراہ مارشل اسمتھ نے پاکستان میں 200 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔
مارشل اسمتھ کا کہنا تھا سرمایہ کاری زراعت، ڈیری فارمنگ، آئل سیڈ، اور خوردنی تیل کی پیداوار کے شعبوں میں کی جائے گی، جو آئندہ 3 سے 5 برس کے دوران ہوگی جبکہ پاکستان کی معیشت میں بہتری اور روزگار کے وسیع مواقع فراہم کریں گے۔
دریں اثنا وزیرِ اعظم عمران خان نے کارگل کمپنی کی سرمایہ کاری کی خواہش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا تھا ’کارگل کمپنی کو ملک میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کریں گے، تمام معاملات میں آسانی اور شفافیت حکومت کی ترجیح ہے، وفاقی حکومت ہر سطح پر کارگل کمپنی کے ساتھ تعاون کرے گی۔
اس سے قبل مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا تھا، بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، مائیکرو سافٹ پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرسکتا ہے۔