Tag: ملائیشیا

  • مچھلی کا کانٹا نگلنے کے بعد خاتون کے ساتھ خوفناک صورتحال

    مچھلی کا کانٹا نگلنے کے بعد خاتون کے ساتھ خوفناک صورتحال

    مچھلی کا کانٹا نگلنا نہایت خطرناک ہوسکتا ہے اور اس کی وجہ سے بعض اوقات ڈاکٹر کے پاس بھی جانا پڑ سکتا ہے، تاہم ایک خاتون مچھلی کا کانٹا نگلنے کی وجہ سے خوفناک صورتحال میں پھنس گئیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ملائیشیا میں ایک خاتون نے مچھلی کا کانٹا حادثاتی طور پر نگل لیا جس کے باعث انہیں گلے میں درد ہونے لگا۔ یہ کانٹا ان کے حلق میں چبھتا رہا اور گلے کے مسلز کا حصہ بن گیا۔

    طبی جریدے جرنل آف ایمرجنسی میڈیسن میں شائع کیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ 54 سالہ خاتون مچھلی سے بنا کھانا کھارہی تھیں جب انہیں اچانک حلق میں تکلیف ہوئی اور ایسا احساس ہوا جیسے گلے میں کچھ پھنس گیا ہے۔

    خاتون نے قے کرنے کی کوشش کی تاکہ اس چیز کو اپنی جگہ سے ہٹا سکیں مگر اس سے معاملہ مزید بدتر ہوگیا، یہاں تک کہ ان کے لیے سانس لینا مشکل ہوگیا جبکہ گلے میں سوجن محسوس ہونے لگی۔

    خاتون اسپتال کے ایمرجنسی روم میں پہنچیں جہاں ڈاکٹرز نے ان کے گلے کا معائنہ کیا، ڈاکٹرز نے چٹخنے کی عجیب سی آوازوں کو سنا جو جلد کی اندرونی تہہ سے آرہی تھی۔

    شروع میں تو ڈاکٹر مچھلی کے کانٹے کو تلاش نہیں کرسکے، گلے کے معائنے کے دوران وہ نظر نہیں آیا اور نہ ہی ایکسرے میں آثار مل سکے۔ مگر سی ٹی اسکین میں انکشاف ہوا کہ 2 انچ کا کانٹا گلے کے ایک مسل میں چلا گیا ہے۔

    عام طور پر ڈاکٹروں کے پاس ایسے مریض آتے رہتے ہیں جو مچھلی کے کانٹے نگل لیتے ہیں مگر عموماً یہ کانٹے گلے کے اوپری حصے میں پھنس جاتے ہیں اور آسانی سے نکل جاتے ہیں۔

    مگر خاتون کا کیس غیرمعمولی تھا کیونکہ مچھلی کے کانٹے اس طرح مسلز کے اندر نہیں چھپتے اور ماہرین کے خیال میں زبان اور گلے کی حرکات سے ایسا ہوا۔

    اسی طرح خاتون کی جانب سے زبردستی قے کرنے کی کوشش سے بھی پھیپھڑوں میں ہوا کا بلبلہ بن گیا جس کے نتیجے میں جلد کے اندر ہوا پھنس گئی جس سے چٹخنے کی آوازیں نکل رہی تھیں۔

    سرجری کے بعد اس کانٹے کو خاتون کے گلے سے نکالا گیا اور انفیکشن سے بچانے کے لیے اینٹی بائیوٹیکس ادویات دی گئیں۔ اسپتال میں 5 دن تک رہنے کے بعد ان کی تمام علامات مکمل طور پر ختم ہوگئیں اور خاتون کو گھر بھیج دیا گیا۔

  • پی آئی اے کا طیارہ ملائیشیا میں ضبط کیے جانے کے معاملے کی لندن ہائیکورٹ میں سماعت

    پی آئی اے کا طیارہ ملائیشیا میں ضبط کیے جانے کے معاملے کی لندن ہائیکورٹ میں سماعت

    لندن: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا طیارہ ملائیشیا میں ضبط کرنے کے معاملے کی لندن میں ہائیکورٹ میں سماعت ہہوئی، پی آئی اے کے وکیل کا کہنا تھا کہ طیارے کو برطانیہ میں زیر سماعت کیس کے باوجود ضبط کروایا گیا جو کہ قانونی روایات کے منافی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا طیارہ ملائیشیا میں ضبط کرنے کے معاملے کی لندن میں ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔

    عدالت کو بتایا گیا کہ پی آئی اے ملائشیا میں ضبط طیارے کی کمپنی پیری گرین ایسوسی ایشن چارلی کمپنی کو 7 ملین ڈالر ادا کرچکی ہے۔

    دوران سماعت دونوں فریقین کے وکلا نے اتفاق کیا کہ پوری رقم کی ادائیگی، پی آئی اے کے خلاف کسی حکم کے اجرا کے بغیر ہو۔

    دعویدار کے وکیل نے کہا کہ پی آئی اے نے رقم آج ادا کی ہے، پی آئی اے کی طرف سے جولائی سے 5 لاکھ 80 ہزار ڈالر ادا نہ کرنے پر عدالت آنا پڑا۔

    عدالت کو بتایا گیا کہ لیزنگ کمپنی نے گزشتہ برس 9 ملین ڈالر کے حصول کے لیے بھی ہائیکورٹ میں کیس دائر کیا تھا جس میں پی آئی اے نے اپنے مؤقف میں کہا کہ وبا کے بعد انڈسٹری کی زبوں حالی پر اوور ہیڈ چارجز کم کیے جائیں۔

    اس تنازعہ کے دوران ہی کوالالمپور میں ایک نیا کیس دائر کر کے لیزنگ کپنی نے پی آئی اے کا طیارہ ضبط کروا دیا تھا۔

    پی آئی اے کے وکیل کا کہنا تھا کہ طیارے کو برطانیہ میں زیر سماعت کیس کے باوجود ضبط کروایا گیا جو کہ قانونی روایات کے منافی ہے۔

    خیال رہے کہ 15 جنوری کو پی آئی اے کا 777 بوئنگ طیارہ کوالالمپور ایئرپورٹ پر روک لیا گیا تھا، بوئنگ طیارہ لیز کمپنی کو ادائیگی نہ ہونے پر روکا گیا۔

  • ‘ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ تحویل میں  لئے جانے کے معاملے کو جلد حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں’

    ‘ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ تحویل میں لئے جانے کے معاملے کو جلد حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں’

    اسلام آباد : وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ کا کہنا ہے کہ ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ تحویل میں لئے جانے کے معاملے کو جلد حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ نے ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ تحویل میں لئے جانے کے معاملے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملائیشیا میں پاکستانی ہائی کمیشن ، متعلقہ حکام اور پی آئی اےسے رابطے میں ہے ، معاملے کو جلد حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ مسافروں کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے ، مسافروں کو متبادل ذرائع سے بھیجنے کیلئے انتظامات مکمل کرلئےگئے ہیں۔ مسافر آج رات کوالالمپور سے پرواز ای کے343سےروانہ ہوں گے۔

    دوسری جانب معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ پی آئی اےکابوئنگ777طیارہ ملائیشیامیں روکاگیا، یہ طیارہ 12 سال پہلے لیز پر لیا گیا تھا اور کوروناکی وجہ سےیہ طیارہ گزشتہ مہینوں میں زیر استعمال نہیں تھا، جیسے پوری دنیامیں کورونا کی وجہ سے ریٹ کم ہوئے، پی آئی اےبھی ان کے ساتھ نئے ریٹ پربات چیت کررہی تھی، کیس برطانیہ کی عدالت میں زیرسماعت ہے۔

    ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ ملائیشیا سے سارے معاملے کا کچھ لینا دینا نہیں تھا، لیزکرنے والی کمپنی ملائیشیاکی تھی نہ ہی وہاں کوئی کیس چل رہاتھا، اچانک اسٹےآرڈرلےکروہاں طیارہ روک لیا گیا، پی آئی اےملکی پیسہ نہ بچاتا،لٹاتا رہتا تو تنقید کرنے والےخوش ہوتے۔

    معاون خصوصی نے مزید کہا کہ تنقیدکرنےوالوں کوسمجھناچاہئےادارہ قومی بچت کی کوشش کر رہاہے اور برطانیہ میں کیس لڑ رہا ہے، لیز کرنے والی کمپنی ملائیشیا میں اسٹے آرڈر لے لیتی ہے، ہمیں بطورپاکستانی پی آئی اےانتظامیہ کوسپورٹ کرناچاہئے، تنقیدنہیں کرنی چاہئےکیونکہ وہ بچت کی کوشش کر رہے ہیں۔

  • ملائیشین سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستانی پائلٹس کو بحال کردیا

    ملائیشین سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستانی پائلٹس کو بحال کردیا

    کراچی : ملائیشین سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستانی پائلٹس کو بحال کردیا، سی اےاے نے ملائشیا میں کام کرنیوالے 18 پائلٹس کا لائسنس درست قرار دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ملائیشیا میں کام کرنیوالے پاکستانی پائلٹس کے لیے اچھی خبر آگئی، ملائیشین سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستانی پائلٹس کو بحال کردیا اور سی ای او سی اےاے ملائشیا نے پائلٹس بحالی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔

    مشکوک لائسنس پر ملایشین سی اے اے نے پاکستانی پائلٹس کو گراؤنڈ کیا تھا اور 18پائلٹس کے لائسنس کی تصدیق کیلئے پاکستانی سول ایوی ایشن کو خط بھی لکھا تھا۔

    جس کے بعد سی اے اے نے ملائشیا میں کام کرنیوالے 18 پائلٹس کالائسنس درست قرار دیا تھا۔

    اس سے قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان نے قطر ایئرویز میں تعینات 35 پاکستانی پائلٹس کو لائسنس کی جانچ کے بعد کلیئر قراردیا تھا۔

    یاد رہےسول ایوی ایشن اتھارٹی نے غیر ملکی ایئرلائن میں کام کرنے والے اکیس پاکستانی پائلٹس کو کلیئر قرار دیا تھا، جس میں 18 پائلٹس کا تعلق اومان کی ایئر لائن اور 3 کا ہانگ کانگ ایئر لائن سے تھا ۔

  • درندہ صفت شخص نے زندہ بلیوں کو واشنگ مشین میں ڈال دیا

    درندہ صفت شخص نے زندہ بلیوں کو واشنگ مشین میں ڈال دیا

    کوالالمپور: ملائیشیا میں سفاک شخص نے درندگی کی انتہا کرتے ہوئے زندہ بلیوں کو واشنگ مشین میں ڈال دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملائیشیا میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک درندہ صفت شخص کی جانب سے بلیوں کو واشنگ مشین میں ڈالنے کے مناظر کیمرے میں محفوظ ہوگئے۔

    دل دہلا دینے والا واقعہ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں واقع ایک لانڈری شاپ میں پیش آیا۔پولیس نے بتایا کہ 12 جولائی کو کپڑے ڈالتے ہوئے خاتون واشنگ مشین میں بلیوں کو دیکھ کر سکتے میں آگئی، خاتون نے فوراََ پولیس کو کال کر کے واقعے سے متعلق آگاہ کیا۔

    پولیس نے تفتیش کے دوران جب لانڈری شاپ میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی ریکارڈنگ دیکھی تو دنگ رہ گئی، ریکارڈنگ میں درندہ صفت شخص کو بلیوں کو واشنگ مشین میں ڈالتے ہوئے واضح دیکھا جاسکتا تھا۔

    یاد رہے کہ 16 جولائی 2017 کو امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان ہوزے میں عدالت نے ایک شخس کو 18 بلیاں مارنے کے جرم میں 16 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

  • سعودی حکومت کا مثالی اقدام

    سعودی حکومت کا مثالی اقدام

    ریاض: کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کی جانب سے ملائیشیا کی مدد کے لیے 75 لاکھ سے زیادہ میڈیکل یونٹس کا تحفہ پیش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے برادر ملک ملائیشیا کو دیے جانے والے تحفے میں لاکھوں سرجیکل فیس ماسک، این 95 حفاظتی ماسک اور کرونا وائرس کے علاج کے لیے ماہرین کے لیے اسپیشل لباس، مصنوعی تنفس کی 150 مشینیں، انتہائی نگہداشت میں کام آنے والے 80 ایئر آلات اور 180 غیر جراحتی ایئر آلات بھی شامل ہیں۔

    ملائیشین وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں 10 لاکھ این 95 ماسک مل چکے ہیں یہ وزارت صحت کے حوالے کر دیے گئے ہیں جبکہ دیگر مشینیں،آلات اور ماسک راستے میں ہیں۔

    ملائیشیا کے وزیر خارجہ نے کرونا سے نمٹنے کے لیے تعاون پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس تحقے کو دونوں ملکوں کے تعلقات کے روشن ثبوت سے تعبیر کیا۔

    سعودی فرمانروا کی جانب سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے تحفہ

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے سعودی عرب کے شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے آسٹریلیا، تھائی لینڈ، یمن، فلسطین اور افریقی ممالک میں رمضان راشن پیکٹ تقسیم کروائے گئے تھے۔

  • کرونا کا خطرہ: جاپان سے ملائیشیا واپسی، شہری پیدل گھر پہنچ گیا

    کرونا کا خطرہ: جاپان سے ملائیشیا واپسی، شہری پیدل گھر پہنچ گیا

    کوالالمپور: کروناوائرس کے خطرے کے پیش نظر ایک شہری جاپان سے ملائیشیا آیا اور ایئرپورٹ سے 3 دن کا طویل سفر پیدل طے کرکے گھر پہنچ گیا، اس اقدام نے لوگوں کو ورطہ حیرت میں مبتلا کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ’’الیکسن‘‘ نامی شہری نے ملائیشیا پہنچنے کے بعد ایئرپورٹ سے گھر تک تقریباً 120 کلومیٹر کا فاصلہ پیدل طے کیا، اس دوران اسے پورے تین دن لگے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہری کو خدشہ تھا کہ وہ اگر پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرے گا تو ممکنہ طور پر کروناوائرس کا شکار ہوسکتا ہے۔ اسی ضمن میں اس نے خود کو محفوظ رکھنے کے لیے پیدل چلنا مناسب سمجھا اور طویل فاصلے کی فکر کرتے ہوئے پالتو کتے کے ہمرا گھر پہنچ گیا۔

    کروناوائرس: بھارت میں سڑکوں پر بندر بھوک سے تڑپنے لگے

    ملائیشین شہر ’کوٹا کنیبالو‘ سے اپنے آبائی علاقے ’مادورو کنیبالو‘ پہنچنے میں اسے تین دن لگے اور فاصلہ تقریباً 120 کلو میٹر بنتا ہے۔ الیکسن کے سوشل میڈیا پر بھی خوب چرچے پھیل چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ 34 سالہ شہری نے جاپان میں 25 مارچ تک ملازمت کی تاہم کروناوائرس کے باعث اس نے سیلف آئسولیشن اختیار کرنے کے لیے اپنے وطن واپسی کا ارادہ کیا۔ مذکورہ شہری کی ایئرپورٹ پر اسکریننگ کی گئی تاہم کسی قسم کی علامات سامنے نہیں آئیں۔ تاہم اس کے باوجود شہری آئسولیشن میں چلا گیا ہے۔

  • حکومت کا ملائیشیا کے ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑا معاہدہ

    حکومت کا ملائیشیا کے ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑا معاہدہ

    اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق حکومت کی ایک اور محنت رنگ لے آئی ہے، وزارت اوورسیز پاکستانیز اور سوشل سیکورٹی ملائیشیا میں اہم معاہدہ طے پا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزارت اوورسیز پاکستانیز اور ملائیشیا کی سوشل سیکورٹی کے درمیان اہم معاہدہ طے پا گیا، پاکستانی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ اور سی ای او ملائیشین سوشل سیکورٹی نے معاہدے پر دستخط کیے، یہ تقریب سوشل سیکورٹی ملائیشیا کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی۔

    وزارت اوورسیز کے مطابق پاکستانی محنت کشوں کی ملائشین سوشل سیکورٹی میں رجسٹریشن کا آغاز ہو گیا ہے، اب ملائشین ایمپلائرز پاکستانی محنت کشوں کی معلومات ملائشین سوشل سیکورٹی کو دیں گے، حادثے کی صورت میں پاکستانی محنت کشوں کو مفت طبی و مالی امداد ملے گی جب کہ انتقال کی صورت میں اہل خانہ کو تاحیات ماہانہ وظیفہ ملے گا۔

    وزارت اوورسیز کا کہنا ہے کہ سالانہ 15 ہزار پاکستانی کام کی غرض سے ملائیشیا جاتے ہیں، ملائیشیا میں کام کرنے والے 82000 پاکستانی اس اہم معاہدے سے مستفید ہوں گے۔ سوشل سیکورٹی ملائیشیا کے سی ای او نے کہا کہ پاکستان کی ملائیشیا میں محنت کشوں کی فلاح و بہبود پر سنجیدگی قابل ستائش ہے۔

    معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے اس معاہدے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا تحفظ اور فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم کے دورہ ملائیشیا میں اس معاہدے کی یاد دہانی کی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے۔

  • وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری

    وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا، دونوں ممالک روایتی اور غیر روایتی شعبوں میں اقتصادی تعاون اور اعلیٰ سطح کے رابطوں میں اضافہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیے میں دفاعی شعبے پر جوائنٹ کمیٹی کا اجلاس راولپنڈی میں بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک تجارت کے فروغ کے لیے گیٹ وے کے طور پر کام کریں گے، دونوں ممالک ہیوی انڈسٹریز میں ایک دوسرے سے تعاون کو فروغ دیں گے اور حلال فوڈ کے کاروبار میں ادارہ جاتی خدمات فراہم کریں گے جبکہ پاکستان اور ملائیشیا سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے بھی تعاون کریں گے۔

    اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی شعبے میں جاری تعاون کو وسعت دی جائے گی۔ دونوں کے درمیان قابل تجدید توانائی، قدرتی وسائل، ایرو اسپیس اور ایروناٹیکل کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، اے آئی اور ای کامرس کے شعبے میں تعاون بڑھایا جائے گا جبکہ دونوں پارلیمانی ڈپلومیسی جاری رکھیں گے۔ ملائیشین پارلیمنٹ کے اسپیکر وفد کے ہمراہ اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    مشترکہ اعلامیہ کے مطابق لاہور سے کوالالمپور کے لیے پی آئی اے کی براہ راست پروازیں شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ اسٹریٹیجک تعلقات مزید مضبوط اور مثالی بنانے کے لیے تھا۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں میں بالمشافہ اور وفود کی سطح پر مثبت اور نتیجہ خیز بات چیت ہوئی۔ دونوں ممالک نے اعلیٰ سطح رابطے اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں ملک روایتی اور غیر روایتی شعبوں میں اقتصادی تعاون بڑھائیں گے اور تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ دورے کے دوران اسلام آباد میں چوتھے مشترکہ کمیشن کا اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کمیشن اقتصادی، سائنسی اور فنی شعبے میں تعاون کے لیے پہلے سے قائم ہے۔

    اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کوالالمپور سمٹ کے کامیاب انعقاد پر مہاتیر محمد کو مبارکباد دی، مہاتیر محمد نے عمران خان کی خطے میں امن کے لیے کوششوں کی تعریف کی۔ عمران خان نے منی لانڈرنگ کی روک تھام پر ملائیشیا کے تعاون کی بھی تعریف کی۔

    دوسری جانب ملائیشین وزیر اعظم نے کرتار پور راہداری کھولنے کے اقدام کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے دنیا بھر میں مسلم اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششوں اور اسلامو فوبیا کے خلاف تعاون کے مزید فروغ پر اتفاق کیا۔

    اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مہاتیر محمد کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی، مہاتیر محمد نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔ دورے کی تاریخوں کا اعلان بعد میں ہوگا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ ملائیشیا نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے وزیر اعظم عمران خان کے سفارتی کردار کی تعریف کی، جنوبی ایشیا میں امن یقینی بنانے میں وزیر اعظم پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا گیا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف بھی کیا گیا۔ ملائیشیا کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف سفارشات پر عملدر آمد میں مثبت پیشرفت کی۔

  • پاکستان اور ملائیشیا کی حکمران جماعتوں کے تعلقات کے نئے دور کا آغاز

    پاکستان اور ملائیشیا کی حکمران جماعتوں کے تعلقات کے نئے دور کا آغاز

    پترا جایا: وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے دورہ ملائیشیا کے دوران اہم پیشرفت ہوئی، پاکستان اور ملائیشیا کی حکمران جماعتوں کے تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کے دورہ ملائیشیا کے دوران اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پاکستان تحریک انصاف اور ملائیشیا کی حکمران جماعت کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔

    معاہدے کے تحت پاکستان اور ملائیشین حکمران جماعتیں اعلیٰ ترین سطح پر روابط کے مستقل قیام پر متفق ہوگئیں، معاہدے میں اتفاق کیا گیا کہ دونوں جماعتوں کے مابین اعلیٰ سطح وفود کے تبادلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

    معاہدے کے مطابق دو طرفہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون و اشتراک آگے بڑھایا جائے گا، سماجی سطح پر علوم و تجربات کے تبادلے کے لیے بھی مشترکہ اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔

    دونوں جماعتوں کے درمیان مشترکہ پروگرامز کے اہتمام پر بھی مکمل اتفاق کیا گیا۔

    معاہدہ وزیر اعظم عمران خان اور مہاتیر محمد کی موجودگی میں ہوا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بطور وائس چیئرمین تحریک انصاف معاہدے پر دستخط کیے جبکہ ملائیشین ڈپٹی وزیر خارجہ اور ملائیشین حکمراں جماعت، ملائیشین یونائیٹڈ انڈیجینس کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مرزوکی یحییٰ نے معاہدے پر دستخط کیے۔

    وزیر اعظم عمران خان اور ڈاکٹر مہاتیر محمد کی جانب سے پاکستان اور ملائشیا کی حکمران جماعتوں کے مابین معاہدے پر نہایت مسرت و اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ دونوں جماعتوں کے درمیان تعاون و اشتراک کے حوالے سے گرمجوشی اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر ملائیشیا میں ہیں جہاں ان کی ملاقات ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ہوئی۔

    اس دوران پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے ، مذاکرات میں تجارت، معیشت اور سیاحت کے شعبوں کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔

    دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا جبکہ دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر بھی بات ہوئی۔