Tag: ملائیشیا

  • ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان دوستی، ترقی کا نیا دروازہ ثابت ہوگی: فردوس عاشق اعوان

    ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان دوستی، ترقی کا نیا دروازہ ثابت ہوگی: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان دوستی، اعتماد اور محبت دونوں کے درمیان ترقی اور خوشحالی کا نیا دروازہ ثابت ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا کوالالمپور کا دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم مہاتیر محمد اور وزیر اعظم عمران خان مل کر دونوں ممالک میں دوستی، اعتماد، محبت، تعاون اور اشتراک عمل کا نیا باب لکھ رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ دوستی، اعتماد اور محبت پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ترقی اور خوشحالی کا نیا دروازہ ثابت ہوں گے۔

    فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں وزرائے اعظم امت مسلمہ اور اسلام کے ترجمان بن کر دنیا میں ابھرے ہیں، امت سمیت پاکستان اور ملائیشیا کے عوام کے لیے یہ دو طرفہ اشتراک عمل خوشخبری کے مترادف ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر ملائیشیا میں ہیں جہاں ان کی ملاقات ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ہوئی۔

    اس دوران پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے ، مذاکرات میں تجارت، معیشت اور سیاحت کے شعبوں کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔

    دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا جبکہ دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر بھی بات ہوئی۔

  • مغرب پر واضح کرنا چاہتا ہوں، انتہا پسندی کا تعلق اسلام سے نہیں: وزیر اعظم

    مغرب پر واضح کرنا چاہتا ہوں، انتہا پسندی کا تعلق اسلام سے نہیں: وزیر اعظم

    پترا جایا: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مغرب پر واضح کرنا چاہتا ہوں، انتہا پسندی اور خودکش حملوں کا تعلق اسلام سے نہیں، مسلم قیادت مغربی معاشرے کو اسلام کا حقیقی تصور دکھانے میں ناکام رہی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ایڈوانس اسلامک اسٹڈیز کے انسٹی ٹیوٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لیے میرا وژن وہی ہے جو علامہ اقبال اور قائد اعظم کا تھا، قائد اعظم ریاست مدینہ کے اصولوں کے تحت ریاست کا قیام چاہتے تھے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ رسول ﷺ نے ریاست مدینہ کی بنیاد رکھی تھی، پاکستان میں قانون کی عملداری سب سے پہلا اصول ہے۔ ریاست مدینہ میں انصاف اور مساوات کو بنیادی حیثیت حاصل تھی، ریاست مدینہ دنیا بھر میں عظیم ریاست کی مثال بنی اور تاریخ میں پہلی فلاحی ریاست بنی۔

    انہوں نے کہا کہ معاشی حالات خراب ہونے کے باوجود ہم نے فلاحی ریاست کی بنیاد پر حکومت کا آغاز کیا، پاکستان کا تصور بھی مدینہ کی ریاست کے مطابق ہی تھا۔ بدقسمتی سے وقت کے ساتھ ہم اپنی درست سمت سے ہٹ گئے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست کے طور پر دیکھنا چاہتا ہوں۔ ہماری حکومت نے 60 لاکھ خاندانوں کو صحت کارڈ دیے، غریبوں کو مفت کھانا اور رہائش کے لیے 200 شیلٹر ہومز بنائے، پہلی بار نوجوانوں کو میرٹ پر قرضے اور تعلیمی وظیفے دے رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایلیٹ کلاس خود کو قانون سے بالاتر سمجھتی ہے، مافیاز اور کارٹیل ملک کو پیچھے دھکیلنے کے درپے ہیں۔ پاکستان میں منافع خور مختلف اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چین کی مثال سامنے ہے جس نے کروڑوں افراد کو غربت سے نکالا۔ ملائیشیا ایک مہذب ملک ہے کیونکہ یہاں اقلیتوں کو برابری کے حقوق ہیں۔ مہاتیر محمد نے ملائیشیا کو ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں لا کھڑا کیا، ملائیشیا کا معاشرہ تحمل اور برداشت کے اوصاف سے مالا مال ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مغرب میں مذہب کو اس طرح نہیں دیکھا جاتا جس طرح ہم دیکھتے ہیں، ہمارے لیے ہمارے پیغمبر ﷺ کا جو مقام ہے مغربی دنیا اس بات سے ناآشنا ہے۔ مذہب کو کبھی کسی پر زبردستی نافذ نہیں کیا جا سکتا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دوسری جنگ عظیم میں جاپانی پائلٹس خود کش مشن پر تھے، کسی نے ان کے مذہب کو نشانہ بنایا؟ تامل ٹائیگرز نے خودکش حملوں کا آغاز کیا مگر کسی نے ان کے مذہب کا نام نہیں لیا۔ مغرب پر واضح کرنا چاہتا ہوں انتہا پسندی اور خودکش حملوں کا اسلام سے تعلق نہیں۔ مغرب میں اسلام اور اس کی تعلیمات سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں اسلام اوردہشت گردی کو جدا کر کے دکھانے کی ضرورت ہے، مسلم قیادت مغربی معاشرے کو اسلام کا حقیقی تصور دکھانے میں ناکام رہی۔ نوجوان نسل کو فلاح اور مساوات کے اسلامی شعار سکھانے کی ضرورت ہے، دنیا کو بتانا ہوگا مذہب کا غلط تصور پیش کرنے والے اسلامی اصولوں سے لاعلم ہیں۔

  • پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قیدیوں کی حوالگی کےمعاہدے پر دستخط

    پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قیدیوں کی حوالگی کےمعاہدے پر دستخط

    پتراجایا: پاکستان اور ملائیشیا کےدرمیان قیدیو ں کی حوالگی کا معاہدے طے پاگیا ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور ملائیشین  وزیرقانون نے معاہدے پر دستخط کئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ملائیشیا کےدرمیان قیدیوں کی حوالگی کے معاہدےپردستخط کردیئے گئے ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اورملائیشین وزیرقانون نےمعاہدےپردستخط کئے، دستخط کی تقریب میں پاکستان اورملائیشیاکےوزرائےاعظم نے شرکت کی۔

    وزیراعظم عمران خان اور ہم منصب مہاتیرمحمد نے مشترکہ پریس کانفرنس کی تھی ، ملائیشین وزیراعظم کاکہنا تھا کہ پاکستان اور ملائیشیا نے قیدیوں کے تبادلے کامعاہدہ کیا ہے ، قیدیوں کے تبادلے سے جرائم کی روک تھام میں مدد ملےگی۔

    قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے حوالے سے عمران خان نے کہا معاہدےسے پہلےبھی ملائیشیانے جرائم میں ملوث شخص کوحوالےکیاتھا۔

    مزید پڑھیں : پاکستان اور ملائیشیا نے قیدیوں کے تبادلے کامعاہدہ کیا ہے، مہاتیر محمد 

    وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں ناانصافی کیخلاف آواز اٹھانے پر مہاتیرمحمدکا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا تھا ملائیشیا میں دسمبر میں کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرسکا ، قریبی دوست کو لگا کہ کانفرنس سے مسلم امہ تقسیم ہوجائے گی، اسلام پرغلط فہمیاں دور کرنے کیلئے محمدﷺ کی تعلیمات سے آگاہی ضروری ہے، اسلام کے مثبت امیج کیلئے مشترکہ میڈیا پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔

    اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان اور ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد کے درمیان ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں کئی شعبوں میں تعاون پر غور کیا گیا۔

  • وزیر اعظم عمران خان اور ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان اور ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد کی ملاقات

    پتراجایا: وزیر اعظم عمران خان اور ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد کے درمیان ملاقات ہوئی ہے، مہاتیر محمد نے عمران خان کی آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کے دفتر پہنچے، مہاتیر محمد نے عمران خان کی آمد پر پُرتپاک استقبال کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان اس اہم ملاقات میں کئی شعبوں میں تعاون پر غور کیا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان مہاتیر محمد کے دفتر میں اپنے تاثرات قلم بند کر رہے ہیں

    پتراجایا میں مہاتیر محمد کے دفتر پہنچنے پر وزیر اعظم عمران خان نے اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے.

    قبل ازیں، وزیر اعظم عمران خان اور ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد صابو کی ملاقات ہوئی تھی، اس ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے وفود بھی موجود تھے، جس میں دفاعی تعاون بڑھانے سمیت باہمی دل چسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پرملائیشیا پہنچ گئے

    وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پرملائیشیا پہنچ گئے

    کوالالمپور : وزیراعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر ملائیشیا پہنچ گئے، دورے کے دوران وزیراعظم اور ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر ملائیشیا پہنچے، کوالالمپور ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد صابو نے کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیرتجارت اور سیکرٹری خارجہ بھی ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان اور ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد صابو کے درمیان ملاقات میں دفاعی تعاون بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان اور ملائیشیا کے وفود بھی ملاقات میں موجود تھے۔

    وزیراعظم عمران خان ملائیشن ہم منصب مہاتیر محمد کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، دورے میں خطے کی صورت حال، تجارتی معاملات اور پاک ملائیشیا تعلقات میں بہتری کے حوالے سے گفتگو کی جائے گی۔

    ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور مہاتیر محمد میں ون آن ون ملاقات ہوگی، دورے کے دوران مختلف معاہدوں اور یاداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے، وزیراعظم تھنک ٹینک سے بھی خطاب کریں گے۔

    یاد رہے کہ مارچ 2019 میں ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے ، جہاں اُن کا نور خان ایئربیس پر وزیراعظم عمران خان نے شانداراستقبال کیا اور مہمان کے اعزاز میں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی تھی۔

  • مہاتیر محمد کا کشمیر پر مؤقف ان کے انصاف پسند ہونے کا ثبوت ہے: فردوس عاشق اعوان

    مہاتیر محمد کا کشمیر پر مؤقف ان کے انصاف پسند ہونے کا ثبوت ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ملائیشین وزیر اعظم مہاتیر محمد کا کشمیر پر مؤقف ان کے انصاف پسند عالمی رہنما ہونے کا ثبوت ہے، دونوں ممالک کے تعلقات مذہب، ثقافت اور باہمی اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا میں قریبی برادرانہ تعلقات استوار ہیں جن کی بنیاد مذہب، ثقافت اور باہمی اعتماد پر قائم ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کی گزشتہ سال یوم پاکستان پر آمد اور پریڈ کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت دونوں ممالک کی دوستی کا مظہر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا، منصب سنبھالنے کے بعد ملائیشیا کا دوسرا دورہ دونوں ممالک کے مابین فروغ پاتے دو طرفہ مظبوط تعلقات کا آئینہ دار ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ دونوں ممالک کے اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنائے گا اور اسٹریٹجک پارٹنر شپ کو مزید تقویت ملے گی۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں قائدین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے کے حوالے سے اپنا وژن دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر ملائیشیا کی قیادت کو آگاہ کریں گے اور تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کی اہمیت پر زور دیں گے۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ ملائیشیا کا مظلوم کشمیریوں کے منصفانہ حق استصواب رائے کے لیے آواز بلند کرنا لائق تحسین ہے۔ وزیر اعظم مہاتیر محمد کا کشمیر پر مؤقف ان کے ایک انصاف پسند عالمی رہنما ہونے کا ثبوت ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج 2 روزہ دورے پر ملائیشیا روانہ ہوگئے ہیں، دورے کے دوران وزیر اعظم کی مہاتیر محمد سے بالمشافہ ملاقات ہوگی اور دونوں رہنما مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

    دونوں وزرائے اعظم وفد کی سطح پر بھی ملاقات کریں گے، اس دوران دو طرفہ معاہدے بھی کیے جائیں گے جبکہ عمران خان مسئلہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کریں گے۔

  • وزیراعظم عمران خان  3 فروری کو ملائیشیا جائیں گے

    وزیراعظم عمران خان 3 فروری کو ملائیشیا جائیں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان 3فروری کو ملائیشیا جائیں گے ، جہاں وہ ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ون آن ون ملاقات کریں گے ، جس میں دو طرفہ تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر گفتگو ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ملائیشیا کے 2روزہ سرکاری دورے کا شیڈول طے ہوگیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 3فروری کو ملائیشیا جائیں گے، ان کے ہمراہ اعلٰی سطح کاوفدبھی ملائیشیا روانہ ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم کی ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ون آن ون ملاقات بھی ہوگی اور دوطرفہ تعلقات،تجارت وسرمایہ کاری کے فروغ پربھی گفتگوہوگی جبکہ پاکستان،ملائیشیا کےدرمیان وفودکی سطح پر مذاکرات 4فروری کوہوں گے۔

    یاد رہے گذشتہ سال دسمبر میں ملائیشین وزیراعظم نے عمران خان کیلئے پروٹون 70 گاڑی کا تحفہ بھیجا تھا، جسے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد وزیراعظم کی جانب سے وصول کیا۔

    مزید پڑھیں : مہاتیر محمد کا وزیراعظم عمران خان کو پروٹون گاڑی کا تحفہ

    خیال رہے کہ مارچ  2019 میں ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے ، جہاں اُن کا نور خان ایئربیس پر وزیراعظم عمران خان نے شانداراستقبال کیا اور مہمان کے اعزاز میں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔

    ملائیشین وزیراعظم نے ایک روز بعد پروٹون گاڑیوں کا پلانٹ پاکستان میں لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا مقصد دونوں ممالک کی تجارتی شراکت داری کو قائم کرنا ہے۔

  • ہماری حکومت کو سیاسی مافیا اور قرضوں جیسے مسائل کا سامنا ہے: وزیر اعظم

    ہماری حکومت کو سیاسی مافیا اور قرضوں جیسے مسائل کا سامنا ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اسلامی دنیا کے سب سے تجربہ کار سیاستدان مہاتیر محمد نے بھی انہی مسائل کا سامنا کیا جن کا سامنا آج ہمیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اسلامی دنیا کے سب سے تجربہ کار اور کامیاب سیاستدان کا بھی بالکل اسی قسم کے مسائل سے سابقہ رہا جن کا سامنا آج میری حکومت کو ہے۔

    ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کے بارے میں ایک مضمون شیئر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے لکھا کہ ان کی راہ میں بھی وہی سیاسی مافیا حائل ہوا جس نے اداروں کی تباہی کے ذریعے ملائیشیا کو قرضے کی دلدل میں دھنسایا اور اس کا دیوالیہ نکال دیا۔

    گزشتہ روز نوجوانوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہا تھا کہ پاکستان مشکل معاشی صورتحال سے نکل آیا ہے، کرپشن مافیا کو ختم کرنے کے لیے آخری حد تک لڑائی لڑوں گا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے پوٹینشل موجود ہے، پاکستان کو عالمی سطح پر بھی مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا اب بھی اس کے لیے کردار ادا کر رہا ہے۔

  • ہولناک موت: قیمہ بنانے والی ہیوی مشین نے انسان کو دبوچ لیا

    ہولناک موت: قیمہ بنانے والی ہیوی مشین نے انسان کو دبوچ لیا

    کوالالمپور: ملائیشیا میں ہولناک حادثہ پیش آیا جہاں قیمہ بنانے والی ہیوی مشین نے انسان کے پیٹ کا قیمہ بنا دیا جس کے باعث وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ ملائیشیا کی ریاست ملاکا میں پیش آیا، مزدور قیمہ بنانے والی مشین کا مرمتی کام کررہا تھا کہ اچانک مشین چل پڑی اور نیپالی شہری کو دبوچ لیا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہلاک ہونے والے 47 سالہ شخص کا تعلق نیپال سے ہے جو ملائیشیا کی ’’میٹ پروسیسنگ فیکٹری‘‘ میں ملازمت کرتا تھا، پولیس نے موت سے متعلق تحقیقات بھی شروع کردی ہے۔

    جبکہ جائے وقوعہ پر دیگر تین ورکرز بھی کام میں مصروف تھے، مرمتی کام کے دوران اچانک مشین آن ہونے پر نیپالی شخص کا پیٹ مشین میں آیا بعد ازاں چکی میں پورا جسم پھنس گیا، 30 منٹ کی محنت کے بعد شہری کی لاش باہر نکالی گئی۔

    خیال رہے کہ بہتر روزگار کے سلسلے میں بہت بڑی تعداد نیپالیوں کی ملائیشیا کا رخ کرتی ہے، ایک اندازے کے مطابق تقریباً 3 لاکھ 60 ہزار نیپالی یہاں بستے ہیں، جو مزدوری سمیت دیگر ملازمت کے پیشوں سے وابستہ ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال ملائیشیا میں 300 سے زائد نیپالی مختلف حادثات یا خودکشی کے نتیجے میں مارے گئے۔

  • ملائیشیا میں محصور پاکستانیوں کے لیے وزیر اعظم کی ذاتی کوششیں رنگ لے آئیں

    ملائیشیا میں محصور پاکستانیوں کے لیے وزیر اعظم کی ذاتی کوششیں رنگ لے آئیں

    اسلام آباد: ملائیشیا میں محصور پاکستانیوں کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی ذاتی کوششیں رنگ لے آئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملائیشیا میں محصور پاکستانیوں کو رہائی مل گئی، وطن واپس لانے کے معاملے میں وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے ذاتی دل چسپی دکھائی، انھوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی رہائی میں وزیر اعظم عمران خان کی ذاتی کوششیں شامل ہیں۔

    وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلا م سر ور خان نے پی آئی اے کے سی ای او کو مسافروں کا بھرپور خیال رکھنے کی ہدایات کر دی ہے، 300 سے زائد پاکستانی پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے کل 31 دسمبر کو وطن واپس پہنچیں گے۔

    غلام سرور خان نے کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کو جلد از جلد واپس لانے کے لیے خصوصی پرواز کا بندوبست کیا گیا ہے، مذکورہ پاکستانی ملائیشین حکام کی تحویل میں تھے۔

    پاکستان نے مسلم امہ کی تقسیم کی وجہ سے ملائیشیا سمٹ میں شرکت نہیں کی، دفترخارجہ

    خیال رہے کہ رواں ماہ پاکستان نے کوالالمپور سمٹ میں شرکت کرنی تھی تاہم وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب کے دورے سے آنے کے بعد اس سمٹ میں شرکت کرنے سے معذرت کر لی تھی، انھوں نے ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کو فون کر کے شرکت سے معذوری ظاہر کی تھی۔

    تاہم بعد میں ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان سمٹ میں اس لیے شریک نہیں ہوا کیوں اس پر سعودی عرب کا دباؤ تھا۔ پاکستان کے ساتھ سعودی عرب نے بھی اس تاثر کی باقاعدہ تردید کی تھی۔