Tag: ملائیشیا

  • سعودی عرب نے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی خبر کی تردید کر دی

    سعودی عرب نے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی خبر کی تردید کر دی

    اسلام آباد: سعودی عرب نے پاکستان کو کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے پر مجبور کرنے کی خبر کی تردید کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے میڈیا پر چلنے والی اس بے بنیاد خبر کی تردید کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کو کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے پر مجبور کیا ہے اور پاکستان کو دھمکی دی ہے۔

    سعودی عرب کے سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات ایسے نہیں جہاں دھمکیوں کی زبان استعمال ہوتی ہو، یہ باہمی تزویراتی تعلقات ہیں جو اعتماد، افہام وتفہیم اور باہمی احترام پر قائم ہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بیش تر علاقائی، عالمی اور بہ طور خاص امت مسلمہ کے معاملات میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے، سعودی عرب نے ہمیشہ دوستانہ تعلقات کی بنیاد پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے تاکہ پاکستان ایک کام یاب اور مستحکم ملک کے طور پر اپنا کردار ادا کر سکے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان نے مسلم امہ کی تقسیم کی وجہ سے ملائیشیا سمٹ میں شرکت نہیں کی، دفترخارجہ

    خیال رہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے کوالالمپور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان پر سعودی عرب کا دباؤ تھا، سمٹ میں پاکستان کیوں شریک نہیں ہوا، ہم اس کی مجبوریاں جانتے ہیں۔

    طیب اردوان نے کہا تھا کہ سعودی عرب نے روزگار کے لیے موجود 40 لاکھ پاکستانیوں کو وطن واپس بھیجنے اور اسٹیٹ بینک میں رکھے اربوں ڈالر نکالنے کی دھمکی دی تھی، پاکستان معاشی مشکلات پر دباؤ میں آیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے بھی بیان میں کہا تھا کہ پاکستان نے ملائیشیا سمٹ میں شرکت نہیں کی اور شرکت نہ کرنے کی وجہ امت مسلمہ کی تقسیم ہے۔ امت مسلمہ کے ممکنہ تقسیم کے خدشات دور کرنے کی کو ششوں کی ضرورت ہے۔

    اب سعودی عرب پر پاکستان کی کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کے الزام کی سعودی سفارت خانے نے بھی تردید کر دی ہے۔

  • تعصب یا حبُ الوطنی؟

    تعصب یا حبُ الوطنی؟

    بینجمن بریٹن کو دنیا کا مشہور موسیقار اور لازوال دھنوں کا خالق کہا جاتا ہے۔

    موسیقی اس کا عشق اور اس فن سے اسے محبت تھی۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی تخلیق کردہ دھنیں لوگوں کے دلوں میں اتر گئیں اور یادگار ٹھیریں، لیکن اس باکمال آرٹسٹ اور ماہر موسیقار نے وہ دن بھی دیکھا جب اس کی متعدد کاوشیں مسترد کردی گئیں اور ستم یہ ہے کہ وجہ بھی نہیں بتائی گئی۔ اس حوالے سے دریافت کرنے پر تسلی بخش جواب بھی نہیں‌ دیا گیا اور یہ موسیقار آخری سانس تک اس کا سبب نہ جان سکا۔

    یہ 1957 کی بات ہے جب ملکۂ برطانیہ نے ملائیشیا کی آزادی کے پروانے پر اپنی مہر ثبت کی۔ اگست کا مہینہ گویا سَر پر تھا۔ قوم پہلا جشنِ آزادی منانے کے لیے بے تاب تھی۔ کیلنڈر پر جون کی تاریخیں تیزی سے بدل رہی تھیں، مگر نو آزاد ریاست کی حکومت اب تک قومی جھنڈے اور ترانے کا فیصلہ نہیں کرسکی تھی اور اس سلسلے میں فکرمند تھی۔

    بینجمن بریٹن دنیائے موسیقی کا وہ نام تھا جسے اس حوالے سے بھی پہچانا جاتا تھا۔ حکومت نے اس سے رابطہ کیا اور اس نے جلد ہی ایک دُھن سرکاری نمائندے کے سامنے رکھ دی، مگر اسے سندِ قبولیت نہ ملی۔ اس کا سبب نہیں بتایا گیا بلکہ حکام کی خاموشی حد درجہ پُراسرار معلوم ہو رہی تھی۔ بعد میں بینجمن بریٹن سے مزید دھنیں طلب کی گئیں جو اس نے مکمل کر کے حکام کو تھما دیں، مگر عجیب بات یہ ہے کہ ملائیشیا کا ملّی نغمہ اس کے ایک ہم عصر کی دھن سے آراستہ ہے۔

    یہ راز 1976 میں بریٹن کی موت کے بعد کھلا جب ایک برطانوی محقق نے ملّی نغموں کی تاریخ مرتب کی. معلوم ہوا کہ ملائیشیا کے حکام نے اس موسیقار کی اوّلین دھن کو قومی ترانے کے لیے ناموزوں قرار دے کر متعدد مقامی گیتوں کے ‘‘ٹیپ’’ تھما دیے اور ہدایت کی کہ ایسی دُھن ترتیب دے جو ان سے مماثلت رکھتی ہو۔

    ماہر موسیقار نے یومِ آزادی سے ایک ہفتہ قبل اپنی ترتیب دی ہوئی چند دھنیں حکومتی نمائندے کے سپرد کردیں اور مطمئن ہو گیا، لیکن یومِ آزادی پر پڑھے گئے ترانے کی دھن ایک فرانسیسی موسیقار کی ترتیب دی ہوئی تھی۔ وہ حیران تھا کہ ایسا کیوں‌ ہوا مگر وہ زندگی بھر اس کی اصل وجہ نہیں‌ جان سکا۔

    محققین کے نزدیک اس کا سبب بریٹن کی برطانوی شہریت تھی۔ غالباً حکومت کو بعد میں یہ خیال آیا کہ بینجمن اسی ملک کا باشندہ ہے جس کی غلامی سے وہ ابھی آزاد ہوئے ہیں اور اسی برطانیہ کے ایک موسیقار سے ترانے کی دھن بنوانا کسی بھی وقت موضوعِ بحث بن سکتا ہے۔ قوم شاید اسے قبول نہ کرے اور یوں‌ عجلت میں‌ ایک فرانسیسی موسیقار کی خدمات حاصل کر کے قومی ترانے کی دھن بنوائی گئی۔ (تلخیص و ترجمہ: عارف عزیز)

  • شاہ محمود قریشی سے ملائیشین نائب وزیر خارجہ کی ملاقات

    شاہ محمود قریشی سے ملائیشین نائب وزیر خارجہ کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملائیشین نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ملائیشیا کی آواز بلند کرنا قابل تحسین ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملائیشین وزیر اعظم کے خصوصی ایلچی و نائب وزیر خارجہ داتو ویرا حاجی مرزوقی یحییٰ وزارت خارجہ پہنچے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملائیشین ایلچی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

    وزیر خارجہ نے ملائیشین نائب وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ملائیشیا کی آواز بلند کرنا قابل تحسین ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی تائید اور حمایت پر ملائیشیا کے ممنون ہیں۔

    ملائیشیا کے نائب وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کو کوالالمپور کانفرنس کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا، شاہ محمود قریشی نے کوالالمپور کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

    اس سے قبل گزشتہ روز افریقی ممالک کی سفرا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افریقہ کے مابین تجارتی حجم میں اضافے کے بے شمار مواقع ہیں، ہمیں مل کر ان مواقعوں سے بھر پور استفادہ کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ افریقی ممالک کے ساتھ باہمی روابط کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں، جلد ہی دونوں ممالک میں سفارتی اور سیاسی وفود کے تبادلے بڑھ جائیں گے۔

  • اٹلی کے بعد ملائیشیا بھی سیاحت کے شعبے میں  تعاون پر تیار، معاہدے کا امکان

    اٹلی کے بعد ملائیشیا بھی سیاحت کے شعبے میں تعاون پر تیار، معاہدے کا امکان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی کوششیں رنگ لے آئیں ، پاکستان اور ملائیشیا میں سیاحتی شعبے میں تعاون کےمعاہدے کا امکان ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم معاون خصوصی زلفی بخاری ملائیشیاکااہم دورہ کریں گے۔ 

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی پاکستان میں سیاحت کے فروغ کی کوششیں رنگ لے آئیں ، اٹلی کے بعد ملائیشیا بھی سیاحت کے شعبے میں تعاون پر تیار ہے۔

    پاکستان اور ملائیشیا میں سیاحتی شعبے میں تعاون کے معاہدے کا امکان ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم معاون خصوصی زلفی بخاری ملائیشیا کا اہم دورہ کریں گے۔

    دورے سے قبل زلفی بخاری کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی ، جس میں وزیراعظم کو ملائیشیا اور قطر کے دوروں پر بریفنگ دی گئی اور سیاحت کے فروغ، اوورسیز پاکستانیوں کے لئے ممکنہ معاہدوں سے بھی آگاہ کیا اور کہا گیا کہ قطر کیساتھ اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : پاکستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے اٹلی کی معاونت، اربوں ڈالر کا فائدہ ہوگا

    یاد رہے گذشتہ روز اٹلی نے پاکستانی سیاحت کے فروغ کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی ، زلفی بخاری سے پاکستان میں تعینات اطالوی سفیر نے خصوصی ملاقات ہوئی تھی۔

    اس موقع پر اطالوی سفیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے، اٹلی پاکستان میں سیاحتی منصوبوں میں تعاون کا خواہاں ہے، دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔

    دریں اثنا زلفی بخاری نے کہا تھا کہ سیاحت کا شعبہ وزیر اعظم کے دل کے بہت قریب ہے، سیاحت کے فروغ کے لیے اہم اور بڑے فیصلے کیے ہیں، برانڈ پاکستان کی تشکیل کا کام بھی جلد مکمل ہوجائے گا، سیاحتی ترقی سے ملکی معیشت میں 20ارب ڈالر کا اضافہ ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اٹلی شمالی علاقوں میں سیاحتی سرگرمیاں بڑھانے کی تیاری شروع کردے، کرتارپورکوریڈور پاکستان میں مذہبی سیاحت کے فروغ کی اہم کڑی ہے، کرتارپور کے اقدام سے دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص سامنے آیا۔

  • پاکستان اور ملائیشیا کے مابین دیرینہ، گہرے مراسم ہیں، شاہ محمود قریشی

    پاکستان اور ملائیشیا کے مابین دیرینہ، گہرے مراسم ہیں، شاہ محمود قریشی

    کوالالمپور: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر ملائیشیا کی بھرپور حمایت کا خیرمقدم کرتے ہیں، ملائیشیا بھارتی دھمکیاں خاطر میں نہ لاتے ہوئے موقف پر قائم رہا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ملائیشیا میں ہم منصب داتوسیف الدین سے ملاقات کے دوران اقتصادی وتجارتی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے مابین دیرینہ، گہرے مراسم ہیں، مہاتیرمحمد کے دورہ پاکستان کی خوشگوار یادیں تازہ ہیں۔

    وزیرخارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ملائیشیا کی بھرپور حمایت کا خیرمقدم کرتے ہیں، ملائیشیا بھارتی دھمکیاں خاطر میں نہ لاتے ہوئے موقف پر قائم رہا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ باہمی اقتصادی تعاون انتہائی سود مند اور معاون ثابت ہوگا۔ ملائیشین ہم منصب نے شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا۔

    پاکستان، ملائیشیا آزادانہ تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، وزیرخارجہ

    اس سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر اقتصادی امور ملائشیا داتو سری عظمین علی سے ملاقات میں اقتصادی تعاون کے فروغ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، ملائیشیا آزادانہ تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، دو طرفہ تجارت کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

  • پاکستان، ملائیشیا آزادانہ تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، وزیرخارجہ

    پاکستان، ملائیشیا آزادانہ تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، وزیرخارجہ

    کوالالمپور: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان، ملائیشیا آزادانہ تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، دو طرفہ تجارت کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر اقتصادی امور ملائشیا داتو سری عظمین علی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اقتصادی تعاون کے فروغ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خارجہ نے ملائشین وزیر کو معاشی اصلاحات، مراعات سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور ملائشیا میں حلال فوڈ، سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون سمیت سیاحت، زراعت سمیت کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون پراتفاق کیا گیا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، ملائیشیا آزادانہ تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، دو طرفہ تجارت کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

    وزیر اقتصادی امور داتو سری عظمین علی نے آمد پر شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔ ملائشین وزیر نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

    پاکستان ملائشیا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، شاہ محمود قریشی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ملائیشین نائب وزیر خارجہ احمد مرزوقی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان ملائشیا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے دوروں نے تعلقات کو مزید تقویت دی۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پرتکلف عشائیے پر ملائیشین نائب وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کیا تھا۔

  • ملائیشیا میں مقیم پاکستانی سالانہ کثیر زرمبادلہ ملک بھجواتے ہیں: شاہ محمود

    ملائیشیا میں مقیم پاکستانی سالانہ کثیر زرمبادلہ ملک بھجواتے ہیں: شاہ محمود

    کوالالمپور: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملائیشیا میں 80 ہزار سے زائد پاکستانی مقیم ہیں، جو سالانہ کثیر زرمبادلہ پاکستان بھجواتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کوالالمپور میں پاکستان ہائی کمیشن کا دورہ کیا، اس موقع پر پاکستانی آفیشلز سمیت دیگر عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔

    وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کمیونٹی سروس سینٹر کا افتتاح کیا، کمیونٹی سروس سینٹر پاکستانی کمیونٹی کی سہولت کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

    اس موقع پر وزیرخارجہ نے ملائیشیا میں پاکستانی سفارت کاروں کی خدمات کی تعریف کی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

    کمیونٹی سروس سینٹر سے ایک ہی جگہ تمام قونصلر سروسز کی دستیابی یقینی ہوگی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود کا کہنا تھا کہ ملائشیا میں اسی ہزار پاکستانی مقیم ہیں، جو سالانہ کثیر زر مبادلہ پاکستان بھجواتے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ملائیشین نائب وزیر خارجہ احمد مرزوقی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان ملائشیا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے دوروں نے تعلقات کو مزید تقویت دی۔

    پاکستان ملائشیا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، شاہ محمود قریشی

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پاکستان ملائشیا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے دوروں نے تعلقات کو مزید تقویت دی ، ملائیشیا کو بھارتی دھمکیاں بالائے طاق رکھ کر کشمیر پر اصولی مؤقف اپنانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

  • ہم نے بی بی سی طرز پرانگریزی چینل کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم عمران خان

    ہم نے بی بی سی طرز پرانگریزی چینل کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان، ترکی اور ملائیشیا نے بی بی سی طرز پرانگریزی چینل کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم نے میٹنگ میں بی بی سی کی طرز پر انگریزی چینل بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انگریزی چینل کے ذریعے مسلمانوں کو درپیش مسائل اجاگر کریں گے، انگریزی چینل کے ذریعے اسلاموفوبیا کا مقابلہ کیا جائے گا۔

    ترکی، ملائیشیا اور پاکستان کا انگریزی چینل کھولنے کا فیصلہ

    یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر پاکستان، ترکی اور ملائیشیا نے مشترکہ انگریزی چینل کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مشترکہ چینل پر مسلمانوں کی تاریخ پر پروگرام اور فلمیں پیش کی جائیں گی، چینل کا مقصد عالمی میڈیا کی نمائندگی کو یقینی بنانا ہے، مشترکہ چینل ہمارے مذہب کی صحیح ترجمانی کرے گا۔

  • پہاڑوں اور جنگلوں سے گزرتی دنیا کی طویل ترین واٹر سلائیڈ

    پہاڑوں اور جنگلوں سے گزرتی دنیا کی طویل ترین واٹر سلائیڈ

    ملائیشیا میں دنیا کی سب سے طویل واٹر سلائیڈ کھول دی گئی، واٹر سلائیڈ کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی شامل کرلیا گیا ہے۔

    دنیا کی طویل ترین واٹر سلائیڈ قرار دی جانے والی یہ سلائیڈ اس لیے بھی انوکھی ہے کہ یہ پہاڑی کی چوٹی سے شروع ہو کر جنگل سے گزرتی ہوئی ایک سوئمنگ پول پر اختتام پذیر ہوتی ہے۔

    سلائیڈ کی طوالت 1 ہزار 111 میٹر یعنی 3 ہزار 645 فٹ ہے اور اسے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی شامل کرلیا گیا ہے۔

    اس قدر لمبی سلائیڈ کا سفر پورے 4 منٹ تک جاری رہتا ہے اور اس دوران جنگل سے گزرتے ہوئے مختلف چہچہاتے پرندوں اور درختوں سے لٹکتے بندروں سے بھی ملاقات ہوجاتی ہے۔

    سلائیڈ کا آغاز پہاڑی کی چوٹی سے ہوتا ہے جہاں تک جانے کے لیے خصوصی چیئر لفٹ بنائی گئی ہے۔

    یہ سلائیڈ ملائیشیا کے اسکیپ تھیم پارک میں بنائی گئی ہے اور اس نے جرمنی کی اس واٹر سلائیڈ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے جو اس سے قبل دنیا کی طویل ترین واٹر سلائیڈ مانی جاتی تھی۔ ملائیشیا کی یہ سلائیڈ جرمنی کی سلائیڈ سے 3 گنا طویل ہے۔

    پارک کے منتظمین کا کہنا ہے کہ سلائیڈ کی تعمیر میں بھاری مشینری کا استعمال نہیں کیا گیا تاکہ جنگل اور آس پاس کے قدرتی ماحول کو نقصان نہ ہو۔

  • اسلاموفوبیا کے مقابلے کے لیے ترکی، ملائیشیا اور پاکستان کا انگریزی چینل کھولنے کا فیصلہ

    اسلاموفوبیا کے مقابلے کے لیے ترکی، ملائیشیا اور پاکستان کا انگریزی چینل کھولنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ کے ذریعے کہا ہے کہ ترکی، ملائیشیا اور پاکستان مشترکہ طور پر انگریزی چینل کھولیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ آج ان کی رجب طیب اردوان اور مہاتیر محمد سے اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں انھوں نے فیصلہ کیا ہے کہ مشترکہ طور پر ایک انگریزی چینل شروع کیا جائے گا۔

    وزیر اعظم نے کہا انگریزی زبان کے چینل کا مقصد اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنا ہے، اور دنیا کو اسلام کے بارے میں آگاہی دینا ہے، چینل کا مقصد عظیم مذہب اسلام کے بارے میں غلط تاثر کا خاتمہ ہے۔

    انھوں نے کہا ایسی تمام غلط فہمیوں کا ازالہ کیا جائے گا جو لوگوں کو مسلمانوں کے خلاف یک جا کرتی ہیں۔

    انھوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ اس چینل کے ذریعے مسلمانوں کے بارے میں غلط تاثرات ٹھیک کیے جائیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا چینل کے ذریعے توہین رسالت کے معاملے پر دنیا کو آگاہی، مسلمانوں کی تاریخ پر مبنی فلموں کے ذریعے دنیا کو تعلیم دی جائے گی۔

    تازہ ترین:  مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانیے کا ازالہ ضروری ہے: عمران خان

    انھوں نے لکھا چینل کے ذریعے مسلمانوں کو میڈیا پر مکمل نمایندگی ملے گی۔

    واضح رہے آج پاکستان، ملائیشیا اور ترکی نے مشترکہ طور پر اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز میں ’نفرت انگیز تقاریر‘ کی روک تھام کے سلسلے میں ایک اہم کانفرنس کا انعقاد کیا تھا۔

    کانفرنس سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا مذہب کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے، مذہبی دہشت گردی کے پیچھے حقیقت کی بہ جائے سیاست ہے، مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانیے کا ازالہ کیا جانا ضروری ہے۔