Tag: ملائیشیا

  • وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا شیڈول تیار

    وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا شیڈول تیار

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا شیڈول تیار کرلیا گیا جس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 20 نومبر کو ملائیشیا پہنچیں گے اور ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کا شیڈول تیار کرلیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان 20 نومبر سے ملائیشیا کا دورہ کریں گے اور ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد کی دعوت پر 2 روز تک قیام کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم خان ملائیشین ہم منصب سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں گے۔ وزیر اعظم اپنے ہم منصب مہاتیر محمد سے ملاقات میں اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کریں گے جبکہ ملائیشیا کی ترقی کے تجربات سے استفاده پر بات چیت بھی کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کو ملائیشیا میں ترقی کے تیز ترین ماڈل پر بریفنگ دی جائے گی۔

    وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد سمیت دیگر حکام بھی ملائیشیا جائیں گے۔

    اس سے قبل وزیر اعظم کو 28 اکتوبر کو ملائشیا کے دورے پر روانہ ہونا تھا، بعد ازاں دورہ ملائیشیا کی تاریخ تبدیل کردی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اب تک 2 بار سعودی عرب اور چین کا دورہ کرچکے ہیں۔

    اس سے قبل اپنے 5 روزہ دورہ چین میں وزیر اعظم نے چینی صدر شی جن پنگ کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور ملکی معیشت پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران 15 معاہدوں اور یاداشتوں پر بھی دستخط کیے۔

    اس سے قبل دورہ سعودی عرب میں دوست ملک نے پاکستان کو مشکل وقت سے نمٹنے کے لیے بڑا پیکج دے کر تحریک انصاف حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا تھا اور پاکستان کے لیے 12 ارب ڈالر کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا۔

    پیکج کے مطابق پاکستان کو 3 ارب ڈالر ایڈونس دیے جائیں گے، تین ارب ڈالر کا ادھار تیل تین سال تک دیا جائے گا جبکہ بیلنس آف پیمنٹ کے لیے ایک سال تک تین ارب ڈالر بھی پاکستان کے اکاؤنٹ میں رکھے جائیں گے۔

  • وزارت داخلہ نے آئی جی اسلام آباد جان محمد کو ملائیشیا سے واپس بلالیا

    وزارت داخلہ نے آئی جی اسلام آباد جان محمد کو ملائیشیا سے واپس بلالیا

    اسلام آباد : وزارت داخلہ نے آئی جی اسلام آباد جان محمد کو ملائیشیا سے واپس بلالیا، ،گزشتہ روزسپریم کورٹ نے آئی جی اسلام آباد کا تبادلہ معطل کردیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے آئی جی اسلام آباد جان محمد کو وطن واپس بلالیا اور مراسلہ جاری کردیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ جان محمد دو نومبرتک ملائشیا میں کورس پرہیں۔انہیں کورس چھوڑکرواپس آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    وزارت داخلہ نے جان محمد کو فوری طور پر بطور آئی جی اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

    وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اعظم سواتی کا کہنا تھا مخالفین نے ان کے چوکیدار کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی، چوکیدار سمیت تین ملازموں پر تشدد بھی کیا گیا، آئی جی نے میری حفاظت کا پاس نہیں کیا۔انکوائری کیلئے تیار ہوں۔

    عظم سواتی نے سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا چیف جسٹس کو حقائق سے آگاہ کروں گا، امید ہے چیف جسٹس کو موقف سمجھانے میں کامیاب ہوجاؤں گا۔

    وفاقی وزیرعلی زیدی کا کہنا ہے آئی جی نے ایک وزیرکا فون نہیں اٹھایا تو عام آدمی کاکیاحال ہوگا۔ حکومت ویسے بھی آئی جی تبدیل کرنا چاہ رہی تھی۔

    گزشتہ روزچیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے وزیراعظم عمران خان کے زبانی حکم پر ہونے والا آئی جی اسلام آباد کا تبادلہ روک دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : سپریم کورٹ نے آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کے حکومتی احکامات معطل کردیے

    اٹارنی جنرل نے آئی جی کی تبدیلی کی سمری عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے زبانی احکامات پر تبادلہ کیا گیا۔ چیف جسٹس نے پوچھا کہ تبادلے کی اصل وجہ کیا ہے، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ خود عدالت کو حقائق بتائیں۔سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ آئی جی کے تبادلے کا مسئلہ کافی عرصے سے چل رہا ہے، وزیراعظم آفس آئی جی کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھا۔

    چیف جسٹس نے سیکرٹری اسٹبلشمنٹ کو کہا کہ کیوں نہ آپ کا بھی تبادلہ کر دیا جائے، کیا آپ کو کھلا اختیار ہے جو چاہیں کریں، وزیراعظم سے ہدایت لے کر جواب داخل کریں، کیا یہ نیا پاکستان آپ بنا رہے ہیں۔

    چیف جسٹس نے کہا تھا کہ ایک وزیر کی شکایات پر آئی جی کو تبدیل کیا گیا، آئی جی کی تبدیلی وزارت داخلہ کا کام تھا، کیا ذاتی خواہشات سے تبادلے ہوتے ہیں، کیا حکومت اس طرح افسران کے تبادلے کرتی ہے۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو زبانی حکم دینے کی کیا جلدی تھی، کیا حکومت زبانی احکامات پر چل رہی ہے، پاکستان اس طرح نہیں چلے گا، جس کا جو دل کرے اپنی مرضی چلائے، ایسا نہیں ہوگا، اب پاکستان قانون کے مطابق چلنا ہے، زبردستی کے احکامات نہیں چلیں گے، وزیراعظم نے زبانی کہا اور تبادلہ کر دیا گیا۔

    جسٹس ثاقب نثار نے کہا تھا کہ سیاسی وجوہات پر آئی جی جیسے افسر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، ریاستی اداروں کو اس طرح کمزور اور ذلیل نہیں ہونے دیں گے۔

    واضح رہے کہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اعظم سواتی کا فون اٹینڈ نہ کرنے پر آئی جی اسلام آباد جان محمد کو عہدے سے ہٹادیا گیا تھا۔

  • وزیر اعظم عمران خان کو ملائیشین ہم منصب کا ٹیلی فون

    وزیر اعظم عمران خان کو ملائیشین ہم منصب کا ٹیلی فون

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کو ملائیشین وزیر اعظم مہاتیر محمد نے ٹیلی فون کیا جس میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں آپس کا تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کو ملائیشین وزیر اعظم مہاتیر محمد نے ٹیلی فون کیا۔ دونوں نے ایک دوسرے کو انتخابات میں کامیابی اور وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

    دوران گفتگو وزیر اعظم عمران خان نے ملائیشین معیشت میں بہتری کے لیے مہاتیر محمد کے اقدامات کی تعریف کی۔

    اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ دونوں ممالک میں وفود کے تبادلے انتہائی ضروری ہیں۔ دو طرفہ تعاون سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔

    دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں آپس کا تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ملائیشین وزیر اعظم کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

    مہاتیر محمد نے عمران خان کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا جلد دورہ کروں گا۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو بھی ملائیشیا کے دورے کی دعوت دی۔

  • ملائیشیا: سزائے موت ختم کرنے کا اعلان

    ملائیشیا: سزائے موت ختم کرنے کا اعلان

    کوالا لمپور: ملائیشیا کی حکومت نے سزائے موت ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد پارلیمنٹ میں قانون کی منظوری تک تمام قیدیوں کی سزائے موت پر عملدرآمد روک دیا گیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کے وزیر قانون داتوک لیووونی نے کہا ہے کہ سزائے موت پر پابندی کے لیے قانون اسمبلی میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 15 اکتوبر کو ہونے والے پارلیمانی اجلاس میں یہ بل پیش کردیا جائے گا۔

    سزائے موت ختم کرنے کے اعلان کے بعد تمام قیدیوں کی سزائے موت پر عملدرآمد روک دیا گیا ہے ان کے لیے دیگر مناسب سزائیں کرائی جائیں گی جن میں زیادہ سے زیادہ سزا عمر قید ہوگی۔

    واضح رہے کہ ملائیشیا میں قتل، اغوا، ملک سے بغاوت اور منشیات فروشی کی خریدوفروخت کے جرائم میں سزائے موت کا قانون ہے تاہم اب حکومت کسی بھی طرح کے جرم میں سزائے موت کا قانون ختم کردے گی اور ان کی جگہ دوسری سزائیں دی جائیں گی۔

    حال ہی میں ایک آسٹریلوی خاتون کو بھی منشیات کی اسمگلنگ میں سزائے موت سنائی گئی تھی اور ملائیشیا پر آسٹریلوی خاتون کو معاف کرنے اور رہائی کے لیے آسٹریلوی حکومت سمیت انسانی حقوق کی متعدد تنظیموں کا دباؤ ہے۔

    یاد رہے کہ ملائیشیا میں 1200 افراد کو موت کی سزا سنائی گئی ہے قانون اسمبلی میں منظور ہونے کے بعد ان کی سزاؤں کا تعین کیا جائے گا۔

    ملائیشیا میں سوئیڈن کے سفیر نے ملائیشیا کی حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملائیشیا کی حکومت نے ایک مثال قائم کی ہے جبکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی ملائیشیا کی حکومت کے فیصلے کو مثبت قرار دیا ہے۔

  • جاپان نے ایشین گیمز ہاکی ایونٹ میں گولڈ میڈل جیت لیا

    جاپان نے ایشین گیمز ہاکی ایونٹ میں گولڈ میڈل جیت لیا

    جکارتہ:‌ ایشین گیمز کے ہاکی ایونٹ میں‌ جاپان نے ملائیشیا  کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا.

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں‌ جاری 18 ویں ایشین گیمز کا فائنل ملائیشیا اور جاپان کے درمیان کھیلا گیا۔ اس سنسنی خیز مقابلے کا فیصلہ پینالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔

    دونوں ہی ٹیموں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ جاپان اورملائیشیا میں مقررہ وقت تک مقابلہ 6-6 گول سے برابر تھا۔

    البتہ جاپان نے پینالٹی شوٹ آؤٹ پر ملائیشیا کو 3-1 سے ہرا کر اولمپکس 2020 کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

    مزید پڑھیں: ایشین گیمز: بھارتی ہاکی ٹیم کانسی کا تمغہ لے اڑی، پاکستان خالی ہاتھ وطن لوٹنے پر مجبور

    واضح رہے کہ جاپان نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل  میں کوالیفائی کیا تھا، جب ملائیشیا کی ٹیم بھارت کو شکست دے کر اس مرحلے میں پہنچی تھی۔

    یاد رہے کہ آج کانسی کے تمغے کے لیے روایتی حریف بھارت اور پاکستان مدمقابل آئے تھے۔ کانٹے دار مقابلے کے بعد بھارت دو ایک سے فاتح قرار پایا اور پاکستان کو ایک بار پھر خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔

  • ملائیشیا: سفاک ملزمان نے معمولی جھگڑے پر دو پاکستانیوں کے ہاتھ کاٹ دیئے

    ملائیشیا: سفاک ملزمان نے معمولی جھگڑے پر دو پاکستانیوں کے ہاتھ کاٹ دیئے

    کوالالمپور : ملائیشیا میں مقیم دو پاکستانیوں پر معمولی جھگڑ ے کے بعد میانمار کے شہریوں نے حملہ کرکے ان کے ہاتھ کاٹ دئیے، متاثرین نے پاکستانی حکومت سے مدد کی اپیل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ملائشیا میں مقیم دو پاکستانیوں محمد شہزاد اور سید منظور شاہ کا میانمار کے باشندوں سے گاڑی کے لین دین پر جھگڑا ہوا، دونوں نوجوانوں نے بیانہ نہ ملنے پر میانمار کے شہریوں کو گاڑی نہیں دی تھی۔

    اس حوالے سے متاثرہ شخص کے بھائی قاضی زبر نے میڈیا کو بتایا کہ میرا بھائی ملائیشیا میں گاڑیوں کی خرید وفروخت کا کام کرتا ہے، ایک شخص جس کا تعلق برما سے ہے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ان سے گاڑی خریدنے آیا اور پیسوں کے لین دین پر کوئی معمولی جھگڑا ہوا جس پر اس شخص نے تلوار کے وار سے اس کا ہاتھ کاٹ دیا اور اس موقع پر میرے بھائی کا پارٹنر بھی اس کے ساتھ موجود تھا اور اس نے اس کے بھی ہاتھ کاٹ دیئے اور فرار ہو گیا۔

    دونوں متاثرہ افراد اسپتال میں زیرعلاج ہیں، قاضی زبر کا کہنا ہے کہ دونوں زخمیوں کوعلاج معالجے میں بہت مشکلات کا سامنا ہے، پاکستانی سفارت خانہ ان کی قانونی مدد کرے، بھائی کا مؤقف ہے کہ پولیس اور مقامی انتظامیہ سے شکایت کے باوجود ملزمان کیخلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

    واضح رہے کہ زخمی ہونے والے شخص کا نام محمد شہزاد ہے جبکہ اس کا تعلق میانوالی سے ہے اور عمر45سال ہے ،اس کے ساتھ کا نام سید منظور شاہ ہے جس کا تعلق ثوابی سے ہے اور عمر 25سال ہے ۔

  • ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم پر آج فرد جرم عائد کی جائے گی

    ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم پر آج فرد جرم عائد کی جائے گی

    کوالالمپور: ملائیشیائی عدالت کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس میں ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق پر آج فرد جرم عائد کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ کئی عرصے سے سابق ملائیشیائی وزیر اعظم نجیب رزاق کے خلاف منی لانڈرنگ کیس سے متعلق تحیقات جاری تھیں، جبکہ آج ان پر ملائیشیا کی عدالت فرد جرم عائد کرے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیائی اینٹی کرپشن کمیشن گزشتہ کچھ عرصے سے سابق وزیراعظم نجیب رزاق سے بدعنوانی کے مختلف معاملات کی تفتیش جاری رکھے ہوئے تھے۔

    گزشتہ ماہ انتخابات میں شکست کے بعد نجیب رزاق کو حراست میں بھی لیا گیا تھا، اُن پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور اعتماد شکنی کے فوجداری الزامات عائد کیے گئے تھے۔


    کرپشن کے الزامات، ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق گرفتار


    خیال رہے کہ مہاتیر محمد نے منصبِ وزارت عظمیٰ سنبھالتے ہی نجیب رزاق کے خلاف مبینہ کرپشن کے الزامات کی تفتیش کرانے کا حکم جاری کیا تھا۔

    اس دوران اُن کی رہائش گاہ کے علاوہ مختلف ٹھکانوں پر پولیس نے چھاپے مار کر کئی قیمتی اشیاء اپنے قبضے میں لے لی تھیں، تاہم اب عدالت کی جانب سے ان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

    خیال ہے کہ نجیب رزاق کے خلاف چھاپوں کے دوران 273 ملین ڈالرز برآمد کیے گئے تھے، جن میں 12 ہزار سے زائد زیورات، 423 مہنگی گھڑیاں، مشہور برانڈ کے 234 چشمے اور 567 ہینڈ بیگز ہیں جو سابق وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ روسماء منصور کے زیر استعمال تھے۔

  • کرپشن کے الزامات، ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق گرفتار

    کرپشن کے الزامات، ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق گرفتار

    کوالالمپور: ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا، نجیب رزاق کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کرلیا گیا، ان پر اسٹیٹ انویسٹمنٹ فنڈ میں کروڑوں ڈالر کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں۔

    ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم پر امریکا میں بھی منی لانڈرنگ کے کیسز زیر سماعت ہیں، امریکی حکام کے مطابق ملائیشیا سے ایک ارب ڈالر امریکا میں نجیب رزاق کے مبینہ اکاؤنٹس میں ٹرانسفر ہوئے۔

    نجیب رزاق کی گرفتاری پر سابق ڈپٹی وزیر اعظم احمد زاہد حامدی نے کہا ہے کہ قانون کی بالادستی کا احترام کرنا چاہئے، عوام میں نجیب رزاق سے متعلق منفی رائے پائی جاتی ہے، تاہم جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ خود کو بے قصور ثابت کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے اس کا انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

    قبل ازیں تحقیقاتی ادارے نے سابق وزیر اعظم کے گھر اور دفاتر میں چھاپے مارے تھے، چھاپے کے دوران 273 ملین ڈالرز برآمد کیے گئے تھے، جن میں 12 ہزار سے زائد زیورات، 423 مہنگی گھڑیاں، مشہور برانڈ کے 234 چشمے اور 567 ہینڈ بیگز ہیں جو سابق وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ روسماء منصور کے زیر استعمال تھے۔

    واضح رہے کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہی نجیب رزاق پر سرکاری خزانے سے چار ارب ڈالر کی ہیرا پھیری کے الزام کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

    سابق وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کی گئی تھی تاہم نجیب رزاق نے اپنے اوپر عائد تمام الزامات کی تردید کی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر رئیس مما انٹرپول کے ذریعے گرفتار، ملزم ملائیشیا سے پاکستان منتقل

    انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر رئیس مما انٹرپول کے ذریعے گرفتار، ملزم ملائیشیا سے پاکستان منتقل

    کراچی: ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والا انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر رئیس مما کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر لیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کے سابق سیکٹر انچارج کورنگی رئیس مما کو پولیس نے کراچی ایئرپورٹ پر اپنی تحویل میں لیا. رئیس مما کو دو ماہ پہلے ملائیشیا میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    سانحہ بلدیہ فیکٹری اور چکرا گوٹھ کیس میں مبینہ طور پر ملوث ایم کیو ایم کے مفرور سابق سیکٹر انچارج کو کراچی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی کا قریبی ساتھی تصور کیا جاتا ہے، ملزم دہشت گردی، قتل اور بھتہ خوری کے کئی مقدمات میں مطلوب تھا۔ ایس ایس پی کورنگی کے مطابق ملزم رئیس مما سے مزید تفتیش جاری ہے۔

    یاد رہے کہ دو ماہ قبل ملائیشیا میں رئیس مما کی گرفتاری انٹرپول کے ذریعے عمل میں لائی گئی، البتہ ملزم کی پاکستان منتقلی سے متعلق متفرقہ اطلاعات تھی، البتہ اب انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر کو پاکستان منتقل کر دیا گیا، جہاں سیکیورٹی اداروں نے اسے تحویل میں لے لیا ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کے مرکزی ملزم رحمان بھولا کو بھی انٹر پول کے ذریعے ملائیشیا کے ایک ہوٹل سے حراست میں لیا گیا تھا اور رحمان بھولا آج کل عدالتوں میں پیشیاں بھگت رہا ہے، اس تناظر میں رئیس مما کی گرفتاری مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے.

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل حماد صدیقی کی دبئی سے گرفتاری کے فوری بعد رئیس مما کی گرفتاری کی اطلاعات بھی موصول ہوئی تھیں۔


    ایم کیوایم کے سابق سیکٹرانچارج رئیس مما ملائیشیا سے گرفتار


    کراچی میں خوف اور دہشت کی علامت رئیس مما کون ہے ؟


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایم کیوایم کے سابق سیکٹرانچارج رئیس مما ملائیشیا سے گرفتار

    ایم کیوایم کے سابق سیکٹرانچارج رئیس مما ملائیشیا سے گرفتار

    کراچی : ایم کیوایم کے سابق سیکٹر انچارج کورنگی رئیس مما کو ملا ئیشیا سے حراست میں لے لیا گیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق سانحہ بلدیہ فیکٹری اور چکرا گوٹھ کیس میں مبینہ طور پر ملوث ایم کیو ایم کے مفرور سابق سیکٹر انچارج کورنگی رئیس مما کو کورنگی سے گرفتار کر لیا گیا ہے وہ کراچی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی کا قریبی ساتھی تصور کیا جاتا ہے.

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے سیکٹر انچارج رئیس مما کی گرفتاری انٹر پول کے ذریعے عمل میں لائی گئی تاہم اُن کی پاکستان آمد اور تحقیقاتی اداروں کو حوالگی سے متعلق کوئی خبر موصول نہیں ہوئی ہے تاہم حماد صدیقی کی دبئی سے گرفتاری کے فوری بعد رئیس مما کی گرفتاری کو بڑی کامیابی تصور کیا جارہا ہے.

     

     اسی سے متعلق : متحدہ عرب امارات نے حماد صدیقی کو پاکستان کے حوالے کردیا

    خیال رہے کہ اس سے قبل سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کے مرکزی ملزم رحمان بھولا کو بھی انٹر پول کے ذریعے ملائیشیا کے ایک ہوٹل سے حراست میں لیا گیا تھا اور رحمان بھولا آج کل عدالتوں میں پیشیاں بھگت رہا ہے، اس تناظر میں رئیس مما کی گرفتاری مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے.

    یاد رہے 11 مارچ 2015 کو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رینجرز نے چھاپا مار کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری سمیت سنگین مقدمات میں مطلوب ملزمان عبید کے ٹو، نادر شاہ اور فرحان دانش سمیت 150 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا تھا.

     یہ بھی پڑھیں : ملائیشیا سے گرفتار عبدا لرحمان بھولا کراچی منتقل

    ایم کیو ایم کے مرکز سے خطرناک ملزمان کی گرفتاری کے بعد رئیس مما پاکستان چھوڑ کر ملائیشیا فرار ہو گیا تھا جس کی تلاش قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جا ری رکھی اور ملائشیا فرار ہونے کی مصدقہ اطلاعات کے بعد انٹرپول سے رابطہ کر کے با لآخر رئیس مما کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئے جس سے کئی اہم انکشافات کی توقع ہے.