Tag: ملازمتیں

  • قطر کا ملازمتیں دینے کا اعلان

    قطر کا ملازمتیں دینے کا اعلان

    کابل: افغانستان کی طالبان حکومت نے قطر کی جانب سے 3 ہزار سے زائد افغان شہریوں کو ملازمت دینے کا اعلان کیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طالبان حکام نے رواں ماہ خلیجی ریاست قطر کے ساتھ ایک معاہدے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت 3100 افغان مزدوروں کو قطر میں ملازمتیں دی جائیں گی۔

    افغانستان کی وزارت محنت کے ترجمان سمیع اللہ ابراہیمی کے مطابق درخواستیں جمع کرانے کا عمل منگل سے ملک بھر میں قائم مراکز میں شروع ہو چکا ہے۔

    سمیع اللہ ابراہیمی کے مطابق بدھ تک کابل اور اس کے آس پاس کے صوبوں سے 8 ہزار 500 سے زائد افراد نے اپنے نام رجسٹرڈ کروائے جب کہ ملک بھر سے 15 ہزار 500 سے زائد افراد کی رجسٹریشن کی توقع کی جا رہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق صرف جنوبی شہر قندھار میں تقریباً 1000 افراد نے اور ہرات میں 2000 کے قریب افراد نے درخواستیں جمع کرائیں۔

    طالبان حکومت کے مطابق یہ ملازمتیں ملک میں شدید غربت اور بے روزگاری کے خلاف لڑنے میں مددگار ہوں گی۔

    دوسری جانب دنیا کی بہترین ایئرلائن ایمریٹس میں ملازمت کے خواہشمندوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ کمپنی نے نئی بھرتیاں شروع کر دی ہیں۔

    دبئی کی قومی کیریئر ایمریٹس نے اپنی جاری عالمی توسیع اور ہنر کے حصول کی حکمت عملی کے تحت نئی بھرتیوں کا آغاز کیا ہے۔

    ایئر لائن عملے کے خواہشمند افراد کو دنیا کی سب سے مشہور ایوی ایشن ٹیم میں شامل ہونے کے موقع کے لئے آن لائن درخواست دینے کی دعوت دے رہی ہے۔

    اپنے سوشل میڈیا چینلز میں مشترکہ پیغام میں ایئر لائن نے کہا کہ یہ ایک یونیفارم سے زیادہ ہے یہ ایک طرز زندگی ہے۔ اپنے امارات کیبن کے عملے کا سفر شروع کریں اور دیکھیں کہ یہ آپ کو کہاں لے جاتا ہے!

    سعودی عرب میں دو لاکھ ملازمتیں، شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری

    درخواست دہندگان اب امارات گروپ کیریئر کی ویب سائٹ کے ذریعے اپنے تجربے کی فہرست پیش کرسکتے ہیں۔

    دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو آن لائن درخواست دینی ہوگی۔ بھرتی کے لیے ہفتہ وار سرگرمیاں دبئی اور منتخب بین الاقوامی شہروں میں ہوتی ہیں۔ یہ صرف دعوت نامے ہیں، اور شارٹ لسٹ درخواست دہندگان کو ان کے قریب ترین موقع سے مطلع کیا جائے گا۔

  • وزارت خزانہ کا ٹیکس پالیسی آفس کے لیے ایک ڈی جی 5 ڈائریکٹرز تعینات کرنے کا فیصلہ، درخواستیں طلب

    وزارت خزانہ کا ٹیکس پالیسی آفس کے لیے ایک ڈی جی 5 ڈائریکٹرز تعینات کرنے کا فیصلہ، درخواستیں طلب

    اسلام آباد: آئی ایم ایف کے مطالبے پر قائم کیے گئے ٹیکس پالیسی آفس کو فعال کر دیا گیا ہے، وزارت خزانہ نے پالیسی آفس میں ایک ڈی جی اور 5 ڈائریکٹرز تعینات کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیکس پالیسی آفس میں ڈائریکٹرز جنرل کی تعیناتی اسپیشل پروفشنل پے اسکیل ون کے تحت ہوگی، ان میں ڈائریکٹر اکنامک انلاسز، ڈائریکٹر بزنس ٹیکسیشن، ڈائریکٹر پرسنل ٹیکسیشن، ڈائریکٹر انٹرنیشنل ٹیکسیشن کی تعیناتی ہوگی، آفس میں ڈائریکٹرز کی تعیناتی اسپیشل پروفشنل پے اسکیل ٹو کے تحت ہوگی۔

    وزارت خزانہ نے 6 اپریل تک نیشنل جاب پورٹل پر درخواستیں طلب کر لی ہیں، جب کہ ٹیکس پالیسی آفس قائم کرنے کا نوٹیفکیشن گزشتہ ماہ جاری ہوا تھا، وفاقی حکومت نے پالیسی سازی اور ٹیکس وصولی کو الگ الگ کیا ہے، ایف بی آر کو صرف ٹیکس وصولی کے کام کی حد تک محدود کیا گیا۔

    وزارت خزانہ کے مطابق یہ آفس براہ راست وزیر خزانہ و ریونیو کو رپورٹ کرے گا، اسے حکومتی اصلاحاتی ایجنڈا بنانے پر کام کے لیے قائم کیا گیا ہے، اور یہ ٹیکس پالیسیوں اور تجاویز کا تجزیہ کرے گا، اس کے تحت ڈیٹا ماڈلنگ، ریونیو، اکنامک فار کاسٹنگ کے ذریعے ٹیکس پالیسیوں اور تجاویز کا تجزیہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کو ٹیکس پالیسی سازی، وصولی عمل کو خود مختار رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، پالیسی آفس انکم، سیلز ٹیکس، ایف ای ڈی پالیسی رپورٹس وزیر خزانہ کو پیش کرے گا، اور ٹیکس فراڈ کم کرنے کے لیے خامیوں پر قابو پا کر ٹیکس کے نفاذ پر توجہ دی جائے گی۔

  • سعودی عرب: چار لاکھ ملازمتوں کی خوشخبری سنادی گئی

    سعودی عرب: چار لاکھ ملازمتوں کی خوشخبری سنادی گئی

    سعودی عرب کے بجٹ 2025 میں انسانی وسائل کے شعبے میں 4 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی گئی۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے سال 2025 کے لیے بجٹ پیش کیا، سعودی کابینہ نے جس کی منظوری دی تھی۔

    سال 2025 کے بجٹ میں بے روزگاری کے خاتمے پر خصوصی مرکوز کی گئی، ایسے شعبے جہاں انسانی وسائل کی ضرورت ہوتی ہے وہاں نئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

    مجوزہ منصوبے کے مطابق انسانی وسائل سے متعلق اہم شعبوں میں ایک اندازے کے مطابق مملکت کے تمام ریجنز میں 4 لاکھ ملازمتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ بے روزگاری کی شرح کو مزید کم کیا جاسکے۔

    وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کے تعاون سے افرادی قوت ترقیاتی فنڈ کے تحت ایک لاکھ 70 ہزار اداروں کو مختلف نوعیت کی سروسز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن کے تحت وہ افرادی قوت میں اضافے کیلیے تربیتی پروگرامز کا آغاز کریں گے جن سے 23 لاکھ افراد فائدہ اُٹھا سکیں گے۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں ریاض میٹرو کا جزوی آغاز 27 نومبر سے کیا جارہا ہے، جس کی خاص بات یہ ہے کہ میٹرو ٹرین بغیر ڈرائیور کے سروس فراہم کرے گی۔

    رپورٹ کے مطابق پہلے مرحلے میں تین روٹس کے لیے سروس کا آغاز کیا جائے گا اور پھر دسمبر کے وسط تک مزید تین روٹس کے لیے سروس شروع کردی جائے گی۔

    پہلے مرحلے میں العروبہ سے البطحا اور کنگ خالد ایئرپورٹ سے رنگ روڈ عبدالرحمان بن عوف اور شیخ حسن بن حسین تک ہو گا، میٹرو سروس کے دوسرے مرحلے کا آغاز دسمبر کے وسط میں ہوگا۔

    رپورٹس کے مطابق یہ روٹ شاہ عبداللہ روڈ سے شاہ عبد العزیز سٹی تک مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کرے گا۔ چھ سال سے کم عمر بچے مفت میں سفر کر سکیں گے تاہم بڑوں کے لیے ٹرین کا کرایہ چار سے چالیس ریال تک ہو گا۔

    سعودی عرب، سرحدی محافظوں نے شہریوں کی زندگیاں بچالیں

    انتظامیہ کی کوشش ہے کہ کرایوں کو مناسب رکھا جائے اور زیادہ سے زیادہ تعداد میں مسافروں کو سہولت فراہم کی جائے تاکہ سڑکوں پر ٹریفک کے مسائل کم کرنے میں مدد مل سکے۔

  • برطانوی وزیر اعظم کو ڈاؤننگ اسٹریٹ کی صفائی کے لیے ملازمین کی تلاش، تنخواہ کتنی؟

    برطانوی وزیر اعظم کو ڈاؤننگ اسٹریٹ کی صفائی کے لیے ملازمین کی تلاش، تنخواہ کتنی؟

    لندن: برطانوی وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر نے سیاست کو صاف کرنے کا عزم کر رکھا ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ وہ اپنے دفتر سے اس کی شروعات کر رہے ہیں۔

    برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق سر کیئر اسٹارمر کو ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے 4 گھریلو ملازموں کی تلاش ہے، انھوں نے اس سلسلے میں اشتہار بھی جاری کر دیا ہے۔

    اشتہار کے مطابق ان ملازموں میں سے ہر ایک کو 30 ہزار 135 پاؤنڈ اجرت دی جائے گی۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملازمین اُن کلینرز کی جگہ لیں گے جو ریٹائر ہو چکے ہیں، اور وہ صرف دفتری عمارت کی صفائی کریں گے نہ کہ ڈاؤننگ اسٹریٹ کے فلیٹوں کی، جہاں وزیر اعظم اور ان کے اہل خانہ رہتے ہیں۔

    لیکن دوسری طرف ٹوریز نے انھیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ اس کام کے لیے 4 لوگوں کو کیوں بھرتی کیا جا رہا ہے؟ ڈیلی میل کو ٹوری پارٹی کے ایک رکن نے بتایا کہ کیئر اسٹارمر شاذ ہی ڈاؤننگ اسٹریٹ میں ہوتے ہیں، زیادہ تر باہر ہی ہوتے ہیں، ایسے میں انھیں اتنے ملازمین کی ضرورت کیوں پڑی؟

    مخالف پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ وزیر اعظم اسٹارمر کی ٹیکس دہندگان کے پیسے چھیننے کی ایک اور مثال ہے۔

  • سعودی عرب میں دو لاکھ ملازمتیں، شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری

    سعودی عرب میں دو لاکھ ملازمتیں، شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری

    جدہ: ریاض ایئر کے چیف کمرشل آفیسر ونسنٹ کوسٹ نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ نئی شروع ہونے والی ائیرلائن سے مقامی شہریوں کے لیے دو لاکھ کے قریب ملازمتوں کے مواقع فراہم ہوں گے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ونسنٹ کوسٹ نے کہا کہ گزشتہ برس سے اب تک کمپنی کے ہیومن ریسورسز کے ادارے کو 10 لاکھ سے زیادہ ملازمت کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے زیادہ تر سعودیوں کی ہیں۔

    ایئرلائن کے کمرشل آفیسر کے مطابق کوشش ہے کہ مختلف ممالک تک ایئرلائن کی سروسز فراہم کی جاسکیں اور ریاض ایئر کے دائرہ کار کو دنیا کے مزید ممالک تک وسعت دی جائے تاکہ اسٹیشنز کی تعداد میں اضافہ ہوسکے۔

    ایمریٹس ایئر لائن نے مسافروں کو خوشخبری سنادی

    اُن کا کہنا تھا کہ ہمارا ارادہ ہے کہ سال 2025 تک ریاض ایئرکو بوئنگ ’ڈریم لائنرز‘ کے 72 طیارے مل جائیں جن کی پہلے بکنگ کی جاچکی تھی۔

  • بیرون ملک ملازمتیں حاصل کرنے کا آسان طریقہ

    بیرون ملک ملازمتیں حاصل کرنے کا آسان طریقہ

    بیورو آف ایمپلائمنٹ کے ذریعے بیرون ملک ملازمتیں حاصل کی جاسکتی ہیں، مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس کے ذریعے ملازمتیں کس طرح حاصل کی جائیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ حکومت پاکستان کا آفیشل پلیٹ فارم ہے جہاں پاکستانی شہری بیرون ملک ملازمتوں کے لیے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

    بیرون ملک ملازمتیں حاصل کرنے کے لئے پاکستانی شہریوں کو اپنی مہارت یا عنوان کے علاقے میں ٹائپ کرنے یا بیورو کی ویب سائٹ پر دستیاب ملازمتوں کی وسیع رینج میں سے کسی ایک کو منتخب کرنا ہوگا۔

    اس میں بیرون ملک کام کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے تقریباً 146 ہزار 241 غیر ملکی ملازمتیں دستیاب ہیں۔

    جو افراد ملازمتوں کے حصول کے لئے ورک ویزا پر کسی مخصوص ملک میں جانا چاہتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ ویب سائٹ پر اپنی تلاش کو مزید فلٹر کریں اور اپنے مقاصد حاصل کریں۔

    مناسب ملازمت تلاش کرنے کے بعد ”اجازت نمبر” کالم میں ملازمت کے ساتھ فراہم کردہ ہندسوں پر کلک کرنا ہوگا اور سائٹ انہیں ملازمت کے ساتھ آنے والی تفصیلات، مراعات اور مراعات کے ساتھ دوسرے ٹیب پر لے جائے گی۔

    متحدہ عرب امارات: کمپنیوں اور اداروں پر نئی پابندی عائد

    یہ صفحہ انہیں کمپنی (آجر) خود یا اس کے نمائندے یا بیرون ملک ملازمت کے فروغ دینے والے کے رابطے کی معلومات بھی فراہم کرے گا تاکہ وہ ملازمت کے حوالے سے مزید آگاہی حاصل کرسکیں۔

  • عرب امارات میں 1 لاکھ ملازمتیں: نئی رپورٹ جاری

    عرب امارات میں 1 لاکھ ملازمتیں: نئی رپورٹ جاری

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں اگلے 4 برسوں میں 1 لاکھ ملازمتیں پیدا ہوں گی جس کی وجہ مائیکرو سافٹ کی ریاست میں بڑے پیمانے پر کاروباری سرگرمیاں ہیں۔

    انٹرنیشنل ڈیٹا کارپوریشن کی حال ہی میں جانے والی ایک اسٹڈی کے مطابق مائیکرو سافٹ کلاؤڈ اگلے 4 برسوں میں عرب امارات میں 39 بلین امریکی ڈالر کا منافع کمائے گی۔

    مائیکرو سافٹ، اس کے شراکت داروں اور صارفین کی جانب سے بڑے پیمانے پر کاروباری سرگرمیوں کے باعث امارات میں لگ بھگ 97 ہزار ملازمتوں کا اضافہ ہوگا۔

    ان میں سے 29 ہزار ملازمتیں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے میں ہوں گی۔

    اسٹڈی میں کہا گیا ہے کہ سنہ 2026 تک مائیکرو سافٹ کلاؤڈ مقامی معیشت میں اپنی خدمات اور پروڈکٹس کی مد میں 3.4 بلین ڈالر شامل کرے گا، جواب میں اسے 39 بلین ڈالر کا ریونیو حاصل ہوگا۔

    مائیکرو سافٹ عرب امارات کے جنرل مینیجر نعیم یزبک کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق اس بات کی تصدیق ہے کہ مائیکرو سافٹ کی کوششیں حکومت، بزنس کمیونٹی اور شہریوں کو سپورٹ کرتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ تمام فریقین اس کے فوائد حاصل کر رہے ہیں۔

  • خلیجی ملک میں غیر ملکیوں کی ان شعبوں میں بھرتی پر پابندی عائد ہوگی

    خلیجی ملک میں غیر ملکیوں کی ان شعبوں میں بھرتی پر پابندی عائد ہوگی

    مسقط: خلیجی ملک عمان میں غیر ملکیوں کی بھرتی پر پابندی عائد کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سلطنت عمان نے 200 سے زائد پیشوں میں غیر ملکیوں کی بھرتی پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    عمان کے وزیر محنت ڈاکٹر مہاد بن سعید باوین نے یہ فیصلہ گزشتہ روز اتوار کو جاری کیا، یہ فیصلہ لیبر قانون پر مبنی ہے، جو شاہی حکم پر جاری کیا گیا۔

    اس فیصلے کے آرٹیکل 1 میں کہا گیا ہے کہ تارکین وطن کو ان کے پیشوں پر مزید کام کرنے سے منع کیا جائے گا تاہم وہ موجودہ ورک پرمٹ کی میعاد ختم ہونے تک کام جاری رکھ سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ 2018 میں وزارت محنت نے تقریباً 10 شعبوں میں پھیلے 87 پیشوں پر غیر ملکیوں کی ملازمتوں پر پابندی عائد کی تھی۔

    اتوار کو سرکاری گزٹ میں شائع شدہ ممنوعہ فہرست میں جن اہم پیشوں کو شامل کیا گیا ہے ان میں انتظامی منیجر، ڈائریکٹر/منیجر آف اسٹاف افیئرز، ہیومن ریسورس منیجر، پبلک ریلیشنز منیجر، سی ای او آفس کے منیجر، ایمپلائمنٹ منیجر، فالو اپ منیجر، اور سیکورٹی شامل ہیں۔

    فیصلے کے پہلے آرٹیکل میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی افرادی قوت کو 207 عہدوں پر کام کرنے سے منع کیا گیا ہے جن میں مندرجہ ذیل شامل ہیں:

    منیجر اور ڈپٹی منیجر، ایچ آر اور بھرتی کے ماہرین، لائبریرین، اسٹور سپروائزر، لائبریرین، پانی اور بجلی کے میٹر ریڈرز، ٹریول ٹکٹ آفیسرز، ڈیلیوری ایجنٹس، سیکیورٹی گارڈز، بس ڈرائیور، پبلک کار ڈرائیور (ٹرانسپورٹ)، شعبہ جات اور ٹریڈ یونینوں کے سربراہ، نفسیات/سماجی ماہرین، قانونی کلرک، اکاؤنٹنٹ، انشورنس، ری انشورنس اور رسک انشورنس کے ماہرین۔

    تیل اور گیس کے لیے پیشہ ورانہ سیفٹی افسر، تعلقات عامہ کے مصنف، ٹورسٹ ریزرویشن کلرک، ٹور گائیڈ، ٹکٹ کلرک، شپنگ سروسز کلرک، فلائٹ آپریشن انسپکٹرز، کار رینٹل کلرک، ٹرانسپورٹ سپروائزر، فریٹ رسک انشورنس، رئیل اسٹیٹ انشورنس، آٹو انشورنس، فیکٹریز انشورنس اور کسٹم کلیئرنس بروکرز۔

    کمرشل کمپلیکس میں سیلز مین، سیلز مین سبزی اور پھل، گروسری، مٹھائی فروش، فریج ٹرکوں کے ڈرائیور، ایمبولینس، فائر ٹرک، پانی کے ٹرک، گیس ٹرک، اسکریپ ٹرک اور تمام گاڑیوں کے ڈرائیور۔

  • قطر کی پاکستان کو 1لاکھ ملازمتیں دینے کی پیشکش، قطری وزیر خارجہ

    قطر کی پاکستان کو 1لاکھ ملازمتیں دینے کی پیشکش، قطری وزیر خارجہ

    نیو یارک : قطری وزیر خارجہ محمد بن عبد الرحمٰن پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کے دوران پاکستان کے ایک لاکھ ہنر مند افراد کو ملازمتیں دینے کی پیشکش کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے امریکی شہر نیو یارک میں موجود پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے قطری ہم منصب محمد بن عبد الرحمٰن نے ملاقات کی، دوران ملاقات دونوں وزراء خارجہ کے درمیان باہمی تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔

    قطری وزیر خارجہ محمد بن عبد الرحمٰن نے شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے دوران خارجہ امور پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ورکرز کو ایک لاکھ ملازمتیں دینے کی پیشکش کی۔

    یاد رہے کہ ایک روز قبل پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کویتی نائب وزیر اعظم سے ملاقات میں کہا تھا کہ پاکستان کویت سے برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک خطے کی ترقی و استحکام پرمشترکہ نقطہ نظررکھتے ہیں۔

    ان کا کویتی نائب وزیر اعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تیل کی تلاش، زراعت میں تجارت اور سرمایہ کاری بڑھائی جائے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا خصوصی افراد کو ملازمتیں دینے کا اعلان

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا خصوصی افراد کو ملازمتیں دینے کا اعلان

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےسندھ میں خصوصی افراد کو ملازمتیں دینے کا اعلان کردیا، خصوصی افراد کو ملازمتیں رواں ماہ کے آخر یا اپریل کے شروع میں دی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے خصوصی افراد نےملاقات کی، اس موقع پر مرادعلی شاہ نے خصوصی افراد کو ملازمتیں دینے کا اعلان کیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ خصوصی افراد کو ملازمتیں رواں ماہ کے آخر یا اپریل کے شروع میں دی جائیں گی۔

    مراد علی شاہ نے خصوصی افراد کو ملازمتیں دینے کیلئے تمام صوبائی سیکریٹریز اور چیف سیکریٹریز کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ہوگا۔

    اجلاس میں خصوصی افراد کے سرکاری کوٹہ کو دو فیصد سے بڑھا کر پانچ فیصد کرنے کے فیصلے پرعملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے خصوصی افراد کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کو خصوصی افراد کا احساس اور قدر ہے اور وہ خصوصی افراد کو اپنے پیروں پر کھڑے دیکھنا چاہتے ہیں لیکن جب حکومت آپ کا خودہی خیال کر رہی ہے تو احتجاج کرنا اچھی بات نہیں۔

    یاد رہے گذشتہ سال دسمبر میں سندھ حکومت نے معذور افراد کا ملازمتوں میں کوٹہ 2 فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد کر دیا تھا جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا تھا کہ صوبے میں خصوصی افراد کو جلد اور ترجیحی بنیادوں پر نوکریاں فراہم کی جائیں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔