Tag: ملازمت

  • سعودی عرب: کون سے ملازمین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے؟

    سعودی عرب: کون سے ملازمین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے؟

    ریاض: سعودی عرب میں گھریلو ملازمین کی تعداد 36 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے، گزشتہ پانچ برسوں کے دوران گھریلو عملے کی تعداد میں توجہ طلب حد تک اضافہ ہوا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے 4 سے زیادہ گھریلو ملازمین کی تعداد میں فی کارکن اضافے پر سالانہ 9 ہزار 600 ریال مقابل مالی فیس پر عمل درآمد کا دوسرا مرحلہ شروع کیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ چار کارکنان میں سے 2 سعودی اور 2 غیر ملکی ہونا ضروری ہیں، اس سے زیادہ ایک بھی کارکن کے اضافے پر سالانہ فیس ادا ہوگی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران گھریلو عملے کی تعداد میں توجہ طلب حد تک اضافہ ہوا ہے، 5 سال کے دوران لیبر مارکیٹ میں 1.19 ملین گھریلو ملازم شامل ہوئے ہیں۔

    سعودی عرب میں گھریلو کارکنان کی کل تعداد 36 لاکھ ہوچکی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 2018 سے 2022 تک 5 سال کے عرصے میں 1.19 ملین گھریلو ملازم لیبر مارکیٹ کا حصہ بنے، یہ مملکت بھر میں کل کارکنان کی تعداد کا 33.02 فیصد ہے۔

    5 سال کے دوران لیبر مارکیٹ میں شامل ہونے والے مرد کارکنان کی تعداد 9 لاکھ 57 ہزار ریکارڈ کی گئی، اسی مدت کے دوران لیبر مارکیٹ میں شامل ہونے والوں کی مجموعی شرح 36.38 فیصد ہوگئی۔

    خواتین کارکنان کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار ہوچکی ہے جو مجموعی موجودہ تعداد کے حوالے سے 23.94 فیصد بنتی ہے۔

    گھریلو ملازمین میں سب سے زیادہ تعداد ڈرائیورز کی ہے، 1.78 ملین مرد اور 119 خواتین ڈرائیور ہیں، گھریلو ملازمین میں صفائی کارکنان دوسرے نمبر پر ہیں۔ ان کی تعداد 1.73 ملین بنتی ہے۔

    باورچیوں کی تعداد 61 ہزار سے زیادہ ہے، چوکیداروں اور استراحات کے سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد 16 ہزار سے زیادہ ہے ان میں خواتین صرف 13 ہیں۔

    دیگر کارکنان میں فیملی ٹیچر، فیملی آیا، فیملی مینیجر، گھریلو باغبان اور درزی شامل ہیں۔

  • آپ کے لیے کون سی ملازمت مناسب ہے؟ یہ تصویری ٹیسٹ بتائے گا

    آپ کے لیے کون سی ملازمت مناسب ہے؟ یہ تصویری ٹیسٹ بتائے گا

    ہم اکثر و بیشتر یہ فیصلہ نہیں کر پاتے کہ آیا ہمیں کس شعبے کا انتخاب کرنا چاہیے یا کون سا شعبہ ہمارے لیے بہترین ہوسکتا ہے، اسی سلسلے میں ایک ’آپٹیکل الیوژن پرسنلٹی ٹیسٹ‘ آج ہم آپ کے لیے لائے ہیں۔

    یہ ایک حقیقت ہے کہ لوگ ایک ہی طرح کی چیزوں یا تصویروں کو ایک دوسرے سے بالکل مختلف طریقے سے دیکھتے ہیں، یا انھیں وہ بالکل مختلف نظر آتی ہیں، اور وہ تصاویر بھی ہر زاویے سے ایک نیا تاثر پیش کرتی ہیں، آپٹیکل الیوژن یعنی بصری دھوکا دیتی تصاویر بھی نفسیاتی تجزیے کے شعبے کا ایک حصہ ہے، کیوں کہ ان کے ذریعے یہ جانا جا سکتا ہے کہ آپ سامنے نظر آنے والی چیزوں کو کس طور دیکھتے اور مفہوم لیتے ہیں۔

    کیریئر کے بارے میں کوئی فیصلہ کرنا ایک بڑے عزم کی طرح محسوس ہوتا ہے لیکن اگر آپ نہیں جانتے کہ آپ کیا کرنا چاہتے ہیں، تو پریشان نہ ہوں، اگر آپ نوکری یا کیریئر کا انتخاب کرتے ہیں، تو اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ آپ کو اپنی دوسری دلچسپیوں کو چھوڑنا پڑے گا، آپ نوکری کے ساتھ اپنے مشغلے کو بھی جاری رکھ سکتے ہیں۔ اور کچھ لوگوں کا تو یہ ماننا ہے کہ ایک شخص کو کم از کم ہر 7 سال بعد نوکری بدلنی چاہیے۔

    تو اپنے صحیح کیریئر کا تعین کرنے کے لیے آپ کے سامنے ہم نے ایک تصویر پیش کی ہے، شخصیت کا یہ آسان بصری ٹیسٹ آپ کے لیے بہترین کیرئیر کا راستہ تلاش کرنے میں آپ کی مدد کرے گا۔

    نتائج حاصل کرنے کے لیے آپ کو بس ذیل میں دی گئی تصویر کو غور سے دیکھنا ہے اور اس پر پوری توجہ دینا ہے۔ اگر آپ نے اسے صحیح سے دیکھ لیا ہے تو نیچے جا کر دیکھیں کہ آپ کے دماغ نے اس تصویر سے جس شے کو منتخب کیا وہ کس فیلڈ کی طرف اشارہ کر رہی ہے۔

    گھونگھا

    کیا آپ نے اس تصویر میں سب سے پہلے گھونگھے کو دیکھا؟ اگر ایسا ہے تو آپ ایسے فیلڈ میں کام کرنے والے ہیں جہاں آپ دوسرے لوگوں کے ساتھ بہت زیادہ وقت گزاریں گے۔

    اس لحاظ سے آپ کے ذہن میں آنے والی پہلی نوکری ایچ آر کی ہوگی، لیکن ہم آپ کو بتاتے چلیں کہ یہ واحد آپشن نہیں، کیسی بھی پیشے میں جس میں آپ محنت کرتے ہیں، مہارت رکھتے ہیں، آپ اس میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

    کھوپڑی

     اگر آپ نے کھوپڑی کو پہلے دیکھا تو آپ فنون لطیفہ میں کیریئر بنانے کے خواہش مند ہو سکتے ہیں۔ یہ ہر شخص کے لیے مختلف ہو سکتا ہے تو ضروی نہیں کہ آپ بھی یہی بنیں۔ یہ آپ ہی صحیح جانتے ہیں کہ آپ کو کس چیز میں مہارت حاصل ہے ۔ آپ گلوکار، اداکار، پینٹر، آرٹ ٹیچر یا مصنف بھی بن سکتے ہیں۔

    نقشہ

    اگر آپ نے پہلے نقشہ دیکھا تو آپ کو کسی ایسے پیشے میں جانا چاہیے جہاں آپ اپنے تجزیاتی ذہن کو استعمال کر سکیں۔ آپ انجینئر، سائنس دان یا فن تعمیر میں بھی کام کر سکتے ہیں۔

    اس ٹیسٹ سے ایک اور بات کا بھی پتا چلتا ہے کہ آپ کا دماغ مشکل مسائل کو حل کرنے میں بہت اچھا ہے، لہٰذا خود پر بھروسا کریں اور کیریئر میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کر کے دنیا سے خود کو منوالیں۔

  • کویت میں کام کرنے والے اساتذہ کے لیے اہم خبر

    کویت میں کام کرنے والے اساتذہ کے لیے اہم خبر

    کویت سٹی: کویت میں 2 ہزار کے قریب اساتذہ کو ملازمتوں سے فارغ کردیا گیا، ان کی جگہ مقامی افراد کو ملازمتیں دی گئی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق کویتی وزارت تربیت نے 1 ہزار 815 غیر ملکی اساتذہ کی ملازمت ختم کر کے ان کی جگہ کویتی تعینات کیے ہیں۔

    کویتی حکام نے تعلیم و تربیت کے اداروں میں مختلف شعبوں کے 209 غیر ملکی سربراہوں کو بھی فارغ کردیا۔

    وزیر تربیت اور اعلیٰ تعلیم کے وزیر ڈاکٹر حمد کی براہ راست ہدایت پر تدریس اور انتظامیہ کے عہدوں سے غیر ملکیوں کو فارغ کیا گیا ہے۔

    کویتی وزارت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت نے 2017 میں سرکاری اسامیوں پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی جگہ کویتی شہریوں کی تقرری کے قواعد و ضوابط مقرر کیے تھے، اسی پالیسی کے تحت غیر ملکی اساتذہ اور دفتری ذمہ داران کو سبکدوش کیا جا رہا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ کویتائزیشن کے اس اقدام سے ملک میں تعلیمی عمل بہتر ہوگا، تربیت کے شعبے میں استحکام آئے گا، مقامی شہریوں میں بے روزگاری کی شرح کم ہوگی اور روزگار کے نئے مواقع حاصل ہوں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی اساتذہ نے کویت میں ملازمت کے دوران جس ایثار اور اخلاص سے کام کیا ہم ان کے شکر گزار ہیں۔

  • سعودی عرب: صنعتی شعبے میں خواتین کی تعداد میں اضافہ

    سعودی عرب: صنعتی شعبے میں خواتین کی تعداد میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں صنعتی شعبے میں خواتین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، 3 سال کے دوران صنعتی شعبوں میں خواتین ملازمین کی تعداد میں 93 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت صنعت و معدنیات نے کہا ہے کہ 2022 کے اختتام تک صنعتی شعبے میں سعودی خواتین کی تعداد 63 ہزار 892 تک پہنچ گئی ہے۔

    2019 کے آخر میں ان کی تعداد 33 ہزار تھی، صنعتی شعبے میں 93 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

    وزارت صنعت و معدنیات نے ایک بیان میں صنعتی شعبے میں خواتین کے لیے کام کا ماحول مزید بہتر بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران صنعتی شعبے میں کام کرنے والی خواتین نے اپنی اہلیت منوائی ہے، انہوں نے ثابت کر دیا کہ وہ ہر شعبے میں کامیابی حاصل کر
    سکتی ہیں۔

    وزارت کے مطابق وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل کے لیے صنعتی شعبے میں خواتین کی مؤثر شراکت کو مزید بڑھایا جائے گا۔

    یہ بھی کہا گیا کہ صنعتی شعبے میں کام کرنے والی سعودی خواتین سب سے زیادہ ریاض ریجن میں ہیں جہاں ان کی تعداد 28 ہزار 170 ہے، مکہ ریجن میں ان کی تعداد 15 ہزار 621 اور مشرقی ریجن میں 10 ہزار 911 ہے۔

  • عرب امارات: مقامی اور غیر مقامی افراد کی تنخواہوں میں کوئی فرق نہیں

    عرب امارات: مقامی اور غیر مقامی افراد کی تنخواہوں میں کوئی فرق نہیں

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے حکام نے واضح کیا ہے کہ مملکت میں مختلف شعبوں میں مقامی اور غیر ملکی افراد کی تنخواہوں میں کوئی فرق نہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق وزارت اماراتائزیشن نے کہا ہے کہ پرائیوٹ سیکٹر میں تنخواہوں کے حوالے سے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے درمیان کوئی امتیاز نہیں۔

    وزیر افرادی قوت و اماراتائزیشن ڈاکٹر عبد الرحمٰن العور کا کہنا ہے کہ ہمارے یہاں پرائیوٹ سیکٹر کی کمپنیوں و اداروں میں تنخواہوں یا چھٹیوں یا لچکدار ڈیوٹی کے سلسلے میں مقامی شہریوں اور غیر ملکی ملازمین کے درمیان کوئی امتیاز نہیں۔

    اماراتی وزیر کا کہنا ہے کہ ہمارے یہاں پرائیوٹ سیکٹر کی کمپنیوں میں کام کرنے والے مقامی ملازمین کو اوسط تنخواہ جتنی دی جاتی ہے وہ غیر ملکی ملازمین کی بھی تنخواہوں سے ملتی جلتی ہے۔

    اماراتی وزیر کا کہنا تھا کہ لیبر مارکیٹ میں شرح نمو 13 فیصد سے زیادہ ہے، وزارت میں رجسٹرڈ کمپنیوں میں شرح نمو میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

    ڈاکٹر عبدالرحمٰن العور نے کہا کہ ہماری حکومت منسٹرز کونسل سیکریٹریٹ کے ساتھ یکجہتی پیدا کر کے پرائیوٹ سیکٹر میں اماراتائزیشن کا گراف چیک کرتی رہتی ہے۔

  • فلائی دبئی کا مزید ملازمتیں دینے کا فیصلہ

    فلائی دبئی کا مزید ملازمتیں دینے کا فیصلہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ایئر لائن فلائی دبئی کا کہنا ہے کہ ایک سال کے دوران ایئر لائن میں 12 سو نئے ملازمین بھرتی کیے گئے ہیں، سال رواں بھی نئے ملازم رکھے جائیں گے۔

    اردو نیوز کے مطابق فلائی دبئی کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال 2022 کے دوران مختلف شعبوں میں 1200 نئے ملازم تعینات کیے ہیں، ملازمین کی مجموعی تعداد 4 ہزار 600 سے زیادہ ہوچکی ہے۔

    فلائی دبئی کا کہنا ہے کہ سال رواں 2023 کے دوران بھی نئے ملازم تعینات کیے جائیں گے، کمپنی اپنا کاروبار بڑھا رہی ہے جبکہ 21 نئے طیارے بھی فلیٹ میں شامل کیے گئے ہیں۔

    فلائی دبئی کے مطابق دسمبر 2022 کے آخر میں اس کے طیاروں کی تعداد 71 تک پہنچ چکی ہے، 115 سے زیادہ ایئر پورٹس کے لیے پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔

    ان میں افریقہ، وسطی ایشیا، قوقاز، مشرقی و جنوبی و وسطی یورپ، جی سی سی ممالک، مشرق وسطیٰ، پاکستان، انڈیا اور بنگلہ دیش کے 53 شہر شامل ہیں۔

    فلائی دبئی کا کہنا ہے کہ سنہ 2029 تک 154 میکس طیارے اس کے فلیٹ میں شامل ہوجائیں گے۔

  • کینیڈا میں 1 لاکھ سے زائد نوکریوں کا اعلان

    اوٹاوہ: کینیڈا میں 1 لاکھ سے زائد نوکریاں دینے کا اعلان کیا گیا ہے، روزگار کے یہ مواقع مختلف نجی شعبوں کے لیے ہیں جن میں تعمیرات، ٹرانسپورٹیشن اور ویئر ہاؤسنگ شامل ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق کینیڈا میں دسمبر میں 1 لاکھ 4 ہزار نوکریاں دینے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے بعد وہاں بے روزگاری کی شرح 5 فیصد سے تھوڑی سی کم ہو گئی ہے۔

    اسٹیٹکس کینیڈا کا کہنا تھا کہ روزگار میں اضافہ 15 سے 24 برس کی عمر کے نوجوانوں میں ہوا ہے، روزگار کے یہ مواقع مختلف نجی شعبوں کے لیے ہیں جن میں تعمیرات، ٹرانسپورٹیشن اور ویئر ہاؤسنگ شامل ہیں۔

    کینیڈا میں بے روزگاری کی شرح میں 0.1 فیصد کی یہ کمی 4 ماہ میں چوتھی مرتبہ ہوئی ہے۔

    کینیڈا میں ہونے والے لیبر فورس سروے میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ بیماری کی وجہ سے لوگوں کی کام سے غیر حاضری میں اضافہ ہوا تھا۔

    اس سے قبل گزشتہ برس دسمبر میں کینیڈا کی وزارت دفاع نے ملک کے شہریوں کے علاوہ مستقل رہائش رکھنے والے افراد کے لیے بھی اپنی فوج میں ملازمتوں کا اعلان کیا تھا۔

    کینیڈا کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ ملک میں رہنے والے مستقل رہائشی افراد کینیڈا کا ایک اہم اور بہترین حصہ ہیں، اسی لیے وزیر دفاع انیتا آنند نے اعلان کیا ہے کہ کینیڈا میں مقیم مستقل رہائشی اب کینیڈین فوج میں بھرتی ہوسکتے ہیں۔

    وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ کسی اور ملک کے شہری جن کے پاس امیگریشن اینڈ ریفیوجی پروٹیکشن ایکشن ایکٹ کے تحت کینیڈا میں مستقل رہائش موجود ہے وہ افواج میں ملازمت کے اہل ہوں گے۔

    وزارت دفاع کی جانب سے مزید کہا گیا کہ کینیڈین افواج مستقل رہائشیوں کی حوصلہ افزائی کرے گی کہ وہ فوجی کیریئر پر سنجیدگی سے غور کریں۔

  • سعودی عرب: ملازمت کے معاہدوں کی تصدیق کے لیے نیا پلیٹ فارم

    سعودی عرب: ملازمت کے معاہدوں کی تصدیق کے لیے نیا پلیٹ فارم

    ریاض: سعودی عرب میں ملازمت کے معاہدوں کی تصدیق اور وزارت میں ان کی توثیق کرنے کے لیے تجرباتی بنیادوں پر لانچ کیا گیا قوی پلیٹ فارم مستقل کردیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق سعودی اور غیر ملکی افراد کے ورک ایگریمنٹ کی تصدیق قوی پلیٹ فارم سے کروائی جائے۔

    وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کی جانب سے قوی پلیٹ فارم تجرباتی بنیادوں پر لانچ کیا گیا تھا جس کے خاطرخواہ نتائج سامنے آنے پر اسے وزارت نے ملازمت کے معاہدوں کی تصدیق کے لیے مستقل کر دیا ہے۔

    وزارت افرادی قوت کا مزید کہنا تھا کہ کابینہ کی جانب سے جاری فیصلے پر عمل کرتے ہوئے مملکت میں لیبر مارکیٹ کے قوانین کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے جس کے تحت مشترکہ پلیٹ فارم قوی کا اجرا کیا گیا ہے۔

    وزرات کے مطابق اس کے ذریعے کارکنوں کے ملازمت کے معاہدوں کی تصدیق اور وزارت میں ان کی توثیق کرنے میں آسانی ہوگی اور معاملات جلد انجام دیے جا سکیں گے۔

    قوی پلیٹ فارم کے ذریعے ورک ایگریمنٹ کی تصدیق کرنے کے بعد معاہدے خود کار طریقے سے سوشل انشورنس میں رجسٹرڈ ہو جاتے ہیں جس سے فریقین کو نہ صرف سہولت ہوتی ہے بلکہ ان کے حقوق کا بھی تحفظ ہوتا ہے۔

    خیال رہے کہ غیر ملکی کارکنوں کے ورک ایگریمنٹ کی ڈیجیٹل تصدیق کیے بغیر کفالت کی تبدیلی کا عمل بھی مکمل نہیں ہوسکتا۔

  • سعودی آرامکو: 5 ہزار ملازمتوں کے مواقع

    سعودی آرامکو: 5 ہزار ملازمتوں کے مواقع

    ریاض: دنیا کی سب سے بڑی سعودی تیل کمپنی آرامکو نے نئے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں، جس کے بعد آئندہ 10 سال کے دوران مملکت میں روزگار کے 5 ہزار مواقع فراہم ہوں گے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کی تیل کمپنی آرامکو نے منگل کو 51 ملکی اور بین الاقوامی صنعتی کمپنیوں کے ساتھ ان کنگڈم ٹوٹل ویلیو ایڈ پروگرام کے تحت 59 معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

    اسٹریٹجک معاہدوں سے آئندہ 10 سال کے دوران مملکت میں روزگار کے 5 ہزار مواقع فراہم ہوں گے۔

    توقع کی جارہی ہے کہ 41.25 ارب ریال مالیت کے معاہدوں سے سعودی آرامکو کی درآمدی چین مضبوط ہوگی اور خام مواد تیار کرنے والے ادارے جدید خطوط پر استوار ہوں گے۔

    سعودی آرامکو میں تکنیکی خدمات کے ڈپٹی چیئرمین احمد السعدی نے کہا کہ سعودی عرب کے منفرد درآمد کاروں کے ساتھ بھاری سرمایہ کاری سعودی آرامکو کی کارکردگی میں لچک پیدا کرے گی۔

    توانائی کے شعبے میں آرامکو کمپنی کو دنیا بھر میں زیادہ معتبر بنائے رکھنے کو یقینی بنائے گی۔

    سعودی آرامکو میں سپلائی چین کے ڈپٹی چیئرمین انجینیئر محمد الشمری نے بتایا کہ معاہدوں پر دستخط کرنے والے مستقبل میں مطلوبہ اشیا کی صنعت میں ہمارے پارٹنر ہوں گے، ان معاہدوں کی بدولت سعودائزیشن کا انفراسٹرکچر وسیع ہوگا۔

    انجینیئر محمد الشمری نے مزید کہا کہ معاہدوں کا مقصد مملکت میں عالمی سطح کی رسد چین کے قیام کے حوالے سے سعودی آرامکو کے تصور سے مطابقت رکھنے والی مشترکہ کامیابی اور تعاون کا فریم تیار کرنا ہے۔

  • ایپل میں ملازمت کرنا چاہتے ہیں؟ تو یہ خبر آپ ہی کے لیے ہے

    ایپل میں ملازمت کرنا چاہتے ہیں؟ تو یہ خبر آپ ہی کے لیے ہے

    ٹیکنالوجی سے دلچسپی رکھنے والے ہر شخص کی خواہش ہوسکتی ہے کہ وہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل میں ملازمت کرے، تاہم اس کے لیے ان میں کچھ خصوصیات کا ہونا ضروری ہے۔

    ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ٹم کک نے بتایا ہے کہ وہ کمپنی کے لیے ملازمت پر رکھنے والے ملازمین میں کونسی خوبیاں تلاش کرتے ہیں، تو اگر آپ میں یہ خوبیاں ہیں تو آپ بھی ایپل جیسی بڑی کمپنی میں نوکری حاصل کرسکتے ہیں۔

    ایک اطالوی یونیورسٹی کے افتتاحی تقریب کے دوران دیے گیے انٹرویو میں ٹم کک کا کہنا تھا کہ ایپل کی کامیابی کا براہ راست تعلق اس کی ثقافت سے ہے۔

    اسی انٹرویو کے دوران ایپل کے سی ای او نے ان خصوصیات کے بارے میں بات کی جو کمپنی ملازمت دیتے وقت اپنے امیدواروں میں دیکھتی ہے، وہ خصوصیات کون سی ہیں؟

    باہمی تعاون

    ٹم کک نے کہا کہ چونکہ ایپل اپنی مصنوعات مشترکہ کوششوں سے بناتا ہے، اس لیے یہ ضروری ہے کہ کمپنی کا ہر ایک ملازم باہمی تعاون اور مل جل کر ایک ٹیم کی صورت میں کام کرے۔

    تخلیقی صلاحیت

    ایپل کے سی ای او نے کہا کہ کمپنی ان لوگوں کو تلاش کرتی ہے جو مختلف سوچتے ہیں، جو کسی مسئلے کو مختلف طریقے سے حل کرنے کی قابلیت رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان میں کچھ نیا کرنے کی جستجو ہو۔

    تجسس کے حامل افراد

    اس کے علاوہ کک نے کہا کہ وہ ایسے لوگوں کو پسند کرتے ہیں جو بچوں کی طرح سوال کرتے ہیں، وہ کچھ نیا کرنے اور سیکھنے کے لیے تجسس میں لگے رہتے ہیں۔

    اپنے کام میں مہارت رکھنے والے افراد

    آخر میں کک نے بتایا کہ ایپل کمپنی چاہتی ہے کہ وہ متعلقہ شعبے میں مہارت رکھنے والے افراد کو اپنی ٹیم میں شامل کرے، ایسے ملازمین جو اپنے کام میں مکمل مہارت رکھتے ہوں وہ ہماری کمپنی کے ساتھ اچھا کام کرسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملازمین میں یہ خوبیاں ہوں تو کمپنی اچھے ماحول میں بہتر کام کرتی ہے۔