Tag: ملازمہ

  • سیف علی خان پر حملے کی رات کیا ہوا؟ ملازمہ کا خوفناک انکشاف

    سیف علی خان پر حملے کی رات کیا ہوا؟ ملازمہ کا خوفناک انکشاف

    بالی ووڈ اداکار سیف علی خان ڈکیتی کی کوشش روکنے کے دوران زخمی ہونے کے بعد بھارت کے لیلاوتی اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کی حالت  اب سرجری کے بعد خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان اپنی اہلیہ کرینہ اور اپنے دو بیٹوں کے ہمراہ ممبئی کے علاقے باندرہ کی 12 اسٹوری بلڈنگ میں رہائش پذیر ہیں۔

    جہاں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً ڈھائی بجے کے قریب سیف علی خان کے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی جسے اداکار نے مزاحمت کرکے ناکام بنادیا تاہم وہ اس دوران شدید زخمی ہوگئے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by HT City (@htcity)

    مبئی کے باندرہ پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر میں اداکار سیف علی خان کے گھر پر ان کے چھوٹے بیٹے جے کا خیال رکھنے والی والی نینی ایلیاما فلپ نے اپنے بیان میں حملے کا پورا واقعہ بیان کیا ہے، نینی نے بتایا کہ وہ گزشتہ 4 سال سے سیف کے گھر پر اسٹاف نرس کے طور پر کام کر رہی ہے۔

    پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں نینی نے کہا ’میں اداکار سیف علی خان کے چھوٹے بیٹے (جے) کی دیکھ بھال کرتی ہوں،  سیف علی خان کی فیملی عمارت کی 12ویں منزل پر رہتی ہے، ہر منزل پر 3 کمرے ہیں، 15 جنوری کی رات تقریباً 11 بجے میں نے انہوں نے چھوٹے بیٹے کو کھانا کھلایا اور سونے کے لیے دیا اور سونے کے لئے چلے گئے، جس کے بعد رات 2 بجے مجھے کچھ شور سنائی دیا جس سے میری آنکھ کھل گئی تو میں اٹھ کر بیٹھ گئی‘۔

    اس کا مزید کہنا تھا کہ ’اس وقت باتھ روم کا دروازہ کھلا ہوا تھا اور باتھ روم کی لائٹ جل رہی تھی، تب میں نے سوچا کہ کرینہ میڈم اپنے بچے سے ملنے آئی ہوں گی، لیکن پھر مجھے احساس ہوا کہ کچھ گڑبڑ ہے، میں نے نیچے جھک کر دیکھنے کی کوشش کی‘۔

    مزید پڑھیں:

    سیف علی خان گھر میں ڈکیتی مزاحمت پر شدید زخمی، اسپتال منتقل

    سیف علی خان پر حملے کے وقت کرینہ کپور کہاں تھیں؟ تصاویر سامنے آگئی

    چور سیف علی خان کے گھر میں کیسے داخل ہوا؟ 4 افراد گرفتار، اہم انکشافات

    ’’ میں نے پوچھا کہ باتھ روم میں کون ہے تو ایک شخص سیف کے چھوٹے بیٹے کے بستر کی طرف جانے لگا اور بولا ’کوئی آواز نہیں، اسی وقت کچھ لوگ جاگ گئے، یہ دیکھ کر ملزم نے انہیں بھی دھمکی دی اور کہا کہ آواز نہیں ہونی چاہیے ‘‘

    ملازمہ نے کہا کہ اس وقت جب میں جہانگیر (سیف کرینہ کے چھوٹے بیٹے) کو لینے گئی تو ملزم بائیں ہاتھ میں لکڑی جیسی چیز اور دوسرے ہاتھ میں ایک لمبا پتلا ہیکسا بلیڈ لیے میری طرف آیا، اور مجھ پر حملہ کرنے کی کوشش کی، چاقو میرے دونوں ہاتھ کلائی کے قریب اور بائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی پر لگا اس وقت میں نے اس سے پوچھا ’تم کیا چاہتے ہو؟‘ تو اس نے کہا ’ایک کروڑ‘۔

    نینی نے پولیس کو دیے گیے بیان میں کہا کہ ’اسی لمحے مجھے موقع ملا اور چیختی ہوئی کمرے سے باہر بھاگی، آواز سن کر سیف اور کرینہ میڈم ایک ساتھ دوڑے، جب سیف نے پوچھا کہ وہ کون ہے، کیا چاہتا ہے؟  اس دوران ملزم نے سیف پر بلیڈ سے حملہ کیا جس کے بعد دیگر ملازم بھی آگئے۔

    نینی نے مزید بتایا کہ مذکورہ واقعے میں سیف کے گردن کے پچھلے حصے میں دائیں کندھے کے قریب، پیٹھ کے بائیں جانب اور بائیں کلائی اور کہنی کے قریب زخم آئے تھے، ان کے ہاتھ سے خون نکل رہا تھا، سیف علی خان کے دائیں کلائی، کمر اور چہرے پر بھی چوٹیں آئیں۔

    سیف کی حملہ آور سے  مزاحمت کے دوران ایک ملازمہ ملزم کو کمرے میں بند کرنے میں کامیاب ہوگئی، ملزم اس کمرے میں کم ازکم 30 منٹ تک موجود رہا، بعد ازاں فرار ہوگیا ، فرار ہونے کے دوران چھٹی منزل پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں حملہ آور کی تصویر محفوظ ہوگئی۔

    حملہ کرنے والا ایک نامعلوم شخص کی عمر 35 سے 40 سال کے درمیان بتائی گئی ہے، اس کی سیاہ رنگت، پتلا جسم، گہرے رنگ کی پینٹ اور گہرے رنگ کی قمیض پہن رکھی تھی اور اس کے سر پر ٹوپی تھی۔

  • کراچی کی جیل میں بول نہ پانے والی لڑکی کو 11 سال سے تنخواہ نہ ملنے کا انکشاف

    کراچی کی جیل میں بول نہ پانے والی لڑکی کو 11 سال سے تنخواہ نہ ملنے کا انکشاف

    کراچی: شہر قائد کی جیل میں بول نہ پانے والی لڑکی کو 11 سال سے تنخواہ نہ ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ایک کیس کی سماعت کے دوران انکشاف ہوا کہ جیل ملازمہ ثمینہ شیخ کو گزشتہ گیارہ سال سے تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہیں۔

    جیل ملازمہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے کیس میں عدالت نے محکمہ جیل خانہ جات سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر دیے ہیں، عدالت نے آئندہ سماعت پر درخواست گزار سے دستاویزات بھی طلب کر لیے۔

    قبل ازیں، درخوست گزار نے عدالت کو بتایا ’’میں فوتی کوٹے پر 2013 سے بطور جیل ملازمہ بھرتی ہوئی ہوں، میرے ساتھ بھرتی ہونے والے تمام ملازمین کو تنخواہیں مل رہی ہیں، لیکن 2013 سے آج تک مجھے ایک بھی تنخواہ ادا نہیں کی گئی۔‘‘

    درخواست گزار ثمینہ شیخ نے عدالت سے فریاد کی کہ انھیں تنخواہ کی ادائیگی کے لیے پیسے دینے کے لیے کہا گیا، اگر پیسے دیں گی تو تنخواہ ملے گی۔ مدعی نے عدالت سے استدعا کی کہ جیل انتظامیہ کو تنخواہوں کی ادائیگی کا حکم دیا جائے۔

    عدالت نے فریاد سن کر سندھ حکومت کے وکیل پر برہمی کا اظہار کیا، اور ریمارکس دیے کہ یہ آپ لوگ کیا کر رہے ہیں، معصوم لڑکی جو بول بھی نہیں پا رہی اس کو بھی تکلیف میں ڈال دیا ہے۔

    کیس کی سماعت کے بعد عدالت نے محکمہ جیل خانہ جات سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر دیے۔

  • کلفٹن میں گھریلو ملازمہ رہائشی عمارت کی تیسری منزل سے گر کر شدید زخمی

    کلفٹن میں گھریلو ملازمہ رہائشی عمارت کی تیسری منزل سے گر کر شدید زخمی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں رہائشی عمارت کی تیسری منزل سے گر کر 15سالہ گھریلو ملازمہ شدید زخمی ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی گھریلو ملازمہ کو طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، لڑکی کو تاحال ہوش نہیں آیا، بچی کی ہاتھ اور ٹانگ کی ہڈیاں ٹوٹی ہیں۔

    مالک مکان کا پولیس کو دیئے بیان میں کہنا ہے کہ گھریلو ملازمہ چند برسوں سے کام کررہی تھی، اس نے آج صبح سے کچھ نہیں کھایا تھا،طبیعت بہتر نہیں تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ خودکشی کی کوشش ہے یا کچھ اور تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    اس سے قبل بھی ڈیفنس کے علاقے خیابان بخاری میں 16 سالہ ملازمہ کی مبینہ خودکشی کا معاملہ سامنے آیا تھا، جس میں مقتولہ پاریہ کے والد نے درخشاں تھانے میں قتل کا مقدمہ درج کرایا تھا۔

    مقتولہ بچی کے والد نے بنگلے کے مالکان اور ملازمین پر بچی کو قتل کرنے کا شبہ ظاہر کیا۔

    مقتولہ پاریہ کے والد کا کہنا تھا کہ بیٹی پاریہ کو 10 ماہ قبل بنگلے میں ملازم رکھوایا تھا جو مستقل طور پر بنگلے میں ہی رہائش پذیر تھی، 12مئی کو بیٹی کو فون کیا تقریباً پونے گھنٹے تفصیلی بات ہوئی تھی۔

    کم عمری کی شادی کرنے والا جوڑا گرفتار

    12 مئی کو ہی 5 بجے بنگلے کے مالک کے بیٹے شہروز نے فون کرکے بتایا کہ آپ جلدی کراچی پہنچو آپ کی بیٹی نے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی ہے۔

  • لاہور میں 22 سالہ گھریلو ملازمہ کی مبینہ خودکشی

    لاہور میں 22 سالہ گھریلو ملازمہ کی مبینہ خودکشی

    لاہور: کاہنہ کی نجی سوسائٹی میں گھریلو ملازمہ نے مبینہ خود کشی کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ کی نجی سوسائٹی میں ڈاکٹر کے گھر کام کرنے والی 22 سالہ گھریلو ملازمہ نے مبینہ خود کشی کر لی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 22 سال کی اقصیٰ سروسز اسپتال کے ڈاکٹر علی رضا کےگھر ملازمہ تھی، فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ہے جبکہ لاش پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوادی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خودکشی کرنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی اصل صورتحال سامنے آئے گی۔

  • عرب امارات: غیر ملکی خاتون کو ملازمہ کو بھاری جرمانہ ادا کرنے کا حکم

    عرب امارات: غیر ملکی خاتون کو ملازمہ کو بھاری جرمانہ ادا کرنے کا حکم

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں عدالت نے ایک غیر ملکی خاتون کو اپنی گھریلو ملازمہ کو 11 ہزار درہم ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق راس الخیمہ سول کورٹ نے خلیج کی ایک خاتون کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی ایشیائی ملازمہ کو غلط طریقے سے برطرف کیے جانے پر اسے 11 ہزار 200 درہم ادا کرے۔

    سول کورٹ نے خلیجی خاتون کے خلاف فیصلہ دیتے ہوئے اسے یہ حکم بھی دیا کہ وہ برطرف کی جانے والی ملازمہ کو تنخواہ، الاؤنس اور پراویڈنٹ فنڈ بھی پیش کرے، اس کے علاوہ عدالتی اخراجات ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

    ایشیائی ملازمہ نے اپنے دعوے میں کہا تھا کہ 1200 درہم ماہانہ کی تنخواہ پر ملازمت کر رہی تھی لیکن اس نے اس کے حقوق ادا نہیں کیے۔

    عدالت نے ملازمہ کے حق میں فیصلہ صادر کرتے ہوئے خلیجی خاتون سے 13 ہزار 400 درہم سالانہ چھٹی کا الاؤنس دلوائے، اینڈ آف سروس ،سفر کا ٹکٹ، بیجا طریقے سے برطرفی الاؤنس اور عدالتی اخراجات دلوائے۔

    خلیجی خاتون نے عدالتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے، خاتون کے دعوے میں کہا گیا تھا کہ ملازمہ نے کیس فائل کرنے کے لیے جو طریقہ کار اختیار کیا ہے وہ غیر قانونی ہے اسے معاملہ لیبر کورٹ میں لے جانا چاہیئے تھا۔

    سول کورٹ نے اپیل خارج کرتے ہوئے ملازمہ کے حق میں ابتدائی عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے اس میں معمولی تبدیلی کے ساتھ خاتون کو حکم دیا کہ وہ ملازمہ کو 11 ہزار درہم ادا کرے۔

  • ملازمہ کی لفٹ کے فرش پر کتے کو بے دردی سے پٹخنے کی ویڈیو وائرل

    ملازمہ کی لفٹ کے فرش پر کتے کو بے دردی سے پٹخنے کی ویڈیو وائرل

    گروگرام: بھارت میں ایک ملازمہ کی لفٹ کے فرش پر کتے کو مارنے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد جانوروں سے محبت کرنے والے صدمے میں رہ گئے۔

    یہ سی سی ٹی وی فوٹیج مبینہ طور پربھارت کے گروگرام کے سیکٹر 109 میں راہیجا اتھروا سوسائٹی کی ہے۔ جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتو ن ملازمہ کو کتے پر ظلم کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون کی شناخت سنیتا کے نام سے ہوئی ہے، وہ دو چھوٹے کتوں کے ساتھ لفٹ میں داخل ہوتی ہے اور جس وقت لفٹ کے دروازے بند ہوتے ہیں، ویسے ہی ملازمہ ان میں سے ایک کتے کا پٹا پکڑ لیا اور اسے فرش پر دے مارتی ہے۔

    ویڈیو دیکھنے کے بعد سوسائٹی کے حکام نے فوری طور پر مالکان کو آگاہ کیا جس نے ملازمہ سنیتا کو نوکری سے فارغ کردیا۔

     ملازمہ نے الزام لگایا کہ کتے نے واک کے دوران اسے کاٹنے کی کوشش کی تھی اور وہ اسے سبق سکھانا چاہتی تھی۔

    مالکان اور حکام نے ملازمہ کے الزامات کی تردید کردی جبکہ سوسائٹی کے ارکان کا دعویٰ ہے کہ ملازمہ نے اپنا غصہ کتے پر نکالا۔ سوسائٹی نے ملازمہ کو بلیک لسٹ کر کے اس کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔

  • ساڑھے 7 کروڑ کی رقم چرانے والی گھریلو ملازمہ گرفتار

    ساڑھے 7 کروڑ کی رقم چرانے والی گھریلو ملازمہ گرفتار

    بیروت: لبنان میں ایک گھریلو ملازمہ کو 50 ہزار ڈالرز چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے، مقامی کرنسی میں یہ رقم ساڑھے 7 کروڑ لبنانی پاؤنڈز سے زیادہ بنتی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق لبنان میں مقامی پولیس نے ایک گھریلو ملازمہ کو اپنے مالک کے کیس سے 50 ہزار ڈالر چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

    کہا جارہا ہے کہ جب سے لبنان کے شدید معاشی بحران نے لبنیز پاؤنڈ کی قدر کو تباہ کیا ہے اور بینکوں نے ڈالر نکالنے پر پابندی لگا دی ہے، یہ نقدی کی سب سے بڑی چوری ہے۔

    انٹرنلی سکیورٹی فورس (آئی ایس ایف) کے مطابق کیمرون سے تعلق رکھنے والی ملازمہ نے، جو بیروت کے رہائشی شخص کے پاس کام کرتی تھیں، پیسے چرانے اور 17 مارچ کو فرار ہونے کا الزام قبول کیا ہے۔

    اس حوالے سے آئی ایس ایف کے ایک سینیئر اہلکار کا کہنا ہے کہ سنہ 2019 سے شروع ہونے والے لبنان کے معاشی اور ڈالر کی کمی کے بحران کے بعد چرائی جانے والی یہ نقد رقم اگر سب سے بڑی نہیں تو پھر بھی بہت بڑی چوریوں میں سے ایک ہے۔

    معاشی تباہی کے دوران اس معاملے نے لبنان میں گھریلو ملازمین کی حالت زار کی طرف بھی اشارہ کیا ہے، زیادہ تر ملازمین لبنان میں کام کرنے جاتے ہیں تاکہ اپنے گھر والوں کو ڈالرز بھیج سکیں۔

    سنہ 2019 سے لبنان کے مرکزی بینک نے بینکوں پر دباؤ کم کرنے کے لیے ڈالرز نکلوانے اور ٹرانسفر کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی جس کے نتیجے میں ڈالر کی شدید کمی ہو گئی۔

    اس بحران کی وجہ سے بہت سے لبنانی شہریوں نے اپنی رقم بینکوں سے نکال کر گھروں میں محفوظ کرلی تھیں، ماہرین کے خیال میں لوگوں نے اپنی جائیدادوں میں 3 ارب ڈالر کی رقم چھپائی ہوئی ہے۔

    آئی ایس ایف کے اہلکار کے مطابق سنہ 2019 سے لبنان میں نقد ڈالر کی چوری کی متعدد وارداتیں ہوئی ہیں لیکن یہ واردات ان میں سب سے بڑی ہے۔

    پولیس نے کیمرون سے تعلق رکھنے والی اس ملازمہ سے 4 ہزار ڈالر، 60 لاکھ لبنانی پاؤنڈز، 6 ہزار ڈالر گھر بھیجنے کی رسیدیں اور ایک نیا اسمارٹ فون برآمد کر لیا ہے۔

  • کویت: خادمہ کو قتل کرنے والی خاتون کو سزائے موت

    کویت: خادمہ کو قتل کرنے والی خاتون کو سزائے موت

    کویت سٹی: کویت میں خادمہ کو قتل کرنے والی مقامی خاتون کو سزائے موت جبکہ ان کے شوہر کو 4 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

    کویتی میڈیا کے مطابق کویت کی فوجداری عدالت نے ایک فلپائنی خادمہ جینلن ولاونڈے کے قتل کے جرم میں ایک کویتی خاتون کو پھانسی جبکہ ان کے شوہر کو 4 سال قید کی سزا سنائی۔ سفارتخانے کے قانونی نمائندے کی اتاشی شیخہ فوزیہ الصباح ایک سال سے اس کیس سے منسلک تھیں۔

    مذکورہ خادمہ کویتی خاندان کے گھر ملازم تھی جنہیں تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ ملازمہ پر تشدد کے ساتھ کئی ہفتوں تک جنسی اور جسمانی زیادتی بی کی گئی۔

    ملازمہ نے دسمبر 2019 میں اپنی موت سے چند ماہ قبل نہ صرف اپنی ایجنسی بلکہ کفیل کو بھی گھر واپس بھیجنے کے لیے کہا تھا لیکن اس کی درخواستوں کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ رپورٹس میں بتایا گیا کہ ملازمہ کا کفیل کویت کی وزارت داخلہ کے لیے کام کرتا تھا۔

    وکیل شیخہ فوزیہ کا کہنا تھا کہ آج کا عدالتی فیصلہ منصفانہ ہے، ملازمہ کو حسد کی وجہ سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور کئی دن تک کمرے میں بند رکھا گیا جبکہ کسی قسم کی طبی امداد دینے سے بھی انکار کر دیا گیا جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوگئی۔

    دوسری جانب کویت میں فلپائن کے سفیر محمد نور دین پینڈو سینا لموندت ملک میں لاک ڈاؤن سے قبل ہی قتل کے الزام میں گرفتار ہونے والے کویتی جوڑے کے خلاف کیس کی پیروی کر رہے تھے۔

    سفیر کا کہنا تھا کہ ہم مقتولہ کے لیے انصاف کے حصول کی امید رکھتے ہیں اور انصاف کی فراہمی کے لیے کویت کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹا۔ سفیر فلپائن نے اس کیس میں فتح اور حمایت کے لیے وکیل شیخہ فوزیہ الصباح، سیکریٹری برائے امور خارجہ ٹیڈی لوکسن اور فلپائن کے صدر روڈریگو کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

  • ملازمہ کی تنخواہ روکنے والے کفیل کو 7 سال کے واجبات ایک ساتھ دینے پڑ گئے

    ملازمہ کی تنخواہ روکنے والے کفیل کو 7 سال کے واجبات ایک ساتھ دینے پڑ گئے

    ریاض: سعودی عرب میں ایک سری لنکن ملازمہ 7 سال تک بغیر تنخواہ کے کام کرتی رہی تاہم لیبر آفس میں شکایت درج کروانے کے بعد اسے یکمشت 7 سالوں کے واجبات مل گئے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی لیبر آفس کی مداخلت سے ریاض میں مقیم سری لنکن خادمہ کو گزشتہ 7 برسوں کے حقوق اور واجبات مل گئے، سری لنکن قونصلیٹ کی مدد سے خادمہ نے اپنے کفیل کے خلاف لیبر آفس میں درخواست دی تھی۔

    خادمہ کا کہنا تھا کہ اسے 7 برس سے نہ تو تنخواہ دی گئی نہ ہی کسی قسم کے واجبات ادا کیے گئے۔

    ریجنل لیبر آفس کے ڈائریکٹر عبدالکریم عسیری کے مطابق سری لنکن سفارت خانے کے توسط سے ایک خادمہ نے درخواست ارسال کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اس کے کفیل کی جانب سے نہ تو اسے تنخواہ دی جاتی ہے اور نہ ہی دیگر واجبات ادا کیے جاتے ہیں۔

    ڈائریکٹر لیبر آفس کا کہنا تھا کہ خادمہ کی درخواست موصول ہوتے ہی واقعے کے بارے میں تحقیقات کی گئیں، خادمہ کا دعویٰ درست ثابت ہونے پر اس کے کفیل کو لیبر آفس طلب کر کے اس سے خادمہ کی 7 برسوں کی تنخواہ وصول کی گئی۔

    اس حوالے سے ڈائریکٹر لیبر آفس عسیری کا کہنا تھا کہ وزارت محنت کی جانب سے کارکنوں کے واجبات کی ادائیگی کو بروقت یقینی بنانے کے لیے فوری کارروائی کی جاتی ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں وزارت محنت و سماجی بہبود آبادی کی جانب سے مملکت میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کے حقوق و واجبات کی بر وقت فراہمی کے حوالے سے جامع قوانین مرتب کیے گئے ہیں جن پر عمل کرنا لازمی ہے۔

    وزارت محنت کے تحت مالک کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنے کارکنوں کو تنخواہ بینک اکاؤنٹ کے ذریعے ادا کریں، اس ضمن میں منصوبے پر مرحلہ وار عمل کیا جا رہا ہے۔

    بینک اکاؤنٹ میں تنخواہوں کی ادائیگی کارکنوں کے مفاد میں ہے کیونکہ یہ ایک ایسا ثبوت ہوتا ہے جسے کسی بھی عدالت میں چیلنج کیا جا سکتا ہے۔

    اس حوالے قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ملازمین کسی بھی حالت میں سادہ کاغذ پر نہ تو دستخط کریں اور نہ ہی انگوٹھا لگائیں، ایسا کرنا ان کے لیے مستقبل میں سخت نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

  • ن لیگی ایم پی اے طاہرجمیل پر ملازمہ سے زیادتی کا مقدمہ درج

    ن لیگی ایم پی اے طاہرجمیل پر ملازمہ سے زیادتی کا مقدمہ درج

    فیصل آباد: پولیس نے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے طاہرجمیل کے خلاف ملازمہ سے زیادتی کا مقدمہ درج کرلیا، مقدمے میں ان کے دو بیٹوں اور اہلیہ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے ایم پی اے کے خلاف زیادتی کا مقدمہ 14 سالہ ملازمہ صائمہ کے والد ریاض مسیح کی مدعیت میں درج کرلیا گیا، مقدمے میں طاہرجمیل کی بیوی اور2 بیٹے بھی نامزد ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں زیادتی، چلڈرن ایکٹ سمیت3 دفعات شامل ہیں، اسپیکرپنجاب اسمبلی کی اجازت کے بعد ایم پی اے کو گرفتارکیا جائے گا۔

    ریاض مسیح نے بتایا کہ ایم پی اے طاہرجمیل نے میری بیٹی کو2 بار زیادتی کا نشانہ بنایا، طاہرجمیل کی بیوی بانومیری بیٹی کوتشدد کا نشانہ بناتی تھی،ایم پی اے کے بیٹے آفاق اورسعد نازیبا حرکات کرتے تھے۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کا میڈیکو لیگل درخواست ملتے ہی کرا لیا گیا تھا، لڑکی کے جسم سے نمونے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے گئے۔

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹ میں ملازمہ کے ساتھ زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے، فرانزک لیبارٹری سے نمونوں کی رپورٹ آنے پر حتمی رائے دی جائے گی۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق ڈی این اے ٹیسٹ سے واضح ہوگا زیادتی کس نے کی، متاثرہ بچی کے جسم سے 3 نمونے فرانزک لیبارٹری بھجوائے گئے۔