Tag: ملازمین برطرف

  • ٹرمپ انتظامیہ کا بڑا ایکشن، محکمہ خارجہ کے 1300 ملازمین برطرف

    ٹرمپ انتظامیہ کا بڑا ایکشن، محکمہ خارجہ کے 1300 ملازمین برطرف

    واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے ملازمین کو برطرف کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا، جمعہ کے روز محکمہ خارجہ سے 1300 سے زائد ملازمین برطرف کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے اپنے منصوبے کے مطابق محکمہ خارجہ کے تیرہ سو ملازمین کو نوکری سے نکال دیا، برطرفی کے موقع پر امریکی محکمہ خارجہ کی عمارت کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔

    مظاہرین برطرف ہونے والے ملازمین کو خراج تحسین پیش کرتے رہے، محکمہ خارجہ میں ملازمت کے آخری دن دفتر سے باہر نکلتے ہوئے کئی ملازمین آبدیدہ ہو گئے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ جمعہ کو برطرف کیے گئے ملازمین اہم شعبوں میں کام کر رہے تھے، زیادہ تر ملازمین پرتشدد انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے جیسے مسائل پر کام کر رہے تھے، طالبان کے قبضے کے بعد فرار ہونے والے افغانوں کی مدد کرنے والے محکمے کے تمام ملازمین برطرف کیے گئے ہیں۔


    ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ روکنے میں ناکامی ، سیکریٹ سروس کے 6 اہلکار معطل


    تعلیمی تبادلے، خواتین کے حقوق، پناہ گزینوں اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پروگرامز پر کام کرنے والے ملازمین بھی برطرف کر دیے گئے ہیں، پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر محکمہ خارجہ کے 3 ہزار ملازمین کو برطرف کیا جا رہا ہے۔

    ترجمان ٹیمی بروس نے کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ کو صدر ٹرمپ کی ترجیحات کے مطابق ڈھالا جا رہا ہے، اس لیے بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت ہے، محکمے کو جدید دور کی ضروریات کے مطابق ڈھالا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ محکمہ خارجہ سفارت کاری کے ذریعے دنیا میں تبدیلی لا سکتا ہے، فیصلوں کے جلد عمل در آمد اور نتائج کے لیے محکمہ خارجہ میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔

    دوسری طرف محکمہ خارجہ کی عمارت کے باہر ہونے والے احتجاج میں ڈیموکریٹ سینیٹر کرسٹوفر وین ہولین، سینیٹراینڈی کیم نے بھی شرکت کی، سینیٹر کرسٹوفروین نے کہا ٹرمپ کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف ہر فورم پر لڑیں گے۔

  • طیارہ ساز کمپنی ’بوئنگ‘ کا ہزاروں ملازمین برطرف کرنے کا اعلان

    طیارہ ساز کمپنی ’بوئنگ‘ کا ہزاروں ملازمین برطرف کرنے کا اعلان

    واشنگٹن : ہوائی جہاز بنانے والی امریکی کمپنی ’بوئنگ‘نے اپنے ملامین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کرلیا، طیارہ ساز کمپنی ایک ماہ سے جاری ہڑتال کے باعث مالی مشکلات کا شکار ہوگئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بوئنگ کے چیف ایگزیکٹیو کیلی آرٹبرگ نے ملازمین کے نام ایک ای میل پیغام کے ذریعہ گزشتہ کئی سالوں سے مالی مشکلات سے دوچار کمپنی کے تقریباً 10 فیصد ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    انہوں نے بتایا ہے کہ عالمی سطح پر ہونے والی اس چھانٹی میں ہر سطح کے ملازمین یعنی ایگزیکٹیوز، منیجر سے لے کر تمام شعبہ جات کا عملہ کے افراد شامل ہوں گے۔

    بوئنگ ملازمین

    اورٹبرگ نے کہا کہ ہمیں اپنی مالی حقیقت اور ترجیحات کو اور زیادہ بڑھانے کے لئے اپنے کاموں میں تبدیلی کرنی ہے۔ آئندہ چند ماہ میں ہم ملازمین کی تعداد میں تقریباً 10فیصد کمی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق بوئنگ کمپنی کے اس فیصلے سے تقریباً 17 ہزار ملازمین کو اپنی ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑیں گے کیونکہ 10 فیصد کی کٹوتی تقریباً 17 ہزار ملازمتوں کے برابر ہے۔

    کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو کیلی آرٹبرگ نے اپنی ای میل میں اسلحہ اور فوجی سامان بنانے والے کاروبار میں خسارہ کا اندیشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ ساتھ ہی کمپنی نے اپنے نئے جہاز 777ایکس کی ڈلیوری کی تاریخ کو بھی ایک سال آگے بڑھا دیا ہے۔

    قابل ذکر ہے بات یہ ہے کہ فی الحال بوئنگ کے 33 ہزار ملازمین ہڑتال پر ہیں اور یہ ہڑتال گزشتہ تین ہفتوں سے جاری ہے جس سے کمپنی کی کارکردگی پر منفی اثر پڑا ہے۔ اس ہڑتال کا اثر کمپنی کے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے طیاروں کے پروڈکشن پر بھی دیکھنے میں آرہا ہے۔ایمپلائیز یونین 14 ستمبر سے ہڑتال پر ہے اور بات چیت کے باوجود کوئی حل نہیں نکل سکا ہے، جس کے سبب کمپنی کے مالی حالات ابتر ہوچکے ہیں۔

  • نیوز چینل کا سینکڑوں ملازمین برطرف کرنے کا فیصلہ

    نیوز چینل کا سینکڑوں ملازمین برطرف کرنے کا فیصلہ

    اوٹاوا : دنیا بھر کی طرح کینیڈا میں بھی اخبارات اور ٹی وی چینلز پر پیدا ہونے والے بحرانوں کے سبب ملازمین کی چھانٹیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اشتہارات کی کمی اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث گلوبل نیوز کی مالک کینیڈین میڈیا کمپنی کوروس انٹرٹینمنٹ نے اخراجات میں کمی اور بڑے پیمانے پر ملازمین کی چھانٹی کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے شریک سی ای او جان گوسلنگ نے کمپنی کی پہلی تین ماہ کی کارکردگی کے بارے میں کہا کہ اگست کے آخر تک، کورس انٹرٹینمنٹ اپنی کُل وقتی افرادی قوت میں سے 25 فیصد یا تقریباً 800 ملازمتوں میں کمی کر سکتی ہے۔ مئی 2022 کے آخر تک کوروس نے تقریباً 500 ملازمین کو نکال دیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق کمپنی وینکوور اور ایڈمنٹن میں دو ریڈیو اسٹیشنوں پر بھی کام بند کردے گی، اور گوسلنگ نے کہا کہ یہ کٹوتیاں مستقبل قریب میں جاری رہ سکتی ہیں۔

    کورس نے مارچ سے مئی تک $331.8 ملین کی آمدنی کی اطلاع دی، جو پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں $65 ملین سے زیادہ کی کمی ہے۔

    یہ کمی اس وقت ہوئی جب سہ ماہی میں ٹیلی ویژن کی آمدنی ایک سال پہلے کے مقابلے میں 17 فیصد کم ہو کر 308.2 ملین ڈالر رہ گئی جبکہ ریڈیو کی آمدنی 10 فیصد کم ہو کر 23.6 ملین ڈالر رہ گئی۔

    دریں اثنا، نورڈ اسٹار، کمپنی جو ٹورنٹو اسٹار اور دیگر اخبارات کی مالک ہے، نے ستمبر 2023 میں اعلان کیا کہ وہ 600 ملازمتوں میں کمی کر رہی ہے اور اپنے میٹرو لینڈ ڈویژن کے لیے دیوالیہ پن سے تحفظ حاصل کر رہی ہے، جس میں 70 سے زیادہ مقامی اخبارات ہیں۔

    اس کے علاوہ سی بی سی/ ریڈیو کینیڈا پہلے ہی 141 ملازمین کو فارغ کر چکا ہے اور 205 اسامیاں ختم کرچکا ہے۔

     

  • امریکی کمپنی ’ایپل‘ کے سیکڑوں ملازمین برطرف

    امریکی کمپنی ’ایپل‘ کے سیکڑوں ملازمین برطرف

    آئی فون تیار کرنے والی مشہور کمپنی ’ایپل‘ نے اپنے سیکڑوں ملازمین کو برطرف کرکے مختلف شعبوں کے کئی دفاتر بند کردیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال بعد رواں سال 2024 میں بھی دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر برطرفیوں کا لگا تار سلسلہ جاری ہے۔

    رواں برس جن کمپنیوں نے اجتماعی طور پر اپنے ملازمین کو فارغ کیا ہے ان میں اب آئی فون تیار کرنے والی مشہور کمپنی ایپل بھی شامل ہوگئی ہے۔

     

    غیر ملکی خبر رساں ادارے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایپل نے باضابطہ طور پر اپنی کار اور مائیکرو ایل ای ڈی ایپل واچ پروجیکٹس کے بند ہونے کے بعد 600 سے زائد ملازمین کی برطرفی کی تصدیق کی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایپل نے تازہ برطرفیوں کی تصدیق کی ہے۔ کمپنی نے کیلیفورنیا ایمپلائمنٹ ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے پاس فائلنگ میں اس کی اطلاع دی ہے۔

    فائلنگ کے حوالے سے بلومبرگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایپل نے کیلیفورنیا میں 600 سے زیادہ ملازمین کو برطرف کیا ہے۔ کمپنی نے برطرفیوں کا یہ فیصلہ کار اور اسمارٹ واچ ڈسپلے پروجیکٹ کے بند ہونے کی وجہ سے لیا ہے۔

    مقامی قانون کے مطابق کمپنیوں کو برطرفیوں کا ملازمین کو فارغ کرنے کے بارے میں اطلاع دینی ہوتی ہے۔ ایپل نے ورکر ایڈجسٹمنٹ اینڈ ری ٹریننگ نوٹیفکیشن (وارن پروگرام) پر عمل کرتے ہوئے آٹھ الگ الگ فائلنگ میں ملازمین کی برطرفیوں کی اطلاع دی۔

  • ریڈیو کینیڈا کا سیکڑوں ملازمین برطرف کرنے کا اعلان

    ریڈیو کینیڈا کا سیکڑوں ملازمین برطرف کرنے کا اعلان

    اوٹاوا : کینیڈین براڈ کاسٹنگ کارپوریشن ( سی بی سی ) نے مالی مشکلات کے پیش نظر اپنے 600 ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

    اس حوالے سے ریڈیو انتطامیہ نے اعلان کیا ہے کہ کینیڈین براڈ کاسٹنگ کارپوریشن اور ریڈیو کینیڈا 125 ملین ڈالر کے بجٹ کی کمی کے درمیان اگلے سال تقریباً 600 ملازمتوں میں کمی کریں گے۔

    یہ فیصلہ کینیڈین ریڈیو نے اشتہارات کی آمدنی میں کمی اور ڈیجیٹل نیوز آؤٹ لیٹس سے مسابقت کے باعث درپیش مالی چیلنجوں کے پیش نظر کیا ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نے کینیڈین براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کی صدر اور سی ای او کیتھرین ٹیٹ کے بیان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ملکی میڈیا انڈسٹری کو درپیش مشکلات سے ان کا ادارہ بھی محفوظ نہیں ،ہم نے کئی سال تک ان مشکلات کا مقابلہ کیا تاہم اب ملازمین کی تعداد میں کمی کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔

    کیتھرین ٹیٹ نے کہا کہ منصوبے کے مطابق ایک سال میں 600 ملازمین کو فارغ کیا جائے گا، تاہم پہلا مرحلہ جلد انجام پذیر ہونے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انگریزی زبان کے نیٹ ورک میں 250 ،فرانسیسی زبان کے شعبے میں 250 اور تکنیکی و دیگر معاون عملے میں سے بھی 100 ملازمین کو فارغ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بھی ملازمین کی تعداد میں 200 افراد کی کمی کا پروگرام ہے۔

  • لنکڈ ان کا سیکڑوں ملازمین برطرف کرنے کا فیصلہ

    لنکڈ ان کا سیکڑوں ملازمین برطرف کرنے کا فیصلہ

    مائیکرو سافٹ کے ملکیتی ادارے لنکڈ ان نے چھ سو سے زائد ملازمین کو برطرف کرنے کا اعلان کردیا، روینیو میں کمی کے باعث سوشل میڈیا نیٹ ورک نے اس سال دوسری بار بڑی تعداد میں ملازمین کو فارغ کیا ہے۔

    دنیا بھر میں معاشی بحران کے سبب مختلف اداروں میں ملازمین کی چھانٹیوں کا عمل معمول بنتا جارہا ہے اور ملازمتوں کے رجحان میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آرہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جاب سرچ کے معروف ویب سائٹ لنکڈ ان نے انجنیئرنگ، ٹیلنٹ اور فنانس کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین کی مسقبل بنیادوں پر چھٹی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ملازمت کی تلاش کے لیے مددگار سوشل میڈیا نیٹ ورک ’’لنکڈ ان‘‘ان دنوں خود اپنے ملازمین کو برطرف کررہا ہے جس کی وجہ خدمات کی مانگ اور ریونیو میں کمی بتائی جارہی ہے۔

    گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں لنکڈ ان انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ادارہ اس سال ملازمتوں میں کمی کے دوسرے مرحلے میں اپنی انجینئرنگ، ٹیلنٹ اور فنانس ٹیموں کے 668 ملازمین کو ملازمتوں سے فارغ کر دے گا۔

    ایمپلائمنٹ فرم چیلنجر ’’گرے اینڈ کرسمس‘‘ کے مطابق اس شعبے نے سال کی پہلی ششماہی میں ایک لاکھ 41 ہزار516 ملازمین کو فارغ کیا ہے جبکہ ایک سال پہلے یہ تعداد تقریباً 6ہزار تھی۔

    لنکڈ ان اشتہارات کی فروخت اور لوگوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کی خدمات اور سیلز کے پیشہ ور افراد کے لیے سبسکرپشن کے لیے چارج کرکے پیسہ کماتا ہے۔

    بہت سے ادارے مناسب فیس کے عوض ملازمت کے امیدواروں کو تلاش کرنے کے لیے اس نیٹ ورک کو استعمال کرتے ہیں۔

    سوشل میڈیا نیٹ ورک نے مئی میں سیلز، آپریشنز اور سپورٹ ٹیموں میں 716 ملازمتوں کو کم کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ اپنے کام کو ہموار کیا جاسکے اور جلد فیصلے کرنے میں مدد کے لیے رکاوٹوں کو ہٹایا جاسکے۔

     

  • پی آئی اے میں احتساب : گھوسٹ اور جعلی ڈگریوں کے حامل 1100 سے زائد ملازمین برطرف

    پی آئی اے میں احتساب : گھوسٹ اور جعلی ڈگریوں کے حامل 1100 سے زائد ملازمین برطرف

    کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے گھوسٹ اور جعلی ڈگریوں کے حامل 1100 سے زائد ملازمین کو برطرف کردیا، زیادہ تر ملازمین کی تعداد فلائٹ سروسز اور دیگر محکموں سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں احتساب کا عمل جاری ہے، اس سلسلے میں ایک سال کے دوران1100سے زائد ملازمین کو نوکری سے فارغ کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جعلی ڈگریوں کے حامل700ملازمین کو فارغ کیا گیا۔

    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ جعلی ڈگریوں کے حامل ملازمین کی ڈگریوں کی جانچ کے عمل کے بعد انہیں فارغ کیا گیا،400سے زائد گھو سٹ ملازمین بھی شامل ہیں جو مختلف شعبوں سے فارغ کئے گئے۔

    ان میں سے زیادہ تر ملازمین کی تعداد فلائٹ سروسز اور دیگر محکموں سے ہے، بعض ملازمین جو عرصہ دراز سے غیر حاضر تھے انہیں بھی فارغ کیا گیا ہے، ملازمین کو قانونی اور ضابطے کی کاروائی کے بعد ملازمتوں سے فارغ کیا گیا۔

    ترجمان پی آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ فلائٹ سروسز سے تعلق رکھنے والی بیشتر فضائی میزبان ایک سال کے دوران جو بیرون ملک سلپ ہوگئی تھیں انہیں بھی ضابطے کی کاروائی کے بعد فارغ کیا گیا ہے۔

    مذکورہ ملازمین کو اظہار وجوہ کے نوٹس اور شوکاز نوٹس بھی جاری کئے گئے جس کا تسلی بخش جواب نہ دینے پر انہیں ملازمتوں سے فارغ کیا گیا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق زیادہ تر کیسز2018کے تھے جو عدم توجہ کا شکار تھے، موجودہ انتظامیہ نے احتساب کے عمل کو تیز کرتے ہوئے ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد فارغ کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزارت خزانہ کے ایڈوئزر حفیظ شیخ سے ملاقات کے دوران پی آئی اے کے سی ای او نے ملازمتوں سے متعلق بریفنگ بھی دی تھی۔

  • برطانوی کمپنی کا ہزاروں‌ ملازمین کو نکال کرروبوٹس رکھنے کا فیصلہ

    برطانوی کمپنی کا ہزاروں‌ ملازمین کو نکال کرروبوٹس رکھنے کا فیصلہ

    لندن: برطانیہ کی ایک بڑی کمپنی نے 2000 ملازمین کو فارغ کر کے اُن کی جگہ روبوٹس کو تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا، منتظمین کے مطابق اس عمل سے کمپنی کو بہت بچت ہوگی۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق آؤٹ سورسنگ کے لیے کام کرنے والی ایک بڑی کمپنی نے دو ہزار ملازمین کو فارغ کرکے ان کی جگہ روبوٹس کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    کمپنی منتظمین کے مطابق اس عمل سے افرادی قوت کم لگے گی اور اس میں بہت بچت کی توقع ہے تاہم بچت کی وجہ سے حاصل ہونے والی رقم کو روبوٹس کی تحقیق میں صرف کیا جائے گا تاکہ نئی جدت پیدا کی جاسکے۔

    آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں آئندہ 15 سال کے دوران روبوٹس کی اہمیت میں اضافہ ہوگا جس کے نتیجے میں 13 لاکھ افراد بے روزگار ہوسکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے مختلف سائنسدان اب تک کئی ایسے روبوٹ ایجاد کرچکے ہیں جو انسانی زندگی اور روزمرہ کے کاموں میں مددگار ثابت ہوں گے، رواں سال چین کے دارالحکومت میں ہونے والی نمائش میں ایک ایسی خاتون روبوٹ کو پیش کیا تھا جسے دیکھ کر عوام شش و پنج میں مبتلا ہوگئے تھے۔

    اس خاتون روبوٹ کی خاصیت یہ تھی کہ وہ عوامی چہرے کے تاثرات دیکھ کر انہیں بیان کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اس کی ایجاد کرنے والے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ابھی اس میں کچھ خرابیاں ہیں جنہیں جلد دور کردیا جائے گا۔