Tag: ملازمین

  • ٹیکنالوجی کمپنیز اپنے ملازمین کو کیوں نکال رہی ہے؟

    ٹیکنالوجی کمپنیز اپنے ملازمین کو کیوں نکال رہی ہے؟

    دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ایمازون، میٹا، اور ٹوئٹر بڑے پیمانے پر اپنے ملازمین کو کمپنی سے نکال رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چند ماہ پہلے تک جو کمپنیاں دنیا بھر کے ٹیکنالوجی پروفیشنلز کو اچھی تنخواہوں، بھاری مراعات اور وقتاً فوقتاً خوبصورت کمیشن اور بونس کا لالچ دیتی تھیں، اب وہی کمپنیاں بڑی تعداد میں اپنے ملازمین کو باہر کا راستہ دکھا رہی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ بات سامنے آئی ہے کہ ٹیکنالوجی کمپنیاں اپنے اکاؤنٹس کو مستحکم رکھنے کیلئے موجودہ صورتحال اور آنے والے وقت کے لیے خود کو تیار کر رہی ہیں، جس کے باعث وہ ملازمین کو نکال رہی ہے۔

    یاد رہے کہ امریکہ کی ٹیکنالوجی اور ای کامرس کی معروف کمپنی ایمازون بھی اس ہفتے سے کارپوریٹ اور ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹس میں سے 10 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے مارک زکر برگ کی کمپنی میٹا نے بھی ہزاروں ملازمین کو نوکری سے فارغ کردیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق پچھلی دہائیوں کے دوران لاکھوں لوگوں کو ملازمتیں دے کر کھربوں ڈالر کمانے والی ان بڑی ٹیک کمپنیوں میں برطرفی کرنا اس بات کا اشارہ دے رہی ہے کہ اچھے دن جانے والے ہیں۔

    دوسری جانب یہ بھی کہا جارہا ہے کہ آئی ایم ایف نے کساد بازاری کے حوالے سے دنیا کو خبردار کیا ہے، جس کی وجہ سے عالمی معیشت رک سکتی ہے اس لیے یہ کمپنیز آنے والے دنوں کی بُو سنگھ کر خود کو تیار کررہی ہے۔

  • قیدی کی والدہ کی جانب سے تشدد کی شکایات، جیل کے 7 ملازمین برطرف

    قیدی کی والدہ کی جانب سے تشدد کی شکایات، جیل کے 7 ملازمین برطرف

    راولپنڈی: صوبہ پنجاب کی سینٹرل جیل راولپنڈی میں قیدی کی والدہ کی جانب سے تشدد اور رشوت کی شکایات کے بعد اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت 7 ملازمین کو نوکری سے برخاست کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل راولپنڈی میں قیدی کی والدہ کی جانب سے تشدد اور رشوت کی شکایات کے معاملے پر نوٹس لے لیا گیا۔

    پنجاب کے مشیر داخلہ و اطلاعات عمر سرفراز کی ہدایات پر آئی جی جیل خانہ جات نے ایکشن لیتے ہوئے قصور وار ثابت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت 7 ملازمین کو نوکری سے برخاست کردیا۔

    عمر سرفراز کا کہنا ہے کہ جیلوں میں رشوت، تشدد اور منشیات کی ترسیل کےخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، افسران اور اہلکاران کے خلاف عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔

  • نیٹ فلکس نے 300 امریکی ملازمین برطرف کردیے

    نیٹ فلکس نے 300 امریکی ملازمین برطرف کردیے

    امریکی ویڈیو اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس نے 300 ملازمین برطرف کردیے، نیٹ فلکس نے چند ہفتے قبل ہی سینکڑوں ملازمین کو فارغ کیا تھا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس نے اک بار پھر 300 ملازمین کی چھانٹی کی ہے، نیٹ فلکس نے اس مرتبہ اپنے ہر ڈپارٹمنٹ سے ملازمین کو نکالا ہے، جن لوگوں کو ملازمت سے نکالا گیا ہے، ان میں بیشتر امریکا سے تعلق رکھتے ہیں۔

    تقریباً 11 ہزار مستقل ملازمین والی کمپنی نیٹ فلکس نے کچھ ہفتے پہلے ہی مئی میں سینکڑوں ملازمین کو برخاست کیا تھا، کمپنی نے اس وقت کہہ دیا تھا کہ مزید برطرفیاں بھی متوقع ہیں۔

    خیال رہے کہ کمپنی نے اپنے ملازمین کی برطرفی کا فیصلہ اسٹاک مارکیٹ میں کمپنی کے کمزور ہوتے اسٹاک پرائس کو مستحکم کرنے کی کوششوں کے تحت کیا ہے۔

    سنہ 2022 کے پہلے کوارٹر میں 2 لاکھ سبسکرائبرز کے نقصان کے بعد کمپنی کے شیئرز کی قیمت میں 20 فیصد تک کی گراوٹ درج کی گئی تھی، مارکیٹ ماہرین کا اندازہ ہے کہ 2022 میں اپریل سے جون کے دوسرے کوارٹر میں کمپنی کو 20 لاکھ سبسکرائبرز کا نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

    اعداد و شمار کے مطابق کمپنی کے پاس مجموعی طور پر 38 ملین سے زیادہ پیڈ سبسکرائبرز ہیں۔

  • طویل مدت ڈیوٹی سے غائب رہنے والے ملازمین کی مستقل چھٹی

    طویل مدت ڈیوٹی سے غائب رہنے والے ملازمین کی مستقل چھٹی

    لاہور : ایل ڈبلیو ایم سی نے طویل مدت ڈیوٹی سے غائب رہنے والے ملازمین کی مستقل چھٹی کردی، 2022میں اب تک 2522 طویل مدت غیر حاضرملازمین کو فارغ کیا جا چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق طویل مدت ڈیوٹی سے غائب رہنے والے ملازمین کی مستقل چھٹی کردی گئی اور اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

    نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ ایل ڈبلیو ایم سی نے غیر حاضر 105 ملازمین کو سروس سے فارغ کر دیا، 2022میں اب تک 2522 طویل مدت غیر حاضرملازمین کو فارغ کیا جا چکا ہے۔

    سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی رافعہ حیدر نے کہا کہ سروس سے فارغ105 ملازمین ڈیوٹی سےمسلسل غیرحاضرتھے، غیر مجازچھٹیاں سروس ڈلیوری میں رکاوٹ کاباعث بنتی ہیں۔

    رافعہ حیدر کا کہنا تھا کہ خالی کردہ پوسٹوں پربتدریج نئی بھرتیاں جاری ہیں، تمام افسران اور ورکرز غیر مجاز چھٹیوں سے گریز کریں۔

  • باس نے ملازمین کے موبائل کی چارجنگ کا اسکرین شاٹ مانگ لیا

    باس نے ملازمین کے موبائل کی چارجنگ کا اسکرین شاٹ مانگ لیا

    دنیا بھر میں مختلف کمپنیوں کے باسز ملازمین سے زیادہ سے زیادہ کام لینے کے لیے نت نئے طریقے اپناتے ہیں اور ایسے ہی ایک طریقے کو سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے شہر ووہان میں ایک چھوٹی کمپنی کے باس نے حال ہی میں اپنے ملازمین کو حکم دیا کہ وہ کام ختم کر کے گھر جانے سے قبل انہیں اپنے موبائل فون کی بیٹری کے اسکرین شاٹس بھیجیں۔

    رپورٹس کے مطابق حالیہ مہینوں میں کمپنی کی خراب کارکردگی کی وجہ سے باس نے فیصلہ کیا کہ وہ اندازہ لگائے کہ ملازمین دفتر میں کام کرنے کے بجائے اپنے اسمارٹ فون پر کتنا وقت گزارتے ہیں۔

    ملازمین کو یہ ہدایت اس لیے دی گئی تاکہ یہ اندازہ لگایا جاسکے کہ کام کے دوران انہوں نے کتنا کام کیا اور کتنا وقت موبائل استعمال کرتے ہوئے ضائع کیا۔

    کمپنی کے ایک ملازم نے باس کی جانب سے کارکردگی بڑھانے کے اس متنازعہ طریقے کو بے نقاب کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا اور بتایا کہ اسے اور دیگر ملازمین کو روزانہ اپنا کام ختم کرتے ہی موبائل کی بیٹری کا اسکرین شاٹ باس کو بھیجنا پڑتا ہے۔

    دوسری جانب سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مذکورہ کمپنی کے باس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور اس اقدام کو پرائیویسی کے خلاف قرار دیا جارہا ہے۔

    سوشل میڈیا پر تنقید کیے جانے کے بعد کمپنی کے صدر نے کہا کہ اس طریقے کا مقصد اپنے ملازمین کی پرائیویسی کی خلاف ورزی کرنا نہیں تھا بلکہ اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ کمپنی کی پیداواری صلاحیت کو بڑھایا جاسکے۔

  • پی آئی اے ملازمین کی پرانی مراعات کا سلسلہ ختم

    پی آئی اے ملازمین کی پرانی مراعات کا سلسلہ ختم

    کراچی: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے ملازمین کے سفری ٹکٹ کی تبدیل شدہ پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے ملازمین کی پرانی مراعات کا سلسلہ ختم کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے ملازمین کے سفری ٹکٹ کی تبدیل شدہ پالیسی کا اعلان کردیا، نئی ایئر ٹکٹ پالیسی سے ملازمین کی پرانی مراعات ختم ہوجائیں گی۔

    حاضر سروس، ریٹائرڈ، کنٹریکٹ اور ڈیپوٹیشن ملازمین ایئر ٹکٹ کے اہل ہوں گے تاہم وفات پا جانے والے ملازمین کے اہل خانہ کو مفت ٹکٹ کی سہولیات ختم ہوجائیں گی۔

    ملازمین کے غیر شادی شدہ بچوں کو 27 سال کی عمر تک ٹکٹ فراہم ہوں گے، ریٹائرڈ اور وفات پانے والے ملازمین کے لے پالک بچوں کو سفری ٹکٹ نہیں ملے گا۔

  • نائٹ شفٹ کرنے والوں کے لیے وارننگ

    نائٹ شفٹ کرنے والوں کے لیے وارننگ

    دنیا بھر میں مختلف دفاتر میں نائٹ شفٹس کا رجحان بڑھتا جارہا ہے تاہم اب ماہرین نے اس حوالے سے وارننگ دے دی ہے۔

    حال ہی میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق رات کی شفٹ میں کام کرنے والے افراد میں امراض قلب کا خطرہ دیگر افراد کے مقابلے میں بہت زیادہ ہوتا ہے۔

    طبی جریدے یورپین ہارٹ جرنل میں شائع تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو لوگ نائٹ شفٹ میں کام کرتے ہیں ان میں دل کی دھڑکن کی رفتار غیر معمولی حد تک بڑھنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

    تحقیق میں 2 لاکھ 8 ہزار سے زیادہ افراد کے ڈیٹا کو استعمال کرکے ایٹریل فبریلیشن یا اے ایف اور نائٹ شفٹ کے درمیان تعلق کو دریافت کیا گیا۔

    تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو لوگ اپنی زندگی کا زیادہ وقت نائٹ شفٹ میں کام کرتے ہوئے گزارتے ہیں ان میں دل کی دھڑکن کی اس بیماری کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔ تحقیق کے مطابق ایسے افراد میں امراض قلب کا خطرہ بھی دیگر سے زیادہ ہوتا ہے تاہم فالج یا ہارٹ فیلیئر کا نہیں۔

    چین کے جیاؤ نٹونگ یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن اور امریکا کے ٹولان یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کی اس مشترکہ تحقیق میں اے ایف کا خطرہ بڑھانے والے تمام تر جینیاتی عناصر کی جانچ پڑتال کی گئی۔

    ماہرین نے بتایا کہ اگرچہ تحقیق میں نائٹ شفٹ اور ایٹریل فبریلیشن کا واضح تعلق ثابت نہیں ہوسکا مگر نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ اس کے نتیجے میں امراض قلب کا خطرہ بڑھتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ نائٹ شفٹ کا دورانیہ کم کرکے اس خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔

  • کویت: گھریلو ملازمین کے اہم سہولت کا اعلان

    کویت: گھریلو ملازمین کے اہم سہولت کا اعلان

    کویت سٹی: کویت کے شہریوں اور رہائشیوں کی سہولت کے لیے امیونٹی ایپلی کیشن میں نئی اپڈیٹ کا اضافہ کردیا گیا جس سے گھریلو ملازمین کو سہولت ہوگی۔

    کویتی میڈیا کے مطابق وزارت صحت میں انفارمیشن سسٹمز ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر انجینئر احمد الغریب نے امیونٹی ایپلی کیشن کے بارے میں ایک اہم اپڈیٹ کا اعلان کیا ہے جس میں کوئی بھی فرد اپنے علاوہ اپنے 6 ساتھیوں کے بھی ویکسی نیشن ڈیٹا اور کووڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج کو محفوظ کرسکتا ہے۔

    انجینیئر الغریب کا کہنا ہے کہ یہ اپڈیٹ شہریوں اور رہائشیوں کی سہولت کے لیے عمل میں آئی ہے جس سے کنبے کا سربراہ اپنے ساتھ 6 خاندان کے افراد کا ویکسی نیشن ریکارڈ ایک ہی ایپلی کیشن میں شامل کرسکتا ہے۔

    حکام کے مطابق چونکہ اب 12 سال سے بڑی عمر کے بچوں کی ویکسی نیشن کا آغاز بھی ہوچکا ہے، اس کے علاوہ گھریلو ملازمین کی ویکسی نیشن بھی مکمل ہوچکی ہے اور اکثریت کے پاس اسمارٹ فون نہیں ہیں لہٰذا کنبے کے سربراہ کو ان کا اضافی ڈیٹا محفوظ کرنے کا اختیار فراہم کرنے سے یہ سہولت ہوگی کہ سفر سے قبل یہ ڈیٹا دکھایا جاسکے۔

    انجینئر نے وضاحت کی کہ اضافی اقدامات کے لیے پہلے امیونٹی کی ایپلی کیشن میں لاگ ان کرنے کی ضرورت ہوتی ہے جہاں فرد کو ویکسی نیشن کی حیثیت والے صفحے کے آخر میں ویکسی نیشن پیج باکس نظر آئیں گے جس میں ویکسی نیشن کی حیثیت، کووڈ 19 ٹیسٹ رپورٹ، ہدایات اور ترتیبات شامل ہوتے ہیں۔

  • بھارت: قرض کی قسط نہ دینے پر بینک ملازمین کا بوڑھی خاتون پر شدید تشدد

    بھارت: قرض کی قسط نہ دینے پر بینک ملازمین کا بوڑھی خاتون پر شدید تشدد

    نئی دہلی: بھارت میں 25 ہزار روپے کا معمولی قرض ادا نہ کرسکنے پر بینک کے ملازمین نے قرض لینے والے اور اس کی ماں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے بزرگ خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست بہار میں پیش آیا، پولیس کے مطابق رام نگر گاؤں کے رہائشی شخص نے مائیکرو فنانس بینک سے 25 ہزار روپے قرض لیا تھا جس کی قسط وہ بروقت ادا نہیں کرسکا۔

    قسط وصول کرنے آئے کمپنی کے ملازم مشتعل ہوگئے اور مزید افراد کو بلا کر مذکورہ شخص اور اس کی ماں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔

    تشدد سے بزرگ خاتون موقع پہ ہی دم توڑ گئی جس کے بعد گاؤں والوں نے کمپنی کے ملازمین کو یرغمال بنا لیا۔

    پولیس کے مطابق ملازمین کو یرغمال بنائے جانے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فورس موقع پر پہنچی اور ملازمین کو گاؤں والوں سے آزاد کروایا۔

    بعد ازاں بزرگ خاتون کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مرکزی اسپتال بھیج دی گئی۔ پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر درج کر کے موقع پر موجود تمام ملازمین کو گرفتار کرلیا۔

  • سعودی عرب: ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ

    سعودی عرب: ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں نجی اداروں کے ملازمین کی کم سے کم تنخواہ 3 ہزار ریال سے بڑھا کر 4 ہزار ریال کردی گئی۔ یہ اقدام وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کی ہدایات پر کیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں نجی اداروں نے اتوار 18 اپریل 2021 سے نطاقات پروگرام کے تحت سعودی ملازمین کی تنخواہ 3 ہزار ریال سے بڑھا کر 4 ہزار ریال کردی ہے۔

    یہ وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود احمد الراجحی کے فیصلے پر عمل درآمد کیا گیا ہے، وزارت افرادی قوت نے سعودی عرب کے نجی اداروں کی درجہ بندی کے لیے نطاقات پروگرام متعارف کروایا تھا۔

    درجہ بندی متعلقہ ادارے میں سعودی ملازمین کی تعداد، تنخواہوں کے تناسب اور غیر ملکیوں کے مقابلے میں سعودی ملازمین کی تعداد کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔ اس کی شروعات 26 نومبر 2014 کو کی گئی تھی۔

    وزارت افرادی قوت نے نیا فیصلہ یہ کیا ہے کہ نطاقات پروگرام میں سعودائزیشن کا تناسب جانچنے کے لیے یہ پہلو دیکھا جائے گا کہ سعودی ملازم کی تنخواہ 4 ہزار ریال سے کم نہ ہو۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ صرف ایسے سعودی ملازم کو نجی ادارے میں نطاقات پروگرام میں شامل کیا جائے گا جس کی کم سے کم تنخواہ 4 ہزار ریال ہوگی۔ اگر تنخواہ اس سے کم ہوئی تو اسے نطاقات پروگرام سے خارج کردیا جائے گا۔

    یہ فیصلہ نجی اداروں کے تمام سعودی کارکنان اور سوشل انشورنس میں شامل تمام ملازمین پر لاگو ہوگا۔

    وزارت افرادی قوت نے مزید کہا کہ اگر کسی نجی ادارے میں کسی سعودی ملازم کی تنخواہ 3 ہزار ریال کے لگ بھگ ہوگی تو اسے نطاقات پروگرام کے تحت نصف سعودی ملازم قرار دیا جائے گا۔

    وزارت افرادی قوت نے توجہ دلائی کہ جز وقتی سعودی ملازم کو نطاقات پروگرام کے تحت نصف سعودی کارکن کے برابر مانا جائے گا بشرطیکہ نجی ادارہ سوشل انشورنس کا زر اشتراک جمع کروا رہا ہو اور جز وقتی ملازم کی کم سے کم تنخواہ تین ہزار ریال ہو۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ لچکدار اوقات کار کے ساتھ کام کرنے والے سعودی کو نطاقات پروگرام کے تحت ایک تہائی کارکن کے برابر مانا جائے گا بشرطیکہ وہ 168 ڈیوٹی اوقات پورے کرلے اور سوشل انشورنس کا زر اشتراک جمع کروانا بھی ضروری ہوگا۔

    لچکدار اوقات کار پروگرام میں سعودی عرب کے وہ طلبہ شامل ہوں گے جو جز وقتی ڈیوٹی پابندی سے دے رہے ہوں، علاوہ ازیں لچکدار نظام کار کے مطابق عام سعودی کارکن بھی شامل ہوں گے جو جز وقتی ڈیوٹی پابندی سے کرتے ہوں۔