Tag: ملازمین

  • سعودی عرب میں ملازمین سے متعلق اہم خبر

    سعودی عرب میں ملازمین سے متعلق اہم خبر

    ریاض: سعودی عرب میں نجی وسرکاری سمیت دیگر شعبوں میں کام کرنے والے ملازمین کی تعداد 8.44 ملین ریکارڈ کی گئی جن میں 77 فیصد ملازمین غیرملکی ہیں۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ’شارٹ ٹرم بزنس رپورٹ‘ کے مطابق گزشتہ سال کے آخری سہ ماہی میں سعودی عرب میں ملازمین کی مجموعی تعداد 8.44 ملین ریکارڈ کی گئی جن میں 77 فیصد غیرملکی ہیں، جو ملازمت کے مختلف شعبوں میں اپنے فرائض کی انجام دہی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    مختصر المدتی کاروباری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نجی اور سرکاری شعبے کے کاروباری اداروں میں تارکین وطن کی تعداد 6.48 ملین تک پہنچ چکی ہے، جو مجموعی طور پر 76.8 فیصد ہے۔ اور اگر دیگر تمام کاروباری شعبوں میں غیرملکی ملازمین کی مجموعی تعداد بتائی جائے تو یہ 77 فیصد بنتی ہے۔

    سعودائزیشن کی وجہ سے غیرملکی ملازمین کو کتنا نقصان ہوا؟

    سعودائزیشن کے باوجود سعودی ملازمین کی مجموعی تعداد 1.95 ملین ریکارڈ کی گئی جو 23.2 فیصد بنتی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تارکین وطن کی بہت بڑی تعداد نجی شعبوں میں کام کررہی ہے۔

    سعودی عرب میں 3.5 فیصد ملازمین پبلک سیکٹر کے کاروباری شعبوں سے وابستہ ہیں۔

  • اسٹیل مل ملازمین کی برطرفی سے حکومت کو کتنی بچت ہوگی؟

    اسٹیل مل ملازمین کی برطرفی سے حکومت کو کتنی بچت ہوگی؟

    اسلام آباد: وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل کے 9 ہزار کے قریب ملازمین فارغ ہوں گے جس سے حکومت کو تنخواہوں اور سود کی مد میں70کروڑ روپےماہانہ کی بچت ہوگی۔

    نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ اسٹیل مل پیپلزپارٹی کےدور میں منافع سےخسارے میں گئی اور ن لیگ دور میں پاکستان اسٹیل کو 2015 میں بند کر دیا گیا۔

    حماد اظہر نے کہا کہ گزشتہ 5سال سے پاکستان اسٹیل ملز کی پیداوار صفر ہے، بنداسٹیل ملز کے ملازمین کو 35 ارب روپے تنخواہوں کی مد میں ادائیگی کی گئی جب کہ ماضی میں پاکستان اسٹیل کو 90ارب کابیل آؤٹ پیکج دیامگرچل نہ سکی۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اسٹیل کا قرضہ 230 ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے، 9ہزار کے قریب ملازمین فارغ ہوں گے جس سے حکومت کو تنخواہوں اور سود کی مد میں70 کروڑ روپے ماہانہ کی بچت ہوگی۔

    واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے اسٹیل ملز کے ملازمین کو گولڈنگ ہینڈ شیک دے کر فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس عمل کو تیز سے تیز کیا جارہا ہے۔

  • محکمہ صحت سندھ کے ملازمین کے لیے بونس کا اعلان

    محکمہ صحت سندھ کے ملازمین کے لیے بونس کا اعلان

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے محکمہ صحت سندھ کے ملازمین کے لیے بونس کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا کے خلاف جنگ میں لڑنے والے محکمہ صحت سندھ کے ملازمین کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے بڑا اعلان سامنے آگیا۔

    محکمہ صحت سندھ کے ملازمین کو ایک بیسک تنخواہ اضافی دی جائےگی، ہیلتھ رسک الاؤنس کرونا کے علاج پر تعینات اسٹاف کو دیا جائےگا،اسپتالوں اور لیببارٹریز میں کام کرنے والے ہیلتھ کیئر اسٹاف ہیلتھ رسک الاؤنس کے مستحق ہوں گے۔

    محکمہ خزانہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہیلتھ رسک الاؤنس کا اطلاق مارچ 2020 سے ہوگا،اسپتالوں کے ایم ایس،سربراہان ہیلتھ کیئر اسٹاف فہرستوں کی تصدیق کریں گے۔ہاؤس جاب آفیسر،پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کو بھی ہیلتھ رسک الاؤنس ملے گا۔

    کرونا وبا پرقابو پانےتک ڈاکٹروطبی عملے کو اضافی تنخواہ ملتی رہےگی،عثمان بزدار

    اس سے قبل رواں سال اپریل میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کرونا وبا پر قابو پانے تک ڈاکٹر وطبی عملے کو اضافی تنخواہ ملتی رہےگی۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کی وبا سے اموات میں خوف ناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 78 افراد کرونا انفیکشن کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔

  • ملازمین کو تنخواہ دینے کے لیے کاروباری افراد کو قرضہ ملے گا

    ملازمین کو تنخواہ دینے کے لیے کاروباری افراد کو قرضہ ملے گا

    اسلام آباد: اسٹیٹ بینک نے کرونا وائرس سے متاثر کاروبار کے مالکان کو مزید سہولت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے تنخواہوں کے لیے قرض دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثر کاروبار کو تنخواہ کی ادائیگی میں مزید سہولت فراہم کردی گئی ہے، کاروباری افراد جنہوں نے ملازمین کو تنخواہ خود ادا کردی ہے ان کو بھی قرضہ فراہم کیا جائے گا۔

    اسٹیٹ بینک نے 10 اپریل کو ریفنانس اسکیم کا اعلان کیا تھا، اسکیم کے تحت کاروباری افراد سستے قرضے لے سکتے ہیں تاکہ اپنے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کر سکیں۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق وہ افراد جنہوں نے اپریل میں قرضے کی درخواست دی لیکن وہ منظور نہیں ہوئے یا وہ انتظار میں ہیں، اب وہ کاروباری افراد مئی میں کلیم داخل کر سکتے ہیں۔

    علاوہ ازیں اسٹیٹ بینک کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ افراد جنہوں نے مئی 2020 کی تنخواہ ادا کردی لیکن ان کے قرضے منظور نہیں ہوئے انہیں بھی یہ قرضہ مل سکے گا۔

  • ٹویٹر ملازمین اب ہمیشہ گھروں سے کام کریں گے

    ٹویٹر ملازمین اب ہمیشہ گھروں سے کام کریں گے

    کیلی فورنیا: سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹویٹر نے اپنے ملازمین کو خوشخبری سنائی ہے کہ اگر وہ چاہیں تو دفتر آنے کے بجائے ہمیشہ گھر سے کام کرسکتے ہیں، ٹویٹر کی اس پالیسی کو کاروباری دنیا کی ترجیحات طے کرنے میں اہم سمجھا جارہا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیک ڈورسی کا کہنا ہے کہ ان کے ملازمین اگر چاہیں تو کرونا وائرس ختم ہونے کے بعد بھی ہمیشہ کے لیے گھروں سے کام کر سکتے ہیں۔

    ٹویٹر ترجمان کے مطابق دفاتر کو کھولنا ہمارا فیصلہ ہوگا تاہم ملازمین دفتر آئیں گے یا نہیں، یہ ان کا اپنا فیصلہ ہوگا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پچھلے کچھ ماہ میں یہ ثابت ہوگیا کہ ملازمین باآسانی گھروں سے کام کرسکتے ہیں تو اگر اب ہمارے ملازمین سمجھتے ہیں کہ وہ اسی طرح زیادہ آرام دہ ہو کر کام کرسکتے ہیں تو ہم ان کی خواہش کو ممکن بنائیں گے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ اگر ملازمین دفتر آنا چاہیں گے تو ہم دفاتر کو ان کے لیے محفوظ اور مزید آرام دہ بنائیں گے۔

    ادھر امریکی میڈیا کے مطابق چیف ایگزیکٹو جیک ڈورسی کی جانب سے ملازمین کو کی گئی ایک ای میل میں کہا گیا ہے کہ رواں برس ستمبر سے پہلے دفاتر کھولنا ناممکن نظر آتا ہے، جبکہ اس دوران ہونے والے تمام ایونٹس بھی منسوخ کردیے گئے ہیں۔

    ای میل کے مطابق کمپنی سال 2021 کے لیے اپنا شیڈول بعد میں حالات کو دیکھتے ہوئے تیار کرے گی۔

    ماہرین کے مطابق کرونا وائرس کے ختم ہوجانے کے بعد بھی زندگی پہلے کی طرح معمول پر نہیں آسکے گی چنانچہ ٹویٹر کی یہ پالیسی بقیہ کاروباری دنیا کے ٹرینڈز اور ترجیحات طے کرنے میں اہم ثابت ہوگی۔

  • سعودی عرب نے ملازمت پیشہ افراد کے لیے بڑی خوش خبری سنا دی

    سعودی عرب نے ملازمت پیشہ افراد کے لیے بڑی خوش خبری سنا دی

    ریاض: خادم حرمین شریفین اور سعودی فرمانراں شاہ سلمان بن عبدلعزیزی نے کروناوائرس کے پیش نظر نجی سیکٹر کی مدد کے لیے خصوصی پیکج کی منظوری دے دی۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شاہ سلمان نے نئے حکم نامے میں خصوصی معاشی پیکج کی منظوری دی۔ سعودی حکومت کی جانب سے نجی وسرکاری ملازمین کی مدد کے لیے اہم اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مملکت میں نجی کاروباری سیکٹر کی مدد کے لیے 9 ارب سعودی ریال کا معاشی پیکج منظور ہوا ہے۔ جس کے تحت کمپنیاں اپنے ملازمین کو خصوصی ریلیف فراہم کرے گی۔

    خیال رہے کہ مذکورہ اعلان رواں ماہ کے آغاز میں ہوا تھا جس کی منظوری سعودی فرمانراں نے آج دی۔

    واضح رہے کہ کروناوائرس کے تناظر میں معاشی حالات کی بہتری کے لیے سعودی حکومت مجموعی طور پر 120 ارب ریال منظور کرچکی ہے۔ دریں اثنا اہم اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں۔

    کرونا وائرس، شاہ سلمان کا بڑے ریلیف کا اعلان

    سعودی حکام نے کرونا کی موذی وبا کا پھیلاؤ روکنے کےلیے ملک بھر میں سرکاری و نجی ادارے بند کیے ہوئے ہیں اور ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایات کی گئی ہے جبکہ اکاؤنٹ ہولڈرز کو بھی آن لائن خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔

    حال ہی میں سعودی عربین مانیٹری اتھارٹی (ساما) کی جانب سے صارفین کی سہولت کے لیے چھ ماہ تک آن لائن فیس معاف کی گئی، حکام کا یہ فیصلہ اقتصادی شعبوں پر منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے کیا گیا۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں کروناوائرس کے مریضوں کی تعداد دو ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

  • سعودی عرب: نجی اداروں کے ملازمین کے لیے اہم ہدایات

    سعودی عرب: نجی اداروں کے ملازمین کے لیے اہم ہدایات

    ریاض: سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر نجی ادارے ملازمین کے اوقات کار اور تنخواہوں میں کمی اور انہیں بلا تنخواہ چھٹی پر بھیجنے یا ہنگامی چھٹی دینے جیسے اقدامات کرسکتے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کرونا وائرس سے پیدا ہونے والے سنگین مسائل اور بحرانی صورتحال میں آجر اور اجیر کے حقوق و فرائض کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔

    وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے جاری بیان میں کہا ہے کہ درپیش بحران سے نمٹنے کے لیے نجی ادارے ملازمین کے اوقات کار اور تنخواہوں میں کمی اور انہیں بلا تنخواہ چھٹی پر بھیجنے یا ہنگامی چھٹی دینے جیسے اقدامات کرسکتے ہیں۔

    وزارت محنت کے مطابق ایسے ماحول میں جب حکومت کرونا بحران سے نمٹنے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے یہ غیر معمولی حالات ہیں، ان کے تحت قانون محنت کی دفعہ 74 کی پانچویں شق کے مطابق نجی ادارے آئندہ 6 ماہ کے لیے اپنے کارکنان کے ساتھ خصوصی اقدامات طے کر سکتے ہیں۔

    وزارت کے مطابق حقیقی اوقات کار کے مطابق تنخواہ میں کمی کے مجاز ہوں گے، ملازمین کو مقررہ سالانہ چھٹی پر بھیج سکتے ہیں، اگر کسی ملازم کی سالانہ چھٹی کا استحقاق نہ ہو تو آئندہ واجب ہونے والی چھٹی پر قبل از وقت بھیجا جاسکتا ہے جبکہ ہنگامی چھٹی بھی دی جاسکتی ہے۔

    وزارت نے مزید کہا ہے کہ اگر نجی ادارے نے درپیش بحران سے نمٹنے کے لیے سرکار سے سبسڈی لی ہو تو ایسی صورت میں نجی ادارہ اپنے کسی بھی ملازم کی ملازمت کا معاہدہ ختم نہیں کرسکتا جبکہ ملازم کو معاہدہ ختم کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔

    وزارت افرادی قوت نے سعودی عرب میں موجود فاضل غیر ملکی کارکنان کی خدمات سے عارضی استفادے کی سہولت بھی دی ہے۔ اس کی کارروائی اجیر گیٹ کے ذریعے ہوگی، یہ اقدام نجی اداروں کو بیرون مملکت سے افرادی قوت کی درآمد سے بچانے کے لیے متبادل حل کے طور پر کیا گیا ہے۔

    وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں کوئی بھی ادارہ حتی الامکان اپنے ملازمین کو سبکدوش نہ کرے اور نہ ہی انہیں ملازمتوں میں موجود رعایتوں سے محروم کرے۔

  • وزارت خارجہ کے ملازمین کا کرونا فنڈ میں حصہ ڈالنے کا اعلان

    وزارت خارجہ کے ملازمین کا کرونا فنڈ میں حصہ ڈالنے کا اعلان

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ کے ملازمین نے کرونا فنڈ میں حصہ ڈالنے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ وزارت خارجہ کے ملازمین نے کرونا فنڈ میں حصہ ڈالنے کا اعلان کیا ہے، وزارت خارجہ کے افسران 4 دن کی تنخواہ، دیگر اسٹاف 3 دن کی تنخواہ دے گا۔

    ترجمان عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانی سفارتی مشن بھی کرونا فنڈ میں حصہ ڈالیں گے۔

    اس سے قبل 31 مارچ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا تھا کہ ایس پی ڈی اور این سی اے کے ملازمین کرونا فنڈ میں حصہ ڈالیں گے، سائنسدان،انجینئرز اور دیگر ملازمین اپنی تنخواہوں کا حصہ عطیہ کریں گے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کرونا فنڈ میں 1ماہ کی تنخواہ دینے کا اعلان کیا۔

    کرونا سے جنگ: وزیراعظم کا ریلیف فنڈ کے قیام اور ٹائیگرفورس بنانے کا اعلان

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے کرونا سے لڑ نے کے لیے ریلیف فنڈ کے قیام اور ٹائیگرفورس بنانے کا اعلان کیا تھا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے خلاف جنگ وسائل سے نہیں جیتی جاسکتی،کرونا وائرس کے خلاف جنگ متحد ہو کر حکمت سے جیتی جاسکتی ہے۔

  • شاہ سلمان کا سعودی ملازمین کے لیے بڑا اعلان

    شاہ سلمان کا سعودی ملازمین کے لیے بڑا اعلان

    ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب میں نجی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کو ماہانہ فی کس 9 ہزار ریال دینے کا اعلان کردیا۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فرمانرواں نے مملکت میں نجی اداروں کے ’سعودی ملازمین‘ کے لیے ماہانہ فی کس 9ہزارریال دینے کا اعلان کیا ہے۔ مذکورہ اعلان کروناوائرس کے تناظر میں نافذ کرفیو کے باعث سامنے آیا۔

    حکومت نے 9 ارب ریال کا امدادی پیکیج مختص کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سعودی کارکنوں کو 3 ماہ تک سوشل سکیورٹی انشورنس کی جانب سے 9 ہزار ریال ماہانہ ادا کیے جائیں گے تاکہ انہیں معاشی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    دنیا بھر کی طرح سعودی عرب بھی کروناوائرس سے لڑرہا ہے جس کے پیش نظر نجی اور سرکاری کاروباری دفاتر بند ہیں، سعودی ملازمین کی معاشی مشکلات حل کرنے کے لیے حکومت نے ریال دینے کا اعلان کیا۔

    سعودی حکام نے آن لائن ٹرازیکشن فیس معاف کردی

    سعودی حکام نے کرونا کی موذی وبا کا پھیلاؤ روکنے کےلیے ملک بھر میں سرکاری و نجی ادارے بند کیے ہوئے ہیں اور ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایات کی گئی ہے جبکہ اکاؤنٹ ہولڈرز کو بھی آن لائن خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔

    حال ہی میں سعودی عربین مانیٹری اتھارٹی (ساما) کی جانب سے صارفین کی سہولت کے لیے چھ ماہ تک آن لائن فیس معاف کی گئی، حکام کا یہ فیصلہ اقتصادی شعبوں پر منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے کیا گیا۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں کروناوائرس کے مریضوں کی تعداد 2039 ہوگئی ہے۔

  • کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے سی اے اے کا اہم اقدام

    کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے سی اے اے کا اہم اقدام

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے سی اے اے کا اہم اقدام سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کرونا وائرس کے پیش نظر ملازمین کے لیے نئی ایڈوائزری جاری کردی جس میں بتایا گیا ہے کہ سی اے اے ملازمین کی ڈیوٹی کے اوقات کار تبدیل کر دیے گئے ہیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہیڈکوارٹرز، جنرل ڈیوٹی والے ملازمین 6گھنٹے کام کریں گے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سی اےاے ملازمین صبح 10سے شام 4 بجےتک ڈیوٹی انجام دیں گے، جمعہ کوصبح 10بجےتا دوپہر ایک بجے تک ڈیوٹی ہوگی۔

    حکومت پاکستان کا کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے بڑا فیصلہ

    یاد رہے کہ دو روز قبل حکومت پاکستان نے کرونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی پروازوں کی منسوخی کے بعد تمام علاقائی پروازیں بھی منسوخ کردی تھیں۔

    ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ نے علاقائی پروازوں کی منسوخی سے متعلق نوٹم جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ حکومت پاکستان نے تمام ایئر لائن آپریٹرز سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا۔

    قبل ازیں حکومت پاکستان کی ہدایات کے بعد پاکستان انٹرنیشل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اپنی تمام بین الاقوامی پروازوں کو عارضی طور پر معطل کر دیا تھا۔