Tag: ملازم

  • پی آئی اے کے ملازم کی حادثاتی موت، ادارے سے ملی رقم والد نے لے لی، بیوہ محروم

    پی آئی اے کے ملازم کی حادثاتی موت، ادارے سے ملی رقم والد نے لے لی، بیوہ محروم

    اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ملازم کی حادثاتی موت کے بعد ملازم کی بیوہ اپنا حق لینے کے لیے عدالت پہنچ گئیں، ادارے سے ملی 23 لاکھ روپے کی رقم ملازم کے والد وصول کرچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ملازم فراز احمد کی حادثاتی موت کے بعد ادارے سے ملی 23 لاکھ کی رقم والد نے وصول کرلی جس کے بعد بیوہ اور بیٹی اپنا حق حاصل کرنے سپریم کورٹ پہنچ گئیں۔

    عدالت میں دائر کردہ درخواست میں ملازم کی بیوہ نے استدعا کی ہے کہ شوہر کی جگہ نوکری اور بچی کے تعلیمی اخراجات بھی ادا کیے جائیں۔

    درخواست گزار کے وکیل کا کہنا ہے کہ وراثت میں والد کا شرعی حق بیوہ کو دیا جائے۔

    پی آئی اے کے وکیل کا کہنا ہے کہ دعویٰ پرانے قانون کے تحت دائر کیا گیا لہٰذا اس کی داد رسی نہیں ہوسکتی، سپریم کورٹ نے استفسار کیا کہ درخواست پہلے دی گئی تھی تو فیصلہ پرانے قانون کے تحت ہوگا یا نئے قانون کے تحت جس پر بیوہ کے وکیل نے کہا کہ عدالتی نظیر موجود ہے کہ فیصلہ پرانے قانون کے تحت ہوگا۔

    جسٹس سجاد علی شاہ نے کہا کہ پرانا قانون موجود ہی نہیں تو اسے کیسے نافذ کرنے کا حکم دیں، حل یہ ہے کہ پی آئی اے کو درخواست کا فیصلہ کرنے کی ہدایت دیں۔ فیصلہ خلاف آنے پر عدالت سے رجوع کا حق حاصل ہو جائے گا۔

    بیوہ کے وکیل نے تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ فیصلہ حق میں کردے تو مسئلہ ویسے ہی حل ہو جائے گا۔

    عدالت نے حکم دیا کہ پی آئی اے بیوہ کی درخواست کا فیصلہ 2 ماہ میں کرے، تحقیق کی جائے کہ صرف ایک وارث کو 23 لاکھ کیسے ادا ہوئے؟ متوفی کے والد سے شرعی حق سے زائد رقم واپس لے کر بیوہ کو دی جائے۔

    سپریم کورٹ نے بیوہ کی درخواست کا فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

  • بھارت: کمپنی کو لوٹ کر رپورٹ درج کروانے والا ملازم گرفتار

    بھارت: کمپنی کو لوٹ کر رپورٹ درج کروانے والا ملازم گرفتار

    نئی دہلی: بھارت میں ایک شخص نے قرض اتارنے کے لیے اپنی ہی کمپنی کو لوٹ لیا اور لٹنے کی رپورٹ بھی پولیس کو درج کروا دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق قرض اتارنے کے لیے اپنی ہی کمپنی کو لوٹنے کی سازش کر کے لاکھوں روپے وصول کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، پولیس کی تفتیش کے دوران سامنے آیا کہ جس شخص نے یہ مقدمہ درج کروایا تھا وہ خود اس میں ملوث تھا۔

    مذکورہ ملازم نے پولیس کو جا کر رپورٹ درج کروائی اور من گھڑت کہانی سنائی کہ وہ ملازمین کی تنخواہ لے کر آرہا تھا جب راستے میں پانچ افراد نے اس پر حملہ کر کے تشدد کیا اور 7 لاکھ روپے کی رقم لے کر فرار ہوگئے۔

    پولیس نے تفتیش کر کے جلد ہی سچائی کا پتہ لگا لیا جس کے بعد مذکورہ ملازم کو حوالات میں بند کر کے اس سے تفتیش شروع کردی گئی۔

    ملزم نے بتایا کہ وہ ایک نجی کمپنی میں ڈرائیور کے طور پر کام کرتا ہے اور اس کے پاس مزدوروں کی تنخواہ کے پیسے تھے۔ وہ قرض دار تھا اور اسے سے نجات پانے کے لیے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر سارا ڈرامہ رچایا۔

    پولیس نے ملزم کے بقیہ ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیا۔

  • معروف گلوکارہ کی جانب سے ملازم پر تشدد، پولیس کی کارروائی

    معروف گلوکارہ کی جانب سے ملازم پر تشدد، پولیس کی کارروائی

    معروف امریکی پاپ گلوکارہ برٹنی اسپیئرز کے خلاف امریکی ریاست کیلی فورنیا کی پولیس نے ملازم پر تشدد کرنے کی تفتیش شروع کردی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق گلوکارہ کے خلاف لاس اینجلس کی شیرف کاؤنٹی کی پولیس نے ملازم کی جانب سے شکایت درج کروانے پر تفتیش شروع کی ہے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ برٹنی اسپیئرز کے ایک ملازم نے شکایت درج کروائی کہ گلوکارہ نے ان پر تشدد کیا۔ واقعے کی اب تک ہونے والی تفتیش میں کسی کے شدید زخمی ہونے کی تصدیق نہیں ہو سکی، البتہ معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ تفتیش مکمل کرنے کے بعد رپورٹ پراسیکیوٹرز کے حوالے کی جائے گی، جو گلوکارہ کے خلاف کسی بھی قانونی کارروائی کا فیصلہ کریں گے۔

    دوسری جانب برٹنی اسپیئرز کے وکیل نے مذکورہ معاملے پر بتایا کہ کوئی بھی زخمی نہیں ہوا، مسئلے کو بلا وجہ اچھالا جا رہا ہے اور اس کی تفتیش فوری طور پر بند ہو جانی چاہیئے۔

    فی الوقت لاس اینجلس کی عدالت میں برٹنی اسپیئرز کا سرپرستی کا کیس بھی زیر سماعت ہے۔

    برٹنی اسپیئرز کی جانب سے عدالت میں والد کی سرپرستی ختم کروانے کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے جو گزشتہ 13 سال سے قانونی طور پر ان کے سرپرست ہیں۔

    مذکورہ عدالت میں گلوکارہ کے والد جیمز اسپیئرز نے بھی گزشتہ ہفتے ایک درخواست جمع کروائی تھی، جس میں انہوں نے بیٹی کی خوشی کی خاطر سرپرستی سے دستبرداری کی رضا مندی ظاہر کی تھی۔

  • مسکرائے بغیر دفتر میں داخلہ منع ہے

    مسکرائے بغیر دفتر میں داخلہ منع ہے

    مسکراہٹ نہ صرف چہرے کے عضلات کو صحت مند رکھتی ہے بلکہ یہ موڈ پر بھی خوشگوار اثر ڈالتی ہے، چین میں ایک کمپنی نے اپنے ملازمین کو مسکرانے پر مجبور کرنے کے لیے انوکھا طریقہ نکالا ہے۔

    چین کی ایک کمپنی نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے کام کرنے والے ایسے فیشل ڈیٹیکٹرز نصب کیے ہیں جو ملازم کے مسکرانے پر دروازہ کھول دیتے ہیں۔

    گویا اس چینی کمپنی نے اپنے ملازمین کو پابند کردیا ہے کہ وہ مسکرائیں ورنہ وہ دفتر میں داخل نہیں ہوسکتے۔ سسٹم سے منسلک دروازہ صرف اس صورت میں کھلے گا جب ملازم مسکرائے گا۔

    اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ دفتر آتے ہوئے ملازمین کا موڈ بہتر ہو اور وہ سست روی سے بچیں، ان کا موڈ بہتر ہونے سے ان کی پرفارمنس پر بھی فرق پڑے گا۔

  • لیبر مارکیٹ کے ماحول کو بہتر کرنے کے لیے سعودی حکام کا اہم اقدام

    لیبر مارکیٹ کے ماحول کو بہتر کرنے کے لیے سعودی حکام کا اہم اقدام

    ریاض: سعودی حکام نے ملک میں لیبر مارکیٹ کے ماحول کو بہتر کرنے کے لیے مالکان، افسران اور ملازمین کو ایک میز پر بٹھا دیا، حکومتی سرپرستی میں ملک گیر مکالمے کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت نے عالمی تنظیم محنت کے تعاون سے سماجی مکالمے کے فروغ کے عنوان سے تربیتی پروگرام جاری کیا ہے، اس کے تحت آجروں، اجیروں اور سرکاری اداروں کے درمیان مکالمہ منعقد کیا جارہا ہے۔

    وزارت افرادی قوت ان دنوں سعودی عرب میں سماجی مکالمے کی سرپرستی کر رہی ہے۔

    وزارت افرادی قوت ملک میں لیبر مارکیٹ کی بہتر نئی پالیسی تیار کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ آجروں، اجیروں اور سرکاری اداروں کے درمیان مکالمے سے لیبر مارکیٹ کا ماحول بہتر بنے گا۔

    یاد رہے کہ مکالمہ پروگرام میں آجروں، اجیروں اور سرکاری اداروں کی منتخب شخصیات بھی شریک ہیں۔

    حکومت کی طرف سے وزارت انصاف، وزارت تعلیم، وزارت اقتصاد و منصوبہ بندی، وزارت صحت، کنگ عبدالعزیز قومی مکالمہ مرکز، منشات، المستقبل کمپنی، سوشل انشورنس کا ادارہ اور ہدف کے نمائندے شریک ہیں۔

    اس کے تحت تمام متعلقہ فریق وڈیو لنک کے ذریعے اپنی تربیت آپ کے اصول پر کام کر رہے ہیں۔

    اس ضمن میں متعدد سیشنز ہوں گے جس میں شرکا اپنے تجربات پییش کریں گے، یہ سارا کام عالمی تنظیم محنت کے ماہرین کی نظامت میں انجام دیا جارہا ہے۔

  • خاتون ساتھی کو ہراساں کرنے والا نادرا کا ملازم نوکری سے برطرف

    خاتون ساتھی کو ہراساں کرنے والا نادرا کا ملازم نوکری سے برطرف

    کراچی: شہر قائد میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) میں خاتون ساتھی کو ہراساں کرنے والے ملازم معراج الدین کو نوکری سے برطرف کردیا گیا، معراج پہلے ہی ہراسگی کے الزام میں پولیس کی حراست میں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں واقع نادرا میگا سینٹر کے ملازم معراج الدین کی جانب سے خواتین کو ہراساں کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا تھا جس کے بعد ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نادرا نے مذکورہ ملازم کو برطرف کردیا ہے۔

    ڈی جی نادرا کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملازم کے ملازمتی لیٹر کے مطابق معراج الدین ڈیلی ویجز پر ملازمت پر رکھا گیا تھا، ملازم خاتون ساتھی کو ہراساں کرنے میں ملوث پایا گیا اور اس کے خلاف ہراساں کرنے کی درخواست موصول ہوئی تھی۔

    ڈی جی کے مطابق معراج الدین کو نادرا کے کلاز نمبر 4 کے تحت برطرف کیا گیا ہے اور اسے ایچ آر برانچ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    معراج کو گزشتہ روز پولیس نے چھاپہ مار کر ہراسگی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ڈیٹا انٹری ملازم خواتین کے نمبرز نکلوا کر ان سے رابطے کرتا اور غیر اخلاقی ویڈیوز بھیجتا تھا، نادرا ملازم کے خلاف ایک شہری نے تھانے میں شکایت درج کروائی تھی۔

    پولیس کے مطابق اس کے پاس کئی نمبرز تھے جن سے وہ خواتین کو ناشائستہ میسج بھیج کر ہراساں کیا کرتا، ملزم کے خلاف تفتیش کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    پولیس نے بتایا کہ ملزم معراج کی گرفتاری ڈرامائی انداز میں عمل میں آئی، ملزم کو متاثرہ خاتون کے شوہر نے ملنے کے لیے بلا کر اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا، متاثرہ خاندان نے واٹس ایپ پر بھیجا گیا غیراخلاقی مواد بھی فراہم کردیا گیا ہے۔

  • ریستوران کے غریب ملازم پر تشدد کرنے والے بینک افسر کے خلاف مقدمہ درج

    ریستوران کے غریب ملازم پر تشدد کرنے والے بینک افسر کے خلاف مقدمہ درج

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ریستوران کے غریب ملازم پر تشدد کرنے والے بینک افسر وقاص کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس تاحال ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی۔

    تفصیلات کے مطابق غلط آرڈر لانے پر ریستوران ملازم پر تشدد کرنے والے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، ایس پی فرقان بلال کا کہنا ہے کہ ڈیفنس بی پولیس نے ملزم وقاص کلیم کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ملزم نجی بینک میں افسر ہے۔

    ایس پی کا کہنا ہے کہ مقدمہ ریستوران ملازم اسد کی مدعیت میں درج کیا گیا، ابتدائی اطلاعی رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق آرڈر غلط لانے پر ملزم نے تشدد کا نشانہ بنایا۔

    ملزم وقاص نے گاڑی کے ذریعے جان سے مارنے کی بھی دھمکی دی تھی۔ پولیس تاحال ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔

    خیال رہے کہ مذکورہ واقعہ گزشتہ روز لاہور میں پیش آیا تھا جب ایک غیر ملکی ریستوران میں بینک افسر وقاص نے ریستوران ملازم اسد پر تشدد کیا، اس دوران وقاص ملازمین کو مغلظات بکتا رہا اور آرڈر لانے والے ملازم پر تھپڑوں کی بارش کردی۔

    ریستوران کے ملازمین نے بیچ بچاؤ کروا کے نجی بینک افسر کو روکنے کی کوشش کی تو وہ ان سے بھی الجھتا رہا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا رہا، غریب ہوٹل ملازمین افسر کی گالیاں چپ چاپ کھڑے سنتے رہے اور افسر کو پیسے بھی واپس کر دیے لیکن وہ ان کو دھمکیاں دیتا رہا۔

    ریستوران ملازم کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی گئی۔

  • پارلیمنٹ ہاؤس کے 5 ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق

    پارلیمنٹ ہاؤس کے 5 ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق

    اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاؤس کے 5 ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، کرونا کا شکار پانچوں ملازمین کو گھر پر قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ اجلاس سے پہلے پارلیمنٹ ہاؤس کے ملازمین کرونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں اور 5 ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

    ذرائع پارلیمنٹ ہاؤس کے مطابق قومی اسمبلی کے 3 اور سینیٹ سیکریٹریٹ کے 2 ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، کرونا کا شکار پانچوں ملازمین کو گھر پر قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

    اس سے قبل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے حوالے سے پہلے ہی خدشات کا اظہار کیا جاچکا ہے، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری پارلیمان کے براہ راست سیشن سے گریز کا مشورہ دے چکے ہیں۔

    فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ایک ہفتے میں کرونا وائرس صوبائی وزیر سمیت 4 ارکان اسمبلی کی جان لے چکا ہے، ہمیں احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیئے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ہم پارلیمان کے مواصلاتی سیشن کر کے احتیاط کا مظاہرہ کر سکتے ہیں کیونکہ پارلیمنٹ کے براہ راست سیشنز کے نتائج سامنے آرہے ہیں، متعدد ارکان پارلیمنٹ براہ راست سیشن کے بعد کرونا کا شکار ہو چکے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا مؤقف تھا کہ ہوٹلوں میں یا براہ راست سیشن بلانے کی بجائے ورچوئل اجلاس کیے جائیں۔

    دوسری جانب ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز اور اس کی اموات میں ہولناک اضافہ ہورہا ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 82 افراد انتقال کر گئے جبکہ 4 ہزار 688 نئے کرونا کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔

    مذکورہ اموات کے بعد ملک بھر میں کرونا وائرس سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 17 سو 70 ہوگئی ہے جبکہ کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 85 ہزار 264 ہوچکی ہے۔

  • سعودی عرب: ملازمین کو فیکٹریوں میں رہائش کی اجازت

    سعودی عرب: ملازمین کو فیکٹریوں میں رہائش کی اجازت

    ریاض: سعودی عرب میں فیکٹری کے ملازمین کو فیکٹریوں میں ہی رہائش دینے پر غور کیا جارہا ہے تاکہ ملازمین کو کرفیو پاس حاصل نہ کرنا پڑے اور فیکٹریوں میں کام بھی جاری رہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی انڈسٹریل سٹیز اتھارٹی (مدن) کے ڈائریکٹر جنرل انجینیئر خالد السالم نے بتایا ہے کہ کارکنوں کو جلد ہی فیکٹریوں میں رہائش کی اجازت دی جائے گی۔

    اس سلسلے میں وزارت صنعت اور وزارت صحت کے تعاون سے رہائش کے اجازت نامے حاصل کرنے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ فیکٹریوں کی پیداوار بڑھانے کی غرض سے کیا گیا ہے۔

    وزارت صنعت اور وزارت صحت فیکٹریوں میں کارکنوں کو ٹھہرانے کے اجازت نامے اسی وقت جاری کرے گی جب یہ اطمینان کر لیا جائے گا کہ فیکٹریوں کے مالکان کارکنوں کی رہائش کے سلسلے میں معیاری ضوابط کی کارروائی کر رہے ہیں یا نہیں۔

    سعودی حکومت کارکنان کی رہائش کے لیے کمروں کا حجم مقرر کیے ہوئے ہے، علاوہ ازیں کرونا بحران کے زمانے میں رہائش کو سینی ٹائز کرنے کی پابندی بھی لگائے ہوئے ہے۔

    السالم نے توقع ظاہر کی ہے کہ اسی ہفتے کے دوران متعلقہ اداروں سے فیکٹریوں میں کارکنان کو ٹھہرانے کی منظوری مل جائے گی۔

    ان کے مطابق کارکنان کو ٹھہرانے کا پروگرام کثیر المقاصد ہے، ایسا کرنے پر کارکنان کو آنے جانے کی مشقت نہیں ہوگی اور اس کے لیے کرفیو کے دوران اجازت ناموں کی ضرورت بھی پیش نہیں آئے گی۔

    ان کا کہنا ہے کہ فیکٹریاں اپنا کام جاری رکھ سکیں گی، رہائشی مراکز میں کارکنان کو ٹھہرانے سے کہیں بہتر ہے کہ انہیں فیکٹریوں کے اطراف ٹھہرا دیا جائے۔

  • ڈاکو پیٹرول پمپ کے بوڑھے ملازم سے 5 لاکھ لوٹ کر فرار

    ڈاکو پیٹرول پمپ کے بوڑھے ملازم سے 5 لاکھ لوٹ کر فرار

    نئی دہلی: بھارتی شہر مظفر پور میں 6 ڈاکو پیٹرول پمپ کے 65 سالہ ملازم سے 5 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے، پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔

    مذکورہ واقعہ مظفرپور میں پیش آیا جہاں ایک پیٹرول پمپ کا 65 سال ملازم 5 لاکھ کی رقم بیگ میں ڈال قریبی بیگ میں ڈی پازٹ کروانے جارہا تھا۔

    پولیس کے مطابق بینک کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 مسلح افراد نے ملازم کو روکا اور گن پوائنٹ پر اس سے بیگ چھین لیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ بھی کی۔

    ملازم کا کہنا ہے کہ تمام ڈاکوؤں نے اپنے چہروں پر ڈھاٹا باندھا ہوا تھا جبکہ ہیلمٹ بھی پہنا ہوا تھا لہٰذا وہ کسی کو دیکھ نہ سکا۔ واقعے کے بعد وہ ہانپتا کانپتا واپس پیٹرول پمپ پر پہنچا اور دیگر ملازمین کو واقعے کے بارے میں بتایا۔

    عینی شاہدین کے مطابق ڈاکو پستولیں لہراتے ہوئے واپس روانہ ہوئے لہٰذا کوئی ان کے پیچھے جانے کی ہمت نہ کرسکا۔

    انتظامیہ کی جانب سے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا گیا جس کے بعد پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔