Tag: ملاقات کا دن

  • کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے مریم نواز کی ملاقات

    کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے مریم نواز کی ملاقات

    لاہور : مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نے نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی، عید کی چھٹیوں کے باعث جمعرات کو ملاقات نہیں ہوسکی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیراعظم نوازشریف سے آج ملاقات کا دن ہے ، مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر نواز شریف سے ملاقات کے لیے کوٹ لکھپت جیل پہنچے نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ساتھ تھے۔
    نواز شریف سے یہ ملاقات اڑھائی گھنٹے تک جاری رہی اور سب نے دوپہر کا کھانا بھی اکٹھے کھایا۔

    مریم نواز کی آمد کے موقع پر ن لیگی کارکنوں نے نوازشریف اور مریم نوازکےحق میں نعرے لگائے۔

    خیال رہے مریم نواز سمیت پارٹی کے کسی بھی رہنما کی عیدکی چھٹیوں کےباعث نوازشریف سے جمعرات کو ملاقات نہیں ہوسکی تھی۔

    مزید پڑھیں : جو بیٹی کو باپ سے ملنے نہ دیں، ان سے بڑا ظالم کون ہو گا؟ مریم نواز

    یاد رہے مریم نواز نے نواز شریف کی طبیعت پوچھنے کے لیے ملاقات کی اجازت مانگی تھی لیکن انھیں ملاقات کی اجازت سے انکار کر دیا گیا تھا، مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایسے میں جو بیٹی کو باپ سے ملنے نہ دیں، ان سے بڑا ظالم کون ہو گا؟ ظلم، نفرت، انتقام کی غلیظ سیاست کرنے والوں کو نہیں بھولنا چاہیے کہ اللہ دنوں کو تبدیل کرتا رہتا ہے اور ہمیشہ کی بادشاہی اسی کی ہے۔

    مریم اورنگ زیب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا عید پر بھی نواز شریف کو ان کے اہل خانہ سے ملنے نہیں دیا گیا، عمران خان اپنی نا اہلی کا بدلہ نواز شریف سے لے رہے ہیں، یاد رکھیں ظلم جب حد سے بڑھ جائے تو مٹ جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ پچھلی بار نواز شریف سے ملاقات کے بعد مریم نواز نے کہا تھا کہ کئی دنوں سے نواز شریف کی طبیعت خراب ہے اور تین بار انجائنا کا اٹیک بھی ہوا مگر انھوں نے تاکید کی کہ کسی بھی ریلیف کے لیے ان کی بیماری کی تشہیر نہ کی جائے۔

  • اڈیالہ جیل میں قید نوازشریف اور مریم نواز سے ملاقات کا دن

    اڈیالہ جیل میں قید نوازشریف اور مریم نواز سے ملاقات کا دن

    راولپنڈی : ایون فیلڈریفرنس کے مجرمان نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست تیارکرلی گئی، فہرست میں شریف خاندان کےسترہ افراد کے نام شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈریفرنس میں سزا پانے والوں نواز شریف اور مریم نواز کا اڈیالہ جیل میں چھٹا روز ہے ، دونوں سے آج ملاقات کرنے والوں کی فہرست تیار کرلی گئی جبکہ نوازشریف، مریم نوازاورکیپٹن صفدرکی ملاقات بھی کرائی جاسکتی ہے۔

    جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف ملاقات کے لیے خاص طور پر تیار ہوئے، انھوں نے روایتی لباس شلوار قمیض اور ویسٹ کوٹ پہنا ہے، ان کی تیاری میں مشقتی نے اہم کردار ادا کیا جبکہ مریم نواز بھی روایتی انداز میں تیار ہوئی ہیں۔

    نوازشریف اورمریم نوازسے ملاقات کرنے والوں کی فہرست تیار کرلی گئی ہے، ملاقات کرنے والوں کی فہرست میں شریف خاندان کے 17 افراد اور 23 لیگی رہنما بھی شامل ہیں۔

    لیگی رہنماؤں میں آصف کرمانی، جاوید ہاشمی، پرویز رشید، ایاز صادق، سابق گورنر کے پی بھی شامل ہیں جبکہ ن لیگ کے 11 وکلا بھی ملاقاتیوں کی فہرست میں ہیں۔

    اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق تینوں مجرموں کو جیل سپرنٹنڈنٹ کے کمرے کے ساتھ بٹھایا جائے گا، صبح 8 بجے سے 4 بجے تک ملاقات ہوسکے گی، ہر ملاقات سے قبل نوازشریف کی مرضی جانی جائے گی۔


    مزید پڑھیں :  نواز شریف اور مریم نواز سے اڈیالہ جیل میں اہل خانہ کی ملاقات


    جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے لیے آنے والوں کو جیل مینوئل کی پابندی کرناہوگی، ملاقات شناختی کارڈ کے بغیرممکن نہیں ہوسکے گی، ہر ملاقاتی کو 20 منٹ ملاقات کی اجازت ہوگی۔

    یاد رہے 14 جولائی کو  شریف خاندان نے اڈیالہ جیل میں مجرم نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کی تھی، ملاقات کرنے والوں میں ان کی والدہ، چھوٹے بھائی شہباز شریف اور حمزہ شہباز ودیگر شامل تھے۔

    خیال رہے کہ اڈیالہ جیل انتظامیہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے ملاقات کیلئے جمعرات کا دن مقرر ہے اس لئے ن لیگ کے رہنما اپنے قائد سے جمعرات کے روز ملاقات کر سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ 13 جولائی کو نوازشریف اور مریم نواز کو لندن سے لاہورپہنچتے ہی گرفتار کرلیا گیا تھا ، جس کے بعد دونوں کو خصوصی طیارے پر نیو اسلام آباد ایئر پورٹ لایا گیا، جہاں سے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا ۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔