Tag: ملاقات

  • بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں انہیں ’’مشورہ‘‘ دوں گا کہ ….؟ علی محمد خان نے بتا دیا

    بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں انہیں ’’مشورہ‘‘ دوں گا کہ ….؟ علی محمد خان نے بتا دیا

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کا کہنا ہے کہ اگر ان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی تو وہ انہیں ایک اور مشورہ بھی دیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کا کوئی مینڈیٹ نہیں ان کی صرف 17 نشستیں ہیں۔ مذاکرات میں مینڈیٹ کے معاملے پر بھی بحث ہو گی۔ میری اگر بانی سے ملاقات ہوئی تو میں انہیں 8 فروری کے الیکشن کے آڈٹ کا بھی کہوں گا اور مشورہ دوں گا کہ اس مطالبے سے پیچھے نہ ہٹا جائے۔

    علی محمد خان نے کہا کہ ہم پر ہمیشہ الزام لگتا تھا کہ مخالفین سے بات نہیں کرتی، لیکن ہم بات کر رہے ہیں تو حکومت پی ٹی آئی ارکان کو عمران خان سے ملاقات میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ مذاکرات کی ضرورت صرف پی ٹی آئی کو نہیں سب کو ہے۔ یہ بات چیت اگر کامیاب ہوئی تو عوام سمیت سب کا فائدہ ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں ابھی بھی مذاکرات سے مایوس نہیں ہوں مگر 9 دن کا وقفہ سنجیدہ مذاکرات میں نہیں ہوتا، اتنے طویل تعطل سے معاملات ٹھنڈے پڑ جاتے ہیں۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومت معیشت کی بات کرتی ہے، لیکن لوگ بجلی کا بل نہیں ادا کرسکتے۔ دوائیں نہیں خرید سکتے۔ آخر کب تک یہ مفلوج اور اپاہج حکومت کا بوجھ اٹھائیں گے۔ انہوں نے جب بلے کا نشان چھینا تو 8 فروری کو پتہ لگ گیا کہ لوگوں نے کیسے نشان ڈھونڈ ڈھونڈ کر پی ٹی آئی کو ووٹ دیا۔

    علی محمد خان نے پی ٹی آئی رہنماؤں شیر افضل مروت اور سلمان اکرم راجا کے درمیان اختلافات اور ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے متعلق کہا کہ دونوں سنجیدہ اور تجربہ کار اور پارٹی کے لیے ضروری ہیں۔ انہیں عمران خان بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اگر یہ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی نہ کرتے تو اچھا ہوتا۔

    https://urdu.arynews.tv/imran-khan-pti-nagotiation-committee-meeting-when/

  • مذاکراتی کمیٹی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کب ہوگی؟ اہم خبر

    مذاکراتی کمیٹی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کب ہوگی؟ اہم خبر

    حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات بانی سے ملاقات نہ ہونے کے باعث ڈیڈ لاک کا شکار ہیں یہ ملاقات کب ہو گی اہم خبر سامنے آئی ہے۔

    ملک کے سیاسی درجہ حرارت کو کم کرنے کے لیے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے دو دور ہونے کے بعد یہ مذاکرات تعطل کا شکار ہیں جس کی وجہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کی ان کے سربراہ عمران خان سے ملاقات نہ کرانا ہے۔

    تاہم ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کی آج عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق مذاکراتی کمیٹی کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت مل گئی ہے اور آج دوپہر 2 بجے تک انہیں بانی پی ٹی آئی تک رسائی دی جا سکتی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت اور حکومت کے مابین گزشتہ رات رابطہ ہوا تھا، جس میں تحریک انصاف کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا۔

    سات رکنی مذاکراتی کمیٹی کے اراکن آج عمران خان سے ملاقات کریں گے جس میں حکومت سے مذاکرات کے تیسرے دور کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ مذاکراتی کمیٹی میں حکومتی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے گزشتہ روز کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانا ان کی ذمہ داری نہیں، پی ٹی آئی والے چاہیں تو حکومتی نمائندوں سے بات کر سکتے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/ayaz-sadiq-statement-regarding-govt-pti-talks/

  • شرمیلا فاروقی کی مکیش اور ایشا امبانی سے ملاقات، تصاویر وائرل

    شرمیلا فاروقی کی مکیش اور ایشا امبانی سے ملاقات، تصاویر وائرل

    پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور ایم این اے شرمیلا فاروقی کی پیرس میں ایشیا کے امیر ترین امبانی خاندان سے ملاقات ہوئی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر خوب گردش میں ہیں۔

    شرمیلا فاروقی نے گزشتہ روز اپنی انسٹا اسٹوری پر مکیش امبانی اور ایشا امبانی کے ساتھ تصاویر شیئر کیں، جس میں انہیں اپنے شوہر ہشام شیخ اور بیٹے حسین کے ہمراہ بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Bizmax Digital (@bizmaxdigital)

    کیپشن میں شرمیلا فاروقی نے لکھا ’امبانی امبانی کرتے مل ہی گئی ایشا امبانی سے‘، شرمیلا فاروقی نے انسٹا پر ایک اور اسٹوری پر بتایا ہے کہ اُن کی مکیش امبانی سے ملاقات ڈزنی لینڈ میں ہوئی ہے، کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’اور ایک بار پھر امبانی ‘۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق پی پی پی رہنما، ایم این اے شرمیلا فاروقی آج کل اپنی سالگرہ منانے کے لیے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں موجود ہیں۔

  • بابر اعظم کی لیجنڈ سنیل گواسکر سے ملاقات، آپس میں کیا گفتگو ہوئی؟

    بابر اعظم کی لیجنڈ سنیل گواسکر سے ملاقات، آپس میں کیا گفتگو ہوئی؟

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی امریکا میں سابق بھارتی کپتان لیجنڈری سنیل گواسکر سے ملاقات ہوئی جس میں مختصر گفتگو کی گئی۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کھیلنے کے امریکا پہنچ چکی ہے اور 6 جون کو میزبان امریکا کے خلاف ڈیلاس سے اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔

    ڈیلاس شہر میں ہی قومی کپتان بابر اعظم کی سابق بھارتی کپتان لیجنڈری سنیل گواسکر سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں گرمجوشی سے ملے اور مصافحہ کیا۔

    اس موقع پر ان میں مختصر بات چیت بھی ہوئی، ایک دوسرے کا حال احوال دریافت کیا اور گواسکر نے بابر اعظم اور پاکستان ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

     

    سنیل گواسکر سے بابر اعظم سے مختصر ملاقات کی یہ ویڈیو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ سے بھی شیئر کی ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کی سابق بھارتی کپتان سے ملاقات۔۔ کنگ بابراعظم اور لیجنڈری سنیل گواسکر ڈیلس میں گرمجوشی سےملے۔۔ ایک دوسرےسےحال احوال پوچھا۔

    https://urdu.arynews.tv/t20-world-cup-babar-azam-podcast-interview/

    واضح رہے کہ قومی کپتان بابر اعظم نے پی سی بی پوڈکاسٹ انٹرویو میں اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ ورلڈ کپ ٹرافی اٹھانا چاہتے ہیں۔

  • چیئرمین پی سی بی کی انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سے ملاقات

    چیئرمین پی سی بی کی انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سے ملاقات

    لندن: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے انگلینڈ و ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رچرڈ تھامسن و چیف ایگزیکٹو آفیسر رچرڈ گولڈ سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رچرڈ تھامسن سے ملاقات کی، ملاقات میں محسن نقوی اور رچرڈ تھامسن پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز پر بات چیت ہوئی اور چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات سے آگاہ کیا۔

    ملاقات کے دوران حالیہ پاکستان انگلینڈ ٹی 20 سیریز اور آئندہ ہونے والی کرکٹ سیریز پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اکتوبر میں پاکستان میں پاک انگلینڈ ٹیسٹ کرکٹ سیریز پر بھی بات چیت ہوئی۔

    چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے چیئرمین انگلینڈ و ویلز کرکٹ بورڈ رچرڈ تھامسن کو پاک انگلینڈ سیریز پر دورہ پاکستان کی دعوت دی اور ٹی 20 کرکٹ سیریز میں بہترین انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔

    اس ملاقات میں  ٹی20ورلڈ کپ کی تیاریوں پربھی گفتگو ہوئی، محسن نقوی نے آئندہ برس پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات سے آگاہ کیا، چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام شروع کردیاہے۔

    چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ پاکستان میں کرکٹ ٹیموں کیلئے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے، دوسری جانب چیئرمین انگلینڈوویلز کرکٹ بورڈ نے چیمپئنر ٹرافی پر پی سی بی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

  • شہباز شریف اور محمد بن سلمان کی ملاقات میں کیا بات ہوئی ؟

    شہباز شریف اور محمد بن سلمان کی ملاقات میں کیا بات ہوئی ؟

    ریاض : وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔

    اس حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کی، ملاقات میں وزیراعظم نے عالمی اقتصادی فورم اجلاس کے کامیاب انعقاد پر انہیں مبارکباد دی۔

    اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے اس موقع پر رمضان المبارک میں مکہ مکرمہ کی حالیہ ملاقات کا ذکر کیا، سعودی وزیرخارجہ کی قیادت میں وفد پاکستان بھیجنے پر بھی ان شکریہ ادا کیا۔

    وزیراعظم نے بتایا کہ سعودی وفد نے پاکستانی ہم منصبوں سے مل کر سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا،اپنے ساتھ اعلیٰ اختیاراتی وفد کو ریاض ساتھ لایا ہوں۔

    شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد میں سرمایہ کاری کے ذمہ دار اہم وزرا بھی شامل ہیں، وفد کو اس لیے ساتھ لایا ہوں تاکہ فالو اپ میٹنگز ہوسکیں۔

    انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

    جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ولی عہد محمد بن سلمان کو جلد پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

    قبل ازیں سعودی عرب میں وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹرمحمد سلیمان الجاسر نے ملاقات کی۔

    ملاقات کے دوران اسلامی ترقیاتی بینک کے پاکستان میں جاری مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

    وزیراعظم نے اپنے سابقہ دور حکومت میں اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے مختلف منصوبوں میں ایک ارب امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری پر اسلامی ترقیاتی بینک کا شکریہ ادا کیا ۔

    شہباز شریف نے پاکستان کی سیلاب کے بعد بحالی میں اسلامی ترقیاتی بینک کی معاونت کو سراہا اور اس حوالے سے ڈاکٹر الجاسر کے ذاتی تعاون اور قائدانہ کردار کو تسلیم کیا۔

  • حمزہ علی عباسی کی اپنے ہمشکل سے ملاقات

    حمزہ علی عباسی کی اپنے ہمشکل سے ملاقات

    پاکستان کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی کی اپنے ہمشکل کے ہمراہ تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔

    چند سال قبل حمزہ علی عباسی کے ایک مداح یاسر عمار، اداکار کے ساتھ غیر معمولی مشابہت رکھنے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر سرخیوں میں آئے تھے۔

    جس کے بعد یاسر عمار کی ویڈیوز وائرل ہوئیں اور انہوں نے متعدد انٹرویوز بھی دیے لیکن انہیں حمزہ علی عباسی سے ملنے کا کبھی موقع نہیں ملا۔

    تاہم یاسر عمار کو حمزہ علی عباسی سے ملنے کا موقع مل گیا، انہوں نے جان ای جہاں اداکار کے ساتھ اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حمزہ علی عباسی نے انہیں گرمجوشی سے گلے لگایا اور دونوں کے درمیان طویل گفتگو بھی ہوئی۔

    حمزہ علی عباسی ایک ایسے اداکار ہیں جو پاکستانی ڈرامہ سیریل پیارے افضل میں نظر آنے کے بعد بے حد مقبول ہوئے ان کے اس ڈرامے کو شائقین نے بے حد پسند کیا۔

    اداکار اس وقت آری ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل جان ای جہاں میں نظر آ رہے ہیں اور مداح ان کے شائستہ اور مثبت کردار کو پسند کر رہے ہیں، اپنے منفرد انداز کی وجہ سے اداکار کی مداحوں کی بڑی تعداد ہے۔

  • ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں سیاسی تعاون پر اتفاق رائے، اعلامیہ جاری

    ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں سیاسی تعاون پر اتفاق رائے، اعلامیہ جاری

    پاکستان میں نئی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان رابطوں کے بعد اہم پیش رفت سامنے آگئی۔

    اس حوالے سے دونوں جماعتوں کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں سیاسی تعاون پر اصولی اتفاق رائے ہوگیا۔

    بلاول بھٹو سے شہباز شریف نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور مستقبل میں سیاسی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

    اعلامیے کے مطابق دونوں قائدین نے ملک کو سیاسی استحکام سے ہم کنار کرنے کیلئے سیاسی تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔

    دونوں جماعتوں کے قائدین نے صورتحال پر مشاورت کی،تجاویز پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اصولی اتفاق کیا کہ سیاسی عدم استحکام سے ملک کو بچائیں گے۔

    اس موقع پر پیپلزپارٹی کی قیادت کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی تجاویز کو پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں رکھیں گے۔

    اعلامیے کے مطابق دونوں قائدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی اکثریت نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔

    ملاقات کے موقع پر ن لیگ کے وفد میں اعظم نذیر تارڑ، ایاز صادق، احسن اقبال، رانا تنویر، خواجہ سعد رفیق، ملک احمد خان، مریم اورنگزیب ،شزا فاطمہ بھی موجود تھیں۔

    پی پی اور ن لیگی قیادت کی ملاقات کا احوال

    دریں اثناء ذرائع نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت کے درمیان ملاقات کا احوال بیان کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی کو حکومت میں شامل ہونے کی پیشکش کی۔

    ذرائع کے مطابق بات چیت کے دوران ن لیگی قیادت نے ایم کیو ایم نمائندوں سے ملاقات اور آزاد ارکان سے کیے گئے رابطوں سے متعلق آگاہ کیا۔

    ن لیگی وفد کا مؤقف تھا کہ آئندہ وزیراعظم مسلم لیگ ن کا ہوگا، جبکہ آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی بلاول بھٹو کو وزیراعظم کا امیدوارنامزد کرچکی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں حکومت کی آدھی مدت ن لیگ اور آدھی مدت کیلئے پی پی کے وزیراعظم پر امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق، پنجاب اور بلوچستان میں اتحادی حکومتیں بنانے پر اتفاق رائے کیا گیا،
    میثاق جمہوریت کی روشنی میں5سال کا روڈ میپ طے کرنے کی بھی تجویز پیش کی گئی اس کے علاوہ پیپلزپارٹی کے سی ای سی اجلاس میں تجاویز پر کل غور کیا جائے گا۔

  • امریکی جیل میں قید عافیہ صدیقی سے انکی بہن کی ملاقات کروادی گئی

    امریکی جیل میں قید عافیہ صدیقی سے انکی بہن کی ملاقات کروادی گئی

    نیویارک : امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے 20 سال بعد انکی بہن فوزیہ صدیقی کی رواں سال دوسری ملاقات کروادی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے انکی بہن فوزیہ صدیقی کی رواں سال دوسری ملاقات کروادی گئی، دونوں بہنوں کی ملاقات تقریباً 30 منٹ تک جاری رہی۔

    ملاقات کے بعد ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ جیل میں قید عافیہ صدیقی کی حالت پہلے سے زیادہ خراب محسوس ہوئی، ملاقات کے اختتام پر بہت دکھی ہوں، عافیہ صدیقی کو ایک بار پھر اسی حالت میں چھوڑ آئی ہوں۔

    امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے پاکستانیوں کے لیے کیا پیغام دیا؟

    رپورٹ کے مطابق ملاقات کے وقت عافیہ صدیقی کی وکیل اور سینیٹر طلحہ محمود بھی موجود تھے، اس دوران بیچ میں شیشہ لگایا گیا کیوں کہ دونوں کو چھونے کی اجازت نہیں تھی۔

    ڈاکٹر فوزیہ کو اپنی مقید بہن ڈاکٹر عافیہ سے 2 اور 3 دسمبر کو دونوں دن ملاقات کرنی تھی، ڈیلس فورٹ ورتھ کی ہائی سیکیورٹی وفاقی جیل میں اجازت کے باوجود 2 دسمبر کو ملاقات نہ ہوسکی تھی۔

    گزشتہ روز ڈاکٹر فوزیہ صدیقی امریکی جیل میں قید اپنی بہن سے ملاقات کیلئے جیل کے باہر 4 گھنٹے تک انتظار کرتی رہیں تاہم امریکی جیل حکام چابی کھو جانے کا بہانہ بنا کر ٹال مٹول کرتے رہے۔

  • رمیز راجہ نے بابر اعظم سے ملاقات کا احوال بتادیا

    رمیز راجہ نے بابر اعظم سے ملاقات کا احوال بتادیا

    پی سی بی کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے کپتان بابر اعظم سے ہونے والی ملاقات کا احوال بتادیا۔

    پاکستان کے آل فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم مبینہ طور پر وائٹ بال کرکٹ میں کپتانی سے دستبردار ہونے پر غور کر رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اس حوالے سے ایڈن گارڈنز کولکتا میں سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا سے ملاقات کی، اس دوران کپتان نے اپنی کپتانی سے متعلق ان سے مشاورت کی۔

    اس مشاورت کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے نے نجی چینل میں گفتگو کرتے  ہوئے بابر اعظم سے ملاقات کا احوال بتایا۔

    رمیز راجہ نے کہا کہ کھیل میں ہار جیت ہوتی ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ کرکٹرز پر ہر طرف سے تنقید کی جائے، اگر کرکٹرز کی عزت نہیں ہوگی تو وہ کس طرح آگے بڑھیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں مانتا ہوں کھلاڑیوں نے ورلڈ کپ میں بہت سی غلطیاں کی ہیں لیکن ہماری قوم کے مزاج میں بہت تلخی ہے اور ہمارے پلئیرز اس تلخی کو محسوس کرتے ہیں۔

    رمیز راجا کا کہنا تھا کہ سیمی فائنل میں کوالیفائی نہ کرنے پر بابر اعظم بہت افسردہ لگ رہے تھے اور مجھے یہ بہت برا لگا،  ان کی کپتانی کے حوالے سے گفتگو نجی تھی اور میں اسے عام نہیں کرنا چاہتا۔

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی رواں ورلڈکپ میں کارکردگی مایوس کن رہی، ٹیم کو بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقا اور افغانستان سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات بھی نہ ہونے کے برابر ہیں۔