Tag: ملاقات

  • ایم کیو ایم وفد کی سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی سے ملاقات

    ایم کیو ایم وفد کی سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی سے ملاقات

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی سے ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورت حال پر گفتگو کی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم وفد کے وفد نے خالد مقبول کی قیادت میں سابق وزیراعظم میر ظفراللہ جمالی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں سندھ کی سیاسی صورت حال سمیت وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق ملاقات میں پیپلز پارٹی کی پالیسیوں پر مشترکہ حکمت عملی بنانے اور سندھ اور بلوچستان میں نئے صوبوں سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔

    اس سے قبل سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی نے سندھ ،بلوچستان میں نئے صوبے بنانے کی حمایت کی تھی۔

    ملاقات کے بعد ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے ہر اس جگہ بننے چاہئیں جہاں ضرورت ہو، ظفراللہ جمالی کے تجربے کی پاکستان کو ضرورت ہے۔

    دوسری جانب میر ظفر اللہ جمالی کا کہنا تھا کہ میں نے کراچی صوبے کی بات نہیں کی، جو بھی آتا ہے وہ کہتا ہے سرائیکی صوبے کی بات کرتے ہیں، ایک صوبے کا حل نہیں نکال سکتے ہیں تو سندھ، بلوچستان کا کیا کریں گے۔

  • اپوزیشن عوامی مفاد کے منصوبوں میں حکومت کا ساتھ دے، پرویز الہیٰ

    اپوزیشن عوامی مفاد کے منصوبوں میں حکومت کا ساتھ دے، پرویز الہیٰ

    لاہور: قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ تمام اپوزیشن عوامی مفاد کے منصوبوں میں حکومت کا ساتھ دے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ سے وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے ملاقات کی جس میں پنجاب اسمبلی میں قانون سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پنجاب اسمبلی کے 9 مارچ کو تجویز کردہ اجلاس میں قانون سازی ودیگر ایجنڈے پر مشاورت کی گئی۔

    اس موقع پر چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہوگئی، وفاق پنجاب کی اتحادی حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات اٹھائے گی،تمام اپوزیشن عوامی مفاد کے منصوبوں میں حکومت کا ساتھ دے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت، کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی، مظالم شرمناک ہیں، ایران ودیگر ممالک کا بھارتی اقدامات کے خلاف ردعمل اہم ہے،عالمی برادری بھارت کو مسلمانوں کے خلاف مظالم سے روکے۔

    چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ مودی گجرات کے بعد دہلی میں ظلم کی نئی تاریخ رقم کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارتی مظالم کا عالمی برادری نوٹس لے، حکومت بھرپور انداز سے بھارتی مظالم کو بے نقاب کر رہی ہے۔

    دوسری جانب وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ اجلاس میں اورنج لائن کے کرایے پر تمام جماعتوں کی ان پٹ لیں گے، اورنج لائن کرایہ مقرر کرنے سے متعلق سیاسی مشورے کھلے دل سے سنیں گے۔

  • وزیر اعظم کی وزیر قانون فروغ نسیم کی کارکردگی کی تعریف

    وزیر اعظم کی وزیر قانون فروغ نسیم کی کارکردگی کی تعریف

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم سے ملاقات کے دوران کہا کہ بطور وزیر قانون آپ حکومت کی بہترین نمائندگی کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں اہم قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے فروغ نسیم کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آپ محنت کر رہے ہیں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں۔ پوری کابینہ آپ کے ساتھ ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بطور وزیر قانون آپ حکومت کی بہترین نمائندگی کر رہے ہیں۔

    اس سے قبل بھی وزیر اعظم نے مفاد عامہ میں قانون سازی کے ضمن میں فروغ نسیم کی کاوشوں کو سراہا تھا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ عوام کو آسان اور سستے انصاف تک رسائی کو یقینی بنانا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، فوری اور آسان انصاف عوام کی زندگیوں میں واضح تبدیلی کا ضامن ہے۔

  • پاکستان، جاپان سے تعلقات میں مزید وسعت کا خواہاں ہے: وزیر اعظم

    پاکستان، جاپان سے تعلقات میں مزید وسعت کا خواہاں ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے جاپان انٹرنیشنل کو آپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان جاپان سے تعلقات میں مزید وسعت کا خواہاں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے جاپان انٹرنیشنل کو آپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر شنیچی کیتاؤکا کی ملاقات ہوئی۔ جائیکا کے صدر پاکستان کے 4 روزہ دورے پر آئے ہیں۔

    ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان کو جائیکا کے تعاون سے پاکستان میں جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے پاکستان اور جاپان کی مضبوط پارٹنر شپ اور تعمیر و ترقی میں تعاون کو سراہا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان جاپان سے تعلقات میں مزید وسعت کا خواہاں ہے۔

    اس سے قبل وزیر اعظم سے جنرل مینیجر کوکا کولا آئیسک پاکستان احمد کرساد نے بھی ملاقات کی تھی۔ انہوں نے وزیر اعظم کو بتایا تھا کہ سی سی آئی کے پاکستان میں 6 پلانٹس اور 3 ہزار سے زیادہ ملازمین ہیں جبکہ کمپنی پاکستان میں 20 کروڑ 80 لاکھ صارفین کو خدمات فراہم کر رہی ہے۔

    احمد کرساد نے موجودہ سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث متعدد ترک کمپنیاں پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں۔

  • وزیر اعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال زیر غور آئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی شریک تھے۔

    ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال زیر غور آئی۔

    خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور وزیر اعظم عمران خان نے افغان مہاجرین کی میزبانی کے 40 سال مکمل ہونے پر خصوصی کانفرنس میں شرکت کی تھی۔

    کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امیر ممالک مہاجرین کے مسئلے کو تقسیم کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد ہمیں اسلامو فوبیا کا سامنا کرنا پڑا، اسلام اور دہشت گردی کو ایک نظر سے دیکھا گیا اور مسلمان مہاجرین کو دیگر کی نسبت زیادہ تکالیف کا سامنا رہا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یقین ہے افغان مہاجرین نے دنیا میں سب سے زیادہ تکالیف اٹھائیں، ہماری حکومت نے شروع سے ہی افغان امن کی کامیابی کے لیے بھرپور کوشش کی، پاکستان میں 14 لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجرین موجود ہیں اور یہ دنیا میں افغان مہاجرین کو پناہ دینے والا دوسرا بڑا میزبان ہے۔

  • اقوام متحدہ کے  سیکریٹری جنرل آج  وزیراعظم اور  آرمی چیف  سے ملاقات کریں گے

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل آج وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقات کریں گے

    اسلام آباد : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس آج وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کریں گے اور یواین مشنز کیلئے پاکستانی دستوں کی خدمات کی تصویری نمائش کا افتتاح کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس کی آج مصروفیات کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے ، انتونیوگوتریس آج وزیر اعظم عمران خان سمیت اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سےملاقاتیں کریں گے۔

    سیکریٹری جنرل آج عالمی افغان مہاجرین کانفرنس سے خطاب کریں گے ، جس میں افغانستان، ایران سمیت 20 سےزائدممالک کے وفودشریک ہوں گے، کانفرنس میں یو این ایچ سی آر کےسربراہ فلپوگرانڈی بھی شرکت کریں گے ، کانفرنس کا مقصد پاکستان کی 40 سالہ میزبانی اور کاوشوں کو اجاگر کرنا ہے۔

    مرکز برائے بین الاقوامی امن واستحکام میں تصویری نمائش آج ہوگی، جس کاافتتاح اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کریں گے اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبندکریں گے، جبکہ امن مشنز میں خدمات انجام دینے والے پیس کیپرز سے ملیں گے۔

    منعقد کردہ تصویری نمائش پاکستان کی اقوام متحدہ کیساتھ چھ دہائیوں پرمحیط سفرکی کہانی بیان کرتی ہے اور اس میں پاکستانی دستوں کی امن مشنز میں خدمات کی عکاسی کی گئی ہے، پاکستان کے پہلےامن دستےکی کانگومیں1960میں تعیناتی نمائش کاحصہ ہے جبکہ تصاویرمیں پاک فوج کی28 ملکوں میں 46 امن مشنزمیں خدمات کااحاطہ کیاگیاہے۔

    نمائش کے شروع میں قائداعظم محمدعلی جناح کی امن سوچ کی عکاسی کی گئی ہے اور یواین سیکرٹری جنرل،60 سال کی شبیہہ،اقوام متحدہ کی فاختہ دکھائی گئی ہے۔

    نمائش یواین امن مشنزمیں 157پاکستانی اہلکاروں کی قربانی کاادراک ہے جبکہ انتونیو گوتریس کا امن کیلئے ایکشن پروگرام بھی نمائش کا حصہ ہے اور امن کیلئے ایکشن کے نکات امن، کارکردگی، عوام، اشتراک اور سیاست واضح ہیں۔

    نمائش میں امن مشنز میں78پاکستانی خواتین کی خدمات کودکھایاگیاہے اور پاکستان خواتین دستے تعینات کرنے والا پہلاملک اور یہ امر نمائش کاحصہ ہے جبکہ پاکستانی امن فوج کیلئےعالمی رہنماؤں کےخیالات بھی نمائش کا حصہ ہیں۔

    نمائش میں یواین میں اعلیٰ عہدوں پرفائزرہےپاکستانی نمائندگان تصویروں میں نمایاں ہیں اور ہرخطےمیں امن مشنزکی ترتیب خوبصورت وتاریخی تصاویرسےواضح کی گئی ہے۔

  • افغان پناہ گزینوں کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ: سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

    افغان پناہ گزینوں کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ: سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے مہاجرین سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کر رہا ہے، افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے اسلام آباد میں مہاجرین سے ملاقات کی جن میں افغانستان، یمن اور تاجکستان کے مہاجرین شامل تھے۔

    اس موقع پر مہاجرین نے پاکستان میں تعلیم، کاروبار اور ہنر سے متعلق اپنے تجربات کا اظہار کیا۔

    ملاقات کے دوران سیکریٹر جنرل انتونیو گتریس کا کہنا تھا کہ پاکستان مہمان نواز ملک ہے، پاکستان نے خصوصی طور پر افغان پناہ گزینوں کی مہمان نوازی کی۔ افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کر رہا ہے۔ یہاں آنے کا مقصد پاکستان کی دریا دلی کو سراہنا ہے۔

    ملاقات میں مہاجرین کے نمائندوں نے پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا، مہاجرین کے وفد کا کہنا تھا کہ عظیم قوم نے ہماری دیکھ بھال کی، ہم میں سے کچھ یہیں پیدا ہوئے۔

    وفد نے کہا کہ پاکستانی قوم کی جانب سے ہمارا خیال رکھا گیا ہے، پاکستان نے سر چھپانے کی جگہ اور کاروبار و تعلیم کے مواقع فراہم کیے۔

    خیال رہے کہ پاکستان ترکی کے بعد مہاجرین کی میزبانی کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ مہاجرین میں زیادہ تر افغانی ہیں جو 45 لاکھ کی تعداد میں افغانستان کی جنگ کے دوران پاکستان آئے۔

    پاکستانی قوم مہاجرین کی بھرپور لگن و جذبے سے میزبانی کر رہی ہے، اس وقت بھی 27 لاکھ افغان مہاجرین پاکستان میں قیام پذیر ہیں۔

  • وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر علی زیدی کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر علی زیدی کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں اہم امور زیر غور آئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر علی زیدی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں عذیر بلوچ، نثار مورائی اور سانحہ بلدیہ کی رپورٹس جاری کرنے کے عدالتی حکم کے بارے میں گفتگو ہوئی۔

    علی زیدی نے چیف سیکریٹری سندھ کو لکھے گئے خط کے بارے میں وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ علی زیدی کا کہنا تھا کہ چیف سیکریٹری سے عدالتی حکم کے مطابق کاپی فراہم کرنے کی درخواست کی۔ درخواست پر عمل نہ ہوا تو توہین عدالت کی کارروائی شروع کریں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے جے آئی ٹی رپورٹس منظر عام پر لانے کے عدالتی فیصلے کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عدالتی فیصلے پر فوری عمل درآمد کرے، حقائق کا عوام کے سامنے آنا ضروری ہے۔

    خیال رہے کہ کچھ دیر قبل وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ مجھے ان مشکلات کا ادراک ہے جن کا تنخواہ دار طبقے سمیت مجموعی طور پر عوام کو سامنا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ کچھ بھی ہوجائے، میری حکومت منگل کو کابینہ کے اجلاس میں عوام کے لیے بنیادی غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی کی خاطر مختلف اقدامات کا اعلان کرے گی۔

  • وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سی پیک کی ملاقات

    وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سی پیک کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ نے اہم ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ نے ملاقات کی۔ چیئرمین سی پیک نے سی پیک منصوبے میں پیشرفت پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان کا اجلاس کے دوران کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے، مستقبل کے منصوبوں سے متعلق مشاورتی عمل کو تیز کریں۔

    سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے،وزیراعظم

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین نے مشکل حالات میں پاکستان کی مدد کی ہے، سی پیک منصوبہ پاک چین مضبوط تعلقات کا مظہر ہے، منصوبے سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

    انہوں نے سی پیک اتھارٹی کو دوسرے مرحلے کے منصوبوں پرعمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ سماجی ومعاشی ترقی کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پرحتمی شکل دیں، منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیا جائے۔

  • وزیراعظم عمران خان سے جہانگیر ترین کی ملاقات

    وزیراعظم عمران خان سے جہانگیر ترین کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے جہانگیر ترین نے ملاقات کی جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورت حال اور پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے جہانگیر ترین کی ملاقات ہوئی جس میں گندم بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا، گندم کی دوسرے صوبے نقل وحمل کے نظام میں خامیوں پر بھی گفتگو کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق گندم کی نقل وحمل کے نظام میں خامیاں گندم بحران کا سبب بنیں، جہانگیرترین نے گندم بحران کو حل کرنے سے متعلق کی جانے والی کوششوں سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے پاسکو سے گندم کا اسٹاک اٹھانے میں تاخیر بحران کی وجہ بنی، پنجاب نے گندم اسٹاک کو صوبے سے باہر لے جانے پر پابندی لگائی، بحران پیدا ہونے پر پنجاب کو گندم کی نقل وحمل پر پابندی اٹھانا پڑی۔

    ذرائع کے مطابق پنجاب کے فیصلے کے بعد سندھ حکومت نے گندم کا اسٹاک اٹھا لیا، پنجاب کی جانب سے گندم کی سپلائی کھلنے تک بحران ختم ہوچکا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں آئندہ گندم بحران جیسے مسائل سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات پر بھی مشاورت کی گئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان کو آٹا بحران سے متعلق رپورٹ بھجوا ئی گئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ آٹا بحران باقاعدہ ایک منصوبہ بندی کے تحت پیدا کیا گیا۔