Tag: ملاقات

  • بے سہارا، غریب اور نادار لوگ ریاست کی ذمہ داری ہیں،وزیراعظم

    بے سہارا، غریب اور نادار لوگ ریاست کی ذمہ داری ہیں،وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بے سہارا، غریب اور نادار لوگ ریاست کی ذمہ داری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے فوکل پرسن برائے پناہ گاہ نسیم الرحمان نے ملاقات کی جس میں ملک بھر میں پناہ گاہوں کی مزید بہتری ، دائرہ کار توسیع کرنے کے اقدامات پر گفتگو کی گئی۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بے سہارا، غریب اور نادار لوگ ریاست کی ذمہ داری ہیں، نجی شعبے پناہ گاہوں کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں۔

    وزیراعظم پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ نجی شعبے کا تعاون معاشرے کی مثبت اقدار کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے پناہ گاہوں کے منصوبے کو موثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے نسیم الرحمان کو فوکل پرسن تعینات کیا ہے۔

    ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ یہ تعیناتی وزیراعظم کے غریبوں، مسافروں اور بے گھر افراد کے لیے چھت کی سہولت فراہم کرنے کے وژن اور جذبہ خدمت خلق کو تقویت دے گی۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت آئندہ 12 ماہ میں تقریباََ ایک ہزار پناہ گاہیں تعمیر کی جائیں گی۔

  • وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پرملائیشیا پہنچ گئے

    وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پرملائیشیا پہنچ گئے

    کوالالمپور : وزیراعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر ملائیشیا پہنچ گئے، دورے کے دوران وزیراعظم اور ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر ملائیشیا پہنچے، کوالالمپور ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد صابو نے کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، مشیرتجارت اور سیکرٹری خارجہ بھی ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان اور ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد صابو کے درمیان ملاقات میں دفاعی تعاون بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان اور ملائیشیا کے وفود بھی ملاقات میں موجود تھے۔

    وزیراعظم عمران خان ملائیشن ہم منصب مہاتیر محمد کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، دورے میں خطے کی صورت حال، تجارتی معاملات اور پاک ملائیشیا تعلقات میں بہتری کے حوالے سے گفتگو کی جائے گی۔

    ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور مہاتیر محمد میں ون آن ون ملاقات ہوگی، دورے کے دوران مختلف معاہدوں اور یاداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے، وزیراعظم تھنک ٹینک سے بھی خطاب کریں گے۔

    یاد رہے کہ مارچ 2019 میں ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے ، جہاں اُن کا نور خان ایئربیس پر وزیراعظم عمران خان نے شانداراستقبال کیا اور مہمان کے اعزاز میں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی تھی۔

  • آرمی چیف سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی ملاقات

    آرمی چیف سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی ملاقات

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،علاقائی سیکورٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال
    کیا گیا۔ ملاقات میں افغانستان میں مفاہمتی عمل پر بھی بات چیت ہوئی۔

    زلمے خلیل زاد کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات

    اس سے قبل امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی سے ملاقات میں طالبان سے مذاکرات کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی تھی۔

    اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکہ اور طالبان کے مابین امن معاہدہ طے پانے سے “انٹرا افغان مذاکرات” کی راہ ہموار ہوگی جو نہ صرف افغانستان کے لیے بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خوش آئند ثابت ہوگا۔

  • وزیراعظم سےعاطف خان اور شہرام ترکئی کی ملاقات

    وزیراعظم سےعاطف خان اور شہرام ترکئی کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے سابق صوبائی وزار عاطف خان اور شہرام ترکئی نے ملاقات میں صوبے کے سیاسی اختلافات پر بات چیت کی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کابینہ سے برطرفی کے بعد وزیراعظم عمران خان سے آج عاطف خان اور شہرام ترکئی نے ملاقات کی جس میں خیبرپختونخواہ کے سیاسی امور پر گفتگو کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اندرونی معاملات کی تشہیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈسپلن پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، وزراتوں سے ہٹانے کا فیصلہ آسان نہیں تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عاطف خان اور شہرام ترکئی نے وزیراعظم سے کہا کہ آپ کے فیصلے پرکوئی اعتراض یا شکوہ نہیں ہے، دونوں نے وزیراعلیٰ کے خلاف تحفظات سے آگاہ کیا۔

    ذرائع کے مطابق برطرف وزار کا کہنا تھا کہ ہماری کارکردگی نے پارٹی کو صوبے میں دو تہائی اکثریت دلوائی، صوبے میں گورننس کی صورتحال پر تشویش تھی۔

    عاطف خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ بننے کی خواہش نہیں، اصل مقصد بہترماحول میں کام کرنا ہے، عرصےسے پی ٹی آئی کا کارکن ہوں،اب بھی کام جاری رکھوں گا۔ برطرف وزرا نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی کارکردگی پر اسمبلی ارکان نے ہم سے رابطے کیے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ آپ دونوں خیبرپختونخوا میں میرے قابل اعتماد ساتھی تھے، میں نے کبھی شخصیات کو اہمیت نہیں دی، ہمیشہ مشکل فیصلے کیے، امیدہےمستقبل میں آپ لوگ مزید محنت کریں گے۔

    خیبر پختونخواہ کے 3 وزرا کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا

    یاد رہے کہ 26 جنوری کو صوبہ خیبر پختونخوا کے 3 وزرا کو عہدوں سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا ، ہٹائے جانے والے وزرا میں عاطف خان، شہرام خان ترکئی اور شکیل احمد شامل تھے۔

  • وزیر اعظم عمران خان سے آئی جی سندھ کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے آئی جی سندھ کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ ڈاکٹر کلیم امام کی ملاقات ہوئی، آئی جی سندھ کو کل وزیر اعظم نے طلب کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ ڈاکٹر کلیم امام کی ملاقات ہوئی، آئی جی سندھ نے وزیر اعظم کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے آئی جی کی ممکنہ تبدیلی کی وجوہات پر بھی بات چیت کی۔

    خیال رہے کہ آئی جی سندھ وزیر اعظم عمران خان کی طلبی پر اسلام آباد پہنچے تھے۔ گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے اپنے تبادلے کی خبر کی تردید کردی تھی۔

    آئی جی کا کہنا تھا کہ ہم تمام پولیس افسران قانون کے تحت کام کرتے ہیں، قانون نافذ کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو راہ میں رکاوٹیں بھی پیش آتی ہیں۔

    کلیم امام نے کہا تھا کہ میرا تبادلہ اتنی آسانی سے ہونے والا نہیں ہے، جاؤں گا تو اپنے مقدر سے جاؤں گا اور کسی بڑی جگہ یا نئے مراحل پر جاؤں گا۔ میرے خلاف شدید قسم کی سازش ہوئی ہے۔

    اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نئے آئی جی سندھ کا معاملہ بھی زیر غور آیا تھا۔ سندھ حکومت کی جانب سے آئی جی سندھ کے لیے دیے گئے ناموں پر اعتراض کیا گیا تھا۔

  • امریکی صدر نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کر دی

    امریکی صدر نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کر دی

    ڈیووس: وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ڈیووس میں ملاقات ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر سائد لائن میں وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں ملکوں کے وفود بھی شامل تھے۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ سے دوبارہ مل کر خوشی ہوئی، امریکی صدر سے افغانستان کی صورت حال پر بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، پاکستان خطے میں امن واستحکام کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ عمران خان میرے دوست ہیں، ان سے دوبارہ ملاقات پر خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر پر ایک بار پھر ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کے لیے کردار ادا کر سکتا ہوں۔

    یاد رہے گزشتہ سال نومبر میں وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا ، جس میں ٹرمپ نے افغانستان میں مغویوں کی رہائی کے سلسلے میں سہولت فراہم کرنے پر پاکستان کے شکر ادا کیا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر سے افغانستان سے مغویوں کی رہائی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مغویوں کی رہائی پر خوشی ہے، یہ مثبت پیشرفت ہے۔

  • وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی قطری ہم منصب سے ملاقات

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی قطری ہم منصب سے ملاقات

    دوحا: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے قطر کے ڈپٹی وزیراعظم اور ہم منصب عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے دوحا میں قطر کے ڈپٹی وزیراعظم عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات، افغان امن عمل، خطے میں امن وامان کی صورت حال پر بات چیت کی۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قطر کے ساتھ پاکستان کے تاریخی، برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان، قطر کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان دونوں ممالک میں کثیرالجہتی تعاون کو بڑھانے کا متمنی ہے۔

    وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا، مقبوضہ وادی میں نہتے 80 لاکھ کشمیری 5ماہ سے بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے قطری ہم منصب کو امن کے لیے پاکستان کی جاری کاوشوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کی پاکستانی کوششوں کوعالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔

    قطری ڈپٹی وزیراعظم عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی اور وزیرخارجہ نے شاہ محمود قریشی کے دورہ قطر کو سراہا اور افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں کی تعریف کی۔

  • عوام کی خدمت کے سفر میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا،عثمان بزدار

    عوام کی خدمت کے سفر میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا،عثمان بزدار

    اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب میں اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، عوام کی خدمت کے سفر میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تنقید برائے تنقید کرنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں، ایسےعناصر محض ذاتی مفادات کے ایجنڈے کو لے کر چل رہے ہیں، ہمارا مقصد عوام کو ریلیف دینا اور ان کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھایا ہے، آٹے کی قیمت میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف قانون اپنا راستہ خود لے رہا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں اضافہ کسی صورت قابل قبو ل نہیں، چکی مالکان کو بھی آٹے کی قیمت میں اضافے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، عوام کی خدمت کے سفر میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ پنجاب حکومت نے آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے، وزیراعلیٰ پنجاب صوبے کو بہترین انداز سے چلا رہے ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ٹی آئی وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے، اپوزیشن کا بیانیہ بری طرح بے نقاب ہوچکا ہے، سیاسی یتیم پاکستان کی سیاست سے آؤٹ ہوچکے ہیں۔

  • نوازشریف سے سابق افغان صدر حامد کرزئی کی ملاقات

    نوازشریف سے سابق افغان صدر حامد کرزئی کی ملاقات

    لندن: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف سے سابق افغان صدر حامد کرزئی نے لندن میں ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق افغان صدر حامد کرزئی لندن میں نواز شریف کی عیادت کے لیے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس پہنچے جہاں انہوں نے مسلم لیگ ن کے قائد سے ملاقات کی۔

    نوازشریف کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق افغان صدر حامد کرزئی کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی عیادت کے لیے آیا تھا، طبیعت اچھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے گہرےدوست سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔

    اس موقع پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق افغان صدر حامد کرزئی نوازشریف کی خیریت پوچھنے آئے تھے اور انہوں نے پاکستان کے عوام کے لیے خیرسگالی کا پیغام دیا۔

    نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ ان کے کنسلٹنٹ ڈیود لارنس نے تیار کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پلیٹلیٹس غیرمستحکم، شریانیں جزوی بند اور فالج کا خطرہ ہے۔

    واضح رہے کہ لندن میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے علاج معالجے کا سلسلہ جاری ہے جہاں وہ 20 نومبر سے موجود ہیں۔

  • وزیر خارجہ قریشی سے نئے ایرانی سفیر کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر غور

    وزیر خارجہ قریشی سے نئے ایرانی سفیر کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر غور

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے نئے ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی کی ملاقات ہوئی، وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے نئے ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات وزیر خارجہ کے چیمبر، پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوئی۔

    ملاقات میں ایران امریکا کشیدگی اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بطور سفیر تعیناتی پر سید محمد علی حسینی کو مبارک باد دی۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے تاریخی، مذہبی و کثیر الجہتی برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے ایرانی سفیر سے کہا کہ توقع ہے آپ جیسے منجھے ہوئے سفارتکار کی تعیناتی سے تعلقات مستحکم ہوں گے۔

    وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، پاکستان کشیدگی کم کروانے کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ خطے کے مختلف وزرائے خارجہ سے رابطے میں ہوں، وزیر اعظم کی ہدایت پر جلد ایران سمیت اہم ممالک روانہ ہو رہا ہوں۔

    ملاقات میں ایرانی سفیر نے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے بہترین کاوشیں بروئے کار لانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے چند روز قبل، ایران امریکا کشیدگی کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ایران، امریکہ اور سعودی عرب کے دورے کی ہدایت کی تھی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی متعلقہ ممالک کے فوجی سربراہان سے رابطوں کی ہدایت کی تھی۔

    وزیر اعظم نے کہا تھا کہ وزیر خارجہ اور آرمی چیف واضح پیغام دیں کہ پاکستان اب کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، پاکستان امن کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔