Tag: ملالہ یوسفزئی

  • افغانستان میں لڑکی ہونا ہی غیرقانونی بنا دیا گیا ہے، ملالہ یوسفزئی

    افغانستان میں لڑکی ہونا ہی غیرقانونی بنا دیا گیا ہے، ملالہ یوسفزئی

    نوبیل امن انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی افغانستان میں خواتین کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کے خلاف ایک بار پھر آواز بلند کرتے ہوئے نظر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نسلی عصبیت کو انسانیت کیخلاف جرم قرار دے، طالبان نے افغانستان میں لڑکی ہونا ہی غیرقانونی بنادیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیلسن منڈیلا کی دسویں برسی کے موقع پر جوہانسبرگ میں خطاب کرتے ہوئے ملالہ کا کہنا تھا کہ دو سال پہلے تک افغانستان میں عورتیں کام کرتی تھیں، وزارتوں پر بھی فائز تھیں، مگر اب سب بدل گیا ہے۔

    ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ افغانستان میں سب کچھ بہترین نہ ہونے کے باوجود پیشرفت ہورہی تھی، لڑکیاں کرکٹ اور فٹبال کھیلتی تھیں، بچیاں اسکول جاتی تھیں، تاہم طالبان نے قبضہ کرتے ہی خواتین سے ان کے حقوق چھین لئے۔

    انہوں نے کہا کہ غلط تصورات کی بنیادپر لڑکیوں کو اعلیٰ تعلیم تک سے روک دیا ہے، عالمی برادری طالبان حکومت کو نسلی عصبیت کی مرتکب قرار دے۔

    اس سے قبل ملالہ یوسفزئی کا حماس اور اسرائیل کے درمیان فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا اجتماعی سزا مسئلے کا حل نہیں، غزہ کو ساری زندگی بموں کا سامنا کرنے پر مجبور نہیں رہنا چاہیے۔

    ملالہ یوسفزئی نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر کیے جانے والے مظالم پر کہا کہ اجتماعی سزا مسئلے کا حل نہیں۔

    غزہ میں مظالم پر خاموشی، اُشنا شاہ ملالہ پر پھٹ پڑیں

    ملالہ یوسفزئی کا کہنا تھا کہ غزہ کی نصف آبادی کی عمر 18 برس سے کم ہے اور انہیں ساری زندگی بموں کا سامنا کرنے پر مجبور نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے فلسطینیوں کے لیے امدادا کا بھی اعلان کیا تھا۔

  • ملالہ یوسفزئی کی قومی ویمن کرکٹرز سے ملاقات

    ملالہ یوسفزئی کی قومی ویمن کرکٹرز سے ملاقات

    لاہور : نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی  نے قومی ویمن کرکٹر سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں انہوں نے  ویمنز ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    انگلینڈ روانگی سے قبل ملالہ یوسفزئی نے اپنے شوہر کے ہمراہ  قومی ویمنز کرکٹرز  سے ملاقات کی جس دوران  کرکٹر سدرا امین ، ڈیانا بیگ اور طوبیٰ حسن موجود  تھیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم نے ملالہ یوسفزئی کو دستخط شدہ شرٹ اور جیکٹ پیش کی، جبکہ ملالہ نے قومی کرکٹر کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    اس موقعے پر ملالہ کا کہنا تھا کہ پریکٹس جاری رکھیں اور اپنی صلاحیتوں پر اعتماد رکھیں، اس بات پر یقین رکھیں کہ اگر آپ نے ماضی میں کیا ہے تو آپ اب  بھی کر سکتی ہیں۔

    ملالہ کاکہنا تھا کہ بچیاں ویمنزکرکٹرز کوٹی وی پر دیکھتی ہیں تو ان میں شوق بڑھتا ہے، اپنے کھیل سے جتنا ہو سکتا ہے انجوائے کریں، چیلنج کو قبول کرنا سیکھیں، کامیابی ملے گی۔

  • ملالہ یوسفزئی آج وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی سے ملاقات کریں گی

    ملالہ یوسفزئی آج وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی سے ملاقات کریں گی

    لاہور: نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی آج وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی سے ملاقات کریں گی، ملاقات میں ملالہ یوسفزئی کے والد  ، شوہر عصرملک ودیگر بھی موجود ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہیٰ سے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی ملاقات کریں گی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،تعلیم کےفروغ کے اقدامات پربات چیت ہوگی۔

    ملاقات میں ملالہ یوسفزئی کے والد ضیاء الدین یوسف زئی، شوہر عصر ملک، ملالہ فنڈ کے کنٹری ہیڈ جاوید احمد، ماریہ قنطینہ اور آپریشن لیڈ ندا سلطان بھی موجود ہوں گے۔

    اس کے علاوہ چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل، سیکرٹری سکول ایجوکیشن اور متعلقہ حکام بھی شریک ہوں گے۔

    یاد رہے گذشتہ روز نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی چار روزہ دورہ پر لاہور پہنچیں تھیں ، دورے کے دوران ملالہ یوسف زئی پاکستان میں مختلف سیمینارز میں شرکت کریں گی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ملالہ یوسف زئی 16 دسمبر کو واپس جائیں گی۔

  • بختاور کے بیٹے کے لیے تحفہ، ملالہ نے آٹوگراف میں کیا لکھا؟

    بختاور کے بیٹے کے لیے تحفہ، ملالہ نے آٹوگراف میں کیا لکھا؟

    نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے بختاور کے بیٹے میر حاکم کے لیے ایک نہایت خوب صورت تحفہ بھیجا ہے، جس سے وہ تبھی مستفید ہو سکے گا جب وہ پڑھنے کے قابل ہوگا۔

    انسٹاگرام پر ابھی سے آصف علی زرداری کے نواسے، اور بلاول کے بھانجے ننھے میر حاکم کے نام سے اکاؤنٹ بنا لیا گیا ہے، جب کہ ان کی عمر ایک سال بھی نہیں ہوئی ہے۔

    اس اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں ملالہ یوسف زئی کی جانب سے میر حاکم کے لیے تحفتاً بھیجی گئی کتاب کا عکس دکھایا گیا ہے، یہ کتاب ملالہ نے خود لکھی ہے، اور کتاب پر ملالہ کا آٹوگراف بھی دکھائی دے رہا ہے۔

    گزشتہ روز شیئر کی جانے والی ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا گیا ہے: میری لائبریری میں تازہ ترین اضافہ! شکریہ ملالہ – میں ممی کے ساتھ اسے پڑھنے کے لیے بے تاب ہوں۔

    یہ کتاب انگریزی میں ہے، اور خود ملالہ ہی کی لکھی ہوئی ہے، جس کا عنوان ہے ملالاز میجک پینسل، یعنی ملالہ کا جادوئی پینسل۔ ملالہ نے آٹوگراف میں لکھا کہ جب آپ چند سال بعد پڑھنا شروع کریں گے تو امید ہے کہ میری کتاب پڑھنے کا لطف اٹھائیں گے۔

    ملالہ نے مزید لکھا: بہت ساری کتابیں پڑھو، بہت سی چیزیں سیکھو، اور دنیا کو بدلنے میں مدد کرو۔ بہت سارا پیار، ملالہ، یکم فروری 2022۔یاد رہے کہ میر حاکم کی پیدائش 10 اکتوبر 2021 کو ہوئی تھی۔

  • فرینڈز ری یونین: ملالہ یوسفزئی بھی شریک

    فرینڈز ری یونین: ملالہ یوسفزئی بھی شریک

    دنیا بھر میں شائقین کا طویل انتظار آخر کار ختم ہوا اور معروف امریکی سٹ کوم سیریز فرینڈز کی خصوصی طور پر تیار کی گئی قسط فرینڈز: ری یونین ریلیز کردی گئی جس میں نوبیل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسفزئی نے بھی شرکت کی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق معروف امریکی سٹ کوم سیریز فرینڈز کی خصوصی طور پر تیار کی گئی قسط فرینڈز: ری یونین کو طویل انتظار کے بعد بالآخر 27 مئی کو اسٹریمنگ ویب سائٹ ایچ بی او میکس پر ریلیز کردیا گیا۔

    فرینڈز: ری یونین 1994 سے 2004 تک امریکی ٹی وی پر نشر ہونے والی سٹ کوم کامیڈی سیریز فرینڈز کی خصوصی قسط تھی۔ فرینڈز نے مزاح کے حوالے سے دنیا بھر میں خصوصی شہرت حاصل کی تھی، مذکورہ سیریز میں کرداروں کو مخصوص جگہوں پر دکھایا جاتا تھا۔

    فرینڈز سیریز میں جینیفر اینسٹن، کورٹنی کوکس، لیزا کوڈرو، ڈیوڈ شیویمر، میٹ لیبلانک اور میتھیو پیری مرکزی اداکار تھے، تاہم ان کے ساتھ بعض مرتبہ مہمان اداکار بھی دکھائی دیتے تھے۔

    کامیاب سیریز کو ختم ہوئے ڈیڑھ دہائی گزرنے کے بعد پرانی سیریز کے پروڈیوسرز نے اس کی خصوصی قسط بنائی، جس میں تمام پرانے مرکزی اداکاروں کو واپس پرانی جگہ گھومتے ہوئے دکھایا گیا۔

    فرینڈز: ری یونین میں پرانی سیریز کے تمام مرکزی اداکاروں کو پرانے ڈراموں کے ان تمام سیٹس اور جگہوں پر جاکر ملتے اور جذباتی ہوتے ہوئے دکھایا گیا، جہاں وہ جوانی میں ڈرامے کے کردار ادا کیا کرتے تھے۔

    اسی طرح فرینڈز: ری یونین کی خصوصی سیریز میں کم از کم 15 عالمی اور معروف شخصیات کو اپنے اپنے دوستوں کے ساتھ خصوصی طور پر دکھایا گیا۔

    سیریز میں دکھائی گئی معروف شخصیات میں برطانوی کھلاڑی ڈیوڈ بیکھم، گیم آف تھرونز کے اداکار کٹ ہیرنگٹن اور پاکستان کی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی، لیڈی گاگا، جسٹن بیبر اور دیگر شخصیات کو دکھایا گیا۔

    مذکورہ معروف شخصیات اپنے اپنے دوستوں کے ساتھ شریک ہوئیں اور وہ فرینڈز یعنی پرانی سیریز کی اپنی پسندیدہ قسطوں یا مناظر پر بات کرتے دکھائی دیے۔

    ملالہ یوسف زئی اپنی دوست ووی کے ساتھ فرینڈز: ری یونین میں دکھائی دیں اور دونوں پرانی سیریز کے اپنے پسندیدہ مناظر پر بات کرتے دکھائی دیں۔ ملالہ یوسف زئی نے بتایا کہ انہیں فرینڈز کے چھٹے سیزن کی 10 ویں قسط کا ایک ڈانس کا مںظر بہت پسند آیا۔

  • ملالہ یوسفزئی مشہور امریکی ڈراما سیریز میں جلوہ گر ہوں گی

    ملالہ یوسفزئی مشہور امریکی ڈراما سیریز میں جلوہ گر ہوں گی

    نوبیل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی مشہور امریکی ڈراما سیریز فرینڈز میں جلوہ گر ہوں گی، فرینڈز کی کاسٹ ری یونین 27 مئی کو نشر کی جارہی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق مشہور امریکی ڈراما سیریز فرینڈز کی کاسٹ ری یونین کا انتظار مداحوں کو طویل عرصے سے تھا جو اب 27 مئی کو نشر ہوگی۔

    اسٹریمنگ سروس ایچ بی او میکس کے مطابق فرینڈز ری یونین میں گلوکار جسٹن بیبر، لیڈی گاگا اور کے پاپ بی ٹی ایس بینڈ بھی شریک ہوں گے۔

    ایچ بی او میکس کے مطابق فرینڈز کی پرانی کاسٹ کے اراکین ٹام سیلیک (رچرڈ) اور میگی ویلر (جینیس) کے ساتھ ساتھ ری یونین میں برطانوی کھلاڑی ڈیوڈ بیکھم، گیم آف تھرونز کے اداکار کٹ ہیرنگٹن اور پاکستان کی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی سمیت 15 معروف شخصیات بطور مہمان شریک ہوں گی۔

    فرینڈز دی ری یونین کی فلمبندی ایک برس قبل مکمل ہوجانی تھی لیکن عالمی وبا کرونا وائرس کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوگئی۔

    کسی اسکرپٹ کے بغیر فرینڈز دی ری یونین کے ون آف اسپیشل کی فلم بندی رواں برس کے اوائل میں لاس اینجلس میں اسی انداز میں کی گئی جیسا کہ فرینڈز کی اوریجنل کامیڈی تھی۔

    سیریز میں شامل جینیفر اینسٹن، کورٹنی کوکس، لیزا کوڈرو، ڈیوڈ شیویمر، میٹ لیبلانک اور میتھیو پیری اس ری یونین کا حصہ ہوں گے۔

    سنہ 1990 کی دہائی کے مقبول ترین ٹی وی شوز میں سے ایک قرار دیے جانے والے فرینڈز کی 10 سالہ نشریات 2004 میں این بی سی ٹی وی پر اختتام پذیر ہوئی تھی۔ تاہم اسٹریمنگ پلیٹ فارمز نے اس مقبول ڈراما سیریز کو ایک نئی زندگی بخشی جہاں اس نے دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے شو کا اعزاز پایا۔

    گزشتہ روز ایچ بی او میکس کی جانب سے فرینڈز دی ری یونین کا آفیشل ٹیزر بھی ریلیز کیا گیا ہے۔

  • ملالہ کی سالگرہ، دنیا ملالہ کا دن منا رہی ہے

    ملالہ کی سالگرہ، دنیا ملالہ کا دن منا رہی ہے

    قوم کی بیٹی، پاکستان کی پہچان اور دنیا کی سب سے کمسن نوبل انعام یافتہ شخصیت ملالہ یوسفزئی آج اپنی 23 ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ آج کے دن ملالہ نے اقوام متحدہ میں صنفی تفریق کے خلاف اثر انگیز تقریر کی تھی جس کے بعد اقوام متحدہ نے اس دن کو ملالہ ڈے قرار دے دیا۔

    گل مکئی کے نام سے ڈائری لکھ کر شہرت پانے والی ملالہ 12 جولائی 1997 کو پاکستان کے شمال مغربی صوبے خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات کے علاقے مینگورہ میں پیدا ہوئیں جہاں انہوں نے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔

    ملالہ کا نام ملال سے نکلا ہے، اور وجہ تسمیہ میوند کی ملالہ تھی جو جنوبی افغانستان کی ایک مشہور پشتون شاعرہ اور جنگجو خاتون تھی۔

    سنہ 2010 میں 9 اکتوبر کو جب ملالہ گھر سے اسکول امتحان کو جانے کے لیے بس میں سوار ہوئی تو مسلح طالبان نے اس پر حملہ کر دیا۔ نقاب پوش حملہ آور نے پہلے پوچھا کہ تم میں سے ملالہ کون ہے؟ جلدی بتاؤ ورنہ میں تم سب کو گولی مار دوں گا۔ جب ملالہ نے اپنا تعارف کروایا تو اس شخص نے گولی چلا دی۔ ملالہ کو لگنے والی گولی کھوپڑی کی ہڈی سے ٹکرا کر گردن سے ہوتی ہوئی کندھے میں جا گھسی۔

    دیگر دو لڑکیاں بھی اس حملے میں زخمی ہوئیں جن کے نام کائنات ریاض اور شازیہ رمضان ہیں، تاہم دونوں کی حالت خطرے سے باہر تھی اور انہوں نے بعد ازاں حملے کے بارے میں تفصیلات دیں۔

    ملالہ پر قاتلانہ حملے سے متعلق تفصیلات دنیا بھر کے اخبارات اور میڈیا پر ظاہر ہوئیں اور ساری دنیا کی ہمدردیاں ملالہ کے ساتھ ہو گئیں۔ پاکستان بھر میں ملالہ پر حملے کی مذمت میں مظاہرے ہوئے۔ تعلیم کے حق کی قرارداد پر 20 لاکھ افراد نے دستخط کیے جس کے بعد پاکستان میں تعلیم کے حق کا پہلا بل منظور ہوا۔

    ملالہ کے والد نے بیان دیا، چاہے ملالہ بچے یا نہ، ہم اپنا ملک نہیں چھوڑیں گے۔ ہمارا نظریہ امن کا ہے۔ طالبان ہر آواز کو گولی سے نہیں دبا سکتے۔

    چھ روز بعد 15 اکتوبر کو اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے عالمی خواندگی اور سابقہ برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن نے اسپتال میں ملالہ کی عیادت کی اور ملالہ کے حق میں ایک قرارداد شروع کی جس کا عنوان تھا میں ملالہ ہوں۔ اہم مطالبہ یہ تھا کہ 2015 تک تمام بچوں کو اسکول کی سہولیات تک رسائی دی جائے۔

    اگلے برس 12 جولائی کو جب ملالہ کی 16 ویں سالگرہ تھی تب ملالہ نے اقوام متحدہ سے عالمی خواندگی کے حوالے سے خطاب کیا۔ اقوام متحدہ نے اس دن کو ملالہ ڈے یعنی یوم ملالہ قرار دے دیا۔ حملے کے بعد یہ ملالہ کی پہلی تقریر تھی۔

    10 اکتوبر 2014 کو ملالہ کو بچوں اور نوجوانوں کے حق تعلیم کے لیے جدوجہد پر نوبل انعام برائے امن دیا گیا، 17 سال کی عمر میں ملالہ یہ اعزاز پانے والی دنیا کی سب سے کم عمر شخصیت ہے۔

    اس اعزاز میں ان کے شریک بھارت سے کیلاش ستیارتھی تھے جو بھارت میں بچوں اور خصوصاً لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالسلام کے بعد ملالہ نوبل انعام پانے والی دوسری جبکہ نوبل انعام برائے امن پانے والی پہلی پاکستانی بن گئی ہیں۔

    ملالہ یوسفزئی کو اب تک دنیا بھر سے 40 عالمی اعزازات مل چکے ہیں جو ان کی جرات و بہادری کا اعتراف ہیں۔ اقوام متحدہ انہیں اپنا خیر سگالی سفیر برائے امن بھی مقرر کرچکی ہے۔

    اپنی اٹھارویں سالگرہ پر انہوں نے شامی بچیوں کی تعلیم کے لیے پہلا اسکول قائم کیا تھا اور اب ملالہ فاؤنڈیشن کئی اسکول چلا رہی ہے۔ سنہ 2015 میں ایک خلائی سیارچے کا نام بھی ملالہ کے نام پر رکھا گیا تھا۔

    ملالہ نے کچھ دن قبل آکسفورڈ یونیورسٹی سے فلسفہ، سیاسیات اور معاشیات میں گریجویشن مکمل کرلیا ہے۔

  • ملالہ یوسف زئی نے ایک اور کارنامہ انجام دے دیا

    ملالہ یوسف زئی نے ایک اور کارنامہ انجام دے دیا

    لندن: نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے اپنی علمی زندگی کا ایک اور کارنامہ انجام دے دیا ہے، ملالہ نے فلسفہ، سیاسیات اور معاشیات میں ڈگری حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق سوات، خیبر پختون خوا سے تعلق رکھنے والی گل مکئی نے علمی زندگی کا اہم سنگ میل حاصل کر لیا، ملالہ نے آکسفورڈ یونی ورسٹی سے فلسفہ، سیاست اور اکنامکس میں اپنی گریجویشن مکمل کر لی ہے۔

    ڈگری حاصل کرنے پر ملالہ نے اپنی فیملی کے ساتھ جشن بھی منایا، ملالہ یوسف زئی نے اپنی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی اور لکھا کہ مستقبل کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتی، فی الحال نیٹ فلیکس، مطالعہ اور نیند ہوگی۔

    ملالہ نے ٹویٹر اور انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس وقت اپنی خوشی کا اظہار بہت مشکل ہے۔ انھوں نے دل چسپ اسٹاگرام اسٹوری بھی شیئر کی، جس پر لکھا ہوا تھا کہ وہ فی الوقت بے روزگار ہیں اور کئی دن تک وہ نیند کریں گی اور مزید کئی شوز دیکھنے کی ضرورت محسوس کر رہی ہیں۔

    ملالہ یوسف زئی گریجویشن کی خوشی میں فیملی کے ساتھ کیک کاٹتے ہوئے

    انھوں نے انسٹاگرام یوزرز سے رائے بھی لی کہ انھیں کون سے شوز دیکھنے چاہیئں۔

    واضح رہے کہ ملالہ وادی سوات میں پیدا ہوئیں، اکتوبر 2012 میں اسکول سے گھر جاتے ہوئے انھیں اور ان کے ساتھ موجود لڑکیوں پر طالبان نے فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئیں تاہم زندہ بچ گئیں۔

    انھوں نے کئی ہائی پروفائل ایوارڈز بھی جیتے جس میں 2014 میں امن کا نوبیل انعام، لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ کے ساتھ 2017 میں اقوام متحدہ کی سفیر برائے امن مقرر ہونا شامل ہیں۔

  • ملالہ یوسفزئی سے کشمیر پر آواز اٹھانے کی درخواست

    ملالہ یوسفزئی سے کشمیر پر آواز اٹھانے کی درخواست

    آکسفورڈ : صدر آزاد کشمیر سردارمسعودخان نے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی سےملاقات میں کشمیر پر آواز اٹھانے کی درخواست کردی۔

    تفصیلات کے مطابق صدرآزادکشمیرسردارمسعودخان نے آکسفورڈ یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کشمیرمیں بھارتی ظلم وبربریت انتہاکوپہنچ گئی ہے، عالمی میڈیا اور حکومتیں خاموشی توڑیں، مسئلہ کشمیرصرف عالمی اداروں اورحکومتوں کی ذمہ داری نہیں۔

    مسعودخان نے طلبا کی عالمی میڈیا اور حکومتوں کی خاموشی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا نوجوان سوشل میڈیاپربھارتی مظالم کوبےنقاب کریں، نوجوان عالمی حکمرانوں اوراداروں کوجھنجوڑیں۔

    بعد ازاں صدرآزادکشمیرمسعود خان کی ملالہ یوسفزئی سے ملاقات ہوئی ، جس میں انھوں نے ملالہ سے کشمیر پر آواز اٹھانے کی درخواست کردی۔

    مزید پڑھیں : بھارت کشمیر کے ٹکڑے ٹکڑے کرنا چاہتا ہے، صدر آزاد کشمیر

    یاد رہے سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورت حال بہت خطرناک ہے، بھارت کشمیر کے ٹکڑے ٹکڑے کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پورے علاقوں کو جنگ کی بھٹی میں جھونکنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    واضح رہے مقبوضہ کشمیرمیں 5 اگست سے اب تک لاک ڈاؤن اور پابندیاں برقرارہیں اور لاک ڈاؤن اور پابندیوں کے نفاذ کو 187 روز ہوگئے ہیں، انٹرنیٹ اورموبائل سروس بدستور بند ہیں جبکہ ناکہ بندی، محاصرے اور کاروبارکی بندش نے کشمیریوں کی معیشت تباہ کردی ہے اور گھروں میں محصورنئی نسل تعلیم سے محروم ہے۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے 6 ماہ میں65کشمیریوں کوشہیدکیاگیا جبکہ 922کشمیری زخمی ہوئے۔

  • ملالہ یوسفزئی کا نئے آئی فون سے متعلق دل چسپ ٹویٹ، کچھ کی تعریف، چند کی تنقید

    ملالہ یوسفزئی کا نئے آئی فون سے متعلق دل چسپ ٹویٹ، کچھ کی تعریف، چند کی تنقید

    لندن:  نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے نئے آئی فون کے بارے میں دل چسپ ٹویٹ کیا ہے، جسے متعدد بار ری ٹویٹ کیا گیا۔ 

    تفصیلات کے مطابق کیلی فورنیا میں گزشتہ روز ایپل کمپنی کی جانب سے آئی فون 11 پرو کی پروموشن کی تقریب کے فوراً بعد ملالہ نے ٹویٹ کیا کہ جو کپڑے آج انہوں نے زیب تن کیے ہیں وہ آئی فون کے ٹرپل کیمرا سے غیرمعمولی طور پر ملتے جلتے ہیں۔

    خیال رہے کہ ایپل کے فون میں تین کیمرے تھے اور ملالہ یوسف زئی کی پاکستانی ثقافت سے مزین قمیص کا ڈیزائن  اس سے مشابہ ہے۔

    کچھ صارفین نے آئی فون کے ٹرپل کیمرا کو ناریل سے تشبیہ دی تو کسی نے اسی انگوٹھی کہا، تاہم سوشل میڈیا پر زیادہ تر ملالہ کا ٹویٹ اور ان کے پہنے ہوئے کپڑے ہی زیر بحث رہے۔

    اس ٹویٹ پر طرح طرح کے ردعمل آئے، اکثریت نے اسے پسند کیا، مگر کچھ صارفین کی جانب سے ملالہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا کہ انھیں مقبوضہ کشمیر سے متعلق ٹویٹ کرنی چاہیے تھی۔

    ایسا ہی تبصرہ  اداکارہ اور ماڈل متھیرا کی جانب سے بھی آیا، جنھوں نے لکھا کہ’نوبیل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ کو نئے آئی فون اور اپنے کپڑوں کے بجائے بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا اور مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر بات کرنی چاہئے تھی۔

    متھیرا کے جوابی ٹویٹ کے بعد کچھ صارفین نے ملالہ کی حمایت میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ نوبل انعام یافتہ پاکستانی لڑکی کو حکم دے کہ ان کو کیا کرنا چاہئے اور کیا نہیں کرنا چاہیے۔

    خیال رہے کہ ملالہ نے بھارت کے غیر قانونی اقدام کے فوری بعد اس پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔