Tag: ملاوٹ

  • ریاض: جعلی غذائی اشیا تیار کرنے والا گروہ گرفتار

    ریاض: جعلی غذائی اشیا تیار کرنے والا گروہ گرفتار

    ریاض: سعودی حکام نے ایک گھر پر چھاپہ مار کر جعلی غذائی اشیا تیار کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا، مذکورہ گروہ غذائی اشیا میں ملاوٹ بھی کر رہا تھا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت تجارت نے ریاض میں جعلی میک اپ اور کھانے پینے کی اشیا تیار کرنے والے غیر قانونی تارکین کی گرفتاری کی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر جاری کی ہے۔

    وزارت تجارت کی جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزارت اور سیکیورٹی فورس کے اہلکار ایک گھر پر چھاپہ مار رہے ہیں، گھر کے اندر جعلی غذائی اشیا تیار کی جارہی تھیں جبکہ کافی، چھوٹی الائچی اور مصالحہ جات میں ملاوٹ بھی کی جا رہی تھی۔

    وزارت تجارت نے غیر ملکی جعلسازوں کے خلاف مذکورہ آپریشن سیکیورٹی فورس اور نگراں ٹیموں کے تعاون سے کیا، ترجمان وزارت کے مطابق مکان سے ملنے والی تمام اشیا ضبط کرلی گئیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تارکین وطن کو ایف آئی آر درج کر کے پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دیا گیا ہے۔

  • ملاوٹ مافیا کے خلاف مہم، کراچی کے مختلف علاقوں میں مزید کارروائیاں

    ملاوٹ مافیا کے خلاف مہم، کراچی کے مختلف علاقوں میں مزید کارروائیاں

    کراچی: وزیر اعظم عمران خان کی ملاوٹ مافیا کے خلاف مہم کے دوران سندھ فورڈ اتھارٹی نے کراچی کے مختلف علاقوں میں مضر صحت اشیا کے خلاف کارروائیاں کیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی نے بنارس کالونی، علی گڑھ کالونی، اور لیاقت آباد کے علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مصالحہ جات میں ملاوٹ کرنے والی 3 فیکٹریاں سیل کر دیں۔

    کارروائیاں سندھ فوڈ اتھارٹی کی ڈپٹی ڈائریکٹر سمیرا حسین کی سربراہی میں کی گئیں، مختلف علاقوں میں مصالحہ جات میں ملاوٹ اور مضر صحت ٹیکسٹائل کلر استعمال کیا جا رہا تھا، مصالحہ جات میں چاول کا چھلکا اور لکڑی کا برادہ بھی ملایا جا رہا تھا، ڈپٹی ڈائریکٹر نے فیکٹری سربمہر کر دی اور نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیے۔

    دوسری طرف لیاقت آباد کے علاقے میں 250 کلو غیر معیاری دال بھی قبضے میں لے لی گئی۔

    مصالحوں میں ٹیکسٹائل کلر، برادہ، چاول کا چھلکا ملانے کا انکشاف

    خیال رہے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ملاوٹ والے مصالحہ جات سے جگر اور کینسر کی مہلک بیماریاں لا حق ہو سکتی ہیں۔

    یاد رہے کہ 6 دن قبل بھی سندھ فوڈ اتھارٹی نے ضلع غربی کے علاقے پیر آباد اور ضلع وسطی کے علاقے لیاقت آباد میں مختلف مصالحہ فیکٹریوں پر چھاپے مار کر ایک فیکٹری سیل کر دی تھی جب کہ ایک فیکٹری کو وارننگ جاری کی گئی تھی۔

  • مصالحوں میں ٹیکسٹائل کلر، برادہ، چاول کا چھلکا ملانے کا انکشاف

    مصالحوں میں ٹیکسٹائل کلر، برادہ، چاول کا چھلکا ملانے کا انکشاف

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیار ہونے والے مصالحوں میں ٹیکسٹائل کلر، برادہ اور چاول کے چھلکے کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی نے ضلع غربی کے علاقے پیر آباد اور ضلع وسطی کے علاقے لیاقت آباد میں مختلف مصالحہ فیکٹریوں پر چھاپے مارے، انکشاف ہوا کہ ان فیکٹریوں میں بنائے جانے والے مصالحوں میں ٹیکسٹائل میں استعمال ہونے والا رنگ، برادہ اور چاول کے چھلکے کی ملاوٹ کی جا رہی ہے۔

    چھاپے کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ جس جگہ مصالحے تیار کیے جا رہے تھے وہاں گندگی اور کیڑے مکوڑوں کی بھرمار تھی، مصالحوں میں مضر صحت اجزا ملے ہونے کا بھی انکشاف ہوا۔

    ملاوٹ کرنے والے عوام کی زندگیوں سےکھیل رہے ہیں، وزیراعظم

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی نے ڈپٹی ڈائریکٹر سمیرا حسین کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے پیر آباد کی فیکٹری کو سیل کر دیا، اور 4000 کلو گرام کے لگ بھگ ملاوٹ شدہ مال ضبط کر لیا، فیکٹری پر 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

    ضلع وسطی میں قائم فیکٹری کو وارننگ دے دی گئی، ترجمان سندھ فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ فیکٹری کے تمام موجود غیر معیاری مصالحوں کو ضبط کر کے تلف کر دیا گیا ہے۔

  • چند سکوں کےعوض زندگی کے ساتھ کھیلنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا، فردوس عاشق

    چند سکوں کےعوض زندگی کے ساتھ کھیلنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا، فردوس عاشق

    12اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چند سکوں کےعوض زندگی کے ساتھ کھیلنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم کی زیرصدارت اشیا ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چاروں صوبائی سیکریٹریز نے شرکت کی۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا اشیا ضروریہ میں ملاوٹ ظلم ہے، ملاوٹ کے نتیجے میں سنگین امراض کی شرح میں اضافہ ہوا۔ وزیراعظم نے ملاوٹ کے خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ ملاوٹ کے مرتکب عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، چند سکوں کےعوض زندگی کے ساتھ کھیلنے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا۔

    فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے چاول، ٹماٹر، آلو کی قیمتوں میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔