Tag: ملاوٹ والا دودھ

  • کیمیکلز اور گھی کی ملاوٹ سے 10 ہزار لیٹر دودھ تیار کرنے کا منصوبہ ناکام

    کیمیکلز اور گھی کی ملاوٹ سے 10 ہزار لیٹر دودھ تیار کرنے کا منصوبہ ناکام

    ساہیوال/راولپنڈی: ساہیوال میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایک کارروائی میں جعلی دودھ کی تیاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سیفٹی ٹیم نے پاکپتن روڈ پر جعلی دودھ بنانے والی ایک فیکٹری پر چھاپا مار کر کیمیکلز اور گھی کی ملاوٹ سے 10 ہزار لیٹر دودھ تیار کرنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

    فوڈ سیفٹی ٹیم نے فیکٹری سے 450 کلو خشک پاؤڈر، 140 لٹر کھلا آئل، اور 85 کلو وئے پاؤڈر برآمد کیا، کارروائی میں 32 کلو ویجٹیبل گھی، کیمیکل ڈرمز بھی ضبط کر لیے گئے۔

    فوڈ اتھارٹی کے مطابق تھانہ غلہ منڈی میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، پاؤڈر اور گھی کی ملاوٹ سے دودھ نما سفیدی تیار کی جا رہی تھی، کیمیکلز اور گھی کی ملاوٹ سے تقریباً 10 ہزار لیٹر دودھ تیار کیا جانا تھا، اور مضر صحت اجزا سے ہزاروں لیٹر یہ زہریلا دودھ شہر بھر میں سپلائی کیا جانا تھا۔

    ادھر راولپنڈی میں ملاوٹی دودھ سپلائی کرنے والوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں، راولپنڈی میں 3000 لیٹر جب کہ جہلم میں 1350 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف گیا گیا، فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے اسلام آباد ٹول پلازہ اور جی ٹی روڈ پر ناکے لگا کر 93 ہزار لیٹر دودھ کا معائنہ کیا۔

    تلف کیے جانے والے دودھ میں پانی اور مضر صحت اجزا کی ملاوٹ پائی گئی، ضائع کیا جانے والا دودھ جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا، قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر 8 سپلائرز کو بھاری جرمانے کیے گئے۔

  • پنجاب : لاشوں کے کیمیکل کی ملاوٹ والا ہزاروں لیٹردودھ برآمد

    پنجاب : لاشوں کے کیمیکل کی ملاوٹ والا ہزاروں لیٹردودھ برآمد

    لاہور : پنجاب میں تین ہزار لیٹرمضر صحت دودھ پکڑا گیا۔ دودھ میں لاشوں پرلگانے والے کیمیکل کی ملاوٹ پائی گئی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام نے لاہوراورفیصل آباد میں تین ہزار لٹردودھ ضائع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مضر صحت دودھ بیچنے والوں کی شامت آگئی، سپریم کورٹ کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور اور فیصل آباد میں کارروائی کا آغاز کردیا۔

    لاہور میں صبح سویرے شہر کے داخلی راستوں پر دودھ لے جانے والی گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، دوران چیکنگ دودھ میں لاشوں پرلگائے جانے والے کیمیکل فارمالین، سوڈیم کلورائڈ اور پانی کی ملاوٹ کا انکشاف ہوا جس پر مزید کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ حکام نے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔

    اس دوران دو ہزار لیٹر ناقص دودھ موقع پر ضائع کردیا گیا۔ فیصل آباد میں بھی آٹھ سو لیٹر مضر صحت دودھ پکڑا گیا فوڈ اتھارٹی کے مطابق اس دودھ میں بھی یہی اجزاء پائے گئے۔ متعدد افراد کو حراست میں لے کر محکمہ جاتی کارروائی کی جا رہی ہے۔

    دریں اثناء پنجاب میں کارروائی کے باوجود کراچی میں انتظامیہ نے ڈیری فارمرز کے آگے گھٹنے ٹیک رکھے ہیں، ڈیری فارمز نے دودھ کی قیمت میں چار روپے فی لیٹر من مانہ اضافہ کردیا ہے۔

    مزید پڑھیں : پنجاب فوڈاتھارٹی کی کارروائی،2000لیٹرغیرمعیاری دودھ برآمد

    واضح رہے کہ اس سے تین ماہ قبل بھی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہریوں کی شکایات پر ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب لاہور میں آنے والی 70 سے زائد دودھ کی گاڑیوں کی چیکنگ کی۔

    مزید پڑھیں : کراچی: دودھ کی قیمت میں‌ من مانا اضافہ، کریک ڈاؤن کا حکم

    اس دوران 30 کے قریب گاڑیوں سے2000 لیٹر سے زائد غیر معیاری اور مضر صحت دودھ کو قبضے میں لے کر ضائع کر دیا گیا اور درجنوں ذمہ دار افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔