انڈونیشیا : تین روز سے لاپتہ ملائیشین طیارے کا ملبہ مل گیا ہے،انڈونیشین حکام نے جاوا کے سمندر سے ملبہ اور اب تک چھ لاشیں ملنے کی تصدیق کردی ہے۔
انڈونیشیا سے سنگاپور جاتے ہوئے لاپتہ ہونے والی ملائیشیا کی نجی ائیرلائن کے طیارے کا ملبہ جاوا کے سمندر سے مل گیا ہے، سمندر سے لاشوں اور ملبے کونکالنے کا کام جاری ہے۔
ملبہ طیارے کے گمشدگی کے مقام سے دسٓ کلومیٹر دور ملا، جس میں طیارے کا دروازہ، لائف جیکٹس اوردیگراشیاء شامل ہیں۔
بحیرہ جاوا میں ہونے والے سرچ آپریشن میں انڈونیشیا، ملائیشیا، سنگاپور، آسٹریلیا اور امریکی ماہرین نے حصہ لیا، بدقسمت طیارے کے پائلٹ نے آخری بار کنٹرول ٹاور سے جہاز کو مزید بلندی پر لے جانے کی درخواست کی تھی جو دے دی گئی تھی۔
طیارہ اتوار کی صبح انڈونیشیا کے جزیرے جاوا سے سنگاپور جاتے ہوئے بحیرۂ جاوا کے اوپر لاپتہ ہوگیا تھا، طیارے میں عملے کے ارکان سمیت ایک سوباسٹھ افراد سوار تھے۔