Tag: ملتان ایئرپورٹ

  • آئس ہاکی ٹیم ظاہر کرکے روس جانیوالے 6 مسافر پکڑے گئے

    آئس ہاکی ٹیم ظاہر کرکے روس جانیوالے 6 مسافر پکڑے گئے

    ملتان: آئس ہاکی ٹیم ظاہر کرکے روس جانیوالے 6 مسافر پکڑے گئے، گرفتار ملزمان کاتعلق پشاور، فیصل آباد اور ساہیوال سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پرکارروائی کرتے ہوئے آئس ہاکی ٹیم ظاہر کرکے روس جانیوالے6مسافروں کوآف لوڈ کر دیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کی جانب سے پیش سفری دستاویزات مشتبہ پائے گئے ، ملزمان میں فوادسبحانی،عثمان سعید،احمد خان، بلال احمد،سمیع اللہ اورعلی حیدر شامل ہیں۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کاتعلق پشاور، فیصل آباد اور ساہیوال سے ہے، ملزم فواد سبحانی نےخود کو آئس ہاکی فیڈریشن کا صدر ظاہر کیا۔

    دوران تفتیش انکشاف کیاکہ دیگر ممالک جانے کیلئے روس جا رہے تھے تاہم ملزمان کومزید قانونی کارروائی کیلئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان منتقل کر دیا ہے۔

  • ایئرپورٹ عملے نے ایمان داری کی ایک اور مثال قائم کر دی

    ایئرپورٹ عملے نے ایمان داری کی ایک اور مثال قائم کر دی

    کراچی: ملتان ایئرپورٹ عملے نے ایمان داری کی ایک اور مثال قائم کرتے ہوئے کھویا ہوا قیمتی سامان سے بھرا ہینڈ بیگ مسافر کو تلاش کر کے اس کے حوالے کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک مسافر کو اس کا گمشدہ سامان لوٹا دیا گیا، واپس کیے گئے سامان میں عمانی و سعودی کرنسی، قیمتی گھڑی، سونا و چاندی وغیرہ شامل تھی۔

    ترجمان سی اے اے کے مطابق مسافر کا گمشدہ سامان تقریباً 5 لاکھ روپے مالیت کا تھا، جب مسافر گزشتہ روز دبئی سے ملتان پہنچا اور ہینڈ بیگ لاؤنج میں بھول گیا تھا۔ رابطہ کرنے پرایئرپورٹ حکام نے ضروری کارروائی کے بعد ہینڈ بیگ مسافر کے حوالے کر دیا۔

  • عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے کے غرض سے  سعودی عرب جانے والا مسافر پکڑا گیا

    عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے کے غرض سے سعودی عرب جانے والا مسافر پکڑا گیا

    ملتان : ایف آئی اے امیگریشن نے عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے کے غرض سے سعودی عرب جانے والے مسافر کو پکڑ کر آف لوڈ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب جانے والےمسافر کو آف لوڈ کر دیا۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے کے غرض سے سعودی عرب جا رہا تھا، ملزم محمد شہباز نے انکشاف کیا سعودی عرب میں تسبیح اورپرفیوم کی فروخت بھی کرنا تھی۔

    حکام کا کہنا تھا کہ مسافر جعلی ہوٹل بکنگ اور ریٹرن ٹکٹ پر سعودی عرب جا رہا تھا اور ملزم نےتسبیح اور پرفیوم کی فروخت کی آڑ میں بھیک مانگنا تھی۔

    ایف آئی اے کے مطابق حکام ملزم کی نشاندہی پرمحمدعلی نامی ایجنٹ کوبھی گرفتارکرلیا گیا ہے اور مقدمہ بھی درج کرلیا ہے، ایجنٹ محمد علی نے متعدد لوگوں کو بھیک کی غرض سے سعودی عرب بھیجا۔

  • 1 لاکھ درہم کی بیرون ملک اسمگلنگ ناکام، کرنسی جعلی نکلنے کا انکشاف

    1 لاکھ درہم کی بیرون ملک اسمگلنگ ناکام، کرنسی جعلی نکلنے کا انکشاف

    کراچی: ایف آئی اے امیگریشن نے 1 لاکھ درہم کی بیرون ملک اسمگلنگ ناکام بنا دی، جانچ پڑتال پر کرنسی جعلی نکلنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف ائی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر ایک کارروائی میں ایک لاکھ درہم کی بیرون ملک اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، بعد ازاں جانچ پڑتال پر مذکورہ نوٹ جعلی پائے گئے۔

    شارجہ جانے والے 3 مسافروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن میں خالق نور، نور علی جان اور قاسم اللہ شامل ہیں، گرفتار ملزمان کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے، جو فلائٹ نمبر 293 PK پر شارجہ کے لیے سفر کر رہے تھے۔

    ملزمان پر شک گزرنے پر ایف ائی اے حکام نے ملتان ایئرپورٹ پر روک کر تلاشی لی تو ایک لاکھ درہم (جعلی) برآمد ہوئے، ملزمان نے جعلی کرنسی نوٹ بیگ کے خفیہ خانوں میں چھپائی تھی۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ملتان سرکل منتقل کر دیا گیا، ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان زون خالد انیس نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور آئندہ بھی ایسی کارروائیوں کے لیے چوکس رہنے کی تاکید کی۔

  • ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدید ترین سیکیورٹی سسٹم فعال

    ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدید ترین سیکیورٹی سسٹم فعال

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدید ترین فیشل ریکگنیشن نظام فعال کر دیا گیا ہے، سسٹم سے غیر قانونی بین الاقوامی نقل و حرکت کو روکنے میں مدد ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدید ترین فیشل ریکگنیشن نظام فعال کر دیا گیا، یہ سسٹم کراچی، لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس کے بعد ملتان ایئرپورٹ پر بھی فعال کردیا گیا ہے۔

    سسٹم آپریٹ کرنے کے لیے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن سسٹم نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اور سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) حکام کو تربیت فراہم کی۔

    نیا سسٹم بارڈر مینجمنٹ ایجنسیوں کے لیے انتہائی مددگار ثابت ہوگا، بارڈرمینجمنٹ ایجنسیز اس نظام کی مدد سے غیر قانونی بین الاقوامی نقل و حرکت کو روک سکیں گی۔

  • ملتان ایئرپورٹ پر کنویئر بیلٹس کی خرابی کی ویڈیو پر سی اے اے کا ردِ عمل

    کراچی: ملتان ایئرپورٹ پر کنویئر بیلٹس کی خرابی کی ویڈیو سامنے آنے پر سی اے اے نے ردِ عمل میں کہا ہے کہ یہ پرانی ویڈیو ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملتان ایئرپورٹ پر کنویئر بیلٹس کی خرابی کے معاملے پر کہا ہے کہ یہ خبر درست نہیں ہے۔

    سی اے اے ترجمان نے کہا کہ ایئر پورٹ پر کنویئر بیلٹس بلکل ٹھیک کام کر رہی ہیں، ایئر پورٹس پر مشینری کی دیکھ بھال اور مرمت کا کام معمول کی بات ہے۔

    ترجمان نے کہا کچھ مفاد پرست عناصر نے پرانی ویڈیو کو ابھی کا بتا کر پھیلانے کی کوشش کی ہے، میڈیا میں گردش کرنے والی ویڈیو ایک ماہ سے زائد پرانی ہے۔

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ ملتان ایئرپورٹ پر کنویئر بیلٹس خراب ہو چکی ہیں۔

  • ملتان ایئرپورٹ پر رقم لے کر بوگس بھرتیاں کروانے کا انکشاف

    ملتان ایئرپورٹ پر رقم لے کر بوگس بھرتیاں کروانے کا انکشاف

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر ملتان کے ایئرپورٹ پر رقم لے کر بھرتیاں کروانے کا انکشاف ہوا ہے، ملزم نے سی اے اے میں مستقل ملازمت کے نام پر دھوکا دہی بھی کی۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان ایئرپورٹ پر مبینہ طور پر رقم لے کر بوگس بھرتیاں کروانے کا انکشاف ہوا ہے، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سول ایوی ایشن (سی اے اے) کے افسران کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردیں۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ الیکٹریکل مکینکل شعبے کے انچارج مجاہد پرویز نے ڈیڑھ لاکھ روپے لے کر محمد علی نامی شخص کو عارضی ملازمت دلائی، ملزم مجاہد پرویز اپنے اور دوست کے گھر کا بجلی کا کام مفت بھی کرواتا رہا۔

    ملزم نے سی اے اے میں مستقل ملازمت کے نام پر دھوکا دہی بھی کی۔

    مقدمے میں ملتان ایئرپورٹ کے مینیجر مبارک شاہ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر (ہیومن ریسورسز) ایچ آر ہیڈ کوارٹرز خرم عدنان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے نے مقدمہ نمبر 186/2022 درج کر کے تحقیقات شروع کردی۔

  • ایئر پورٹ پر ماسک نہ لگانے پر کتنا جرمانہ کیا جائے گا؟

    ایئر پورٹ پر ماسک نہ لگانے پر کتنا جرمانہ کیا جائے گا؟

    کراچی: اندرون و بیرون ملک جانے والے مسافر اب ہوشیار ہو جائیں کیوں کہ کرونا وبا ایس او پیز عمل نہ کر نے پر جرمانے ہوں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا وائرس کی تیسری لہر اور حفاظتی اقدامات کے پیش نظر جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی، علامہ اقبال اور ملتان انٹرنیشنل ایئر پورٹس پر اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔

    کسی بھی مسافر یا عملے نے ماسک استعمال نہیں کیا تو 1 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا، این سی او سی کی ہدایات پر مسافروں کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل در آمد کرایا جا رہا ہے۔

    سینئر ایڈیشنل ڈائریکٹر ملتان ایئر پورٹ مبارک شاہ نے بتایا کہ ملتان ایئر پورٹ پر ماسک نہ لگانے والے مسافر اور عملے کے افراد کے خلاف کارروائی ہوگی، داخلہ بھی ممنوع ہوگا۔

    جناح انٹرنیشل ایئر پورٹ کے سینئر ایڈیشنل ڈائریکٹر عمران خان نے بتایا کہ مسافروں کی آمد کے موقع پر سامان کو وصول کر نے والی بیلٹ پر سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

    انھوں نے کہا کسی بھی مسافر یا عملے کے فرد نے ماسک استعمال نہیں کیا تو 1 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔

    حفاظتی اقدامات کے تحت ایئر پورٹس پر کنکورس ہال میں سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے 3 سیٹر صوفوں میں سے ایک درمیانی سیٹ نکال دی گئی ہے۔

    لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ پر اسپیشل کرونا ٹاسک فورس بھی بنا دی گئی ہے، یہ ٹاسک فورس مسافروں کے سماجی فاصلے اور فیس ماسک کے استعمال کو یقینی بنائے گی۔

    لاہور ایئر پورٹ پر مسافروں اور امیگریشن عملے کے مابین سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کے لیے کاؤنٹرز پر شیشے لگا دیے گئے۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ اندرون و بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کے مسافروں کی مکمل طبی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے، مسافروں کو اترنے کے بعد جہاز کو مکمل طور پر ڈس انفیکٹ بھی کیا جا رہا ہے۔

  • ملتان کا مسافر زیورات سے بھرا پاؤچ پرواز ہی میں چھوڑ گیا

    ملتان کا مسافر زیورات سے بھرا پاؤچ پرواز ہی میں چھوڑ گیا

    ملتان: دوحہ سے آنے والی پرواز میں مسافر زیورات سے بھرا پاؤچ چھوڑ گیا، تاہم ملتان ائیر پورٹ پر سی اے اے نے ایمان داری کی ایک اور مثال قائم کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان ائیر پورٹ پر گزشتہ روز سی اے اے نے ایمان داری کی ایک اور مثال قائم کر دی ہے، مسافر کا قیمتی پاؤچ جو وہ پرواز ہی میں چھوڑ گیا تھا، واپس کر دیا گیا۔

    قطر ایئر ویز کی پرواز QR 618 دوحہ سے ملتان ایئر پورٹ پہنچی تو غلام نبیل نامی مسافر اپنے کالے رنگ کا پاؤچ پرواز ہی میں بھول گیا، جس میں موبائل فون، سونے کے زیورات اور شناختی کارڈ موجود تھا۔

    ملتان ایئرپورٹ پر ٹرمینل منیجر مسافر غلام نبیل کو ان کا پاؤچ حوالے کر رہے ہیں

    ایئر پورٹ ذرایع کا کہنا ہے کہ شفٹ کے اے پی ایس سپروائزر ثمر خان کو جہاز کلیئرنس کے دوران کالے رنگ کا ایک پاؤچ ملا تھا، جو انھوں نے حکام کے حوالے کیا۔ شناختی کارڈ سے مسافر کی نشان دہی ہونے کے بعد اس کے لیے اناؤنسمنٹ کی گئی جس پر مسافر غلام نبیل کاؤنٹر پر پہنچا۔

    سول ایوی اتھارٹی کے عملے نے ایک بار پھر ایمانداری کی مثال قائم کردی

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹرمینل منیجر عبد الماجد کی موجودگی میں مسافر غلام نبیل کو ان کا بھرا ہوا قیمتی پاؤچ لوٹایا گیا۔

    دوسری طرف کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بھی دبئی جانے والا مسافر ڈالروں سے بھرا پرس بھول گیا، مسافر فہیم یوسف غیر ملکی ائیر لائن کی پرواز EK 603 کے ذریعے دبئی جا رہا تھا، اے ایس ایف کے کاؤنٹر پر سرچ کے دوران پرس بھول گیا، جس میں 5000 امریکی ڈالر اور دیگر چیزیں موجود تھیں۔ تاہم اے ایس ایف کے سب انسپکٹر نے مسافر کو بین الاقوامی ڈپارچر لاؤنچ میں تلاش کر کے پرس حوالے کر دیا۔

    خیال رہے کہ ملک کے متعدد ایئرپورٹس پر اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات رونما ہو چکے ہیں، جن میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے کی ایمان داری سامنے آئی، اور مسافروں کی جانب سے ان کا بھولا ہوا قیمتی سامان انھیں واپس کیا گیا۔

  • سی اے اے نے پاکستانی سائنس دان کا پاسپورٹ پھاڑے جانے کا نوٹس لے لیا

    سی اے اے نے پاکستانی سائنس دان کا پاسپورٹ پھاڑے جانے کا نوٹس لے لیا

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستانی سائنس دان ڈاکٹر فیصل کا پاسپورٹ ملتان ایئرپورٹ پر پھاڑے جانے کا نوٹس لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے عملے کی جانب سے پاکستانی سائنس دان کے کھانسنے پر پاسپورٹ پھاڑنے کے معاملے کا سی اے اے نے نوٹس لے لیا، ایف آئی اے نے تحقیقات بھی شروع کر دی اور اے ایس ایف سے تفصیلات اور فوٹیج طلب کر لی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ واقعہ 19 دسمبر کو ملتان ائیرپورٹ پر پیش آیا تھا، ڈاکٹر فیصل اپنی فیملی کے ہم راہ عمرے سے واپس پاکستان پہنچے تھے، نوجوان سائنس دان کی کھانسی کو ایف آئی اے عملے نے اپنی شان میں گستاخی سمجھا، اور تلخ کلامی پر امیگریشن عملے نے ان کے پاسپورٹ سے ویزے والا صفحہ پھاڑ کر پاسپورٹ منہ پر مارا جس سے ان کی آنکھ کے اوپر نشان بھی بنا۔

    ایف آئی اے عملے نے کھانسنے پر پاکستانی سائنس دان کا پاسپورٹ پھاڑ دیا

    ڈاکٹر فیصل کا مؤقف تھا کہ کھانستے وقت منہ پر ہاتھ نہ رکھنا عملے کو اتنا ناگوار گزرا کہ ان کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ اختیار کیا گیا، وہ بخار کی حالت میں تھے اس لیے کھانسی آئی تومنہ پر ہاتھ نہ رکھ سکے تھے۔

    بعد ازاں، ڈاکٹر فیصل نے ایئر پورٹ پر پیش آنے والے واقعے کو سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا، وہ حال ہی میں جرمنی سے پی ایچ ڈی مکمل کر کے وطن لوٹے تھے، فیملی کے ہم راہ عمرہ بھی ادا کیا، جس سے واپسی پر ناخوش گوار واقعہ پیش آیا۔