Tag: ملتان سلطانز

  • ملتان سلطانز پی ایس ایل 8 کے فائنل میں پہنچ گیا

    ملتان سلطانز پی ایس ایل 8 کے فائنل میں پہنچ گیا

    لاہور:ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو کوالیفائر میچ میں شکست دیتے ہوئے پی ایس ایل 8 کے فائنل میں جگہ بنالی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے لاہورقلندرزکو84رنزسےشکست دیتے ہوئے مسلسل تیسری بار پی ایس ایل کے فائنل میں جگہ بنائی۔

    دفاعی چیمپئن 161 رنز کے جواب میں محض 76 رنز پر ڈھیر ہوگئی، لاہورقلندرزکےآٹھ بلےبازڈبل فیگرمیں بھی نہ داخل ہوسکے، سیم بلنگز19،حارث رؤف15رنزبناسکے۔

    ملتان سلطانز کی جانب سے شیلڈون کوٹریل نےتین کھلاڑیوں کوآؤٹ کرتے ہوئے اپنی سیلکشن کو درست ثابت کیا، اسامہ میر نے 2 جبکہ انور علی، عباس آفریدی، احسان اللہ اور کیرون پولارڈ نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    اس سے قبل کیرون پولارڈ کی ذمے دارانہ اننگز کی بدولت ملتان سلطانز نے قلندرز کو جیت کے لئے 161 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے، کیرون پولارڈ نے 34 گیندوں پر 57 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کے مجموعے کو قابل قدر بنایا۔

    پولارڈ کی اننگز میں 6 بلند وبالا چھکے بھی شامل تھے، کپتان محمد رضوان 33، عثمان خان 29 بناکر نمایاں رہے۔

    لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، زمان خان اور راشد خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

    میچ کے آغاز پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان ملتان سلطانز محمد رضوان کا کہنا تھا کہ کوشش کرینگے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں اور بڑا اسکور بنائیں۔

    دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر میں ٹاس جیت جاتا تو پہلے فیلڈنگ ہی کرتا۔

    لاہور قلندرز نے اہم ترین میچ کے لئے اپنے اسکواڈ کو برقرار رکھا  جبکہ ملتان سلطانز نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ، اظہارالحق نوید کی جگہ شیلڈون کوٹریل ٹیم میں شامل کیا گیا ۔

    آج کی فاتح ٹیم فائنل کا ٹکٹ کٹائے گی جب کہ ہارنے والی ٹیم کو فائنل میں جانے کے لیے ایلیمینیٹر 2 میں ایک اور موقع ملے گا۔

    ایونٹ کے تمام میچز اے اسپورٹس پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

    لاہور قلندرز اسکواڈ

    فخر زمان، مرزا طاہر بیگ، عبداللہ شفیق، سیم بلنگ، حسین طلعت، سکندر رضا، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور زمان خان

    ملتان سلطانز اسکواڈ

    عثمان خان، محمد رضوان، ریلی روسو، ٹم ڈیوڈ، کیرون پولارڈ، خوشدل شاہ، انور علی، اسامہ میر،عباس آفریدی ،شیلڈون کوٹریل اور احسان اللہ

  • زینب عباس کے بھائی نے ملتان سلطانز کو جوائن کرلیا

    زینب عباس کے بھائی نے ملتان سلطانز کو جوائن کرلیا

    پاکستان کی معروف اسپورٹس پریزنٹر زینب عباس کے چھوٹے بھائی حسین عباس پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل)8 کا حصہ بن گئے۔

    رپورٹس کے مطابق حیسن عباس نے پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز کو جوائن کرلیا ہے، وہ اسٹرینتھ اورکنڈیشنگ کے ماہر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سر انجام دیں گے۔

    سوشل میڈیا پر ملتان سلطانز کی جانب سے ویڈیو شیئر کی گئی جس میں حسین عباس نے  کھلاڑیوں کو انجری سے بچانے کے حوالے سے اپنے منصوبے کے بارے میں بتایا۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل کا آٹھواں سیزن 13 فروری سے شروع ہوگا، ایونٹ کے لیے ٹیموں نے بھرپور تیاری شروع کردی ہے۔

  • ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیدی

    ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیدی

    راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ سیزن 5 میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔

    ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، بارش کے باعث میچ 9، 9 اوورز تک محدود کیا گیا۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 91 رنز بنائے جس کے جواب میں ملتان سلطانز کے بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔

    ملتان سلطانز کےجیمز ونس61رنزبنا کر نمایاں رہے، معین علی نے 14 اور ذیشان اشرف نے 16 رنز کی باری کھیلی۔اسلام آباد یوناٹیٹڈ کی جانب سے واحد وکٹ کپتان شاداب خان نے حاصل کی۔

    قبل ازیں بارش کے باعث ٹاس تاخیر کا شکار ہوا۔ میچ سے قبل گراؤنڈ کو خشک کیا گیا، امپائرز نے پچ کا معائنہ کیا جس کے بعد ٹاس ہوا، میچ کو 9، 9 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔

    سلطانز کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، میچ ہمارے لیے اہم ہے۔ یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ کوشش ہوگی غلطیاں نہ دہرائیں، 9 اوورز کا میچ ہے، وکٹ زیادہ تبدیل نہیں ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ یونائیٹڈ کی ٹیم میں بھی 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ نے گزشتہ روز پشاور زلمی کے ہاتھوں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 7 رنز سے شکست کھائی تھی۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک 8 میچز کھیلے ہیں جس میں سے 3 میں فتح اور 4 میچز میں شکست کھائی، پوائنٹس ٹیبل پر یونائیٹڈ 7 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

    ملتان سلطانز نے اب تک 6 میچز کھیل کر 4 میں فتح اور 1 میں شکست کھائی، پوائنٹس ٹیبل پر سلطانز 8 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

    ملتان سلطانز اسکواڈ

    شان مسعود (کپتان)، جیمز وینس، ذیشان اشرف، رلی روسو، خوشدل شاہ، بلاول بھٹی، عمران طاہر، محمد الیاس، محمد عرفان اور سہیل تنویر شامل ہیں۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ اسکواڈ

    شاداب خان (کپتان)، لیوک رونچی، کولن منرو، رضوان حسین، کولن انگرام، آصف علی، فہیم اشرف، ڈیل اسٹین، رومن رئیس، ظفر گوہر اور عاکف جاوید شامل ہیں۔

  • ہوم گراؤنڈ پر ملتان سلطانز کا آج پشاور زلمی سے آمنا سامنا

    ہوم گراؤنڈ پر ملتان سلطانز کا آج پشاور زلمی سے آمنا سامنا

    کراچی: انٹرٹینمنٹ سے بھرپور پی ایس ایل 5 نے ملتان کا رخ کر لیا، پی ایس ایل کا دوسرا مرحلہ آج ملتان میں شروع ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ آج شام سات بجے شروع ہوگا، انٹرنیشنل ستاروں کی کہکشاں ملتان میں بھی جمگمائے گی، 12 سال بعد ملتان میں کرکٹ کی رونقین بحال ہو رہی ہیں، تاریخی میچ کے لیے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں تیاریں مکمل کر لی گئیں۔

    بارہ سال بعد کرکٹ کی رونقیں بحال ہونے پر شایقین کرکٹ کا جوش و خروش بڑھ گیا ہے، شایقین کا کہنا تھا کہ انھیں اس وقت کا انتظار تھا، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کا میچ دیکھنے کے لیے بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں، ہوم ٹیم کے فینز کا کہنا تھا کہ امید ہے ملتان ٹیم میچ جیت جائے گی۔

    جنوبی پنجاب کی شان ملتان سلطان کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم ہوم گراؤنڈ پر پشاور زلمی کو ٹف ٹائم دے گی، امید کرتا ہوں کہ تینوں دن گراؤنڈ ہاؤس فل ہوگا، ہوم کراؤڈ کو اچھا انٹرٹین کرنے کی کوشش ہوگی۔ پشاور زلمی نے بھی سلطانز کو ڈھیر کرنے کی حکمت عملی بنالی، زلمی کے نوجوان فاسٹ بولر عامر خان کہتے ہیں کہ پی ایس ایل بہترین فلیٹ فارم ہے، حسن علی اور وہاب ریاض سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔ خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں اب تک اپنا ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔

    پی ایس ایل فائیو، پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ سرفہرست

    دونوں ٹیموں کے چند کھلاڑی کسی بھی وقت اپنی ٹیم کے حق میں بازی پلٹ سکتے ہیں، ملتان سلطانز کے شان مسعود اگر کچھ کر دکھانے کو بے تاب ہیں تو معین علی، جیمز ونس اور رائلی روسو کی اسٹار پاور ملتان کو میچ جتوا سکتی ہے، لاکھوں دلوں کی جان شاہد خان آفریدی بھی ہیں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ دوسری طرف زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور کامرن اکمل بھی خوب چھکے لگاتے ہیں، زلمی کے پاس ٹام بینٹن اور لیونگسٹن جیسے خطرناک کھلاڑی بھی موجود ہیں، بولنگ میں زلمی کی امیدیں تیز رفتار وہاب ریاض اور حسن علی سے وابستہ ہیں۔

    خیال رہے کہ پی ایس ایل فائیو کے دوسرے مرحلے کے لیے ٹیمیں اسلام آباد اور ملتان پہنچنا شروع ہو گئی ہیں، دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز نے اسلام آباد میں ڈیرے ڈال لیے، دونوں ٹیمیں کل پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گی۔

    ملتان میں پی ایس ایل فائیو کے میچز کی میزبانی کے لیے سیکورٹی پلان بھی جاری کیا جا چکا ہے، سیکورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جس میں 3 ہزار سے زائد پولیس افسران ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ اسٹیڈیم آنے والے شائقین کو فور ٹیئر سیکورٹی پروسس سے گزارا جائے گا۔ ٹکٹ رکھنے والے افراد کو مکمل چیکنگ کے بعد اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی، کسی بھی قسم کے ناخوش گوار واقعے سے بچنے کے لیے 12 عدد واک تھرو گیٹس، 48 میٹل ڈیٹیکٹرز کے ساتھ تلاشی لی جائے گی۔

  • اسلام آباد یونائیٹڈ نے سلطانز کو ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کر لی

    اسلام آباد یونائیٹڈ نے سلطانز کو ہرا کر پہلی کامیابی حاصل کر لی

    لاہور: پی ایس ایل کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔

    لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے 165 رنز کے جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور مطلوبہ ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

    ہدف کے تعاقب میں کولن منرو اور رونکی نے زبردست لاٹھی چارج کیا 92 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کرکے ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن کیا، منرو نے 32 گیندوں پر 50 رنز بنائے جس میں 4 دلکش چھکے اور 3 شاندار چوکے شامل تھے۔

    اوپنر لوک رونکی نے 74 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تاہم وہ فتح کے قریب پہنچ کر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 2 چھکے اور 9 چوکے بھی لگائے جب کہ ملان 35 اور انگرم 1 اسکور کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

    سلطانز کے بولر کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے، شاہد آفریدی اور محمد الیاس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیتا اور نمی کا فائدہ اٹھانے کے لیے فیلڈنگ کرنے کو ترجیح دی.اوپنر شان مسعود اور ونسے نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 41 رنز جوڑے، پہلی وکٹ گرنے کے بعد بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی اور وقفے وقفے سے وکٹیں‌ گرتی رہیں.

    مڈل آرڈر بیٹسمین ذیشان اشرف نے ڈٹ کا مقابلہ کیا اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کر کے ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، ذیشان اشرف کے 50 رنز کی بدولت سلطانز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 164 کرنے میں کامیاب رہی.

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد بٹ نے سب سے زیادہ 4 کھلاڑیوں‌ کو آؤٹ کیا جب کہ فہیم اشرف نے 2، عاکف جاوید اور محمد موسیٰ‌ نے ایک ایک وکٹ‌ حاصل کی.

    ٹاس کے موقع پر شاداب خان کا کہنا تھا کہ پچ میں نمی ہے جس کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے،ہمیں تینوں شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے، کوشش کریں گےاچھی کارکردگی دکھائیں۔

    ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ میں بھی پہلےبولنگ کرناچاہتا تھا، کل ہم نےبہت اچھی فیلڈنگ اوربولنگ کی۔

  • پی ایس ایل 4: ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    پی ایس ایل 4: ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن 4 کے آخری مرحلے میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم یہ میچ ملتان سلطانز نے سات وکٹوں سے جیت لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 4 کی شکست خوردہ ٹیمیں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز آج آمنے سامنے آئیں، کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آج کے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں اوسط درجے کی کارکردگی دکھا کر ایونٹ سے باہر ہوچکی ہیں۔

    پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 141 رنز کا ہدف دیا تھا جسے ملتان سلطانز نے بہ آسانی پورا کر کے لاہور قلندرز کو شکست دی۔

    ملتان سلطانز اسکواڈ

    آج کے میچ کے لیے ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں شیعب ملک، شاہد آفریدی، عمر صدیق، ڈینیئل کرسچن، جانسن چارلس، شان مسعود، کرس گرین، محمد الیاس، جنید خان اور محمد عباس شامل ہیں۔

    لاہور قلندرز اسکواڈ

    لاہور قلندرز کی ٹیم میں آج فخر زمان، یاسر شاہ، راحت علی، شاہین آفریدی، آغا سلمان، سہیل اختر، حسن خان، حارث سہیل، محمد عمران اور عمیر مسعود کھیل رہے ہیں۔

    پی ایس ایل کے چوتھے سیزن میں دونوں ٹیموں نے 9، 9 میچز کھیلے جس میں سے ملتان کی ٹیم صرف 2 اور لاہور کی ٹیم 3 میچز جیت سکی۔

  • کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

    دبئی: پی ایس ایل سیزن فور کے 22ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے دیا جانے والا 122 رنز کا ہدف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 4 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرلیا، شاہد آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی وکٹ 49 رنز پر گری جب شین واٹسن 33 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوئے، احسن علی کو بھی 17 رنز پر شاہد آفریدی نے آؤٹ کیا۔

    روسو 35 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، عمر اکمل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے،  احمد شہزاد 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    شاہد آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد الیاس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 121 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 122 رنز کا ہدف دے دیا، ڈیوئن براوو نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی وکٹ 12 رنز پر گری جب جیمز ونس 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عمر صدیق 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جانسن چارلس نے 46 رنز کی شاندار اننگز کھیلی انہیں محمد نواز نے آؤٹ کیا۔

    مورس 9 رنز بنا کر براوو کی گیند پر بولڈ ہوئے، ڈینئل کرسچن 2 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، شعیب ملک 24 گیندوں پر 21 رنز بنا کر براوو کی گیند پر نواز کو کیچ دے بیٹھے، شاہد آفریدی 4 رنز بنا کر براوو کا نشانہ بنے۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ڈیوائن براوو اور سہیل تنویر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں، محمد نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے، ملتان سلطانز کی ٹیم میں ٹام مورس کو شامل کیا گیا ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں احمد شہزاد کی واپسی ہوئی ہے۔

    ملتان سلطانز اسکواڈ

    شعیب ملک کپتان ہیں دیگر کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی، عمر صدیق، جیمز ونس، ڈینئل کرسچن، جانسن چارلس، نعمان علی، محمد عباس، محمد الیاس، محمد عرفان اور ٹام مورس شامل ہیں۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اسکواڈ

    سرفراز احمد کپتان ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، احسن علی، شین واٹسن، روسو، عمر اکمل، ڈیوائن براوو، محمد نواز، سہیل تنویر، محمد حسنین اور فواد احمد شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل کھیلے جانے والے میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، لیام ڈوسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

  • پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے ہرادیا

    پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے ہرادیا

    دبئی: پی ایس ایل سیزن فور کے 19 ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، کیرون پولارڈ اور عمر امین نے ناقابل شکست نصف سنچریاں‌ اسکور کیں۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے دیا جانے والا 173 رنز کا ہدف پشاور زلمی کی ٹیم نے آخری اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، محمد عرفان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    پشاور زلمی کی پہلی وکٹ 34 رنز پر گری جب فلیچر 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کامران اکمل بغیر کوئی رن بنائے محمد الیاس کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، امام الحق 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    کیرون پولارڈ نے ناقابل شکست 52 رنز کی اننگز کھیلی، عمر امین 54 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    ملتان سلطانز کے محمد عرفان، شاہد خان آفریدی اور محمد الیاس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے اور پشاور زلمی کو جیت کے لیے 173 رنز کا ہدف دیا۔

    ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ 38 رنز پر گری جب عمر صدیق 18 رنز بنا کر عمید آصف کی گیند پر آؤٹ ہوئے، جانسن چارلس 57 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ڈوسن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

    جیمز ونس نے 38 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی انہیں امام الحق نے رن آؤٹ کیا، کپتان شعیب ملک 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ڈینئل کرسچن نے 18 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوئے، شاہد خان آفریدی نے ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

    پشاور زلمی کے لیام ڈوسن، حسن علی اور عمید آصف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    پشاور زلمی کے پوائنٹس ٹیبل پر 8 پوائنٹس ہیں جبکہ ملتان سلطانز نے 2 میچ جیت کر 4 پوائنٹس حاصل کررکھے ہیں۔

    گزشتہ روز کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دی تھی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے ہرایا تھا۔

  • ملتان سلطانز کی دوسری کامیابی، اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست

    ملتان سلطانز کی دوسری کامیابی، اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست

    دبئی: پی ایس ایل سیزن فور کے 16 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی، ڈینئل کرسچن کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا جانے والا 122 رنز کا ہدف ملتان سلطانز کی ٹیم نے 18.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، عمر صدیق نے شاندار 46 رنز کی اننگز کھیلی۔

    ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے اوپنرز نے 54 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، جیمز ونس 28 رنز بنا کر سمیٹ پٹیل کی گیند پر پارنیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، جانسن چارلس 4 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

    عمر صدیق نے 46 رنزکی شاندار اننگز کھیلی، ونس ایک رن بنا کر محمد موسیٰ کی گیند پر بولڈ ہوئے، شعیب ملک 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ڈینئل کرسچن نے ناقابل شکست 16 رنز کی اننگز کھیلی۔

    ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان شاداب خان رومان رئیس، محمد موسیٰ اور سمیٹ پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 17.4 اوورز میں 121 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 122 رنز کا ہدف دیا، شاہد آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی پہلی وکٹ 5 رنز پر گری جب کیمرون ڈیلپورٹ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، صاحبزادہ فرحان بھی 4 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر اسٹمپڈ آؤٹ ہوئے۔

    سمیٹ پٹیل 20 رنز بنا کر آفریدی کا نشانہ بنے، حسین طلعت کو 8 رنز پر شاہد آفریدی نے بولڈ کیا، وین پارنیل 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، آصف علی 22 رنز بنا کر نمایاں رہے انہیں ڈینئل کرسچن نے آؤٹ کیا۔

    کپتان شاداب خان 4 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر بولڈ ہوئے، رومان رئیس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، فہیم اشرف 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    ملتان سلطانز کے ڈینئل کرسچن نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاہد خان آفریدی، محمد الیاس، نعمان علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عرفان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

    قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں شعیب ملک نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے، ملتان سلطانز کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، حماد اعظم اور گرین کی جگہ نعمان اور ایونس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، شاداب خان اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ اسکواڈ

    شاداب خان کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں دیگر کھلاڑیوں میں لک رانکی، صاحبزادہ فرحان، کیمرون ڈیلپورٹ، حسین طلعت، آصف علی، فہیم اشرف، وین پارنیل، سمیٹ پٹیل، رومان رئیس اور محمد موسیٰ شامل ہیں۔

    ملتان سلطانز اسکواڈ

    ملتان سلطانز کی قیادت شعیب ملک کررہے ہیں دیگر کھلاڑیوں میں جیمز ونس، ایونس، عمر صدیق، ڈینئل کرسچن، جانسن چارلس، نعمان علی، جنید خان، محمد الیاس، محمد عرفان اور شاہد آفریدی شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کے دو پوائنٹس ہیں جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے تین میچز جیت کر 6 پوائنٹس حاصل کررکھے ہیں۔

  • پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    شارجہ: پی ایس ایل فور کے 14 ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، امام الحق میچ نے شاندار نصف سنچری اسکور کی۔

    تفصیلات کے مطابق شارجہ میں کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے دیا جانے والا 146 رنز کا ہدف زلمی کی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    امام الحق نے شاندار 52 رنز کی اننگز کھیلی انہیں جنید خان نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، کامران اکمل صرف 4 رنز پر محمد عرفان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

    ملان نے 38 رنز کی اننگز کھیلی، لیام ڈوسن 18 رنز پر بنا کر آؤٹ ہوئے، دونوں کھلاڑیوں کو ڈینئل کرسچن نے آؤٹ کیا۔

    کیرون پولارڈ نے محمد عرفان کی چار گیندوں پر چار چھکے جڑ دئیے وہ  25 رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے، ڈیرن سیمی 5 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

    ملتان سلطانز کی جانب سے ڈینئل کرسچن اور جنید خان نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عرفان کے حصے میں ایک وکٹ آسکی۔

    قبل ازیں شارجہ میں کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں آل آؤٹ ہوکر 145 رنز بنائے اور پشاور زلمی کو جیت کے لیے 146رنز کا ہدف دیا، حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ 1 رنز پر گری جب جیمز ونس صفر پر پویلین لوٹ گئے، دوسری وکٹ 81 رنز پر گری جب عمر صدیق 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    چارلس نے 34 گیندوں پر 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، انہیں عمید آصف نے آؤٹ کیا، ڈینئل کرسچن کو ثمین گل نے 17 رنز پر آؤٹ کیا۔ شعیب ملک 22 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے، شاہد آفریدی 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    آل راؤنڈر حماد اعظم بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، محمد الیاس کو ایک رن پر وہاب ریاض نے بولڈ کیا، جنید خان صفر پر رن آؤٹ ہوئے۔

    پشاور زلمی کے حسن علی نے 4 وکٹیں حاصل کیں، ثمین گل، وہاب ریاض، عمید آصف اور لیام ڈوسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں شارجہ میں کھیلے جانے والے میچ میں زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

    پشاور زلمی کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جبکہ ملتان سلطانز کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور شاہد خان آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    پشاور زلمی نے پانچ میچ کھیلے ہیں جس میں سے تین جیتے اور دو ہارے ہیں، پوائنٹس ٹیبل پر زلمی کی ٹیم کے 6 پوائنٹس ہیں۔

    ملتان سلطانز نے پانچ میچ کھیلے ہیں چار ہارے اور ایک میچ جیتا ہے، سلطانز کے پوائنٹس ٹیبل پر 2 پوائنٹس ہیں۔