Tag: ملتان

  • ملتان: اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارروائیاں، 3 ملزمان گرفتار

    ملتان: اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارروائیاں، 3 ملزمان گرفتار

    ملتان: صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کر کے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے شیرشاہ ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کوئلے کے ٹرک سے 701 کلو چرس برآمد کر لی، چرس مہارت کے ساتھ ٹرک کے فرش میں چھپائی گئی تھی۔

    اینٹی نارکوٹکس فورس نے دوسری کارروائی میں 3 ملزمان عدنان ،صداقت علی، نعیم کو گرفتار کر کے 5 کلو ہیروئن اور 22 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

    کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارروائیاں، ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے کلفٹن میں اے این ایف نے کورئیر کمپنی کے دفتر میں کارروائی کے دوران برطانیہ کے لیے بک کرائے گئے 8 ڈبوں سے 4 کلو سے زائد ہیروئن برآمد کی تھی۔ ہیروئن کو گلابی لیمپس میں انتہائی مہارت سے چھپایا گیا تھا۔

    اے این ایف کے مطابق کورنگی میں کورئیر کمپنی میں بھی کارروائی کے دوران برطانیہ کے لیے بک کرائے گئے پارسل سے ایک کلو ہیروئن برآمد کی گئی تھی، ہیروئن کو 2 کتابوں کے اندر چھپایا گیا تھا۔

  • سفاک نامعلوم افراد نے 5 سالہ معصوم بچے پر تیزاب پھینک دیا

    سفاک نامعلوم افراد نے 5 سالہ معصوم بچے پر تیزاب پھینک دیا

    ملتان: سفاک نامعلوم افراد نے 5 سالہ بچے منتظر پر تیزاب پھینک دیا اور فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ملتان کے علاقے تھانہ صدر کی حدود میں نا معلوم ملزمان نے پانچ سالہ معصوم بچے پر تیزاب پھینک دیا تھا، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 5 سالہ بچے پر تیزاب پھینکنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ اقدام قتل اور دہشت گردی کے دفعات کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا، ایف آئی آر بچے کے والد مختار حسین کی مدعیت میں درج کی گئی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سورج میانی میں نامعلوم افراد نے 5 سالہ بچے پر تیزاب پھینک کر شدید زخمی کر دیا تھا، بچے کو تشویش ناک حالت میں نشتر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ تیزاب کے باعث بچے کا چہرہ اور گردن بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

    یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ملتان کے سورج میانی کے علاقے میں کسی نامعلوم سفاک خاتون نے بچے پر تیزاب پھینکنے کی واردات کی ہے، پولیس تھانہ صدر نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

    یاد رہے کہ پنجاب بھر میں تیزاب گردی کے بڑھتے واقعات کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت ایسڈ کنٹرول ایکٹ لانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں ہیومن رائٹس کمیشن کی جانب سے مسودہ پنجاب حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے۔

  • ملتان کا مسافر زیورات سے بھرا پاؤچ پرواز ہی میں چھوڑ گیا

    ملتان کا مسافر زیورات سے بھرا پاؤچ پرواز ہی میں چھوڑ گیا

    ملتان: دوحہ سے آنے والی پرواز میں مسافر زیورات سے بھرا پاؤچ چھوڑ گیا، تاہم ملتان ائیر پورٹ پر سی اے اے نے ایمان داری کی ایک اور مثال قائم کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان ائیر پورٹ پر گزشتہ روز سی اے اے نے ایمان داری کی ایک اور مثال قائم کر دی ہے، مسافر کا قیمتی پاؤچ جو وہ پرواز ہی میں چھوڑ گیا تھا، واپس کر دیا گیا۔

    قطر ایئر ویز کی پرواز QR 618 دوحہ سے ملتان ایئر پورٹ پہنچی تو غلام نبیل نامی مسافر اپنے کالے رنگ کا پاؤچ پرواز ہی میں بھول گیا، جس میں موبائل فون، سونے کے زیورات اور شناختی کارڈ موجود تھا۔

    ملتان ایئرپورٹ پر ٹرمینل منیجر مسافر غلام نبیل کو ان کا پاؤچ حوالے کر رہے ہیں

    ایئر پورٹ ذرایع کا کہنا ہے کہ شفٹ کے اے پی ایس سپروائزر ثمر خان کو جہاز کلیئرنس کے دوران کالے رنگ کا ایک پاؤچ ملا تھا، جو انھوں نے حکام کے حوالے کیا۔ شناختی کارڈ سے مسافر کی نشان دہی ہونے کے بعد اس کے لیے اناؤنسمنٹ کی گئی جس پر مسافر غلام نبیل کاؤنٹر پر پہنچا۔

    سول ایوی اتھارٹی کے عملے نے ایک بار پھر ایمانداری کی مثال قائم کردی

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹرمینل منیجر عبد الماجد کی موجودگی میں مسافر غلام نبیل کو ان کا بھرا ہوا قیمتی پاؤچ لوٹایا گیا۔

    دوسری طرف کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بھی دبئی جانے والا مسافر ڈالروں سے بھرا پرس بھول گیا، مسافر فہیم یوسف غیر ملکی ائیر لائن کی پرواز EK 603 کے ذریعے دبئی جا رہا تھا، اے ایس ایف کے کاؤنٹر پر سرچ کے دوران پرس بھول گیا، جس میں 5000 امریکی ڈالر اور دیگر چیزیں موجود تھیں۔ تاہم اے ایس ایف کے سب انسپکٹر نے مسافر کو بین الاقوامی ڈپارچر لاؤنچ میں تلاش کر کے پرس حوالے کر دیا۔

    خیال رہے کہ ملک کے متعدد ایئرپورٹس پر اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات رونما ہو چکے ہیں، جن میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے کی ایمان داری سامنے آئی، اور مسافروں کی جانب سے ان کا بھولا ہوا قیمتی سامان انھیں واپس کیا گیا۔

  • ایف آئی اے عملے نے کھانسنے پر پاکستانی سائنس دان کا پاسپورٹ پھاڑ دیا

    ایف آئی اے عملے نے کھانسنے پر پاکستانی سائنس دان کا پاسپورٹ پھاڑ دیا

    ملتان: پنجاب کے شہر ملتان میں ایئر پورٹ پر امیگریشن کاؤنٹر پر عملے نے کھانسنے پر پاکستانی سائنس دان کا پاسپورٹ پھاڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان ایئر پورٹ پر امیگریشن کاؤنٹر پر نوجوان سائنس دان ڈاکٹر فیصل کو ڈیوٹی عملے کی شان میں گستاخی کی بھاری سزا بھگتنی پڑی، کھانستے وقت منہ پر ہاتھ کیوں نہیں رکھا، یہ بات عملے کو اتنی ناگوار گزری کہ ایف آئی اے عملے نے مسافر کا پاسپورٹ ہی پھاڑ دیا۔

    نوجوان سائنس دان ڈاکٹر فیصل حال ہی میں جرمنی سے پی ایچ ڈی مکمل کر کے وطن لوٹا تھا، اس سے قبل انھوں نے فیملی کے ساتھ عمرے کی سعادت بھی حاصل کی، گزشتہ روز ملتان ایئر پورٹ پر اترنے کے بعد عملے کے ساتھ معمولی بات پر تلخ کلامی ہوئی جس کا نتیجہ پاسپورٹ پھاڑے جانے کی صورت میں نکلا۔

    تازہ ترین:  سی اے اے نے پاکستانی سائنس دان کا پاسپورٹ پھاڑے جانے کا نوٹس لے لیا

    ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ وہ بخار کی حالت میں تھے، کھانسی آئی تو منہ پر ہاتھ نہ رکھ سکے، جس پر امیگریشن کاؤنٹر پر موجود اہل کار نے پہلے پاسپورٹ ان کے منہ پر مارا، جب اس رویے پر احتجاج کیا گیا تو مزید اہل کار آگے بڑھے اور ان پر تشدد کی بھی کوشش کی، اس کے بعد ایف آئی اے اہل کاروں نے پاسپورٹ چھین کر ویزے والا صفحہ پھاڑ دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے امریکا میں حال ہی میں ریسرچ سائنٹسٹ کی پوزیشن حاصل کی ہے، اور انھیں امریکا جانا ہے لیکن یہاں ایئرپورٹ عملے نے ان کا پاسپورٹ ہی پھاڑ دیا ہے۔

  • ملتان: پولیس انکاؤنٹر میں 4 ڈاکو مار دیے گئے

    ملتان: پولیس انکاؤنٹر میں 4 ڈاکو مار دیے گئے

    ملتان: جلالپور پیروالا میں حاجی پل کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران پولیس نے 4 ملزمان کو ہلاک کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کی تحصیل جلالپور پیروالا میں حاجی پل کے قریب ڈاکو روڈ پر ناکا لگا کر لوٹ مار کر رہے تھے، پولیس نے موقع پر پہنچ کر انکاؤنٹر میں چار ڈاکو مار دیے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ انھیں 15 پر اطلاع ملی تھی کہ ڈاکو ناکا لگا کر لوٹ مار کر رہے ہیں، جس پر پولیس اہل کار موقع پر پہنچے، فائرنگ کے تبادلے میں 4 ڈاکو ہلاک جب کہ دیگر فرار ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق جلالپور پیروالا میں ہلاک ڈکیتوں سے کلاشنکوف، موٹر سائیکل اور نقدی برآمد ہوئی، ہلاک ہونے والے ایک ڈاکو کی شناخت شوکت عرف شوکی کلال کے نام سے ہوئی ہے جب کہ باقی کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ملتان میں مبینہ پولیس مقابلہ، 4 ڈاکو ہلاک

    پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی تعداد چھ تھی، جن میں سے دو فرار ہونے میں کام یاب ہو گئے ہیں، فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ او تھانہ صدر بھی زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ کارروائی کے دوران ایک پولیس گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی تھی، فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا تھا۔ ڈاکوؤں کی لاشیں نشتر اسپتال منتقل کی جا رہی ہیں، جب کہ فرار ہونے والے ڈاکوؤں کو بھی پکڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

  • اسٹیج ڈانسر عامر گوگی پر دوست نے گولیاں برسا دیں

    اسٹیج ڈانسر عامر گوگی پر دوست نے گولیاں برسا دیں

    ملتان: پنجاب کے شہر ملتان میں ایک اسٹیج ڈانسر عامر گوگی کو دوست نے گولیاں برسا دیں، جس کے باعث وہ جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے علاقے نظام آباد میں گزشتہ رات گھر میں فائرنگ کر کے اسٹیج ڈانسرعامر گوگی کو قتل کر دیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ عامر گوگی پر اس کے دوست ہارون نے ساتھی کے ساتھ مل کر فائرنگ کی۔

    پولیس کے مطابق گولیاں لگنے کے بعد عامر گوگی زخمی ہو گئے تھے جنھیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر ملتان کے نشتر اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکے۔ عامر گوگی کی نعش کو نشتر اسپتال منتقل کیا جا چکاہے جہاں اس کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔

    اسٹیج ڈانسر عامر عرف گوگی قتل کا مقدمہ پرانی کوتوالی تھانے میں درج کر لیا گیا، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزم ہارون نے گھر میں داخل ہو کر عامر پر فائرنگ کی، ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ہارون تاحال مفرور ہے، چھاپے مارے جا رہے ہیں، ملزم کی گرفتاری کے بعد ہی قتل کی وجہ معلوم ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  اداکارہ نور کو سابق شوہر نے گھر میں گھس کر قتل کردیا

    یاد رہے کہ گزشتہ برس اگست میں گوجرانوالہ کے ایک معروف اسٹیج اداکار اکرم اداس پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، تاہم وہ بچ گئے تھے، لاہور سے گوجرانوالہ جاتے ہوئے ان کی کار پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر دی تھی، ایف آئی آر میں محفل تھیٹر لاہور کے پروڈیوسر اسحاق کو نامزد کیا گیا تھا۔

    اس سے قبل ایبٹ آباد میں بھی مقامی اداکارہ اور ڈانسر نور کو سابق شوہر شازی خان نے ان کے گھر میں گھس کر قتل کر دیا تھا۔ اس طرح کے مزید واقعات بھی پیش آ چکے ہیں، گزشتہ نومبر کو پشاور میں رقاصہ سونیا کو اس کے دوست نے قتل کیا تھا، جب کہ رواں برس اگست میں سوات میں ثنا نامی ایک گلوکارہ اور رقاصہ کو ان کے بھائی نے چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا تھا۔

  • ملتان کے نشتر اسپتال پر چوہوں نے یلغار کر دی

    ملتان کے نشتر اسپتال پر چوہوں نے یلغار کر دی

    ملتان: ملک میں سرکاری اسپتالوں کی حالت زار سے متعلق میڈیا رپورٹس سامنے آتی رہتی ہیں، اب ملتان کے نشتر اسپتال سے متعلق رپورٹ آئی ہے کہ اسپتال پر چوہوں نے یلغار کر کے مریضوں کو پریشان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نشتر اسپتال ملتان پر چوہوں نے حملہ کر کے مریضوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، تاہم اس معاملے کا نازک پہلو یہ ہے کہ مریض آپریشن کے بعد انفیکشن میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چوہوں کی بڑی تعداد پورے اسپتال میں دوڑتی پھرتی دکھائی دیتی ہے، چوہوں سے آپریشن تھیٹر بھی نہیں بچے، وارڈز میں بھی ہر جگہ چوہے دوڑتے دکھائی دیتے ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق اسپتال انتظامیہ کی جانب سے چوہوں کے تدارک کے لیے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا گیا، مریض چوہوں کی شکایت کر رہے ہیں لیکن ان کی شکایت سننے والا کوئی نہیں ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نشتر اسپتال میں ادویات اور ڈرپ کے بعد آکسیجن سلنڈر بھی نایاب

    جنوبی پنجاب کے نشتر اسپتال کی او پی ڈی میں روزانہ 6 ہزار مریضوں کو چیک کیا جاتا ہے، اسپتال میں بلوچستان اور خیبر پختون خوا سے بھی مریض بڑی تعداد میں علاج کے لیے آتے ہیں۔

    یاد رہے کہ 9 نومبر کو اے آر وائی نیوز کے نمایندے نے رپورٹ دی تھی کہ نشتر اسپتال میں مریضوں کے لیے ادویہ اور ڈرپ اسٹینڈز کے بعد آکسیجن سلنڈر بھی نایاب ہو گئے ہیں، بچوں کے ایمرجنسی وارڈ میں تین تین بچوں کو ایک ہی سلنڈر سے آکسیجن دی جا رہی ہے، جس سے بچوں میں انفکیشن پھیلنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

  • علی حیدر گیلانی کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج

    علی حیدر گیلانی کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج

    ملتان: سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے اور پیپلز پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کار سرکار میں مداخلت کرنے اور ڈی پی او سے بد سلوکی کرنے پر رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں 4 معلوم اور 60 نامعلوم ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی پر الزام ہے کہ انھوں نے مظفر گڑھ کے جلسے میں گاڑیوں کا داخلہ روکنے پر ڈی پی او سے تلخ کلامی کی تھی اوراس موقع پر انھوں نے پی پی کے کارکنوں کے ساتھ ڈی پی او اور پولیس اہل کاروں کو دھکے دیے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق علی حیدر گیلانی نے سیکورٹی بیرئیرز توڑ کر کار سرکار میں مداخلت کی تھی، ایم پی اے نے ڈی پی او کو سنگین نتائج کی دھمکی بھی دی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بلاول بھٹو کا مظفر گڑھ جلسے سے خطاب

    واضح رہے کہ 8 نومبر کو مظفر گڑھ میں پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کیا تھا، انھوں نے کہا احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کی حد کردی گئی ہے، آصف زرداری نے پہلے بھی 11 سال بغیر جرم جیل میں گزارے، کیس کی سماعت بھی سندھ میں ہونی تھی لیکن مقدمہ راولپنڈی میں چل رہا ہے۔

    پیپلز پارٹی کے گزشتہ دور حکومت کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم نے آمرانہ دور میں نکالے گئے نوجوانوں کو نوکریوں پر بحال کیا تھا، 18 ویں آئینی ترمیم سے صوبوں کو ان کے حقوق دیے۔

  • ملتان میں مبینہ پولیس مقابلہ، 4 ڈاکو ہلاک

    ملتان میں مبینہ پولیس مقابلہ، 4 ڈاکو ہلاک

    ملتان: صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں مبینہ پولیس مقابلے میں 4 ڈاکو ہلاک ہوگئے، ڈاکو شہری سے موٹرسائیکل چھین کر فرار ہو رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے علاقے بسم اللہ چوک کے قریب شہری سے موٹرسائیکل چھین کر فرار ہو رہے تھے پولیس نے تعاقب کیا تو ملزمان نے فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ میں چاروں ملزمان ہلاک ہوگئے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان نے مخدوم رشید کے علاقے میں 5 اور 6 اکتوبر کی درمیانی شب ایک مکان میں ڈکیتی کے دوران لڑکی سے زیادتی اور اس کی ماں کو گلا دبا کر قتل بھی کیا تھا۔

    آئی جی پنجاب پولیس عارف نواز خان نے آر پی او اور سی پی او ملتان کی رپورٹ طلب کی تھی، ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی 3 ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں تھیں۔

    فیصل آباد میں مبینہ پولیس مقابلہ‘ 2 ملزمان ہلاک

    اس سے قبل رواں سال یکم جولائی کو صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں انسداد دہشت گردی فورس(سی ٹی ڈی) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گرد ہلاک کیے تھے۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے اسلحہ، بارودی مواد اور نقشے برآمد ہوئے، ہلاک دہشت گردوں میں طیب، بلال اور نادر شامل ہیں۔ تینوں دہشت گرد افغانستان سے تربیت یافتہ اور ریڈ بک میں شامل تھے۔

  • ملتان: خواجہ سراؤں کا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج

    ملتان: خواجہ سراؤں کا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج

    ملتان: خواجہ سرا بھی مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے سڑکوں پر نکل آئے، انھوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف نواں شہر چوک پر احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں خواجہ سراؤں نے نواں شہر چوک پر احتجاج کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم پر عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی۔

    مظاہرین نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے بھی لگائے، ان کا کہنا تھا کشمیر میں انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیاں جاری ہیں اس لیے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل چوبیس اگست کو کراچی کے خواجہ سراؤں نے بھی کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا تھا، جس میں بڑی تعداد میں خواجہ سراؤں نے شرکت کر کے مودی کے خلاف نعرے لگائے۔

    مقررین نے مظاہرے سے خطاب میں کہا کہ مودی کی توپوں کا رخ موڑنے کے لیے ہم خواجہ سرا ہی کافی ہیں، کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور رہے گا، مودی جنگ کی کوشش نہ کرے، ہم ملک کے لیے کسی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

    تیس اگست کو بورے والا میں بھی خواجہ سراؤں نے کشمیریوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا تھا، انھوں نے ریلی بھی نکالی، خواجہ سرا آشی چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم حکم دیں ہم کشمیر جا کر اپنی جانیں قربان کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔