Tag: ملتان

  • ملتان : مسافرکی بس ہوسٹس سے بدتمیزی اور دھمکیوں کی ویڈیو وائرل

    ملتان : مسافرکی بس ہوسٹس سے بدتمیزی اور دھمکیوں کی ویڈیو وائرل

    ملتان : بس ہوسٹس کے ساتھ مسافر کی بدتمیزی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، مسافر خود کوسرکاری اہلکارکہہ کر بس ہوسٹس کو دھمکاتارہا دیگر مسافروں کے بیچ بچاؤ کے باوجود مسافرکی اکڑ نہ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے لاہور جانے والی مسافر بس کی ایئر ہوسٹس کو دھمکانا مسافر کو مہنگا پڑگیا،ملتان سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے طاہر خان کے مطابق محض پانی دیر سے دینے پر مسافر نے بس ہوسٹس پر شدید غصے کا اظہار  کیا۔

    مذکورہ مسافر نے  خاتون سے بد تمیزی کی اور بس سے باہر پھینکنے کی دھمکیاں دیں جس پر بس ہوسٹس آبدیدہ ہوگئی، بس میں موجود دیگر مسافروں نے سمجھانے کوشش کی تاہم مسافر اپنی روش سے باز ںہ آیا اور خود کو سرکاری افسر ظاہر کرکے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا رہا۔

    بعد ازاں مسافروں نے موٹر وے پولیس کو کال کر کے بلا لیا، اور اس کی شکایت درج کراتے ہوئے کہا کہ اس کے ساتھ سفر نہیں کرسکتے جس پر مذکورہ مسافر کو بس سے اتار دیا گیا۔

  • یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے پیپلز پارٹی چھوڑ سکتے ہیں، شاہ محمود قریشی

    یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے پیپلز پارٹی چھوڑ سکتے ہیں، شاہ محمود قریشی

    ملتان : وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ گیلانی صاحب کے صاحبزادے پیپلز پارٹی چھوڑ سکتے ہیں، اگلے الیکشن میں سندھ میں پی ٹی آئی اور اتحادیوں کی حکومت ہوگی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے پھسل جاتے ہیں۔

    بلاول بھٹو کو کہوں گا کہ گیلانی صاحب کے صاحبزادوں کو قابو میں رکھیں کیونکہ اطلاع ملی ہے کہ گیلانی صاحب کے صاحبزادے پیپلز پارٹی کو خیر باد کہہ سکتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ہمیں ن لیگ میں چلے جانا چاہئے۔

    ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے پی، پنجاب اور بلوچستان سے مکمل طور پر فارغ ہوچکی ہے، پی پی صرف اندرون سندھ میں ہی محدود ہوکر رہ گئی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اگلے الیکشن میں سندھ میں پی ٹی آئی اور اس کے اتحادیوں کی حکومت قائم ہوگی، سندھ کے لوگوں میں شعورآرہا ہے اب جلد تبدیلی بھی دیکھیں گے۔

    پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 218 ملتان کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کی کامیابی پر ان کا کہنا تھا کہ ملتان میں نون لیگ اور پیپلزپارٹی کا گٹھ جوڑ ناکام ثابت ہوا ہے، ملتان کی عوام نے کرپشن کو مسترد کردیا۔

    ملک واصف راں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج چوروں کی چوری پکڑی گئی ہے۔ ضمنی الیکشن میں واصف راں نے ساڑھے سات ہزار ووٹ کی برتری حاصل کرلی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی پی 218 کے ضمنی انتخاب میں (ن) لیگ اور پی پی پہلی بار اکٹھے ہوئے لیکن انہیں شکست ہوئی، نون لیگ اور پیپلزپارٹی کا اتحاد کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔

  • ملتان : ضمنی انتخاب، تحریک انصاف کا امیدوار کامیاب ، پی پی کو شکست

    ملتان : ضمنی انتخاب، تحریک انصاف کا امیدوار کامیاب ، پی پی کو شکست

    ملتان : ملتان کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کو فتح مل گئی، پی ٹی آئی کے واصف راں کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مد مقابل پی پی امیدوار ملک ارشدراں دوسرے نمبر پر رہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 218 ملتان کے ضمنی انتخاب میں غیرسرکاری اور غیر حتمی نتیجے میں تحریک انصاف نے ایک بار پھر فتح سمیٹ لی۔

    پی ٹی آئی کے واصف راں نے 46988ووٹ لے کر میدان مار لیا، ضمنی انتخاب میں ان کے مد مقابل پیپلزپارٹی کے امیدوار ملک ارشد راں39486ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    مذکورہ حلقے میں138پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے، جن میں سے32اسٹیشنوں کو حساس قرار دیا گیا، ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔

    اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور پاک فوج کے جوان اپنی ڈیوٹی پر موجود تھے۔

    اس حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ملتان میں نون لیگ اور پیپلزپارٹی کا گٹھ جوڑ ناکام ثابت ہوا ہے، ملتان کی عوام نے کرپشن کو مسترد کردیا۔

    ملک واصف راں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج چوروں کی چوری پکڑی گئی ہے،۔ ضمنی الیکشن میں واصف راں نے ساڑھے سات ہزار ووٹ کی برتری حاصل کرلی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی پی 218 کے ضمنی انتخاب میں (ن) لیگ اور پی پی پہلی بار اکٹھے ہوئے لیکن انہیں شکست ہوئی، نون لیگ اور پیپلزپارٹی کا اتحاد کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔

  • ملتان: پی پی 218 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری

    ملتان: پی پی 218 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری

    ملتان: پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 218 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے، تحریک انصاف کے واصف مظہراور پیپلزپارٹی کے ملک محمد ارشد میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ضمنی الیکشن کے لیے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 218 میں پولنگ کا عمل جاری ہے ، پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

    ملتان کے حلقہ پی پی 218 پر ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے واصف مظہر اور پیپلزپارٹی کے ملک محمد ارشد میں سخت مقابلے کا امکان ہے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق پی پی 218 میں ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 3ہزار188 ہے، حلقے میں ووٹنگ کے لیے 138 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی انتقال کرگئے

    یاد رہے کہ رواں سال 16 جنوری کوپاکستان تحریک انصاف کے مظہرعباس راں کے انتقال کر گئے تھے جس کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی۔

    مظہر عباس نے سیاست کا آغاز 1988 میں پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے کیا، انہوں نے پی پی 166 کی نشست پر شاہ محمود قریشی کے خلاف الیکشن لڑا مگر اُس میں کامیاب نہیں ہوسکے تھے، بعد ازاں 1990 اور 1997 میں بھی انہیں شاہ محمود قریشی نے شکست دی۔

    مرحوم نے بعد ازاں مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی اور 2002 میں ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی، البتہ 2008 کے الیکشن میں آپ کو پی پی کے امیدوار ملک ارشد کے ہاتھوں شکست کھانی پڑی،

    مرحوم ملتان کی سیاست میں نمایاں مقام رکھتے تھے، آپ نے حالیہ انتخابات سے قبل عمران خان سے ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی جس کے بعد پی ٹی آئی نے آپ کو پی پی 218 سے ٹکٹ جاری کیا اور آپ دوسری بار رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔

  • ملتان: پی پی 218 میں ضمنی الیکشن کل ہوگا

    ملتان: پی پی 218 میں ضمنی الیکشن کل ہوگا

    ملتان: پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 218 پر ضمنی الیکشن کل ہوں گے، الیکشن کمیشن نے انتظامات مکمل کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ملتان کے حلقہ پی پی 218 میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کل ہوگی۔ پاکستان تحریک انصاف کے واصف مظہراورپیپلزپارٹی کے ملک محمد ارشد میں کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق پی پی218 میں ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 3ہزار188 ہے، حلقے میں ووٹنگ کے لیے 138 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی انتقال کرگئے

    یاد رہے کہ رواں سال 16 جنوری کوپاکستان تحریک انصاف کے مظہرعباس راں کے انتقال کر گئے تھے جس کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی۔

    مظہر عباس نے سیاست کا آغاز 1988 میں پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے کیا، انہوں نے پی پی 166 کی نشست پر شاہ محمود قریشی کے خلاف الیکشن لڑا مگر اُس میں کامیاب نہیں ہوسکے تھے، بعد ازاں 1990 اور 1997 میں بھی انہیں شاہ محمود قریشی نے شکست دی۔

    مرحوم نے بعد ازاں مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی اور 2002 میں ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی، البتہ 2008 کے الیکشن میں آپ کو پی پی کے امیدوار ملک ارشد کے ہاتھوں شکست کھانی پڑی،

    مرحوم ملتان کی سیاست میں نمایاں مقام رکھتے تھے، آپ نے حالیہ انتخابات سے قبل عمران خان سے ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی جس کے بعد پی ٹی آئی نے آپ کو پی پی 218 سے ٹکٹ جاری کیا اور آپ دوسری بار رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔

  • ملتان، کنویں میں پھینکے گئے ایک ماہ کے بچے کو باحفاظت نکال لیا گیا

    ملتان، کنویں میں پھینکے گئے ایک ماہ کے بچے کو باحفاظت نکال لیا گیا

    ملتان: پنجاب کے شہر ملتان میں ماں کی جانب سے کنویں میں پھینکے گئے ایک ماہ کے بچے کو باحفاظت نکال لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں کنویں میں پھینکے گئے ایک ماہ کے بچے کو باحفاظت نکال لیا گیا، بچے کو ذہنی مریض ماں نے کنویں میں پھینک دیا تھا۔

    ریسیکیو ذرائع کے مطابق 50 فٹ گہرے کنویں میں ریت کی وجہ سے بچہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے بچے کو کنویں سے نکالا جارہا ہے جبکہ علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد کنویں کے اطراف جمع ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی، ماں نے ڈھائی سالہ بچی کو سمندر میں ڈبو کر قتل کردیا

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے گولیمار کی رہائشی خاتون نے حالات سے تنگ آکر کمسن بیٹی کو سی ویو کے قریب سمندر میں پھینک کر قتل کردیا تھا، خاتون کی خودکشی کی کوشش موقع پر موجود افراد نے ناکام بنادی تھی جبکہ ملزمہ کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

    خاتون کے کا کہنا تھا کہ شوہر لیب ٹیکنیشن ہے، معاشی حالات ابتر ہونے کی وجہ سے گزر بسر کرنا بھی محال ہوگیا تھا، اپنوں کے رویے، تنگدستی اور مالی حالات کی وجہ سے دلبرداشتہ ہوکر بیٹی سمیت موت کو گلے لگانے کا منصوبہ بنایا تھا۔

    ایس ایچ او غزالہ کا کا کہنا تھا کہ بچی کو تلاش کرنے کے لیے انہوں نے فوری طور پر غوطہ خوروں کی مدد لی اور بچی کی لاش سمندر سے نکال لی جبکہ پولیس نے ملزمہ شکیلہ کے خلاف 302 کی دفعہ کے تحت مقدمہ نمبر 19/09 درج کرلیا۔

  • آئی ایم ایف مجبوری ہے، ڈاکو لٹیرے ملک لوٹ کر گئے ہیں: شیخ رشید

    آئی ایم ایف مجبوری ہے، ڈاکو لٹیرے ملک لوٹ کر گئے ہیں: شیخ رشید

    راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف مجبوری ہے، ڈاکو لٹیرے ملک کو لوٹ کر گئے ہیں۔ عمران خان کو معلوم ہی نہیں تھا کہ کس طرح ملک کو لوٹا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیر اعظم کی جانب سے افتتاح کی جانے والی تھل ایکسپریس آج صبح راولپنڈی سے ملتان روانہ ہوگئی۔ وزیر ریلوے شیخ رشید بھی ٹرین میں سوار ہیں۔

    ٹرین کندیاں، میانوالی، لیہ، کوٹ ادو اور مظفر گڑھ سے ہوتے ہوئے ملتان پہنچے گی۔ ٹرین روزانہ ملتان سے راولپنڈی اور راولپنڈی سے ملتان چلا کرے گی، دونوں شہروں کے درمیان سفر کا دورانیہ 4 گھنٹے کم ہو کر 11 گھنٹے رہ جائے گا۔

    750 سے زائد مسافروں کی گنجائش والی تھل ایکسپریس میں 10 بوگیاں ہیں۔

    پہلے روز تھل ایکسپریس میں سفر کرنے والے مسافروں کے لیے مفت سفر کی سہولت رکھی گئی ہے۔

    ٹرین روانگی سے قبل وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹرین مزدوروں نے بنائی ہے، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ 20 فریٹ ٹرینیں چلانا میرا ہدف ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جہاں جہاں غریب بستی ہے وہاں تک پٹری لے کر جاؤں گا، آرام ہم پر حرام ہے۔ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان تاریخی ہوگا۔ عمران خان نے ملک کے لیے سعودی ولی عہد سے ذاتی تعلقات بنائے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے سربراہ سے بھی پاکستان کے لیے ذاتی تعلقات بنائے گئے۔ آئی ایم ایف مجبوری ہے، ڈاکو لٹیرے ملک کو لوٹ کر گئے ہیں۔ عمران خان کو معلوم ہی نہیں تھا کہ کس طرح ملک کو لوٹا گیا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ میں بھی وزیر اعظم ہوتا تو آئی ایم ایف کے پاس جاتا، 40 بندوں کی لائن لگی ہے، سب جیل جائیں گے۔ ’گولی اندر ہوگی اور یہ چوہے جالندھر ہوں گے‘۔

  • ملتان: سالانہ تقریب کے لیے فنڈ نہ دینے پر طالب علم پر تشدد کرنے والے 2 اساتذہ معطل

    ملتان: سالانہ تقریب کے لیے فنڈ نہ دینے پر طالب علم پر تشدد کرنے والے 2 اساتذہ معطل

    ملتان: گورنمںٹ ایم اے جناح اسکول ملتان کے طالب علم پر تشدد کرنے والے 2 اساتذہ کو معطل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے گورنمنٹ ایم اے جناح اسکول میں سالانہ تقریب کے لیے فنڈ نہ دینے پر طالب علم پر تشدد کرنے والے 2 اساتذہ کو معطل کردیا گیا، سی ای او ایجوکیشن نے اسکول پرنسپل کے خلاف بھی کارروائی کی سفارش کردی۔

    طالب علم پر تشدد کی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور ڈپٹی کمششنر کو بھجوادی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم اے جناح اسکول ملتان کے اساتذہ نے میٹرک کے طالب علم احمر کو سالانہ تقریب کے لیے 500 روپے نہ دینے پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

    مزید پڑھیں: ملتان، سالانہ تقریب کے لیے فنڈ نہ دینے پر اساتذہ کا طالب علم پر مبینہ تشدد

    طالب علم احمر کا کہنا تھا کہ اساتذہ نے پیٹ میں لاتیں ماریں، تینوں اساتذہ کان پکڑوا کر ڈنڈے مارتے رہے جبکہ ساتھی طلباء کا کہنا تھا کہ احمر کو سالانہ تقریب کے لیے 500 روپے فنڈ نہ دینے پر مارا گیا، احمر کو ڈنڈوں، لاتوں، گھونسوں اور مکوں سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    احمر کے والدین کا کہنا تھا کہ بیٹے کو باندھ کر بیہوشی کی حالت میں جھاڑیوں میں پھینک دیا گیا۔

    ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل نے کہا تھا کہ بچے پر تشدد کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے، ملوث اساتذہ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، ملوث اساتذہ کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔

    ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے طالب علم پر تشدد کے مبینہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا تھا۔

  • ملتان، سالانہ تقریب کے لیے فنڈ نہ دینے پر اساتذہ کا طالب علم پر مبینہ تشدد

    ملتان، سالانہ تقریب کے لیے فنڈ نہ دینے پر اساتذہ کا طالب علم پر مبینہ تشدد

    ملتان: پنجاب کے شہر ملتان کے گورنمنٹ ایم اے جناح اسکول کے اساتذہ نے سالانہ تقریب کے لیے فنڈ نہ دینے پر طالب علم کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے گورنمنٹ ایم اے جناح اسکول کے اساتذہ نے سالانہ تقریب کے لیے فنڈ نہ دینے پر میٹرک کے طالب علم پر مبینہ تشدد کیا ہے، طالب علم احمر نے الزام عائد کیا ہے کہ پرنسپل آفس میں استاد سجاد لاشاری، یاسین اور پرنسپل نے تشدد کیا۔

    طالب علم احمر کے مطابق اساتذہ نے پیٹ میں لاتیں ماریں، تینوں اساتذہ کان پکڑوا کر ڈنڈے مارتے رہے جبکہ ساتھی طلباء کا کہنا ہے کہ احمر کو سالانہ تقریب کے لیے 500 روپے فنڈ نہ دینے پر مارا گیا، احمر کو ڈنڈوں، لاتوں، گھونسوں اور مکوں سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    احمر کے والدین کا کہنا ہے کہ بیٹے کو باندھ کر بیہوشی کی حالت میں جھاڑیوں میں پھینک دیا گیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز مرزا احمد علی کے مطابق احمر کی عمر 17 سال ہے اور وہ میٹرک کا طالب علم ہے، احمر نے اساتذہ سے کہا کہ میرے والدین سالانہ تقریب کے لیے 500 روپے فنڈ نہیں دے سکتے جس پر اساتذہ نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق اساتذہ نے کمرہ بند کرکے احمر کو تشدد کا نشانہ بنایا اس وقت احمر کے ہمراہ اس کا دوست زبیر بھی موجود تھا، زبیر کے مطابق اس کو ہاتھوں پر ڈنڈے مارنے کے بعد باہر نکال دیا گیا تھا جبکہ احمر کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔

    ملوث اساتذہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا، شہباز گل

    ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل نے کہا ہے کہ بچے پر تشدد کا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے، ملوث اساتذہ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، ملوث اساتذہ کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔

    ڈپٹی کمشنر نے طالب علم پر تشدد کے مبینہ واقعے کا نوٹس لے لیا

    ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے طالب علم پر تشدد کے مبینہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔

    ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے طالب علم احمر پر مبینہ تشدد سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی اور سی ای او ایجوکیشن شمشیر خان کو حقائق منظر عام پر لانے کا حکم دے دیا۔

    بچوں کا آپس میں جھگڑا تھا، پی ٹی ماسٹر کی وضاحت

    پی ٹی ماسٹر کا کہنا ہے کہ بچوں کا آپس کا جھگڑا تھا کسی استاد نے مارا پیٹا نہیں ہے، بچوں کو صلح صفائی کے لیے پرنسپل آفس بلایا گیا تھا۔

  • آئی ایم ایف کے پاس جانا ہوگا: شیخ رشید

    آئی ایم ایف کے پاس جانا ہوگا: شیخ رشید

    ملتان: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا ہوگا۔ 23 مارچ کو کراچی راولپنڈی کے درمیان جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید فیصل آباد پہنچے جہاں انہوں نے ریلوے اسٹیشن کے باہر پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔

    بعد ازاں شیخ رشید شالیمار ایکسپریس کے خصوصی سیلون میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کے لیے روانہ ہوئے اور بعد میں شور کوٹ اور خانیوال سے ہو کر ملتان پہنچے۔ شیخ رشید نے ریلوے اسٹیشن پر کیومیٹک سسٹم کا افتتاح کیا۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ 12 فروری سے ٹرینوں میں ٹریکر سسٹم فعال ہوجائے گا، ٹریکر سسٹم مدثر نامی نوجوان نے بطور تحفہ دیا ہے۔ ریلوے کے ڈبے کی ذاتی اخراجات سے تزئین و آرائش کی۔

    شیخ رشید نے کہا کہ تاثر غلط ہے مسافر ٹرینوں سے ریلوے کو نقصان ہو رہا ہے، خانیوال اسٹیشن کی بہترین تزئین و آرائش کر رہے ہیں۔ کوئی پیکج اور ڈیل وزیر اعظم کی اجازت کے بغیر نہیں ہوسکتی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں میرا نام ڈالا ہے، انشا اللہ سپریم کورٹ میں کیس لڑنے جا رہا ہوں۔ پروڈکشن آرڈر دینا سیاسی بد اخلاقی ہے۔ کوئی نہ سمجھے میں وزارت کا بھوکا ہوں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان پر دنیا میں سارے الزام لگ سکتے ہیں کرپشن کا نہیں، پاکستان کی فوج ایک عظیم فوج ہے۔ عمران خان کی بدولت سعودی عرب اور چین سے پیسے آرہے ہیں۔ ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ملتان کے درمیان تیز ترین ٹرین چلا رہے ہیں، ملتان راولپنڈی ٹرین کا نام تھل ایکسپریس ہوگا۔ 23 مارچ کو کراچی راولپنڈی کے درمیان جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ نیا سسٹم لارہے ہیں لوگ گھر بیٹھے ٹرین کی لوکیشن دیکھ سکتے ہیں۔ تھل ایکسپریس کا 12 فروری کو وزیر اعظم افتتاح کریں گے۔