Tag: ملتان

  • میاں صاحب، آپ کو اللہ نے نکالا، ججز وسیلہ بنے، آصف زرداری

    میاں صاحب، آپ کو اللہ نے نکالا، ججز وسیلہ بنے، آصف زرداری

    ملتان: میاں صاحب، آپ کو اللہ نے نکالا، ججز وسیلہ بنے، غلط پالیسیوں کی وجہ سے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ایک صفحے پر نہیں، ان خیالات کا اظہار آصف علی زرداری نے ملتان میں پیپلزپارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    انھوں نے ملتان کے قاسم باغ میں منعقدہ جلسے میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پرویزمشرف کو لانے والے میاں نوازشریف تھے، ہم نےعوام کی طاقت سے پرویز مشرف کو باہر نکالا۔

    اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ہمیں ملک ٹکڑوں میں ملا تھا، ہم نے جمہوریت کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کیا، ہم سے جب بھی شہادتیں مانگی گئیں، ہم نے کلمہ پڑھ کر شہادتیں پیش کیں۔

    آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ نواز شریف پوچھتے پھر رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا، میاں صاحب آپ کو اللہ نے نکالا، وسیلہ ججز بنے۔ انھوں نے اسپیکر ایاز صادق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، اسپیکر صاحب آپ کی حکومت جاری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے سی پیک کو کولون ایجینسی سمجھ رکھا ہے، ہمیں سی پیک کا اصل مطلب پتا ہے، ان کو تو سی پیک کی تشریح بھی نہیں آتی۔

    یہ بھی پڑھیں: نواز شریف اپنی ذات کے لیے ملکی سلامتی داؤ پر لگارہے ہیں، آصف زرداری

    اس موقع پر انھوں نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی تعریف کی اور کہا کہ اگر عوام ان کا ساتھ دیں، توجنوبی پنجاب بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔

    انھوں نے اہل ملتان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہ ملتان کے عوام نے مجھے اور بلاول کو شہید بی بی کی یاد دلادی۔

    جلسے سے یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر سنیئر راہ نماؤں نے خطاب کیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ملک کی خاطرنواز شریف کے ساتھ کھڑا ہونا پڑا تو ہوجاؤں گا، جاوید ہاشمی

    ملک کی خاطرنواز شریف کے ساتھ کھڑا ہونا پڑا تو ہوجاؤں گا، جاوید ہاشمی

    ملتان : سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ میں خاندانی مسلم لیگی ہوں، میاں صاحب سےملاقات سےمتعلق علم نہیں، ملک بچانے کیلئے نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہونا پڑا تو ہوجاؤں گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ میری کتاب کی کل اسلام آباد میں تقریب رونمائی ہے۔

    میڈیا کے ذریعے میاں صاحب سے ملاقات کا سن رہا ہوں، میں خاندانی مسلم لیگی ہوں، میرے والد اوردادا بھی مسلم لیگی تھے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک ختم نبوت کابانی ہوں، اس جدوجہد میں میرا اپنا بھائی بھی شہید ہوا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خود پر خود کش حملہ کرکے آئین اور ملک کو بچایا، دھرنے میں آئین توڑنے کیلئے مدد مانگی گئی تو باہرآگیا۔

    میاں صاحب سےملاقات سےمتعلق علم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 3سال پہلےاسمبلی ٹوٹتی تو آج عمران خان قیدی یا بنی گالہ میں نظربند ہوتے، میں نے کوشش کرکے عمران خان، آئین جمہوریت اور فوج کو بچایا۔


    مزید پڑھیں: عمران خان الیکشن لڑنے کے قابل نہیں ہے، جاوید ہاشمی


    واضح رہے کہ آج مختلف ذرائع ابلاغ پر مخدوم جاوید ہاشمی کی نواز لیگ میں شمولیت کے حوالے خبریں گردش کررہی تھیں جس کے مطابق سابق وزیر اعظم نوازشریف ان کو ملاقات کیلئے اسلام آباد بلایا ہے، جس کی جاوید ہاشمی نے تردید بھی کردی ہے۔

  • ملتان، زمین پر قبضے کے خلاف احتجاج، بزرگ جوڑے پر پولیس کا انسانیت سوزتشدد

    ملتان، زمین پر قبضے کے خلاف احتجاج، بزرگ جوڑے پر پولیس کا انسانیت سوزتشدد

    ملتان : پولیس نے احتجاج کرنے والے بزرگ جوڑے سے انسانیت سوز سلوک کرتے ہوئے سڑک پر گھسیٹتے رہے اور بزرگ جوڑے پر تشدد کرتے ہوئے تھانے لے گئے.

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے طاہر خان کے مطابق ناردرن بائی پاس کی رہائشی 75 سالہ نسیم بی بی اپنے شوہر کے ہمراہ صبح سے ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر کے باہر اپنی زمین پر مبینہ قبضے کے خلاف ایک بینر اٹھائے احتجاج کررہے تھے.

    بزرگ خاتون کے احتجاج سے تنگ ایم ڈی اے اہلکاروں نے پہلے بزرگ خاتون سے بینرز چھین کر پھاڑ دیئے اور احتجاج ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈالا تاہم بزرگ جوڑے کے انکار پر پولیس طلب کر لی گئ.

    دوسری جانب پولیس جو چوری ڈکیتی کی وارداتوں پر گھنٹوں غائب رہتی ہے لیکن بزرگ جوڑے کو احتجاج سے روکنے کے لیے فوری طور پہچنی اور ایس ایچ او غلام مصطفی نے لیڈی پولیس اہلکاروں کے ہمراہ بزرگ جوڑے کو سڑک پر گھسیٹ کر پولیس موبائل میں اپنے قدموں میں ملزمان کی طرح بٹھا لیا.

    تھانے لے جانے کے دوران پولیس موبائل مین ہی بزرگ جوڑے پر تشدد کرتے رہے اور انہیں جوتوں سے پیٹتے رہے جب کہ بزرگ خاتون دہائی دیتی رہیں کہ چند سرکاری اہلکار ان کی زمین پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں جس کے خلاف مختلف سرکاری محکموں کے دھکے کھا کر آج پر امن احتجاج پر مجبور ہوئے تھے.

    تاہم پولیس اہلکار بزرگ جوڑے کی دہائی سننے کے بجائے انہیں مسلسل تشدد کا نشانہ بناتے رہے اور جب معاملہ میڈیا تک پہنچا تو پولیس کے اعلیٰ افسران غفلت کی نیند سے جاگے اور آر پی او ملتان ادریس احمد اور سی پی او ملتان نے نوٹس لیتے ہوئے تشدد میں ملوث ایس ایچ او سمیت تمام اہلکاروں کو معطل کر کے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی.

  • ملتان میں کاشتکاروں کیلئے مصنوعی بارش کا نیا سسٹم متعارف

    ملتان میں کاشتکاروں کیلئے مصنوعی بارش کا نیا سسٹم متعارف

    ملتان : پنجاب حکومت کی جانب سے مصنوعی بارش برسانے والا سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جدید مشینری کے ذریعے پہیوں پر چلنے والے شاورز جب پانی برساتے ہیں تو سچ میں بارش کا گمان ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اب پنجاب کے کسانوں کو بارش نہ ہونے کی وجہ سے پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، پنجاب حکومت نے فصلوں پر مصنوعی بارش برسانے کیلئے نیا سسٹم متعارف کرایا ہے۔

    کاشتکاروں کو سبسڈی پر یہ سسٹم فراہم بھی کیا جارہا ہے، اے آر وائی نیوز کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح کماد کی ایک فصل کو مصنوعی طریقے سے پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔

    اس موقع پر محکمہ زراعت کے ترجمان اسسٹنٹ ڈائریکٹر نوید عصمت کا  نمائندہ اے آر وائی نیوز رانا فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ ہائی ایفی شینسی ایریگیشن سسٹم ہے اس سسٹم کی خاص بات یہ ہے کہ ناہموار زمین پر بھی بہتر طریقے سے کام کرتا ہے اور ہم جس وقت اور جتنا چاہیں اپنی فصلوں کو پانی دے سکتے ہیں۔


    مزید پڑھیں: پنجاب کے نواحی علاقوں میں سیلاب، تیار فصلیں زیر آب آگئیں


    ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ جدید زراعت کی جانب پنجاب حکومت کا انقلابی قدم ہے اور آنے والے وقت میں کاشتکاروں کو اس کے مزید فوائد حاصل ہوں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ملتان میں پولیس مقابلہ‘ 2 ڈاکو ہلاک

    ملتان میں پولیس مقابلہ‘ 2 ڈاکو ہلاک

    ملتان : صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شہری کے قتل میں ملوث دو ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہرملتان میں تھانہ شمس کے علاقے میں پولیس کے مبینہ مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے ساتھی فرار ہوگئے۔

    پولیس حکام کے مطابق قتل، ڈکیتی، اقدام قتل ودیگر مقدمات میں ملوث دونوں ڈاکوؤں کو ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے لے جا رہی تھی کہ ان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کردیا۔

    پولیس اور ڈاکوؤں کے ساتھیوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں زیرحراست دونوں ڈاکو ہلاک ہوگئے۔


    ملتان میں مبینہ پولیس مقابلہ‘2ڈاکوہلاک


    پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔ ملزمان نے تھانہ شمس کے علاقے میں شہری کو واردات کے دوران خنجر مار کر قتل کردیا تھا۔

    یاد رہے رواں برس 12 جنوری کو صوبہ پنجاب کےشہر ملتان میں مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک جبکہ 3 ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • قندیل قتل کیس : مفتی عبدالقوی 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل روانہ

    قندیل قتل کیس : مفتی عبدالقوی 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل روانہ

    ملتان : قندیل بلوچ قتل کیس میں ملوث مفتی عبدالقوی کو عدالت نے 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کاحکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کی سیشن عدالت میں قندیل بلوچ کیس کی سماعت ہوئی، ملزم مفتی عبدالقوی کو سخت سیکیورٹی میں جج کے روبرو پیش کیا گیا۔

    سماعت کے موقع پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم سے تفتیش مکمل کرلی گئی ہے لہٰذا مفتی عبدالقوی کو جیل منتقل کیا جائے۔

    دوسری جانب مفتی عبدالقوی کے وکیل نے کہا کہ ملزم کا قتل کے واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے اور دوران تفتیش پولیس بھی کچھ ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے لہٰذا انہیں رہا کیا جائے۔

    عدالت نے دونوں جانب کے دلائل سننے کے بعد مفتی عبدالقوی کو14روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم سنایا، بعد ازاں پولیس نے ملزم عبدالقوی کو ڈسٹرکٹ جیل منتقل کردیا۔


    مزید پڑھیں: مفتی قوی کی چمڑی ادھیڑی جائے، والد قندیل بلوچ


    دوسری جانب پولی گراف (جھوٹ پکڑنے والی مشین) سے ہونے والی تحقیقات کی رپورٹ میں بھی مفتی قوی کے بیان میں تضاد پایا گیا ہے۔


    مزید پڑھیں: قندیل کیس: مفتی قوی 3 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے


    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جب مفتی عبدالقوی سے قتل سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے اس الزام کو مسترد کیا جبکہ مشین نے اُن کے اس دعوے میں نقص کی نشاندہی کی۔

  • سکھرملتان اورلاہور میں اسکول کے بچوں سے جبری مشقت کا انکشاف

    سکھرملتان اورلاہور میں اسکول کے بچوں سے جبری مشقت کا انکشاف

    سکھر/ ملتان/ لاہور : سکھر کے پرائیویٹ اسکول میں انتظامیہ نے دکان سے فرنیچر لانے کے لیے طالب علموں کو کام پر لگادیا، چنگچی میں تین طلبہ نےاسکول کے لئے نئی کرسیاں دکان سے اسکول پہنچائیں، ملتان میں سرکاری اسکول میں بچوں سے جبری مشقت کرائی جانے لگی۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر کے ایک اسکول میں طلبہ کو پڑھائی کے بجائے کام پر لگا دیا گیا، اے آر وائی نیوز کو موصول ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انتظامیہ نے تین طالب علموں کو دکان سے کرسیاں لانے کیلئے بھیجا۔

    اسکول یونیفارم میں ملبوس طلباء نے چنگچی کے ذریعے کرسیاں اسکول پہنچائیں۔

    دوسری جانب خادم اعلیٰ کے پنجاب میں طلباء سے بد ترین سلوک کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ ملتان کےسرکاری اسکول میں بچوں سے مشقت کرائی جانے لگی۔

    ملتان کے گورنمنٹ ملت اسکول میں بچوں سے مزدوروں کی طرح مشقت لی گئی، یونیفارم پہنے طالبعلم مٹی گارے کاکام کرتے اور دیواروں پر خاردار تاریں لگاتے رہے۔

    اس کے علاوہ لاہور میں استاد نے طلبہ کو بری طرح  پیٹ ڈالا، سرکاری کالج کے استاد نے سبق یاد نہ کرنے پر طالب علموں کو مارمار کر ان کی درگت بنادی۔

  • خیبرپختونخواہ میں ہماری حکومت ہوتی تو11ماہ میں میٹروبس بنادیتے‘شہبازشریف

    خیبرپختونخواہ میں ہماری حکومت ہوتی تو11ماہ میں میٹروبس بنادیتے‘شہبازشریف

    ملتان : وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پشاورمیں 2014 میں میٹرو بس کا اعلان ہوا جو اب تک شروع نہیں ہوئی، خیبرپختونخواہ میں ہماری حکومت ہوتی تو11ماہ میں میٹرو بس بنا دیتے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ملتان میں اسپیڈوبس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کے تاریخی شہر میں تاریخی منصوبے کا افتتاح ہوا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو وسطی پنجاب کےبرابرلانے پر بھرپورتوجہ ہے، اسپیڈوبس جنوبی پنجاب کےعوام کے لیے ایک تحفظ ہے۔

    شہبازشریف نے کہا کہ شہریوں کواسپیڈوبس سروس سےعالمی معیارکی سہولتیں ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبے کو جنگلہ بس کہا گیا۔


    بارہ اکتوبر1999 کاآمرانہ اقدام ترقی روکنے کی سازش تھی‘ شہبازشریف


    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 2014 میں دھرنے دے کرملک کا نظام درہم برہم کیا گیا جبکہ لاہورمیٹروکی مخالفت کرنے والوں نے پشاورمیٹروبس کا اعلان کیا۔

    شہبازشریف نے کہا کہ پشاورمیں 2014میں میٹروبس کا اعلان ہوا جو اب تک شروع نہیں ہوئی، خیبرپختونخواہ میں ہماری حکومت ہوتی تو11ماہ میں میٹرو بس بنا دیتے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین نے سی پیک میں رکاوٹ ڈالنے کی بھرپور کوشش کی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • سی ٹی ڈی کی ملتان میں کارروائی‘ 4 دہشت گرد گرفتار

    سی ٹی ڈی کی ملتان میں کارروائی‘ 4 دہشت گرد گرفتار

    ملتان : : کاؤنٹرٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے ملتان میں کارروائی کرکے محرم الحرام میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے چار مبینہ دہشت گرد گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ کاؤنٹرٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی کارروائی میں گرفتار ہونے والے مبینہ دہشت گردوں میں ناصر،علی، طاہراورشفقت شامل ہیں۔


    سی ٹی ڈی کی گجرات میں کارروائی‘ 3 دہشت گرد ہلاک


    سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق مبینہ دہشت گردوں کے قبضے سے چھ ہینڈ گرنیڈ، دو کلوباردو، اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے،دہشت گردوں نے نویں محرم کے جلوس کو نشانہ بنانا تھا۔


    سی ٹی ڈی کی ملتان میں کارروائی‘2 دہشت گرد ہلاک


    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ملتان کے علاقے جلال پورپیر والامیں سی ٹی ڈی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں قبضے سے ہینڈ گرنیڈ، اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا تھا۔


    لاہورمیں سی ٹی ڈی کی کارروائی‘ 4 دہشت گرد ہلاک


    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 8 اگست کو سی ٹی ڈی نے لاہور میں سگیاں پل کے قریب کارروائی میں کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • سی ٹی ڈی کی ملتان میں کارروائی‘2 دہشت گرد ہلاک

    سی ٹی ڈی کی ملتان میں کارروائی‘2 دہشت گرد ہلاک

    لاہور: کاؤنٹرٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی ملتان میں کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے علاقے جلال پورپیر والامیں سی ٹی ڈی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں قبضے سے ہینڈ گرنیڈ، اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔


    لاہورمیں سی ٹی ڈی کی کارروائی‘ 4 دہشت گرد ہلاک


    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ لاہور میں سی ٹی ڈی کی خفیہ اطلاع پرسگیاں پل کےقریب کارروائی میں کالعدم تنظیم کے چار دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 اندھیرے کا فائدہ اٹھاکر فرار ہوگئے تھے۔

    دہشت گردوں کے قبضے سے 2 کلاشنکوفیں، رائفل اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔


    سی ٹی ڈی کی گجرات میں کارروائی‘ 3 دہشت گرد ہلاک


    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 3 اگست کو سی ٹی ڈی نے گجرات میں کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ 3 رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔