Tag: ملتان

  • ملتان میں جاپانی شہری کی مبینہ خودکشی

    ملتان میں جاپانی شہری کی مبینہ خودکشی

    ملتان : صوبہ پنجاب کےشہر ملتان میں واقع ایک ہوٹل کی چھت سے چھلانگ لگا کر جاپانی شہری نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔

    تفصیلات کےمطابق ملتان پرانا بہاولپور روڈ پر واقع نجی ہوٹل میں رہائش پزیر مبینہ خودکشی کرنے والے جاپانی شہری کی شناخت اوکومورا کٹسومی کے نام سے ہو گئی۔

    پولیس نے شواہد،سی سی ٹی وی فوٹیج اوردیگر دستاویزات قبضے میں لےکر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیئے نشتر اسپتال منتقل کردی۔

    پولیس حکام کے مطابق مبینہ خودکشی کرنے والے جاپانی شہری نے گھر والوں کے نام آخری خط بھی تحریر کیا ہےجس کے ترجمے کے لیے مترجم کی مدد لی جائے گی۔

    جاپانی شہری کی شناخت ہوکوموراکٹ سومی کے نام سے ہوئی ہے،جوڈیرہ غازی خان نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں کام کرتا تھا اور گذشتہ دو ماہ سے ملتان میں رہائش پذیر تھا۔

    ہلاک جاپانی شہری کا پاسپورٹ نمبر پی آر فائیو ایٹ سکس فورفائیو ایٹ تھری ہے۔ہوکومورا کے پاسپورٹ کی کاپی اے آر وائی نیوز حاصل کر لی ہے۔

    مزید پڑھیں:اسپین کے قونصلر اتاشی نے خودکشی کرلی

    واضح رہے کہ اس سےقبل 13 اکتوبر 2016 کو بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ایف سیون سے اسپین کے سفارت خانے کے ایک اہلکارجان جینز کی لاش برآمد ہوئی تھی۔

  • ملتان میں مبینہ پولیس مقابلہ‘2ڈاکوہلاک

    ملتان میں مبینہ پولیس مقابلہ‘2ڈاکوہلاک

    ملتان : صوبہ پنجاب کےشہر ملتان میں مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک جبکہ 3ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق ملتان میں ممتازآباد کے قریب پانچ ڈاکو مبینہ طورگھر سےڈکیتی کر کے فرار ہو رہے تھے،وہاڑی چوک کے قریب پولیس نے ڈاکووں کوناکے پر روکا جس پر ڈاکووں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔

    پولیس نےڈاکووں پر جوابی فائرنگ کی تاہم فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو ہلاک جبکہ تین موقع سے فرار ہوگئے۔

    پولیس حکام کے مطابق ہلاک ڈاکووں کی شناخت شکیل اور ذوالفقار کے نام سے ہوئی ہے،جو متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

    دوسری جانب لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن باگڑیاں میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے بیالیس سالہ خاتون جاں بحق ہو گئی۔مقتولہ کی شناخت ریحانہ تبسم کے نام سے ہوئی ہے۔

    واضح رہےکہ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی تین شادیاں ہوئی تھیں۔فائرنگ پرانی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کرسرد خانے منتقل کر دیا۔

  • ملتان: زیرِ تعمیر عمارت کا کچھ حصہ منہدم، 2 ہلاک، 8 زخمی

    ملتان: زیرِ تعمیر عمارت کا کچھ حصہ منہدم، 2 ہلاک، 8 زخمی

    ملتان : بوسن روڈ پر زیرتعمیر پلازا کا ایک حصہ گرنے سے دو مزدور جاں بحق اور 8زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں بوسن روڈ پر واقع زیر تعمیر پلازا کی چھت گر پڑی، ملبے تلے متعدد مزدور دب گئے، دو مزدور جاں بحق اور 8 زخمی  ہوگئے جنہیں نکال کر نشتر اسپتال منتقل کردیا گیا  جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی گئی۔

    واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے، ڈی سی او اور مقامی انتظامیہ کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے 5 مزدوروں کو ملبے سے نکال کر نشتر اسپتال منتقل کردیا ہے، راستے کی تنگی کے باعث بھاری مشینری کو پہنچنے میں دقت پیش آرہی ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    بھاری مشینری کے نہ پہنچنے کے باعث 1122 کے اہلکار اور مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت ملبے کو ہاتھوں سے اُٹھانے میں مصروف ہیں جب کہ چاروں طرف مٹی کے دھوئیں کے بادل چھا گئے ہیں جسں کے باعث امدادی کارکنوں کو دشواری پیش آرہی ہے جب کہ مشینری کو پہنچنے میں مزید 30 سے 35 منٹ لگ سکتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق زیر تعمیر پلازا میں دکانیں بھی تھیں جہاں چند خاندان خریداری بھی کر رہے تھے اس لیے خدشہ ہے کہ ملبے تلے دبے افراد میں مزدوروں کے علاوہ خریداری کرنے والے خاندان بھی موجود ہیں۔

    ریسکیو ادارے کا کہنا ہے کہ زیر تعمیر پلازا کا ایک بالائی حصہ کسی بھی وقت گر سکتا ہے جسے بھاری مشینری کے ذریعے ہی محفوظ طریقے سے نیچے گرایا جاسکتا ہے ان تمام مشکلات کے باوجود امدادی کارکن اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    عمارت گرنے کے فوری بعد کے مناظر ایک موبائل فون نے اپنے ویڈیو کیمرے میں محفوظ کرلیے جسے اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلیا۔

    اسی دوران سول ڈیفنس کے اہل کاروں اور پولیس کے درمیان جھگڑا ہوگیا اور بات گالم گلوچ کے ساتھ ہاتھا پائی تک جا پہنچی، مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سول ڈیفنس کے لوگ وہاں آگے بڑھ کر کام کرنا چاہ رہے تھے، انہیں حکم تھا کہ وہ آگے جا کر لوگوں کو نکالیں تاہم پولیس اہلکاروں نے انہیں آگے جانے سے روک دیا اور مزاحمت پر ان پر تشدد کیا جو ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگیا۔

  • سابق وزیراعظم قطر کی تلور کے شکار کے لیے چولستان آمد

    سابق وزیراعظم قطر کی تلور کے شکار کے لیے چولستان آمد

    ملتان : قطر کے سابق وزیراعظم اپنے چار رفقاء کے ہمراہ تلور کے شکار کے لیے سخت سیکیورٹی کے حصار میں ملتان سے چولستان کے لیے روانہ ہو گئے ہیں جہاں نایاب پرندوں کا شکار کھیلا جائے گا.

    تفصیلات کے مطابق شکار کی غرض سے پاکستان آئے سابق وزیراعظم قطر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی و دیگر قطری شہزادے خصوصی طیارے کے ذریعے ملتان ایئر پورٹ پہنچے تھے بعد ازاں قطری شہزادے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ خصوصی اجازت کے ساتھ تلور کے شکار کے لیے ملتان سے چولستان روانہ ہو گئے ہیں.

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملتان ائر پورٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات تھے اور قطری شہزادوں کو سخت سیکیورٹی حصار میں ملتان سے چولستان کے لیے روانہ کیا گیا ہے اور خصوصی شکار گاہ کے اطراف بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور مقامی افراد کو شکار گاہ کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہے.

    وفاقی حکومت، قطری شہزادوں کو 8 مقامات پر شکار کی اجازت*

    چولستان میں موسم سرما کے آغاز سے ہی نایاب پرندوں کی آمد شروع ہوجاتی ہے جو دیگر ممالک سے ہجرت کر کے یہاں پہنچتے ہیں گو کہ محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے نایاب پرندوں کے شکار پر پابندی عائد ہے تاہم غیر ملکی مہمانوں کے لیے خصوصی اجازت ناموں کا اجراء کیا گیا ہے.

    *تلور شکار، قطری شہزادے فصلیں تباہ کردیتے ہیں، مقامی افراد کی شکایت

    خیال رہے نایاب پرندوں کے شکار کے لیے قطری شہزادوں کی آمد پر حکومت کو سخت تنقید کا سامنا ہے، اپوزیشن قطری شہزادوں پر حکومتی مہربانیوں کو پاناما کیس میں قطری شہزادے کے خط کو قرار دیتی ہے.

  • انتخابی نتائج سےمایوس ہو کرقوم کوتباہی کی راہ پرلگادیا، جاوید ہاشمی

    انتخابی نتائج سےمایوس ہو کرقوم کوتباہی کی راہ پرلگادیا، جاوید ہاشمی

    ملتان : سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ میرا اور عمران خان کا ڈوپ ٹیسٹ کروا لیا جائے تو سچ کا پتہ چلا جائے گا،انتخابات پر ناکامی سے مایوس ہوکر پوری قوم کو تباہی کی راہ پر لگا دیا۔

    وہ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کے دوران سربراہ تحریک انصاف عمران خان کے بیان پر ردعمل دے رہے تھے انہوں نے کہا کہ آج کل عمران خان کو ” پلس” بہت یاد آرہا ہے، مجھے اور عمران خان کو قوم کے سامنے بیٹھا کرفیصلہ کرا لینا چاہیے کہ کون سچ بول رہا ہے اور کون دروغ گوئی سے کام لے رہا ہے۔

    انہوں نے سربراہ عمران خان کو سخت تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے انتخابات میں نتائج سے مایوس ہو کر قوم کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا جب کہ میں نے پہلے ہی بتادیا تھا کہ تحریک انصاف کو 35 سے 40 سیٹیں مل پائیں گی اور پارلیمانی اجلاس میں شاہ محمود قریشی نے بھی اقرار کیا تھا کہ ایک آدھ واقعے کے علاوہ پنجاب میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی ہے۔

    اس کے باوجود پوری قوم کو عمومی طور پر اور نوجونوں کو خصوصی طور پر سڑکوں کی خاک چھنوائی گئی جس کا کوئی مثبت نتیجہ نہ نکلنا تھا اور نہ نکلا، یہ بات میں عمران خان کو پہلے ہی بتا چکا تھا جس کی پاداش میں تحریک انصاف سوشل میڈیا ٹیم نے مجھے دو سال تک معتوب کیا۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ” آرمی دھرنے میں ملوث نہیں تھی مگر چند عناصر تھے جو راحیل شریف کو ناکام کرنا چاہتے تھے اور عمران خان کے ذریعے پارلیمانی نظام کو تباہ کرنا چاہتے تھے“

    سینیئر سیاست داں جاوید ہاشمی ایک سوال کے جواب میں کہا کہ منصوبہ یہ بتایا گیا تھا کہ طاہر القادری آگے جا کر پارلیمنٹ پر قبضہ کریں گے اور پیچھے پیچھے ہم جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جوڈیشل مارشل لاء کی بات کی تو میں نے مخالفت کی اور پھر اسپتال میں داخل ہو گیا کیونکہ چاہتا تھا کہ تحریک انصاف اور عمران خان کو ایکسپوز نہ کروں۔

    واضح رہے دو روز قبل جاوید ہاشمی نے اپنے ایک بیان میں سربراہ تحریک انصاف عمران خان کے حوالے سے کہا تھا کہ عمران خان نے انہیں چیف جسٹس کی مدد سے جوڈیشل مارشل لاء کی خبر دی تھی جس پر عمران خان کا کہنا تھا کہ جاوید ہاشمی کا دماغی توازن درست نہیں،انہوں نے جھوٹ پلس بولا ہے۔

  • ملتان: لینڈ ریکارڈ کی عمارت میں آتشزدگی، ڈیڑھ سو سال پرانا ریکارڈ خاکستر

    ملتان: لینڈ ریکارڈ کی عمارت میں آتشزدگی، ڈیڑھ سو سال پرانا ریکارڈ خاکستر

    ملتان: پنجاب میں حساس معلومات کا ریکارڈ جلنا معمول بن گیا۔ ملتان ڈی سی آفس کے لینڈ ریکارڈ کی عمارت میں آگ لگ گئی۔ عمارت میں ڈیڑھ سو سال پرانا ریکارڈ موجود تھا۔

    ملتان ڈی سی آفس کے لینڈ ڈیپارٹمنٹ میں لگی خوفناک آگ نے سب جلا کر راکھ کر دیا۔ آگ کی وجہ سے عمارت میں موجود ڈیڑھ سو سالہ پرانا لینڈ ریکارڈ جل گیا۔

    آگ سے عمارت کی چھت بھی منہدم ہوگئی جبکہ ریکارڈ روم کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں۔

    عمارت میں لگی آگ تو بجھا دی گئی تاہم خوفناک آگ سے سول کورٹ کا 20 سالہ ریکارڈ جل کر خاکستر ہوگیا۔

  • ملتان:شجاح آبادکے قریب کار نہر میں گرنے سے6افراد ہلاک

    ملتان:شجاح آبادکے قریب کار نہر میں گرنے سے6افراد ہلاک

    ملتان: صوبہ پنجاب کےعلاقےشجاع آباد کےقریب دھند کےباعث کار نہر میں گرنے سے6افراد جان کی بازی ہارگئے۔

    تفصیلات کےمطابق ملتان کی تحصیل مطابق شجاع آباد کےقریب کار نہر میں گرنے سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ حادثہ دھند کے باعث پیش آیا۔

    ریسکیو ذرائع کےمطابق کار سوار افراد ملتان سے شجاع آباد جارہے تھے کہ شدید دھند کے باعث حد نگاہ متاثر ہونے سے کار نہر میں جاگری جس میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں 2 سگے بھائی بھی شامل ہیں۔

    پولیس حکام کا کہناہے کہ حادثے کے بعد تمام لاشیں نہر سے نکال کرقریبی اسپتال منتقل کردیں جہاں قانونی کارروائی کےبعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کیا جائےگا۔

    مزید پڑھیں:دھند کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں

    دوسری جانب نارووال میں دھند کے باعث مسافر بس اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔حادثے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا۔

    واضح رہے کہ پنجاب بھر میں آج بھی دھندکے باعث مختلف شہروں میں حد نگاہ صفر ہو گئی اور موٹر وے کے بیشترسیکشنز کو ٹریفک کے لیے بند کیا گیاہے۔

  • قندیل بلوچ قتل کیس : 3 ملزمان پرفرد جرم عائد، ڈرائیورضمانت پررہا

    قندیل بلوچ قتل کیس : 3 ملزمان پرفرد جرم عائد، ڈرائیورضمانت پررہا

    ملتان : عدالت نے قندیل بلوچ قتل کیس میں 3 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی، ملزمان میں مقتولہ کے بھائی سمیت تین ملزمان شامل ہیں۔ ایک ملزم کو ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کی ایڈیشنل سیشن عدالت نے دوران سماعت قندیل بلوچ قتل کیس کے مرکزی ملزم وسیم سمیت 3 افراد پر فرد جرم عائد کردی ہے جبکہ ڈرائیور عبدالباسط کو ضمانت پر رہا کردیا ہے۔

    مقدمے میں جن 3 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے ان میں ملزم کا بھائی وسم، کزن حق نواز اور ٹیکسی ڈرائیور عبدالباسط شامل ہیں جب کہ عدالت نے کیس کے ایک اور ملزم ظفر کو اشتہاری قرار دے دیا۔

    قندیل بلوچ قتل کیس کے عبوری چالان میں 5 ملزمان کا تذکرہ کیا گیا ہے، کیس کی مزید سماعت 28 دسمبر تک ملتوی کردی۔

    مزید پڑھیں : ماڈل قندیل بلوچ کو قتل کر دیا گیا

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر متنازعہ ویڈیوز سے شہرت پانے والی ماڈل گرل قندیل بلوچ کو رواں سال 15 جولائی کو اس کے بھائی وسیم نے اپنے ایک کزن حق نواز کے ہمراہ غیرت کے نام پر قتل کردیا تھا۔

  • ون ڈے کرکٹ کھیلنے کے لیے تیاراورفٹ ہوں، سعید اجمل

    ون ڈے کرکٹ کھیلنے کے لیے تیاراورفٹ ہوں، سعید اجمل

    ملتان : قومی ٹیم کے اسپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ ون ڈے کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار اور فٹ ہوں، چانس ملنے پر اچھا پرفارم کروں گا۔ ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں ایک نجی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سعید اجمل نے کہا کہ آخری ڈومیسٹک ایونٹ کھیلا ہے اور اس میں ٹاپ بھی کیا ہے، سلیکٹر صاحبان کی اپنی مرضی ہے کہ وہ مجھے سلیکٹ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ جو مجھے کہا گیا تھا میں نے پورا کیا اپ ان کی باری ہے کہ مجھے کھلائیں گے تو ویسا ہی پرفارم کروں گا جیسا کہ ماضی میں کرتا آیا ہوں۔

    ایک سوال کے جواب میں سعید اجمل نے کہا کہ لاسٹ ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا اگر تھوڑے سے رنز بنالیں تو مجھے امید ہے کہ پاکستانی باؤلر اس میچ کو بچانے کی کوشش کریں گے۔

    یاسر شاہ کو مشورہ دیتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ وہ اپنی لائن اینڈ لینتھ پر کنٹرول رکھیں اوراسکور روکیں، ان کا کہنا تھا کہ گرین ٹریکس ان کے لیے مدد گار ثابت نہیں ہوں گے، سعید اجمل نے کہا کہ یاسر شاہ پاکستان کا ٹاپ کلاس باؤلر ہے امید ہے کہ جیسے ہی موقع ملا وہ اچھا پرفارم کرے گا۔

  • ملتان کے اسکول میں پولیس کی تربیتی مشق، والدین خوفزدہ

    ملتان کے اسکول میں پولیس کی تربیتی مشق، والدین خوفزدہ

    ملتان: نجی اسکول میں والدین کو مطلع کیے بغیر کی جانے والی پولیس کی فرضی تربیتی مشق کو دہشت گردی کا حملہ سمجھ کر والدین پریشان اور خوف زدہ ہو گئے جب کہ ایک طالب علم کی والدہ بے ہوش ہو گئیں،واقعہ پر سی پی او ملتان نے والدین سے معذرت کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے بوسن روڈ پر واقع نجی اسکول میں والدین کو پیشگی آگاہ کیے گئے بغیر پولیس اور حساس اداروں کی جانب سے فرضی تربیتی مشق کا انعقاد کیا گیا جس میں پولیس کے اہلکاروں ،ریسکیو ادارے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ اس دوران پولیس اور دیگر اداروں کی گاڑیاں اسکول کے باہر کھڑی رہیں جنہیں دیکھ کر شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    دوسری جانب جب والدین کو اطلاع ملی کہ اسکول میں پولیس کی بھاری نفری موجود ہے تو حقیقت سے لاعلم والدین دیوانہ وار اسکول پہنچے اور روتے ہوئے اپنے بچوں کو پکارتے رہے، سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کی جانب سے وضاحت کے باوجود والدین کو تسلی نہ ہوئی۔

    اس دوران ایک والده بچے کو پکارتے ہوئے نیم بےہوشی کی کیفیت میں چلی گئیں جنہیں مقامی افراد نے سنبھالا اور پانی پلایا اور پولیس و اسکول انتظامیہ نے والدہ کو یقین دلایا کہ اسکول پر کوئی حملہ نہیں ہوا ہے بلکہ یہاں صرف تربیتی مشق کی جا رہی ہے تا کہ بچوں کو سمجھایا جا سکے کہ دہشت گردی کے کسی بھی واقعے کے وقت کیا کیا احتیاطی تدابیر کرنی چاہیے۔

    صورتِ حال کے بگڑنے اور والدین کے غصے کو دیکھتے ہوئے سی پی او ملتان نے والدین کو ماک ایکسرسائز کی بروقت اطلاع نہ ملنے پر معذرت کی اور آئندہ موک ایکسرسائز سے پہلے اسکول پرنسپل کی اجازت اور طالبِ علم کے والدین کو پیشگی اطلاع دینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔