Tag: ملتان

  • آنکھوں کے آپریشنز میں مبینہ غفلت، آپریشن تھیٹر سر بمہر

    آنکھوں کے آپریشنز میں مبینہ غفلت، آپریشن تھیٹر سر بمہر

    ملتان: پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے آنکھوں کے آپریشنز میں مبینہ غفلت پر کارروائی کرتے ہوئے لئیق رفیق اسپتال کا آپریشن تھیٹر سر بمہر کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کا کہنا ہے کہ ملتان میں نجی اسپتال کا آپریشن تھیٹر سر بمہر کر دیاگیا ہے، کمیشن کی 4 رکنی ٹیم نے اسپتال کا دورہ کر کے ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا ہے۔

    پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق نجی اسپتال کے ڈاکٹر اور عملے کے بیانات بھی قلم بند کر لیے گئے، ترجمان نے کہا انکوائری مکمل ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    ڈاکٹر نے 16 افراد کی زندگی اجاڑ دی

    یاد رہے ملتان کے علاقے لاڑ میں واقع نجی شعبے کے اسپتال لئیق رفیق میں گزشتہ دنوں 20 افراد نے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ صحت کارڈ کی سہولت کا استعمال کرتے ہوئے موتیا کے لیے آنکھوں کی سرجری کروائی تھی، تاہم آپریشن کے اگلے ہی روز 20 میں 16 مریضوں کی آنکھوں میں شدید نوعیت کا انفیکشن ہوگیا اور یکے بعد دیگرے متاثرہ مریضوں کی بینائی چلی گئی۔

    آج وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آنکھوں کی غلط سرجری کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کو واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کاحکم دیا تھا۔

    غلط سرجری سے 16مریض بینائی سے محروم ، وزیراعلی پنجاب کا نوٹس، رپورٹ طلب

    آنکھوں کی روشنی چھن جانے پر مریضوں اور لواحقین نے نجی ٹرسٹ اسپتال کے باہر احتجاج بھی کیا تھا، اور محکمہ صحت سے آئی سرجن ڈاکٹر حسنین مشتاق کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا، رپورٹ کے مطابق جن مریضوں کی آنکھوں کی بینائی گئی، ان میں 7 خواتین بھی شامل ہیں۔

  • ڈاکٹر نے 16 افراد کی زندگی اجاڑ دی

    ڈاکٹر نے 16 افراد کی زندگی اجاڑ دی

    ملتان: پنجاب کے شہر ملتان میں آنکھوں کے ڈاکٹر نے 16 مریضوں کی زندگیوں میں اندھیرا کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے ایک علاقے لاڑ میں نجی اسپتال کے ڈاکٹر نے موتیا کے لیے آنکھوں کی سرجری میں غفلت کے باعث ایک ہی روز میں 16 مریضوں کو بینائی سے محروم کر دیا۔

    مریضوں کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ نجی اسپتال کے میڈیکل کیمپ میں 20 مارچ کو مریضوں کی آنکھوں کا آپریشن کیا گیا تھا، جب پٹی کھولی گئی تو پتا چلا کہ ان کی بینائی ختم ہو چکی ہے۔

    آنکھوں کی روشنی چھن جانے پر مریضوں اور لواحقین نے نجی ٹرسٹ اسپتال کے باہر احتجاج کیا، اور محکمہ صحت سے آئی سرجن ڈاکٹر حسنین مشتاق کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا، تاہم محکمہ صحت نے تاحال نجی اسپتال اور ڈاکٹر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

    رپورٹ کے مطابق جن مریضوں کی آنکھوں کی بینائی گئی، ان میں 7 خواتین بھی شامل ہیں، آپریشن کے چند گھنٹوں بعد ہی ان مریضوں نے آنکھوں میں درد کی شکایت کی تھی۔

    آپریشن کے بعد مذکورہ مریضوں کی بینائی مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے، نجی اسپتال کے سرجن کا کہنا ہے کہ مریضوں کی بینائی انفیکشن سے متاثر ہوئی ہے، آپریشن میں کوتاہی کے سبب نہیں۔

  • سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خریداری کی آواز سنائی دے رہی ہے: شاہ محمود

    سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خریداری کی آواز سنائی دے رہی ہے: شاہ محمود

    ملتان: وزیر داخلہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خریداری کی آواز سنائی دے رہی ہے، اپوزیشن نے ہمیشہ پیسے کے بل بوتے پر سیاست کی ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے ملتان دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ اور بوسیدہ نظام کی تبدیلی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا، وزیر اعظم ملک میں کرپشن کے خاتمے کے لیے پُر عزم ہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خریداری کی آواز سنائی دے رہی ہے، اپوزیشن نے ہمیشہ پیسے کے بل بوتے پر سیاست کی لیکن آج اپوزیشن کو سینیٹ الیکشن میں اپنی شکست واضح نظر آ رہی ہے، اس لیے شکست کے خوف سے اپوزیشن اوپن بیلیٹنگ کی مخالفت کر رہی ہے۔

    انھوں نے کہا ملک میں تبدیلی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اپوزیشن ہے، سینیٹ الیکشن شفاف کرانے پر اپوزیشن کا احتجاج سمجھ سے باہر ہے، اپوزیشن پرانا پاکستان چاہتی ہے جہاں ضمیر بیچے جاتے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا عوام نے پی ٹی آئی کو بھرپور کامیابی سے نواز کر اقتدار کی مسند پر فائز کیا، سینیٹ میں کامیابی کے بعد پی ٹی آئی ایوان بالا کی سب سے بڑی جماعت بن جائے گی۔

    مہنگائی کے حوالے سے وزیر خارجہ نے اعتراف کیا کہ یہ ہماری حکومت کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے، اور اس سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔

  • وزیر خارجہ نے پی ڈی ایم کو بغیر منزل کا کارواں قرار دے دیا

    وزیر خارجہ نے پی ڈی ایم کو بغیر منزل کا کارواں قرار دے دیا

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حکومت کے خلاف اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو بغیر منزل کا کارواں قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج ملتان دورے کے موقع پر شاہ محمود نے مقامی افراد سے خطاب میں کہا کہ پی ڈی ایم بغیر منزل کا کارواں ہے، اس کو اپنی منزل کا پتا نہیں، کہ اسے کس طرف جانا ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم والے پہلے استعفے دے رہے تھے، پھر لانگ مارچ کا شور کیا، اب تحریک عدم اعتماد کی باتیں کر رہے ہیں، مفادات کی بنیاد پر بننے والا اتحاد کبھی کامیابی سے ہم کنار نہیں ہو سکتا۔

    انھوں نے کہا لیگی رہنما جھوٹ بول کر عوام کوگمراہ نہیں کر سکتے، عوام کے سامنے ان کی اصلیت عیاں ہو چکی ہے، حکومت کوگرانے کی ان کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو سکتی، ہم آئینی مدت پوری کریں گے، اور قومی دولت لوٹنے والوں کو این آر او نہیں ملے گا۔

    ن لیگ نے تحریک عدم اعتماد کو دھوکا قرار دے دیا

    انھوں نے کرونا ویکسین کے سلسلے میں عوام کو بتایا کہ چین 5 لاکھ ویکسین ڈوزز 31 جنوری تک پاکستان کو تحفتاً مہیا کر دے گا، چین سے درخواست کی ہے کہ ہماری ضرورت 1.1 ملین ہے، جو فروری کے آخر تک مل جائے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا تھا، اور کہا تھا کہ پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں کو بھی اس پر راضی کرنے کی کوشش کی جائے گی، جب کہ آج ن لیگی ذرائع نے کہا ہے کہ پارٹی تحریک عدم اعتماد کو دھوکا سمجھ رہی ہے، نواز شریف نے بھی اسے مسترد کیا۔

  • ملتان میں اپوزیشن کو جلسہ کرنا چاہیے تھا نہ انتظامیہ کو روکنے کی کوشش: شاہ محمود

    ملتان میں اپوزیشن کو جلسہ کرنا چاہیے تھا نہ انتظامیہ کو روکنے کی کوشش: شاہ محمود

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملتان میں اپوزیشن کو جلسہ کرنا چاہیے تھا نہ انتظامیہ کو روکنے کی کوشش کرنی چاہیے تھی، کابینہ میں بھی اپوزیشن کو جلسوں سے نہ روکنے کا مشورہ دیا تھا۔

    آج ملتان میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کو ملتان کے قاسم باغ میں جلسے کی اجازت ہونی چاہیے تھی، کنٹینر نہیں لگانے چاہیے تھے، اپوزیشن اسٹیڈیم چلے جاتی تو بے نقاب ہو جاتی۔

    انھوں نے کہا کرونا تیزی سے پھیل رہا ہے، ملتان میں اپوزیشن کو جلسہ کرنا چاہیے تھا نہ انتظامیہ کو روکنے کی کوشش، کابینہ میں بھی اپوزیشن کو جلسوں سے نہ روکنے کا مشورہ دیا، ملتان میں کسی کی پکڑ دھکڑ میں کوئی کردار ادا نہیں کیا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں میں نے اپنا مؤقف سامنے رکھا تھا، میں نے برملا کہا کہ اپوزیشن کی سرگرمیوں کو نہ روکیں بلکہ مشورہ دیں، یہاں کچھ لوگوں نے تاثر دیا کہ مجھے محدود کیاگیا، اللہ جانتا ہے کس نے کیا کردار ادا کیا ہے، میری سوچ کبھی غیر سیاسی، غیر جمہوری نہیں رہی۔

    شاہ محمود نے کہا اپوزیشن کا یہ غیر فطری اور وقتی الائنس ہے، اپوزیشن کی جماعتوں میں نظریاتی ہم آہنگی نہیں ہے، یہ کنفیوژن کا شکار ہیں، اپوزیشن کو استعفے دینے ہیں تو کس نے روکا ہے دے دیں، پی ڈی ایم کا 8 دسمبر کو اجلاس ہے فیصلہ کریں اور استعفے دے دیں۔

    خطے کی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان حکومت اور طالبان میں مذاکرات کی نوعیت پر اتفاق ہوا ہے، افغانستان میں امن عمل آگے بڑھ رہا ہے، پاکستان کے کردار کو نہ صرف دنیا بلکہ افغان قیادت بھی سراہ رہی ہے، ماضی میں افغانستان پاکستان پر انگلیاں اٹھاتا تھا، آج افغانستان نے 57 ممالک کے سامنے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

  • پی ڈی ایم کا آج اسٹیڈیم میں ہر صورت جلسے کا اعلان، حکومت بھی ایکشن کے لیے تیار

    پی ڈی ایم کا آج اسٹیڈیم میں ہر صورت جلسے کا اعلان، حکومت بھی ایکشن کے لیے تیار

    ملتان: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے آج قاسم باغ اسٹیڈیم میں ہر صورت جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے، دوسری طرف صوبائی حکومت نے بھی جلسہ روکنے کے لیے تیاری کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم کا کنٹرول انتظامیہ نے سنبھال لیا ہے، اسٹیڈیم آنے والے راستے کنٹینر لگا کر سیل کر دیے گئے ہیں، گھنٹہ گھر چوک کے راستوں کو بھی رکاوٹیں کھڑی کر کے سیل کر دیا گیا۔

    شہر کے تمام داخلی راستوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں، شہر میں میٹرو اور اسپیڈو بس سروس معطل ہیں۔

    پی ڈی ایم جلسے کے پیش نظر رات کو پنجاب کی سب کابینہ برائے داخلہ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ حکومت کی رٹ ہر صورت میں قائم رکھی جائے گی۔

    وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے واضح کیا کہ پی ڈی ایم جلسے سے ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوگی جو برداشت نہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے سکتے، قانون ہاتھ میں لینے والے کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کر دیا گیا۔

    اپوزیشن نے طبل جنگ بجا دیا

    اجلاس میں پولیس افسران نے بریفنگ میں کہا کہ آج مزید راستے بند کیے جائیں گے، جلسے میں آنے والے قافلوں کو راستے ہی میں منشتر کر دیا جائے گا۔

    اجلاس میں پولیس کو ہدایت کی گئی کہ ایم پی او کے تحت 310 سے زائد افراد جمع ہونے پر انھیں گرفتار کیا جائے۔

  • اپوزیشن نے طبل جنگ بجا دیا

    اپوزیشن نے طبل جنگ بجا دیا

    ملتان: آج ملتان میں پی ڈی ایم اجلاس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس میں کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جلسہ روکنے کے لیے اگر ڈنڈے کا استعمال کیا گیا تو آپ کو بھی ڈنڈا استعمال کرنے کی اجازت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان جلسے کے سلسلے میں لائحہ عمل طے کرنے کے لیے پی ڈی ایم اجلاس کی صدارت کے بعد جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ نے پریس کانفرنس میں طبل جنگ بجا دیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ کل 30 نومبر کو ملتان میں عظیم الشان جلسہ ہونے جا رہا ہے، اس جلسے سے روکا گیا تو عوام کا سیلاب بہا کر لے جائے گا، کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے ڈنڈے کے جواب میں ڈنڈا استعمال کرنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا پولیس یا کوئی بھی قوت راستے میں آئے توان کی قوت توڑ دیں۔

    مولانا نے کہا کہ ہم لاقانونیت اور پولیس گردی کو قبول نہیں کریں گے، اگر ہم جلسے کا رخ نہ کر سکے تو جیلوں کا رخ کریں گے، میں جمعہ اور اتوار کو پورے ملک کے ضلعی ہیڈکوارٹرز پر احتجاج کا اعلان کرتا ہوں۔

    کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ملتان انتظامیہ نے تیاری کر لی

    انھوں نے کہا ہم ہر صورت حال کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں، کل میدان گرم ہو جائےگا، انھوں نے جنگ چھیڑ دی اور ہم نے بھی جنگ چھیڑ دی ہے۔

    فضل الرحمان کا کہنا تھا ملتان میں ہمارے لیے کرونا ہو رہا ہے لیکن دیر اور لاہور میں جلسہ ہو رہا ہے کیا وہاں کرونا نہیں، کو وِڈ 19 سے زیادہ کو وِڈ 18 خطرناک ہے، کل ملتان میں جلسہ نہ کرنے دیا گیا تو پاکستان کا ہر ضلع جلسہ گاہ بن جائے گا۔

    سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو علیل ہیں، تاہم آصفہ بھٹو کل ملتان جلسے میں شرکت اور خطاب کریں گی، حکومت کا مشکور ہوں ملتان جلسے سے پہلے ہی جلسہ کامیاب کر دیا، عمران خان نے کہا تھا جلسے کریں کنٹینر اور کھانا دیں گے، ملتان میں کنٹینر پہنچا کر حکومت نے آدھا وعدہ پورا کر دیا۔

  • علی قاسم گیلانی کی 30 دن تک نظر بندی کے احکامات جاری

    علی قاسم گیلانی کی 30 دن تک نظر بندی کے احکامات جاری

    ملتان: سابق وزیر اعظم پاکستان یوسف رضاگیلانی کے صاحب زادے علی قاسم گیلانی کی 30 دن تک نظر بندی کے احکامات جاری ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر ملتان نے 16 ایم پی او کے تحت پیپلز پارٹی کے رہنما علی قاسم گیلانی کی تیس دن تک نظر بندی کے احکامات جاری کر دیے۔

    علی قاسم گیلانی پر نقص امن اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کے الزامات ہیں، مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ علی قاسم گیلانی کو 30 دن تک زیر حراست رکھا جائے۔

    یاد رہے کہ علی قاسم گیلانی کو گزشتہ رات قاسم باغ اسٹیڈیم سےگرفتار کیا گیا تھا، گرفتاری کے بعد انھوں نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہم کھانا لا رہے تھے کہ پولیس نےگرفتار کر لیا، ہم پر تشدد کیا گیا ہے۔

    رات گئے انتظامیہ نے قاسم باغ کا کنٹرول سنبھال کر مرکزی راستہ کنٹینر پھر بند کر دیا، اس دوران پولیس سے جھڑپ کے بعد متعدد پی ڈی ایم رہنما اور کارکن گرفتار کیے گئے، جلسہ گاہ سے شامیانے، کرسیاں اور دیگر سامان بھی ہٹا دیاگیا ہے۔

    ملتان جلسہ، پولیس کا کریک ڈاؤن، گیلانی کے بیٹے سمیت متعدد سیاسی کارکنان گرفتار

    ادھر علی قاسم گیلانی سمیت دیگر سیاسی کارکنان کی گرفتاری کے بعد سربراہ جے یو آئی (ف) فضل الرحمان ملتان پہنچ گئے ہیں، وہ آج پی ڈی ایم اجلاس کی سربراہی کریں گے، اجلاس میں سینئر پی پی رہنما یوسف رضا گیلانی، انس نورانی، ساجد میر، رانا ثنااللہ و دیگر شریک ہوں گے۔

    قاسم باغ واقعے کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے ٹویٹ کیا کہ حکومت پنجاب، ملتان میں پی پی کے یوم تاسیس سے بوکھلا اٹھی ہے، چاہے کچھ ہو جائے ہم 30 نومبر کو پی ڈی ایم کی میزبانی کریں گے، آصفہ بھٹو میری نمائندگی کے لیے ملتان پہنچ رہی ہیں، ملتان میں جلسہ ہو کر رہےگا۔

    رہنما پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے ملتان جلسہ گاہ میں پولیس ایکشن کو فاشزم قرار دیا، حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ملتان میں حالات خراب نہ کریں۔

  • آصفہ بھٹو ملتان میں  پی ڈی ایم  جلسے سے خطاب کریں گی

    آصفہ بھٹو ملتان میں پی ڈی ایم جلسے سے خطاب کریں گی

    ملتان : پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما یوسف رضاگیلانی کا کہنا ہے کہ آصفہ بھٹو یوم تاسیس پر پی ڈی ایم جلسے سے خطاب کریں گی، بلاول بھٹو کورونا کے باعث شریک نہیں ہوسکتے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما یوسف رضاگیلانی نے گفتگو میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم جلسے کے دن 30نومبرپیپلز پارٹی کا یوم تاسیس ہے ، آصفہ بھٹو جلسے میں شرکت کرکے سرپرائز دے سکتی ہیں۔

    یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کورونا کے باعث شریک نہیں ہوسکتے، حکومت جلسہ روک کر حالات خراب کررہی ہے،ملتان کا جلسہ ہر صورت ہوگا۔

    پیپلزپارٹی رہنما نے مزید کہا کہ 30نومبر کو آصفہ بھٹو زرداری ملتان آئیں گی اور یوم تاسیس پر پی ڈی ایم جلسے سے خطاب کریں گی۔

    پارٹی قیادت نے آصفہ بھٹو کی 30 نومبر کو جلسہ میں آمد کی تصدیق کر دی ہے۔

    خیال رہے ڈپٹی کمشنر ملتان نے پی ڈی ایم کے جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے، ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ 31جنوری تک ہر طر ح کی سماجی تقریبات پر پابندی ہے۔ 300سے زائد افراد کوکسی بھی جگہ جمع ہونے کی اجازت نہیں ہے۔

  • ن لیگ کے سابق ایم این اے غفار ڈوگر گرفتار

    ن لیگ کے سابق ایم این اے غفار ڈوگر گرفتار

    ملتان: اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ نے مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے ملک عبد الغفار ڈوگر کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن حکام نے ایک کارروائی میں آج ملتان میں سابق ن لیگی ایم این اے عبدالغفار ڈوگر کو حراست میں لے لیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ غفار ڈوگر پر جعل سازی اور فراڈ سے اراضی کے دستاویزات بنانے کے الزامات ہیں، غفار ڈوگر کی جعل سازی کی وجہ سے حکومتی خزانے اور نجی بینک کو نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف انکوائری محمد بشیر نامی شہری کی درخواست پر کی گئی ہے۔

    لیگی ایم پی اے کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر کے اغوا کا مقدمہ درج

    اینٹی کرپشن کے مطابق عبدالغفار ڈوگر کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے، جس میں دھوکا دہی، سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمے میں جعلی دستاویزات کی تیاری کی دفعات بھی شامل ہیں۔

    ادھر لیگی رہنماؤں رانا ثنا اللہ اور عطا تارڑ نے غفار ڈوگر کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اینٹی کرپشن نے لیگی رہنما کے گھر پر چھاپا مار کر انھیں گرفتار کیا اور چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔

    رانا ثنا نے کہا کہ ڈوگر پر 20 سال قبل خریدے گئے مکان کا انتقال درست نہ ہونے کا الزام ہے، ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کو اس پر شرم آنی چاہیے، یہ صرف ملتان جلسے کو سبوتاژ کرنے کے لیے بہانہ ہے۔

    عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ملتان میں پی ڈی ایم کا جلسہ 30 نومبر کو ہونے جا رہا ہے، عبدالغفار ڈوگر بےگناہ ہیں، فوری رہا کیا جائے۔