Tag: ملتان

  • متاثرین کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر امداد دی جارہی ہے: شاہ محمود قریشی

    متاثرین کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر امداد دی جارہی ہے: شاہ محمود قریشی

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ متاثرین کو سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر امداد دی جارہی ہے، ملتان امدادی رقم کی تقسیم سے متعلق پورے پنجاب میں ٹاپ پر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کے ہمراہ منظور آباد اور قاسم پور کالونی کے احساس کفالت سینٹرز کا دورہ کیا۔ وزیر خارجہ نے امدادی رقم کی ترسیل کے طریقہ کار کو چیک کیا اور متاثرین سے گفتگو کی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ متاثرین کے لیے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام بڑا پیکج ہے، 1 کروڑ 25 لاکھ خاندانوں میں 144 ارب روپے تقسیم کیے جا رہے ہیں، متاثرین کو سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر امداد دی جارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سسٹم کے تحت امداد کا شفاف نظام اپنایا گیا ہے، ملتان میں متاثرین میں اب تک 1 ارب 36 کروڑ روپے تقسیم کیے ہیں۔ ملتان امدادی رقم کی تقسیم سے متعلق پورے پنجاب میں ٹاپ پر ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملتان میں قائم قرنطینہ بھی پاکستان کا سب سے بڑا مرکز تھا، ملتان قرنطینہ میں چاروں صوبوں کے افراد کی میزبانی کی گئی۔

    ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے وزیر خارجہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملتان میں امدادی رقم کی ترسیل کا آج دسواں دن ہے، امدادی رقم کے لیے مجموعی طور پر 25 سینٹر فعال ہیں۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ پہلے مرحلے میں 1 لاکھ 358 متاثرہ خاندانوں کو امداد دی گئی، دوسرے مرحلے میں 37 ہزار 961 متاثرین کو امداد دی جا رہی ہے۔ تیسرے مرحلے کے متاثرین کی فہرست پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ تیار کر رہا ہے۔

    ڈی سی نے مزید بتایا کہ متاثرین کو گھروں پر اطلاع دے کر امداد حاصل کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا، سینٹرز بند ہونے کے بعد بھی متاثرین بینکوں سے امداد حاصل کر سکیں گے۔

  • نشتر اسپتال ملتان کے مزید 3 ڈاکٹرز میں کرونا وائرس کی تصدیق

    نشتر اسپتال ملتان کے مزید 3 ڈاکٹرز میں کرونا وائرس کی تصدیق

    ملتان: نئے اور مہلک کرونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر نبردآزما سولجرز کا خود بھی وائرس کا شکار ہونے کا سلسلہ جاری ہے، نشتر اسپتال کے مزید تین ڈاکٹرز میں وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے تصدیق کی ہے کہ نشتر اسپتال ملتان کے مزید 3 ڈاکٹرز کو کرونا وائرس لاحق ہو گیا ہے، جس کے بعد وائرس سے متاثرہ ڈاکٹرز کی تعداد 26 ہو گئی ہے۔

    پی ایم اے کا کہنا ہے کہ کو وِڈ نائنٹین سے متاثرہ ڈاکٹرز کو آئیسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ نشتر اسپتال کے دیگر طبی عملے کے 5 افراد کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جنھیں آئسولیشن وارڈ منتقل کیا گیا۔

    کراچی میں 6 ڈاکٹرز اور 7 پیرا میڈیکس بھی کرونا سے متاثر

    نشتر اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حالت تسلی بخش ہے۔ دوسری طرف پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے اسپتال انتظامیہ سے کرونا ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران نشتر اسپتال کے مجموعی طور پر 10 ڈاکٹرز میں کرونا وائرس سامنے آیا ہے۔ تمام ڈاکٹرز کی آئسولیشن وارڈز میں کیئر جاری ہے، طبی عملے کی حالت تسلی بخش قرار دی گئی ہے۔

  • بجٹ میں جنوبی پنجاب کے لیے مختص حصہ جنوبی پنجاب پر ہی خرچ ہوگا: وزیر خارجہ

    بجٹ میں جنوبی پنجاب کے لیے مختص حصہ جنوبی پنجاب پر ہی خرچ ہوگا: وزیر خارجہ

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ یکم جولائی کو جنوبی پنجاب کا سیکریٹریٹ فنکشنل ہوجائے گا، جو پیسہ جنوبی پنجاب کے لیے مختص ہوگا وہ جنوبی پنجاب پر خرچ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ایک ابہام ہے جس کو دور کرنا چاہتا ہوں، مشاورت کے بعد جنوبی پنجاب صوبے کا دیرینہ مطالبہ منشور کا حصہ بنایا۔ آئینی ترمیم درکار ہے اس کے لیے دو تہائی اکثریت چاہیئے جو ہمارے پاس نہیں۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے منشور کے مطابق بل لائے گی، بل پر دیگر جماعتوں سے تائید و حمایت کی کوشش کی جائے گی۔ جنوبی پنجاب صوبے کو عملی جامہ پہنایا جائے۔ حکومت اپنے کیے گئے وعدے پر آگے بڑھنا چاہتی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے ارکان سے کہتا ہوں صوبے کے لیے کردار ادا کریں۔

    انہوں نے کہا کہ واضح کہہ رہا ہوں بہاولپور سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ سیکریٹریٹ بنانے کے لیے ہمیں کوئی آئینی ترمیم درکار نہیں ہے۔ وزیر اعظم نے کہا وہ کوئی رائے مسلط کرنا نہیں چاہتے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فیصلہ ہوا اتفاق رائے قائم ہو۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 2 افسران کی تعیناتی کی جائے گی۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری ساؤتھ اور ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ تعینات ہوں گے۔ یکم جولائی کو جنوبی پنجاب کا سیکریٹریٹ فنکشنل ہوجائے گا۔ جو وسائل درکار ہیں بجٹ میں مختص کیے جائیں گے۔ مسائل کے حل کے لیے یہاں کے لوگوں کو لاہور جانا نہیں پڑے گا۔

    انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی آبادی اور ضرورت کے مطابق بجٹ میں 35 فیصد مختص ہوگا۔ جو پیسہ جنوبی پنجاب کے لیے مختص ہوگا وہ جنوبی پنجاب پر خرچ ہوگا۔

  • شاہ محمود کا جنوبی پنجاب صوبے سے متعلق اہم بیان

    شاہ محمود کا جنوبی پنجاب صوبے سے متعلق اہم بیان

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کو وہی حقوق ملیں گے جو دیگر صوبوں کو ملتے ہیں، اس سلسلے میں ہمیں فی الفور اے آئی جی اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی تعیناتی کرنا ہوگی۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ ماضی میں صوبے کے مطالبے کی حمایت کرتی رہی ہیں، جنوبی پنجاب کے عوامی نمایندے اس حوالے سے اپنی قیادت پر دباؤ ڈالیں، خواہ ان کا تعلق پی پی سے ہو یا ن لیگ سے، تاکہ اس علاقے کا دیرینہ مسئلہ حل ہو۔

    انھوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کا ایک حصہ بہاولپور اور دوسرا ملتان میں ہوگا، یہ یکم جولائی سے فکشن کرنا شروع کر دے گا، سیاسی حمایت کے لیے مشاورت کا عمل بھی ساتھ ساتھ جاری رہے گا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اے آئی جی اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی تعیناتی اپریل میں ہو جائے گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں بڑا فیصلہ کیا گیا ہے، حکومت نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی جانب پہلا قدم اٹھاتے انتظامی سیکریٹریٹ بہاولپور میں قائم کرنے کا اعلان کیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لیے تاریخی فیصلے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں، جنوبی پنجاب صوبے کے قیام سے متعلق بل جلد قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

    اس سلسلے میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ رشتے کو مضبوط کیا جائے گا، ہم علاقے کے احساس محرومی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

  • ملتان  میں 12سال کے بعد عالمی کرکٹ کی واپسی

    ملتان میں 12سال کے بعد عالمی کرکٹ کی واپسی

    اسلام آباد : ملتان میں 12سال کے بعد عالمی کرکٹ کی واپسی پر سینیٹر فیصل جاوید نے ملتان کے عوام کومبارکباد دی اور کہا افتتاحی میچ آج سلطانز اورزلمی کے درمیان ہوگا،آل دا بیسٹ۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ملتان کے عوام کومبارک ہو،12سال بعد عالمی کرکٹ واپس آگئی، پاکستان کاسب سےبڑاکرکٹ اسٹیڈیم پی ایس ایل کی ٹیموں کی میزبانی کرے گا۔

    فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ افتتاحی میچ آج سلطانز اورزلمی کے درمیان ہوگا،آل دا بیسٹ۔

    خیال رہے پی ایس ایل فائیو میں ملتان سلطانز اور پشاور زالمی کےمیچ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں ، فاطمہ جناح کالونی میں پارکنگ میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ پارکنگ ایریا اسٹیڈیم سے 3.4کلو میٹر کے فاصلے پر بنایا گیا ہے۔

    شائقین کو اسٹیڈیم لے جانے کے لیے 42 شٹلزکاانتظام کیا گیا ہے ، ہر5 منٹ بعد شٹل شائقین کو لیکر اسٹیڈیم روانہ ہوگی ، پارکنگ ایریا میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ انٹری گیٹس پر میٹل ڈیٹیکٹر اور واک تھرو گیٹس نصب ہیں۔

  • ہوم گراؤنڈ پر ملتان سلطانز کا آج پشاور زلمی سے آمنا سامنا

    ہوم گراؤنڈ پر ملتان سلطانز کا آج پشاور زلمی سے آمنا سامنا

    کراچی: انٹرٹینمنٹ سے بھرپور پی ایس ایل 5 نے ملتان کا رخ کر لیا، پی ایس ایل کا دوسرا مرحلہ آج ملتان میں شروع ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ آج شام سات بجے شروع ہوگا، انٹرنیشنل ستاروں کی کہکشاں ملتان میں بھی جمگمائے گی، 12 سال بعد ملتان میں کرکٹ کی رونقین بحال ہو رہی ہیں، تاریخی میچ کے لیے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں تیاریں مکمل کر لی گئیں۔

    بارہ سال بعد کرکٹ کی رونقیں بحال ہونے پر شایقین کرکٹ کا جوش و خروش بڑھ گیا ہے، شایقین کا کہنا تھا کہ انھیں اس وقت کا انتظار تھا، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کا میچ دیکھنے کے لیے بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں، ہوم ٹیم کے فینز کا کہنا تھا کہ امید ہے ملتان ٹیم میچ جیت جائے گی۔

    جنوبی پنجاب کی شان ملتان سلطان کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم ہوم گراؤنڈ پر پشاور زلمی کو ٹف ٹائم دے گی، امید کرتا ہوں کہ تینوں دن گراؤنڈ ہاؤس فل ہوگا، ہوم کراؤڈ کو اچھا انٹرٹین کرنے کی کوشش ہوگی۔ پشاور زلمی نے بھی سلطانز کو ڈھیر کرنے کی حکمت عملی بنالی، زلمی کے نوجوان فاسٹ بولر عامر خان کہتے ہیں کہ پی ایس ایل بہترین فلیٹ فارم ہے، حسن علی اور وہاب ریاض سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔ خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں اب تک اپنا ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔

    پی ایس ایل فائیو، پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ سرفہرست

    دونوں ٹیموں کے چند کھلاڑی کسی بھی وقت اپنی ٹیم کے حق میں بازی پلٹ سکتے ہیں، ملتان سلطانز کے شان مسعود اگر کچھ کر دکھانے کو بے تاب ہیں تو معین علی، جیمز ونس اور رائلی روسو کی اسٹار پاور ملتان کو میچ جتوا سکتی ہے، لاکھوں دلوں کی جان شاہد خان آفریدی بھی ہیں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ دوسری طرف زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور کامرن اکمل بھی خوب چھکے لگاتے ہیں، زلمی کے پاس ٹام بینٹن اور لیونگسٹن جیسے خطرناک کھلاڑی بھی موجود ہیں، بولنگ میں زلمی کی امیدیں تیز رفتار وہاب ریاض اور حسن علی سے وابستہ ہیں۔

    خیال رہے کہ پی ایس ایل فائیو کے دوسرے مرحلے کے لیے ٹیمیں اسلام آباد اور ملتان پہنچنا شروع ہو گئی ہیں، دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز نے اسلام آباد میں ڈیرے ڈال لیے، دونوں ٹیمیں کل پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گی۔

    ملتان میں پی ایس ایل فائیو کے میچز کی میزبانی کے لیے سیکورٹی پلان بھی جاری کیا جا چکا ہے، سیکورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جس میں 3 ہزار سے زائد پولیس افسران ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ اسٹیڈیم آنے والے شائقین کو فور ٹیئر سیکورٹی پروسس سے گزارا جائے گا۔ ٹکٹ رکھنے والے افراد کو مکمل چیکنگ کے بعد اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی، کسی بھی قسم کے ناخوش گوار واقعے سے بچنے کے لیے 12 عدد واک تھرو گیٹس، 48 میٹل ڈیٹیکٹرز کے ساتھ تلاشی لی جائے گی۔

  • ملتان ڈسٹرکٹ بار سے خاتون کو ٹھگنے والا جعلی وکیل گرفتار

    ملتان ڈسٹرکٹ بار سے خاتون کو ٹھگنے والا جعلی وکیل گرفتار

    ملتان: پولیس نے شکایت پر ملتان ڈسٹرکٹ بار سے خاتون کو ٹھگنے والا جعلی وکیل گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ بار ملتان سے جعلی وکیل ساتھی سمیت پکڑا گیا، امین الرحمان نامی شخص نے جعلی وکیل بن کر خاتون سے 60 ہزار روپے کیس فیس وصول کی تھی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ابن سینا اسپتال کے قریب رہایش پذیر خاتون معراج کنول نے امین الرحمان کو اپنے بیٹے کی رہائی کے لیے فیس دی تھی، بیٹا رہا نہ ہونے پر کچہری جا کر خاتون نے سعید احمد بھٹہ ایڈووکیٹ کو شکایت کر دی۔

    خاتون کی شکایت پر ڈسٹرکٹ بار کا ریکارڈ چیک کیا گیا تو مذکورہ وکیل کا کوئی ریکارڈ نہ ملا، پولیس تھانہ گلگشت نے اطلاع پر امین الرحمان نامی جعلی وکیل کو ساتھی آصف سمیت حراست میں لے لیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں کراچی میں بھی سپریم کورٹ سے ایک جعلی وکیل کو گرفتار کیا گیا تھا، سلام ولد عبدالسلام نامی شخص اپنے آپ کو وکیل بنا کر کیس کی سماعت کر رہا تھا، جے ایم ویسٹ کی عدالت میں کیس میں دلائل دیتے ہوئے پکڑا گیا، عدالت نے وکالت کی ڈگری مانگی تو اس کی اصلیت سامنے آ گئی، ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔

  • پاکستانی ڈاکٹرز کا بڑا کارنامہ، بچے کا کٹا ہاتھ جوڑ دیا

    پاکستانی ڈاکٹرز کا بڑا کارنامہ، بچے کا کٹا ہاتھ جوڑ دیا

    ملتان: پاکستانی ڈاکٹرز نے بڑا کارنامہ انجام دیتے ہوئے بچے کا کلائی سے کٹا ہوا ہاتھ کامیابی کے ساتھ جوڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نشتر پاک اٹالین ماڈرن برن یونٹ کے ڈاکٹرز نے کارنامہ انجام دیتے ہوئے ڈیڑھ سالہ بچے کا کٹا ہوا ہاتھ پھر سے جوڑ دیا، ماہر سرجنز نے یہ سرجری 4 گھنٹے میں کی۔

    لیہ کے رہایشی ڈیڑھ سالہ بچے کا ہاتھ کھیلتے ہوئے ٹوکہ مشین میں آ کر علیحدہ ہو گیا تھا، نشتر اسپتال ملتان کے پاک اٹالین ماڈرن برن یونٹ کے ماہرین نے چار گھنٹے پر مشتمل پیچیدہ سرجری کے بعد کٹا ہوا ہاتھ جوڑ کر معصوم بچے کو عمر بھر کی معذوری سے بچا لیا۔

    یاد رہے کہ 2016 میں خیبر پختون خوا کے ڈاکٹرز نے بھی یہ کارنامہ انجام دیا تھا، جب پشاور کے ڈاکٹرز کی ٹیم نے ایک 14 ماہ کے بچے کا کٹا ہوا ہاتھ 8 گھنٹے کے طویل آپریشن میں جوڑ دیا تھا۔ چودہ ماہ کے محفوظ کا ہاتھ آٹے کی چکی میں آ کر کٹ گیا تھا۔

    ان واقعات کو مد نظر رکھ کر والدین کو چاہیے کہ بچوں کو ایسی مشینوں سے دور رکھیں، جن کی وجہ سے ان کے بچے زندگی بھر کے لیے معذوری کا شکار ہو سکتے ہیں، والدین کی ذرا سی لاپرواہی بچوں کے لیے عمر بھر کا روگ بن سکتی ہے۔

  • چیف جسٹس پاکستان کا دورہ ملتان،  قبضہ مافیا کےخلاف کارروائی کا حکم

    چیف جسٹس پاکستان کا دورہ ملتان، قبضہ مافیا کےخلاف کارروائی کا حکم

    ملتان : چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار نے ملتان میں قبضہ مافیا کےخلاف کارروائی کاحکم دےدیا اور کہا قبضہ مافیا سےآہنی ہاتھوں سےنمٹاجائے، پارکس صرف عوام کیلئےاستعمال ہونےچاہئیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزارنے اولیا کے شہر ملتان کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے حضرت بہاؤالدین زکریا اور شاہ رکن عالم کےمزار پر حاضری دی اور شہرکے معروف چلڈرن پارک بھی گئے۔

    چیف جسٹس نے چلڈرن پارک کی ابترحالت پربرہمی کااظہارکرتے ہوئےسی پی او کوقبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کرنےکا حکم دیتے ہوئے کہا قبضہ مافیا سے آہنی ہاتھوں سےنمٹا جائے، پارک صرف عوام کیلئے استعمال ہونے چاہئیں۔

    چیف جسٹس نے پارکس کی حالت فوری بہتربنانے اور ملتان میں ایک لاکھ درخت لگانےکاحکم بھی دیا اور کہا ملتان کی حالت بل بورڈز اور گردوغبار سے خراب ہے، شہر میں صوفی کلچرکوفروغ دینےکیلئےثقافتی سرگرمیوں کی ضروت ہے، سرگرمیوں سےلوگ مزارکی طرف متاثرہوں گے۔

    جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ شہر کے تمام پارکس کو بچوں اور اہلخانہ کےلیےتفریح کاذریعہ ہوناچاہیے، اچھے پارکس سے شہریوں کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔

  • 12 سال کی لڑکیوں کے ساتھ شادی کرنے والے دولھوں کے خلاف کارروائی

    12 سال کی لڑکیوں کے ساتھ شادی کرنے والے دولھوں کے خلاف کارروائی

    ملتان: بستی خداداد میں کم سن بچیوں کی شادیوں پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک دولھا گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے ایک علاقے بستی خداداد میں پولیس نے 2 لڑکیوں کی کم عمری میں شادی کی کوشش ناکام بنا دی، پولیس نے ایک دولھا گرفتار کر لیا جب کہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 12، 12 سال کی لڑکیوں کے ساتھ گزشتہ روز نکاح کیا تھا، رخصتی ہو رہی تھی کہ اطلاع ملنے پر پولیس نے چھاپا مارا اور اس کارروائی کے دوران ایک دولھا فرار جب کہ دوسرا پکڑا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق تھانہ کینٹ کے علاقے بستی خداداد میں 45 سالہ فیصل کی 12 سالہ فائزہ جب کہ 37 سالہ احسن کی 12 سالہ طیبہ سے شادی کی کوشش کی جا رہی تھی۔ رخصتی کی تقریب میں باراتی بھی موجود تھے جو پولیس کو دیکھ کر فرار ہو گئے، پولیس نے لڑکیوں کی رخصتی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دولھے احسن کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس کے مطابق فرار ہونے والے دوسرے دولھے فیصل کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے، جلد ہی اسے بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف کم عمر لڑکیوں کے ساتھ شادی کرنے پر مقدمہ بھی درج کیا جا رہا ہے۔

    بچیوں کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ ان کے والدین کون ہیں، تاہم پولیس نے انھیں اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔