Tag: ملتوی

  • چیمپئنز ٹرافی پر ڈیڈ لاک برقرار، آئی سی سی اجلاس شروع ہونے سے پہلے ہی ملتوی

    چیمپئنز ٹرافی پر ڈیڈ لاک برقرار، آئی سی سی اجلاس شروع ہونے سے پہلے ہی ملتوی

    چیمپئنز ٹرافی پر بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث ڈیڈ لاک برقرار ہے اور آج آئی سی سی کا ہونے والا اجلاس شروع ہونے سے قبل ہی ملتوی ہو گیا ہے۔

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ برس 19 فروری سے 9 مارچ تک شیڈول ہے اور پاکستان اس ٹورنامنٹ کا میزبان ہونے کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھی ہے۔

    تاہم ایونٹ کے آغاز سے تین ماہ قبل بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بار پر پاکستان آنے سے انکار کر دیا ہے جب کہ دیگر تمام ٹیمیں پاکستان آنے پر راضی اور آئی سی سی وفد بھی کئی بار پاکستان آنے کے بعد یہاں سیکیورٹی اور دیگر انتظامات سے مطمئن ہو کر جا چکا ہے۔

    بھارت ایشیا کپ کی طرح چیمپئنز ٹرافی کے اپنے میچز بھی ہائبرڈ ماڈل کے تحت یو اے ای میں کھیلنے کا خواہاں ہے تاہم پی سی بی نے ایشیا کپ کے برعکس اس بار پورا ایونٹ اپنے ہی ملک میں کرانے کا اعلان کیا اور ہائبرڈ ماڈل یکسر مسترد کر دیا۔

    بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث آئی سی سی اب تک چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول بھی جاری نہیں کر سکی ہے جس کے باعث اس پر براڈ کاسٹرز کا دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔

    پاکستان نے گزشتہ دنوں ایونٹ کے بروقت انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے برابری کی سطح پر قابل عمل تجویز پارٹنر شپ یا فیوژن ماڈل کی دی گئی تھی جس میں آئی سی سی کے تمام بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں پاک بھارت میچز نیوٹرل وینیو پر رکھے جانے کی تجویز تھی۔

    یہ تجویز مانے جانے کی صورت میں اس کا اطلاق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے 2027 تک شیڈول آئی سی سی ایونٹس کے لیے ہونا تھا اور اس دوران بھارت میں ہونے والے کرکٹ ایونٹ میں بھی پاکستان نے اپنے میچز بھارتی سر زمین کے باہر کھیلنا تھے۔

    ؎تاہم پی سی بی کی اس قابل عمل تجویز کو بھارت نے مسترد کر دیا، جس کے بعد اس ایونٹ کے انعقاد پر خطرات کے بادل بھی منڈلانے لگے ہیں۔

    آج آئی سی سی کے بورڈ ممبران اور براڈ کاسٹرز کے درمیان میٹنگ میں یہ معاملہ طے ہونا تھا۔ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی بھی اس میٹنگ میں شرکت کے لیے آج صبح دبئی پہنچے تھے۔ تاہم بھارت اپنے ملک میں شیڈول آئی سی سی ٹورنامنٹس کے میچز کے لیے ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں کر رہا ہے اور اس کی میں نہ مانوں والی رٹ اور بے جا ضد کے باعث یہ میٹنگ شروع ہونے سے قبل ہی ملتوی ہو گئی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/india-refused-to-play-in-pakistan/

  • قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس آج سہ پہر تک ملتوی

    قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس آج سہ پہر تک ملتوی

    اسلام آباد : قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں کا وقت ایک بار پھر تبدیل کردیا گیا، قومی اسمبلی اجلاس آج تین بجے سہ پہر  جبکہ سینیٹ کا اجلاس شام 5 بجے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کئی گھنٹوں کی تاخیر کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفیٰ شاہ کی زیر صدارت ہوا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی ترامیم سینیٹ اجلاس میں آج لائے جانے کا امکان ہے۔

    آئینی ترمیم کے معاملے پر قومی اسمبلی کا اجلاس کئی بار تبدیل ہوا، رات 7 بجے بلایا گیا اجلاس کا وقت ساڑھے 9 بجے کیا گیا، جو رات گئے شروع ہوا۔

    اس سے قبل سینیٹ کا اجلاس جو دن کے 12 بجے ہونا تھا، اس کا وقت 3 بجے، شام ساڑھے 6 بجے اور پھر رات 8 بجے رکھا گیا تھا اور اب پھر سینیٹ اجلاس آج سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا تحریری فیصلہ جاری

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

    فیصلے کے مطابق یونین کونسلزکی تعدادکا تعین وفاقی حکومت کا اختیار ہے، الیکشن کمیشن یونین کونسلزکی تعداد کے مطابق حلقہ بندی کا پابند ہے۔

    فیصلے میں بتایا گیا کہ بلدیاتی قانون میں پارلیمان نے ترامیم کر کےصدر کو بھجوادی ہیں، ترامیم کے مطابق میئرکا انتخاب براہ راست اور الیکشن کے دن ہی ہوگا۔

    الیکشن کپیشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی فیصلے کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات واضح ہیں اس صورتحال میں انتخابی شیڈول جاری نہیں ہوسکتا تھا، اس لیے الیکشن کمیشن اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات ملتوی کررہا ہے۔

  • کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے گئے

    کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے گئے

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں، شدید بارش اور سیلابی صورتحال کے باعث کراچی ڈویژن کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان میں صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر نے کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کراچی ڈویژن کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے غور کیا گیا، صبح ہونے والے اجلاس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن کو 6 اہم اداروں سے فوری رپورٹ لینے کی ہدایت کی گئی۔

    اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، چیف سیکریٹری، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز، صوبائی الیکشن کمشنر اور محکمہ موسمیات سے رپورٹ لینے کی ہدایت کی گئی تھی۔ محکمہ موسمیات سے آئندہ دنوں کے موسم کی صورتحال پر رپورٹ مانگی گئی تھی۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ پاک فوج، رینجرز، پولیس اور دیگر ادارے دیہی سندھ میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں، سیکیورٹی اداروں سے رپورٹ طلب کی گئی ہے کہ پولنگ سے دیہی سندھ میں امدادی کام کتنے متاثر ہوں گے۔

    اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر سے بھی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے رپورٹ طلب کی گئی تھی، تمام اداروں سے رپورٹ حاصل کر کے الیکشن کمیشن کا دوبارہ اجلاس دوبارہ آج ہی طلب کیا گیا تھا۔

    سہ پہر میں دوبارہ ہونے والے اجلاس میں کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انتخابات کے التوا کا فیصلہ الیکشن کمشنر سندھ اور ضلعی انتظامیہ کی رپورٹ پر کیا گیا۔

    کراچی اور حیدر آباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات 28 اگست کو ہونے تھے۔

  • فیفا نے 2 ورلڈ کپ ملتوی کردیے

    فیفا نے 2 ورلڈ کپ ملتوی کردیے

    زیورخ: فٹبال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا نے کرونا وائرس وبا کی وجہ سے اگلے سال انڈونیشیا اور پیرو میں ہونے والے انڈر 20 اور انڈر 17 ورلڈ کپس سنہ 2023 تک ملتوی کردیے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فٹبال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا نے کرونا وائرس وبا کی وجہ سے اگلے سال انڈونیشیا اور پیرو میں ہونے والے 2 بین الاقوامی ٹورنامنٹس سنہ 2023 تک ملتوی کردیے ہیں۔

    انڈونیشیا میں انڈر 20 ورلڈ کپ اور پیرو میں انڈر 17 ورلڈ کپ اگلے سال منعقد ہونے تھے۔

    فیفا کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنے میں کووڈ 19 کی وبا کی وجہ سے اب بھی چیلنجز کا سامنا ہے۔ وبا نے بین الاقوامی سفر پر بھی اثرات ڈالے ہیں۔

    عالمی صورتحال اس مقام تک پہنچنے میں ناکام رہی جہاں دونوں ٹورنامنٹس کی میزبانی سے متعلق درپیش چیلنجز کا سامنا کیا جا سکتا۔

    فیفا کا مزید کہنا ہے کہ وہ دونوں میزبان ملکوں کے ساتھ 2023 میں کامیاب ٹورنامنٹس منعقد کرنے کی منتظر ہے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے دیگر کھیلوں کے ٹورنامنٹس بھی متاثر ہوئے ہیں۔ یورو 2020 کو اگلے سال جون تک ملتوی کیا گیا ہے۔ کوپا امریکہ بھی ملتوی ہو چکا ہے جبکہ افریقہ کپ آف نیشن جنوری 2022 تک ملتوی کیا جا چکا ہے۔

  • عرب دنیا کا پہلا مریخ مشن موسم کی خرابی کے باعث ملتوی

    عرب دنیا کا پہلا مریخ مشن موسم کی خرابی کے باعث ملتوی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات اور عرب دنیا کا پہلا مریخ مشن ملتوی کردیا گیا، مشن بدھ کی شب 12 بجے روانہ کیا جانا تھا تاہم موسم کی خرابی کے باعث اسے ملتوی کرنا پڑا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کا پہلا مریخ مشن موسم کی خرابی کے باعث ملتوی کردیا گیا، یہ عرب دنیا کا بھی پہلا خلائی مشن تھا۔

    متحدہ عرب امارات کا پہلا خلائی تحقیقاتی مشن بدھ 15 جولائی کو رات 12 بج کر 51 منٹ پر روانہ ہونا تھا، تاہم موسم کی خرابی کے باعث اس کے ملتوی ہونے کے خدشات ظاہر کیے جارہے تھے جو اب سچ ہوگئے۔

    اماراتی خلائی مشن مریخ کا موسم دریافت کرنے اور آئندہ 100 برس کے دوران وہاں انسانی بستی بسانے سے متعلق ضروری معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔

    خلائی مشن جاپان کے خلائی سینٹر ٹینگا شیما سے اپنے سفر کا آغاز کرنے والا تھا، اس کا حجم فور وہیل گاڑی جتنا ہے اور وزن 1350 کلو گرام ہے۔ اسے پائلٹ کے بغیر خود کار سسٹم کے تحت کنٹرول کیا جائے گا۔

    اس خلائی مشن کو العمل (ہوپ) کا نام دیا گیا ہے، مشن کو مریخ تک پہنچنے میں 7 ماہ کا وقت درکار ہوگا اور یہ مریخ تک پہنچنے کے لیے 493 ملین کلو میٹر کا سفر طے کرے گا۔ العمل خلائی مشن مدار میں 687 دن تک رہے گا۔

    خیال رہے کہ مریخ کا ایک سال کرہ ارض کے 687 دن کے برابر ہوتا ہے، اماراتی خلائی مشن العمل 3 ٹیکنالوجی وسائل اپنے ہمراہ لے کر جارہا ہے۔

    مشن سال بھر مریخ کے بدلتے ہوئے موسموں کی مکمل تصویر لے گا، خلائی مشن پر ریڈ ایکسرے سسٹم نصب ہے۔ یہ مریخ کے زیریں فضائی غلاف کی پیمائش کرے گا اور درجہ حرارت کا تجزیہ کرے گا۔

    خلائی مشن میں انتہائی حساس کیمرہ نصب کیا گیا ہے، یہ اوزون کے حوالے سے دقیق ترین معلومات حاصل کرے گا جبکہ 43 ہزار کلو میٹر تک کی مسافت کے فاصلے سے آکسیجن اور ہائیڈروجن کی مقدار ناپنے والا آلہ بھی مشن میں نصب کیا گیا ہے۔

    اماراتی حکام کے مطابق مریخ مشن بھیجنے کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

  • کرونا وائرس: جدہ میں ہونے والا بین الاقوامی فلم فیسٹول ملتوی

    کرونا وائرس: جدہ میں ہونے والا بین الاقوامی فلم فیسٹول ملتوی

    ریاض: سعودی عرب میں ہونے والا ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کرونا وائرس کے پیش نظر ملتوی کردیا گیا، نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے مدنظر فیسٹول ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیسٹول 12 سے 21 مارچ تک جدہ شہر میں ہونے والا تھا۔

    ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فیسٹیول رواں سال ہی کسی تاریخ میں منعقد کیا جائے گا، جب بھی حالات بہتر ہوں گے فیسٹول کے انعقاد کا اعلان کردیا جائے گا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ التوا کا فیصلہ مشکل تھا، ہمیں اس کا دکھ ہے تاہم کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے یہ مشکل فیصلہ کرنا پڑا۔ اگر یہ رکاوٹ حائل نہ ہوتی تو فیسٹول ضرور ہوتا۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل سعودی عرب کی 6 مختصر فلمیں نیٹ فلکس پر پیش کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، مذکورہ فلمیں بین الاقوامی ایوارڈز بھی حاصل کر چکی ہیں۔

    مذکورہ فلمیں رواں ماہ کے آخر تک نیٹ فلکس پر 190 ممالک میں دیکھی جاسکیں گی۔

  • پارلیمنٹ کا مشترکہ اور قومی اسمبلی کا طلب شدہ اجلاس ملتوی

    پارلیمنٹ کا مشترکہ اور قومی اسمبلی کا طلب شدہ اجلاس ملتوی

    اسلام آباد ؛ پارلیمنٹ کا مشترکہ اور قومی اسمبلی کا طلب شدہ اجلاس منسوخ کر دیا گیا ، مشترکہ اجلاس آج شام 5بجے پارلیمنٹ ہاﺅس میں طلب کیا گیا تھا ، جس میں صدر مملکت کو خطاب کرنا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ناگزیر وجوہات کی بناء پر موخر کر دیا گیا، صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے مجلس شوری ٰ (پارلیمنٹ) کا مشترکہ اجلاس آج شام 5بجے پارلیمنٹ ہاﺅس میں طلب کیا گیا تھا، جس میں صدر مملکت نے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنا تھا۔

    ذرائع وزارت پارلیمانی امور کے مطابق مشترکہ اجلاس کا نیا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا

    دوسری جانب صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس جو 2 ستمبر کو شام 4بجے پارلیمنٹ ہاﺅس میں طلب کیا گیا تھا ، اسے بھی منسوخ کر دیا گیا ۔

    صدر نے دونوں اجلاسوں کی منسوخی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 54کی شق 1 کے تقویص اختیارات کے تحت کیا ہے۔

    مزید پڑھیں : نکلو کشمیر کی خاطر: آج وزیر اعظم کی اپیل پر قوم یک زبان ہوگی

    خیال رہے وزیراعظم پاکستان کے اعلان پر آج دن بارہ سے ساڑھے بارہ بجے تک کراچی سے خیبر، بولان سے بلتستان، پوری قوم یک جان ہوگی اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا پیغام دنیا بھر میں پہنچائے گی۔

    بارہ بجے سائرن بجیں گے، قومی ترانے کے بعد کشمیر کا ترانہ بھی پڑھا جائے گا، اسلام آباد کے تمام ٹریفک سگنل آدھے گھنٹے تک سرخ رہیں گے ٹریفک رُکی رہے گی، سگنلز اور شاہراہوں پر کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لیے مظاہرہ کیا جائےگا۔

    مرکزی اجتماع ڈی چوک پر ہوگا، سرکاری دفتروں کاعملہ جمع ہو کر اظہاریکجہتی کرےگا، پی ٹی آئی کے وزرا اورمقامی قائدین بھی ڈی چوک پر جمع ہوں گے۔

  • روس نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات ملتوی کردیے

    روس نے طالبان کے ساتھ امن مذاکرات ملتوی کردیے

    ماسکو: افغانستان اور امریکا کی جانب سے امن مذاکرات میں شرکت نہ کرنے کے اعلان کے بعد روس نے طالبان سے امن مذاکرات ملتوی کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی حکام کی جانب سے کثیر الملکی امن مذاکرات روس میں منعقد کیے جانے تھے جبکہ اس مذاکرات میں افغان اور امریکی حکام نے شرکت کرنے سے انکار کردیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی حکام کی جانب سے مذاکرات ملتوی کرنے کی تصدیق کردی گئی ہے، جبکہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایسا افغان صدر اشرف غنی کے کہنے پر کیا گیا ہے۔

    روس میں ہونے والے امن مذاکرات میں بارہ ممالک کو مدعو کیا گیا تھا، ایک ہفتہ قبل ہی افغان طالبان نے چار ستمبر کو ہونے والے ان مذاکرات میں شرکت کرنے کی حامی بھری تھی۔

    افغان حکام نے روس میں طالبان سے ہونے والے مذاکرات کی پیشکش مسترد کردی

    خیال رہے کہ ان مذاکرات میں امریکا اور افغان حکومت کو بھی شامل ہونے کی دعوت دی گئی تھی لیکن ان دونوں ملکوں نے اسے مسترد کر دیا تھا، روسی حکام کے مطابق مذاکرات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے کہا تھا کہ افغان طالبان نے چار ستمبر کو ماسکو میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے۔

    دوسری جانب امریکی حکام نے بھی طالبان کے ساتھ براہ راست مذاکرات کرنے کا عندیہ دیا تھا، تاہم ابھی تک عملی طور پر کوئی نتائج سامنے نہیں آئیں، جبکہ امریکا افغانستان میں طالبان کے خلاف اپنے عسکری حملوں میں بھی کمی لا چکا ہے۔

  • اثاثہ جات ریفرنس : اسحاق ڈارکےخلاف سماعت 18 جنوری تک ملتوی کردی

    اثاثہ جات ریفرنس : اسحاق ڈارکےخلاف سماعت 18 جنوری تک ملتوی کردی

    اسلام آباد : احتساب عدالت نے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 18 جنوری تک ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی نیب ریفرنس کی سماعت کی۔

    سماعت کے آغاز پر نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق نے ہائی کورٹ کی جانب سے اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے اور ان کے نا قابل ضمانت وارنٹ پرحکم امتناع کے فیصلے کی مصدقہ نقول عدالت میں کاپی پیش کی۔


    نیب کو اسحاق ڈارکیخلاف کارروائی سے روکنے کا عدالتی حکم


    نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 17 جنوری تک اسٹے آرڈر دے رکھا ہے جس کے بعد عدالت نے سماعت 18 جنوری تک ملتوی کردی۔

    خیال رہے کہ اسحاق ڈار کے وکیل نے ناقابل ضمانت وارنٹ اور اشتہاری قرار دینے کے احتساب عدالت کے حکم کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس پرعدالت نے 17 جنوری تک حکم امتناع جاری کیا تھا۔


    آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کیس ، اسحاق ڈار اشتہاری قرار


    یاد رہے کہ احتساب عدالت نے 11 دسمبر کو آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں سماعت کے دوران مسلسل غیرحاضری پراسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔