Tag: ملزمان فرار

  • کراچی پولیس کی پُھرتی : چھینی گئی کار چند گھنٹوں میں کیسے ملی؟

    کراچی پولیس کی پُھرتی : چھینی گئی کار چند گھنٹوں میں کیسے ملی؟

    کراچی : پولیس نے تیموریہ کے علاقے سے چھینی گئی گاڑی چند گھنٹوں بعد ہی اورنگی ٹاؤن سے برآمد کرلی، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے شہری کی بروقت اطلاع پر کارروائی کرکے ٹریکر کی مدد سے اس کی گاڑی کا تعاقب شروع کیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان مذکورہ چھینی گئی گاڑی کو منگھوپیر کے بعد اورنگی ٹاؤن لے کر پہنچے، ملزمان پولیس کو دیکھتے ہی تنگ گلیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

    اس حوالے سے متاثرہ شہری نے پولیس کو بیان دیا کہ میں شاپنگ مال کے پاس کھڑا تھا کہ اس دوران دو مسلح افراد نے اسلحہ کے زور پر مجھے یرغمال بنالیا۔

    متاثرہ شہری نے بتایا کہ ملزمان مجھے اپنے ساتھ لے جانا چاہتے تھے لیکن موقع پاتے ہی میں جان بچا کر بھاگ گیا، جس کے بعد ملزمان میری گاڑی لے کر فرار ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کو اس میں لگے ٹریکر کی مدد سے برآمد کیا گیا ہے، ملزمان نے ٹریکر نکالنے کی بھی کوشش کی تھی۔

    اگر ملزمان تک پہنچنے میں مزید کچھ دیر اور ہوجاتی تو ملزمان کار سے ٹریکر نکال کر فرار ہوچکے ہوتے، شہری نے اپنی چھینی گئی گاڑی ملنے پر ڈسٹرکٹ سینٹرل اور کراچی پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے۔

  • کراچی، گلشن اقبال میں کار پر فائرنگ، ڈاکٹر قتل، مقدمہ درج

    کراچی، گلشن اقبال میں کار پر فائرنگ، ڈاکٹر قتل، مقدمہ درج

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال کے ڈی اے مارکیٹ کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے کار پر فائرنگ کرکے ڈاکٹر کو قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں نامعلوم ملزمان نے کار پر فائرنگ کرکے ڈاکٹر سید عسکری کو قتل کردیا، ڈاکٹر کے قتل کا مقدمہ تھانہ گلشن اقبال میں درج کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق دو ملزمان موٹر سائیکل پر آئے اور ڈاکٹر عسکری کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن انہوں نے گاڑی دوڑا دی جس کے بعد ملزمان کی فائرنگ کی، ایک گولی ان کے کندھے پر لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی، مقتول سندھ گورنمنٹ اسپتال کورنگی میں تعینات تھے۔

    پولیس کے مطابق ڈاکٹر سید عسکری کو آج دوپہر ان کی رہائشگاہ کے قریب قتل کیا گیا ہے، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول برآمد کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

    ادھر ابراہیم حیدری پولیس نے بیٹے کے قتل میں ملوث باپ کو گرفتار کرلیا، ملزم کو 2 ساتھیوں سمیت الیاس گوٹھ سے گرفتار کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سفاک ملزم نے اپنے 8 سالہ بیٹے کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے، گرفتار ملزم نشے کا عادی ہے، مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    دوسری جانب سہراب گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، فائرنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے ذاتی رنجش پر فائرنگ کی۔

  • کراچی : ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق، ملزمان باآسانی فرار

    کراچی : ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق، ملزمان باآسانی فرار

    کراچی : ہجرت کالونی میں فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا، مقتول کی شناخت جہانگیر کے نام سے ہوئی ہے، آئی جی سندھ نےایس ایس پی ساؤتھ سےواقعےکی رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق ہجرت کالونی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا ہے، جاں بحق اہلکار کی شناخت جہانگیر کے نام سے ہوئی۔

    مقتول جہانگیر سول لائن تھانے میں تعینات تھا، اس حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ نے صحافیوں کو بتایا کہ کراچی کے علاقے ہجرت کالونی میں3پولیس اہلکار موٹرسائیکل پر گشت کررہے تھے ۔

    اس دوران اہلکاروں نے موٹرسائیکل پر سوار مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی، جس پر ملزمان نے رکنے کے بجائے وہاں سے بھاگنے کی کوشش کی اور فائرنگ کرتے ہوئے فرارہوگئے۔

    ملزمان کی فائرنگ سے ایک گولی اہلکارجہانگیر کے سینے میں جالگی، زخمی اہلکار نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، یاد رہے کہ آئی جی سندھ کلیم امام نے ایس ایس پی ساؤتھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

  • پشاور : مغوی بچہ بازیاب:ملزمان فرار

    پشاور : مغوی بچہ بازیاب:ملزمان فرار

    پشاور : دو کروڑ روپے تاوان کےلئے اغواء کیا جانے والا چار سالہ بچہ بازیاب کرالیا گیا ، واردات میں ملوث اسکول ٹیچر سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئےچھاپے مارے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیڑھ ماہ قبل پشاور سے اغوا کیا گیا چار سالہ بچہ بازیاب کرالیا گیا بچے کی بازیابی کیلئے دو کروڑ روپے تاوان طلب کیا گیا تھا۔ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    اے ایس پی فرقان بلال کے مطابق پولیس نے ملزمان کی کال ریکارڈ کرکے ان کا ٹھکانہ معلوم کیا اور چھاپہ مار کر بچے کو بغیر تاوان کے بازیاب کرایا۔

    اے ایس پی کا کہنا تھا کہ بچے کے اغوا میں سیمی نامی خاتون ٹیچر بھی شامل ہے۔ بچے کے والد کے دوست نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ بچے کو پندرہ دسمبر کو اغوا کیا گیا تھااور تاوان مانگاگیا تھا۔

    انہوں نے بچے کی بازیابی پر پولیس کا شکریہ بھی ادا کیا۔پولیس کے مطابق سیمی نامی خاتون اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

  • کراچی :سندھ ہائیکورٹ سے 3 ملزمان فرار

    کراچی :سندھ ہائیکورٹ سے 3 ملزمان فرار

    کراچی میں سندھ ہائیکورٹ سے زیر حراست ملزمان پھر فرار ہوگئے۔

    شمس اللہ، نعمت اللہ اور بہاالدین کی عدالت نے درخواست ضمانت مسترد کر دی تو ملزمان بھاگ گئے اور پولیس منہ کھڑی تماشا دیکھتی رہ گئی، عدالت سے بھاگنے والے اغوا برائے تاوان کے ملزم ہیں۔

    بتایا جا رہا ہے بھگوڑے ملزمان کراچی کے مضاربہ اسکینڈل میں بھی ملوث ہیں، ایک شہری نے رقم ڈبل ہونے کے لالچ میں ستر کروڑ روپے اسکیم میں جمع کرائے تو اسے ملزمان نے اغوا کرلیا اور بھاری تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔

    سندھ ہائیکورٹ ریڈ زون میں ہے، ایف آئی اے، پاسپورٹ اور سندھ انفارمیشن ڈپارٹمنٹ بھی سامنے ہی ہے، سخت ترین سیکورٹی کے باوجود ملزمان کا فرار ہونا سیکورٹی معاملات کیلئے خطرے کی گھنٹی بھی ہے۔