Tag: ملک

  • پاکستان کھجور پیدا کرنیوالا دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن گیا

    پاکستان کھجور پیدا کرنیوالا دنیا کا پانچواں بڑا ملک بن گیا

    اسلام آباد(4 اگست 2025): پاکستان کھجور پیدا کرنے والا دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے اور ملک کے چاروں صوبوں میں کھجور کے وسیع باغات موجود ہیں۔

    پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کی رپورٹ کے مطابق کھجور کی کاشت اور پیداوار کے حوالے سے ایک تحقیقی رپورٹ میں تحقیق کار نے بتایا کہ پاکستان میں سالانہ 5لاکھ ٹن کھجور پیدا ہوتی ہے۔

    ڈیٹ پام ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین اثمارنے بتایا کہ پاکستان دنیامیں کھجور پیداکرنے والا پانچواں بڑا ملک بن گیا ہے جہاں سالانہ 5 لاکھ ٹن کھجور پیدا ہوتی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کھجور کا کل پیداواری رقبہ تقریباً 82ہزار ہیکٹر ہے، ملک میں سب سے زیادہ کھجور صوبہ سندھ میں پیدا ہوتی ہے جہاں اس کی پیداوار 2 لاکھ 52 ہزار 300 ٹن ہے جبکہ بلوچستان اس سلسلہ میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں ایک لاکھ 92 ہزار  800 ٹن کھجور کی پیداہوتی ہے۔

    اسی طرح صوبہ پنجاب میں 42 ہزار 600 ٹن کھجور پیدا ہوتی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں کھجور کی پیداوار 8 ہزار 900 ٹن ہے۔

    ماہرین اثمارنے مزید بتایا کہ پاکستان میں 150سے زائد اقسام کی کھجور پائی جاتی ہے جبکہ صرف مکران ڈویژن میں 130سے زائد کھجور کی ورائٹیز ہیں، پاکستان میں کھجور کی شاندار پیداوار کے باوجود اس کی برآمدات بہت کم ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اس وقت کھجور مختلف ممالک کی 23 مارکیٹوں میں برآمد کی جارہی ہے جن میں بھارت، امریکا، کینیڈا، برطانیہ، جرمنی اور نیپال شامل ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ بھارت پاکستانی کھجور کا سب سے بڑا درآمد کنندہ ہے، انہوں نے کہا کہ اگر کھجور کی برآمدات میں اضافہ کر لیا جائے تو اس سے نہ صرف نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی بڑھا کر قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے بلکہ برآمدات بڑھنے سے ملک میں معاشی استحکام بھی پیداہوگا۔

  • کل سے ملک بھر میں بارش کا نیا سلسلہ، سیلاب کا خدشہ

    کل سے ملک بھر میں بارش کا نیا سلسلہ، سیلاب کا خدشہ

    اسلام آباد(3 اگست 2025): محکمہ موسمیات نے چار اگست سے ملک کے بیشتر علاقوں میں ایک اور بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے سلسلے کی پیش گوئی کی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور شدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے تاہم کل سے جمعرات تک ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا نیا سلسلہ پہلے سے موجود سیلابی صورت حال کو مزید سنگین بنا سکتا ہے، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش متوقع ہے۔

    6 اگست کو بلوچستان میں بھی تیزبارش کا امکان ہے، مظفرآباد، راولا کوٹ، وادی نیلم، دیامر، سکردو اور گلگت جیسے اہم مقامات پر شدید بارشیں متوقع ہیں، جن کے باعث خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت دریائے سندھ پر تربیلا، کالاباغ، چشمہ،تونسہ، گڈو، سکھر بیراج پر نچلے درجےکا سیلاب ہے۔

    فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن لاہور کا کہنا ہے تربیلا ڈیم اکانوے فیصد اور منگلا ڈیم ساٹھ فیصد بھر چکا ہے، دریائے چناب، جہلم، راوی، ستلج، کابل پرپانی کا بہاو ٔمعمول پر ہے، کوہِ سلیمان اورڈی جی خان کے برساتی نالوں میں بھی بہاؤ معمول پر ہے۔

  • ملکی آبی ذخائر میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ کتنا ہے؟

    ملکی آبی ذخائر میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ کتنا ہے؟

    اسلام آباد(20 جولائی 2025): ملک کے اہم آبی ذخائر میں پانی کی موجودہ صورتحال تسلی بخش ہے اور مجموعی قابل استعمال پانی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

    واپڈا کے ترجمان کے مطابق ملکی آبی ذخائر میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ83 لاکھ 91 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ گیا جو فصلِ خریف کے لیے مثبت اشارہ ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 70 ہزار 800کیوسک ہے، تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کا اخراج 2 لاکھ 70 ہزار 400کیوسک ہے، منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 44 ہزار 700 کیوسک اور اخراج 8 ہزار 400کیوسک ہے۔

    دوسری جانب، چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 3 لاکھ 30 ہزار 900 کیوسک اور اخراج 3 لاکھ93 ہزار 400 کیوسک رہا، جبکہ چشمہ ریزروائر میں آج پانی کی سطح 642 . 70 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 79 ہزار ایکڑ فٹ ریکارڈ کیا گیا۔

    ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 56 ہزار کیوسک اور اخراج 32 ہزار 100 کیوسک رہا۔ نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد 37 ہزار 600 کیوسک اور اخراج 37 ہزار 600 کیوسک ہے۔

    ترجمان واپڈا کا کہنا ہے کہ تربیلا ڈیم میں آج پانی کی سطح 1530 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 46 لاکھ 3 ہزار ایکڑ فٹ ہے، منگلا ڈیم میں آج پانی کی سطح 1188 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 35 لاکھ 39 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔

    ترجمان واپڈا کا مزید بتانا ہے کہ چشمہ میں آج پانی کی سطح  647.80 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 2 لاکھ 49 ہزار ایکڑ فٹ ہے، ذخیرہ 82 لاکھ 84 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ چکا ہے، جو فصلِ خریف کے لیے مثبت اشارہ ہے، ذخیرہ 83 لاکھ 91 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ گیا۔

  • کس ملک میں ذی الحج کا چاند نظر آیا، کہاں نہیں؟

    کس ملک میں ذی الحج کا چاند نظر آیا، کہاں نہیں؟

    آج پاکستان سعودی عرب سمیت مختلف اسلامی ممالک میں ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس جاری ہیں۔

    آج پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت مختلف اسلامی ممالک میں ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس جاری ہیں اور کئی ممالک میں رویت کا اعلان ہو چکا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق انڈونیشیا میں ذی الحج کا چاند نظر آ گیا ہے اور عیدالاضحیٰ جمعہ 6 جون کو ہوگی۔

    ملائیشیا اور برونائی میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا اور ان ممالک میں عیدالاضحیٰ ہفتہ 7 جون کو ہوگی۔

    واضح رہے کہ آج سعودی عرب اور یو اے ای میں چاند نظر آنے اور عیدالاضحیٰ جمعہ 6 جون کو ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    ماہرین فلکیات اور موسمیات کے مطابق پاکستان میں بھی آج کسی بھی علاقے میں چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے اور عیدالاضحیٰ ہفتہ 7 جون کو ہونے کا امکان ہے۔

  • ایک ملک جو چاند سے بھی بڑا ہے!

    ایک ملک جو چاند سے بھی بڑا ہے!

    دنیا میں کوئی ایسا نہیں جس نے چاند نہ دیکھا ہو لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ہماری زمین پر ایک ملک چوڑائی کے لحاظ سے چاند سے بھی بڑا ہے۔

    کائنات میں کئی چاند ہیں لیکن ہمیں جو چاند نظر آتا ہے وہ ہماری زمین کا چاند ہے جس کا حجم زمین کی نسبت 27 فیصد ہے یوں دیکھا جائے تو چاند کا حجم کافی بڑا ہے۔

    سائنسدان چاند پر انسانی آبادیاں بسانے کے لیے کوشاں ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ہماری دنیا کا ایک ملک رقبے میں چوڑائی کے لحاظ سے چاند سے بھی بڑا ہے۔

    جی ہاں۔ یہ حقیقت ہے اور وہ ملک روس ہے جو اپنی سرحد کی چوڑائی کے لحاظ سے چاند سے بھی بڑا ہے۔

    ماہرین فلکیات کے مطابق چاند کا قطر تقریباً 3476 کلومیٹر ہے جب کہ روس کی مشرق سے مغرب تک چوڑائی لگ بھگ 9 ہزار کلو میٹر ہے۔

    اس تناسب سے روس چاند سے تقریباً 2.5 گنا زیادہ چوڑا ہے۔

    روس اتنا وسیع ملک ہے کہ وہاں 11 مختلف ٹائم زونز پائے جاتے ہیں۔ وہاں ایک طرف سورج غروب ہو رہا ہوتا ہے تو عین ان ہی اوقات میں ملک کے کسی دوسرے حصے میں سورج طلوع ہو رہا ہوتا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/animal-that-doesnt-die-even-if-a-train-or-an-elephant-passes-over-it/

  • دنیا کا وہ ملک جہاں 2025 میں‌ پہلا اے ٹی ایم نصب ہوا

    دنیا کا وہ ملک جہاں 2025 میں‌ پہلا اے ٹی ایم نصب ہوا

    آج کل اے ٹی ایم تقریباً ہر شخص کی ضرورت بن گیا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا میں ایسا ملک بھی ہے جس میں حال ہی میں پہلی بار اے ٹی ایم متعارف ہوا ہے۔

    دنیا جیسے جیسے ترقی کر رہی ہے سہولت کے در انسان کے لیے وا ہوتے جا رہے ہیں۔ پہلے کبھی لوگ خریداری کے لیے بھاری رقم ساتھ رکھتے تھے لیکن عرصہ ہوا یہ سلسلہ ترک ہوا کیونکہ اب جگہ جگہ اے ٹی ایم مشینیں موجود ہوتی ہیں جہاں کوئی بھی اکاؤنٹ ہولڈر کارڈ لگا کر مطلوبہ رقم نکال سکتا ہے۔

    تاہم آپ جانتے ہیں کہ دنیا میں ایک ایسا بھی ملک ہے جن کے لیے اے ٹی ایم مشین اجنبی ہے اور یہاں حال ہی میں پہلی اے ٹی ایم مشین نصب کی گئی ہے۔

    دنیا کا یہ منفرد ملک 9 چھوٹے چھوٹے جزائر پر مشتمل ’’تووالو‘‘ نامی ایک ملک ہے اور سمندر کے درمیان ہونے کے باعث یہ باقی دنیا سے کٹا ہوا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیا کے لیے اجنبی اس ملک میں گزشتہ دنوں پہلی اے ٹی ایم مشین نصب کی گئی ہے۔ وزیر اعظم نے باقاعدہ اس کا افتتاح کیا اور خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔

    اس ملک میں اب کہیں جاکر اے ٹی ایم نصب ہوئی اور خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔ وزیراعظم نے اے ٹی ایم مشین کی تنصیب کو ملک کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔

    دنیا کے دور افتادہ ترین ملک میں پہلی بار اے ٹی ایم نصب عوام کا جشن

    قارئین کی دلچسپی اور معلومات کے لیے بتاتے چلیں کہ 10 مربع میل رقبے پر محیط یہ ملک ’’تووالو‘‘ آسٹریلیا اور ہوائی کے درمیان بحرالکاہل میں واقع ہے اور یہاں صرف ایک ہی ایئرپورٹ ہے۔

    ہر ہفتے چند پروازیں پڑوسی ملک فجی سے یہاں پہنچتی ہیں۔ اس لیے یہاں کا رن وے بھی کئی کئی دن خالی رہتا ہے اور مقامی افراد اس کو کھیل کے میدان کے طور پر استعمال کرتے ہیں جب کہ اس ملک کا بلند ترین مقام بھی سطح سمندر سے محض 15 فٹ بلند ہے۔

  • ’ملک میں بہت بڑا بحران آنے والا ہے‘

    ’ملک میں بہت بڑا بحران آنے والا ہے‘

    پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ ملک میں بہت بڑا بحران آنے والا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے اب تک گندم کی سپورٹ پرائس کا اعلان نہیں کیا۔ گزشتہ سال بھی اعلان کے باوجود گندم نہیں خریدی گئی تھی۔ ملک میں بہت بڑا بحران آنے والا ہے۔ مطالبہ ہے حکومت گندم کی سپورٹنگ پرائس مقرر کرے اور امدادی قیمت پانچ ہزار روپے رکھی جائے۔ اگر حکومت نے اعلان نہ کیا تو کسان بڑی تعداد میں باہر نکلیں گے۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت کا کسان پالیسی سے متعلق فیصلہ کسان دشمنی ہے جو ملک دشمنی کے برابر ہے۔ ایک صنعتکار پنجاب کی وزیر اعلیٰ بن گئی اس لیے اب سب کچھ صنعت کو دیا جا رہا ہے۔ کسان کو تو بیج تک ادھار لینے پڑتے ہیں جب کہ گندم خریدنے والا کوئی نہیں۔ یہ لوگ کسان کو پاکستانی سمجھتے بھی ہیں یا نہیں؟

    انہوں نے مزید کہا کہ حکمران آئی ایم ایف سے ڈیل کرتے اور اس کا بوجھ کسان پر ڈالتے ہیں۔ گندم کی امدادی قیمت کی پالیسی آئی ایم ایف کی شرط پر ختم کر دی۔ پنجاب اسمبلی میں 5 سے 45 فیصد زرعی ٹیکس عائد کیا گیا۔ اب 60 لاکھ کی آمدنی پر کسان کو 45 فیصد ٹیکس دینا پڑے گا۔ چیئرمین پی اے سی سے درخواست ہے گندم اسکینڈل کا معاملہ اٹھائے۔

    شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بنیادی حقوق نہیں دیے جا رہے ہیں۔ جیل میں فیملی سے ملاقات کرنا قیدی کا بنیادی حق ہے، لیکن بانی  کے وکیل تک کو ان سے ملنے نہیں دیا جا رہا، عدالت کے احکامات کو جیل انتظامیہ نے ہوا میں اڑا دیا ہے۔ عمران خان کی ان کے بچوں سے بات کرانے اور کتابوں کی فراہمی سے متعلق درخواست دائر کر دی ہے۔

    پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا کے بچوں کو ابھی تک عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ ان بچوں کے اکاؤنٹس کو فیک اکاؤنٹس کے ساتھ منسلک کر دیا گیا۔ ان کا کوئی جرم نہیں، اگر کوئی جرم ہے تو انہیں عدالت میں پیش کریں اور ایف آئی آر دیں۔

    انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ سے نہریں نکالے جانے والے معاملےکے خلاف تمام جماعتیں احتجاج کر رہی ہیں۔ اس مسئلے پر بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ وہ لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

  • ملک میں سونا مزید سستا ہوگیا

    ملک میں سونا مزید سستا ہوگیا

    کراچی: آج کاروباری روز کے دوران پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 800 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 18 ہزار روپے کا ہوگیا،  10گرام سونا 686 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 72 ہزار 633 روپے کا ہوگیا ہے۔

    بین الاقوامی مارکیٹ کی اگر بات کی جائے تو سونا 9 ڈالر کی کمی کے بعد 3022 ڈالر فی اونس کا ہوگیا، جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 3 ہزار 475 روپے ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں سونا فی تولہ 2000 روپے کمی سے 3 لاکھ 18 ہزار 800 روپے کا ہوگیا تھا جبکہ 10گرام سونا 1712 روپے کمی سے سونا 2 لاکھ 73 ہزار 319 روپے کا ہوگیا تھا۔

    یاد رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔

    اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدتے ہیں۔

    گیس کے ذخائر میں بڑی کمی، سوئی سدرن نے خبردار کر دیا

    پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔

  • ملک میں سونا سستا ہوگیا

    ملک میں سونا سستا ہوگیا

    کراچی: تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھونے کے بعد آج ملک بھر میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی دیکھی گئی ہے۔

    آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج سونا فی تولہ 2000 روپے کمی سے 3 لاکھ 18 ہزار 800 روپے کا ہوگیا جبکہ 10گرام سونا 1712 روپے کمی سے سونا 2 لاکھ 73 ہزار 319 روپے کا ہوگیا۔

    اسی طرح عالمی مارکیٹ میں سونا 19 ڈالر کی کمی سے 3031 ڈالر فی اونس کا ہوگیا جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 49 روپے کی کمی سے 3 ہزار 475 روپے ہو گئی۔

    گزشتہ روز سونے کی فی تولہ قیمت 1800 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 20 ہزار روپے 800 ہوگئی تھی، اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 1543 روپے اضافے سے 2 لاکھ 75 ہزار 34 روپے رہی تھی۔

    عید الفطر پر نئے کرنسی نوٹ جاری ہوں گے یا نہیں؟ اہم خبر آگئی

    پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

    یاد رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔

    اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔

    پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔

  • دنیا کا وہ ملک جہاں ایک صدی سے کوئی بچہ پیدا نہیں ہوا!

    دنیا کا وہ ملک جہاں ایک صدی سے کوئی بچہ پیدا نہیں ہوا!

    ہماری زمین اس وقت بڑھتی آبادی کی وجہ سے کئی مسائل کا شکار ہے لیکن ایک ایسا ملک بھی ہے جہاں ایک صدی سے کسی بچے نے جنم نہیں لیا۔

    دنیا کو بڑھتی آبادی اور پاپولیشن بم کے خطرے کا سامنا ہے۔ مسلسل بڑھتی آبادی نے جہاں اس کرہ ارض پر موجود وسائل کو کم کرنا شروع کر دیا ہے وہیں اس کی بقا بھی خطرات کا شکار ہوتی جا رہی ہے۔

    دنیا کے کئی ممالک آبادی کے بم پر قابو پانے کے لیے سرکاری سرپرستی میں فیملی پلاننگ کے کئی پروگرام ترتیب دیتے ہیں، لیکن ہماری اسی دنیا میں ایک ملک ایسا بھی ہے جہاں لگ بھگ ایک صدی سے ایک بھی بچہ پیدا نہیں ہوا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ منفرد اعزاز دنیا کے سب سے چھوٹے ملک ویٹی کن سٹی کو حاصل ہے جہاں گزشتہ 96 برس کے دوران ایک بھی نئی زندگی نے جنم نہیں لیا ہے اور کسی بچے کی قلقاریاں نہیں گونجی ہیں۔

    صرف 118 ایکڑ رقبے پر محیط اور چند سو کی آبادی والا دنیا کا یہ سب سے چھوٹا ملک اسپتالوں اورڈیلیوری ہومز سے بھی محروم ہے، اور شاید یہی وجہ ہے کہ یہاں کی گلیاں بچوں کی ہنسی سے نا واقف ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک کا چھوٹا سائز، طبی سہولیات کی کمی اور یہاں کے مخصوص طرزِ زندگی نے ویٹی کن کو ایک منفرد مقام بنا دیا ہے، جہاں ننھے قدموں کی چاپ سنائی نہیں دیتی۔