Tag: ملکہ میکسیما

  • پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں: ملکہ میکسیما

    پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں: ملکہ میکسیما

    ڈیووس: ہالینڈ کی ملکہ میکسیما نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں ہالینڈ ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیووس میں جاری ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہ تانیہ ایدروس اور ہالینڈ کی ملکہ میکسیما میں ملاقات ہوئی، جس میں ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں ملکہ میکسیما نے ڈیجیٹل شعبے میں پاکستان کی مدد کے بھرپور عزم کا اظہار کیا، انھوں نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کی یادیں بھی تازہ کیں اور دورے کا خصوصی ذکر کیا، انھوں نے کہا کہ ہالینڈ پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔

    ملکہ میکسیما کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عوامی فلاح کے طور پر ڈیجیٹل شناخت کا فروغ ضروری ہے، ڈیجیٹل پاکستان ملکی بہتری اور صنفی تقسیم کی کمی میں مددگار ہوگا۔

    عمران خان کی سنگاپور کے وزیر اعظم، آذربائیجان کے صدر سے ملاقاتیں

    ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہ تانیہ ایدروس نے کہا کہ پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں انقلابی منصوبہ شروع کیا گیا ہے، ملک میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل سے ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔

    خیال رہے کہ ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم جاری ہے جس کے لیے وزیر اعظم پاکستان عمران خان بھی گئے ہیں، عمران خان نے فورم کی سائیڈ لائن پر سنگاپور کے وزیر اعظم لی سیان لونگ اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقاتیں کیں۔ صدر الہام علیوف سے ملاقات میں باہمی اعتماد اور بھائی چارے پر مبنی دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر گفتگو کی گئی، قومی معاملات میں ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، اور تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا عزم ظاہر کیا گیا۔

  • پاکستان میں کاروبار کے لیے آسانیاں بہتر ہوئی ہیں، ملکہ میکسیما

    پاکستان میں کاروبار کے لیے آسانیاں بہتر ہوئی ہیں، ملکہ میکسیما

    اسلام آباد: ہالینڈ کی ملکہ میکسیما نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار کے لیے آسانیاں بہتر ہوئی ہیں، پاکستان میں نجی شعبے کے لیے قرضہ جات بڑھے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ہالینڈ کی ملکہ میکسیما نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین،غریب طبقے کے لیے قرضہ جات بڑھانا زیادہ اہم ہے۔

    ہالینڈ کی ملکہ میکسیما نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار کے لیے آسانیاں بہتر ہوئی ہیں، پاکستان میں نجی شعبے کے لیے قرضہ جات بڑھے ہیں۔

    نیدرلینڈز کی ملکہ میکسما کی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات

    نیدرلینڈزکی ملکہ نے گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی تھی ، ملاقات میں پاکستان کی اقتصادی بحالی، سماجی اور معاشی ترقی پرتبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    ملکہ میکسیما نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان میں دیرپا اقتصادی ترقی کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔

    ملکہ میکسیما اقوام متحدہ کی خصوصی ترجمان برائے مالیاتی ترقی کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں ملکہ کے دورے کا مقصد پاکستان کے لیے مالیاتی ترقی، قرضوں کی فراہمی اور اس سے متعلق دیگر منصوبوں پر بات چیت اور مزید آسانیاں پیدا کرنا ہے۔

  • دورۂ پاکستان: کیا ملکہ میسکسیما کو پھول بہت پسند ہیں؟

    دورۂ پاکستان: کیا ملکہ میسکسیما کو پھول بہت پسند ہیں؟

    نیدر لینڈز کی ملکہ ہمارے ملک میں ہیں۔ یہ ان کا پاکستان کا دوسرا دورہ ہے۔ میکسیما اس بار اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی خصوصی نمائندہ بن کر یہاں آئی ہیں۔ ان کا یہ دورہ عالمی ادارے کے تحت ترقی میں اجتماعی معاونت کے پروگرام کی ایک کڑی ہے۔

    یہ تو وہ باتیں اور معلومات ہیں جو آج سارا دن مختلف ذرایع ابلاغ نے آپ تک پہنچائی ہیں اور ابھی یہ سلسلہ جاری رہے گا، مگر ہم آپ کو کچھ خاص اور سب سے الگ بتانے جا رہے ہیں۔

    ملکہ اپنے دورۂ پاکستان میں سرکاری اور نجی شعبوں کی متعدد نمایاں شخصیات سے ملاقات کریں گی۔ بتایا گیا ہے کہ ملکہ میکسیما اسٹیٹ بینک کے مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے پروگرام کی افتتاحی تقریب کی مہمان بھی ہوں گی۔ یہ پروگرام مجموعی مالی تعاون کے فروغ، چھوٹی ادائیگیوں کی لاگت کم کرنے اور  ڈیجیٹل لین دین میں اضافے کی غرض سے شروع کیا گیا ہے۔

    نیدر لینڈز کی ملکہ تو ابھی تین روز تک ہمارے ہی ملک میں رہیں گی اور خصوصی نمائندہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گی۔ کیوں نہ ہم اُن کے وطن کی سیر کر آئیں!

    نیدر لینڈز جسے اکثریت ہالینڈ بھی کہتی اور لکھتی ہے، یورپ میں واقع ہے۔ یہ خطہ پھولوں کی سرزمین کہلاتا ہے۔ کئی دہائی پہلے کا یہ سفر نامہ ملکہ کی آمد کے ساتھ ہی گویا پھر تازہ ہو گیاہے۔ یہ سطور ممتاز احمد خاں جیسے خوب صورت لکھاری اور صحافی کے قلم کی نوک سے نکلی ہیں جو آپ کی دل چسپی کے لیے پیش ہیں۔

    ہالینڈ کی سرزمین پر قدم رکھتے ہی جو چیز سب سے زیادہ آپ کو متاثر کرتی ہے وہ ہے اس ملک کی شادابی، پانی کی فراوانی اور غیر معمولی صفائی ستھرائی۔

    سارا ملک ایک باغ معلوم ہوتا ہے۔ چاروں طرف گل و گل زار کا سا سماں ہے۔ شہر اور بن میں کوئی فرق نہیں۔ صفائی، سلیقے اور دل آویزی میں دونوں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کو کوشاں ہیں۔

    اس ملک کا کونا کونا دیکھنے کا اتفاق ہوا، لیکن چپّا بھر زمین بھی گندگی سے آلودہ نہ دیکھی۔ یا سبزہ ہے یا پھول پھلواری۔

    صفائی اور پھولوں کے یہ لوگ شیدائی ہیں۔ کوئی گھر ایسا نہیں جو پھولوں سے خالی ہو۔ مزدوروں کے فلیٹ بھی ہمارے بنگلوں سے بہتر ہیں۔ اہلِ ہالینڈ نے پھولوں سے اپنی شیفتگی کو باقاعدہ صنعت کی شکل دے دی ہے۔ بہار میں چاروں طرف پھولوں سے لدے ہوئے کھیت دکھائی دیتے ہیں جن میں گلِ لالہ کی سیکڑوں نئی اقسام پیدا کی گئی ہیں جو رنگ، رعنائی قد اور عمر میں ایک دوسرے سے مختلف بھی ہیں۔ کئی ہزار ٹن پھول یہاں سے غیر ممالک کو بھیجے جاتے ہیں۔

  • ہالینڈ کی ملکہ 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئیں

    ہالینڈ کی ملکہ 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئیں

    اسلام آباد: ہالینڈ کی ملکہ میکسیما 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئیں، دورے کے دوران ملکہ صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ہالینڈ کی ملکہ میکسیما 6 رکنی وفد کے ہمراہ 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئیں۔ وزارت خارجہ اور ہالینڈ سفارت خانے کے حکام نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ملکہ میکسیما کا استقبال کیا۔

    ہالینڈ کی ملکہ دورے کے دوران صدر مملکت اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتوں کے علاوہ سرکاری اور نجی شعبوں کے شراکت داروں سے بھی بات چیت کریں گی۔ ملکہ میکسیما مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے اسٹیٹ بینک کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گی۔

    ملکہ میکسیما اقوام متحدہ کی خصوصی ترجمان برائے مالیاتی ترقی کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں ملکہ کے دورے کا مقصد پاکستان کے لیے مالیاتی ترقی، قرضوں کی فراہمی اور اس سے متعلق دیگر منصوبوں پر بات چیت اور مزید آسانیاں پیدا کرنا ہے۔

    برطانوی شاہی جوڑا پاکستان پہنچ گیا

    یاد رہے کہ اس سے قبل برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم شہزادی کیٹ مڈلٹن نے 14 سے 18 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کیا۔ اس دوران جوڑے نے لاہور، چترال سمیت کئی مقامات کا دورہ کیا۔ کامیاب دورے کے دوران شاہی مہمانوں نے صدر اور وزیراعظم سمیت مختلف عہدے داروں سے ملاقاتیں کیں۔ شاہی جوڑے کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔

  • نیدرلینڈز کی ملکہ پاکستان آ رہی ہیں

    نیدرلینڈز کی ملکہ پاکستان آ رہی ہیں

    اسلام آباد: مغربی یورپ کے خوب صورت ملک نیدرلینڈز کی ملکہ میکسیما نے پاکستان کے دورے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیدرلینڈز کی ملکہ میکسیما زوریٹا رواں ماہ پاکستان کا 3 روزہ دورہ کریں گی، ملکہ کا یہ دورہ 25 سے 27 نومبر تک ہوگا۔

    ملکہ میکسیما دورے میں صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گی۔ ملک کی دیگر اعلیٰ شخصیات سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، جن میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ پر خصوصی گفتگو کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ فروری 2016 میں بھی ملکہ میکسیما نے پاکستان کا تین روزہ دورہ کیا تھا، ملکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی خصوصی وکیل برائے ترقی ہیں۔

    واضح رہے کہ رواں برس اگست میں پاکستان میں کاروباری ماحول میں بہتری کے باعث نیدرلینڈز نے پٹرولیم اور ایل این جی کے شعبے میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا، ڈچ کمپنی رائل ووپاک کے وفد نے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد سے ملاقات میں پاکستان میں 2 ارب 80 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ پیش کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ہالینڈ کا پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کا اعلان

    ڈچ کمپنی نے کیمیکل انڈسٹری میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر زور دیا تھا، خیال رہے کہ رائل ووپاک دنیا بھر میں تیل، کیمیکل، خوردنی تیل اور قدرتی گیس سے متعلق مصنوعات کو ذخیرہ کرنے اور سنبھالنے میں مہارت رکھتی ہے۔

    دوسری طرف نیدرلینڈز میں انسانی حقوق کا مسئلہ بھی اٹھا ہے، اگست ہی میں ملک میں مسلمان خواتین کے برقعے پر پابندی کا متنازع قانون جبراً نافذ کر دیا گیا تھا، رپورٹس کے مطابق نیدرلینڈز میں مسلمان متعصبانہ رویے کا شکار ہو رہے ہیں۔

    یکم اگست سے یہ قانون نافذ کیا گیا ہے کہ نیدرلینڈز میں جو بھی خاتون یا لڑکی نقاب یا برقع پہن کر اسکول، اسپتال یا کسی سرکاری دفتر میں جائے گی یا بسوں اور ٹرینوں وغیرہ میں سفر کرے گی تو اس پر بھاری جرمانہ ہوگا اور کسی قسم کی چھوٹ نہیں دی جائے گی۔