Tag: ملک امین اسلم

  • بلین ٹری منصوبہ کر کے دکھایا، اب 10 ارب درخت لگا کر دکھائیں گے: ملک امین اسلم

    بلین ٹری منصوبہ کر کے دکھایا، اب 10 ارب درخت لگا کر دکھائیں گے: ملک امین اسلم

    لاہور: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیات ملک امین اسلم کا کہنا ہے کہ ہم نے دنیا کو بلین ٹری منصوبہ کر کے دکھایا، اب 10 ارب درخت لگا کر دکھائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اوزون ڈے پر منعقدہ تقریب سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے خطاب کیا۔

    ملک امین کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کے عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لیے پاکستان کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کا شمار موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک میں ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا اوزون میں ہونے والا شگاف کم کرنے کے لیے اکٹھی ہوئی، آج یہ شگاف نہایت کم ہو چکا ہے۔ ہمارے اہداف 35 فیصد تھے جبکہ ہم 50 فیصد تک ہدف حاصل کر چکے ہیں۔

    ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والا آٹھواں بڑا ملک ہے، ہم نے دنیا کو بلین ٹری منصوبہ کر کے دکھایا، اب 10 ارب درخت لگانے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سی پیک کے تحت پن بجلی کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں، گزشتہ حکومت میں اسلام آباد کے گرین ایریا اراضی پر جیل بن رہی تھی۔ وزیر اعظم نے منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کو گرین ایریا رہنے دیں۔

    ملک امین اسلم کا مزید کہنا تھا کہ لاہور کے قریب بلوکی میں محکمہ جنگلات کی زمین پر قبضہ ختم کروا دیا ہے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں آج کرہ ارض کو سورج کی تابکار شعاعوں سے بچانے والی اوزون تہہ کی حفاظت کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ یہ تہہ سورج کی خطرناک شعاعوں کو براہ راست زمین پر آنے سے روکے ہوئے ہے۔

    اوزون آکسیجن کی وہ شفاف تہہ ہے جو سورج کی خطرناک تابکار شعاعوں کو نہ صرف زمین کی طرف آنے سے روکتی ہے بلکہ زمین پر اس کے نقصان دہ اثرات کا خاتمہ بھی کرتی ہے۔ اوزون کی تہہ کا 90 فیصد حصہ زمین کی سطح سے 15 تا 55 کلومیٹر اوپر بالائی فضا میں پایا جاتا ہے۔

  • ‘کراچی میں بارش سے تباہی قدرتی طور پر بنے ڈیفنس سسٹم خراب ہونے کی وجہ سے ہوئی’

    ‘کراچی میں بارش سے تباہی قدرتی طور پر بنے ڈیفنس سسٹم خراب ہونے کی وجہ سے ہوئی’

    اسلام آباد : وزیراعظم کے مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش سے تباہی قدرتی بنے ڈیفنس سسٹم خراب ہونے کی وجہ سے ہوئی، اگر کراچی کوبچاناہے تو ہمیں قدرتی ڈیفنس سسٹم کوبحال کرناہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاورپلے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کراچی میں جو صورت حال ہے، موسمیاتی زبان میں فری کیبل کہتےہیں ، فری کیبل کامطلب زیادہ بارشیں اور بے موسم بارشیں ہوناہے۔

    ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ کراچی بھی فری کیبل کاشکارہواجس کےتحت بارشیں زیادہ ہوئی ہیں، کراچی میں مون سون کی بارشیں ماضی کی نسبت زیادہ ہوئی ہیں، موسمیاتی زبان میں فری کیبل اس وقت پاکستان میں زیادہ ہے۔

    معاون خصوصی موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ پاکستان بھرمیں مون سون کی بارشیں زیادہ ہورہی ہیں، پہاڑی اوربالائی علاقوں کی صورتحال بھی دیکھ لیں بارشیں زیادہ ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی کااپناڈیفنس سسٹم تھاجس سےبارش کاپانی سمندرمیں جاتاتھا، ہم نے قدرتی بنے ڈیفنس سسٹم کوخراب کیا جس سے نقصان ہوا، ڈیفنس سسٹم کے تحت سمندر جانے والے راستے پر تعمیرات کردی گئیں، تعمیرات کی وجہ سے بارش کاجمع پانی اب سمندر میں نہیں جارہا۔

    ملک امین اسلم نے کہا کہ کراچی کےنالوں میں پانی اس لیے واپس آرہا ہے، کراچی کوبچاناہےتوہمیں قدرتی ڈیفنس سسٹم کوبحال کرناہوگا۔

    معاون خصوصی موسمیاتی تبدیلی کا مزید کہنا تھا کہ شہر سے نکلنے والے پانی کے راستوں کودوبارہ بحال کرنا ہوگا، ایسی جگہوں پر تعمیرات کو ہٹاناہوگا جہاں پانی نکلنے کے راستے تھے۔

  • حکومت کا گلگت بلتستان میں گلاف حفاظتی پراجیکٹ فوری شروع کرنے کا اعلان

    حکومت کا گلگت بلتستان میں گلاف حفاظتی پراجیکٹ فوری شروع کرنے کا اعلان

    اسلام آباد : وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے گلگت بلتستان میں گلاف حفاظتی پراجیکٹ فوری شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گرم موسمی حالات کے باعث گلگت بلتستان کے چند علاقوں میں گلاف کا خطرہ ہے،پگھلتے گلیشیئرز نے مقامی آبادی کے لیے خطرےکی گھنٹی بجا دی۔بگروٹ،یاسین،ہنزہ،نگر،شگر،گانچھے،گلگت کے علاقے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    معاون خصوصی برائےماحولیات نےگلگت بلتستان کا ہنگامی دورہ کیا۔ملک امین اسلم نے پگھلتےگلیشیئرز کو مقامی آبادی کے لیے سنگین خطرہ قرار دے دیا۔

    ملک امین اسلم نے گلگت بلتستان میں گلاف حفاظتی پراجیکٹ فوری شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ اقوام متحدہ کے تعاون سے شروع ہوگا،منصوبے پر 6 ارب روپے کی لاگت آئےگی۔

    معاون خصوصی برائےماحولیات کا کہنا تھا کہ 3ارب روپے کی لاگت سے 50گلیشیئر مانیٹرنگ اسٹیشن قائم کریں گے،سیلابی پانی کی مانیٹرنگ کے لیے400خصوصی اسٹیشنز بھی قائم ہوں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ 1.5ارب روپے براہ راست مقامی کمیونٹی کو فراہم کیے جائیں گے،پراجیکٹ کے تحت 10 لاکھ کے قریب مقامی افراد کو براہ راست فائدہ ہوگا۔

    ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے گلیشیئرز کے پگھلاؤ کا عمل تیز ہو رہا ہے،2015 میں خطرناک گلیشیئرز لیکس کی تعداد صرف33 تھی،اس وقت خطرناک گلیشیئرز کی تعداد 133 ہوچکی ہے۔

    معاون خصوصی برائےماحولیات نے کہا کہ گلیشئرز پگھلاؤ سے ممکنہ نقصان پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں، مقامی آبادی کو ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھنا حکومتی ترجیح ہے۔

  • 6 اضلاع ایسے ہیں جہاں اگر شجرکاری نہ کی تو2050 تک رہنے کے قابل نہیں ہوں گے

    6 اضلاع ایسے ہیں جہاں اگر شجرکاری نہ کی تو2050 تک رہنے کے قابل نہیں ہوں گے

    اسلام آباد: مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کا کہنا ہے کہ6 اضلاع ایسے ہیں جہاں اگر شجرکاری نہ کی تو2050 تک رہنے کے قابل نہیں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے نیوز کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک دن میں 35 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

    ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ شجرکاری مہم میں ٹائیگر فورس رضاکار بھرپور شرکت کریں گے، ارکان اسمبلی،وزرا،وزرائے اعلیٰ شجرکاری مہم میں حصہ لیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ایک دن میں سب سے زیادہ پودے لگانے کا ریکارڈ بنائیں گے۔مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے 6 اضلاع ایسے ہیں جہاں اگر شجرکاری نہ کی تو 2050 تک رہنے کے قابل نہیں ہوں گے۔

    ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ کلین گرین مہم ہماری تھی،تمام اہداف پورے کیے ہیں،اپوزیشن کو بہت تکلیف ہے اس میں اضافہ ہوتا جائے گا۔

    مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ پاکستان ایک روشن مستقبل کی جانب رواں دواں ہے،آج کی اچھی خبر ہے موڈیز نے پاکستان کو مستحکم ریٹنگ قرار دیا۔

    انہوں نے بتایا کہ الیکٹرک وہیکل پالیسی بھی منظور ہوچکی ہے،پاکستان الیکٹرک وہیکل پالیسی سے مستفید ہوسکےگا۔ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں یورو 5 آئل بھی کچھ دنوں میں فروخت ہوگا۔

  • مافیا اور مخصوص لابی کا دباؤ مسترد، ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے پلانٹس لگنا شروع ہوگئے

    مافیا اور مخصوص لابی کا دباؤ مسترد، ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے پلانٹس لگنا شروع ہوگئے

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مافیا اور مخصوص لابنگ کا دباؤ مسترد کرتے ہوئے الیکٹرک وہیکل پالیسی پر تیزی سے عملدر آمد کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے پلانٹس لگنا شروع ہو گئے جبکہ بیٹریز کی تیاری پر بھی کام جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم کا کہنا ہے کہ الیکٹرک وہیکلز 21 ویں صدی کی ٹیکنالوجی یے، پاکستان موجودہ حکومت کے آنے سے قبل اس شعبے میں بہت پیچھے تھا۔

    ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ معاملہ کابینہ سے منظوری کے بعد اقتصادی رابطہ کمیٹی میں گیا تو لابنگ شروع ہوئی، ایک لابی ایسی ہے جو نہیں چاہتی یہاں 21 ویں صدی کی سواری آئے۔ مخصوص عناصر نے رکاوٹیں کھڑی کیں تاکہ تاخیر ہو سکے۔

    انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز آگئیں تو 70 فیصد کم خرچ میں گاڑی چلے گی، پاکستان کا تیل کی امپورٹ پر انحصار بھی کم ہو سکے گا۔ ان گاڑیوں کے لیے اضافی بجلی کی پیداوار کو استعمال میں لایا جائے گا۔

    ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل، رکشا اور بسوں کے لیے پالیسی منظور ہو چکی ہے، پاکستان میں پلانٹس لگنا شروع ہو گئے ہیں، بیٹریز کی تیاری پر بھی کام جاری ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے تعاون سے بیٹریز کی تیاری کا کام جلد مکمل ہو جائے گا۔

    خیال رہے کہ ملک کی پہلی الیکٹرک وہیکل پالیسی کچھ عرصہ قبل منظور کی گئی تھی، پالیسی کے تحت موٹر سائیکل اور گاڑیوں کو بیٹریز پر منتقل کیا جا سکے گا۔ پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز مینو فیکچرر یونٹس بھی قائم ہوں گے۔

    وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے مطابق پاکستان میں الیکٹرک وہیکل مینو فیکچرنگ یونٹس لگانے والوں پر صرف 1 فیصد ڈیوٹی ہوگی، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی مستقبل میں بیٹریز کے استعمال پر کام کر رہی ہے۔

  • بلین ٹری سونامی مہم کو نقصان پہنچانے کی مبینہ کوشش، فاریسٹ افسر معطل

    بلین ٹری سونامی مہم کو نقصان پہنچانے کی مبینہ کوشش، فاریسٹ افسر معطل

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی بلین ٹری سونامی مہم کو نقصان پہنچانے کی مبینہ کوشش پر وفاقی حکومت نے نوٹس لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کوٹلی ستیاں کے جنگل میں درختوں کی کٹائی پر وفاقی حکومت نے نوٹس لے لیا، وزیر اعظم کے مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے کوٹلی ستیاں کا ہنگامی دورہ کر کے درخت کاٹنے کی اجازت دینے والا ڈسٹرکٹ فارسٹ افسر معطل کر دیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے کاٹے گئے درختوں کی لکڑی تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی، اس سلسلے میں مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی اور واقعے کی تفصیلات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ درختوں کی کٹائی ٹمبر مافیا کی کارروائی لگتی ہے۔

    دریں اثنا، وزیر اعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین مہم کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف ایکشن کی ہدایت کر دی، انھوں نے کہا کہ انتظامی سطح پر ملوث عناصر کو بھی سامنے لایا جائے۔ وزیر اعظم نے بروقت ایکشن لینے پر مشیر ماحولیات کی کوششوں کو سراہا۔

    ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ درختوں کو کاٹنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، جنگلات کی حفاظت کے لیے پختون خوا طرز پر اقدامات ضروری ہیں، اس سلسلے میں قانون میں تبدیلی کی سمری پنجاب اسمبلی بھجوائے جائے گی۔

  • سندھ میں شجر کاری مہم مانیٹر کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

    سندھ میں شجر کاری مہم مانیٹر کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مشیر برائے کلائمٹ چینج ملک امین اسلم سے ملاقات کے دوران بتایا کہ شجر کاری مہم مانیٹر کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل سے مشیر برائے کلائمٹ چینج ملک امین اسلم کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ریڈ لائن پروجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

    ملاقات میں مشیر ملک امین اسلم نے کہا کہ وفاق پروجیکٹ کے لیے 48 ملین ڈالرز گرین کلائمٹ فنڈز سے فراہم کرے گا۔ دنیا کا پہلا زیرو کاربن اخراج منصوبہ ہوگا۔

    ملک امین نے گورنر سندھ کو الیکٹریکل وہیکل پالیسی اور گرین اینڈ کلین چیمپئن اسکیم سے آگاہی دی۔ بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ تعلیمی اداروں میں گرین اینڈ کلین چیمپئن اسکیم سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں آلودگی سے پاک اور سستی سفری سہولتیں فراہم ہوں گی، گورنر سندھ کی سربراہی میں شجر کاری مہم مانیٹر کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

    اس سے قبل گورنر سندھ نے 16 ممالک کے دفاعی اتاشیوں اور سفارتی عملے کے وفد سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ کامیاب سفارت کاری سے مشترکہ مفادات کا تحفظ یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے، پاکستان خطے سمیت دیگر ممالک سے اقتصادی تعاون بڑھانے کا خواہش مند ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ سفارتی وفود کے تبادلوں سے سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جاسکتا ہے، موجودہ حکومت کے دور میں معیشت کے ہر شعبے میں ترقی ہو رہی ہے۔

  • ملک میں ایک مافیا نہیں چاہتا کہ الیکٹرانک گاڑیاں آئیں: مشیر برائے ماحولیات

    ملک میں ایک مافیا نہیں چاہتا کہ الیکٹرانک گاڑیاں آئیں: مشیر برائے ماحولیات

    اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان میں کلین اینڈ گرین مہم کامیابی سے جاری ہے، کلین اینڈ گرین مہم میں طلبا کا اہم کردار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مشیرماحولیات ملک امین اسلم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک گاڑیوں کے ذریعے آلودگی پر قابو پایا جا سکتا ہے، ملک میں ایک مافیا نہیں چاہتا کہ الیکٹرانک گاڑیاں آئیں۔

    انہوں نے کہا کہ 19 بڑے شہروں میں کلین گرین انڈیکس شروع کیا جائے گا، انڈیکس کا مقصد صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب کے محفوظ نظام کو یقینی بنانا ہے۔

    مشیر برائے ماحولیات نے کہا کہ سہولتوں کے پیش نظر ابتدائی طور پر 19 شہروں کی رینکنگ کی جائے گی، مقابلوں کے تحت سب سے زیادہ صاف ستھرا شہر کلین گرین چیمپئن قرار دیا جائے گا۔

    ملک امین اسلم نے کہا کہ ملک میں ہزاروں گیلن پانی سمندر میں ضائع ہو جاتا ہے، ملک میں پانی کا ضیاع روکنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، پاکستان میں مضرصحت پانی کو دوبارہ صاف کر کے قابل استعمال بنایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ٹمبر،لینڈ سمیت تمام مافیاز پر قابو پانے کے لیے وزیراعظم کردار ادا کر رہے ہیں، تمام منصوبوں کے لیے عوامی آگاہی مہم ضروری ہے۔

  • وزیر اعظم کی تحفظ ماحولیات کے لیے مشیر ماحولیات کی کوششوں کی تعریف

    وزیر اعظم کی تحفظ ماحولیات کے لیے مشیر ماحولیات کی کوششوں کی تعریف

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے مشیر ماحولیات ملک امین اسلم سے ملاقات کے دوران تحفظ ماحولیات کے حوالے سے ان کے کردار کی تعریف کی، وزیر اعظم 30 اکتوبر کو کلین گرین انڈیکس کا افتتاح کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے مشیر ماحولیات ملک امین اسلم کی ملاقات ہوئی۔ مشیر ماحولیات نے وزیر اعظم عمران خان کو کلین گرین منصوبے کے 5 نکاتی ایجنڈے پر بریفنگ دی۔

    ملک امین اسلم نے 10 ارب درخت، پلاسٹک بیگز پر پابندی اور کلین گرین انڈیکس سے آگاہ کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان 30 اکتوبر کو کلین گرین انڈیکس کا افتتاح کریں گے۔ مذکورہ منصوبے کے تحت 20 شہروں کے درمیان کلین گرین مقابلوں کا اہتمام ہوگا۔

    ملاقات میں وزیر اعظم نے ماحولیات سے متعلق ملک امین اسلم کے کردار کی تعریف کی۔

    اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان ایک موقع پر کہہ چکے ہیں کہ ماحولیات کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جائیں، پلاسٹک بیگ پر پابندی مہم میں عوام کا مثبت ردعمل نہایت حوصلہ افزا ہے، مہم کو کامیاب بنانے کے لیے طلبہ کی شرکت پر خصوصی توجہ دی جائے۔

    انہوں نے مزید کہا تھا کہ ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے دارالحکومت اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنایا جائے گا۔

  • ملک میں سیلابوں کی بڑی وجہ پلاسٹک بیگز بھی ہیں

    ملک میں سیلابوں کی بڑی وجہ پلاسٹک بیگز بھی ہیں

    اسلام آباد : مشیرماحولیات ملک امین اسلم نے کہا ملک میں سیلابوں کی بڑی وجہ پلاسٹک بیگزبھی ہیں ، اسلام آباد سے پلاسٹک بیگز کے استعمال کو روک دیا ہے، ایسے پلاسٹک بیگز متعارف کرائیں گے جو ری سائیکل ہوسکیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں مشیرماحولیات ملک امین اسلم نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا بھارت کااصل چہرہ دنیاکےسامنے بے نقاب ہوچکا ہے ، بھارت نے مقبوضہ وادی میں کرفیو لگا کر کشمیریوں کو محصور کردیا ہے اور کشمیریوں سے تمام بنیادی حقوق چھین لیے ہیں۔

    مشیرماحولیات کا کہنا تھا کہ پاکستان دو قومی نظریے کی بنیاد پر قائم کیاگیا، سفارتی کوششوں سے مسئلہ کشمیر 50سال بعد سلامتی کونسل میں اٹھا۔

    ملک امین اسلم نے کہا ماحول کی بہتری کے لئے 10ارب درخت لگانے کا فیصلہ کیا ہے، منصوبے سے ملک میں ہریالی اور ماحول میں بہتری آئےگی اور گرین پاکستان منصوبے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیلابوں کی بڑی وجہ پلاسٹک بیگزبھی ہیں، 14اگست سے اسلام آباد سے پلاسٹک بیگز کے استعمال کوروک دیا، ایسے پلاسٹک بیگز متعارف کرائیں گے جو ری سائیکل ہوسکیں۔

    مشیرماحولیات نے مزید کہا آئندہ چند سالوں میں ملک میں الیکٹرک گاڑیاں چلائی جائیں گی، الیکٹرک گاڑیوں سے ایندھن کے استعمال اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئےگی۔