Tag: ملک بدر

  • امریکہ سے سینکڑوں ‘غیر قانونی تارکین وطن’ ملک بدر

    امریکہ سے سینکڑوں ‘غیر قانونی تارکین وطن’ ملک بدر

    واشنگٹن : امریکہ میں سینکڑوں ’غیرقانونی‘ تارکین وطن کو گرفتار کرکے ملک بدر کر دیا گیا، یہ فیصلہ صدر ٹرمپ کے حالیہ فیصلوں میں سے ایک ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے 538 نے غیرقانونی جرائم پیشہ تارکین وطن کو گرفتار کیا ہے اور سینکڑوں کو فوجی ہوائی جہاز کے ذریعے ڈی پورٹ کیا گیا ہے۔

    یہ بات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے سوشل پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں بتائی،

    ان کا کہنا تھا کہ یہ تاریخ کی سب سے بڑی ملک بدری کی کارروائی ہے، صدرٹرمپ کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے ہو رہے ہیں۔

    نومنتخب صدر ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے موقع پر اپنے منشور میں غیر قانونی امیگریشن کے خلاف سخت قوانین نافذ کرنے کا وعدہ کیا تھا اور انہوں اپنے دوسرے دور صدارت کا آغاز بھی کئی ایگزیکٹو آرڈرز کے ذریعے کیا، جن کا مقصد امریکہ میں غیر قانونی داخلے کے نظام کو مکمل طور پر تبدیل کرنا تھا۔

    صدر ٹرمپ نے امریکی تاریخ میں ڈی پورٹ کا سب سے بڑا آپریشن شروع کرنے کا وعدہ کیا ہے، جس سے ایک اندازے کے مطابق امریکہ میں موجود ایک کروڑ 10 لاکھ غیرقانونی تارکین وطن متاثر ہوں گے۔

    اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا سے سیاسی اسٹیبلشمنٹ کا قبضہ ختم کردیں گے اور ملکی سرحدوں کاتحفظ ہرقیمت پریقینی بنائیں گے کسی کو امریکا سے ناجائز فائدہ اٹھانے نہیں دیں گے۔

    اپنے پہلے خطاب میں ٹرمپ نے جنوبی سرحدوں پر نیشنل ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا بھر سے جرائم پیشہ افراد ہمارے ملک میں غیرقانونی طور پر داخل ہوئے آج سے ہم لاکھوں غیرقانونی طور پر آئے لوگوں کو واپس بھیجیں گے۔

  • امریکا کا قطر سے حماس وفد کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ

    امریکا کا قطر سے حماس وفد کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ

    امریکا نے قطر سے حماس وفد کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا کی جانب سے قطر کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ دوحہ میں حماس قیادت کی موجودگی کو مزید قبول نہیں کیا جائے گا۔

    رپبلکن سینیٹرز کے گروپ نے بائیڈن انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قطر پر دباؤ ڈالے کہ حماس کے عہدیداروں کے اثاثے منجمد کرے، اور حماس کے سینیئر رہنماؤں خالد مشعل اور خلیل الحیا کی حوالگی کرے اور حماس کی سینئر قیادت کی مہمان نوازی ختم کرے۔

    دوسری جانب حماس کے تین رہنماؤں نے قطر کی جانب سے ملک چھوڑنے کے کسی بھی مطالبے کی خبر کو مسترد کردیا ہے جبکہ قطر کی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی خبر کی تصدیق یا تبصرے کی درخواست کا کوئی جواب سامنے نہیں آیا۔

    خیال رہے اکتوبر کے وسط میں دوحا میں ہونے والے مذاکرات کا تازہ دور بھی ناکام ہوگیا تھا کیونکہ حماس نے قلیل مدتی جنگ بندی کی تجویز کو مسترد کردیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس امریکی وزیر خارجہ نے 7 اکتوبر کے حملے کے بعد قطر سمیت خطے کے دیگر ممالک کو واضح کردیا تھا کہ حماس کے ساتھ معمول کے تعلقات برقرار نہیں رکھے جاسکتے جس پر قطر نے واشنگٹن کو یقین دہانی کروائی تھی کہ غزہ جنگ کے خاتمے کے بعد حماس رہنماؤں کی ملک میں موجودگی پر دوبارہ غور کرنے کیلئے تیار ہیں۔

  • جرمنی نے افغان باشندوں کو ڈی پورٹ کردیا

    جرمنی نے افغان باشندوں کو ڈی پورٹ کردیا

    افغان باشندوں کے خلاف پہلی بار پورے یورپ میں آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے، جبکہ جرمنی نے بھی افغان باشندوں کو ملک بدر (ڈی پورٹ) کر دیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جرمن حکومت کے ترجمان اسٹیفن ہیبسٹریٹ نے بتایا کہ ملک بدر ہونے والے تمام افراد افغانی ہیں، جو سزا یافتہ مجرم ہیں انہیں جرمنی میں رہنے کا کوئی حق نہیں اور ان کے خلاف ملک بدری کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

    اُنہوں نے کہا کہ جرمنی کا افغان طالبان حکومت سے سفارتی تعلق نہ ہونے کے باعث حکومت کو دیگر ذرائع کا استعمال کرنا پڑا۔

    سیکیورٹی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے ڈیر اسپیگل میگزین نے کہا کہ قطر ایئرویز کی ایک چارٹرڈ پرواز نے کابل کے لیے لیپزگ ایئر پورٹ سے اڑان بھری جس میں 28 افغان موجود ہیں۔

    ’تخریب کاروں‘ نے پورے وینزویلا کی بجلی بند کر دی

    یاد رہے کہ 2021ء میں افغان طلبان کی حکومت اقتدار میں آنے کے بعد پہلی بار جرمنی سمیت یورپ بھر سے افغان شہریوں کی ملک بدری (ڈی پورٹ) کا سلسلہ جاری ہے۔

  • کویت سے کن افراد کو ملک بدر کیا جانے لگا؟ اہم خبر

    کویت سے کن افراد کو ملک بدر کیا جانے لگا؟ اہم خبر

    کویتی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ متعدد افراد کے خلاف ملک بدری کی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ جن افراد نے اپنے اسپانسرز کے ساتھ وزٹ ویزا کے دورانیہ سے زیادہ قیام کیا ہے۔ ان کے خلاف ایکشن لیا جارہا ہے۔

    بیان کے مطابق کویت میں یہ کارروائی پہلے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ فہد یوسف سعود الصباح کی ہدایات کے بعد کی گئی ہے۔

    وزارت کے مطابق اوور اسٹائرز اور ان کے اسپانسرز، درست رہائشی اجازت نامے رکھنے کے باوجود، وزٹ ویزا کے ضوابط اور ان کے دستخط شدہ وعدوں کی شرائط پر عمل کرنے میں ناکامی پر ڈی پورٹ کیا جارہا ہے۔

    کارروائی کا آغاز ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب جنرل ڈپارٹمنٹ آف ریذیڈنسی افیئرز انویسٹی گیشن نے دیگر حکام کے ساتھ مل کر یہ دریافت کیا کہ متعدد خواتین نے اپنے شوہروں اور بچوں کو (جو وزٹ ویزے پر تھے) کو ملک میں اپنی قانونی مدت سے زیادہ قیام کرنے کی اجازت دی تھی۔ اب ان سپانسرز اور ان کے آنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جارہا ہے۔

    سعودی عرب، 5 ملزمان کو سزائے موت دیدی گئی

    کویت کی وزارت داخلہ کی جانب سے تمام سیاحوں کے لیے اس ضرورت کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے ویزا کی مدت کی سختی سے پابندی کریں اور کسی بھی قسم کی کارروائی سے محفوظ رہنے کے لئے میعاد ختم ہونے پر ملک سے روانہ ہوجائیں۔

  • کویت: اسرائیل کی حمایت پر ایک اور بھارتی نرس ملک بدر

    کویت: اسرائیل کی حمایت پر ایک اور بھارتی نرس ملک بدر

    غزہ میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ تھمنے میں نہیں آرہا، 24ویں روز بھی اسرائیلی فوج کی جانب سے بمباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہداء کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کویتی وزارت داخلہ نے علی الصباح اسپتال میں ملازم ایک ہندوستانی نرس کو فلسطین کے ساتھ تنازع کے دوران اسرائیل کی حمایت کا اظہار کرنے پر ڈی پورٹ کردیا ہے۔

    یہ دوسرا کیس ہے جس میں مظلوم فلسطینیوں کی مخالفت کرنے میں بھارتی تارکین وطن شامل ہے، ڈی پورٹ کی گئی نرس نے واٹس ایپ ایپلی کیشن پر اسٹیٹس اپ ڈیٹ کے ذریعے اسرائیل کے ساتھ اپنی یکجہتی اور ان کے مقصد کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا تھا، جو اسے مہنگی پڑ گئی۔

    بھارتی نرس نے اپنے پیغام میں مظلوم فلسطینیوں کو دہشت گرد قرار دیا اور اسرائیلی پرچم بھی آویزاں کیا۔ ذرائع کے مطابق نرس نے وکیل بندر المطیری کی جانب سے دائر کی گئی شکایت کے بعد تفتیش کے دوران اسرائیل کی کھلے عام حمایت کرنے کے موقف کو تسلیم کیا، جس کے بعد اسے کویت سے ملک بدر کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل بھی ایک اور واقعے میں وکیل علی حباب الدویخ نے مبارک اسپتال میں ملازمت کرنے والی ایک ہندوستانی نرس کے بارے میں پبلک پراسیکیوشن کو باضابطہ طور پر شکایت جمع کرائی تھی۔

    بھارت سے تعلق رکھنے والی نرس کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بے گناہ فلسطینی شہریوں کی شہادتوں، اسپتالوں پر وحشیانہ بمباری کے اقدامات پر کھلی حمایت کا اظہار کیا گیا تھا۔

    بھارتی نرس کی جانب سے کئے گئے ان اقدامات کو کویت کے قانونی قوانین اور امیری فرمان کی خلاف ورزی کے طور پر دیکھا جاتا ہے، جس نے کویت اور اسرائیل کے درمیان حالت جنگ کا اعلان کیا تھا۔

    علی حباب الدویخ کی جانب سے نرس کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست کراتے ہوئے پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر کو اپنی سرکاری شکایت کی تفصیل جمع کرادی گئی ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نرس کی جانب سے کئے گئے عمل سے صیہونی ادارے کی حمایت اور کویت کے ریاستی سلامتی کے قانون کی بے توقیری کا اظہار ہوتا ہے۔

  • کینیڈا نے چینی سفارتکار کو ملک بدر کر دیا

    کینیڈا نے چینی سفارتکار کو ملک بدر کر دیا

    اوٹاوا: کینیڈا نے چینی سفارتکار کو ملک بدر کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا نے چینی سفارت کار ژاؤ وی کو مبینہ طور پر اندرونی معاملات میں مداخلت اور قانون ساز ممبر کو نشانہ بنانے کے الزام میں ملک بدر کر دیا ہے۔

    کینیڈا کی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اندرونی معاملات میں کسی بھی قسم کی غیر ملکی مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے۔

    چینی حکومت نے کینیڈا کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اقدام مذمت کی ہے، چینی سفارت خانے نے کینیڈین حکومت سے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ چین کینیڈا کے اس عمل کا سختی سے جواب دے گا۔

    کینیڈین وزیر خارجہ میلانی جولی نے پیر کے روز ایک بیان میں سفارت کار ژاؤ وی کو ’ناپسندیدہ شخصیت‘ قرار دیا۔

    واضح رہے کہ چین پر الزام ہے کہ اس نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا الزام لگائے جانے کے بعد ہانگ کانگ میں قانون ساز 51 سالہ مائیکل چونگ اور ان کے رشتہ داروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ انٹیلیجنس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ سفارت کار ژاؤ وی قانون ساز چونگ کے بارے میں معلومات اکٹھا کرنے میں ملوث تھے۔

  • ڈی پورٹ کے نئے سعودی قانون سے قبل نکالے گئے افراد سے متعلق اہم سوال

    ڈی پورٹ کے نئے سعودی قانون سے قبل نکالے گئے افراد سے متعلق اہم سوال

    سعودی عرب میں گزشتہ برس سے ملک بدری کا نیا قانون نافذ کیا جا چکا ہے، اس سلسلے میں ایک اہم سوال یہ سامنے آیا ہے کہ کیا اس نئے قانون کے لاگو ہونے سے پہلے ڈی پورٹ ہونے والے افراد دوسرے ویزے پر مملکت آ سکتے ہیں؟

    ماضی میں ترحیل (ڈی پورٹ) سے جانے والوں پر معینہ مدت کے لیے مملکت میں آنے پر پابندی عائد کی جاتی تھی، تاہم نئے قانون کے نفاذ کے بعد اس حوالے سے تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

    جوازات کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک شخص نے دریافت کیا کہ سال 2013 میں کفیل نے ہروب لگا دیا تھا، جس کے باعث اس سمیت تقریباً 30 کارکنوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا، اب معلوم یہ کرنا ہے کہ کیا نئے ویزے پر وہ سعودی عرب آ سکتے ہیں؟

    جوازات نے جواب دیا کہ نئے قانون کے نفاذ کے بعد جن افراد کو مملکت سے ملک بدر کیا جاتا ہے ان پر تاحیات پابندی عائد کر دی جاتی ہے، اور وہ پھر کبھی مملکت نہیں آ سکتے۔

    بتایا گیا کہ ڈی پورٹ ہونے والے غیر ملکیوں کو مملکت کے لیے تاحیات بلیک لسٹ کر دیا جاتا ہے، اور بلیک لسٹ کیے جانے والے کسی بھی ویزے پر نہیں آ سکتے۔

    لاپتا سعودی لڑکی 3 ماہ بعد مل گئی

    واضح رہے کہ محدود مدت کی پابندی کی انتہائی حد 10 برس ہوا کرتی تھی، تاہم گزشتہ برس سے کی جانے والی پابندی اس قانون کے نفاذ سے قبل ڈی پورٹ ہونے والوں پر بھی عائد کی جا رہی ہے، یعنی قانون سے قبل ڈی پورٹ ہونے والے بھی اب تاحیات مملکت میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔

  • روس نے اٹلی کے ڈپٹی نیول اتاشی کو ملک بدر کر دیا

    روس نے اٹلی کے ڈپٹی نیول اتاشی کو ملک بدر کر دیا

    ماسکو: روس نے اٹلی کے سفارت کار کو ملک بدر کرتے ہوئے اٹلی میں تعینات اپنے سفیر کو طلب کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پیر کو ماسکو نے اطالوی نائب بحری اتاشی سی پیسیفسی کو پرسونا نان گریٹا (ناپسندیدہ شخصیت) قرار دیتے ہوئے ملک سے نکال دیا۔

    گزشتہ ماہ اٹلی نے 2 روسی سفارت کاروں کو ملک سے نکال دیا تھا، روس کی جانب سے اس کارروائی کو بے بنیاد قرار دے کر اس کا جواب دیا گیا، تاہم ایک اطالوی سفارت کار کی ملک بدری اس بات کا اشارہ ہو سکتی ہے کہ ماسکو اٹلی کے خلاف کوئی جارحانہ کارروائی نہیں کرنا چاہتا۔

    ماسکو کے دیگر مغربی ممالک کی نسبت اٹلی کے ساتھ زیادہ گرم جوش تعلقات استوار رہے ہیں، تاہم اطالوی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ روسی اقدام بے بنیاد اور غیر منصفانہ ہے۔

    اطالوی پولیس نے مارچ میں کہا تھا کہ انھوں نے ایک اطالوی بحریہ کپتان کو ایک روسی فوجی عہدے دار کو رقم کے بدلے خفیہ دستاویزات دیتے ہوئے پکڑا تھا۔ واضح رہے کہ یہ واقعہ حالیہ مہینوں میں یورپی ممالک میں روسیوں کے خلاف جاسوسی کے الزامات لگانے کے سلسلے میں تازہ ترین تھا۔

    متعدد سابق سوویت بلاک ممالک کی جانب سے اس ماہ یہ اعلان کیا جا چکا ہے کہ وہ روسی سفارت کاروں کو ملک بدر کر رہے ہیں، جو یقیناً ماسکو کو جوابی کارروائی پر اکسا رہے ہیں۔

    اٹلی کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے 26 اپریل کو ماسکو میں اٹلی کے سفیر پاسکوئل ٹیرسکوئن کو روسی وزارت خارجہ طلب کیا گیا جہاں انھیں وزارت کی جانب سے ایک حکم نامہ دیا گیا، جس میں کہا گیا تھا کہ اطالوی نائب بحری اتاشی کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا گیا ہے۔

    روسی وزارت خارجہ کے ایک عہدے دار نے بتایا کہ روم میں روسی سفارت خانے کے دفاعی اتاشی کے دفتر کے خلاف اٹلی کے حکام کی غیر منصفانہ اور بے بنیاد کارروائیوں کے جواب میں روس نے یہ قدم اٹھایا ہے۔

  • کویت: ٹریفک خلاف ورزیوں پر کارروائیاں، ایک غیر ملکی ملک بدر

    کویت: ٹریفک خلاف ورزیوں پر کارروائیاں، ایک غیر ملکی ملک بدر

    کویت سٹی: کویت کے محکمہ ٹریفک نے 17 کمسن ڈرائیورز کو ٹریفک کورٹ بھیج دیا جبکہ ایک تارکین وطن کو بغیر لائسنس کے ڈرائیونگ کرنے پر ملک بدر کر دیا گیا۔

    کویتی میڈیا کے مطابق ٹریفک سیکٹر نے ٹریفک کنٹرول اور رابطے کے حصول کے لیے اپنی ٹریفک مہمات جاری رکھی ہوئی تھیں جس کے نتیجے میں 24 سے 30 اکتوبر کے درمیان 25 ہزار 309 خلاف ورزیوں کے واقعات اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے 17 نابالغ نوجوانوں کو ٹریفک کورٹ کے حوالے کردیا گیا۔

    اس دوران ایک غیر ملکی کو بھی ملک بدر کیا گیا ہے جبکہ مزید 83 افراد کو خلاف ورزیاں کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے، 9 مطلوبہ گاڑیاں ضبط کرنے کے علاوہ 15 سول اور مجرمانہ مطلوب افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ 23 گاڑیوں کو ضبط کر کے گیراج میں بھیج دیا گیا ہے۔

    آپریشنز اور ٹریفک سیکٹر کے سیکریٹری اطلاعات میجر جنرل جمال السائغ کی نگرانی میں اس ٹریفک مہم کی مکمل تفصیلات کے بارے میں ایک سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ محکمہ ٹریفک آپریشن نے 4 ہزار 791 خلاف ورزیاں جاری کیں۔

    13 گاڑیوں کو ریزرویشن گیراج کے حوالے کیا گیا جبکہ 22 قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ مہم کے دوران بغیر لائسنس کے گاڑی چلانے والے افراد کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا جبکہ 2 مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث مطلوب افراد بھی موقع پر گرفتار کیے گئے۔

    مبارک الکبیر ٹریفک محکمے نے کل 13 سو 71 خلاف ورزیوں کے کیس درج کیے جن میں سے خلاف ورزی کرنے والوں کو تھانے منتقل کیا گیا اور مطلوبہ گاڑی قبضے میں لے لی گئی۔

    مبارک الکبیر ٹریفک افسران نے ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے والے ایک غیر ملکی کو روکا اور اسے جلا وطن کردیا، ٹاسک فورس کے اہلکار 184 خلاف ورزیاں جاری کرنے اور ایک مطلوبہ شخص گرفتار کرنے میں کامیاب رہے۔

  • امریکی عدالت کی4 لاکھ تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کی اجازت

    امریکی عدالت کی4 لاکھ تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کی اجازت

    واشنگٹن: امریکی عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کو 4 لاکھ امیگرینٹس کو ملک بدر کرنے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی عدالت نے امیگرینٹس کے لیے عارضی تحفظ کا پروگرام ختم کرتے ہوئے 4 لاکھ امیگرینٹس کو امریکا بدر کرنے کی اجازت دی دی۔

    عدالت کے فیصلےمیں ایک جج نے مخالفت،2 نے ٹرمپ انتظامیہ کے حق میں فیصلہ دیا۔فیصلے کے مطابق4 لاکھ امیگرینٹس کی قانونی حیثیت ختم کر دی جائےگی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق عدالتی فیصلے سے ال سلواڈور،ہیٹی،سوڈان کے امیگرینٹس متاثر ہو رہے ہیں۔

    ٹرمپ انتظامیہ نے امیگرینٹس کے لیے عارضی تحفظ کے پروگرام کو چیلنج کیا ہوا تھا۔سرکاری وکلا نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ان ممالک میں ایمرجنسی کی صورتحال ختم ہوچکی ہے،ان ممالک سے آنے والے لوگوں کو اب محفوظ جگہوں کی ضرورت نہیں ہے۔

    ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ امیگرینٹس کو 5 مارچ 2021 تک امریکا میں رہنے کی اجازت ہے۔

    خیال رہے کہ متاثرہ امیگرینٹس متعدد سالوں سے امریکامیں رہ رہے ہیں۔نئی پالیسی شام،جنوبی سوڈان،صومالیہ،یمن کے امیگرینٹس پر اثر انداز نہیں ہوگی۔