Tag: ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی

  • تیسر ٹاؤن کراچی کی سرکاری اراضی پر جعلی ہاؤسنگ اسکیم

    تیسر ٹاؤن کراچی کی سرکاری اراضی پر جعلی ہاؤسنگ اسکیم

    کراچی: شہر قائد میں تیسر ٹاؤن کی سرکاری اراضی پر جعلی ہاؤسنگ اسکیم بنا کر فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تیسر ٹاؤن کی سرکاری زمین پر لینڈ مافیا کی جانب سے جعلی ہاؤسنگ اسکیم بنائی گئی ہے، جس کے خلاف تھانہ گلشن معمار میں مقدمہ درج کر لیا گیا، یہ مقدمہ ایم ڈی افسر کی مدعیت میں درج کرایا گیا ہے۔

    تیسر ٹاؤن کی قبضہ کی گئی زمین کی مالیت کروڑوں روپے بتائی گئی ہے۔

    دوسری طرف ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی اینٹی انکروچمنٹ فورس نے جعلی ہاؤسنگ اسکیم مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 10 ایکڑ سرکاری زمین واگزار کرالی ہے۔

    ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ اختر مئیو کی سربراہی میں تیسر ٹاؤن سیکٹر سکس بی اور سی میں آپریشن کیا گیا، اینٹی انکروچمنٹ کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دس ایکڑ زمین واگزار کرائی گئی ہے، نئے تعمیر کردہ گھروں، دیواروں، اور باؤنڈری والز کوگرا کر قبضہ چھڑایا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق قبضہ مافیا نے تیسر ٹاؤن کی سرکاری زمین پر باؤنڈری وال کھڑی کر کے جعلی ہاؤسنگ اسکیم کے لیے پختہ تعمیرات شروع کر دی تھیں۔

    اینٹی انکروچمنٹ کے آپریشن کے دوران زمین سے قبضہ چھڑانے کے لیے ہیوی مشینری کا استعمال کیا گیا۔

  • کراچی: برسوں سے تکمیل کی منتظر ہاؤسنگ اسکیمز کے سلسلے میں خوش خبری

    کراچی: برسوں سے تکمیل کی منتظر ہاؤسنگ اسکیمز کے سلسلے میں خوش خبری

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں برسوں سے تکمیل کی منتظر ہاؤسنگ اسکیمز سے متعلق ایم ڈی اے نے فیصلہ کیا ہے کہ انھیں جلد آپریشنل کیا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملیر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کے آفس میں ڈائریکٹر جنرل محمد سہیل کی صدارت میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اراضی کی مافیا سے واگزاری سمیت مختلف ہاؤسنگ اسکیمز سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

    نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ ، گھروں کی تعمیر سے متعلق اہم خبر آگئی

    اجلاس میں ایم ڈی اے کی اراضی سے مافیا کا قبضہ ختم کرانے کے لیے آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے، مافیا کے خلاف جوائنٹ آپریشن میں پولیس اور رینجرز سے مدد لی جائے گی، ایم ڈی اے کی مختلف اسکیموں پر قبضہ کر کے گوٹھ آباد اسکیمیں بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    ملیر کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ

    اجلاس میں کراچی والوں کے لیے ہاؤسنگ اسکیمز کو جلد آپریشنل کرنے کا اعلان بھی کیا گیا، اور شاہ لطیف ٹاؤن اسکیم، نیو ملیر ہاؤسنگ اسکیم، تیسر ٹاؤن اسکیم 45 کو جلد مکمل کر کے الاٹمنٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں ایم ڈی اے کے ایڈہاک اور کنٹریکٹ ملازمین کے لیے بھی خوش خبری دی گئی، ان ملازمین کو مستقل کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، 6 رکنی کمیٹی ملازمین کو مستقل کرنے کے لیے سفارشات تیار کر کے حکومت سندھ کو پیش کرے گی۔

  • کراچی میں سینکڑوں سرکاری ملازمین تنخواہوں سے محروم

    کراچی میں سینکڑوں سرکاری ملازمین تنخواہوں سے محروم

    کراچی: ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( ایم ڈی اے) کےسینکڑوں سرکاری اور کانٹریکٹ ملازمین گزشتہ ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں، ادارے کے دیگر امور بھی تعطل کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایم ڈی اے میں تنخواہوں کا بحران ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی) کے عہدے پر کسی افسر کی تعیناتی نہ ہونے کے سبب پیدا ہوا ہے، گزشتہ سال بھی ایم ڈی اے میں تنخواہوں کے معاملات کئی مہینے تعطل کا شکار رہے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تاحال کسی بھی شخص کو محکمے کا ڈی جی مقرر نہیں کیا گیا ہے جس کے سبب ملازمین کی تنخواہوں کے بل پر دستخط نہیں کیے جاسکے ہیں ، نا صرف تنخواہیں بلکہ ادارے کے دیگر امور بھی ٹھپ پڑے ہیں۔

    بتایا جارہا ہے کہ محکمے میں رمضان کے مہینے سے ڈائریکٹر جنرل کی سیٹ خالی ہے جس کے سبب یہ بحران پیدا ہوا، مذکورہ محکمے کے پاس کافی عرصے سے کوئی مستقل بنیادوں پر ڈائریکٹر جنرل نہیں ہے جس کی وجہ سے ڈیپوٹیشن پر افسران کو بھیج کر کام چلایا جارہا ہے۔

    ایم ڈی اے کے مستقل اور کانٹریکٹ ملازمین کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی تنخواہوں کا بحران پیدا ہوا تھا جس کے سبب گھر کا سامان بیچ کر گزر اوقات کرنا پڑی تھی اور ابھی تک سابقہ بحران سے پیدا ہونے والی معاشی مشکلات سے باہر نہیں نکل سکے ہیں کہ یہ حالیہ بحران پیدا ہوگیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں