Tag: ملیشیا

  • سخت فیصلوں کی بدولت معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہے ہیں: وزیرخارجہ

    سخت فیصلوں کی بدولت معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہے ہیں: وزیرخارجہ

    کوالالمپور: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک میں ریونیو کی مد میں 16 فیصد اضافہ ہوا، مثبت معاشی پالیسیوں کے سبب بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال نظرآرہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملیشیئن دارالحکومت کوالالمپور میں شاہ محمودقریشی نے پاکستانی نژاد سلطانہ کلثوم آف پاہنگ کے ظہرانے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سخت فیصلوں کی بدولت معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 3 سال میں پہلی مرتبہ سرمایہ کاری کا حجم340ملین ڈالر تک پہنچا، اسٹاک مارکیٹ میں 21فیصد تک بہتری کا رحجان دیکھنے میں آیا، معیشت کو پرکھنے کیلئے قائم تمام اشاریے بہتری کی نوید سنا رہے ہیں۔

    شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ 2019 کی پہلی سہ ماہی تجارتی خسارہ 35 فیصد اور مالی خسارہ 36فیصد کم ہوا، پی ٹی آئی کو جس وقت حکومت ملی معاشی حالت دگرگوں تھی، معاشی اشاریے ہماری زبوں حالی کی تصویر پیش کررہے تھے۔

    انہوں نے بتایا کہ معاشی خسارہ بڑھتا جارہا تھا، قرضوں کے بوجھ سے نڈھال تھے، معاشی بحران سے نکلنے کیلئے بہت سے مشکل فیصلے کرنا پڑے، حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے کاوشیں کررہی ہے۔

    وزیرخارجہ سرکاری دورے پر ملیشیا پہنچ گئے، مہاتیرمحمد سے اہم ملاقات ہوگی

    وزیرخارجہ کا ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عالمی بینک کی درجہ بندی 28درجے عبور کرکے ٹاپ ٹن میں شامل ہوگئے، ملک میں جلد معاشی معاملات سنبھل جائیں گے۔

    دریں اثنا وزیرخارجہ نے ملائشین بزنس کمیونٹی کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، ملائشین بزنس کمیونٹی نے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کا عندیہ دے دیا، شاہ محمود قریشی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور سہولتوں سے بھی آگاہ کیا۔

  • شاہ محمود کا ملیشیا کے ہم منصب سے رابطہ، کشمیر سمیت دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

    شاہ محمود کا ملیشیا کے ہم منصب سے رابطہ، کشمیر سمیت دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

    اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی اور ملیشیا کے ہم منصب سیف الدین عبداللہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا اس دوران کشمیر سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ملیشیا کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن کی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔

    وزیرخارجہ نے ملائشین ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا۔ شاہ محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان ملائیشیا سے دو طرفہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5اگست سے کشمیر میں بدترین کرفیو نافذ کر رکھا ہے، کشمیری بھارتی اقوام عالم اور مسلم امہ کی طرف نظریں جمائے ہوئے ہیں۔

    شاہ محمود نے مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی تائید پر ملائشین وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کیا اور دورہ ملائیشیا، کوالالمپورکانفرنس میں شرکت سے متعلق آگاہ کیا۔

    دونوں ممالک نے خطے میں امن وامان سمیت اہم امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

    ملیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد بھارت کے خلاف ڈٹ گئے

    خیال رہے کہ ملیشیا کشمیر کے موقف پر پاکستان کے ساتھ ہے، وزیراعظم مہاتیرمحمد نے اقوام متحدہ میں تقریر میں کہا تھا کہ بھارت نے کشمیرپرحملہ کر کے قبضہ کیا ہوا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود بھارت نے مقبوضہ کشمیرپرقبضہ کیا ہوا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے مسئلے کو پرامن طریقے سے حل ہونا چاہیے، بھارت کو پاکستان کے ساتھ کام کرنا چاہیے تاکہ یہ مسئلہ حل ہو اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے کیونکہ یہ اقدام عالمی ادارے اور قانون کی حکمرانی کو دیگر طریقے سے نظرانداز کرنے کا باعث بنے گا۔

  • ذاکر نائیک نے متنازع بیان پر ملائیشیا سے معافی مانگ لی

    ذاکر نائیک نے متنازع بیان پر ملائیشیا سے معافی مانگ لی

    کوالالمپور: معروف بھارتی مبلغ اور اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملائیشیا کے کثیرالثقافتی معاشرے میں قومیت کے حوالے سے حساس بیان دینے پر معافی مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق ذاکر نائیک کے باضابطہ معافی مانگنے سے ایک روز قبل ہی انہیں پولیس نے ان سے ان کے بیان کے بارے میں تفتیش کی تھی جس پر انہیں بے دخل کرنے کے مطالبے بھی سامنے آئے تھے۔

    فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق حال ہی میں ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ایک بیان کے دوران کہا تھا کہ ہندوؤں کو ملائیشیا میں اس سے 100 گنا حقوق حاصل ہیں جتنے بھارت میں مسلمان اقلیت کو ملتے ہیں‘ اس کے ساتھ انہوں نے یہ تجویز بھی دی تھی کہ چینی ملائیشیوں کو ان سے پہلے ملک بدر کرنا چاہیے تھا۔

    مذکورہ بیان کے بعد ڈاکٹر ذاکر نائیک کو ملائیشیا سے بے دخل کرنے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔ جس کے بعد پولیس نے ان سے امن و عامہ کے بگاڑ پر اکسانے کے مقصد سے جان بوجھ کر توہین کرنے کے الزام پر 10 گھنٹوں تک تفتیش کی تھی۔

    حساس بیان پر ذاکر نائیک کو ملائیشیا میں بھی تفتیش کا سامنا

    تاہم منگل کے روز ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بدخواہوں نے ان کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا اور اسے ’حیرت انگیز جعلسازی‘ قرار دیا۔

    بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میرا ہر گز مقصد کسی فرد یا برادری کو پریشان کرنا نہیں تھا، یہ اسلام کی بنیادی تعلیمات کے خلاف ہے اور میں اس غلط فہمی کے لیے دل سے معذرت خواہ ہوں۔

  • کرپشن کیس، سابق ملائیشین وزیراعظم کیخلاف دوسرے ٹرائل کا آغاز آج سے ہوگا

    کرپشن کیس، سابق ملائیشین وزیراعظم کیخلاف دوسرے ٹرائل کا آغاز آج سے ہوگا

    کوالامپور: ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کے خلاف کرپشن کیس میں دوسرے ٹرائل کا آغاز آج سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق نجیب رزاق کے خلاف کرپشن کیس کے دوسرے ٹرائل کی سماعتیں آج (پیر) سے شروع ہوں گی، لیکن امکان ہے کہ یہ سماعتیں ملتوی کردی جائیں گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کے سابق وزیراعظم پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں جس کے سلسلے میں ٹرائل کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے جبکہ دوسرا پیر سے شروع ہوگا۔

    ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہی نجیب رزاق پر سرکاری خزانے سے چار ارب ڈالر کی ہیرا پھیری کے الزام کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

    خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کی گئی تھی تاہم نجیب رزاق نے اپنے اوپر عائد تمام الزامات کی تردید کی ہے۔

    کرپشن اسکینڈل: ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کا قریبی ساتھی گرفتار

    تحقیقاتی ادارے نے گذشتہ سال جولائی میں سابق وزیر اعظم کے گھر اور دفاتر میں چھاپے مارے تھے، چھاپے کے دوران 273 ملین ڈالرز برآمد کیے گئے تھے، جن میں 12 ہزار سے زائد زیورات، 423 مہنگی گھڑیاں، مشہور برانڈ کے 234 چشمے اور 567 ہینڈ بیگز ہیں جو سابق وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ روسماء منصور کے زیر استعمال تھے۔

    واضح رہے کہ ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم پر امریکا میں بھی منی لانڈرنگ کے کیسز زیر سماعت ہیں، امریکی حکام کے مطابق ملائیشیا سے ایک ارب ڈالر امریکا میں نجیب رزاق کے مبینہ اکاؤنٹس میں ٹرانسفر ہوئے۔

  • حساس بیان پر ذاکر نائیک کو ملائیشیا میں بھی تفتیش کا سامنا

    حساس بیان پر ذاکر نائیک کو ملائیشیا میں بھی تفتیش کا سامنا

    کوالالمپور: بھارت کے معروف مبلغ ذاکر نائیک کی جانب سے مبینہ طور پر دیے گئے حساس بیان پر انہیں ملائیشیا بھی تفتیش کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ اقدام متعدد وزراءکی جانب سے ذاکر نائیک کو بے دخل کرنے کے مطالبے کے بعد اٹھایا گیا جب انہوں نے ایک متنازع بیان میں کہا کہ ملائیشیا میں ہندوﺅں کو بھارت کی مسلمان اقلیت کے مقابلے 100 گنا زیادہ حقوق حاصل ہیں۔

    خیال رہے کہ ذاکر نائیک گزشتہ 3 سالوں سے ملائیشیا میں رہائش پذیر ہیں جبکہ بھارت میں انہیں نفرت انگیز تقریر اور منی لانڈرنگ کے الزامات کا سامنا ہے۔

    حال ہی میں انہیں ملائیشیا کی نسلی اور مذہبی اقلیتوں کو مالے نسل (جو زیادہ تر مسلمانوں پر مشتمل ہے) کی اکثریت کے خلاف مبینہ طور پر اکسانے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

    اس سلسلے میں وزیر داخلہ محی الدین یٰسین نے بتایا کہ پولیس ذاکر نائیک اور متعدد دیگر افراد سے نسل پرستانہ بیان دینے اور ایسی جعلی خبریں پھیلانے کے حوالے سے تفتیش کرے گی جس سے عوامی جذبات متاثر ہوئے۔

    بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں غیر مسلم شہریوں سمیت ہر ایک کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ جو کوئی بھی عوامی ہم آہنگی کے لیے خطرہ بنے گا قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے سے پہلے نہیں سوچیں گے۔

    دوسری جانب جب ڈاکٹر ذاکر نائیک کے نمائندے سے اس حوالے سے جاننا چاہا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ پہلے وزیر داخلہ کا بیان پڑھنا چاہیں گے۔

    خیال رہے کہ ملائیشیا میں نسل اور مذہب ایک حساس معاملہ ہے جہاں تقریباً 3 کروڑ 20 لاکھ یعنی 60 فیصد مالے قوم سے تعلق رکھنے والے مسلمان ہیں جبکہ بقیہ آبادی چینیوں، بھارتیوں پر مشتمل ہے جن کی اکثریت ہندو ہے۔

  • کراچی ایئرپورٹ: ایف آئی اے نے ملیشیا جانے والے 60سے زائد مسافر آف لوڈ کردیئے

    کراچی ایئرپورٹ: ایف آئی اے نے ملیشیا جانے والے 60سے زائد مسافر آف لوڈ کردیئے

    کراچی : ایف آئی اے نے کراچی ایئر پورٹ سے روزگار کیلئے ملائشیا جانے والے 60 مسافروں کو جانے سے روک دیا، جبکہ 35 سے زائد افراد کی امیگریشن کرنے سے بھی انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق  ملیشیا جانے والے 60سے زائد مسافروں کو کراچی ایئرپورٹ سے آف لوڈ کردیا گیا اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ35سے زائد مسافر وں کے ساتھ ویزا اور ورک پرمٹ ہونے کے باوجود ایف آئی اے نے امیگریشن کرنے سے انکار کردیا۔

    تمام مسافر سری لنکن ایئرلائن کی پرواز سے کولمبو براستہ ملیشیا جارہے تھے، ایف آئی اے نے انہیں اجازت نہ دی، ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملیشیا جانے والے مجموعی طور پر70سے زائد مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا ہے۔

    مسافروں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر سفری دستاویزات، ویزہ اور پروٹیکٹر ہونے کے باوجود ایف آئی اے انہیں آف لوڈ کررہی ہے، زیادہ تر مسافروں کے پاس لیبر ورک ویزہ ہے جو ملیشیا مزدوری کیلئے جارہے تھے۔

    دوسری جانب ایف آئی اے حکام کی جانب سے اس اقدام کی وضاحت نہیں کی گئی ہے کہ مسافروں کو کس بنیاد پر بیرون ملک جانے سے روکا گیا۔

  • وزیراعظم  کی ملیشیا سے 320 پاکستانیوں کولانے کے لیے خصوصی طیارہ بھجوانے کی منظوری

    وزیراعظم کی ملیشیا سے 320 پاکستانیوں کولانے کے لیے خصوصی طیارہ بھجوانے کی منظوری

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرملیشیا سے تین سوبیس پاکستانیوں کولانے کےلیےخصوصی طیارہ بھجوانے کی منظوری دے دی گئی، یہ افراد ملیشیا کی جیلوں میں اپنی قید کی مدت مکمل کرچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملیشیا سے 320 پاکستانیوں کو لانے کیلئے جہاز بھجوانے کی منظوری دے دی گئی ، خصوصی جہاز بھجوانے کی منظوری وزیراعظم عمران خان نے دی۔

    ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ملائیشیاءکی جیلوں میں قید تین سو بیس پاکستانی اپنی سزا کی مدت مکمل کرچکے ہیں لیکن فروری 2019 کے آخری ہفتے میں علاقائی صورتحال کی بناء پر براہ راست پروازوں کی منسوخی کے باعث ان کی وطن واپسی ممکن نہیں ہوپائی تھی۔

    ترجمان کا کہنا تھا دونوں ممالک کےدرمیان براہ راست پروازاوراخراجات نہ ہونےکےباعث اب تک جیلوں میں قید تھے، ان میں سے اکثریت ان پاکستانیوں کی ہے جنہیں ویزا کی معیاد یا رہائش کی اجازت کی مدت مکمل ہوجانے کے بعد گرفتار کیاگیا تھا۔

    وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو خصوصی ہدایات دی تھیں کہ ان پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے لئے انتظامات کئے جائیں تاکہ وہ عیدالفطر اپنے اہلخانہ کے ساتھ مناسکیں۔

    ان پاکستانیوں کی وطن واپسی کے عمل میں سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں وزارت خارجہ نے وزارت میں ایک خصوصی سیل قائم کیا تھا جس میں پی آئی اے، سمندر پارپاکستانیوں کی وزارت اور پاکستان بیت المال کے نمائندے شامل تھے۔

    ترجمان نے مزید کہا خصوصی طیارہ تمام افراد کو لیکرانتیس مئی کو اسلام آباد پہنچےگا، قیدیوں کی واپسی کیلئے پی آئی اے، دفترخارجہ اوربیت المال ملکرکام کررہے ہیں۔

    یاد رہے متحدہ عرب امارات نے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی جانب سے رمضان میں معافی دیئے جانے کے تحت 572 پاکستانی قیدیوں کو رہا کر دیا تھا۔

    عرب میڈیا نے پاکستانی دفتر خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ تقریباً 262 پاکستانی قیدیوں کو ابوظہبی اور العین، 177 کو دبئی، 52 کو شارجہ، 16 کو فجیرہ اور 65 کو عَجمان کی جیلوں سے رہا کیا گیا۔

    واضح رہے کہ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا تھا کہ یو اے ای سے 3500 پاکستانی قیدی رہا کیے جا رہے ہیں، پہلے مرحلے میں 572 قیدیوں کو رہا کیا جا رہا ہے، ابوظہبی سے 262، عجمان 65، فجیرہ 62، شارجہ سے 52 پاکستانی قیدی رہا ہوں گے۔

  • وزیر اعظم ملیشیا مہاتیر محمد کا پاکستان میں پروٹون گاڑیوں کاپلانٹ لگانے کا اعلان

    وزیر اعظم ملیشیا مہاتیر محمد کا پاکستان میں پروٹون گاڑیوں کاپلانٹ لگانے کا اعلان

    اسلام آباد: وزیر اعظم ملیشیا مہاتیر محمد نے پاکستان میں پروٹون گاڑیوں کاپلانٹ لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا پاکستان کےلئے گاڑیوں کا پلانٹ لگانا تحفہ ہے  جبکہ  وزیراعظم عمران خان کو”پروٹون کار “تحفے میں بھی دی۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں‌نے بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ بڑے کاروباری وفد کے ہمراہ آنے کا مقصد دونوں ممالک میں بزنس پارٹنرشپ بڑھانا ہے.

    [bs-quote quote=”ہم یہودیوں کے خلاف نہیں، مگر اسرائیل کو ملیشیا نے تسلیم نہیں کیا،” style=”style-8″ align=”left” author_name=”ڈاکٹر مہاتیر محمد”][/bs-quote]

    مہاتیر محمد نے کہا کہ آزادی کے وقت ملیشیا وسائل کے باوجود ایک غریب ملک تھا، ابتدائی طورپر ہم نے زرعی اصلاحات کے ذریعے کامیابیاں حاصل کیں، ترقی کےلئے صرف زراعت نہیں، بلکہ انڈسٹریزکی ترقی لازم ہے.

    انھوں نے کہا کہ صنعت کاری کے ذریعے ملازمت کے مواقع پیدا ہوتے ہیں، کامیابی کےلئے سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیاد پر سہولتیں دی گئیں، ملیشیا کی کامیابی کابڑا سبب غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری ہے.

    مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ دورے کا مقصد بہترتعلقات نہیں، کاروباری روابط بڑھانا ہے، بزنس کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان کے شکر گزارہیں، تاجروں کے لئے اشتراک کے مواقع پیدا کرنا ضروری ہیں، اس طرح کی کانفرنسز ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع دیتی ہیں.

    مزید پڑھیں: پاکستان ملیشیا کےتجربے سے استفادے کا خواہاں ہے: وزیر اعظم

    انھوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لئے امن وامان میں استحکام ضروری ہے، امن واستحکام نہیں ہوگا، تو کوئی بھی سرمایہ کاری نہیں کرے گا، عوام کے پاس روزگار ہوگا تو وہ حکومت کو ٹیکس ادا کرسکیں گے، تعلیم اور کفایت شعاری کے ذریعے قومیں ترقی کرتی ہیں، پیسہ حکومت نہیں عوام اور سرمایہ کار کےذریعے بنایاجاتاہے، سرمایہ کاروں اور عوام کیلئے بہترماحول کی فراہمی حکومت کا کام ہے۔

    انھوں‌نے کہا کہ ہم یہودیوں کے خلاف نہیں، مگر اسرائیل کو ملیشیا نے تسلیم نہیں کیا، اسرائیل، مغرب آزادی کے حامی ہیں توہمیں بھی بات کرنے کاحق ہے، اسرائیل نےکسی اورکی زمین پرقبضہ کیا ہے، اس لئے اس کے خلاف ہیں۔

    وزیر اعظم ملیشیا مہاتیر محمد نے  پاکستان میں پروٹون گاڑیوں کاپلانٹ لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا پاکستان کےلئے گاڑیوں کا پلانٹ لگانا تحفہ ہے جبکہ   مہاتیر محمد نے وزیراعظم عمران خان کو”پروٹون کار “تحفے میں بھی دی۔

  • پاکستان ملیشیا کےتجربے سے استفادے کا خواہاں ہے: وزیر اعظم

    پاکستان ملیشیا کےتجربے سے استفادے کا خواہاں ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ملیشیا کے تجربے سے استفادے کا خواہاں ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر مہاتیرمحمد کا دورہ پاکستان کے لئے باعث مسرت ہے.

    [bs-quote quote=” پاکستان کا ہرشہری ڈاکٹرمہاتیر محمد کے قائدانہ کردار کا معترف ہے” style=”style-8″ align=”left” author_name=”وزیر اعطم عمران خان”][/bs-quote]

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا ہرشہری ڈاکٹرمہاتیر محمد کے قائدانہ کردار کا معترف ہے، ڈاکٹرمہاتیرمحمد اپنے ملک میں بڑی تبدیلی لائے.

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملیشیا کی ترقی اسلامی دنیا کے لئے روشن مثال ہے، مہاتیرمحمد کی قیادت میں ملیشیا نے خود کفالت حاصل کی، مجھے یقین ہے کہ آپ کی تقریر سن کرآپ کے لئے ہمارے دل میں محبت میں مزید اضافہ ہوجائے گا.

    انھوں نے کہا کہ آج پاکستان ملیشیا میں کاروباری روابط بڑھانے کا بہترین موقع ہے، پاکستان اور ملیشیا کو تجارتی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستان برادر اسلامی ملک کے تجربے سے استفادے کا خواہاں‌ ہے.

    مزید پڑھیں: ملیشیا کے وزیراعظم کو آج سب سے بڑے قومی اعزاز “نشان پاکستان” سے نوازا جائے گا

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے وزارتی سطح پرکمیٹی قائم کر کے تجارتی اشتراک میں اضافےکا فیصلہ کیا، دونوں ممالک میں مختلف معاہدوں پردستخط ہوں گے.

    خیال رہے کہ وزیر اعظم ملیشیا گذشتہ روز تین روز دورے پر پاکستان پہنچنے تھے، جہاں‌ان کا وزیر اعظم عمران خان نے استقبال کیا.

  • ملیشیا سے 5 منصوبوں کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر لیے: وزیر خزانہ

    ملیشیا سے 5 منصوبوں کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر لیے: وزیر خزانہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملیشیا سے 5 منصوبوں کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر لیے ہیں، دونوں ممالک کے مابین بینکوں کی شاخیں کھولنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملیشیا سے 5 منصوبوں کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر لیے ہیں، ملیشیا نے جے ایف 17 طیاروں کی خریداری میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملیشیا نے پاکستان کو دفاعی نمائش میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ پاکستان دفاعی نمائش میں جے ایف 17 طیاروں کی نمائش کرے گا۔ پاکستان ٹینک شکن میزائل برآمد کرنے کے معاہدے پر جلد عمل کرے گا۔

    اسد عمر کے مطابق ملیشیا نے پاکستان سے گوشت اور چاول خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، دونوں ممالک کے مابین بینکوں کی شاخیں کھولنے پر بھی اتفاق ہوا۔ پاکستان سیاحت کے شعبہ میں ملیشیا کے تجربات سے مستفید ہوگا۔

    یاد رہے کہ ملیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد تین روزہ دورے پر گزشتہ روز پاکستان پہنچے تھے، وزیر اعظم عمران خان نے نور خان ایئر بیس پر ان کا شانداراستقبال کیا، مہاتیر محمد کو اکیس توپوں کی سلامی دی گئی اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان اور ان کے ملیشین ہم منصب کی ون آن ون ملاقات بھی ہوئی، دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔

    وزیر اعظم عمران خان اور ملیشین وزیر اعظم کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے جس میں کئی معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے جبکہ وزیر اعظم عمران خان ملیشین ہم منصب کو ظہرانہ بھی دیں گے۔

    صدر مملکت عارف علوی آج ملیشین وزیر اعظم کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے جبکہ انہیں ’نشان پاکستان‘ ایوارڈ بھی پیش کیا جائے گا۔