Tag: ممبئی

  • 5 ہزار روپے کے لیے افسوس ناک قتل

    5 ہزار روپے کے لیے افسوس ناک قتل

    ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹر میں ایک شخص نے 5 ہزار روپے کے لیے ایک 70 سالہ ضعیف شخص کو بے دردی سے قتل کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹر میں ممبئی کے قریب واقع الہاس نگر میں ایک بتیس سالہ شہری وٹھل گنیش دودھیشیا نے رقم کے تنازعے پر ستر سالہ معمر شخص کو آہنی تار سے گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔

    پولیس نے قاتل کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے، قاتل نے واردات کا اعتراف بھی کر لیا، الہاس نگر کرائم برانچ نے قاتل کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا، قاتل نے ستر سالہ شخص سیجومل کیرومل رامنانی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش وسار گاؤں کے نزدیک ایک کھیت میں پھینک دی تھی۔

    بھارت میں بغیر ہاتھ اور پاؤں کے بچی کی پیدائش

    کرائم برانچ نے لاش ملنے کے بعد تفتیش شروع کی تو ایک سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم تک پہنچنے میں پولیس کامیاب ہو گئی، ملزم نے گرفتاری کے بعد اعتراف کیا کہ سیجومل سے اس نے پانچ ہزار روپے ادھار لیے تھے، مقتول تقاضا کرنے لگا کہ قرض کے پیسے واپس کروں۔

    ملزم نے اپنے اعترافی بیان میں کہا کہ وہ رقم نہیں لوٹانا چاہ رہا تھا، سیجومل رامنانی سے پیچھا چھڑانے کے لیے اس نے اسے موٹر سائیکل پر بٹھایا اور الہاس نگر وسار گاؤں لے گیا، پھر وہاں لوہے کی ایک تار سے اس کا گلا گھونٹ دیا۔

  • بھارت: گھر جانے کے لیے 18 مزدوروں کا مکسر ٹرک میں سفر

    بھارت: گھر جانے کے لیے 18 مزدوروں کا مکسر ٹرک میں سفر

    نئی دہلی: بھارتی شہر اندور میں ہائی وے پر پولیس کی جانب سے روکے جانے والے مکسر ٹرک سے 18 مزدور نکل آئے، تمام مزدور ذرائع سفر بند ہونے کی وجہ سے مکسر مشین میں سوار ہو کر اپنے گھروں کو جانا چاہتے تھے۔

    کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے غریب طبقے کی مشکلات نہایت بڑھ گئی ہیں جن میں سرفہرست مزدور ہیں۔ بھارت کی کئی ریاستوں میں کام نہ ہونے کی وجہ سے ہزاروں مزدور نہ صرف بے روزگار ہوگئے ہیں بلکہ وہ اپنے گھروں سے دور دیار غیر میں پھنس گئے ہیں۔

    لاک ڈاؤن کی وجہ سے یہ مزدور اپنے گھر بھی نہیں جا پا رہے تاہم ایک مکسر ٹرک میں سفر کرنے کی پیشکش کے بعد کچھ مزدور اس ٹرک میں ہی سوار ہو کر اپنے گھر کی طرف چل پڑے۔

    یہ پریشان کن صورتحال بھارتی شہر اندور میں پیش آئی جہاں ٹریفک پولیس نے ہائی وے پر کنکریٹ کے مکسر ٹرک کو روکا، تلاشی پر اندر سے 18 مزدور نکلے جو اپنے گھر جانے کے لیے دم گھوٹ دینے والے اس مکسر میں محو سفر تھے۔

    یہ مزدور کافی روز سے ممبئی میں پھنسے ہوئے تھے، اندور شہر میں جب پولیس نے مکسر کو روکا اور اس میں سے 18 مزدور برآمد ہوئے تو ہلچل مچ گئی۔ پولیس نے فوری طور پر تمام مزدوروں کو کھانے پینے اور دیگر اشیا کے ساتھ قرنطینہ منتقل کردیا۔

    18 مزدوروں میں سے 4 گاڑی کے ساتھ کام کرنے والے تھے، پولیس نے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔

  • بھارتی اینکر ارنب گوسوامی کو نوٹس، پولیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم

    بھارتی اینکر ارنب گوسوامی کو نوٹس، پولیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم

    نئی دہلی: بھارت کے متنازعہ اینکر ارنب گوسوامی کے خلاف سو سے زائد ایف آئی آرز درج ہونے کے بعد ممبئی پولیس نے انہیں نوٹس جاری کردیا، ارنب کو پولیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے ارنب گوسوامی کو تعزیرات ہند کی دفعہ 41 اے کے تحت نوٹس جاری کیا ہے۔

    ارنب گوسوامی کے خلاف ایف آئی آر ناگپور میں دائر کی گئی تھی لیکن سپریم کورٹ نے اس معاملے کو ممبئی منتقل کرنے کا حکم دیا، کل صبح 9 بجے ارنب کو ممبئی میں پولیس کے سامنے حاضر ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ ارنب نے چند روز قبل کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کے خلاف قابل اعتراض تبصرے کیے تھے۔ ارنب کے ان تبصروں کے بعد ان کے خلاف مختلف شہروں میں سو سے زائد ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہیں۔

    کانگریس رہنماؤں نے ری پبلک ٹی وی انتظامیہ اور اس کے مدیر ارنب گوسوامی کے خلاف ممبئی ہائی کورٹ کا رخ کیا تو دوسری جانب بنگلور کے ایک آر ٹی آئی کارکن نے کرناٹک ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

    درخواست میں ری پبلک ٹی وی کے براڈ کاسٹ اور ارنب گوسوامی کے ذریعے کچھ بھی براڈ کاسٹ کرنے پر پابندی لگانے کی استدعا کی گئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ میں مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے ممبر بھائی جگتاپ اور مہاراشٹر یوتھ کانگریس کے نائب صدر سورج ٹھاکر نے بھی درخواستیں دائر کی ہیں۔

  • بھارت: 3 افراد قرنطینیہ سے بھاگ کر دوست کے گھر جا چھپے

    بھارت: 3 افراد قرنطینیہ سے بھاگ کر دوست کے گھر جا چھپے

    نئی دہلی: بھارتی شہر ممبئی میں 3 افراد قرنطینیہ سے بھاگ کر دوست کے گھر جا چھپے، پولیس نے سراغ لگا کر تینوں کو پکڑ لیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق تینوں افراد کا تعلق بھارتی ریاست جھاڑ کھنڈ سے تھا اور یہ ممبئی میں حکومت کے قائم کیے ہوئے قرنطینیہ میں دن گزار رہے تھے۔

    پولیس کے مطابق تینوں افراد 20 مارچ کی صبح دبئی سے ممبئی پہنچے تھے، ان میں سے 2 دبئی میں بطور الیکٹریشن کام کرتے تھے جبکہ تیسرا ان سے ملنے اور کچھ روز قیام کے لیے دبئی گیا تھا تاہم کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب تینوں بھارت لوٹ آئے۔

    ایئرپورٹ پر تینوں کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تاہم حکام نے انہیں الگ الگ ہوٹل میں قیام کرنے کے لیے منتقل کردیا جو ان دنوں قرنطینیہ میں تبدیل کردیے گئے ہیں۔

    حکام انہیں جھاڑکھنڈ ان کے گھر واپس بھیجنے کے لیے بھی انتظامات کر رہے تھے تاہم اس سے قبل ہی تینوں ہوٹل سے فرار ہو کر قریبی علاقے میں ایک دوست کے گھر جا چھپے۔

    پولیس کے مطابق پڑوسیوں نے ان کے ہاتھ پر لگی قرنطینیہ کی مہریں دیکھ لیں اور پولیس کو اطلاع کردی جس کے بعد پولیس نے وہاں پہنچ کر اپنی حراست میں لے کر انہیں دوبارہ قرنطینیہ منتقل کردیا۔

    پولیس کے مطابق ان تینوں افراد نے دیگر لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالیں جس پر انہیں قانونی کارروائی کا سامنا ہوسکتا ہے۔

    ڈاکٹرز نے مذکورہ افراد کو مزید کچھ روز قرنطینیہ میں رہنے کی ہدایت کی ہے، پولیس کے مطابق ان کے دوبارہ فرار کے خدشے کے تحت ان کی نگرانی کے لیے مسلح گارڈز بھی تعینات کردیے گئے ہیں۔

  • 55 سالہ خاتون اغوا کے بعد قتل

    55 سالہ خاتون اغوا کے بعد قتل

    نئی دہلی: بھارتی شہر ممبئی میں 55 سالہ خاتون کو اغوا کے بعد قتل کردیا گیا، پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی کا نہیں لگتا۔

    ممبئی پولیس کے مطابق 55 سالہ خاتون ایک بینک کے باہر کار میں اپنے شوہر کا انتظار کر رہی تھیں جہاں سے وہ اغوا کرلی گئیں اور بعد ازاں انہیں گولی مار کر قتل کردیا گیا۔

    لاش سمیت گاڑی بعد ازاں ایک تعمیراتی سائٹ کے قریب پائی گئی۔ خاتون کے پاس موجود زیورات اور گاڑی میں موجود نقد رقم بحفاظت موجود ہے، پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر یہ انتقامی کارروائی لگتی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گزشتہ روز دن کے سوا 2 بجے پیش آیا جب مقتولہ اپنے 62 سالہ شوہر کے ساتھ بینک پہنچیں، شوہر نے اپنی گاڑی باہر پارک کی اور بینک کے اندر چلا گیا۔

    واپسی پر اس نے اپنی گاڑی اور بیوی دونوں کو غائب پایا، کچھ دیر ڈھونڈنے کے بعد اس نے اپنے بیٹے کو مطلع کیا جس نے وہاں پہنچ کر باپ کے ساتھ مل کر تلاش شروع کی۔

    3 بجے کے قریب انہوں نے پولیس کو کال کردی۔ پولیس کو تھوڑی سی تلاش کے بعد بینک سے قریب ہی موجود ایک تعمیراتی سائٹ کے پاس گاڑی مل گئی جس میں لاش بھی موجود تھی۔

    پولیس کے مطابق مقتولہ کے سینے اور پیٹھ پر زخم ہے، اس بات کا علم پوسٹ مارٹم سے ہی ہوگا کہ آیا مقتولہ کو 2 گولیاں ماری گئیں یا پھر ایک ہی گولی سینے پر ماری گئی جو جسم کے پار ہوگئی۔

    پولیس علاقے میں نصب مختلف سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز چیک کر رہی ہے جس سے قتل کا کوئی سراغ مل سکے۔

  • لوڈو کا گیم ہارنے پر سیکیورٹی گارڈ نے ساتھی کا گلا کاٹ دیا

    لوڈو کا گیم ہارنے پر سیکیورٹی گارڈ نے ساتھی کا گلا کاٹ دیا

    ممبئی: بھارتی شہر ممبئی میں ایک سیکیورٹی گارڈ نے لوڈو کے گیم میں ہارنے کے بعد اپنے ساتھی کو قتل کر ڈالا۔

    پولیس کے مطابق 38 سالہ اوینش کمار پانڈے نے گزشتہ برس اکتوبر میں اپنے 22 سالہ ساتھی انکت سنگھ کو قتل کیا تھا، دونوں بطور سیکیورٹی گارڈ ایک کمپنی میں ملازمت کر رہے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر ملزم کا یہ تیسرا قتل ہے، وہ اس سے قبل سنہ 2000 اور 2008 میں بھی دو قتل کر چکا ہے۔ گرفتاری سے بچنے کے لیے اس نے ایک طویل عرصے سے موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک اشیا کا استعمال چھوڑ رکھا تھا۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق مقتول اور قاتل دونوں کی رہائش اپنے دفتر میں ہی تھی۔ قتل سے قبل دونوں ایک آن لائن لوڈو گیم کھیل رہے تھے جس میں ہارنے کے بعد پانڈے نے چھری سے اپنے ساتھی کا نرخرہ کاٹ دیا۔

    ساتھی کو قتل کرنے کے بعد پانڈے وہاں سے فرار ہو کر پونا گیا اور اس کے بعد مختلف شہروں میں چھپتا رہا۔ اس کے بعد وہ دہلی آ کر سیکیورٹی گارڈ کی ملازمت کرنے لگا۔

    پانڈے کے مجرمانہ ریکارڈ کی وجہ سے اتر پردیش پولیس نے اس کے بارے میں معلومات دینے پر 10 ہزار روپے کا انعام رکھا تھا۔

    پولیس کو جلد ہی اس کے بارے میں معلومات موصول ہوگئیں جس کے بعد ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی۔

  • تاجر نماز کے بعد پھندے پر جھول گیا

    تاجر نماز کے بعد پھندے پر جھول گیا

    ممبئی: بھارت میں 55 سالہ مسلمان تاجر نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی، پولیس تاحال خودکشی کی وجہ تلاش کر رہی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ممبئی کے 55 سالہ بزنس مین ایم ایم حکیم کی لاش ان کے کمرے میں لٹکتی ہوئی پائی گئی۔ حکیم چمڑے کے کاروبار سے وابستہ تھا۔

    حکیم نے سوگواران میں بیوی اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں، بڑی بیٹی ایک نجی فرم میں ملازمت کرتی تھی جبکہ دوسری کالج میں زیر تعلیم تھی۔

    پولیس کو حاصل کردہ اب تک کی معلومات کے مطابق وہ دن اس گھرانے کے لیے ایک معمول کا دن تھا۔ دونوں بیٹیاں صبح اپنے دفتر اور کالج روانہ ہوگئیں۔

    چھوٹی بیٹی ڈیڑھ بجے گھر واپس آئی تو اس نے باپ کو دوپہر کے کھانے میں شامل ہونے کا کہا، لیکن اس نے منع کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے نماز پڑھے گا۔ اس کے بعد وہ نماز پڑھنے کے لیے کمرے کے اندر گیا اور کمرا اندر سے بند کرلیا۔

    بیٹی کھانا کھانے کے بعد سونے چلی گئی۔ شام 4 بجے اٹھ کر وہ جم گئی اور 5 بجے وہاں سے واپس آئی تو دیکھا کہ دروازہ بدستور بند تھا۔ اس نے کسی طرح دروازہ کھولا تو اندر اپنے باپ کا لٹکتا ہوا مردہ جسم دیکھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بزنس مین کی خودکشی کی وجہ اہلخانہ کے بیانات کے بعد ہی اخذ کی جاسکے گی، فی الحال وہ صدمے میں ہیں اور کسی بھی قسم کی بات چیت کرنے کے قابل نہیں۔

  • بھارت میں ریلوے ٹریک سے کٹا ہوا سر برآمد

    بھارت میں ریلوے ٹریک سے کٹا ہوا سر برآمد

    ممبئی: ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ مضافاتی علاقے سے عورت کا ڈھر ملنے کے 5 دن بعد ریلوے ٹریک کے قریب سے ایک کٹا ہوا سر برآمد ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ممبئی کے مضافاتی علاقے سے عورت کی سرکٹی لاش برآمد ہونے کے 5 دن بعد ریلوے ٹریک سے ایک کٹا ہوا سر ملا ہے، پولیس کو شبہ ہے کہ کٹا ہوا سر عورت کا ہوسکتا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ریلوے ٹریک سے ملنے والے سر کو راجوادی اسپتال میں تفتیش کے لیے بھیج دیا گیا ہے، ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد معلوم ہوسکے گا کہ یہ سر اسی خاتون کا ہے کہ نہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ اس سے قبل ایک مرد اور ایک لڑکی کی لاش بھی پولیس کو ملی تھی۔ پولیس نے ان دونوں واقعات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال جون میں بھارت کی ریاست اڑیسہ میں ٹرین کے ٹویلٹ سے ایک خاتون کی سرکٹی لاش ملی تھی، خاتون کے شدید زخمی سر کو بھی کچھ فاصلے سے برآمد کیا گیا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ خاتون کو بہیمانہ تشدد کے بعد قتل کیا گیا تھا، 40 سالہ خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔

  • الیکٹریشن لفٹ میں پھنس کر ہلاک

    الیکٹریشن لفٹ میں پھنس کر ہلاک

    ممبئی: بھارتی شہر ممبئی میں لفٹ میں پھنس کر 52 سالہ الیکٹریشن رامانند کرشنا پٹکر جان کی بازی ہار گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کہنا ہے کہ جمعرات کے روز لفٹ اچانک بند ہوگئی تھی، نجی لفٹ کمپنی کے الیکٹریشن نے اسے ٹھیک کیا لیکن جمعے کے روز لفٹ دوبارہ خراب ہوگئی۔

    پولیس نے بتایا کہ جمعے کے روز 52 سالہ الیکٹریشن رامانند کرشنا پٹکر لفٹ ٹھیک کر رہے تھے کہ اچانک لفٹ کے دروازے بند ہوگئے، ان کی ٹانگیں دروازے میں پھنس گئیں اور چوتھی منزل سے لفٹ نیچے آگری۔

    پولیس کے مطابق الیکٹریشن رامانند کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس نے بتایا کہ الیکٹریشن کی ٹانگیں ٹوٹنے اور سر پر شدید چوٹیں آنے کے باعث موت واقع ہوئی۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ حادثے میں مرنے والے رامانند نے سوگواران میں بیوی، بیٹا اور بیٹی چھوڑی ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال ستمبر میں ممبئی میں ایس اے گراؤنڈ ٹاور کی لفٹ گرنے سے بلڈنگ کے رہائشی خوفزدہ ہوگئے تھے، جائے وقوعہ پر زبیر نامی شخص لفٹ میں پھنس گیا تھا جسے فائر بریگیڈ اور پولیس کی مدد سے باہر نکالا گیا تھا۔

  • پاکستانی بہت پیار اور محبت دینے والی قوم ہے، کانگریس سربراہ شرد پوار

    پاکستانی بہت پیار اور محبت دینے والی قوم ہے، کانگریس سربراہ شرد پوار

    نئی دہلی: بھارتی نیشنل کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے کہا ہے کہ پاکستان میں بہت پیار اور محبت دینے والے لوگ ہیں، پاکستان کے دورے پر گئے تھے تو ان کا استقبال بہت گرمجوشی سے کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ممبئی میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ اس بات میں کوئی صداقت نہیں کہ پاکستان میں لوگ ناخوش ہیں بلکہ بھارت کی ایک خاص پارٹی کا پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف بنائے گئے بیانیے کا مقصد سیاسی فائدہ تھا۔

    [bs-quote quote=”پاکستانیوں کے حق میں بیان دینے پر بھارتی میڈیا کی شرد پوار پر شدید تنقید” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    شرد پوار نے کہا کہ بھارت میں پاکستان کے متعلق جتنا بھی منفی پروپیگنڈا کیا جاتا ہے اس کی پس پشت سیاسی مقاصد ہوتے ہیں، بھارت میں پاکستان سے متعلق انتہائی غلط رائے قائم ہے، ایسے بیانات محض سیاسی فائدے کے لیے دئیے جارہے ہیں جبکہ پاکستانی بہت پیار اور محبت دینے والی قوم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور وہ خود پاکستانیوں کی مہمان نواز کے گوا ہیں۔

    نیشنل کانگریس پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصیت حیثیت ختم کرنا مودی حکومت کا غلط اقدام ہے۔

    شرد پوار کے بیان کے بعد بھارتی میڈیا ان کے خلاف ہوگیا ہے اور ان کو پاکستانیوں کے حق میں بیان دینے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ شرد پوار بھارتی ریاست ممبئی کے وزیراعلیٰ اور مرکزی وزیر بھی رہ چکے ہیں، وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔