Tag: ممتاز قادری

  • ممتاز قادری کے حق میں مظاہرہ . سنی تحریک کے 55 کارکنان گرفتار

    ممتاز قادری کے حق میں مظاہرہ . سنی تحریک کے 55 کارکنان گرفتار

    اسلام آباد : سنی تحریک کے پچپن کارکنان کو مظاہرے کے دوران اسلام آباد پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے باہر سنی تحریک کے پچپن کارکنان سلمان تاثیر کے قتل کے ملزم ممتاز قادری کے حق میں احتجاج کرنے پر گرفتار کر لئے گئے۔

    سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر قتل کیس کی سپریم کو رٹ میں سماعت ہوئی ۔دوران سماعت ملزم ممتاز قادری کے حق میں سنی تحریک کے کارکنا ن نے احتجاج کیا ،جس پر پولیس نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے پچپن کارکنان کو گرفتارکرلیا.

    کارکنان کی گرفتاری ریڈ زون میں دفعہ 144 نفاذ پر عمل میں لائی گئی۔ گرفتار افراد کو تھانہ سیکرٹریٹ اور تھانہ آبپارہ منتقل کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب سپریم کورٹ نے سلمان تاثیر قتل کیس میں موت کی سزا پانے والے ملزم ممتاز قادری کی جانب سے سزا کیخلاف اپیل کی سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل میاں نذیر اختر کو کل تک دلائل مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

    اپیل کی سماعت جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے کی۔ بعد ازاں اپیل کی سماعت کل تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔

    جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں کوئی مشکل نہیں، بس آپ کو سن کر فیصلہ کرنا چاہتے ہیں۔ اخباری خبروں کے مطابق سلمان تاثیر نے توہین رسالت کے قانون کو غلط کہا تھا، سوال یہ ہے کہ قتل کرنے کی وجہ قانون کے زمرے میں آتی ہے یا نہیں؟

  • ممتاز قادری کی سزائے موت کے خلاف اپیل کی سماعت 14مئی تک ملتوی

    ممتاز قادری کی سزائے موت کے خلاف اپیل کی سماعت 14مئی تک ملتوی

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ممتاز قادری کی سزائے موت کے خلاف اپیل کی سماعت چودہ مئی تک ملتوی کر دی ہے۔

    جسٹس دوست محمد کھوسہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، ممتاز قادری کی جانب سے خواجہ شریف اور میاں نذیر اختر پیش ہوئے۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ ممتاز قادری کیس میں ریاست کی جانب سے بھی اپیل فائل کی گئی ہے جو درستگی کیلئے واپس لی گئی ہے، ریاست اور ممتاز قادری کی جانب سے فائل کی اپیلوں میں اہم قانونی نکات ہیں، اس لئے انھیں اکٹھے سنا جانا چاہیئے۔

    ممتاز قادری کے وکلاء کا کہنا تھا کہ انھیں اس پر کوئی اعتراض نہیں، عدالت نے سماعت چودہ مئی تک ملتوی کر دی ہے۔

    واضح رہے کہ مجرم ممتاز قادری نے 2011 میں گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو اسلام آباد میں گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔

  • ممتاز قادری کیس: سزا میں تخفیف کیخلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ

    ممتاز قادری کیس: سزا میں تخفیف کیخلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت نے سلمان تاثیر قتل کیس کے ملزم ممتاز قادری کی سزا میں تخفیف اور دہشت گردی کی دفعات ختم کئے جانے کے ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس ضمن میں ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت ہائی کورٹ کے ممتاز قادری کیس کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنا چاہتی ہے۔

    جس کی مدت کل ختم ہورہی ہے جبکہ دہشت گردی کے حوالے سے درکار دستاویزات کے حصول کے لیے کچھ وقت درکار ہے۔

    درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اپیل دائر کرنے میں مہلت دی جائے اور تاخیر سے آنے والی اپیل زائدالمیعاد ہونے پر خارج نہ کی جائے۔

  • ممتاز قادری کی اپیل کا فیصلہ پیرکو سنایا جائے گا

    ممتاز قادری کی اپیل کا فیصلہ پیرکو سنایا جائے گا

    اسلام آباد : سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر قتل کیس میں گرفتار ممتاز قادری کی اپیل کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سوموار کے روز سنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس نورا لحق این قریشی اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل ڈویژن بینچ  سلمان تاثیر قتل کیس کا فیصلہ سنائے گا۔

    سا بق گورنر پنجاب سلمان تاثیر قتل کیس میں گرفتار ممتاز قادری کو انسداد دہشت گردی کی عدالت سے یکم اکتوبر دو ہزار گیارہ کو سزائے موت سنائی گئی تھی جسے ممتاز قادری نے اسلام آبادہائیکورٹ میں چیلنج کیاتھا۔

    ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اقبال حمیدالرحمان اور جسٹس محمد انور خان کاسی نے ممتاز قادری کی جانب سے دائر کی گئی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے گیارہ اکتوبر دو ہزار گیارہ کو حکم امتناعی جاری کیا تھا۔

    گذشتہ سماعت پر درخواست گزار کے وکیل سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ خواجہ محمد شریف اور سابق جسٹس میاں نظیر نے اپیل پر اپنے دلائل مکمل کرلئے تھے جبکہ وفاق کی جانب سے ایڈووکیٹ جنر ل میاں عبدالرؤ ف نے بھی اپنے دلائل مکمل کرلئے۔

    فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد جسٹس نورالحق قریشی اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی عدالت نے تقریباًایک ماہ پہلے ممتاز قادری کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کیاتھا۔

  • سلمان تاثیر کی تیسری برسی، انکی یاد میں شمعیں روشن

    سلمان تاثیر کی تیسری برسی، انکی یاد میں شمعیں روشن

    سلمان تاثیر کی یاد میں ان کی تیسری برسی کے موقع پر سول سوسائٹی نے کوہسار مارکیٹ اسلام آباد میں شمعیں روشن کی اور پھول رکھے۔

     تقریب کے شرکا نے سلمان تاثیر کو خراج عقیدت پیش کیا اورکہا کہ تین برس گزرنے کے باوجود بھی سلمان تاثیر کے قتل میں ملوث شخص کو سزا نہیں دی جاسکی ہے۔ 

    ان کا کہنا تھا کہ فیصلوں میں تاخیر کے باعث ملک میں دہشت گردی تناور درخت کی شکل اختیار کرچکی ہے مقررین کا کہنا تھا کہ سلمان تاثیرپرامن پاکستان کے حامی تھے اور ان کی آواز کو خاموش کرکے ان کے نظریات کو نہیں دبایا جاسکتا، سول سوسائٹی انکے مشن کو جاری رکھے گی

    دوسری جانب لاہور میں بھی انکے حامیوں کی جانب سے انکے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا۔