Tag: ممنوعہ فنڈنگ

  • ممنوعہ فنڈنگ کیس، عدالت نے پی ٹی آئی رہنما حامد زمان کا جسمانی ریمانڈ دے دیا

    ممنوعہ فنڈنگ کیس، عدالت نے پی ٹی آئی رہنما حامد زمان کا جسمانی ریمانڈ دے دیا

    لاہور : مقامی عدالت نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی رہنما حامد زمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے پی ٹی آئی کے رہنما حامد زمان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی۔

    ایف آئی اے کی جانب سے حامد خان کو عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر ایف آئی نے حامد زمان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کی انکوائری کی گئی۔

    ایف آئی اے کا مؤقف تھا کہ امریکہ سے بینک اکاؤنٹس کو چلایا جا رہا ہے جس میں تقریباً 6 کروڑ روپے کی رقم بھجوائی گئی،انصاف ٹرسٹ کی جانب سے جو کام ہونا چاہیے تھا وہ نہیں ہوا۔

    ایف آئی اے بیان کے مطابق جو بھی رقم بیرون ملک سے منگوائی گئی اس کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔ غیر قانونی طور پر بیرون ممالک سے پیسے منگوائے گئے۔

    ایف آئی اے نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم سے مزید تحقیقات کے لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے، ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے کی تحقیقات میں شامل ہو کر مکمل تعاون کر رہے ہیں،جس کے بعد جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں بنتی۔

    عدالت نے استفسار کیا کہ ایف آئی اے کے سوال نامہ کا جواب ہے آپ کے پاس؟ جس کے جواب میں عدالت کو بتایا گیا کہ تمام جوابات تحریری طور پر جمع کروائے دیے ہیں۔

    ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ انکوائری کا دائرہ اختیار ایف آئی اے کو ہے ہی نہیں،ایف آئی آر میں لگائے گئے الزام مکمل طور پر بے بنیاد ہیں،2013 میں آئے ہوئے پیسوں کا کیسے پتہ لگے گا کہ وہ 2018 میں فراڈ کہلاٸے گا؟

    ،عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی کے حوالے کردیا، عدالت نے حکم دیا کہ ملزم حامد زمان کو دس اکتوبر کو دوبارہ پیش کیا جاٸے۔

  • الیکشن کمیشن میں رات گئے غیر معمولی اجلاس، پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس ریکارڈ کا جائزہ

    الیکشن کمیشن میں رات گئے غیر معمولی اجلاس، پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس ریکارڈ کا جائزہ

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن میں رات گئے غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے ریکارڈ سمیت دیگر اہم ترین امور کا جائزہ لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں رات گئے غیر معمولی اجلاس ہوا، سیکریٹری الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس ریکارڈ کا جائزہ لیا، حلقہ بندیوں سے متعلق بعض ضروری امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سمیت مختلف اداروں نے ای سی سے ریکارڈ مانگ رکھا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت کیسز کی فائلیں بھی تیار کرنی تھیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن کے تمام راستہ مکمل بند تھے، شاہراہ دستور سے الیکشن کمیشن کا داخلہ بھی بند رکھا گیا، میڈیا کو بھی الیکشن کمیشن کی پارکنگ سے پہلے ہی روک دیا گیا تھا۔

    اچانک رات گئے غیر معمولی اجلاس پر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے طنز کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن بہت محنت کرتا ہے، پی ٹی آئی کیس میں بھی پھرتی دکھائی، زندہ لوگوں کو مردہ قرار دیا۔

    انھوں نے اجلاس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جو گڑبڑ کر دی ہے، اب اس کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

  • پارٹی فنڈنگ کیس میں پی پی اور ن لیگ نے جواب جمع کرا دیے

    پارٹی فنڈنگ کیس میں پی پی اور ن لیگ نے جواب جمع کرا دیے

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن کی جانب سے سیاسی پارٹیوں کی ممنوعہ فنڈنگ کی چھان بین کے سلسلے میں آج اِن کیمرا اسکرونٹی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے آج ان کیمرا اسکروٹنی کمیٹی اجلاس میں پیش ہو کر 7 نکاتی سوال نامے کا جواب جمع کروایا، کمیٹی نے سیاسی جماعتوں سے تین روز قبل سوال نامہ دیتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔

    الگ الگ اجلاسوں میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے اسکروٹنی کمیٹی کے سوال نامے کا جواب جمع کرایا، کمیٹی نے ن لیگ کے نمایندے تین دسمبر کو دوبارہ طلب کر لیے۔

    پیپلز پارٹی نے اپنے جواب میں کہا کہ امریکا میں ہماری کمپنی نہیں ہے۔ جب کہ الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی جواب اور تفصیلات کا جائزہ لے گی، اسکروٹنی کمیٹی نے پیپلز پارٹی کے نمایندوں کو بھی 3 دسمبر کو دوبارہ طلب کر لیا۔

    خیال رہے کہ پیپلز پارٹی سے سوال نامے میں ڈونرز کی تفصیلات مانگی گئی تھیں، یہ بھی پوچھا گیا تھا کہ سالانہ گوشواروں کے علاوہ اگر پارٹی اکاؤنٹس ہیں تو آگاہ کیا جائے۔ دوسری طرف تحریک انصاف پارٹی فنڈنگ کیس میں 2 دسمبر کو کمیٹی کے سامنے پیش ہوگی۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے خلاف غیر قانونی فنڈنگ کیس کی درخواست دائر کی گئی تھی، جس پر ای سی پی نے گزشتہ ہفتے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کیا۔

    الیکشن کمیشن نے 26 نومبر سے ہر روز پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کرنے کا فیصلہ بھی کیا تھا، اس سلسلے میں اپوزیشن کی درخواست منظور کی گئی تھی، ای سی نے اسکروٹنی کمیٹی کو کام تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔ تاہم پی ٹی آئی کا اصرار ہے کہ یہ کیس فارن فنڈنگ کا نہیں بلکہ ممنوعہ فنڈنگ کا ہے، سپریم کورٹ 2018 کے حنیف عباسی کیس میں واضح کر چکی ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کے معاملے کو وفاقی حکومت دیکھنے کا اختیار رکھتی ہے۔