Tag: ممنوعہ فنڈنگ کیس

  • ممنوعہ فنڈنگ کیس : عمران خان کا ایف آئی اے کے نوٹس کا  جواب دینے سے انکار

    ممنوعہ فنڈنگ کیس : عمران خان کا ایف آئی اے کے نوٹس کا جواب دینے سے انکار

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کو جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا 2دن میں نوٹس واپس نہ لیا توقانون کے تحت کارروائی کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ایف آئی اے کے نوٹس کا جواب دینے سے انکار کردیا۔

    عمران خان نے تحریری جواب میں کہا کہ آپ کو نہ جوابدہ ہوں اور نہ ہی معلومات فراہم کرنے کا پابند، 2دن میں نوٹس واپس نہ لیا توقانون کے تحت کارروائی کروں گا۔

    عمران خان اور پی ٹی آئی کی جانب سے سے سابق اٹارنی جنرل انور منصور نے جواب بھجوایا ، جواب ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل اسلام آباد کی ڈپٹی ڈائریکٹر آمنہ بیگ کو بھجوایا گیا۔

    تحریری جواب میں کہا کہ پی ٹی آئی سے تفصیلات،دستاویزطلب کرنا ایف آئی اے کے زیراثر ہونے کا مظہر ہے۔

    عمران خان کی جانب سے کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے فیصلہ نہیں دیا بلکہ رپورٹ جاری کی ،الیکشن کمیشن ایف آئی اے یا کسی اور ادارے کو رپورٹ پر حکم جاری نہیں کرسکتا۔

    جواب میں کہنا تھا کہ ایف آئی اے کے پاس پولیٹیکل پارٹیز آرڈر2002 کے تحت کارروائی کا اختیار نہیں ، جاری کیاگیا نوٹس ایف آئی اے ایکٹ سے بھی متصادم ہے۔

    ایف آئی اے کو جواب میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ متعدد فیصلوں میں الیکشن کمیشن کو انتظامی ادارہ قرار دے چکی ہے ،الیکشن کمیشن عدالت ہے نہ ہی ٹریبونل۔

    خیال رہے ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان سے اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کی ہے۔

  • ممنوعہ فنڈنگ کیس:  اکبر ایس بابر  نے پی ٹی آئی کی اپیل میں فریق بننے کا فیصلہ

    ممنوعہ فنڈنگ کیس: اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کی اپیل میں فریق بننے کا فیصلہ

    اسلام آباد: ممنوعہ فنڈنگ کیس میں اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کی اپیل میں فریق بننے کی درخواست دائر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ممنوعہ فنڈنگ کیس میں اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کی اپیل میں فریق بننے کا فیصلہ کرلیا۔

    اکبر ایس بابر نے فریق بننے کے لئے اسلام آبادہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کا لارجر بنچ پی ٹی آئی کی اپیل پر کل سماعت کرے گا ، قائم مقام چیف جسٹس عامرفاروق، جسٹس میاں گل حسن اور جسٹس بابر ستار سماعت کریں گے۔

    اس موقع پر اکبر ایس بابر نے ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لارجر بنچ تشکیل دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے خیر مقدم کرتے ہیں ، یہ کیس پاکستان کی سیاست کو تبدیل کر دے گا اور شوکاز کے نتیجے میں آنے والے دنوں میں جو فیصلے آئیں گے قوم کی آنکھیں کھل جائیں گی۔

    اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں لارجر بینچ تشکیل دیا گیا ہے اس میں فریق نہیں بنایا گیا ، ہم سمجھتے ہیں جہاں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے اس میں ہمیں فریق بنیں۔

    انھوں نے کہا کہ بارہا کوشش کی گئی کہ ہمیں نکالا جائے ، غیر قانونی فنڈ ریزنگ کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے، میں کہتا آیا ہے ہوں یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا فنڈنگ اسکینڈل ہے اور اس اسکینڈل میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شریک ہیں۔

    اکبر ایس بابر کا مزید کہنا تھا کہ فنانشل ٹائمز کی خبر نے ثابت کیا ابراج سے ڈالرز آئے، عمران خان آپ نے سچائی سامنے آنے سے روکنے کیلیے کئی پٹیشن دائر کیں، فنانشل ٹائمز کی اسٹوری آپ کے دعووں کو تباہ کرتی ہے کہ کچھ نہیں چھپایا۔

    انھوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ فنانشل ٹائمز کیخلاف دعوی کیوں دائر نہیں کرتے ، آپ کو تو اُس ملک کی عدالتوں پر بڑا اعتبار ہے۔

  • تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کا دائرہ بیرون ممالک تک بڑھانے کا فیصلہ

    تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کا دائرہ بیرون ممالک تک بڑھانے کا فیصلہ

    اسلام آباد:تحقیقاتی اداروں نے تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کا دائرہ بیرون ممالک تک بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطانق تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کے معاملے پر تحقیقاتی اداروں نے تحقیقات کا دائرہ بیرون ممالک تک بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔

    ذرائع نے کہا کہ امریکا اور برطانیہ سمیت جہاں سے بھی فنڈ آئے اب تحقیق ہو گی ، ایف آئی اےبیرون ممالک کی تحقیقاتی ایجنسیوں سے بھی معاونت لے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے ان ممالک کی کمپنیزوشخصیات سےمتعلق معلومات حاصل کرے گا، ایف بی آئی ، نیشنل کرائم ایجنسی سمیت دیگر اداروں سے مدد حاصل کی جائے گی۔

    ایف آئی اے کے ذرائع نے کہا کہ تحقیقات ابھی ریکارڈ و اکاؤنٹس اکٹھے کرنے کے مرحلہ میں ہے، دوسر ے مرحلے میں معلومات کو یکجا کیا جائے گا۔

  • ممنوعہ فنڈنگ کیس : ایف آئی اے نے پی ٹی آئی  کے اہم رہنماؤں کو طلب کرلیا

    ممنوعہ فنڈنگ کیس : ایف آئی اے نے پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں کو طلب کرلیا

    پشاور : ایف آئی اے نے ممنوعہ فنڈنگ کیس خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) پشاور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کو ممنوعہ فنڈنگ ​​کیس میں تحقیقات کے لیے طلب کرلیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے کی جانب سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سابق گورنر کے پی شاہ فرمان، پی ٹی آئی صوبائی فنانس سیکرٹری محمد عمران اور صوبائی ممبر فنانس محمد حسن داؤد کو طلب کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو 18 اگست کو طلب کیا ہے۔

    خیال رہے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے فیصلے کے بعد ایف آئی اے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ ​​کیس کی تحقیقات کررہی ہے۔

    انٹیلی جنس ایجنسی نے چھ رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

    متعلقہ حکام نے ممنوعہ فنڈنگ ​​کیس میں پی ٹی آئی کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے خصوصی مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دی تھی۔

    مانیٹرنگ ٹیم لاہور، پشاور، کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ اور فیصل آباد میں زونل انکوائری ٹیم کے ساتھ رابطہ کرے گی۔

    زونل کمیٹیاں عمران خان کی زیر قیادت پی ٹی آئی کے اثاثوں کا ریکارڈ اکٹھا کریں گی جبکہ پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ 2002 کے تحت انکوائری کی جائے گی۔

  • اسلام آباد ہائی کورٹ کا ممنوعہ فنڈنگ کیس میں لارجر بنچ بنانے کا فیصلہ

    اسلام آباد ہائی کورٹ کا ممنوعہ فنڈنگ کیس میں لارجر بنچ بنانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں لارجر بنچ بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    تفصیلات کے مطابق آج منگل کو الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، عدالت نے کیس میں لارجر بنچ بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کا لارجر بینچ 18 اگست سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت کرے گا، کیس 18 اگست کو باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا۔

    وکیل پی ٹی آئی انور منصور نے عدالت سے کہا کہ پی ٹی آئی نے جن اکاؤنٹس کی معلومات فراہم کی تھیں وہ فیصلے میں موجود ہی نہیں، الیکشن کمیشن کو بتایا کہ کچھ اکاؤنٹس کی معلومات کچھ وجوہ کی بنا پر ضروری نہیں ہے، مرکزی اکاؤنٹس سے کچھ رقوم صوبائی سربراہان کو بھیجے گئے۔

    جسٹس عامر فاروق نے کہا جہاں تک مجھے یاد پڑتا ہے یہ ولی خان کیس کے بعد اس نوعیت کا پہلا کیس ہے، اُس کیس میں ریفرنس بھیج دیا گیا تھا اِس کیس میں ابھی ریفرنس نہیں بھیجا گیا۔

    انور منصور نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کے خلاف کسی بھی کارروائی سے روکا جائے، جسٹس عامر فاروق نے کہا میں نے اسی لیے لارجر بنچ بنا دیا ہے، کل کیس کی سماعت کریں گے۔

    پی ٹی آئی وکیل کی استدعا تھی کہ شوکاز نوٹس کی حد تک کوئی ایکشن نہ لیا جائے، عدالت نے ریمارکس دیے کہ اسٹے آرڈر بھی لارجر بنچ ہی دیکھے گا۔

  • ممنوعہ فنڈنگ کیس : ایف آئی اے نے سابق اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کو طلب کرلیا

    ممنوعہ فنڈنگ کیس : ایف آئی اے نے سابق اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کو طلب کرلیا

    پشاور : ایف آئی اے نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ممنوعہ فنڈنگ کیس کی انکوائری جاری ہے ، ایف آئی اے نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو طلب کرلیا۔

    ایف آئی اے پشاورانکوائری افسر کی جانب سے اسد قیصر کو 11 اگست کو خیبر پختوانخوا آفس میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

    سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے تاحال کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا، ایف آئی اے نے جہاں طلب کیا حاضر ہوجاؤں گا۔

    اسد قیصر نے کہا کہ تمام امور قانونی طور پر نمٹائے، کسی پریشانی کا سامنا نہیں، تنظیمی اسٹرکچر کیلئے آنیوالے فنڈ سے دفتر کا کرایہ اور ملازمین کی تنخواہ اداکرتے تھے، دفتر میں 3ملازم تھے، جن کی تنخواہیں چیک کے ذریعے ادا کرتے تھے۔

    سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے جب طلب کیا ضرور جاؤں گا۔

  • ممنوعہ فنڈنگ کیس :  پی ٹی آئی کیخلاف انکوائری کا دائرہ کار پورے ملک میں بڑھا دیا گیا

    ممنوعہ فنڈنگ کیس : پی ٹی آئی کیخلاف انکوائری کا دائرہ کار پورے ملک میں بڑھا دیا گیا

    اسلام آباد : ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کے خلاف شہر شہر انکوائری کی جائے گی ، مانیٹرنگ ٹیم مختلف شہروں میں زونل انکوائری کمیٹیوں سے کوآرڈی نیشن کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نے پی ٹی آئی کیخلاف انکوائری کا دائرہ کار پورے ملک میں بڑھا دیا۔

    ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کے خلاف شہر شہر انکوائری کی جائے گی، مانیٹرنگ ٹیم مختلف شہروں میں زونل انکوائری کمیٹیوں سے کوآرڈی نیشن کرے گی۔

    اسلام آباد، پشاور، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور فیصل آباد میں کوآرڈی نیشن کی جائے گی ، زونل کمیٹیاں پی ٹی آئی کے اثاثوں اور فنڈز سے متعلق تفصیلات حاصل کریں گی۔

    انکوائریاں پولیٹکل پارٹیز ایکٹ 2002 کے تحت کی جائیں گی، مانیٹرنگ ٹیم5 ممبران پرمشتمل ہوگی، سربراہی ڈائریکٹرٹریننگ اطہر وحید کریں گے۔

    دیگر ممبران میں خالد انیس، خواجہ حماد، چوہدری اعجاز اور اعجازاحمدشیخ شامل ہیں، اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ، جس میں کہا ہے کہ مانیٹرنگ ٹیم زونل انکوائری ٹیموں کی رہنمائی بھی کرے گی۔

  • تحریک انصاف کے رہنماؤں کا  ن لیگ اور پی پی کی  فارن  فنڈنگ کیسز کا فیصلہ جاری کرنے کا مطالبہ

    تحریک انصاف کے رہنماؤں کا ن لیگ اور پی پی کی فارن فنڈنگ کیسز کا فیصلہ جاری کرنے کا مطالبہ

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کی فارن فنڈنگ کیسز کا فیصلہ جاری کرنے  کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر ردعمل کا سلسلہ جاری ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے سماجی رابطے پر اپنے پیغام میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس پر فیصلہ سنا کرشوق پورا کر لیا ، قوم جواب مانگتی ہے ن لیگ،پی پی فنڈنگ رپورٹ کیوں نہیں جاری ہورہی؟ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کی ہدایت کو پامال کررہی ہے اور پی ڈی ایم جماعتوں کو پناہ دے رہی ہے۔

    رہنما پی ٹی آئی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں غیرجانبدارالیکشن کمیشن بن گیا تو ن لیگ، پی پی، فضل الرحمان ٹولے کا کیا بنے گا؟ انہیں اپنے اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع کرانا پڑیں گی، بھتے کی پرچیاں، اورنگزیب بٹ جیسوں سے رشوت لیکر عہدے بیچنے کی رسیدیں نہیں چلیں گی۔

    سابق اسپیکر اسمبلی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا "الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی فنڈنگ کیس پر فیصلہ تو سنادیا ، ن لیگ اور پی پی کی فارن فنڈنگ کیسز رپورٹس کب جاری ہوگی۔

    تحریک انصاف کے رہنما علی محمدخان کا پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر کہا کہ تحریک انصاف کی توسو فیصد اسکورٹنی کر لی اور فارن فنڈنگ ثابت نہ کر سکے اب ن لیگ پیپلز پارٹی جمعیت اور دیگر جماعتوں سے پوچھ ہوگی یا احتساب شفافیت میریٹ ایمانداری اور انصاف کا ٹھیکہ صرف پی ٹی آئی نے لیا ہوا ہے؟ ہمارا تو ہوگیا احتساب الحمدللّٰہ سرخرو ہوئے دوسروں کا احتساب کب ہوگا؟

    سابق ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے بھی اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ کم ازکم ایک درجن دانشوراوران کےاداروں کےارمان ہوامیں اڑگئے، ان کےسیاسی حمایتیوں کوبھی مقابلہ میدان میں ہی کرنا پڑے گا۔

    تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار اپنے بیان میں کہا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس کافیصلہ توسنادیا اب والیم 10 بھی کھول لیا جائے؟ تاکہ شریف خاندان کی لوٹ مار کے خفیہ راز بھی قوم کے سامنے آ جائیں۔

  • ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد کیا حکمت عملی اپنائی جائے؟ عمران خان نے اہم اجلاس طلب کرلیا

    ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد کیا حکمت عملی اپنائی جائے؟ عمران خان نے اہم اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اہم اجلاس طلب کر لیا ، جس میں قانونی ٹیم عمران خان کو ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اہم اجلاس طلب کر لیا۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ عمران خان نے فواد چوہدری، اسد عمر، فرخ حبیب، ملیکہ بخاری ودیگر رہنما کو بنی گالہ طلب کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور ہوگا اور پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم عمران خان کو فیصلے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دے گی۔

    بریفنگ کے بعد عمران خان آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق پارٹی رہنماؤں کو ہدایات جاری کریں گے۔

    یاد رہے الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کی ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈنگ لی ہے، جس میں 13 نامعلوم اکاؤنٹس سامنے آئے۔

    فیصلے میں بتایا گیا کہ پی ٹی آئی ان اکاؤنٹس کے بارے میں بتانے میں ناکام رہی اور آئین کے مطابق اکاؤنٹس چھپانا غیر قانونی ہے، پی ٹی آئی نے 34 غیر ملکیوں، 351 کاروباری اداروں اور کمپنیوں سے فنڈز لیے۔

    تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان نے فارم ون جمع کرایا جس میں غلط بیانی سے کام لیا گیا۔پارٹی اکاؤنٹس سےمتعلق دیا گیا بیان حلفی جھوٹا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہونے پر پاکستان تحریک انصاف کو شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیتے ہوئے فیصلہ کی کاپی وفاقی حکومت کو بھجوانے کی ہدایت کردی۔

  • ممنوعہ فنڈنگ کیس  میں الیکشن کمیشن پر جانبداری کا الزام، پی ٹی آئی کی درخواست پرڈویژن بنچ تشکیل

    ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن پر جانبداری کا الزام، پی ٹی آئی کی درخواست پرڈویژن بنچ تشکیل

    اسلام آباد :چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن پر جانبداری کے الزام پر سماعت کیلئے ڈویژن بنچ تشکیل دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ نے درخواست پر سماعت کی۔
    .
    وکیل پی ٹی آئی نے بتایا کہ پی ٹی آئی نےدیگر سیاسی جماعتوں کافنڈنگ کیس بھی دائر کیا، جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا دیگر سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی چھان بین نہیں ہورہی۔

    وکیل شاہ خاور نے بتایا کہ دیگرسیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کیسز بہت سست چل رہےہیں، پی ٹی آئی نےدیگر پارٹیوں کی بھی فارن فنڈنگ انکوائری کی درخواست دی، دیگر پارٹیوں کی انکوائری الیکشن کمیشن سست رفتاری سے کررہا ہے۔

    وکیل پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن صرف پی ٹی آئی کو سنگل آؤٹ کررہا ہے، جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا آپ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کررکھی ہے، وکیل نے بتایا کہ انٹرا کورٹ اپیل پر ڈویژن بینچ میں آج سماعت ہے۔

    عدالت نے کہا پی ٹی آئی کی کارروائی کی درخواست انٹرا کورٹ اپیل کے ساتھ سنیں گے۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ یہ آئینی معاملہ ہے اس پر ڈویژن بنچ تشکیل دے دیتے ہیں ، جس کے بعد عدالت نے الیکشن کمیشن کے خلاف درخواست پر ڈویژن بینچ میں مقرر کرنے کا حکم دیتے ہوئے آج ہی کے دن کے لیے کیس دوبارہ مقرر کر دیا۔.

    یاد رہے پی ٹی آئی نے درخواست میں دیگر 17 سیاسی جماعتوں کے کیسز کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے خلاف جانبداری کا مظاہرہ کر رہا ہے ،الیکشن کمیشن دیگر17 سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی اسکروٹنی سے انکاری ہے۔

    درخواست میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن کے رویے سے پی ٹی آئی متاثرہ پارٹی ہے، الیکشن کمیشن کو17 سیاسی جماعتوں کےاکاؤنٹس کی چھان بین کاحکم دیاجائے ، درخواست

    حکم دیا جائےاسٹیٹ بینک تمام سیاسی جماعتوں کےاکاؤنٹس کی چھان بین کرے ،اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے بعد اکاؤنٹس کی تفصیلات عام کرے، اور الیکشن کمیشن کو ہدایت کی جائے پی ٹی آئی کےساتھ جانبدارانہ رویہ نارکھے۔

    درخواست میں الیکشن کمیشن کے علاوہ ن لیگ ، پی پی پی ، ایم کیو ایم ، جماعت اسلامی ،عوامی مسلم لیگ، تحریک لبیک سمیت سیاسی جماعتوں کو فریق بنایا گیاہے۔