Tag: ممنون حسین

  • مزارقائد پر46 سال بعد نصب کیے گئےنئے فانوس کا افتتاح

    مزارقائد پر46 سال بعد نصب کیے گئےنئے فانوس کا افتتاح

    کراچی : صدرمملکت ممنون حسین نے مزارقائد پرنصب نئے فانوس کا افتتاح کردیا، پرانا فانوس خراب ہونے پر نیا فانوس بھی چین نے تحفے میں دیا ہے، فانوس کی تیاری میں ساڑھے8 کلو سونا استعمال کیا گیا، 26 میٹرلمبے فانوس کی تیاری میں 22 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک چین دوستی کی کوئی مثال نہیں، ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دینے والے دوست ملک چین نے نئے فانوس کا تحفہ دے کرمزارقائد کی رونق بڑھا دی۔

    post3

    صدر مملکت ممنون حسین نے نئے فانوس کو روشن کرکے اس کا افتتاح کیا۔ کراچی میں مزار قائد پر فانوس روشن کرنے کی تقریب میں وزیر اعظم کے مشیرعرفان صدیقی، چینی سفیر، میئر کراچی وسیم اختر اعلیٰٰ حکومتی اور چینی سفارت خانے کے حکام اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔

     نئے فانوس کی لمبائی چھبیس میٹراور وزن ایک اعشاریہ دو ٹن ہے، اس میں چار دائرے ہیں، پہلے دائرے میں 16، دوسرے میں 10، تیسرے میں8 اور چوتھے میں6 قمقمے نصب ہیں۔

    فانوس کو اعلیٰ کوالٹی کے کرسٹل اور اس کی تیاری میں ساڑھے آٹھ کلو 24 قیراط کا سونا استعمال کیا گیا ہے، اس فانوس کو تیرہ چینی ماہرین نے چارماہ میں مکمل کیا ہے۔

    post4

    بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی سالگرہ پردوست ملک چین کی جانب سے چھیالس سال بعد دوبارہ خوبصورت، دیدہ زیب اورقیمتی فانوس کا تحفہ مزار قائد پر نصب کیا گیا ہے، مزار قائد کیلئے پرانا فانوس بھی 46 سال قبل چین نے ہی تحفے میں دیا تھا، چین کی جانب سے انیسس سوسترمیں دیا گیا فانوس خراب ہوگیا تھا۔

    یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر لگے فانوس کی مرمت کے لیے پاکستان اور چین کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔

    قومی تاریخ ثقافتی ورثے کے وزیراور وزیراعظم کے مشیرعرفان صدیقی اور چینی سفیر نے 13 صفحات کے معاہدے پر دستخط کیے۔

    post1

    خیال رہے کہ مزار قائد کیلئے1970ء میں چین کی جانب سے انتہائی دیدہ زیب فانوس تحفے کے طور پر فراہم کیا گیا تھا۔ مزارقائد پرحاضری کے لئے آنے والے عوام چین کے نادر تحفے کا نظارہ کرتے رہیں گے۔

  • طیارہ حادثہ : صدر، وزیراعظم آرمی چیف اورسیاسی وسماجی رہنماؤں کا اظہارافسوس

    طیارہ حادثہ : صدر، وزیراعظم آرمی چیف اورسیاسی وسماجی رہنماؤں کا اظہارافسوس

    اسلام آباد : ایبٹ آباد کے علاقے حویلیاں کے قریب طیارہ حادثہ میں 47 افراد کے جاں بحق ہونے والے واقعے پر وزیراعظم نواز شریف، صدر مملکت ممنون حسین، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، چاروں صوبوں کے گورنرز اور وزرائے اعلیٰ کے علاوہ ملک کی اہم سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے اپنے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے شہیدوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ اے آروائی کے روح رواں حاجی اقبال اور حاجی عبدالرؤف جنید جمشید کی رہائش گاہ پر تعزیت کیلئے پہنچ گئے، انہوں نے شہید افراد کے لیے دعائےمغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی ہے۔

    وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ طیارہ حادثے پر پوری قوم افسردہ ہے، صدر ممنون حسین نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ادارے کو امدادی کارروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے۔

     آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ  نے طیارہ حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کےضیاع پر اپنے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل وقت میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    اے آروائی کے روح رواں حاجی اقبال اور حاجی عبدالرؤف جنید جمشید کی رہائش گاہ پر تعزیت کیلئے پہنچ گئے، دونوں شخصیات نے جنید جمشید کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے ملاقات کی اور واقعے پر اظہار افسوس اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے طیارہ حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کر اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں حادثے میں شہید ہونے والوں کے خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔

    گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزمان صدیقی نے طیارہ کے حادثہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔

    گورنر سندھ نے جنید جمشید اور دیگر جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے واقعے پر انتہائی افسوس کااظہار کیا ہے۔

    بلاول بھٹو نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ پارٹی کارکنان جائے حادثہ پر جاکر امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ لواحقین سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں، زخمیوں کے علاج میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

    جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق اور لیاقت بلوچ نے پی آئی اے کے طیارے کی تباہی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار، رہنما خواجہ اظہار الحسن، فیصل سبزواری نے طیارہ حادثے پر اپنے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے، جینید جمشید کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتو کرتے ہوئے کنوینر ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹرفاروق ستار کا کہنا تھا کہ پی آئی اے سمیت ملک میں دیگر نجی ایئر لائنوں کے جہاز پرانے ہوچکے ہیں اور ان کی مستقل مینٹینس اور دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث اس سے قبل بھی ایسے واقعات ہوچکے ہیں۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم نواز شریف طیارہ گرنے کے سانحہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائیں، فیصل سبزواری نے کا کہنا تھا کہ شہید کے اہل خانہ سے ملاقات ہوئی ہے، دکھ کی گھڑی میں برابر کے شریک ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جنید جمشید ایک نفیس انسان تھے، ملک میں جزا اور سزا کا نظام ٹھیک نہیں، اس حادثے کی تحقیقات ہونے چاہئیں، ذمہ داران کو انجام تک پہنچایا جائے، پی آئی اے ہو یا کوئی بھی ادارہ ہو پروفیشنل ازم کے تحت چلایا جائے،۔

    پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ لواحقین سے تعزیت کا اظہاراورحادثے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ آج تک مسافر بردار طیاروں کو پیش آنیوالے حادثات کی وجوہات معلوم ہو سکیں نہ ہی کبھی ذمہ داروں کو سزا ملی، طیارے فنی خرابی سے گرتے ہیں یانیت کی خرابی سے قوم کو آگاہ کرنا ہوگا،۔

    پی ٹی آئی سندھ کے رہنما حلیم عادل شیخ نے طیارہ حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنید جمشید انسانیت کی خدمت کرنیو الے انسان تھے، اے آر وائی پر رمضان ٹرانسمیشن میں ان کی مذہبی خدمات کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے طیارے کو حادثہ، 47 افراد سوار، تمام شہید

    چیئرمین پاک سر زمین پارٹی مصطفی کمال نے طیارہ حادثہ پر دلی دکھ افسوس رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور اظہار ہمدردی کیا ہے، مصطفی کمال نے حادثے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔

    اس کے علاوہ سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ ساجد نقوی، پی پی پی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان، مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی اور مونس الٰہی اور دیگر نے بھی اس اندوہناک حادثے پر اپنے گہرے دککھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

  • آرمی چیف کی صدر مملکت اور وزیر اعظم سے ملاقات

    آرمی چیف کی صدر مملکت اور وزیر اعظم سے ملاقات

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی سلامتی کے معاملات اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ کی بطور آرمی چیف وزیر اعظم اور صدر مملکت سے یہ پہلی باضابطہ ملاقات ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف کے درمیان قومی سلامتی کے معاملات اور پیشہ ورانہ امور پر گفتگو کی گئی۔

    ملاقات میں ملک کی صورتحال اور علاقائی سیکیورٹی پر بھی گفت و شنید کی گئی۔

    ملاقات میں خاص طور پر لائن آف کنٹرول، ویسٹرن بارڈر اور آپریشن ضرب عضب زیر بحث آئے۔ آرمی چیف نے وزیر اعظم کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا جبکہ آپریشن ضرب عضب پر تفصیلی بریفنگ دی۔

    بعد ازاں آرمی چیف نے صدر مملکت سے بھی ملاقات کی جس میں قومی سلامتی معاملات اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • جنرل راحیل نے یقین دلادیا، کراچی آپریشن جاری رہے گا، ممنون حسین

    جنرل راحیل نے یقین دلادیا، کراچی آپریشن جاری رہے گا، ممنون حسین

    اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے یقین دلایا ہے کہ کراچی آپریشن سمیت مقاصد کے حصول تک تمام آپریشن جاری رہیں گے۔

    یہ بات انہوں نے ایوان صدر میں آرمی چیف کے اعزاز میں منعقدہ عشایے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    قبل ازیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ایوان صدر پہنچے جہاں ان کا استقبال کیا گیا۔

    عشایے میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا اللہ، پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان،وفاقی وزرا، مشیران، معاون خصوصی اور سروسز چیفس سمیت پاک فوج کے جنرلز، لیفٹیننٹ جنرل اور خفیہ اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی۔


    یہ بھی پڑھیں: راحیل شریف کو قابلیت کے باعث آرمی چیف بنایا، نواز شریف، الوداعی تقریب سے خطاب


    آرمی چیف نے ایوان صدر آتے ہی صدر ممنون حسین سے ون ٹو ون ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ ِخیال کیا۔

    صدر مملکت نے کہا کہ مجھے کراچی میں امن کے حوالے سے خدشات تھے تاہم جنرل راحیل شریف نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مقاصد کے حصول تک سارے آپریشن جاری رہیں گے اسی طرح کراچی آپریشن بھی جاری رہے گا، آپریشن ضرب عضب میں جنرل راحیل شریف کا بہت بڑا کردار ہے۔

    raheel1

    انہوں نے جنرل راحیل کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف لوگوں کے لیے ایک مثال بنیں گے، بلوچستان اور کراچی آپریشن تاریخ کا سنہرا باب ہے، جنرل راحیل شریف کو عزت و قار کے ساتھ الوداع کہہ رہے ہیں، وہ آئندہ بھی لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتے رہیں گے، انسداد دہشت گردی اور بدامنی کے خاتمے کے لیے ان کی خدمات قابل تعریف ہیں۔

    raheel2

    صدر ممنون حسین نے مزید کہا کہ سی پیک منصوبہ خطے کے لیے اہم ہے،بہت سے ممالک سی پیک میں شمولیت چاہتے ہیں،

    raheel3

    آرمی چیف 29 نومبر کو ریٹائرڈ ہوجائیں گے جس کے لیے کئی رو ز سے ان کی ملاقاتیں جاری ہیں۔ راحیل شریف وہ دوسرے آرمی چیف ہیں جنہوں نے اپنی مدت ملازمت میں توسیع لینے سے انکار کیا تھا، توسیع لینے سے انکار کرنے والے پہلے آرمی چیف جنرل وحید کاکڑ تھے۔

  • وزیر اعظم اورصدرمملکت کے درمیان ملاقات، اہم  امورپرتبادلہ خیال

    وزیر اعظم اورصدرمملکت کے درمیان ملاقات، اہم امورپرتبادلہ خیال

    اسلام آباد : صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم محمد نواز شریف نے پاک چین اقتصادی راہداری ، توانائی کے منصوبوں پر پیش رفت اور دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب کی مؤثر کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے صدر مملکت ممنون حسین سے ایوان صدر میں ملاقات کی، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ایک گھنٹہ تک جاری رہی ۔

    ملاقات کے دوران کراچی سمیت ملک میں امن و امان کی صورت حال سمیت حکومتی کارکردگی کے حوالے سے مختلف امور پر غورو خوص کیا گیا، جبکہ ملاقات میں وزیراعظم نوازشریف نے ممنون حسین کو اپنے حالیہ دورہ قطر اور ایل این جی کی معاہدہ پر اعتماد میں بھی لیا ۔

    وزیر اعظم نے صدرکو اپنی حکومت کی پالیسیوں اور مختلف منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ حکومت کی بہتر معاشی پالیسیوں کے ذریعے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری لائی جائے گی۔

    وزیراعظم نے ملک میں توانائی کے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ توقع ہے کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل سے ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔

    انہوں نے صدر کو قطر کے ساتھ ایل این جی معاہدے سمیت اپنے بیرونی دوروں اور ان مواقع پر مختلف حکومتوں کے ساتھ ہونے والے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کے بارے میں بھی اعتماد میں لیا۔

  • عوام ویلنٹائن ڈے نہ منائیں کیوں کہ یہ دن اسلامی روایت کا نہیں، ممنون حسین

    عوام ویلنٹائن ڈے نہ منائیں کیوں کہ یہ دن اسلامی روایت کا نہیں، ممنون حسین

    اسلام آباد: صدر پاکستان ممنون حسین نے پاکستانی عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ویلنٹائن ڈے نہ منائیں کیوں کہ یہ دن اسلامی روایت کا نہیں، بلکہ مغرب کا حصہ ہے۔

    تحریک پاکستان کے رہنما سردار عبد الرب نشتر کی برسی کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ ویلنٹائن ڈے کا ہماری ثقافت و روایات سے کوئی تعلق نہیں، اس لیے یہ دن منانے سے گریز کرنا چاہیے۔

    صدر ممنون حسین نے کہا کہ مغربی ثقافت میں پائی جانے والی خرابیوں نے ہمارے ایک پڑوسی ملک کو بُری طرح متاثر کیا ہے، جس سے ہمیں سبق سیکھنا چاہیے۔
    ان کا کہنا تھا کہ ملک کے نصاب تعلیم کو جدید دور سے ہم آہنگ کرنے اور نظریہ پاکستان کے مطابق بنانے کی ضرورت ہے، اس حوالے سے کام جاری ہے اور جلد تمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے سے ملک میں نیا نصاب تعلیم رائج کیا جائے گا۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارے عظیم رہنماؤں کے خیالات اور فلسفہ اپنانے سے ترقی کرسکتا تھا اور بین الاقوامی برادری میں ایک ممتاز حیثیت حاصل کرسکتا تھا، جس کا کبھی ہمارے بانیان نے خواب دیکھا تھا، لیکن بدقسمتی سے ہم نے اپنے جغرافیائی محل وقوع کا پوری طرح فائدہ نہیں اٹھایا۔

    تاہم اب حکومت پاک۔ چین اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ کے ذریعے ملک کو خوشحالی کی نئی بلندیوں پر پہنچانے کے لیے کوشاں ہے۔

    انہوں نے قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، قائد اعظم کی قیادت میں سردار عبد الرب نشتر اور دیگر رہنماؤں کی جدو جہد کے باعث وجود میں آیا، اب ہمیں اپنے بانیان کے نقش قدم پر چل کر ملک کو مضبوط اور خوشحال بنانے کی ضرورت ہے۔

  • اقتصادی راہداری بھارت سمیت دیگر ممالک کو ہضم نہیں ہو رہی، ممنون حسین

    اقتصادی راہداری بھارت سمیت دیگر ممالک کو ہضم نہیں ہو رہی، ممنون حسین

    کوئٹہ : صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ گوادر کاشغر اقتصادی راہداری عظیم الشان منصوبہ ہے ، جس کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا،منصوبے سے بہت سارے ممالک کے پیٹ میں درد شروع ہوگیا ہے۔

    ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنر ہاﺅس کوئٹہ میں صحافیوں اور ایڈیٹرز کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

    صدر ممنون حسین نے کہا کہ اکنامک کوریڈور میں گوادر پورٹ، گوادرائیر پورٹ اور متعدد موٹر ویز کی تعمیر بھی شامل ہے۔

    کوریڈور کا بنیادی مقصد ملک کے شہروں کو آپس میں اور مختلف ممالک کو پاکستان کے ساتھ ملانا ہے ، اقتصادی راہداری سے پاکستان اور چائنا کے علاوہ پوراسینٹرل ایشیاءبھی فائدہ اٹھائے گا۔

    انہوں نے صحافیوں کے مختلف سوالات کے جواب میں کہا کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری نہ صرف خطہ بلکہ بلوچستان کی محرومیوں کے خاتمہ کا باعث بھی بنے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی محرمیوں کا ذمہ دار صرف مرکز ہی نہہیں بلکہ بلوچستان کے اپنے لوگ بھی ہیں۔ اقتصادی راہداری کے منصوبہ کے آغاز کے ساتھ ہی بہت سارے ممالک کے پیٹ میں درد شروع ہوگیا ہے اور وہ مختلف سازشوں میں لگ گئے ہیں۔

    صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری بھارت سمیت بہت سے ممالک کو ہضم نہیں ہو رہی۔

    صدر مملکت نے بدعنوانی کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی نعمت سے کم نہیں ہے مگر ہماری بدقسمتی ہے کہ حکمرانوں سمیت سب نے اس ملک کو نقصان پہنچایا ہے، سب کو مل کر کرپشن کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔

  • صدرمملکت ممنون حسین  نے پی ایم ڈی سی  کو تحلیل کردیا

    صدرمملکت ممنون حسین نے پی ایم ڈی سی کو تحلیل کردیا

    اسلام آباد : صدرمملکت ممنون حسین  نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو تحلیل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدرمملکت ممنون حسین کی جانب سے جاری صدارتی حکم نامے کے تحت پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کو تحلیل کردیا گیاہے۔

    ذرائع کے مطابق پی ایم ڈی سی کا نظم ونسق چلانے کیلئے ایک انتظامی کونسل قائم کر دی گئی ہے، جبکہ آئندہ ایک سو بیس دن میں نئی کونسل کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

    صدارتی حکم میں ہدایت کی گئی ہے کہ انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

  • صدرمملکت بے گناہ کارکنان کی گرفتاری کا نوٹس لیں، الطاف حسین

    صدرمملکت بے گناہ کارکنان کی گرفتاری کا نوٹس لیں، الطاف حسین

    لندن / کراچی : ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے کارکنان کو بلا جواز گرفتار کیا جارہا ہے ۔ صدر ممنون حسین کارکنوں کی گرفتاریاں رکوانے کے لئے اپنا کردارادا کریں ۔

    ایک بیان میں الطاف حسین نےکہا ہےکہ کراچی میں ایم کیوایم کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں ، گرفتاریوں ا ور کارکنوں کےاہل خانہ کوزدوکوب کرنا،حراست کے دوران ماورائے عدالت قتل یامعذورکردینا ر ینجرز کا معمول بن چکاہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکنوں کے ساتھ سفاکانہ سلوک نہ صرف غیرانسانی ہے بلکہ اقوام متحدہ کے چارٹر اورپاکستان کے قوانین کے خلاف ہے اور جب منتخب ارکان اسمبلی ان گرفتاریوں پر رینجرز افسران سے رابطہ کرتے ہیں تووہ اطمینان بخش جواب تک نہیں دیتے ۔

    الطاف حسین نے صدرمملکت ممنون حسین کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ان کو جوتھوڑے بہت اختیارات حاصل ہیں،ان کا استعمال کرکے سندھ کے عوام کو رینجرزکے ظلم وستم اورناجائزگرفتاریوں کے عمل سے باز رکھیں۔

  • پروفیسروحیدالرحمٰن کے قاتلوں کوگرفتارکیا جائے، صدر ممنون حسین

    پروفیسروحیدالرحمٰن کے قاتلوں کوگرفتارکیا جائے، صدر ممنون حسین

    اسلام آباد : صدرممنون حسین نے جامعہ کراچی کےاستاد وحید الرحمٰن کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتار ی کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدرممنون حسین نے جامعہ کراچی کے استاد اسسٹنٹ پروفیسر وحید الرحمٰن عرف یاسر رضوی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علم بانٹنے والوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے انسان نہیں ہو سکتے۔

    انہوں نے واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم بھی دیا۔

    واضح رہے کہ کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک سولہ میں نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر وحید الرحمان جاں بحق ہوگئے۔

    مقتول وحید الرحمان جامعہ کراچی شعبہ ابلاغ عامہ کے اسسٹنٹ پروفیسر تھے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے وہ وفاقی اردو یونیورسٹی میں بھی تدریس کے فرائض انجام دیتے رہے تھے۔

    ڈاکٹر وحید الرحمان اپنے حلقہ احباب میں یاسر رضوی کے نام سےجانے جاتے تھے۔